اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے ترجمانوں اور وزرا کو ہدایت دی ہے کہ فنانس بل کے حوالے سے اپوزیشن کے جعلی بیانیے کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جائے، ریفنڈ اور ربیٹ کے بارے میں عوامی کنفیوژن کو دور کیا جائے۔ وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت حکومتی ترجمانوں کا اجلاس ہوا، جس میں حکومتی وزراء، ارکان اسمبلی اور پارٹی کے سینئر رہنماؤں نے شرکت کی، وزیراعظم نے ملک کی معاشی اور اقتصادی صورتحال پر اعتماد میں لیا، جب کہ وزیراعظم اور وزیر خزانہ شوکت ترین نے شرکاء کو فنانس بل پر بریفنگ دی۔وزیراعظم عمران خان نے ترجمانوں کو فنانس بل سے متعلق عوام میں ابہام کو دورے کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ فنانس بل کو عوامی سطح پر موثر طریقے سے نہیں بتایا جا سکا، 2 ارب روپے کے ٹیکسز کو بڑھا چڑھا کر پیش کیا جا رہا ہے، ریفنڈ اور ربیٹ کے بارے میں عوامی کنفیوژن کو دور کیا جائے۔وزیراعظم نے کہا کہ عوامی سطح پر بتایا جائے کہ ڈاکومنٹڈ اکانومی ملکی مفاد میں ہے، ایگریکلچر گروتھ اور ملکی ایکسپورٹس تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے، پاکستان کے ریزور 25 ارب ڈالرز تک پہنچ چکے ہیں جس پر بات نہیں ہو رہی، اپوزیشن کے جعلی بیانیہ کا ڈٹ کے مقابلہ کیا جائے، ہیلتھ کارڈز، ہوم فنانسنگ، احساس پروگرام کے فلاحی منصوبوں بارے موثر آگاہی مہم چلائی جائے۔
Monday, 3 January 2022
محمد حفیظ کا انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان
لاہور: پاکستانی کرکٹرمحمد حفیظ نے ٹیسٹ کے بعد ون ڈے اورٹی 20 کرکٹ سے بھی ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا ۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر محمد حفیظ نے ٹیسٹ کے بعد ون ڈے اورٹی 20 سے بھی ریٹائرمنٹ کا فیصلہ کیا ہے۔محمد حفیظ نے 2018 میں ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لی تھی۔18 سال کے کرکٹ کیرئیر میں محمد حفیظ نے55 ٹیسٹ ،218ون ڈے اور119ٹی 20 انٹرنیشنل میچز کھیلے۔ محمد حفیظ نے32مرتبہ مین آف دا میچ اور9 بارمین آف دا سیریز کا اعزاز حاصل کیا۔محمد حفیظ نے 32 انٹرنیشنل میچز میں پاکستان کی قیادت کی6 ون ڈے اورٹی 20 ورلڈ کپ میں پاکستان کی نمائندگی کی۔محمد حفیظ فرنچائز کرکٹ کھیلتے رہیں گے۔ محمد حفیظ پی ایس ایل میں لاہورقلندرز کی ٹیم میں شامل ہیں۔لاہورمیں پریس کانفرنس سے خطاب میں محمد حفیظ کا کہنا تھا کہ وہ فخرکے ساتھ انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وہ 18 سال پاکستان کے سبز رنگ کی کٹ زیب تن کرنے پر خوش قسمت اور فخر محسوس کرتے ہیں۔ محمد حفیظ نے اپنے اہلخانہ، ساتھی کرکٹرز،سپورٹ اسٹاف اورپاکستان کرکٹ بورڈ کا شکریہ بھی ادا کیا۔چئیرمین کرکٹ بورڈ رمیز راجا نے محمد حفیظ کے لئے نیک خواہشات کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ محمدحفیظ نے بھرپورانداز سے کرکٹ کھیلی اورانٹرنیشنل کرکٹ میں طویل کیرئیربنانے کے لئے انتھک محنت کی۔ پاکستان کرکٹ میں محمد حفیظ شاندارشراکت پران کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔
250 روپے ٹیکس؟ کس رکن اسمبلی نے ادا کیا
اسلام آباد: سندھ اسمبلی کے رکن علی غلام نے انکم ٹیکس کی مد میں صرف ڈھائی سو (250) روپے ادا کیے ہیں۔ایف بی آر کی جاری کردہ پارلیمنٹیرینز ٹیکس ڈائریکٹری 2019 میں بتائی گی ہے۔ واضح رہے کہ علی غلام سانگھڑ سے منتخب رکن اسمبلی ہیں۔ٹیکس ڈائریکٹری کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان کی سینیٹر خالدہ اطیب نے ٹیکس کے ذریعے قومی خزانے میں 315 روپے جمع کرائے ہیں۔ اس طرح سب سے کم ٹیکس ادا کرنے والے پارلیمنٹیرینز میں وہ دوسرے نمبر پر آئی ہیں۔ایف بی آر کی جاری کردہ ٹیکس ڈائریکٹری کے تحت ملک کے 18 اراکین پارلیمنٹس ایسے ہیں جنہوں نے صرف ایک ہزار روپے ٹیکس ادا کیا ہے۔ ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی سردار دوست محمد مزاری اور وزیرآبپاشی پنجاب محسن لغاری بھی ایک ہزار روپے ٹیکس ادا کرنے والوں میں شامل ہیں۔
عمران خان، شہباز شریف اور بلاول بھٹو نے کتنا ٹیکس ادا کیا؟ ایف بی آر نے بتادیا
اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے 98 لاکھ 54 ہزار 959 روپے کا ٹیکس ادا کیا ہے۔ فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے پارلیمنٹرینزکی سال 2019 کی ٹیکس ڈائریکٹری میں بتائی ہے۔ٹیکس ڈائریکٹری کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں شہباز شریف نے 82 لاکھ 42 ہزار662 روپے ٹیکس دیا۔ایف بی آر کی ٹیکس ڈائریکٹری کے تحت چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے پانچ لاکھ 35 ہزار 243 روپے ٹیکس ادا کیا۔سابق صدر پاکستان آصف زرداری نے 22 لاکھ 18ہزار229 روپے ٹیکس دیا جب کہ سابق وزیراعظم اور ن لیگ کےمرکزی رہنما شاہد خاقان عباسی نے 48 لاکھ 71 ہزار277 روپے ٹیکس کی مد میں ادا کیے ہیں۔ہم نیوز نے ایف بی آر کی ٹیکس ڈائریکٹری کے حوالے سے بتایا ہے کہ پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدارنے ٹیکس کی مد میں صرف مبلغ دو ہزارروپے ادا کیے ہیں۔
محمد حفیظ نے اپنے کیرئیر کا تکلیف دہ لمحہ بتا دیا
قومی کرکٹ ٹیم کے سابق آل راؤنڈر محمد حفیظ نے اپنے کیریئر کا تکلیف دہ لمحہ بتا دیا۔پروفیسر کے لقب سے جانے والے محمد حفیظ نے آج بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا ہے۔اس حوالے سے پریس کانفرس میں صحافی کے سوالوں کے جواب دیتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ جب میں نے میچ فیکسر سے متعلق اپنا موقف رکھا کہ کبھی بھی وہ شخص جو پاکستان کا نام بدنام کرے اسے دوبارہ موقع نہیں ملنا چاہئے۔اپنی بات جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جب میں نے اس موقف کو لے کر احتجاج ریکارڈ کرایا تو اس وقت کے چیئرمین پی سی بی نے مجھے کہا کہ آپ نے کھیلنا ہے تو کھیلیں، یہ کھلاڑی تو ضرور کھیلیں گے۔انہوں نے کہا کہ چیئرمین پی سی بی کی اس بات سے مجھے بہت افسوس ہوا تھا۔محمد حفیظ نے کہا کہ ہم سب کو ایک ایسا نظام وضع کرنا ہو گا جس کے تحت ایسے کرپٹ پریکٹسس میں ملوث کھلاڑیوں کو دوبارہ موقع نہ ملے۔
Friday, 31 December 2021
قومی اسمبلی اجلاس میں شگفتہ جمانی سے ہاتھا پائی میں غزالہ سیفی کی انگلی ٹوٹ گئی
اسلام آباد: قومی اسمبلی اجلاس میں اپوزیشن کے احتجاج کے دوران پیلز پارٹی کی شگفتہ جمانی اور تحریک انصاف کی رکن غزالہ سیفی کے درمیان ہاتھا پائی میں حکومتی رکن کے ہاتھ کی انگلی ٹوٹ گئی۔قومی اسمبلی کا ہنگامہ خیز اجلاس قومی اسپیکر اسد قیصر کی زیرِ صدارت ہوا جس میں بلاول بھٹو زرادری اور شہباز شریف غیر حاضر رہے۔ اپوزیشن ارکان نے سیاہ پٹیاں باندھ کر ایوان میں شرکت کی۔اجلاس کے دوران اپوزیشن نے شدید ہنگامہ آرائی کی اور اسپیکر کے ڈائس کو گھیرے میں لے کر بجٹ کی کاپیاں پھاڑ دیں اور وزیر خزانہ شوکت ترین کی جانب سے بل پیش کرنے کے موقع پر ڈیسک بجاتے رہے۔اسی دوران پیپلز پارٹی کی شگفتہ جمانی اور تحریک انصاف کی غزالہ سیفی کے درمیان ہاتھا پائی ہوگئی جسے دونوں جانب کے ارکان نے مداخلت کر کے رفع دفع کیا۔حکومتی رکن اسمبلی غزالہ سیفی کے مطابق شگفتہ جمانی نے ان کے دائیں ہاتھ کی چھوٹی انگلی توڑ دی۔اس سے قبل منی بجٹ پر متحدہ اپوزیشن کے اجلاس میں منی بجٹ کی بھرپور پور مخالف اور احتجاج کا فیصلہ کیا گیا تھا۔اپوزیشن رہنماوٴں نے کہا کہ ظالموں کا بھرپور مقابلہ کریں گے، جنہوں نے عوام کی جیبیں کاٹ دی ہیں منی بجٹ عوام کو مزید مہنگائی کی طرف کرے گی، حکومت کے تماشے ختم ہونے چاہیے یپارلیمنٹ کے اندر اور باہر احتجاج کریں گے، حکومت کے اتحادیوں کو بھی چاہیے کہ منی بجٹ پر آواز اٹھائیں۔
وزیر خزانہ شوکت ترین نے منی بجٹ قومی اسمبلی میں پیش کردیا
اسلام آباد: حکومت نے آئی ایم ایف کی شرائط پوری کرنے کے لیے 360 ارب روپے کا منی بجٹ قومی اسمبلی میں پیش کردیا جس کے خلاف ایوان میں شدید ہنگامہ آرائی ہوئی۔ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیر خزانہ شوکت ترین نے فنانس سپلیمینٹری بل 2021ء قومی اسمبلی میں پیش کر دیا۔ اس دوران ایوان میں اپوزیشن نے شدید ہنگامہ آرائی کی۔ اپوزیشن نے احتجاجاً بل کی کاپیاں پھاڑ دیں اور اسپیکر ڈائس کا گھیراؤ کرلیا تاہم اسی شور شرابے میں وزیر خزانہ نے فنانس سپلیمنٹری بل 2021ء سے پہلے ضمنی ایجنڈے کے تحت اسٹیٹ بینک کے حوالے سے بل پڑھ دیا۔ اسپیکر ڈائس کے سامنے شگفتہ جمانی اور حکومتی رکن غزالہ سیفی میں ہاتھا پائی بھی ہوئی۔
