Saturday, 20 January 2024

شعیب ملک نے اداکارہ ثنا جاوید سے دوسری شادی کرلی


 شعیب ملک نے اداکارہ ثنا جاوید سے دوسری شادی کرلی

 پاکستان کرکٹ ٹیم کے سٹار آل راؤنڈر شعیب ملک اور معروف اداکارہ ثنا جاوید نے شادی کر لی۔ہفتے کی صبح شعیب ملک اور ثنا جاوید نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر شادی کی تصاویر شیئر کیں اور ساتھ ہی کیپشن لکھا۔دونوں نے پوسٹ کے کیپشن میں "الحمداللہ" لکھا اور ساتھ ہی قرآن شریف کی آیت بھی لکھی۔یاد رہے کہ ثنا جاوید نے گلوکار عمیر جیسوال سے پہلی شادی کی تھی جبکہ شعیب ملک نے پہلی شادی بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا سے کی تھی۔اداکارہ ثنا جاوید نے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اپنا نام ’ثنا جاوید‘ سے تبدیل کرکے ’ثنا شعیب ملک‘ رکھ دیا۔

شعیب ملک کی ثانیہ مرزا سے طلاق کی افواہیں

شعیب ملک اور ثانیہ مرزا نے 13 سال قبل اپریل 2010 میں شادی کی تھی، شادی کے 8 سال بعد 30 اکتوبر 2018 کو ان کے ہاں پہلے بیٹے کی پیدائش ہوئی۔دونوں سٹارز کے درمیان علیحدگی اور طلاق کی افواہیں ابتدائی طور پر دسمبر 2022 میں بھارتی میڈیا میں شائع ہوئی تھیں اور شوبز ویب سائٹس نے مستند ذرائع کا حوالہ دیئے بغیر قیاس آرائیاں کی تھیں کہ ان کے درمیان اختلافات ہو گئے ہیں۔کئی ماہ سے طلاق کی افواہیں گردش کرنے کے بعد دونوں نے باضابطہ طور پر اس حوالے سے نہ تصدیق کی اور نہ تردید کی۔تاہم اس دوران شعیب ملک متعدد بار ثانیہ مرزا کا نام لیتے ہوئے ان کی تعریف کر چکے ہیں۔ایک انٹرویو میں وہ یہ بھی کہہ چکے ہیں کہ نہ صرف ان کے اور ثانیہ مرزا بلکہ پوری دنیا کے جوڑوں کے تعلقات میں اتار چڑھاؤ آتا رہتا ہے اور شاید ہی کوئی ایسا شادی شدہ جوڑا ہے جن کے درمیان کبھی اختلافات نہ ہوتے ہوں۔ثنا جاوید کی گلوکار عمیر جیسوال سے طلاق کی خبریںثنا جاوید اور عمیر جیسوال کا نکاح اکتوبر 2020 میں ہوا تھا، نکاح کے بعد دونوں نے انسٹاگرام پر ایک دوسرے کو ٹیگ کرتے ہوئے انسٹاگرام پر سٹوریز بھی شیئر کیں۔ان کے درمیان طلاق کی افواہیں اس وقت سامنے آئیں جب عمر جیسوال ثنا جاوید کے بغیر عمرے کی سعادت کرنے مکہ مکرمہ گئے تھے۔اس کے علاوہ دونوں فنکاروں نے اپنے اپنے انسٹا گرام پروفائل سے اپنے نکاح کی تصاویر بھی ڈیلیٹ کردی تھیں۔سوشل میڈیا صارفین اور شوبز ویب سائٹس نے دعویٰ کیا تھا کہ ثنا جاوید اور عمیر جیسوال کے درمیان علیحدگی ہو چکی ہے تاہم دونوں نے علیحدگی کی تصدیق نہیں کی تھی۔

