Thursday, 3 February 2022

جہاں تک بس چلتا ہے کسانوں کو کنٹرول ریٹ پر کھاد کی فراہمی یقینی بنا رہے ہیں،

 جتوئی:جہاں تک بس چلتا ہے کسانوں کو کنٹرول ریٹ پر کھاد کی فراہمی یقینی بنا رہے ہیں، ضمیر مطمٸن ہے مزید بھی میرے بس میں جتنا ہو گا کاشتکاروں کی فلاح کیلٸے کردار ادا کرونگا ان خیالات کا اظہار محکمہ زراعت توسیع کے فیلڈ اسسٹنٹ عبدالغفور خان جتوٸی نے صحافیوں سے گفتگو کے دوران کیا ہے انہوں نے کہا ہے  کہ ملک بھر کی طرح یونین کونسل جھگی والا میں بھی کھاد کی جتنی کاشتکاروں کو ضرورت ہے اس کے مطابق کھاد علاقہ میں نہیں آ رہی جسکی وجہ سے کاشتکاروں میں تشویش کا پایا جانا ایک حقیقت ہے تاہم ا


فسران بالا کے احکامات پر کھاد کی فراہمی اور سبسڈی کی  ویریفیکیشن کیلٸے دن رات کوشاں ہوں تاکہ ممکنہ حد تک بحران سے نمٹنے میں کاشتکاروں کی امداد کی جا سکے عوام میں پاٸے جانے والے اضطراب کا جواب دیتے ہوٸے انہوں نے کہا ہے سو فیصد رزلٹ کا دعویٰ تو نہیں کر سکتا کیونکہ سو فیصد مطمٸن کوٸی کسی کو نہیں کر سکتا تاہم یہ دعویٰ ضرور کر سکتا ہوں کہ اگر کھاد کا ایک دانہ میں اپنے گھر لے کر گیا ہوں یا کوٸی ایک کاشتکار ثابت کر دے کہ میں نے پیسے لیکر کھاد فراہم کی ہو تو اسکی سزا بھگتنے کیلٸے تیار ہوں جن جن کاشتکاروں کو کھاد فراہم ہو رہی ہے انکا ریکارڈ روزانہ کی بنیاد پر افسران کو دے رہاہوں

کھاد بحران پر قابو پانے سمیت کاشتکاروں کے دیگر معاملات کے حل کیلئے پر عزم ہیں

جتوئی:


کھاد بحران پر قابو پانے سمیت کاشتکاروں کے دیگر معاملات کے حل کیلئے پر عزم ہیں، تمام متعلقہ افسران کو بھر پور انداز سے ضلع بھر کو کھاد کے بحران سے نکالنے کی ہدایت کر دی ہے ان خیالات کا اظہار آج ہی ضلع ساہیوال سے تبدیل ہو کر ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع ضلع مظفرگڑھ کا چارج سنبھالنے والے آفیسر رانا حبیب الرحمن نے  صحافیوں سے گفتگو کے دوران کیا ہے انہوں نے بتایا ہے کہ قبل ازیں ضلع ساہیوال میں بھی کافی حد تک کاشتکاروں کے مسائل حل کرنے کیلئے اپنی خدمات پیش کی ہیں اب بھی سیکریٹری زراعت کی توقعات پر پورا اترنے کی کوشش کرونگا اس سلسلے میں تحصیل جتوئی،  تحصیل علی پور، تحصیل  مظفرگڑھ اور تحصیل کوٹ ادو کے اسسٹنٹ ڈائریکٹرز اور زراعت آفسران کو بھی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں واضح رہے کہ حال ہی میں سیکریٹری محمکہ زراعت پنجاب نے مظفرگڑھ میں ڈپٹی ڈائریکٹر کی سیٹ پر رانا حبیب الرحمن جبکہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر کی سیٹ پر ملک عبدالرزاق کی تعیناتی کے آرڈر کئے ہیں دونوں سیٹیں قبل ازیں افسران کے تبادلے کی وجہ سے خالی تھیں کاشتکار رہنماؤں رائے سلیم اختر کھیڑا، چوہدری سیف الرحمن، محمد سجاد اشرف قریشی، حاجی ملک صادق محمد ڈوگر ، عبدالغفور خان جتوئی نے دونوں  افسران کی تعیناتی کا خیر مقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ کاشتکاروں کے مسائل کے حل کیلئے مذکورہ افسران حتی الامکان اپنی کوششیں بروئے کار لائیں گے