نوید قمر کا نکتہ اعتراض
اجلاس میں الیکشن تیسری ترمیم کے آرڈیننس میں 120 دن کی توسیع کی قرارداد بھی منظور کرلی گئی، جس پر پیپلزپارٹی کے سید نوید قمر نے نکتہ اعتراض اٹھاتے ہوئے کہا کہ آج ایجنڈے میں مدت ختم ہونے کے بعدآرڈیننس لائے جارہے ہیں، 6 آرڈیننسوں کی مدت ختم ہوچکی ہے، مگرلگتا ہے مردے میں جان ڈالی جارہی ہے، اس ایوان میں نئی نئی روایتیں ڈالنے کی کوشش کی جارہی ہے۔نوید قمر کے اعتراض پر بابر اعوان نے جواب دیا کہ قومی اسمبلی میں مدت سے آرڈیننس پیش ہوتے ہیں،رولز کے مطابق کارروائی چلائی جارہی ہے۔
برقی توانائی پیداواری بل پر اپوزیشن کو شکست
اپوزیشن ارکان نے برقی توانائی پیداوار کے حوالے سے آرڈیننس کی مدت میں توسیع کی تحریک پر ووٹنگ کو بھی چیلنج کردیا۔ جس پر اسپیکر قومی اسمبلی نے زبانی ووٹنگ کے بجائے باقاعدہ ووٹنگ کا حکم دے دیا، اسپیکر نے قرارداد کے حق ووٹ دینے والوں کو نشستوں پر کھڑے ہونے کا حکم دیا۔ تاہم اس پر قرارداد کے حق میں ووٹنگ کے بعد مخالفت کرنے والوں کی ووٹنگ ہوئی تو اپوزیشن کی طرف سے صرف تین ارکان مخالفت میں کھڑے ہوئے، اپوزیشن ارکان کی اکثریت گنتی میں کھڑی نہیں ہوئی۔ حکومت کی جانب بل کے حق میں 145 ووٹ دیئے گئے۔
خواجہ آصف کا اظہار خیال
مسلم لیگ (ن) کے خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ عوام کی زبان بندی کر کے معاشی خودمختاری بیچی جارہی ہے، مدت ختم ہونے والے آرڈیننسز کی مدت میں توسیع کی جارہی ہے،ٹیکس چھوٹ ختم کر کے عوام پر مہنگائی کے پہاڑ توڑے جارہے ہیں، پاکستان کو مت بیچیں پاکستان پر رحم کریں،تین سال سے دوائی، گندم اور چینی والوں کو لوٹ مار کی اجازت دی گئی، 22 کروڑ عوام کی آواز اٹھا رہا ہوں میری آواز بند مت کریں، ایسٹ انڈیا کی حکومت آچکی ہے، پاکستان کی معاشی خودمختاری سرنڈر کرنا 1971 کے سرنڈر سے زیادہ خطرناک ہے،ساری قوم شرمسار ہورہی ہے کہ آج ایوان میں کیا ہورہا ہے۔خواجہ آصف کے اظہار خیال پر اسپیکر قومی اسمبلی نے جواب دیا کہ میں نے آرڈیننس سے متعلق رولنگ دے دی ہے، میں نے رولز کے مطابق توسیع کی رولنگ دی ہے۔ خواجہ آصف نے ایک بار پھر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ جو آرڈیننس ایکسپائر ہو چکے ہیں ان میں توسیع نہیں ہو سکتی، توسیع معیاد ختم ہونے سے پہلے ہو سکتی ہے۔ جس پر اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ آرڈیننس کی مدت میں توسیع کی قرارداد قانونی ہے۔خواجہ آصف نے کہا کہ مدت ختم ہونے والے آرڈیننس کو رینیو نہیں کیا جاسکتا، آئی ایم ایف کے پاس قرضوں کیلئے ملک کو گروی رکھا جارہا ہے، کہا گیا ہم ملک میں دودھ شہد کی ندیاں بہا دیں گے، خیبرپختونخواہ کی عوام آپ کے خلاف فیصلہ سنا چکی ہے، آپ کی رولنگ آئین کی خلاف ورزی ہے، اسپیکر صاحب اس ایوان کے تقدس اور تکریم کا خیال کریں، یہ اسمبلی پاکستان کے معاشی سرنڈر کرنے کے حوالے سے یاد رکھی جائے گی۔
اسد عمر کا خواجہ آصف کو جواب
وفاقی وزیر اسد عمر نے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ جو اپنے ممبرز کو کرسی پر کھڑا نہیں کرسکتے وہ حکومت کیا گرائیں گے، جو مودی کو گھر بلاتے رہے وہ قومی سلامتی کی بات کرتے ہوئے اچھے نہیں لگتے، یہ کہتے ہیں اسٹیٹ بینک کو آزادی دی تو تباہی آجائے گی، ان میں اور ہم میں فرق ہے، یہ ڈینگی پر کام کریں تو خود ہی اشتہار جاری کرتے ہیں، ہم نے کورونا کے خلاف کام کیا جس کا اعتراف بین الاقوامی اداروں اور دنیا نے کیا۔ یہ لوگ 10 سال میں ایک روپے کے ترقیاتی کاموں کی منظوری نہیں کراسکے، گزشتہ چار ماہ میں 400 ارب کے ترقیاتی منصوبوں کی منظوری اسی ایوان نے دی۔اسد عمر نے کہا کہ یہ کہتے ہیں کہ آرڈیننس ایکسپائر ہوچکے ہیں، یہ ایک تکنیکی نکتہ ہے، اپوزیشن سیاستدان خود ایکسپائرڈ ہوچکے ہیں کیا ان کی تقریریں سننا ہم پر لازم ہے، دنیا نے دیکھا کہ جب ہماری سرحدی خلاف ورزی ہوئی تو ہم نے ان کا جہاز گرایا، انڈین اسکوارڈن لیڈر کو قیدی بنایا، چائے پلائی اور ذلیل کرکے نکالا، دنیا نے دیکھا کیسے ہم نے ملکی دفاع کو محفوظ بنایا مگر ان کا لیڈر تو کہتا تھا کہ ٹانگیں کانپتی ہیں۔
راجا پرویز اشرف کا اظہار خیال