پیپلز پارٹی کے انتخابی دفتر پر حملہ، الیکشن کمیشن کے حکم پر مقدمہ درج


 پیپلز پارٹی کے انتخابی دفتر پر حملہ، الیکشن کمیشن کے حکم پر مقدمہ درج


(ویب ڈیسک) پیپلز پارٹی کے انتخابی دفتر پر حملے کے بعد پولیس نے الیکشن کمیشن کے حکم پر مقدمہ درج کرلیا۔ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق چیف الیکشن کمشنر نے لاہور میں پاکستان پیپلز پارٹی کے انتخابی دفتر پر حملے کا نوٹس لے لیا اور پاکستان پیپلز پارٹی کی شکایت پر ایف آئی آر کے اندراج کا حکم دے دیا۔ اس حوالے سے آئی جی پنجاب کو ہدایات جاری کر دی  گئی ہیں۔چیف الیکشن کمشنر کی ہدایت کے بعد تھانہ ستوکتلہ پولیس نے واقعہ کا مقدمہ منظر عباس کھوکھر کے بیٹے کی مدعیت میں 10 نامعلوم افراد کے خلاف درج کرلیا۔ مدعی مقدمہ کے مطابق نامعلوم افراد پٹرول سے بھری بوتلیں لے کر دفتر پر حملہ آور ہوئے اور آفس کے دروازوں اور بینرز پر پھینک کر آگ لگا دی۔ حملہ آور آفس میں موجود 50 ہزار مالیتی 30 کرسیاں اور ڈیڑھ لاکھ مالیت کا جنریٹر چوری کرکے لے گئے۔پولیس کا کہنا ہے کہ مقدمہ درج کرکے تفتیش کا آغاز کردیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ پیپلزپارٹی کے امیدوار منظر عباس کھوکھر کے دفتر پر گزشتہ روز علی الصبح حملہ کیا گیا تھا۔

پنجاب میں الیکشن کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر متعدد امیدواروں کو نوٹس


 پنجاب میں الیکشن کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر متعدد امیدواروں کو نوٹس


 پنجاب میں الیکشن ایکٹ کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر مختلف اضلاع کے ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ افسروں نے کارروائیوں میں متعدد امیدواروں کو نوٹس اور وارننگ جاری کیں۔صوبائی الیکشن کمیشن کی ہدایت پر ضلعی مانیٹرنگ افسروں نے این اے 153 ملتان میں امیدوار حامد علی بھٹی، این اے 66 وزیرآباد میں امیدوار احمد چٹھہ کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر نوٹس جاری کئے۔پی پی 133 ننکانہ صاحب میں امیدوار نوشیر مان کو وال چاکنگ کرانے اور این اے 75 نارووال سے امیدوار دانیال عزیز کو بھی دیواروں پر پوسٹر آویزاں کرنے پر نوٹس جاری ہوئے۔الیکشن کمیشن کی ہدایت پر ننکانہ صاحب میں انتخابی امیدواروں کو پینا فلیکس اور بل بورڈز آویزاں کرنے پر وارننگ جاری کی گئی۔امیدواروں نے جہلم، راولپنڈی، اسلام آباد، سرگودھا اور بھکر سے پینا فلیکس اور دیگر تشہیری مواد ہٹا دیا۔صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب اعجاز انور چوہان کا کہنا تھا کہ چنیوٹ، فیصل آباد ، قصور، لاہور اور ملتان سے بھی پینا فلیکس ہورڈنگزاتروا دیئے گئے ہیں، ضابطہ  اخلاق پر عمل درآمد کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔

محسن نقوی کا میو اور گنگا رام ہسپتال کا دورہ، اپ گریڈیشن کا جائزہ


 محسن نقوی کا میو اور گنگا رام ہسپتال کا دورہ، اپ گریڈیشن کا جائزہ


 نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے لاہور کے مختلف ہسپتالوں کا دورہ کیا اور اپ گریڈیشن کے کاموں کا جائزہ لیا۔محسن نقوی نے رات گئے صوبائی وزراء کے ہمراہ لاہور میں واقع میو ہسپتال اور گنگارام ہسپتال کا دورہ کیا، دونوں ہسپتالوں میں جاری اپ گریڈیشن کے کاموں کا جائزہ لیا۔میو ہسپتال پہنچنے پر سیکرٹری تعمیرات و مواصلات نے وزیراعلیٰ پنجاب اور کابینہ کے اراکین کو اپ گریڈیشن پراجیکٹ میں پیشرفت کے بارے میں بریفنگ دی۔بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ ہسپتال کا اسٹیٹ آف دی آرٹ ایمرجنسی بلاک تکمیل کے قریب ہے، آپریشن تھیٹرز میں جدید سہولتیں، درجہ حرارت کنٹرول کرنے کیلئے ڈیجیٹل پینل نصب کر دیئے گئے ہیں۔وزیراعلیٰ نے استقبالیہ میں سائن بورڈز پر تحریر کو بہتر کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ ایمرجنسی بلاک کو آئندہ چند روز میں کھول دیا جائے گا۔بعد ازاں نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کابینہ کے ہمراہ گنگارام ہسپتال پہنچے اور وہاں جاری اپ گریڈیشن کے کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا۔محسن نقوی نے ہسپتال کے اندر سے گزرنے والی سیوریج لائن کو شفٹ کرنے کیلئے فوری پلان تیار کرنے کا حکم دیا۔

