کراچی: پی ایس ایل7میں بڑے ناموں کیلیے بھی جگہ کم پڑگئی، کئی غیرملکی سپر اسٹارز مختلف وجوہات کی بنا پر منتخب نہ ہوسکے جب کہ چند آؤٹ آف فیورٹ پاکستانی کرکٹرزکی چمک بھی ماند پڑگئی۔پاکستان سپر لیگ سیزن 7 کیلیے اتوار کو لاہور میں پلیئرز ڈرافٹ ہوا جس میں تمام فرنچائزز نے اپنے اسکواڈز کو حتمی شکل دی،اس ڈرافٹ میں کئی بڑے غیرملکی پلیئرز کو کسی بھی ٹیم نے منتخب نہیں کیا، ان میں ویسٹ انڈیز کے انٹرنیشنل کرکٹ کو الوداع کہنے کو تیار کرس گیل بھی شامل ہیں۔ڈیوڈ ملر، تبریز شمسی اور شمرون ہٹمائر کی صلاحیتوں میں بھی کسی ٹیم نے دلچسپی نہیں دکھائی، اسی طرح ڈیوڈ ویلی، سندیپ لامی چنے اور کیمرون ڈیلپورٹ بھی منتخب نہ ہونے والے کھلاڑیوں میں شامل ہیں، بعض کھلاڑیوں کی صرف چند روز کیلیے دستیابی بھی فرنچائزز کی عدم دلچسپی کا سبب بنی۔اسی طرح پاکستان کے کچھ نمایاں نیشنل اور ڈومیسٹک کرکٹرز بھی فرنچائزز کے معیار پر پورا نہیں اترسکے، ان میں احمد شہزاد بھی شامل ہیں،ان کا انٹرنیشنل کرکٹ کیریئرمختلف وجوہات کی بنا پر ادھورا رہا،اس بار پی ایس ایل میں بھی کسی فرنچائز نے ان میں دلچسپی نھیں لی، عثمان شنواری اور موسیٰ خان بھی مایوس پلیئرز میں موجود ہیں۔اسی طرح زاہد محمود، ناصر نواز، صاحبزادہ فرحان، سہیل خان، جنید خان، عاکف جاوید، عماد بٹ، دلبرحسین اور محمد عرفان کو بھی کسی ٹیم میں جگہ نہ مل سکی، یہ سب اب گھر بیٹھ کر پی ایس ایل مقابلوں سے لطف اندوز ہوں گے۔
Wednesday, 15 December 2021
پاک ویسٹ انڈیز ون ڈے سیریز میں تماشائیوں کو مفت داخلہ دینے کا امکان
کراچی: پاکستان اور ویسٹ انڈیز ٹیم کے درمیان ون ڈے سیریز میں پی سی بی کی جانب سے تماشائیوں کو مفت داخلے کی اجازت دینے کا امکان ہے۔پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان سیریز میں تماشائیوں کی عدم دلچسپی پی سی بی حکام کے تشویش کا باعث بن گئی۔ شائقین کرکٹ کو اسٹیڈیم آنے کی رغبت دلانے کے لیے بورڈ نے اہم اجلاس بلا لیا۔ذرائع کے مطابق نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں منعقدہ اجلاس میں پی سی بی کے اعلیٰ حکام اور متعلقہ شعبوں کے ذمہ داران نے زوم کے ذریعہ شرکت کی۔ اجلاس میں مختلف پہلوؤں کا جائزہ لینے کے بعد متعدد فیصلوں پر اصولی اتفاق کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق ون ڈے سیریز میں تماشائیوں کو مفت داخلے کی اجازت دیے جانے کا امکان ہے۔
تحریک انصاف کی کارکردگی سے مایوس شہری نے اپنی بیویوں کو الیکشن میں اتاردیا