پیپلزپارٹی کے راجا پرویز اشرف نے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ جس طریقے سے ترامیم کی جا رہی ہیں اس سے پارلیمنٹ کا تقدس پامال ہو رہا ہے، آئین کے تحت چلیں تو دو تہائی اکثریت درکار ہوگی، آج پارلیمنٹ پر داغ لگایا گیا، قانون سازی کسی جماعت کی نہیں بلکہ 22 کروڑ عوام کیلئے کی جا رہی ہے، خواجہ آصف کے بیان پر اسد عمر نے کیا جواب دیا، سب نے سنا ہوگا، اور قوم مایوس بھی ہوئی ہوگی۔راجا پرویز اشرف نے کہا کہ میں کبھی بھی نہیں چاہتا کہ ہاؤس کا ماحول خراب ہو لیکن حکومت کا طریقہ کار ناقابل برداشت ہے، بتایا جائے ملک میں مہنگائی ہے یا نہیں؟ مہنگائی کنٹرول کرنے کا کہیں تو جواب آتا ہے آپ کی وجہ سے ہے، حکومت ہر محاذ پر فیل ہوئی، یہ لوگ پاکستان کے عوام کے ساتھ مذاق کر رہے ہیں، اپوزیشن کو اسپیکر کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک لانے پر مجبور کیا جاتا ہے، یہ سوئے رہتے ہیں، انہیں نہیں پتہ تھا کہ آرڈیننس ایکسپائر ہو گیا، یہ اسپیکر کی کرسی کو استعمال کر رہے ہیں، مجبور کر رہے ہیں کہ اسپیکر کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک آئے، اسپیکر صاحب سے درخواست ہے کہ نیوٹرل رہیں۔
کابینہ اجلاس میں منی بجٹ کی منظوری
اس سے قبل منی بجٹ کی منظوری کیلیے وزیراعظم کی زیر صدارت کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں کابینہ نے فنانس ترمیمی بل 2021 کی منظوری دے دی۔ وزارت خزانہ کے ذرائع کے مطابق 144 اشیا پر ٹیکس لگے گا جو یا تو جی ایس ٹی سے مکمل طور پر مستثنیٰ ہیں یا ان پر5فیصد سے12فیصد ٹیکس عائد ہے۔ اب ان پر 17 فیصد سیلز ٹیکس عائد کیا جائے گا۔ان اشیا پر 17 فیصد سیلز ٹیکس لگانے سے ٹیکس وصولی 352ارب روپے سے کہیں زیادہ ہوگی کیونکہ بہت سی اشیا پر پہلی بار ٹیکس عائد کیا جائے گا اور ان سے حاصل ہونے والے ٹیکس تخمینے کا ایف بی آر کو اندازہ نہیں ہے۔موبائل فون کالز پر انکم ٹیکس ریٹ10 فیصد سے بڑھا کر 15 فیصد کرنے سے مزید 7ارب حاصل ہونگے، شیرخوار بچوں کیلیے دودھ کی تیاری کیلیے استعمال ہونے والے درآمدی خام مال پر زیرو ریٹنگ ٹیکس واپس لیکر اس پر بھی 17 فیصد سیلز ٹیکس لگایا جائے گا جس سے ریونیو میں نو ارب روپے اضافہ ہوگا۔ اس مد میں ٹیکس آمدن کا تخمینہ 15 ارب لگایا گیا ہے۔شیرخوار بچوں کی اشیا کی مد میں بھی سیلزٹیکس لگایا گیا ہے اور اس سے بھی 6 ارب ریونیو حاصل ہوگا۔ ڈیوٹی فری شاپس کی اشیا پر بھی17 فیصد سیلز ٹیکس لگایا گیا ہے۔ چونکہ ان پر پہلی بار ٹیکس لگایا گیا ہے اس لیے حاصل ہونے والے ٹیکس کا تخمینہ نہیں لگایا جا سکتا۔850 سی سی سے بڑی کاروں پر17فیصد سیلز ٹیکس لگایا جائے گا جبکہ درآمدی الیکٹرک گاڑیوں کے سی بی یوز پر ٹیکس5 فیصد سے بڑھا کر17 فیصد کر دیا جائے گا۔ بزنس ٹو بزنس ٹرانزیکشنز پر ٹیکس بھی 16.9 فیصد سے بڑھا کر سترہ فیصد کیا جائے گا۔ ادویات کے خام مال پر بھی17فیصد جی ایس ٹی لگایا جائے گا جس سے سب سے زیادہ45 ارب روپے حاصل ہوں گے۔30 ارب روپے درآمدی مرحلے پر حاصل ہوں گے جبکہ 15 ارب روپے لوکل سٹیج پر حاصل ہوں گے تاہم ایف بی آر کا کہنا ہے کہ خام مال زیرو ریٹڈ ہی رہے گا اور ان پر ری فنڈ دیا جائے گا۔ بریڈ تیار کرنے والی بیکریوں، ریسٹورنٹس، فوڈ چینز اور دکانوں پر 17 فیصد ٹیکس لگایا جائے گا جس سے5 ارب روپے حاصل ہوں گے تاہم روٹی، نان، چپاتی، شیرمال بنانے والے تندور بدستور مستثنیٰ رہیں گے۔میس میں تیار اور سرو کیے جانے والے کھانے، تیار شدہ کھانے او رمٹھائیاں تیار کرنے والے ہوٹلز، کیٹرررز، دکانوں، ریسٹورنٹس پر7.5 فیصد سے بڑھا کر17 فیصد کر دیا جائے گا جس سے ہوٹلنگ مہنگی ہوجائے گی۔درآمد شدہ سبزیوں پر 7 ارب روپے ٹیکس عائد کیا جائے گا۔ ریٹیل پیکیجنگ میں فروخت نہ ہونے والی سرخ مرچوں پر ٹیکس لگے گا۔ ملنگ انڈسٹری کیلئے اناج اور مصنوعات پر 5 ارب روپے ٹیکس عائد کیا جائے گا اور چاول، گندم، گندم اور میدہ کے آٹے کی مقامی سپلائی مستثنیٰ رہے گی۔ ماچس پر بھی17 فیصد کے حساب سے ٹیکس لگے گا۔ڈیری پراڈکٹس، سوسیجز، مرغی کا گوشت اور اسکی دیگر مصنوعات جو کہ کسی برانڈ نام یا ٹریڈ مارک کے تحت ریٹیل پیکنگ میں فروخت ہوتی ہیں ان پر بھی 17 فیصد ٹیکس عائدہوگا۔ برانڈ نام کے تحت خوردہ پیکنگ میں فروخت ہونے والے فلیورڈ دودھ، پر ٹیکس کی شرح دس فیصد سے بڑھا کر 17 فیصد کر دی جائے گی جس سے ایک ارب روپے ریونیو ملے گا۔ دہی، پنیر، مکھن، دیسی گھی، دودھ اور کریم پر بھی ٹیکس 10 فیصد سے بڑھا کر 17 فیصد کر دیا جائے گا۔ ڈیری مصنوعات سے متعلق مشینری اور آلات پر 5 فیصد کے بجائے اب 17 فیصد ٹیکس لگے گا۔موبائل فونز پر مقررہ شرح کے مقابلے میں 17% کی شرح سے ٹیکس عائد کیا جائے گا۔ خوردہ دکانوں سے کی جانے والی سپلائیز جو کہ ایف بی آر کے کمپیوٹرائزڈ سسٹم کے ساتھ مربوط ہیں جن پر فی الحال 10% ٹیکس عائد ہے اب 16% ٹیکس عائد کیا جائے گا۔ منجمد تیار یا محفوظ ساسیجز پر ٹیکس کی شرح 8 فیصد سے بڑھ کر 17 فیصد ہو جائے گی غیر ملکی حکومت یا تنظیم کی جانب سے تحفہ یا عطیہ کے طور پر موصول ہونے والی اشیاپر 17 فیصد ٹیکس عائد کیا جائے گا۔قدرتی آفت کی صورت میں موصول ہونے والی تمام اشیا کی درآمد پر بھی ٹیکس عائد کیا جائے گا۔ غیر منقولہ تحائف کے طور پر ڈاک کے ذریعے درآمد کیے گئے سامان پر 17 فیصد ٹیکس عائد کیا جائے گا۔درآمد شدہ نمونے، مانع حمل ادویات اور لوازمات پر ٹیکس سے 200 ملین روپے ملیں گے۔ سلائی مشینوں پر 17 فیصد ٹیکس لگے گا۔ زندہ جانوروں اور زندہ مرغیوں کی درآمد پر پر 17 فیصد ٹیکس عائد کیا جائے گا اور اس سے 700 ملین روپے کے محصول حاصل ہوں گے تاہم مقامی سپلائی اس سے مستثنیٰ رہے گی۔کھیت کی تیاری کے آلات، بیج اور پودے لگانے، آبپاشی، نکاسی آب، اور زرعی کیمیکل کی تیاری، کٹائی، تھریشنگ کے آلات اور فصل کے بعد ہینڈلنگ کے آلات پر ٹیکس 5 فیصد سے بڑھ کر 17 فیصد ہو جائے گا۔ پولٹری سیکٹر کی مشینری پر جی ایس ٹی 7 فیصد سے بڑھ کر 17 فیصد، ملٹی میڈیا پراجیکٹس پر 10 فیصد سے بڑھ کر 17 فیصد ہو جائے گا، لیتھیم آئرن بیٹری پر ٹیکس 12 فیصد سے بڑھ کر 17 فیصد ہو جائے گی۔چاندی اور سونے پر جی ایس ٹی 1 فیصد سے بڑھ کر 17 فیصد اور جیولری آرٹیکلز پر 17 فیصد ہو جائے گا۔ توانائی کے قابل تجدید ذرائع جیسے سولر اور ونڈ، آبپاشی کے آلات پر بھی ٹیکس لگے گا۔ آئل سیڈز کی درآمد پر ٹیکس کی شرح 5 فیصد سے بڑھا کر 17 فیصد کر دی جائے گی، کوئلے کی کان کنی سے متعلقہ BMR سسٹم کی مشینری اور آلات ، گیس پروسیسنگ پلانٹس اور آئل اینڈ گیس فیلڈ پراسپیکٹنگ، پلانٹ، مشینری، کانکنی کے آلات، کوئلے کی کان کنی کی مشینری، تھر کول فیلڈ کے لیے درآمد کیے جانے والے آلات پر 17 فیصد جی ایس ٹی لگے گا۔حکومت پاکستان کے ساتھ ایک معاہدے کے تحت BMR یا بجلی کی پیداوار کے توسیعی منصوبوں کے لیے مشینری، آلات پر 14 ارب روپے ٹیکس عائد کیا جائے گا جبکہ BMR یا بجلی کی پیداوار کے توسیعی منصوبوں کے لیے مشینری، آلات اور اسپیئرز پر 17 فیصد جی ایس ٹی بھی عائد ہوگا جس سے 42 ارب روپے کی آمدنی ہوگی۔ اسی طرح اسی مد میں نیوکلیئر یا قابل تجدید توانائی کے وسائل سے بجلی کی پیداوار کے توسیعی منصوبوں پر 6 ارب روپے ٹیکس عائد کیا جائے گا۔ایفلوئنٹ ٹریٹمنٹ پلانٹس اور سولر انرجی کے ساتھ استعمال کی اشیاء پر 12 ارب روپے کے ٹیکس لاگائے جا رہے ہیں۔ 12 ارب روپے اضافی ریونیو حاصل کرنے کے لیے پلانٹ اور مشینری کی درآمد پر ٹیکس کی شرح 10 فیصد سے بڑھا کر 17 فیصد کر دی جائے گی۔ حتی کہ پی او ایس مشین کی درآمد پر 17 فیصد ٹیکس عائد کیا جائے گا ۔ برآمد شدہ سامان جو ایک سال کے اندر درآمد کیا جاتا ہے اس پر 3 ارب روپے کے ٹیکس عائد ہوں گے۔
موبائل فون کے مقامی مینوفیکچررز کی طرف سے موبائل فون کی تیاری کے لیے پلانٹ اور مشینری کی درآمد پر 17% جی ایس ٹی لگے گا۔ سمندر پار پاکستانیوں اور سیاحوں کی جانب سے درآمد کیے جانے والے ذاتی ملبوسات اور سامان، پر بھی ٹیکس لگے گا۔زیرو ریٹڈ سیکٹر سے بھی سیلز ٹیکس چھوٹ مکمل ختم کئے جانے کا امکان ہے۔ سیلز ٹیکس 17 فیصد سے کم والی اشیاء پر بھی سیلز ٹیکس 17 فیصد تک کئے جانیکا امکان ہے جبکہ مخصوص شعبوں کو حاصل ٹیکس چھوٹ بھی ختم ہو سکتی ہے تاہم کھانے پینے کی اشیاء اورادویات پر ٹیکس چھوٹ برقرار رہے گی، لگژری اشیاء کی درآمد اوردرآمدی گاڑیوں پر اضافی ٹیکس عائد کرنے کی سفارش ہے، ٹیکس وصولی ہدف 5829 ارب روپے سے بڑھا کر 6 ہزار 100 ارب کرنے کی تجویز ہے۔ پٹرولیم مصنوعات پر سیلز ٹیکس ریفائنری سٹیج پر لاگو ہوگا۔علاوہ ازیں حکومت آئی ایم ایف شرائط پوری کرنے کے لیے اسٹیٹ بینک ترمیمی بل بھی قومی اسمبلی اجلاس میں پیش کرے گی۔ 12 جنوری سے پہلے آئی ایم ایف کی شرائط پر عمل درآمد ضروری ہے۔