راجن پور پولیس کے 8 شہداء کے اہل خانہ کو پلاٹس فراہم کرنے کی تقریب


 راجن پور پولیس کے 8 شہداء کے اہل خانہ کو پلاٹس فراہم کرنے کی تقریب

پولیس شہداء کے خاندانوں کی ویلفیئر کے لئے اقدام جاری ہیں۔ راجن پور پولیس کے 8 شہداء کے اہل خانہ کو پلاٹس فراہم کر دیئے گئے۔اس حوالے سے سی پی او میں تقریب ہوئی۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے پلاٹس کے کاغذات دیئے۔ انہوں نے کہا 2017 سے قبل کے 572 شہداء کے اہل خانہ کو اچھی ہاؤسنگ سوسائٹیز میں پلاٹس فراہم کئے، گھروں کی تعمیر کیلئے اقساط میں ایک کروڑ 30 لاکھ روپے دئیے جا چکے ہیں۔دوسری جانب پولیس گارڈز نے شہید سب انسپکٹر خالد محمود ورک کی قبر پر حاضری دی، سلامی پیش کی اور فاتحہ خوانی کی۔ تھانہ کاہنہ کے سب انسپکٹر خالد محمود ورک اشتہاری مجرم سے فائرنگ کے تبادلے میں شہید ہو گئے تھے۔سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ کا کہنا ہے کہ فرض کی راہ میں جانیں قربان کرنے والے شہداء ہمارا فخر ہیں، لاہور پولیس عوام کی جان و مال کے تحفظ کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔

 عارضی اوقات کار میں توسیع، سکول 31 جنوری تک ساڑھے نو بجے ہی کھلیں گے

 محکمہ سکول ایجوکیشن نے سکولوں میں چھٹیوں کے حوالے سے عارضی اوقات کار میں توسیع کر دی۔محکمہ سکول ایجوکیشن نے موسم کی شدت کو دیکھتے ہوئے عارضی اوقات کار میں توسیع کر دی۔ صوبے بھر میں سکول 31 جنوری تک ساڑھے نو بجے ہی شروع ہونگے۔اس سے قبل سکولوں میں عارضی اوقات کار 19 جنوری تک نافذ کئے گئے تھے۔ادھر پنجاب میں سردی کی شدید لہر کے باعث حکومت نے یونیفارم پہننے کی پالیسی میں بھی نرمی کر رکھی ہے ، اس جنوری اور فروری میں سرکاری اور نجی سکولوں میں یونیفارم پہننا لازمی نہیں ہو گا۔ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹیز کو جاری مراسلے میں محکمہ سکول ایجوکیشن نے کہا ہے کہ سرکاری اور نجی سکولوں کے طلبا و طالبات کوئی بھی گرم کپڑے پہن کر سکول آ سکتے ہیں۔مراسلے میں کہا گیا ہے کہ سردی کے پیش نظر طلبا سویٹر، کوٹ، جیکٹ، کیپ، جرابیں اور کوئی بھی بوٹ پہن کر سکول آ سکتے ہیں۔مراسلے کے مطابق سرکاری و نجی سکولوں کے سربراہان ان ہدایات پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔


ملکی مسائل کے حل کا فارمولا نوازشریف کے پاس ہے: مریم اورنگزیب


 ملکی مسائل کے حل کا فارمولا نوازشریف کے پاس ہے: مریم اورنگزیب

رہنما مسلم لیگ ن اور سابق وفاقی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ملک کے تمام مسائل کے حل کا فارمولہ نوازشریف کے پاس ہے۔لاہور کی انسداد دہشتگردی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ ہم عدالت کے سامنے اس لئے پیش ہوتے ہیں کیونکہ ہمیں معلوم ہے کہ یہ مقدمے جھوٹے ہیں، ایک شخص عدالتوں کو جوابدہ نہیں ہونا چاہتا۔انہوں نے کہا کہ جو لانگ مارچ لائے، جناح ہاؤس پر حملہ کیا، وہ دوسروں پر دہشتگری کا مقدمہ کرتے ہیں، جنہوں نے لاڈلا بنایا تھا اب وہ بھی خمیازہ بھگت رہے ہیں۔لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ نواز شریف کے پاس غربت، مہنگائی اور لوڈشیڈنگ سے نجات کا فارمولا ہے، 8 فروری کو عوام شیر پر مہر لگائیں گے، پاکستان کے نوجوانوں کو ایک خوشحال مستقبل ملے گا۔سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے حوالے سے مریم اورنگزیب نے کہا کہ آئی پی پی سے سیاسی اتحاد کیا ہے، ٹکٹیں نہیں دیں، پولیٹیکل الائنس کا یہ مطلب نہیں کہ ٹکٹیں دی گئی ہیں۔

