Friday, 24 November 2023

خواتین پر تشدد کی روک تھام کیلئے آگاہی مہم 25 نومبر سے شروع ہو گی


 خواتین پر تشدد کی روک تھام کیلئے آگاہی مہم 25 نومبر سے شروع ہو گی


خواتین پر تشدد کے خاتمے کا عالمی دن 25 نومبر کو منایا جائے گا۔ تشدد کی روک تھام کیلئے سولہ روزہ آگاہی مہم شروع ہو جائے گی اور 10 دسمبر کو انسانی حقوق کے عالمی دن تک جاری رہے گی۔ خواتین پر تشدد کے خاتمے کا عالمی دن اور آگاہی مہم کے منانے کا مقصد خواتین پر گھریلو، جسمانی تشدد کے مسائل کے متعلق آگاہی فراہم کرنا ہے۔ اس دوران خواتین حقوق کیلئے سرگرم سماجی تنظیموں کے زیر اہتمام تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا۔ خواتین پر تشدد کے خاتمے کے عالمی دن کا آغاز اقوام متحدہ کے زیر اہتمام جنرل اسمبلی کی ایک قرارداد کی منظوری کے بعد 1999ءمیں ہوا جس کے بعد ہر برس 25 نومبر کو پاکستان سمیت دنیا بھر میںخواتین پر تشدد کے خاتمے کا عالمی دن منایا جاتا ہے۔آج خواتین پر تشدد کی روک تھام اور آگاہی کا عالمی دن منایا جارہا ہے۔اقوام متحدہ کے زیراہتمام ہر سال 25 نومبر کو خواتین پر تشدد کی روک تھام کا عالمی دن منایاجاتاہے، اس سال کی تھیم ’’Orange the World Generation Equality ‘‘ رکھا گیا ہے اور خواتین کیساتھ زیادتی کے مسئلے پر توجہ مرکوز کی گئی ہے۔اقوام متحدہ کے مطابق دنیا بھر میں71 فیصد انسانی اسمگلنگ کا شکار خواتین اور لڑکیاں ہیں، خواتین پر تشدد ان کی خراب صحت کی بڑی وجہ ہے۔عالمی ادارہ برائے صحت کےمطابق خواتین پر ذہنی و جسمانی تشدد سے ڈپریشن، ایچ آئی وی اور دیگر امراض میں مبتلا ہونے کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔ جنوبی ایشیا میں خواتین میں پارٹنر وائلنس کی شرح تقریباً 40 فیصد ہے۔

والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی کا نام تبدیل کردیا گیا


 والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی کا نام تبدیل کردیا گیا

 لاہور:  نگراں حکومت پنجاب  نے والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی کا نام  بدل کر ’’ پنجاب والڈ سٹیز اینڈ ہیرٹیج ایریاز اتھارٹی ‘‘ کردیا ہے۔ اتھارٹی کے دائرہ اختیار کو صوبے بھر تک وسعت دیتے ہوئے نام بھی تبدیل کیا گیا ہے۔ والڈسٹیز اتھارٹی کا دائرہ کار بڑھانے کا مقصد جامع قانونی فریم ورک، پنجاب بھر کے والڈ سٹی کو موثر انداز میں محفوظ کرنے کے لیے خصوصی ادارہ جاتی انتظامات فراہم کرنا اور ہیرٹیج پراپرٹی کو محفوظ کرنا ہے۔آرڈیننس کے تحت اب اتھارٹی کا نیا نام “پنجاب والڈ سٹیز اینڈ ہیرٹیج ایریاز اتھارٹی ‘‘ کر دیا گیا ہے۔ محکمہ قانون و پارلیمانی امور نے نام کی تبدیلی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ڈائریکٹر جنرل پنجاب والڈ سٹیز اینڈ ہیرٹیج ایریاز اتھارٹی کامران لاشاری نے اس حوالے سے بتایا کہ اتھارٹی والڈ سٹی لاہور کی طرح پورے پنجاب کے خصوصی تاریخی مقامات اور کلچر پر کام کرے گی اور اس کو محفوظ بنانے کے لیے کوشاں رہے گی۔اس سے قبل والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی کا دائرہ کار بڑھاتے ہوئے پنجاب آرکیالوجی کے زیرا نتظام اہم تاریخی مقامات  بشمول شالامارباغ، مقبرہ جہانگیر و دیگر مقامات اتھارٹی کے حوالے کیے گئے تھے۔