صرف دو ارب کی ٹیکس چھوٹ ختم ہونے سے مہنگائی کا طوفان نہیں آجائیگا، وزیر خزانہ
اسلام آباد: وزیر خزانہ شوکت ترین نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف چاہتا ہے تمام اشیا پر سیلز ٹیکس لگادیا جائے لیکن ہم نے ایسا نہیں کیا، منی بجٹ سے عوام پر ٹیکسوں کا بوجھ نہیں پڑے گا اور نہ ہی دو ارب کی ٹیکس چھوٹ ختم ہونے سے مہنگائی کا طوفان آجائے گا۔معاون خصوصی فرخ حبیب کے ساتھ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں ںے کہا کہ منی بجٹ سے متعلق عوام پر بوجھ کی باتیں بے بنیاد ہیں، فنانس ترمیمی بل پر قیاس آرائی ہے، آئی ایم ایف کہتا ہے سب اشیا پر سیلز ٹیکس لگائیں، 70 ارب روپے کے ٹیکس چھوٹ میں لگژری آئٹم شامل تھے، بل میں 343 ارب روپے کی ٹیکس چھوٹ پرنظرثانی کی گئی ہے، ایوان میں اتنا واویلا مچایا گیا کہ صرف دو ارب روپے کی ٹیکس چھوٹ ختم ہونے سے کون سا طوفان آجائے گا؟ان کا کہنا تھا کہ گندم، دالوں، پولٹری، زرعی ٹریکٹر، کھاد پر ٹیکس نہیں لگنے دیا، جبکہ فش، بیکری آئٹمز، چاکلیٹ، اسٹیکس اور پرانے کپڑوں پر ٹیکس لگے گا، مہنگائی امپورٹڈ اشیا کی قیمتیں بڑھنے سے ہورہی ہے، مہنگائی ساڑھے 11 فیصد ہے، اگرمیں فیل ہوگیا توکیا امریکا، جرمنی، باقی ملکوں میں مہنگائی بڑھنے سے سب فیل ہوگئے۔وزیر خزانہ نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات، کوئلہ، اسٹیل، خوردنی تیل کی قیمتوں کا اختیارمیرے پاس نہیں اور عالمی سطح پرمہنگائی میں اضافہ ہورہا ہے، ضمنی بجٹ کا مقصد پیسہ بڑھانا نہیں بلکہ ریوینو اکٹھا کرنا ہے، خودمختاری یا سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کررہے۔شوکت ترین نے کہا کہ عام آدمی پر صرف 2 ارب کے ٹیکس لگنے ہیں، آئی ایم ایف کے ساتھ بڑی لڑائی ہوئی، ہم نے کہا جوٹیکس دیتا ہے ان پرمزید ٹیکس نہیں لگائیں گے،اسٹیٹ بینک کے بورڈ کی صدرمنظوری دیں گے، اسٹیٹ بینک اب پارلیمنٹ کی اسٹینڈنگ کمیٹی کوبھی جواب دہ ہوگا اور ہمیں تو پارلیمنٹ کوخودمختاری دی ہے۔وزیر خزانہ نے کہا کہ ہم نے کوئی ایسی حرکت نہیں کی جس پر غریب آدمی پر بوجھ پڑے، پی ٹی آئی کے منشورمیں شامل ہے کہ اداروں کوخودمختاری دی جائے اور بینک کی اتھارٹی بورڈ کے پاس ہوگی۔ان کا کہنا تھا کہ بل سے انتظامی طور پر اسٹیٹ بینک کو آزادی ملے گی، اسٹیٹ بینک کے ایگزیکٹو بورڈ کا تقرر حکومت کرے گی جن ممالک میں مرکزی بینک خودمختارنہیں وہاں کا حال دیکھ لیں، طیب اردوان نے مرکزی بینک کوخود مختاری نہیں دی تووہاں کا حال دیکھ لیں۔منی بجٹ معیشت پر بوجھ نہیں، اس بجٹ میں صرف دو ارب روپے کے ٹیکسز ہیں جس سے عام آدمی پر بوجھ نہیں پڑے گا، نہ ہی مہنگائی کا طوفان آئے گا اور نہ افراط زر پھیلے گا۔انہوں نے کہا کہ عام آدمی نمک، مرچ، مسالوں سمیت دیگر چند اشیا پر ٹیکس لگنے سے متاثر ہوگا، منی بجٹ سے مہنگائی بڑھنے کی باتیں محض افواہیں ہیں جن پر کان نہ دھرا جائےوزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا کہ پوری کوشش ہے کہ عام آدمی پرزیادہ بوجھ نہ ڈالا جائے، اپوزیشن نے دلیل کے بجائے ایوان کومچھلی منڈی بنائے رکھا، آج کی اسمبلی لیڈر لیس اسمبلی تھی، جب کوئی ایسا موقع آتا ہے توشہبازشریف،بلاول بھٹولاپتا ہوتے ہیں۔فرخ حبیب نے مزید کہا تھا کہ پیپلز پارٹی، (ن) لیگ دونوں آئی ایم ایف گئے، انہیں پتا ہے معیشت کو کہاں پر چھوڑ کرگئے تھے، اسحاق ڈار معیشت کا بیڑہ غرق کرکے گئے، یہ دودھ اور شہد کی نہریں بہا کر گئے ہوتے تو یہ صورتحال نہ ہوتی۔
ٹیکس چھوٹ ختم کرنے اور اضافی ٹیکس لگانے سے کون کون سی اشیا مہنگی ہوں گی
اسلام آباد: حکومت نے قومی اسمبلی میں منی بجٹ پیش کردیا جس میں مختلف اشیا پر ڈیوٹی اور ٹیکس کی چھوٹ کے حوالے سے تجاویز دی گئی ہیں جن کی منظوری سے کون کون سی اشیا کتنی مہنگی ہوں گی اس کی تفصیلات سامنے آگئیں۔ سونے، چاندی اور اس کے زیورات پر ایک سے 3 فیصد سیلز ٹیکس، مقامی سطح پر تیار ہونے والی 850 سی سی سے زائد کی گاڑیوں اور 1800 سی سی سے زائد کی درآمدی ہائبرڈ الیکٹرک گاڑیوں پر سیلز ٹیکس کی چھوٹ واپس لینے کی تجویز دی گئی ہے۔