ڈریپ نے بخار کی دوا پیراسیٹامول کی قیمت بڑھانے کی حامی بھرلی

 ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ) نے بخار کی دوا  پیراسیٹامول کی قیمت بڑھانے کی حامی بھرلی۔


قیمت میں اضافے کے بعد ایک ٹیبلٹ کی قیمت 2 روپے 67 پیسے پر پہنچ جائے گی۔ دوا سازوں نے ٹیبلٹ کی قیمت میں ساڑھے تین روپے اضافے کا مطالبہ کیا تھا۔کورونا کے باعث ملک بھر میں طلب بڑھنے پر بخار سے بچاؤ کی دوا پیراسیٹامول کی دستیابی دباؤ کا شکار ہے۔ ڈریپ نے شہریوں سے اضافی پیراسیٹامول گھروں میں ذخیرہ کرنے سے گریز کرنے کی درخواست کی ہے۔


ناظم جوکھیو قتل کیس میں پولیس شامل

 

جوڈیشل مجسٹریٹ ملیر کی عدالت نے ناظم جوکھیو قتل کیس میں پولیس چالان پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔جوڈیشل مجسٹریٹ ملیر کی عدالت میں ناظم جوکھیو قتل کیس کی سماعت ہوئی، عدالت  نے کیس کے تفتیشی افسر کی جانب سے جمع کرائےگئے  پولیس چالان پرفریقین کے وکلا کے دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔ عدالت نے اپنے حکم میں کہا کہ پولیس چالان منظورکیے جانے سے متعلق فیصلہ 8 فروری کو سنایا جائےگا، مدعی مقدمہ کے وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ تفتیشی افسر کی جانب سے سات ملزمان کو فہرست سے خارج کرنا بدنیتی ہے۔وکیل کا کہنا تھا کہ مدعی اور ناظم جوکھیو کی بیوہ نے ضابطہ فوجداری کی سیکشن 161 کے تحت ریکارڈ کرائےگئے بیان میں تمام ملزمان کے کردار واضح کیے ہیں، گواہان کے واضح بیانات کے باوجود ملزمان کو ریلیف دیا گیا،ناظم جوکھیو کو اس کے گھر سے مرضی کے برخلاف جام ہاؤس لے جایا گیا تھا، زبردستی جام ہاؤس لے جانے کے باوجود پولیس نے چالان سے اغوا کی دفعہ خارج کردی ۔سرکاری وکیل نے کہا کہ مقدمے کے ابتدائی مرحلے پر ملزمان کو فہرست سے خارج کرنا مناسب نہیں ہے، پولیس تفتیش میں کئی خامیاں واضح نظر آتی ہیں۔خیال رہےکہ مقتول کے بھائی کا الزام ہےکہ پیپلز پارٹی کے ایم پی اے جام اویس کے مہمانوں کے شکار کی ویڈیو وائرل کرنے پر ناظم جوکھیو کو قتل کیا گیا، ناظم کی لاش کراچی کے علاقے ملیر میمن گوٹھ کے قریب گذشتہ سال نومبر میں ملی تھی۔

