Thursday, 30 November 2023

جو لیڈر ملک کو آگے لے جائے بعض قوتیں اسے پیچھے کھینچتی ہیں، آصف زرداری


جو لیڈر ملک کو آگے لے جائے بعض قوتیں اسے پیچھے کھینچتی ہیں، آصف زرداری

 کوئٹہ: پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی بلوچستان کے عوام کو صوبے کا مالک بنائے گی، یہاں پر گیس، پیٹرول اور معدنیات جو کچھ بھی ہے عوام کا ہے اس پر کسی اور کا کوئی حق نہیں۔پاکستان پیپلز پارٹی کے یوم تاسیس کے موقع پر کوئٹہ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے شریک چیئرمین پیپلز پارٹی آصف علی زرداری نے کہا کہ بلوچستان پاکستان کا دل ہے لیکن افسوس ہے کہ اسلام آباد کو اور پاکستان کے دوسرے صوبوں کو پاکستان کا یہ دل نظر نہیں آتا لیکن ہمیں نظر آتا ہے اس دل کو جیتے ہوئے ہم پاکستان کو درست نہیں کرسکتے۔آصف زرداری نے کہا کہ بلوچستان کی دھرتی پر ایک دکھ پھیلا ہوا ہے جس پر ہمیں مرہم رکھنا ہے، پاکستان پیپلز پارٹی یہاں کے عوام کو بلوچستان کا مالک بنائے گی، اس صوبے میں جو کچھ ہے آپ کا ہے کسی اور کا نہیں چاہے وہ گیس ہو، پیٹرول ہو یا کوئی بھی معدنیات سب پر عوام کا حق ہے، سارے صوبوں کی زمین ایک طرف بلوچستان کی زمین ایک طرف ہم یہاں پانی فراہم کریں گے۔انہوں نے کہا کہ بلاول نے کم عمر وزیر خارجہ بن کر پاکستان کی عزت بلند کردی، ہمیں ہر بلاول کو سپورٹ کرنا ہے اس کی تربیت کرنی ہے، آپ بھی دیکھیں گے میں بھی دیکھوں گا، ہم پاکستان کو دوبارہ ری ڈیفائن کریں گے۔آصف علی زرداری نے مزید کہا کہ بلاول کو یوتھ کا آج کل اور مستقبل کا لیڈر بنانا ہے، بلاول کو نوجوان لیڈر بنانا ہے، قوم کو لیڈر چلاتے ہیں، ہمیں جو آتا ہے بلاول بھٹو کو منتقل کرنا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے ہاں جو لیڈر ملک کو آگے لے جانا چاہتا ہے تو بہت سی قوتیں اسے پیچھے کھینچتی ہیں، لیکن ہمیں ان قوتوں سے ڈر نہیں، ہمیں عوام پر بھروسہ ہے۔

ماں کی لاش کیساتھ ایک سال تک رہنے والی 2 بیٹیاں گرفتار

  ماں کی لاش کیساتھ ایک سال تک رہنے والی 2 بیٹیاں گرفتار

  ماں کی لاش کیساتھ ایک سال تک رہنے والی 2 بیٹیاں گرفتار


وارانسی: بھارتی ریاست اترپردیش میں دو خواتین کو گھر میں ایک سال تک ماں کی لاش کے ساتھ رہنے کے جرم میں حراست میں لے لیا گیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق اترپردیش کے شہر وارانسی کے ایک گھر سے پولیس نے دو بہنوں 27 سالہ پلاوی ترپاٹھی اور 18 سالہ ویشوک ترپاٹھی کو گرفتار کرکے لاک اپ کردیا جب کہ گھر سے ان کی ماں کی ایک سال پرانی لاش بھی برآمد کرلی۔پولیس کا کہنا ہے کہ مردہ خاتون کی شناخت 52 سالہ اوشا ترپاٹھی کے نام سے ہوئی ہے جو طویل علالت کے بعد  دسمبر 2022 میں انتقال کرگئی تھیں لیکن ان کی بیٹیوں نے آخری رسومات ادا نہیں کیں اور لاش کے ساتھ ہی رہ رہی تھیں۔پولیس کے مطابق 15 دن سے دونوں بہنیں گھر سے باہر نہیں نکلی تھیں جس کی وجہ سے پڑوسیوں کو شک ہوا اور انھوں نے تھانے میں اطلاع دی تھی جب گھر پہنچے تو دونوں بہنیں نیم بے ہوش تھیں۔بعد ازاں پولیس نے دونوں بہنوں کو طبی اور ذہنی معائنے کے لیے اسپتال بھیج دیا جب کہ لاش کو فرانزک کے لیے منتقل کردیا گیا۔