سی بی یو کنڈیشن میں الیکٹرک گاڑیوں کی درآمد پر 5 فیصد سیلز ٹیکس، قابل تحلیل اسکریپ پر 14 فیصد سیلز ٹیکس، مختلف اقسام کے پلانٹس اور مشینری پر 5 سے 10 فیصد جنرل سیلز ٹیکس، رعایات و چھوٹ واپس لینے کی تجویز سے ایف بی آر کو 30 ارب روپے کا اضافی ریونیو حاصل ہونے کی توقع ہے۔200 ڈالر سے زائد مالیت کے موبائل فونز کی درآمد پر 17 فیصد جی ایس ٹی لاگو کرنے کی تجویز ہے تاہم 30 ڈالر سے 200 ڈالر مالیت تک کے موبائل فونز کی درآمد پر پرانی مقرر شیٹ کے مطابق ہی سیلز ٹیکس لاگو رہے گا جس کے تحت 30 ڈالر تک کے موبائل فون پر 130 روپے جبکہ اسمارٹ فون پر 200 روپے، 30 ڈالر سے 100 ڈالر مالیت تک کے موبائل فون پر 200 روپے، 10 سے 200 ڈالر مالیت کے موبائل فون پر 1680 روپے جی ایس ٹی وصول کیا جائے گا۔تاہم اس سے زائد مالیت کے موبائل فون پر فکس رقم کے بجائے مالیت پر معمول کی شرح 17 فیصد کے حساب سے جی ایس ٹی لینے کی تجویز ہے جس سے درآمدی موبائل فون مزید مہنگے ہوجائیں گے۔ایک ہزار سی سی تک کی گاڑیوں کی رجسٹریشن پر ایڈوانس ٹیکس کی شرح 50 ہزار روپے سے بڑھا کر ایک لاکھ روپے، 1001 سے 2000 سی سی تک کی گاڑیوں کی رجسٹریشن پر ایڈوانس ٹیکس کی شرح ایک لاکھ روپے سے بڑھا کر دو لاکھ روپے، 2001 سی سی سے زائد کی گاڑیوں کی رجسٹریشن پر ایڈوانس ٹیکس کی شرح دو لاکھ روپے سے بڑھا کر چار لاکھ روپے کرنے کی تجویز ہے۔ اس اقدام سے ایف بی آر کو 50 کروڑ روپے کا اضافی ریونیو حاصل ہونے کی توقع ہے۔اسی طرح ٹیلی کام کمپنیوں پر قابل ایڈجسٹ ایڈوانس ٹیکس کی شرح بھی 10 فیصد سے بڑھا کر 15 فیصد کرنے کی تجویز ہے۔ ٹیلی کام سروسز پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی، ٹیلکوز سے ریونیو کے نقصان پر مارک اپ کی تجویز ہے۔ اس اقدام سے ایف بی آر کو ساڑھے 4 ارب روپے کا اضافی ریونیو متوقع ہے۔بڑی بیکریوں، مٹھائی کی دکانوں، اندرون ملک پروازوں پر فراہم کیے جانے والے کھانے، مقامی سطح پر تیار کردہ ریپ سیڈ، مسٹرڈ سیڈ و کاٹن سیڈ آئل، زرعی شعبے میں استعمال ہونے والے اسپرنکلر، ڈرپ اینڈ اسپرے پمپس سمیت دیگر 11 اقسام کی اشیاء پر جی ایس ٹی کی چھوٹ واپس لینے کی تجویز کی منظوری کی صورت میں ایف بی آڑ کو 9 ارب روپے کا اضافی ریونیو متوقع ہے۔توانائی کے شعبے میں پاور جنریشن اینڈ ٹرانسمشن، سولر، ونڈ اور نیوکلیئر سمیت دیگر متبادل توانائی، مائننگ اور معدنی ذخائر کی تلاش، سنگل سلینڈر انجن کے لیے سی کے ڈی کٹ سمیت 19 اشیاء پر جی ایس ٹی چھوٹ واپس لینے کی تجویز سے ایف بی آر کو 82 ارب روپے کا اضافی ریونیو متوقع ہے۔درآمدی فور بائی فور ڈبل کیبن پک اپ وہیکلز پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی شترح 25 فیصد سے بڑھا کر 30 فیصد، مقامی سطح پر تیار کردہ فور بائی فور ڈبل کیبن پک اپ وہیکلز پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی شرح 7.5 فیصد سے بڑھا کر 10 فیصد کرنے کی تجویز ہے۔علاوہ ازیں کسٹمز ایکٹ میں کی جانے والی ترامیم کے ذریعے کسٹمز ڈیوٹی اور ٹیکس کی چھوٹ واپس لینے کی تجاویز کی منظوری کی صورت میں ایف بی آر کو مجموعی طور پر 7 ارب 90 کروڑ روپے کا اضافی ریونیو حاصل ہونے کی متوقع ہے۔ان میں سے زندہ جانوروں اور پولٹری کی درآمد پر کسٹمز ڈیوٹی و ٹیکس کی چھوٹ واپس لینے سے 68 کروڑ روپے، گائے، بھینس، بکرے، دنبے و بھیڑ کے گوشت کی درآمد پر ڈیوٹی ٹیکس کی چھوٹ واپس لینے کی تجویز سے 5 کروڑ 20 لاکھ روپے، درآمدی برانڈ کے چکن پر ڈیوٹی، ٹیکس کی چھوٹ واپس لینے سے 70 لاکھ روپے، درآمدی مچھلی پر ڈیوٹی ٹیکس کی چھوٹ واپس لینے سے دو کروڑ 10 لاکھ روپے، درآمدی برانڈڈ انڈوں پر ڈیوٹی و ٹیکسوں کی چھوٹ واپس لینے سے 14 کروڑ روپے جبکہ آلو اور پیاز کے علاوہ دیگر درآمدی سبزیوں پر ڈیوٹی و ٹیکسوں کی چھوٹ واپس لینے سے ایف بی آر کو 7 ارب روپے کا اضافی ریونیو متوقع ہے۔
قابل تجدید توانائی کے شعبے میں ڈیوٹی و ٹیکس واپس لینے کی تجاویز منظور ہونے کی صورت میں ایف بی آر کو مجموعی طور پر 13 ارب 55 کروڑ روپے کا اضافی ریونیو متوقع ہے جن میں سے سولر انرجی کی درآمدی اشیاء سے ایک ارب 75 کروڑ روپے، سولر، ونڈ جیو تھرمل پاور پلانٹس سے متعلقہ قابل تجدید توانائی کی اشیاء سے 10 ارب روپے اور ایل ای ڈیز، انرجی سیور لیمپس، انورٹرز، پی وی ماڈیولز سمیت دیگر انرجی کنزرویشن کی اشیاء سے ایف بی آر کو ایک ارب 80 کروڑ روپے کا اضافی ریونیو حاصل ہونے کی توقع ہے۔