لاہور والے کھلے دل کے لوگ ہیں، وہ بلاول بھٹو کو کامیاب کرائیں گے: چودھری سرور


 لاہور والے کھلے دل کے لوگ ہیں، وہ بلاول بھٹو کو کامیاب کرائیں گے: چودھری سرور


مسلم لیگ ق کے آرگنائزر اور پنجاب کے صدر چودھری سرور نے کہا کہ لاہور والے کھلے دل کے لوگ ہیں، وہ بلاول بھٹو کو کامیاب کرائیں گے۔چودھری سرور نے کہا کہ بلاول بھٹو ایک انٹرنیشنل لیڈر ہیں، ایک ہی درخواست ہے ہم لاڈلے نہیں بننا چاہتے، ہم چاہتے ہیں ہمیں لیول پلیئنگ فیلڈ دی جائے۔چودھری سرور نے کہا کہ حلقہ این اے 127 سے بلاول بھٹو جیت رہے ہیں، میری توقعات سے زیادہ لوگ بلاول بھٹو کو یہاں سے ممبر نیشنل اسمبلی بنانا چاہتے ہیں، بینظیر بھٹو شہید بھی پہلی کم عمر وزیراعظم بنی تھیں، بلاول بھٹو کی فیملی 35 سال بعد لاہور سے الیکشن لڑ رہی ہے، بلاول بھٹو ایم این اے بھی بنیں گے اور وزیراعظم بھی بنیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ لاہور والے کھلے دل کے لوگ ہیں، وہ بلاول بھٹو کو یہاں سے کامیاب کرائیں گے، لیول پلیئنگ فیلڈ الیکشن کمیشن اور نگران حکومتوں نے دینی ہے، میں مسلم لیگ ق کا آرگنائزر ہوں اور پنجاب کا صدر بھی ہوں، ہمارا کسی پارٹی کے ساتھ الائنس نہیں ہے، بلاول بھٹو اور ان کے خاندان سے میرے 40 سال سے تعلقات ہیں۔

پاکستان کیخلاف انڈیا کی پروپیگنڈا وار فلم ’فائٹر‘ کا ٹریلر جاری

 پاکستان کیخلاف انڈیا کی پروپیگنڈا وار فلم ’فائٹر‘ کا ٹریلر جاری

 ممبئی: پاکستان کیخلاف انڈیا کی پروپیگنڈا مہم جاری ہے اور اسی سلسلے میں ہریتھک روشن اور دیپیکا  پڈوکون کی نئی فلم ’فائٹر‘ کا ٹریلر جاری کردیا گیا۔سوشل میڈیا پر جاری تین منٹ سے زائد دورانیہ کے ٹریلر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ پلوامہ حملے کے بعد انڈین فضائیہ پاکستان کے خلاف ایک آپریشن کا منصوبہ بناتی ہے۔فلم میں ہریتھک روشن اور دیپیکا پڈوکون انڈین فضائیہ کے اسکواڈرن لیڈر کا کردار ادا کررہے ہیں جبکہ انیل کپور کمانڈنگ آفیسر کے روپ میں نظر آئیں گے۔میگا ایکشن تھرلر فلم کی دیگر کاسٹ میں کرن سنگھ گروور، اکشے اوبرائے اور دیگر نامور فنکار شامل ہیں۔یش راج پروڈکشن کے تحت ایکشن فلم کو بلاک بسٹر ’پٹھان‘ کے ڈائریکٹر سدھارتھ آنند بنارہے ہیں اور اسے بھارت کے 75 یوم جمہوریہ پر ریلیز کیا جائے گا۔’فائٹر‘ کے ساتھ ہریتھک روشن اور دیپیکا پڈوکون پہلی مرتبہ اسکرین شیئر کررہے ہیں جب کہ وہ دونوں سدھارتھ آنند کے پروجیکٹ میں الگ الگ کام کرچکے ہیں۔واضح رہے کہ ’فائٹر‘ بنانے کا اعلان جنوری 2021 میں کیا گیا تھا ور اسے ستمبر 2022 کو ریلیز ہونا تھا لیکن کورونا وبا کے باعث اس میں تاخیر ہوگئی اور اب 25 جنوری 2024 میں اسے سینما گھروں کی زینت بنایا جائے گا۔