مقدمات سے بریت؛ شریف برادران کے لاڈلے ہونے میں کوئی شک باقی ہے؟ پرویز الٰہی

 مقدمات سے بریت؛ شریف برادران کے لاڈلے ہونے میں کوئی شک باقی ہے؟ پرویز الٰہی

 لاہور: پی ٹی آئی کے  مرکزی صدرچوہدری پرویز ا


لٰہی نے کہا ہے کہ  مقدمات سے بری ہونے پر شریف برادران کے لاڈلے ہونے میں کوئی شک باقی رہ گیا ہے؟۔عدالت میں پیشی کے  موقع پر صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعلیٰ پنجاب اور پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی صدر چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ  نوازشریف کی فوری بریت کے بعد بھی ان کے لاڈلے ہونے میں کوئی شک باقی رہ گیا ہے؟۔ لاڈلے نوازشریف اور شہبازشریف عوامی عدالت میں اپنے کرتوتوں کا حساب دینے کے لیے تیار رہیں۔پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ ہیرا پھیری کے چمپئن شریف برادران اللہ اور عوام کی عدالت سے کیسے بچیں گے۔ لاڈلے نوازشریف اور شہبازشریف ایسا تاثر پیدا کر رہے ہیں جیسے یہ چار بار عوام کو دھوکا دینے کے بعد پھر آ جائیں گے۔ اس بار قوم انہیں الیکشن میں آٹے دال کا بھاؤ یاد کروا دیں گے۔ مہنگائی کے شہنشاہ شہبازشریف کو الیکشن میں لگ پتا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ یہ جو بھی ہتھکنڈے استعمال کر لیں عوامی غیض وغضب سے نہیں بچ سکیں گے۔ وہ دن دور نہیں جب عوام ان شا اللہ ان لاڈلوں کو ووٹ کی پرچی کے ذریعے باہر نکالیں گے اور یہ منہ چھپاتے پھریں گے۔ ن لیگ ہر بار عوام کو گمراہ کر کے اقتدار حاصل کرتی ہے، اب ان لاڈلوں کو چاہیے کہ عوام کی جان چھوڑ دیں۔سابق وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ نوازشریف اور شہبازشریف دونوں اپنے کیس ختم کروا کے بھی سرخرو نہیں ہو سکتے، عوام کو جواب دینا ہو گا۔ شہبازشریف نے 16 ماہ کی حکومت میں سوائے لیول پلیئنگ فیلڈ حاصل کرنے کے کچھ نہیں کیا۔ اس کے بدلے لاڈلوں نے پاکستان کو مہنگائی اور بیروزگاری کا نہ ختم ہونے والا سلسلہ دیا۔مرکزی صدر پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ تحریک انصاف بلے کے نشان کے ساتھ الیکشن میں اترے گی اور کامیابی بھی حاصل کرے گی۔ فری اینڈ فیئر الیکشن ہوں گے، تحریک انصاف پورے پاکستان میں ہر سیٹ پر اپنا امیدوار کھڑا کرے گی۔ پنجاب کا خزانہ سیاسی عیاشیوں پر اڑانے والے نگراں، بچوں کے لیے قرآنی سپارے نہیں چھاپ رہے جب کہ ہماری حکومت نے بارہویں جماعت تک ناظرہ قرآن کی تعلیم لازمی قرار دی تھی۔