پنجاب کے سرکاری پرائمری اسکولوں میں بچوں کو مفت کھانا ملےگا

 پنجاب کے وزیر تعلیم مراد راس نے لاہور کے سرکاری پرائمری اسکول سے 'اسکول کھانا پروگرام' کا افتتاح کردیا۔ فیروز پور روڈ لاہور میں سرکاری پرائمری اسکول میں 'اسکول کھانا پروگرام' میں شرکت کے بعد میڈیا سےگفتگو میں مراد راس کا کہنا تھا کہ اسکول کھانا پروگرام کا انعقاد پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت کیا جارہا ہے۔صوبائی وزیر تعلیم کا کہنا تھا کہ اس پروگرام کی بدولت طلبا کی صحت میں 77 فیصد تک بہتری دیکھنے میں آئی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ایک سکول کے بچوں کو کھانا فراہم کرنےکے لیے سالانہ 15 لاکھ روپے کے اخراجات درکار ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ اسکول کھانا پروگرام کے آغاز سے طلبا کی حاضری میں 33 فیصد اضافہ ہوا ہے۔


کورونا: سعودی عرب نے نئی سفری شرائط کا اعلان کردیا

 جدہ: سعودی عرب نے نئی سفری شرائط کا اعلان کردیا ہے جس کا اطلاق 9 فروری سے ہو جائے گا۔سعودی وزارت داخلہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ 9 فروری سے جو بھی سعودی شہری مملکت سے باہر سفر کرنا چاہتا ہے اسے کورونا وائرس سے بچاؤ کی بوسٹر ڈوز لگوانی ہوگی۔اس کے علاوہ سعودی عرب آنے والے تمام افراد بشمول سعودی شہریوں (چاہے وہ ویکسینیٹڈ ہی کیوں نہ ہوں) کو زیادہ سے زیادہ 48 گھنٹے قبل کیا گیا منفی پی سی آر ٹیسٹ بھی دکھانا ہوگا۔


کورونا کے باعث بیشترکاروبار ٹھپ، ادویات اور طبی آلات بنانے والوں کی چاندی ہوگئی

 کورونا وائرس کی وجہ سے ملک میں بیشترکاروبار ٹھپ ہوکر رہ گئے تاہم ادویات اور طبی آلات بنانے والوں کی چاندی ہوگئی ۔ ایک نجی ادارے کی رپورٹ کےمطابق پاکستان کی فارماسیوٹیکل کمپنیوں نے 2021 میں 521 ارب  25 کروڑ  روپےکمائے ۔رپورٹ کے مطابق سالانہ 20 ارب روپے تک کما نے والی 6 فارماسیوٹیکل کمپنیوں نے کورونا   کے علاج میں استعمال ہونے والے 35 فیصد طبی آلات اور ادویات مارکیٹ میں ڈال کر 13 فیصد ترقی حاصل کی۔ایک دواساز کمپنی نے وٹامنز اور کیلیشم والی گولیاں بنا کر 17 ارب روپے سے زائد کمائے۔پھیپھڑوں کے امراض کے ماہرین کا کہنا ہےکہ کورونا وبا کے دوران قوت مدافعت بڑھانے والی ادویات اور وٹامنز کی گولیاں نایاب ہی رہیں اور مریض قلت کا شکوہ کرتے رہے۔کورونا کے مریضوں اور ان کے لواحقین کا کہنا ہےکہ ادویات کی قلت اور ان کی قیمتوں میں اضافہ معمول بن چکا ہے، حکومت اس معاملے کا سختی سے نوٹس لے۔