امام کعبہ کا آنا پاکستانی عوام کے لیے اعزاز کی بات ہے، آرمی چیف

امام کعبہ کا آنا پاکستانی عوام کے لیے اعزاز کی بات ہے، آرمی چیف

 اسلام آباد: آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سے امام کعبہ شیخ صالح بن عبداللہ بن محمد حمید نے آج جنرل ہیڈ کوارٹرز میں ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے مہمان کا خیر مقدم کیا۔ آرمی چیف عاصم منیر نے کہا کہ امام کعبہ کا پاکستان آنا پاکستانی عوام کے لیے اعزاز کی بات ہے، دنیا بھر کے مسلمان حرمین شریفین کے لیے بے پناہ عقیدت رکھتے ہیں اور اپنے متولی کا گہرا احترام کرتے ہیں۔اس موقع پر آرمی چیف سے گفتگو کرتے ہوئے امام کعبہ نے کہا کہ اسلام امن اور بھائی چارے کا مذہب ہے، اسلام کی غلط تشریحات کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔معززین نے غزہ میں جاری مظالم اور مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں پر ظلم و ستم کی مذمت کی اور فلسطین اور کشمیر کے عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔ امام کعبہ نے امت کے امن، استحکام اور اتحاد کے لیے دعا کی۔
 

کویت پاکستان میں 10 ارب ڈالر سرمایہ کاری کرے گا، وفاقی کابینہ نے منظوری دیدی

کویت پاکستان میں 10 ارب ڈالر سرمایہ کاری کرے گا، وفاقی کابینہ نے منظوری دیدی
 اسلام آباد: نگراں وفاقی کابینہ نے پاکستان میں کویت کی جانب سے 7 منصوبوں میں 10 ارب ڈالر سرمایہ کاری کی منظوری دے دی۔ وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کی زیر صدارت نگران وفاقی کابینہ کا اجلاس آج اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ کابینہ نے پاکستان اور کویت کے مابین سرمایہ کاری کے لیے 7 مفاہمتی یادداشتوں کی منظوری دی جن پر وزیر اعظم کے دورہ کویت کے دوران دستخط کیے جائیں گے۔خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کی کوششوں کے نتیجے میں کویت پاکستان میں مختلف شعبوں کے 7 منصوبوں میں 10 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کرے گا۔ان منصوبوں میں آبی ذخائر کی توسیع، کان کنی کی سہولیات، ساحلی علاقوں کیلئے تمر (mangrove) کے جنگلات کی حفاظت اور توسیع، آئی ٹی کے شعبے اور تحفظ خوراک کے منصوبوں میں سرمایہ کاری کے منصوبے شامل ہیں۔وزیرِ اعظم اور وفاقی کابینہ نے خصوصی سرمایہ کاری کونسل اور متعلقہ وزارتوں کی اس حوالے سے کوششوں کی تعریف کی۔ وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ وفاقی سطح پر دستخط ہونے والی ان مفاہمتی یادداشتوں میں صوبوں کے ساتھ تعاون یقینی بنایا جائے تاکہ ان منصوبوں کی تکمیل جلد اور شفاف طریقے سے ہوسکے۔وفاقی کابینہ نے 14 نومبر، 2023ء کو منعقد ہونے والے کابینہ کمیٹی برائے قانون سازی امور (CCLC) کے اجلاس میں کیے گئے فیصلوں کی توثیق کی۔فاقی کابینہ نے 15 نومبر، 2023ء کو منعقدہ اقتصادی رابطہ کمیٹی (ECC) کے اجلاس میں ہونے والے فیصلوں کی بھی توثیق کی۔
 