ن لیگ ناکام ہوچکی یہ سیاست کے شوباز ہیں، بلاول بھٹو

 ن لیگ ناکام ہوچکی یہ سیاست کے شوباز ہیں، بلاول بھٹو

 کوئٹہ: چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ہمیں ایک نئے میثاق جمہوریت کی ضرورت ہے، ن لیگ ناکام ہوچکی یہ سیاست کے شوباز ہیں۔بلاول بھٹو زرداری نے پاکستان پیپلزپارٹی کے یوم تاسیس کے موقع پر کوئٹہ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کا 70 فیصد طبقہ نوجوان ہے، میں بھی نوجوان ہوں، نوجوانوں کی نمائندگی کوئی کھلاڑی نہیں، میں کروں گا۔انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری نے صدارت کا عہدہ سنبھال کر نفرت ، انا ، تقسیم اور انتقام کی سیاست کو دفن کر کے ایک نئی تاریخ رقم کی، صدر آصف زرداری نے میڈیا کی کردار کشی برداشت کی، کبھی میمو گیٹ میں کوئی کالا کوٹ پہن کر کورٹ جاتا تھا تو کوئی یوتھ کا نمائندہ بن کر سامنے آتا تھا۔ان کا کہنا تھا کہ آج کل لوگ چارٹر آف اکانومی کی بات کرتے ہیں، پیپلز پارٹی نیا چارٹر آف اکانومی لائے گی، ہمیں ایک نئے میثاق جمہوریت کی ضرورت ہے، پچھلی حکومت میں ن لیگ کے پاس وزارت خزانہ تھی، وہ فیل ہوچکی، ملک بھر میں انہیں مہنگائی لیگ کہا جارہا ہے، عوام کو معلوم ہے یہ سیاست کے شوباز ہیں۔بلاول بھٹو نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا مخالف کوئی سیاست دان نہیں ہے بلکہ غربت اور مہنگائی ہے، معاشی حالات پہلے کبھی اتنے برے نہیں تھے، جتنے آج ہیں، مہنگائی ، غربت ، بیروزگاری کی وجہ سے عوام پس رہے ہیں۔انہوں نے زور دیا کہ نوجوان تقسیم ، نفرت ، انتقام جیسی سیاست کو دفن کریں، افسوس ہے کہ اسلام آباد کو نظر نہیں آتا کہ بلوچستان پاکستان کا دل ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کو ایک نئی سوچ اور ایک نئی سیاست کی ضرورت ہے ، پیپلز پارٹی نئی طرز سیاست شروع کرنا چاہتی ہے تاکہ عوام اس مہنگائی کا مقابلہ کر سکیں۔


Wednesday, 29 November 2023

پی ایس ایل9؛ پلیئر ڈرافٹ کے پک آرڈر کو حتمی شکل دے دی گئی

 پی ایس ایل9؛ پلیئر ڈرافٹ کے پک آرڈر کو حتمی شکل دے دی گئی


 لاہور: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 9 کے ڈرافٹ کیلئے پک آرڈر کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز پاکستان سپر لیگ 2024 پلیئر ڈرافٹ میں پہلا انتخاب کرے گی، کراچی کنگز اور دو بار کی چیمپئن اسلام آباد دوسرے اور تیسرے نمبر پر کھلاڑی پک کریں گی جبکہ چوتھی اور پانچویں ِپک پشاور زلمی اور گزشتہ ایونٹ کی رنرزاپ ملتان سلطان کی ہوگی۔ پچھلے دو ایڈیشنز کی چیمپئن لاہور قلندرز سب سے آخرمیں کھلاڑی چُنے گی۔پلاٹینم کے پہلے راؤنڈ کے لیے سلیکشن آرڈر کا تعین پچھلے سیزن کی سٹینڈنگ کے الٹا ترتیب سے ہوتا ہے۔ پک آرڈر کو مزید منصفانہ بنانے کے لیے، ایک مختلف فرنچائز ہر کیٹیگری کے پہلے راؤنڈ میں پہلی پک کرے گی۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز پلاٹینم پک شروع کرے گی، کراچی کنگز کا پہلا ڈائمنڈ پک ہوگا، پشاور زلمی کا پہلا گولڈ پک ہوگا، سلور کیٹیگری میں پہلا پک ملتان سلطانز کرے گا۔اسلام آباد یونائیٹڈ ایمرجنگ کیٹیگری میں پہلا کھلاڑی منتخب کرے گا اور لاہور قلندرز کے پاس پہلا سپلیمنٹری پک ہوگا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ اس سے قبل غیر ملکی کھلاڑیوں کے لیے رجسٹریشن ونڈو کھول چکا ہے۔ فلیگ شپ ایونٹ 8 فروری سے 24 مارچ 2024 تک شیڈول ہے۔ فرنچائزز اب ریٹینشن کو حتمی شکل دینے سے پہلے کھلاڑیوں کے لیے ریلیگیشن کی درخواستیں جمع کرائیں گی۔ریلیگیشن کی درخواستوں کے بعد، تمام ٹیموں کو کھلاڑیوں کی بنیادی کیٹیگری سے میچ کرنے کا موقع ملے گا۔ اگر کھلاڑی کی بنیادی کیٹیگری میچ نہیں ہوتی، تو انہیں ان کے بنیادی کیٹیگری سے نیچے والے کیٹیگری میں بھیجا جا سکتا ہے۔ ایچ بی ایل پی ایس ایل 9 کا ڈرافٹ دسمبر کے وسط میں نیشنل ٹی ٹونٹی کے اختتام کے فوراً بعد ہونا ہے۔

