Friday, 24 December 2021

معین اختر کا انتقال سے 34 سال قبل خط میں اپنی موت کا تذکرہ

 پاکستان کے لیجنڈ فنکار معین اختر کو مداحوں سے بچھڑے ایک دہائی کا عرصہ گزر چکا ہے اور آج ان کے چاہنے والے ان کا 71واں یوم پیدائش منا رہے ہیں۔معین اختر کی سالگرہ کے دن ایک کا خط سامنے آیا ہے جو انہوں نے 44 برس قبل اپنے قریبی دوست اقبال وحید کو لکھا اور اس میں انہوں نے اپنی موت کا ذکر کیا۔18 اگست 1977کو لکھے گئے اس خط میں معین اختر نے اپنے دوست کو خط کے ساتھ بھیجی گئی تصویر بھی سنبھال کر رکھنے کا کہا اور لکھا:اپنے عزیز دوست اقبال وحید کے لیے،موت کا وقت؟ شاید کسی کو نہیں معلوم کہ سب کو ایک نہ ایک دن جانا ہوگا، شاید پہل ہم ہی کر بیٹھیں، اس صورت میں اس تحریر اور اس تصویر دونوں کی حفاظت کرنا جو تمہیں ہمیشہ اس مخلص کی یاد دلاتی رہے گی۔یاد رہے کہ معین اختر کی پیدائش 24 دسمبر 1950 کو کراچی میں ہوئی، زندگی کی پہلی پرفارمنس شیکسپیئر کے ناول سے ماخوذ اسٹیج ڈرامے ’دی مرچنٹ آف وینس‘ میں محض 13 برس کی عمر میں دی جب کہ فنی کیرئیر کی باقاعدہ شروعات پاکستان کے پہلے یوم دفاع پر 1966 میں کی۔


Wednesday, 15 December 2021

جنوری میں بنگلادیش پریمیئر لیگ، پی ایس ایل اور بگ بیش سے متصادم

 پی ایس ایل اور بگ بیش سے متصادم ہونے کے باوجود بنگلادیش اپنی پریمیئر لیگ کی کامیابی کیلیے پْرامید ہے،ٹی ٹوئنٹی لیگ جنوری میں کرانے کا پلان بنایا جارہا ہے،اسی ماہ کے آخری ہفتے میں پی ایس ایل شروع ہوجائے گی۔بی پی ایل کے حتمی شیڈول اور فرنچائزز کا ابھی اعلان نہیں کیا گیا، البتہ بنگلادیشی بورڈ پْرامید ہے کہ شیڈول متصادم ہونے پر بھی اس کی لیگ کا رنگ پھیکا نہیں پڑے گا۔ورننگ کونسل کے رکن شیخ سہیل نے مقامی اخبار سے گفتگو میں کہاکہ ہم رواں ماہ ڈرافٹ کا عمل مکمل کررہے ہیں، ہمیں پی ایس ایل کی وجہ سے کوئی مسائل نہیں،ہم پاکستانی ٹی ٹوئنٹی لیگ کیلیے کرکٹرز کا انتخاب مکمل ہونے کے بعد ممکنہ ناموں پر غور کرسکتے ہیں، اصل فکر کورونا وائرس کی وجہ سے پیدا شدہ صورتحال کی ہے۔