فلائٹ 10 گھنٹے لیٹ، ذہنی اذیت پرائیرلائن کیخلاف کارروائی کروں گا، بھارتی اداکار


 فلائٹ 10 گھنٹے لیٹ، ذہنی اذیت پرائیرلائن کیخلاف کارروائی کروں گا، بھارتی اداکار

 ممبئی: بالی ووڈ کے اداکار رنویر شورے نے نجی ائیرلائن کے خلاف شکایت درج کروانے کا اعلان کردیا۔رنویر شورے نے سوشل میڈیا پوسٹ میں کہا کہ 2 بجے کی فلائٹ کے لیے دیگر مسافروں کے ساتھ ائیرپورٹ پرپہنچا تو ائیرلائن نے پرواز خراب موسم کے باعث 3 گھنٹے تاخیرسے روانہ  ہونے کا بتایا۔اداکار کا مزید کہنا تھا کہ اس کے بعد بغیر کسی وجہ کے فلائٹ لیٹ ہوتی چلی گئی اور آخر کار 10 گھنٹے کی تاخیر کے بعد روانگی ہوئی۔ معلومات کرنے پر پتا چلا کہ فلائٹ میں تاخیر کی وجہ خراب موسم نہیں تھا بلکہ ہمیں لے جانے والا طیارہ دوسرے شہر سے منگوایا گیا تھا۔رنویر شورے نے کہا کہ تمام مسافروں کو ذہنی اور جسمانی پریشانی سے دوچار کرنے پر ائیرلائن کے خلاف کارروائی کروں گا۔  رنوے شورے کھوسلہ کا گھونسلہ، بھیجا فرائی سمیت دیگر فلموں میں کام کرچکے ہیں۔

 چیئرمین پنجاب ریونیو اتھارٹی کو عہدے سے ہٹانے کا نوٹیفکیشن معطل

 لاہور ہائیکورٹ نے چیئرمین پنجاب ریونیو اتھارٹی جاوید بدر کو عہدے سے ہٹانے کا نوٹیفکیشن معطل کردیا۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس ساجد محمود بھٹی نے  چیئرمین پنجاب ریونیو اتھارٹی کو عہدے سے ہٹانے کیخلاف درخواست پر سماعت کی۔درخواست گزا ر نے مؤقف اپنایا کہ چیف الیکشن کمشنر کے بھتیجے کو گریڈ 19 میں بھرتی کیا گیا، تقررو تبادلوں پر پابندی کے باوجود چند افسران کی مستقلی کی سمری چیف الیکشن کمشنر کو بھجوائی گئی، چیف الیکشن کمشنر نے صرف اپنے بھتیجے کی مستقلی کو منظور کیا باقی کو مسترد کردیا۔درخواست میں کہا گیا کہ درخواست گزار نے قانون کے برعکس چیف الیکشن کمشنر کے بھتیجے کو مستقل نہیں کیا، چیئرمین الیکشن کمیشن نے رنجش کی بنا پر درخواست گزار کو عہدے سے ہٹانے کا نوٹیفکیشن جاری کرایا، عدالت درخواست گزار کو عہدے سے ہٹانے کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دے۔ عدالت نے وفاقی حکومت کا جاوید بدر کو عہدے سے ہٹانے کا نوٹیفکیشن معطل کرتے  ہوئے آئندہ سماعت پر فریقین سے جواب طلب کرلیا۔


بھارتی گلوکارہ کے ایس چترا کو متنازعہ مذہبی ویڈیو مہنگی پڑ گئی


 بھارتی گلوکارہ کے ایس چترا کو متنازعہ مذہبی ویڈیو مہنگی پڑ گئی

 ممبئی: بھارتی گلوکارہ کے ایس چترا متنازعہ مذہبی ویڈیو پر سوشل میڈیا میں شدید تنقید کا نشانہ بن گئیں۔ گلوکارہ کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہے جس میں وہ لوگوں کو ایودھیہ میں رام مندر کے افتتاح کے موقع پر 22 جنوری کو مذہبی نعرے لگانے کی اپیل کررہی ہیں۔کے ایس چترا ویڈیو میں مداحوں کو یہ کہتی نظر آتی ہیں کہ وہ افتتاحی تقریب کے وقت بارہ بج کر بیس منٹ پر ’شری رام، جیا رام‘ کے نعرے لگائیں۔انہوں نے لوگوں سے یہ بھی اپیل کی کہ وہ اس اہم موقع پر گھر میں ہندؤں کا مخصوص پانچ روشنیوں چراغ بھی جلائیں۔سوشل میڈیا پر جہاں ہندو انتہا پسندوں کی طرف سے گلوکارہ کی تحسین کی گئی وہیں اکثریت نے کے ایس چترا کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے لکھا کہ وہ اس ویڈیو سے ایک حساس معاملے پر گھٹیا مذہبی سیاست کررہی ہیں۔