پشاور: مردان کے شہری نے 2 بیویوں کو کونسلرز اور تیسری کو سیاست میں انٹری دلا کر چوتھی شادی کا فیصلہ کرلیا اور کہا ہے کہ پی ٹی آئی مایوس کیا اس لیے بیویوں کو الیکشن میں اتارا ہے۔سوشل میڈیا پر مردان کے رہائشی اشفاق حسین کی دھوم ہے جس نے اپنی تین میں سے دو بیویوں کو بلدیاتی انتخابات میں بطور کونسلر امیدوار میدان میں اتار دیا اور الیکشن کمپئن چلا رہا ہے جب کہ اگلی بار تیسری بیوی کو الیکشن لڑانے کی تیاری بھی شروع کردی ہے۔اشفاق حسین نے انتخابی پوسٹر میں اپنی بیویوں کے بجائے اپنی تصویر لگائی ہے اور امیدواروں کے ناموں کے بجائے زوجہ اوّل و زوجہ دوم لکھا ہوا ہے۔ سوشل میڈیا پر اس تصویر پر دلچسپ تبصرے کیے جارہے ہیں۔شفاق حسین کا کہنا ہے کہ دو بیویاں الیکشن جیت کر مصروف ہو جائیں گی تو تیسری آئندہ الیکشن میں امیدوار ہوں گی جس کے بعد ایک اور شادی کا ارادہ ہے۔ 31 سالہ اشفاق کی تینوں بیویوں کی عمریں 16، 18 اور 20 سال ہیں جب کہ 12 بچے ہیں۔اشفاق کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف نے اپنی کارکردگی سے مایوس کیا اس لیے اپنی بیویوں کو الیکشن میں اتارا ہے۔
اسلام آباد: پیٹرولیم مصنوعات کی فی لیٹر قیمتوں میں بڑی کمی کا امکان ہے۔
ذرائع اوگرا کے مطابق عالمی مارکیٹ میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں 74 ڈالر فی بیرل رہی، گزشتہ ماہ کی نسبت پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 10 فیصد تک کمی آئی جب کہ حکومت نے گزشتہ 13 دن میں 68 تا 74 ڈالر فی بیرل تیل خریدا لہذا عالمی مارکیٹ کے تناسب سے قیمتوں میں کمی بنتی ہے۔ذرائع کے مطابق اوگرا نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 8 سے 10 روپے فی لیٹر تک کمی کی تجویز دی ہے تاہم لیوی ٹیکس بڑھانے کی صورت میں 4 روپے فی لیٹر تک کمی ہوسکتی ہے جب کہ ٹیکس دوگنا کرنے کی صورت میں قیمتیں برقرار رکھی جا سکتی ہیں۔اوگرا کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی سے متعلق سمری آج حکومت کو بجھوائی جائے گی جب کہ آئندہ 15 روز کے لیے نئی قیمتوں کا اعلان کل کیا جائے گا۔
پاکستان نے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں ویسٹ انڈیز کو ہرا دیا
پاکستان نے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں بھی ویسٹ انڈیز کو شکست دے کر سیریز میں 0-2 کی برتری حاصل کرلی۔
کراچی نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ قومی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔ پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 172 رنز بنا کر مہمان ٹیم کو 173 رنز کا ہدف دیا جس کا تعاقب کرنے میں ویسٹ انڈیز ناکام رہی۔ویسٹ انڈیز کے بلے باز مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 163 رنز بنا سکے۔ پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے 3، محمد نواز، محمد وسیم اور حارث رؤف نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔اس سے قبل بیٹنگ میں پاکستان کی جانب سے محمد رضوان نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 38 رنز بنائے جبکہ افتخار احمد 32، حیدر علی 31، شاداب خان نے 28 رنز بنائے۔ اسی طرح فخر زمان نے 10، آصف علی 9 اور کپتان بابر اعظم 7 رنز بنا سکے۔خیال رہے کہ گزشتہ روز پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان نے مہمان ٹیم کو 63 رنز سے شکست دی تھی۔ پاکستان کی جانب سے 200 رنز بنائے جبکہ ویسٹ انڈیز ہدف کے تعاقب میں ناکام رہی، مہمان ٹیم 19 اوورز میں 137 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ سیریز کا تیسرا اور آخری میچ 16 دسمبر کو کھیلا جائے گا۔
