Friday, 24 November 2023

آصف زرداری اور بلاول میں اختلافات کی خبریں بے بنیاد ہیں، پیپلزپارٹی


 آصف زرداری اور بلاول میں اختلافات کی خبریں بے بنیاد ہیں، پیپلزپارٹی
  کراچی: رہنما پاکستان پیپلزپارٹی سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ پارٹی کی قیادت میں اختلافات کی  خبریں بے بنیاد ہیں۔پیپلزپارٹی کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل  سندھ  نے کہا کہ پیپلزپارٹی ایک بڑی جمہوریت پسند جماعت ہے، اختلاف رائے جمہوریت کا حسن ہوتا ہے اور اختلاف رائے کا مقصد ہرگز اختلافات نہیں ہوتا۔انہوں نے کہا کہ آصف زرداری اور بلاول بھٹو کے درمیان اختلافات کی خبریں پھیلانے اور جھوٹا پروپیگنڈا کرنے والوں کو منہ کی کھانی پڑے گی۔سید ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ  بلاول بھٹو طے شدہ شیڈول کے مطابق دبئی گئے ہیں ، وہ یوم تاسیس کے جلسے سے قبل وطن واپس پہچ جائیں گے۔سابق صوبائی وزیر کے مطابق بلاول بھٹو30 نومبر کو کوئٹہ میں یوم تاسیس کے عظیم الشان جلسے سے خطاب کریں گے۔

سلمان نے عامر خان کو یش راج کی ’اسپائی یونیورس‘ جوائن کرنے کا مشورہ دے دیا

سلمان نے عامر خان کو یش راج کی ’اسپائی یونیورس‘ جوائن کرنے کا مشورہ دے دیا

 ممبئی: بالی وڈ سپر اسٹار سلمان خان نے انڈسٹری کے مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان کو مشورہ دیا ہے کہ وہ یش راج کی اسپائی یونیورس جوائن کرلیں۔ دبنگ خان کی نئی فلم ’ٹائیگر3‘ حال ہی میں ریلیز ہوئی ہے اور اس نے مجموعی طور 400 کروڑ کا بزنس عبور کرلیا ہے۔ایک تازہ انٹرویو میں اداکار کا کہنا تھا کہ وہ چاہتے ہیں کہ نوے کی دہائی کی طرح ایک فلم میں مختلف اسٹارز کو ایک ساتھ کام کرنا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ جب فلم میں مختلف اسٹار ہوں گے تو اس کا باکس آفس پر بزنس بھی ڈبل ہوگا اور اس سے انڈسٹری کو ترقی ملے گی۔سلمان خان نے کہا کہ ان کے ابتدائی کیریئر میں جب لوگ ان کو دیکھنے سینما نہیں آتے تھے تو انہوں نے سنی دیول، سنجے دت، عامر خان اور شاہ رخ خان کے ساتھ مل کر فلمیں بنائیں۔ان کا کہنا تھا یش راج کا مختلف سپر اسٹارز کو ملا کر فلم بنانے کا آئیڈیا بہترین ہے اور وہ چاہتے ہیں کہ عامر خان بھی بلاک بسٹر اسپائی یونیورس کو جوائن کرلیں۔
 

قومی کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر عماد وسیم نے اچانک انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔

کراچی: قومی کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر عماد وسیم نے اچانک انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔
سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر جاری اپنے ایک بیان میں عماد وسیم نے کہا کہ ’میں نے کافی سوچ بچار کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لینے کا فیصلہ کیا ہے‘۔انہوں نے کہا کہ میں پاکستان کرکٹ بورڈ کا مشکور ہوں کہ انہوں نے مجھے اتنے عرصے تک سپورٹ کیا، پاکستان کی نمائندگی کرنا میرے لیے اعزاز کی بات تھی۔عماد نے لکھا کہ 121 ون ڈے اور ٹی 20 میچز کھیل کر میرا خواب شرمندہ تعبیر ہوا، وہ میرا بہت اچھا وقت تھا جو کوچز اور ساتھیوں کے ساتھ شاندار رہا۔آل راؤنڈر نے پاکستانی شائقین اور اپنے مداحوں، دوستوں، فیملی کی سپورٹ پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ سب کچھ آپ کی وجہ سے ہی ممکن ہوسکا۔