’ان‘ کے مخالف کے ساتھ آج جو ہورہا ہے، کل ’ان‘ کے ساتھ بھی یہی ہوگا، بلاول


 ’ان‘ کے مخالف کے ساتھ آج جو ہورہا ہے، کل ’ان‘ کے ساتھ بھی یہی ہوگا، بلاول

نوڈیرو: چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے زور دیا ہے کہ آج ’ان‘ کے مخالف کے ساتھ جو ہورہا ہے، کل ’ان‘ کے ساتھ بھی یہی ہوگا۔بلاول بھٹو زرداری نے لاڑکانہ کے شہر نوڈیرو میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے پہلے دن سے سلیکٹڈ راج کو پوری دنیا کے سامنے بےنقاب کیا، نواز شریف امیر المومنین بننا چاہتے تھے ہم نے انہیں بھی ناکام بنایا۔انہوں نے کہا کہ ملک کے خراب حالات کا کسی کو کوئی احساس اور فکر نہیں ہے، دہشت گرد ایک بار پھر سر اٹھا رہے ہیں ،انہیں دعوت دی گئی ہے کہ کراچی میں آکر گھر بنائیں۔بلاول کا کہنا تھا کہ ملک میں نفرت اور ذاتی دشمنی کی سیاست کی وجہ سے جو ہورہا ہے بہت غلط ہورہا ہے، جو آج سمجھتا ہے کہ ان کے مخالف کے ساتھ جو کچھ ہورہا ہے، وہ جان لیں کل ان کے ساتھ بھی یہی ہوگا، سیاسی عدم استحکام سے معیشت کو نقصان ہوگا، اس سے ملک، وفاق اور نظام کو بھی نقصان پہنچے گا، تقسیم کی سیاست کا اثر ہر گھر تک پہنچ رہا ہے۔

الیکشن کمیشن؛ رجسٹرڈ سیاسی جماعتوں کی فہرست جاری، پی ٹی آئی بھی شامل


 الیکشن کمیشن؛ رجسٹرڈ سیاسی جماعتوں کی فہرست جاری، پی ٹی آئی بھی شامل

 اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے رجسٹرڈ سیاسی جماعتوں کی نئی فہرست جاری کردی، جس میں پی ٹی آئی بھی شامل ہے۔ الیکشن کمیشن کے پاس اس وقت 166 رجسٹرڈ سیاسی جماعتیں ہیں، جن میں پاکستان تحریک انصاف بھی شامل ہے۔ گزشتہ ہفتے  الیکشن کمیشن نے انٹرا پارٹی انتخابات نہ کرانے والی 13 جماعتوں کو ڈی لسٹ کردیا تھا۔واضح رہے کہ ایک روز قبل ہی الیکشن کمیشن کی جانب سے  عام انتخابات 2024ء کے سلسلے میں اقلیتی امیدواروں کی حتمی فہرستیں جاری کی گئی تھیں، جس کے مطابق تحریک انصاف قومی اور صوبائی اسمبلیوں کی خواتین اور اقلیتوں کی مخصوص نشستوں کی دوڑ سے باہر ہو چکی ہے۔

