Friday, 17 November 2023

سابق وزیرخارجہ گوہر ایوب انتقال کر گئے

 سابق وزیرخارجہ گوہر ایوب انتقال کر گئے



سابق وزیرخارجہ اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی گوہر ایوب 86 سال کی عمر میں انتقال کر گئے۔فیملی ذرائع نے گوہر ایوب کے انتقال کی تصدیق کردی ہے، ان کی نماز جنازہ کل ادا کی جائے گی۔واضح رہے کہ گوہر ایوب  سابق فیلڈ مارشل صدر ایوب خان کے صاحبز ادے اورسیکرٹری جنرل پی ٹی آئی عمر ایوب کے والد تھے۔ گوہر ایوب خان 15 جنوری 1937ء کو ضلع ہری پور کے گاؤں ریحانہ میں  پیدا ہوئے۔ وہ 4 نومبر 1990ء کو قومی اسمبلی کے اسپیکر منتخب ہوئے اور 17 اکتوبر 1993ء تک اس عہدے پر فائز رہے۔اس کے علاوہ گوہر ایوب خان نواز شریف کے دور حکومت میں 1997ء سے 1998ء تک پاکستان کے وزیر خارجہ کے فرائض بھی انجام دے چکے ہیں۔چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے سابق وزیرخارجہ گوہر ایوب کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا ہے۔

مہنگائی میں 9.95 فیصد کا ریکارڈ اضافہ، مجموعی شرح 41.90 فیصد تک پہنچ گئی

 مہنگائی میں 9.95 فیصد کا ریکارڈ اضافہ، مجموعی شرح 41.90 فیصد تک پہنچ گئی



ادارہ شماریات نے ہفتہ وار مہنگائی کے اعداد و شمار جاری کردیے۔ادارہ شماریات کے مطابق ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی کی شرح میں 9.95 فیصد کا ریکارڈ اضافہ ہوا جس کے بعد ملک میں مہنگائی کی مجموعی شرح 41.90 فیصد تک پہنچ گئی۔ادارہ شماریات نے بتایاکہ ایک ہفتے کے دوران 25 اشیا مہنگی اور 13 کی قیمتوں میں کمی ہوئی۔ادارہ شماریات کا رپورٹ میں کہنا ہے کہ ایک ہفتے میں قدرتی گیس 480 فیصد، چائے 8.88 فیصد، دال مسور 5.28 فیصد، زندہ مرغی 3.99 فیصد اور لہسن 3.09 فیصد مہنگا ہوا۔ادارہ شماریات کے مطابق نمک 2.93 فیصد، آٹا 2.64 فیصد، ایل پی جی 2.03 فیصد اور آلو 2 فیصد مہنگے ہوئے۔اس کے علاوہ ٹماٹر فی کلو 11.16 فیصد، چینی  4.24 فیصد اور پیاز فی کلو 1.49 فیصد سستا ہوا جبکہ  5 لیٹر کوکنگ آئل کی فی کلو قیمت میں 0.65 فیصد  اور گھی کی فی کلوقیمت 1.39 فیصد کم ہوئی، اس کے علاوہ چاول فی کلو 0.42 فیصد اور گڑ فی کلو 0.27 فیصد سستا ہوا۔

مہنگائی، غربت اور بیروزگاری کا حل صرف ہمارے پاس ہے، اگلا وزیراعظم جیالا ہوگا، بلاول


 مہنگائی، غربت اور بیروزگاری کا حل صرف ہمارے پاس ہے، اگلا وزیراعظم جیالا ہوگا، بلاول

یئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ مہنگائی، غربت اور بیروزگاری کا حل صرف پی پی کے پاس ہے ، عوامی راج قائم کرنے کے لیے عوام کو الیکشن میں پیپلزپارٹی کو کامیاب کرانا ہوگا ۔ بلاول بھٹو زرداری نے مردان میں ورکرز کنونشن سے خطاب  کرتے ہوئے کہا کہ  پرانے سیاستدانوں کے پاس عوام کے مسائل کا کوئی حل نہیں ہے ، آصف زرداری نے جمہوریت بحال کی،آمر مشرف کو بھگایا، اٹھارہویں ترمیم اور این ایف سی ایوارڈ دے کر صوبوں کو با اختیار بنایا ۔بلاول نے کہا کہ عوام کو یاد دلانا ہے کہ پیپلزپارٹی نے ہر دور میں عوام کی خدمت کی ہے، ، شہید ذو الفقار بھٹو نے کسانوں کو زمینوں کا مالک بنایا، قائد عوام نے عوام کے لیے جدوجہد کی ، شہید محترمہ 30 سال تک عوام کیلئے جدوجہد کرتی رہیں، 2 آمروں سے ٹکرائیں ،بے نظیر بھٹو نے اس ملک کی خاطر شہادت بھی قبول کی لیکن کبھی پیچھے نہیں ہٹیں۔انہوں نے کہا کہ معاشی بحران کی وجہ سے تاریخی مہنگائی، غربت اور بے روز گاری ہے، ہم مل کر پاکستان کو تمام مسائل سے نکالیں گے، پاکستان کی سب سے بڑی دشمن وہی پرانی سیاست ہے، اب ہمیں نئی سیاست کا آغاز کرنا پڑے گا، نئی سیاست سے ہم ان مسائل سے نکل سکیں گے۔چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ ہم باقی سیاسی جماعتوں کو کہتے ہیں کہ آپ بھی عوام پر بھروسہ کریں، سیاست اور منشور پر بھروسہ کریں، دائیں بائیں نہ دیکھیں، عوام کو دیکھیں ، اگر ایک بار پھر کسی کو مسلط کیاجاتا ہے، تو اس کا نقصان عوام اٹھائیں گے، عوام نے پہلے بھی سلیکٹڈ راج بھگتا ہے ، اب عوام سلیکٹڈ راج قبول نہیں کریں گے۔انہوں نے کہا کہ آج بھی ہمارا نعرہ روٹی کپڑا اورمکان ہے، ہمیں کہا جاتا ہے یہ توپرانے نعرے ہیں، نیا نعرہ لےکرآنا چاہیے، آج بھی ملک میں مہنگائی اور بے روزگاری ہے، ہمارا نعرہ روٹی کپڑا اور مکان ہی رہے گا۔بلاول نے مسلم لیگ ن کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ جو سیاست دان مسلم لیگ یعنی مہنگائی لیگ میں شامل ہوں گے وہ الیکٹیبلز نہیں رہیں گے، ایک بار پھر الیکشن نہیں سلیکشن ہوتا ہے تو اس کا نقصان پاکستان کے عوام اٹھائیں گے، اگلا وزیراعظم اور وزیراعلیٰ جیالا ہوگا۔