حکومت نے ملک میں گیس ذخائر ختم ہونے کا خدشہ ظاہر کر دیا
وفاقی حکومت نے آئندہ چند سالوں کے دوران ملک میں گیس ذخائر ختم ہونے کا خدشہ ظاہر کر دیا۔وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا کہ شہروں میں رہنے والے صرف 28 فیصد لوگوں کا بوجھ 78 فیصد لوگ اٹھا رہے ہیں جو گیس سے محروم ہیں، تمام شہروں میں فراہم کی گئی گیس سبسڈی پر دی جارہی ہے اور اس کا بوجھ 78 فیصد ان لوگوں پر آرہا ہے جو کوئلہ، لکڑی اور ایل پی جی استعمال کرتے ہیں لیکن یہ سلسلہ زیادہ عرصے نہیں چلے گا۔اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے خبردار کرتے ہوئے مزید کہا کہ ملک میں ہر سال گیس کے ذخائر میں کمی واقع ہورہی ہے، پچھلے برس بھی 9 فیصد گیس کم ہوئی اور رواں سال بھی گیس کے ذخیروں میں 9 فیصد کمی آئی ہے، چند برس بعد ملک میں گیس نہیں رہے گی۔انہوں ںے مزید کہا کہ بڑے شہروں میں رہنے والے وہ لوگ جو سستی گیس کے عادی ہوچکے ہیں انہیں اپنی عادتیں بدلنی ہوں گی اور حکومت کو گیس کا پورا سسٹم بدلنا ہوگا کیوں کہ توانائی کے ذخیروں پر ان 78 فیصد لوگوں کا بھی اتنا ہی حق ہے جتنا کہ بڑے شہروں میں رہنے والے 28 فیصد افراد کا ہے۔
ہماری کارکردگی کا حکمران جماعت کو صحیح معنوں میں احساس نہیں: پرویز الٰہی
چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ سینیٹ الیکشن ہوں یا مولانا فضل الرحمن کا دھرنا ختم کروانا ہماری کارکردگی کا حکمران جماعت کو صحیح معنوں میں احساس نہیں۔پاکستان مسلم لیگ ق پنجاب کے صدر سے مسلم لیگ قصور کے صدر سابق ایم پی اے وقاص حسن موکل اور عمر مجید وڑائچ نے ملاقات کی، ملاقات کے دوران سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر چودھری پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئیض کے اتحادی ہیں، آئندہ الیکشن میں فائدہ نقصان دونوں جماعتوں کا اکٹھا ہو گا، سینیٹ الیکشن ہوں یا فضل الرحمن کا دھرنا ختم کروانا ہماری کارکردگی کا حکمران جماعت کو صحیح معنوں میں احساس نہیں، پنجاب اسمبلی میں عوام کے جان و مال کے تحفظ، نکاح نامہ میں ختم نبوت ﷺ کا کالم شامل کرنا، ایف اے تک قرآن پاک ترجمہ کے ساتھ اور پرائمری تک ناظرہ پڑھانا جیسی قانون سازی کی۔انہوں نے کہا کہ جس سے پاکستان کی بنیادیں مضبوط ہوئیں اورنئی نسل کو بے راہ روی سے بچایا، پنجاب اسمبلی کی نئی بلڈنگ پاکستان سمیت پوری دنیا میں ورثہ ہے جس میں اسلام، ثقافت اور دین کو اکٹھا کرنے کی کوشش کی، سیاست میں ہمیشہ عوام کی پرواہ کرنی چاہئے، جنہوں نے ووٹ دئیے ان کے مسائل حل کرنا ہی انسانیت کی خدمت ہے جب بھی موقع ملا عوام کیلئے فلاحی کاموں کا جال بچھایا، ہماری سیاست کا مقصد عوام کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کر کے انہیں ریلیف فراہم کرنا ہے۔