پی ایس ایل7؛ بڑے ناموں کیلیے بھی جگہ کم پڑگئی

 کراچی: پی ایس ایل7میں بڑے ناموں کیلیے بھی جگہ کم پڑگئی، کئی غیرملکی سپر اسٹارز مختلف وجوہات کی بنا پر منتخب نہ ہوسکے جب کہ چند آؤٹ آف فیورٹ پاکستانی کرکٹرزکی چمک بھی ماند پڑگئی۔پاکستان سپر لیگ سیزن 7 کیلیے اتوار کو لاہور میں پلیئرز ڈرافٹ ہوا جس میں تمام فرنچائزز نے اپنے اسکواڈز کو حتمی شکل دی،اس ڈرافٹ میں کئی بڑے غیرملکی پلیئرز کو کسی بھی ٹیم نے منتخب نہیں کیا، ان میں ویسٹ انڈیز کے انٹرنیشنل کرکٹ کو الوداع کہنے کو تیار کرس گیل بھی شامل ہیں۔ڈیوڈ ملر، تبریز شمسی اور شمرون ہٹمائر کی صلاحیتوں میں بھی کسی ٹیم نے دلچسپی نہیں دکھائی، اسی طرح ڈیوڈ ویلی، سندیپ لامی چنے اور کیمرون ڈیلپورٹ بھی منتخب نہ ہونے والے کھلاڑیوں میں شامل ہیں، بعض کھلاڑیوں کی صرف چند روز کیلیے دستیابی بھی فرنچائزز کی عدم دلچسپی کا سبب بنی۔اسی طرح پاکستان کے کچھ نمایاں نیشنل اور ڈومیسٹک کرکٹرز بھی فرنچائزز کے معیار پر پورا نہیں اترسکے، ان میں احمد شہزاد بھی شامل ہیں،ان کا انٹرنیشنل کرکٹ کیریئرمختلف وجوہات کی بنا پر ادھورا رہا،اس بار پی ایس ایل میں بھی کسی فرنچائز نے ان میں دلچسپی نھیں لی، عثمان شنواری اور موسیٰ خان بھی مایوس پلیئرز میں موجود ہیں۔اسی طرح زاہد محمود، ناصر نواز، صاحبزادہ فرحان، سہیل خان، جنید خان، عاکف جاوید، عماد بٹ، دلبرحسین اور محمد عرفان کو بھی کسی ٹیم میں جگہ نہ مل سکی، یہ سب اب گھر بیٹھ کر پی ایس ایل مقابلوں سے لطف اندوز ہوں گے۔


پاک ویسٹ انڈیز ون ڈے سیریز میں تماشائیوں کو مفت داخلہ دینے کا امکان

  کراچی: پاکستان اور ویسٹ انڈیز ٹیم کے درمیان ون ڈے سیریز میں پی سی بی کی جانب سے تماشائیوں کو مفت داخلے کی اجازت دینے کا امکان ہے۔پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان سیریز میں تماشائیوں کی عدم دلچسپی پی سی بی حکام کے تشویش کا باعث بن گئی۔ شائقین کرکٹ کو اسٹیڈیم آنے کی رغبت دلانے کے لیے بورڈ نے اہم اجلاس بلا لیا۔ذرائع کے مطابق نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں منعقدہ اجلاس میں پی سی بی کے اعلیٰ حکام اور متعلقہ شعبوں کے ذمہ داران نے زوم کے ذریعہ شرکت کی۔ اجلاس میں مختلف پہلوؤں کا جائزہ لینے کے بعد متعدد فیصلوں پر اصولی اتفاق کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق ون ڈے سیریز میں تماشائیوں کو مفت داخلے کی اجازت دیے جانے کا امکان ہے۔


تحریک انصاف کی کارکردگی سے مایوس شہری نے اپنی بیویوں کو الیکشن میں اتاردیا


 

پشاور: مردان کے شہری نے 2 بیویوں کو کونسلرز اور تیسری کو سیاست میں انٹری دلا کر چوتھی شادی کا فیصلہ کرلیا اور کہا ہے کہ پی ٹی آئی مایوس کیا اس لیے بیویوں کو الیکشن میں اتارا ہے۔سوشل میڈیا پر مردان کے رہائشی اشفاق حسین کی دھوم ہے جس نے اپنی تین میں سے دو بیویوں کو بلدیاتی انتخابات میں بطور کونسلر امیدوار میدان میں اتار دیا اور الیکشن کمپئن چلا رہا ہے جب کہ اگلی بار تیسری بیوی کو الیکشن لڑانے کی تیاری بھی شروع کردی ہے۔اشفاق حسین نے انتخابی پوسٹر میں اپنی بیویوں کے بجائے اپنی تصویر لگائی ہے اور امیدواروں کے ناموں کے بجائے زوجہ اوّل و زوجہ دوم لکھا ہوا ہے۔ سوشل میڈیا پر اس تصویر پر دلچسپ تبصرے کیے جارہے ہیں۔شفاق حسین کا کہنا ہے کہ دو بیویاں الیکشن جیت کر مصروف ہو جائیں گی تو تیسری آئندہ الیکشن میں امیدوار ہوں گی جس کے بعد ایک اور شادی کا ارادہ ہے۔ 31 سالہ اشفاق کی تینوں بیویوں کی عمریں 16، 18 اور 20 سال ہیں جب کہ 12 بچے ہیں۔اشفاق کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف نے اپنی کارکردگی سے مایوس کیا اس لیے اپنی بیویوں کو الیکشن میں اتارا ہے۔