مقامی سطح پر تیار ہونے والی اشیا میں ٹیکس چھوٹ کی تجویز
مجوزہ ترمیمی فنانس بل کے ذریعے مقامی صنعت و مینوفیکچررز کو سہولت دینے کیلئے مقامی سطح پرزندہ جانوروں، پولٹری، مقامی سطح پر تیار ہونے والے لیپ ٹاپ، کمپیوٹرز، نوٹ بک، اخبارات، انڈے، پھل، سبزیوں، سمیت 51 اشیاء کی مقامی سپلائی پر سیلز ٹیکس کی چھوٹ دینے کی تجویز دی جس کیلئے سیلز ایکٹ کے چھٹے شیڈول کے ٹیبل ٹو میں ترامیم تجویز کی گئی ہیں۔ جس میں کہا گیا ہے کہ مقامی سطح پر زندہ جانوروں، پولٹری، انڈوں، اخبارات، مقامی سطح پر تیار ہونے والے لیپ ٹاپ، کمپیوٹرز، نوٹ بک، پھل، سبزیوں، پودوں، گائے، بھینس، بکرے، دنبے کے گوشت، مچھلی، چاول، گندم اور میسلن فلور کے علاوہ تیار ہونے والے کمپوسٹ(نان کمرشل فرٹیلائزر) کی مقامی سپلائی پر سیلز ٹیکس کی چھوٹ دی جائے۔
ڈیری اشیاء پر سیلز ٹیکس کی چھوٹ ختم کرنے کی تجویز
اسی طرح حکومت نے دودھ ، دہی، مکھن، پنیر، لسی سمیت دیگر اشیاء پر رعایتی سیلز ٹیکس کی سہولت بھی ختم کرنے کی تجویز دی ہے۔ قومی اسمبلی میں پیش کئے جانے والے مجوزہ ترمیمی فنانس بل کے ذریعے سیلز ٹیکس ایکٹ کے آٹھویں شیڈول میں ترامیم تجویز کی گئی۔ جس میں کہا گیا ہے کہ فلیور دودھ، پلانٹ مشینری، تیل کے بیج، دودھ، دہی، لسی، مکھن، کریم، دیسی گھی، مرغیوں و مویشیوں کے چارے، سیڈنگ و پلانٹنگ آلات، ایری گیشن و ڈریننج آلات، ہارویسٹنگ، اسٹوریج آلات، انٹرنیٹ تک رسائی کیلئے سیٹ ٹاپ باکس، پولٹری کیلئے مشینری، سونا چاندی، زیورات پر رعایتی سیلز ٹیکس کی سہولت واپس لی جائے، علاوہ ازیں بل میں برآمد کردہ غیر ملکی اشیاء کی دوبارہ درآمد پر رعایتی سیلز ٹیکس کی سہولت بھی واپس لینے کی تجویز ہے۔
اسلام آباد میں جدید بیوٹی پالرز، کلینکس، انڈسٹریل مشینری اور روکشاپس پر پانچ فیصد سیلز ٹیکس عائد
حکومت نے وفاقی دارلحکومت اسلام آباد میں چھتیس لاکھ روپے سالانہ سے زائد کمانے اور ایئر کنڈیشنرز کی سہولیات رکھنے والے بیوٹی پارلرز، کلینکس، باڈی پلاسٹک اینڈ کاسمیٹکس سرجری کلینکس کے علاوہ پیڈی کیور سینٹرز، لانڈری، ڈرائی کلینرز، ہیلتھ کلب، جمز، فیزیکل فٹنس کلب، آٹو ورکشاپس، انڈسٹریل مشینری و دیگر مشینری ورکشاپس، فریٹ فارورڈنگ ایجنٹس، کار ڈیلرزسمیت دیگر سروسز کی فراہمی پر مشروط پانچ فیصد جنرل سیلز ٹیکس عائد کردیا، تاہم پراپرٹی ڈیلرز و ریلٹرز، تعمیراتی منصوبوں، نیا پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی اور حکومت کے احساس پروگرام کی منظور کردہ کم تخمینے والی ہاؤسنگ اسکیموں کو مشروط طور پر صفر سیلز ٹیکس کی سہولت دی ہے۔
ویڈیو: 'سانپ نے 3 مرتبہ کاٹا'، سلمان نے ساری کہانی بتادی
بالی وڈ اسٹار سلمان خان سانپ کے ڈسنے کے بعد پہلی بار منظرِ عام پر آگئے۔بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سلمان خان نے واقعے سے متعلق بتایا کہ سانپ جب میرے فارم ہاؤس میں گھسا تو میں اسے دیکھ چکا تھا، میں نے ایک چھڑی کی مدد سے اسے باہر نکالنے کی کوشش کی۔اداکار نے بتایا کہ سانپ کو بھگانے کی کوشش کے دوران وہ میرے ہاتھ پر چڑھ گیا اور اس نے 3 مرتبہ مجھے ڈسا، وہ ایک طرح کا زہریلا سانپ تھا، مجھے 6 گھنٹے اسپتال میں رکھا گیا، اب میں پہلے سے کافی بہتر ہوں۔بھارتی میڈیا کے مطابق سلمان خان ان دنوں 56 ویں سالگرہ منانے کے لیے اپنے فارم ہاؤس میں ہیں جہاں ان کے ہمراہ دوست اور اہلخانہ بھی موجود ہیں۔سلمان خان کو 25 دسمبر بروز ہفتے کی شب سانپ نے ڈسا تھا جس کے بعد انہیں ممبئی کے اسپتال لے جایا گیا۔بالی وڈ کے دبنگ خان سے عدالتی جنگ لڑنے والے فلمی ناقد اور اداکار کمال راشد خان المعروف کے آر کے نے اداکار کو سانپ کے ڈسنے کے واقعے پر تبصرہ کیا۔کمال راشد نے ٹوئٹر پر جاری بیان میں واقعے پر طنزیہ گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ سانپ نے کام تو ٹھیک کیا تھا لیکن بیچارا خود ہی مرگیا کیونکہ سامنے والے میں زہر ہی اتنا ہے۔خیال رہے کہ گزشتہ روز یہ خبر سامنے آئی تھی کہ سلمان خان کو ان کے فارم ہاؤس میں سانپ نے ڈس لیا ہے لیکن چونکہ سانپ زیادہ زہریلا نہیں تھا اس لیے اداکار اسپتال سے ابتدائی طبی امداد ملنے کے بعد ڈسچارج کردیے گئے ہیں۔سلمان خان آج اپنی 56ویں سالگرہ دوستوں اور رشتہ داروں کے ساتھ پنویل کے فارم ہاؤس میں منارہے ہیں۔