 پی ایس ایل9؛ عماد وسیم نے کنگز، حسن علی نے یونائیٹڈ کو خیرباد کہہ دیا



پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے نویں ایڈیشن سے قبل کراچی کنگز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان بڑی ٹریڈ ہوگئی۔پی ایس ایل 5 کے فاتح کپتان عماد وسیم ٹورنامنٹ کے نویں ایڈیشن میں اسلام آباد یونائیٹڈ جبکہ حسن علی کراچی کنگز کی جرسی میں نظر آئیں گے۔کراچی کنگز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کا پہلا راؤنڈ سلور پک اپنے دوسرے راؤنڈ سلور پک کے بدلے حاصل کیا، یونائیٹڈ نے عماد وسیم کو پلاٹینم کیٹگری جبکہ کراچی کنگز نے حسن علی کو ڈائمنڈ کیٹگری میں پک کیا ہے۔ٹریڈ کے بعد کراچی کنگز کی انتظامیہ نے سابق کپتان عماد وسیم کی خدمات کو سراہتے ہوئے ان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔دوسری جانب 94 وکٹوں کے ساتھ حسن علی پاکستان سپر لیگ کی تاریخ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے دوسرے بالر ہیں۔واضح رہے کہ ٹورنامنٹ کے پلئیرز ڈرافٹ سے پہلے فرنچائزز کی جانب سے ریلیگیشن کی کامیاب درخواستوں میں لاہور قلندرز کے مرزا طاہر بیگ، اسلام آباد یونائیٹڈ کے رومان رئیس اور کراچی کنگز کے میر حمزہ (گولڈ اور سلور) کیٹیگری میں شامل ہیں۔

کپتانی کا کوئی دباؤ نہیں! سرفراز، بابراعظم سے مشورے لوں گا، شان مسعود

 کپتانی کا کوئی دباؤ نہیں! سرفراز، بابراعظم سے مشورے لوں گا، شان مسعود



قومی کرکٹ ٹیم کے ٹیسٹ کپتان شان مسعود کا کہنا ہے کہ بابراعظم اور سرفراز احمد کے اسکواڈ میں موجود ہونے سے کپتانی کا کوئی دباؤ نہیں البتہ دونوں سینئیر کرکٹرز کے مشورے ضرور لوں گا۔راولپنڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود نے کہا کہ بطور کپتان دورہ آسٹریلیا مشکل ہدف ہے لیکن کوشش ہوگی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئین شپ کیلئے اچھی پرفارمنس کا مظاہرہ کریں۔انہوں نے کپتانی کے دباؤ سے متعلق سوال پر کہا کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں ملتان سلطانز کی کپتانی کے وقت شاہد بھائی ٹیم میں موجود تھے لیکن کپتانی دی گئی تو ان سے سیکھا، کپتانی کوئی دباؤ نہیں، اس کے علاوہ کاؤنٹی میں قیادت کے فرائض نے بہت کچھ سیکھایا ہے۔ٹیم سلیکشن کے سوال پر شان مسعود کا کہنا تھا کہ مجھ سمیت نئی مینجمنٹ اور سیلکٹرز ایک پیچ پر تھے، ٹیسٹ ٹیم میں زیادہ تبدیلیاں نہیں کی گئی ہیں البتہ ڈومیسٹک میں پرفارم کرنے والے کھلاڑیوں ضرور موقع دیں گے۔ٹیسٹ کپتان نے کہا کہ اظہر علی کی ریٹائرمنٹ کے بعد سے تیسرے نمبر پر کھیل رہا ہوں کوشش کریں گے کہ بابراعظم کی پوزیشن کو نہ چھیڑیں، وہ نمبر 4 پر بیٹنگ کیلئے آئیں گے۔شان مسعود نے محمد رضوان اور سرفراز احمد کے حوالے سے کہا کہ سیفی بھائی نے گزشتہ سیریز میں اچھی کارکردگی مظاہرہ کیا ہے کوشش کریں گے زیادہ تبدیلیوں سے گریز کریں۔ پاکستان کی ٹیم پہلے ہے اگر نائب کپتان کی جگہ نہیں بنتی تو نہیں کھیلے گا، کنڈیشنز کو دیکھتے ہوئے پلئینگ الیون کا حتمی فیصلہ کریں گے۔انہوں نے کہا کہ سرفراز احمد کی ٹیم میں موجودگی ہمارے ساتھ کھیلنا بڑی بات ہے، انکے ساتھ کئی عرصے سے ایک ہی ٹیم میں کرکٹ کھیل رہا ہوں، وہ ٹیسٹ کرکٹ میں تیز کھیلنے والے پہلی پاکستانی کرکٹر تھے۔اوپنر کے حوالے سے کپتان نے کہا کہ گزشتہ سالوں میں امام نے بطور اوپنر اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا ہے، ایک الگ برانڈ کی کرکٹ متعارف کروانا چاہتے ہیں، صائم ایوب نے ڈومیسٹک میں شاندار فارم پیش کی ہے یہ دیکھتے ہوئے انکو موقع دیں گے۔