اسلام آباد: پیٹرولیم مصنوعات کی فی لیٹر قیمتوں میں بڑی کمی کا امکان ہے۔

 ذرائع اوگرا کے مطابق عالمی مارکیٹ میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں 74 ڈالر فی بیرل رہی، گزشتہ ماہ کی نسبت پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 10 فیصد تک کمی آئی جب کہ حکومت نے گزشتہ 13 دن میں 68 تا 74 ڈالر فی بیرل تیل خریدا لہذا عالمی مارکیٹ کے تناسب سے قیمتوں میں کمی بنتی ہے۔ذرائع کے مطابق اوگرا نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 8 سے 10 روپے فی لیٹر تک کمی کی تجویز دی ہے تاہم لیوی ٹیکس بڑھانے کی صورت میں 4 روپے فی لیٹر تک کمی ہوسکتی ہے جب کہ ٹیکس دوگنا کرنے کی صورت میں قیمتیں برقرار رکھی جا سکتی ہیں۔اوگرا کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی سے متعلق سمری آج حکومت کو بجھوائی جائے گی جب کہ آئندہ 15 روز کے لیے نئی قیمتوں کا اعلان کل کیا جائے گا۔



پاکستان نے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں ویسٹ انڈیز کو ہرا دیا

 پاکستان نے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں بھی ویسٹ انڈیز کو شکست دے کر سیریز میں 0-2 کی برتری حاصل کرلی۔

کراچی نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ قومی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔ پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 172 رنز بنا کر مہمان ٹیم کو 173 رنز کا ہدف دیا جس کا تعاقب  کرنے میں ویسٹ انڈیز ناکام رہی۔ویسٹ انڈیز کے بلے باز مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 163 رنز بنا سکے۔ پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے 3، محمد نواز، محمد وسیم اور حارث رؤف نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔اس سے قبل بیٹنگ میں پاکستان کی جانب سے محمد رضوان نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 38 رنز بنائے جبکہ افتخار احمد 32، حیدر علی 31، شاداب خان نے 28 رنز بنائے۔ اسی طرح فخر زمان نے 10، آصف علی 9 اور کپتان بابر اعظم 7 رنز بنا سکے۔خیال رہے کہ گزشتہ روز پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان نے مہمان ٹیم کو 63 رنز سے شکست دی تھی۔ پاکستان کی جانب سے 200 رنز بنائے جبکہ ویسٹ انڈیز ہدف کے تعاقب میں ناکام رہی، مہمان ٹیم 19 اوورز میں 137 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ سیریز کا تیسرا اور آخری میچ 16 دسمبر کو کھیلا جائے گا۔



حکومت نے ملک میں گیس ذخائر ختم ہونے کا خدشہ ظاہر کر دیا


  وفاقی حکومت نے آئندہ چند سالوں کے دوران ملک میں گیس ذخائر ختم ہونے کا خدشہ ظاہر کر دیا۔وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا کہ شہروں میں رہنے والے صرف 28 فیصد لوگوں کا بوجھ 78 فیصد لوگ اٹھا رہے ہیں جو گیس سے محروم ہیں، تمام شہروں میں فراہم کی گئی گیس سبسڈی پر دی جارہی ہے اور اس کا بوجھ 78 فیصد ان لوگوں پر آرہا ہے جو کوئلہ، لکڑی اور ایل پی جی استعمال کرتے ہیں لیکن یہ سلسلہ زیادہ عرصے نہیں چلے گا۔اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے خبردار کرتے ہوئے مزید کہا کہ ملک میں ہر سال گیس کے ذخائر میں کمی واقع ہورہی ہے، پچھلے برس بھی 9 فیصد گیس کم ہوئی اور رواں سال بھی گیس کے ذخیروں میں 9 فیصد کمی آئی ہے، چند برس بعد ملک میں گیس نہیں رہے گی۔انہوں ںے مزید کہا کہ بڑے شہروں میں رہنے والے وہ لوگ جو سستی گیس کے عادی ہوچکے ہیں انہیں اپنی عادتیں بدلنی ہوں گی اور حکومت کو گیس کا پورا سسٹم بدلنا ہوگا کیوں کہ توانائی کے ذخیروں پر ان 78 فیصد لوگوں کا بھی اتنا ہی حق ہے جتنا کہ بڑے شہروں میں رہنے والے 28 فیصد افراد کا ہے۔