موسم سرما کی تعطیلات، فیصلہ این سی او سی اجلاس میں متوقع
بین الصوبائی سیکرٹری تعلیم کا اجلاس ختم ہوگیا، تمام وفاقی اکائیوں سے سفارشات لے لی گئیں جبکہ حتمی اتفاق رائے کے لیے فیصلہ کل نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر (این سی اوسی) میں ہوگا، اجلاس میں تمام سیکرٹری ایجوکیشن موجود تھے، وزیر تعلیم شفقت محمود این سی او سی اجلاس میں شریک ہوں گے۔ترجمان وفاقی وزارت تعلیم کا کہنا ہے کہ موسم سرما کی تعطیلات کے بارے تمام صوبوں سے سفارشات لے لی گئیں، حتمی اتفاق رائے کے لئے فیصلہ بدھ کو کیا جائے گا۔ تمام صوبوں اور ٹیکسٹ بک بورڈز کو کیبنٹ کا اپرووڈ پولیٹیکل میپ کتابوں میں پبلش کرنے کی ہدایات دی گئی، اس سے پہلے مختلف صوبوں میں مختلف میپ شائع کیے جا رہے تھےدوسری طرف وفاقی وزیر برائے تعلیم شفقت محمود نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ وفاقی اور صوبائی سیکرٹریز کی آج ملاقات ہوئی، ملاقات کے دوران طے پایا کہ موسم سرما کی چھٹیاں 25 دسمبر 2021ء سے 4 جنوری 2022ء تک ہونی چاہئیں۔ وٹیفکیشن متعلقہ حکومتیں جاری کریں گی۔
پاکستان کی کشمیریوں کے ماورائے عدالت قتل کی مذمت
پاکستان نے قابض بھارتی فوجیوں کی طرف سے مزید دو کشمیریوں کے ماورائے عدالت قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار نے کہا ہے کہ سری نگر میں 2 مزید کشمیریوں کا ماورائے عدالت قتل قابل مذمت ہے، ہم جعلی پولیس مقابلوں میں کشمیریوں کے قتل کی مذمت کرتے ہیں۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق گزشتہ ایک ماہ میں بھارتی قابض افواج نے 19 کشمیریوں کو شہید کیا، بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں میں ملوث ہے۔ترجمان کا کہنا تھا کہ آر ایس ایس، بی جے پی کے جرائم یو این انکوائری کمیشن کے متقاضی ہیں، اقوام متحدہ اور دنیا بھارتی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا فوری نوٹس لے۔واضح رہے کہ آج ایک اور واقعے میں مقبوضہ کشمیر کے ضلع پونچھ میں قابض بھارتی فورسز نے ایک کشمیری نوجوان کو شہید کیا، کشمیر میڈیا سروس کے مطابق وادی میں بھارتی ریاستی دہشت گردی بدستور جاری ہے۔نوجوان کو بھارتی فوج کے دستوں نے ضلع کے علاقے سورنکوٹ میں پیرا ملٹری سینٹرل ریزرو پولیس فورس اور اسپیشل آپریشن گروپ کے ساتھ مشترکہ آپریشن میں شہید کیا۔دریں اثنا بھارتی فوجیوں نے پلوامہ میں کریم آباد میں جموں و کشمیر ماس موومنٹ کے وائس چیئرمین عبدالمجید میر کے گھر پر چھاپا مار کر ان کے 16 سالہ بھتیجے دانش احمد کو گرفتار کر لیا ہے، دستے دانش کو اپنے ساتھ بارہ مولہ لے گئے۔
زرداری کی 8 ارب کی مشکوک ٹرانزیکشن ریفرنس میں بریت، نیب سے جواب طلب
اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق صدر آصف علی زرداری کی 8 ارب کی مشکوک ٹرانزیکشن ریفرنس میں بریت کی اپیل پر سماعت کرتے ہوئے نیب سے جواب طلب کر لیا۔چیف جسٹس اطہرمن اللہ نے کیس کی سماعت کرتے ہوئے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) سے نیب سے 18 جنوری تک جواب طلب کر لیا کہ بتائیں کہ متعلقہ معاملہ نکال کر ریفرنس بنتا ہے یا نہیں؟چیف جسٹس نے کہا کہ نیب کو ریفرنس بنانے سے پہلے معاملہ ایف بی آر کو بھیجنا چاہیے تھا، ایف بی آر کا اختیار تھا کہ زرداری کا مکمل آڈٹ بھی کر سکتا ہے، قانون کے مطابق نہ ہونے کی وجہ سے نیب کے سارے کیس خراب ہو جاتے ہیں۔نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ یہ جعلی اکاؤنٹس کا معاملہ ہے، سپریم کورٹ کے حکم پر ریفرنس دائر کیا گیا، ایف بی آر اور اِنکم ٹیکس کا معاملہ نکال کر بھی ریفرنس بن سکتا ہے۔عدالت نے کہا کہ انکم ٹیکس کا معاملہ نکال کر 18جنوری تک نیا ریفرنس بنا کر دکھائیں۔عدالت نے استفسار کیا کہ آصف زرداری کے خلاف ریفرنس نیب آرڈیننس کی کونسی شق کے مطابق ہے؟آصف زرداری کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے بتایا کہ نیب آرڈیننس کی کسی شق کے تحت کیس بنتا ہی نہیں۔نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ ریفرنس نیب آرڈیننس کے سیکشن2 ، 4اور 12 کے تحت بنایا گیا ہے۔فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ نیب کہتا ہے کہ آصف زرداری نے پبلک آفس ہولڈر ہوتے ہوئے پراپرٹی کیوں خریدی؟ نیب کے مطابق پبلک آفس ہوتے ہوئے کوئی پراپرٹی خرید ہی نہیں سکتا۔نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ جائیداد خریدنے کے لیے جعلی اکاؤنٹ سے 150 ملین کی ٹرانزیکشن ہوئی، ویلتھ اسٹیٹمنٹ میں آصف زرداری نے پراپرٹی کی قیمت 53 ملین لکھی۔چیف جسٹس نے سوال کیا کہ نیب انکم ٹیکس ڈیکلیریشن کے معاملے میں کس طرح پڑ سکتا ہے؟جسٹس عامرفاروق نے کہا کہ بدقسمتی سے ہمارے ملک میں پراپرٹی کی سرکاری قیمت اور لکھی جاتی ہے، اصل اور ہوتی ہے، ان معاملات پر اگر ریفرنس بنتا ہے تو پورا پاکستان یہی کر رہا ہے۔نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ یہ منی لانڈرنگ کا کیس ہے، ویلتھ اسٹیٹمنٹ اس کا ایک ثبوت ہے۔چیف جسٹس اطہرمن اللہ نے استفسار کیا کہ نیب اپنے اختیار سے تجاوز کس طرح کر سکتا ہے، نیب کے پاس آپشن موجود ہے کہ کیس ایف بی آر کو بھیج دے۔ ویلتھ اسٹیٹمنٹ کے 53 ملین کا معاملہ نکال کر ریفرنس بنتا ہے تو آئندہ سماعت پر بتائیں۔اسلام آبادہائی کورٹ نے کیس کی سماعت 18 جنوری تک ملتوی کر دی۔
دھند کے باعث لاہور سیالکوٹ موٹروے بند کر دی گئی
لاہور اور گردونواح میں دھند چھا گئی۔ دھند کے با عث لاہور سیالکوٹ موٹروے بند کر دی گئی۔دھند کے پیش نظر شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر وارڈنز کی نفری میں اضافہ کر دیا گیا۔ بابو صابو، ٹھوکر نیاز بیگ، شاہدرہ چوک، پرانے راوی پل پر وارڈنز کی نفری.