8 فروری کو انہیں جھٹکا لگے گا، ہمارے پاس پلان سی بھی موجود ہے، عمران خان


 8 فروری کو انہیں جھٹکا لگے گا، ہمارے پاس پلان سی بھی موجود ہے، عمران خان

 راولپنڈی: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ پلان سی بھی موجود ہے اور8 فروری کو انہیں جھٹکا لگے گا، اسی لیے یہ ڈرے ہوئے ہیں۔بانی پی ٹی آئی نے اڈیالہ جیل میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ چیف جسٹس مسلمان ہیں اور مسلمانوں کے بارے میں اللہ تعالیٰ نے کہا ہےکہ دشمنوں سے اتنی بھی  نفرت نہ کرو کہ انصاف نہ کر سکو، قران سب کے لیے ہے اور ہمارا کام ہے یاد کروانا، انصاف کے نظام پر یقین نہیں، چاہتا ہوں کارروائی براہ راست دکھائی جائے تاکہ قوم کو پتا چلے کہ کیا ہو رہا ہے۔عمران خان نے کہا کہ لندن پلان کے تحت جمہوریت کو روندا جا رہا ہے، انتخابی مہم شروع ہونے کے باوجود لوگوں کو اٹھایا جا رہا ہے، 9 مئی واقعات میں عورتوں اور بچوں کو جیلوں میں ڈالا گیا، کیپیٹل ہل واقعے میں سی سی ٹی وی کی مدد سے لوگوں کو پکڑا گیا تھا۔انھوں نے کہا کہ کور کمانڈر ہاؤس، اسلام اباد ہائی کورٹ اور جی ایچ کیو کی سی سی ٹی وی فوٹیج کس نے چوری کی، لوگ بے وقوف نہیں وہ جانتے ہیں کہ فوٹیج چوری کرنے کے وسائل کس کے پاس ہیں، 9 مئی لندن پلان معاہدے کا حصہ ہے۔صحافیوں سے گفتگو کے دوران عمران خان نے کہا کہ لوگوں کو اغوا کر کے تشدد کیا جاتا ہے اور اگر وہ نہیں مانتے تو آئی سی یو پہنچ جاتے ہیں، الیکشن کمیشن، پولیس، وفاقی تحقیقاتی ادارہ (ایف آئی اے) سب لندن معاہدے کا حصہ ہیں۔‘ہمارے پاس پلان سی موجود ہے’بانی چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ پی ٹی آئی کی پہلے اور دوسرے درجے کی قیادت کو اڑا دیا گیا، انتخابی نشان لے لیا گیا لیکن8  فروری کو انہیں جھٹکا لگنے والا ہے اور یہ ڈرے ہوئے ہیں، عوام کو نہیں روکا جا سکتا اسی لیے یہ ڈرے ہوئے ہیں۔عمران خان نے کہا کہ پلان سی بھی موجود ہے اور ایک اور پلان بھی بنا ہوا ہے، حکومت گرائے جانے کے باوجود جنرل باجوہ سے مذاکرات کیے، جنرل باجوہ سے کہا تھا کہ فری اینڈ فیئر انتخابات مسائل کا حل ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ جنرل باجوہ نے کہا تھا کہ اچھے غلاموں کی طرح سائفر کی بات نہ کرو ورنہ مقدمات کی بارش ہوگی، کیا حکومت گرانے کی سازش کو بے نقاب کرنا غداری ہے، سیاسی استحکام کے لیے صاف اور شفاف انتخابات ضروری ہیں۔‘میرا یا بشریٰ بی بی کا طاقت ور حلقوں میں سے کسی سے رابطہ نہیں ہے’انھوں نے کہا کہ ملک صرف سرمایہ کاری سے اس دلدل سے نکل سکتا ہے جو سیاسی استحکام کے بغیر ممکن نہیں ہے، بیرون ملک ایک کروڑ پاکستانی ہیں جن کی سرمایہ کاری سے یہ ملک مستحکم ہو سکتا ہے، ہم کہہ کہہ کر تھک چکے ہیں کہ 9 مئی کے واقعات پر آزادانہ انکوائری کروائی جائے۔عمران خان کا کہنا تھا کہ فوج کے خلاف کبھی کچھ نہیں کیا، جب مجھ پر گولیاں چلی ہم نے اس وقت بھی کچھ نہیں کیا، کئی لوگوں پر اتنا ظلم کیا گیا کہ وہ پارٹی چھوڑنے پر مجبور ہو گئے اور کئی لوگوں کے پارٹی چھوڑنے پر شکر ادا کیا۔اس دوران ان کا کہنا تھا کہ بیرسٹر گوہر خان کے گھر کے دروازے توڑ کر بھی گھر میں گھس گئے، شیخ رشید نے بڑا ساتھ دیا، پارٹی کے اندر سے دباؤ تھا کہ جنہوں نے پریس کانفرنس کی انھیں ٹکٹ نہیں دیا جا سکتا۔سابق وزیراعظم نے کہا کہ میرا یا بشریٰ بی بی کا طاقت ور حلقوں میں کسی سے رابطہ نہیں، چیف الیکشن کمشنر نے وہ حرکتیں کیں جو آج تک کسی نے نہیں کیں، بزدل دشمن کی کوئی اخلاقیات نہیں ہوتیں وہی حرکتیں الیکشن کمیشن نے کی ہیں۔انھوں نے کہا کہ لوگ جب فیصلہ کر لیتے ہیں تو پھر جو مرضی پروپگینڈا کیا جائے کامیاب نہیں ہوتا، قانون ہے کہ الیکشن کمیشن نے 90 روز میں الیکشن کروانے ہوتے ہیں، دو صوبوں میں حکومتیں تحلیل کیں لیکن 90 روز میں الیکشن نہیں ہوئے، اکتوبر میں انتخابات ہونا تھے تب بھی نہیں ہوئے۔عمران خان کا کہنا تھا کہ آئین کی خلاف ورزی پر آرٹیکل 6 لگتا ہے، نہ بلا رہا نہ بلے باز تو اب کیوں ڈرے ہوئے ہیں، پلان سی کے بارے میں 8 فروری کو پتا چل جائے گا، پی ٹی آئی کی انڈر 16 ٹیم کو بھی انتخابی مہم نہیں چلانے دی جا رہی ہے۔پارٹی کی انتخابی مہم کے بارے میں عمران خان نے کہا کہ اب اطلاعات ہیں ہمارے امیدواروں اپنی انتخابی مہم میں قیدی نمبر 804 کی تصویر لگانے کی بھی اجازت نہیں ہے۔بانی چئیرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ جو ناانصافی کی بات کرے وہ غدار نہیں ہوتا، میں نے الیکشن کمیشن کو آرٹیکل 6 لگانے کی دھمکی نہیں دی، 1977 میں ذوالفقار علی بھٹو کے خلاف صرف ایک  امیدوار کو اٹھایا گیا یہاں تو پوری پارٹی اٹھا لی گئی ہے، جنرل قمر باجوہ نے میری پیٹھ میں چھرا گھونپا میں نے نہیں۔