اسلام آباد یونائیٹڈ نے رنز کے انبار لگادیے

 پاکستان سپر لیگ( پی ایس ایل) کے ساتویں ایڈیشن کے پہلے مرحلے میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو جیت کیلئے 230 رنز کا ہدف دے دیا۔اسلام آباد یونائیٹڈ نے مقررہ 20 اوورز میں4 وکٹوں کے نقصان پر 229رنز بنائے،کولن منرو 71 رنز بناکر نمایاں رہے۔نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے جارہے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر اسلام آباد کو پہلے بیٹنگ کی دعوت  دی۔اسلام آباد یونائیٹڈ کی اننگز کا آغاز دھواں دھار رہا ، صرف 4 اوورز کے اندر ہی اوپنرر پال اسٹرلنگ اور ایلیکس ہیلز نے ٹیم کی نصف سنچری مکمل کی، تاہم 56 رنز کے مجموعی اسکور پر ہیلز 22 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔تاہم پال اسٹرلنگ جارحانہ کھیل پیش کرتے رہے اور پاوور پلے میں ٹیم کا اسکور ایک وکٹ پر81 رنز تک لے گئے۔اسلام آباد نے 100 رنز صرف 7.1 اوورز میں مکمل کیے ۔تاہم اسلام آباد کو دوسرا نقصان پال اسٹرلنگ کی صورت میں اٹھانا پڑا ، وہ 28 گیندوں پر 58 رنز کی دھواں دار اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔اس  کے علاوہ شاداب خان 9 رنز بناسکے۔3 وکٹیں گرنے کے بعد اسلام آباد نے دوبارہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز پر لاٹھی چارج شروع کیا، کولن منرو اور اعظم خان کے درمیان 97 رنز کی شراکت داری قائم ہوئی۔اعظم خان 35گیندوں پر 65 رنز بناکر آخری اوور میں آؤٹ ہوئے جبکہ منرو 39 گیندوں پر 72 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔دوسری جانب کوئٹہ کے  شاہد آفریدی نے میچ میں  پاکستان سپر لیگ کا مہنگا ترین بولنگ اسپیل کرادیا،انہوں  نے چار اوورز میں ایک وکٹ حاصل کرکے 67 رنز دیے۔آفریدی سے قبل یہ اعزاز اسلام آباد کے ظفر گوہر کے پاس تھا، انہوں نے گزشتہ سال زلمی کیخلاف چار اوورز میں 65 رنز دیے تھے۔واضح رہے کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے اسٹار پلیئر شاہد آفریدی کی ٹیم میں واپسی ہوئی ، وہ کورونا کے باعث ابتدائی میچ نہیں کھیل سکے تھے۔پوائنٹس ٹیبل پر نظر ڈالیں تو اسلام آباد یونائیٹڈ 2 میں سے ایک میچ جیت کر تیسرے  جبکہ کوئٹہ 3 میں سے ایک میچ جیت کر 2 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر موجود ہے۔