ہماری کارکردگی کا حکمران جماعت کو صحیح معنوں میں احساس نہیں: پرویز الٰہی

 چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ سینیٹ الیکشن ہوں یا مولانا فضل الرحمن کا دھرنا ختم کروانا ہماری کارکردگی کا حکمران جماعت کو صحیح معنوں میں احساس نہیں۔پاکستان مسلم لیگ ق پنجاب کے صدر سے مسلم لیگ قصور کے صدر سابق ایم پی اے وقاص حسن موکل اور عمر مجید وڑائچ نے ملاقات کی، ملاقات کے دوران سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر چودھری پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئیض کے اتحادی ہیں، آئندہ الیکشن میں فائدہ نقصان دونوں جماعتوں کا اکٹھا ہو گا، سینیٹ الیکشن ہوں یا فضل الرحمن کا دھرنا ختم کروانا ہماری کارکردگی کا حکمران جماعت کو صحیح معنوں میں احساس نہیں، پنجاب اسمبلی میں عوام کے جان و مال کے تحفظ، نکاح نامہ میں ختم نبوت ﷺ کا کالم شامل کرنا، ایف اے تک قرآن پاک ترجمہ کے ساتھ اور پرائمری تک ناظرہ پڑھانا جیسی قانون سازی کی۔انہوں نے کہا کہ جس سے پاکستان کی بنیادیں مضبوط ہوئیں اورنئی نسل کو بے راہ روی سے بچایا، پنجاب اسمبلی کی نئی بلڈنگ پاکستان سمیت پوری دنیا میں ورثہ ہے جس میں اسلام، ثقافت اور دین کو اکٹھا کرنے کی کوشش کی، سیاست میں ہمیشہ عوام کی پرواہ کرنی چاہئے، جنہوں نے ووٹ دئیے ان کے مسائل حل کرنا ہی انسانیت کی خدمت ہے جب بھی موقع ملا عوام کیلئے فلاحی کاموں کا جال بچھایا، ہماری سیاست کا مقصد عوام کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کر کے انہیں ریلیف فراہم کرنا ہے۔

موسم سرما کی تعطیلات، فیصلہ این سی او سی اجلاس میں متوقع

 بین الصوبائی سیکرٹری تعلیم کا اجلاس ختم ہوگیا، تمام وفاقی اکائیوں سے سفارشات لے لی گئیں جبکہ حتمی اتفاق رائے کے لیے فیصلہ کل نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر (این سی اوسی) میں ہوگا، اجلاس میں تمام سیکرٹری ایجوکیشن موجود تھے، وزیر تعلیم شفقت محمود این سی او سی اجلاس میں شریک ہوں گے۔ترجمان وفاقی وزارت تعلیم کا کہنا ہے کہ موسم سرما کی تعطیلات کے بارے تمام صوبوں سے سفارشات لے لی گئیں، حتمی اتفاق رائے کے لئے فیصلہ بدھ کو کیا جائے گا۔ تمام صوبوں اور ٹیکسٹ بک بورڈز کو کیبنٹ کا اپرووڈ پولیٹیکل میپ کتابوں میں پبلش کرنے کی ہدایات دی گئی، اس سے پہلے مختلف صوبوں میں مختلف میپ شائع کیے جا رہے تھےدوسری طرف وفاقی وزیر برائے تعلیم شفقت محمود نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ  وفاقی اور صوبائی سیکرٹریز کی آج ملاقات ہوئی، ملاقات کے دوران طے پایا کہ موسم سرما کی چھٹیاں 25 دسمبر 2021ء سے 4 جنوری 2022ء تک ہونی چاہئیں۔ وٹیفکیشن متعلقہ حکومتیں جاری کریں گی۔