جنرل ہسپتال میں 30 سالہ خاتون کے ہاں 4 بیٹیوں کی پیدائش


 جنرل ہسپتال میں 30 سالہ خاتون کے ہاں 4 بیٹیوں کی پیدائش

 صوبائی دارالحکومت کے جنرل ہسپتال میں 30 سالہ خاتون کے ہاں 4 بیٹیوں کی پیدائش ہوئی ہے۔جنرل ہسپتال انتظامیہ کے مطابق خاتون کے ہاں پیدا ہونے والی 4 میں سے 3 بیٹیاں بالکل صحت مند ہیں۔ہسپتال انتظامیہ کا کہنا ہےکہ 2 بیٹیوں کا وزن 2 اعشاریہ 2 کلو ، تیسری کا 2 کلو اور چوتھی کا وزن 1 اعشاریہ 4 کلو ہے ۔ہسپتال انتظامیہ کے مطابق 1 اعشاریہ 4 کلو وزن والی بچی کمزور ہونے کے باعث نرسری میں داخل ہے۔

گوگل نے پاکستان میں انتخابی سرچ ٹرینڈ کا صفحہ جاری کر دیا


 گوگل نے پاکستان میں انتخابی سرچ ٹرینڈ کا صفحہ جاری کر دیا

  کراچی: گوگل نے 8فروری 2024 کو ہونے والے عام انتخابات سے متعلق سیاسی جماعتوں، اُن کے نامزد امیدواروں اور دیگر متعلقہ موضوعات سے متعلق آن لائن معلومات کی تلاش اور انتخابی عمل میں مدد دینے کے لیے صفحہ کا اجراء کر دیا ہے۔ذرائع ابلاغ اور عوام کو اس ڈیٹا تک آسان رسائی کی غرض سے گوگل نے ’’گوگل ٹرینڈز پاکستان جنرل الیکشن‘‘ کے نام سے یہ صفحہ متعارف کرایا ہے جو انتخابات میں حصہ لینے والی جماعتوں کے بارے میں سوالات، موضوعات اور دلچسپی کے حوالے سے معلومات کو پیش کرتا ہے۔اس صفحے پر ملک کے ہر حصے میں انتخابات کے حوالے سے تلاش کیے جانے والے ٹاپ موضوعات مثلاً معیشت، ٹیکس اور اجرتوں کے بارے میں اعداد و شمار شامل ہیں۔ گوگل ٹرینڈز پیچ کے تمام چارٹس کو کسی بھی ویب سائٹ پر شامل کیا جا سکتا ہے جہاں یہ خود بخود اپ ڈیٹ بھی ہوتے رہیں گے۔واضح رہے کہ گوگل ٹرینڈز کی جانب سے پاکستان میں متعارف کردہ یہ صفحہ عام انتخابات کے حوالے سے کسی قسم کا  سروے نہیں ہے اور نہ ہی ووٹنگ کے بارے میں رجحانات کو ظاہر کرتا ہے۔ یہ صفہ محض وقت گزرنے کے ساتھ مقامی سطح پر مخصوص موضوعات کے بارے میں لوگوں کی دلچسپی اور تلاش کو ظاہر کرتا ہے۔ کسی خاص سوال میں اضافہ، اس بات کی عکاسی نہیں کرتا کہ کوئی سیاسی جماعت کسی بھی معنوں میں ”زیادہ مقبول“ ہے یا ”جیت“ رہی ہے۔رجحانات کے صفحے کو زیادہ سے زیادہ کارآمد بنانے اور معلومات کے حصول کے لیے گوگل نیوز انیشی ایٹو ویب سائٹ ملاحظہ کی جا سکتی ہے۔