ماضی کی مشہور اداکارہ مدھوبالا کی 96 سالہ بہن کو بہو نےگھر سے نکال دیا

 ماضی کی مشہور بالی وڈ اداکار ہ مدھوبالا کی 96 سالہ بڑی  بہن کنیز بلساراکو  نیوزی لینڈ میں ان کی بہو نے گھر سے نکال دیا۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق مدھوبالا کی بڑی بہن کنیز بلسارا کو ان کی بہو ثمینہ نے بغیر کسی سہارے اور پیسے کے 29 جنوری کو نیوزی لینڈ کے شہر آکلینڈ سے ممبئی کیلئے روانہ کیا۔رپورٹس کے مطابق کنیز 18 سال قبل اپنے شوہر کے ساتھ اپنے بیٹے کے ساتھ رہنے نیوزی لینڈ گئی تھیں جبکہ ان کی بیٹی پرویز ممبئی میں رہتی ہیں۔بھارتی میڈیا سے بات کرتے ہوئے کنیز کی بیٹی نے بتایا کہ میرے بھائی نیوزی لینڈ میں اپنی بیوی بچوں کے ساتھ رہائش پذیر تھے ، کچھ سال قبل بھائی والد اور والدہ کو اپنے ساتھ لے گئے تھے۔انہوں نے بھابی کے والد اور والدہ  کے ساتھ برے برتاؤ کے بارے میں بتایا کہ بھائی والدہ سے بہت پیار کرتے ہیں لیکن بھابی بالکل پسند نہیں کرتیں، وہ انہیں کھانا بھی پکا کر نہیں دیتیں، بھائی ہوٹل سے کھانا لاتے تھے۔رپورٹس کے مطابق  پرویز نے بتایا ہے کہ ان کے کزن نے والدہ کے آنے کی اطلاع دی جسے  ثمینہ نے پرواز کے ممبئی اترنے سے صرف 8 گھنٹے قبل فون کیا تھا۔ پرویز کا کہنا ہے کہ رواں سال 8 جنوری کو ان کے بھائی کے انتقال کے بعد ثمینہ کا والدہ کے ساتھ برتاؤ مزید خراب ہوگیا۔انہوں  نے بتایا کہ میرے لیے اذیت کی بات تھی کہ جب والدہ کی  پرواز ممبئی ائیرپورٹ اتری تو مجھے  حکام کی طرف سے ایک کال موصول ہوئی اور اہلکار نے  بتایا کہ آپ کی والدہ کے پاس آر ٹی پی سی آر (COVID) ٹیسٹ کی ادائیگی کے لیے پیسے نہیں ہیں۔ان کاکہنا تھا کہ جب میں نے بھابی کو والدہ کے پیسوں کے حوالے سے فون کیا تو انہوں نے جواب دیا کہ کونسے پیسے ؟ یہاں تک کہ انہوں نے والدہ کے زیورات بھی اپنے پاس رکھ لیے۔دوسری جانب پرویز نے نیوزی لینڈ کے حکام کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا کہ کیسے ایک 96سالہ بزرگ خاتون کو اکیلے پرواز میں سوار ہونے دیا۔واضح رہے کہ مدوھوبالا بھارتی فلم انڈسٹری کا وہ ستارہ تھیں جو اگرچہ کم وقت کے لیے چمکا لیکن جب تک اسکرین پر رہا اس کی روشنی، لپک اور حسن نے دنیا کا دل جیتا۔مارلن منرو سے مشابہہ مدھوبالا کا اصل نام ممتاز جہاں دہلوی تھا،انہوں نے 27سالہ فلمی کیریئر میں 70 سےزائد فلموں میں کام کیا ۔ محل باکس آفس پر بلاک بسٹر رہی تو مغل اعظم شاہکار قرار دی گئی۔تاہم  مدھو بالا کے دل نے 36 برس کی عمر میں اس کا ساتھ چھوڑ دیا تھا۔


شیخ رشیدکا بلوچ عسکریت پسند تنظیموں کا کالعدم ٹی ٹی پی سےگٹھ جوڑ کا اشارہ

 وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے بلوچ عسکریت پسند تنظیموں کا کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) سمیت دیگر عسکریت پسند گروہوں سےگٹھ جوڑ کا اشارہ دیا ہے۔ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ 11 جنوری کو بلوچ عسکریت پسند تنظیموں نے مل کر بی این اے بنائی ہے۔ شیخ رشیدکا کہنا تھا کہ بی این اے کوپس پردہ کالعدم تحریک طالبان سمیت دیگر تنظیموں کی سپورٹ بھی ہے، اس کے علاوہ داعش اور دیگر تنظیمیں بھی ہیں جو دہشت گردی میں اضافہ کر رہی ہیں۔وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کے بھارت سے روابط ہیں اور افغانستان میں بھی ان کے کیمپس ہیں۔


شاہد آفریدی نے پی ایس ایل کا مہنگا ترین بولنگ اسپیل کرادیا

 کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے شاہد آفریدی نے پاکستان سپر لیگ کا مہنگا ترین بولنگ اسپیل کرادیا۔جمعرات کے روز نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف میچ میں شاہد آفریدی نے چار اوورز میں ایک وکٹ لے کر 67 رنز دیے۔یہ پی ایس ایل کی تاریخ میں کسی بھی بولر کی جانب سے سب سے مہنگا ترین اسپیل ہے ، اس سے قبل  اسلام آباد یونائیٹڈ کے ظفر گوہر  نے گزشتہ سال  زلمی کیخلاف چار اوورز میں 65 رنز دیے تھے۔واضح رہے کہ پی ایس ایل کے دسویں میچ میں اسلام آباد نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف رنز کے انبار لگائے ، کولن منرو اور اعظم خان کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 4 کٹوں کے نقصان پر 229 رنز بنائے۔