آصف زرداری اور بلاول میں اختلافات کی خبریں بے بنیاد ہیں، پیپلزپارٹی


 آصف زرداری اور بلاول میں اختلافات کی خبریں بے بنیاد ہیں، پیپلزپارٹی
  کراچی: رہنما پاکستان پیپلزپارٹی سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ پارٹی کی قیادت میں اختلافات کی  خبریں بے بنیاد ہیں۔پیپلزپارٹی کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل  سندھ  نے کہا کہ پیپلزپارٹی ایک بڑی جمہوریت پسند جماعت ہے، اختلاف رائے جمہوریت کا حسن ہوتا ہے اور اختلاف رائے کا مقصد ہرگز اختلافات نہیں ہوتا۔انہوں نے کہا کہ آصف زرداری اور بلاول بھٹو کے درمیان اختلافات کی خبریں پھیلانے اور جھوٹا پروپیگنڈا کرنے والوں کو منہ کی کھانی پڑے گی۔سید ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ  بلاول بھٹو طے شدہ شیڈول کے مطابق دبئی گئے ہیں ، وہ یوم تاسیس کے جلسے سے قبل وطن واپس پہچ جائیں گے۔سابق صوبائی وزیر کے مطابق بلاول بھٹو30 نومبر کو کوئٹہ میں یوم تاسیس کے عظیم الشان جلسے سے خطاب کریں گے۔

سلمان نے عامر خان کو یش راج کی ’اسپائی یونیورس‘ جوائن کرنے کا مشورہ دے دیا

سلمان نے عامر خان کو یش راج کی ’اسپائی یونیورس‘ جوائن کرنے کا مشورہ دے دیا

 ممبئی: بالی وڈ سپر اسٹار سلمان خان نے انڈسٹری کے مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان کو مشورہ دیا ہے کہ وہ یش راج کی اسپائی یونیورس جوائن کرلیں۔ دبنگ خان کی نئی فلم ’ٹائیگر3‘ حال ہی میں ریلیز ہوئی ہے اور اس نے مجموعی طور 400 کروڑ کا بزنس عبور کرلیا ہے۔ایک تازہ انٹرویو میں اداکار کا کہنا تھا کہ وہ چاہتے ہیں کہ نوے کی دہائی کی طرح ایک فلم میں مختلف اسٹارز کو ایک ساتھ کام کرنا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ جب فلم میں مختلف اسٹار ہوں گے تو اس کا باکس آفس پر بزنس بھی ڈبل ہوگا اور اس سے انڈسٹری کو ترقی ملے گی۔سلمان خان نے کہا کہ ان کے ابتدائی کیریئر میں جب لوگ ان کو دیکھنے سینما نہیں آتے تھے تو انہوں نے سنی دیول، سنجے دت، عامر خان اور شاہ رخ خان کے ساتھ مل کر فلمیں بنائیں۔ان کا کہنا تھا یش راج کا مختلف سپر اسٹارز کو ملا کر فلم بنانے کا آئیڈیا بہترین ہے اور وہ چاہتے ہیں کہ عامر خان بھی بلاک بسٹر اسپائی یونیورس کو جوائن کرلیں۔
 

قومی کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر عماد وسیم نے اچانک انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔

کراچی: قومی کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر عماد وسیم نے اچانک انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔
سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر جاری اپنے ایک بیان میں عماد وسیم نے کہا کہ ’میں نے کافی سوچ بچار کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لینے کا فیصلہ کیا ہے‘۔انہوں نے کہا کہ میں پاکستان کرکٹ بورڈ کا مشکور ہوں کہ انہوں نے مجھے اتنے عرصے تک سپورٹ کیا، پاکستان کی نمائندگی کرنا میرے لیے اعزاز کی بات تھی۔عماد نے لکھا کہ 121 ون ڈے اور ٹی 20 میچز کھیل کر میرا خواب شرمندہ تعبیر ہوا، وہ میرا بہت اچھا وقت تھا جو کوچز اور ساتھیوں کے ساتھ شاندار رہا۔آل راؤنڈر نے پاکستانی شائقین اور اپنے مداحوں، دوستوں، فیملی کی سپورٹ پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ سب کچھ آپ کی وجہ سے ہی ممکن ہوسکا۔