ویرات کوہلی کا کرکٹ سے وقفہ لینے کا فیصلہ

 ویرات کوہلی کا  کرکٹ سے وقفہ لینے کا فیصلہ



نئی دہلی: بھارت کے مایہ ناز بلے باز ویرات کوہلی نے ون ڈے اور ٹی 20 کرکٹ سے وقفہ لینے کا فیصلہ کرلیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق ویرات کوہلی دورہ جنوبی افریقا میں ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے میچز کیلئے دستیاب نہیں ہوں گے تاہم ٹیسٹ میچز کیلئے وہ بدستور موجود ہوں گے۔ ویرات کوہلی نے بی سی سی آئی کو اپنے فیصلے سے آگاہ کردیا ہے۔بھارت کے دورہ جنوبی افریقا کا آغاز 10 دسمبر کو ڈربن میں ٹی 20 انٹرنیشنل سے ہوگا۔ دورے کے دوران تین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل، تین ون ڈے اور دو ٹیسٹ میچ کھیلے جائیں گے۔حالیہ ورلڈ کپ میں ویرات کوہلی نے انتہائی شاندار پرفارمنس دکھائی تھی۔ وہ 11 اننگز میں تین سنچریوں کی مدد سے 765 رنز بناکر ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ انہوں نے سچن ٹنڈولکر کا سب سے زیادہ سنچریوں کا ریکارڈ بھی توڑ دیا تھا۔ویرات کوہلی اس وقت لندن میں چھٹیاں گزار رہے ہیں۔ وہ گزشتہ کچھ مہینوں سے نان اسٹاپ کرکٹ کھیل رہے تھے۔ آخری بار انہوں نے ستمبر میں ورلڈ کپ سے پہلے وقفہ لیا تھا جب انہیں اور کپتان روہت شرما کو آسٹریلیا کے خلاف پہلے دو ون ڈے میچوں میں آرام دیا گیا تھا۔

عمران خان چیئرمین پی ٹی آئی تھے، ہیں اور تاحیات رہیں گے، بیرسٹر گوہر


 عمران خان چیئرمین پی ٹی آئی تھے، ہیں اور تاحیات رہیں گے، بیرسٹر گوہر


 اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے نامزد چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا ہے کہ عمران خان چیئرمین پی ٹی آئی تھے ہیں اور تاحیات رہیں گے۔بیرسٹر گوہر علی خان نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے مجھ پر، میرے ضلع، میرے صوبے اور پوری ٹیم پر جو اعتماد کیا ، اس پر ان کا شکریہ ادا کرنے کے لیے میرے پاس الفاظ نہیں۔بیرسٹر گوہر علی خان کا کہنا تھا کہ میں ان کے نامزد کردہ نمائندے اور جانشین کی حیثیت سے ہوں گا، پی ٹی آئی وہی ہے جو خان صاحب کی ہے، عمران خان جیل کے اندر ہوں یا باہر، وہ لیڈر ہیں، یہ فیصلہ ہوچکا کہ وہ چیئرمین تھے، ہیں اور تاحیات چیئرمین رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ میں اس وقت تک چیئرمین کی ذمے داریاں نبھاؤں گا جب تک عمران خان اپنی سیٹ پر باعزت طور پر واپس نہیں آجاتے اور انشاءاللہ وہ دور نہیں ہوگا، جب وہ واپس آئیں گے ، ہوسکتا ہے وہ دن کل ہی ہو۔انہوں نے مزید کہا کہ ہمارا نظریہ، پی ٹی آئی، ہمارا کام، ہماری جدوجہد وہی ہے جس کی عمران خان نے ابتدا کی اور چلا رہے ہیں، ہمارا وہی اول و آخر نظریہ ہے جو عمران خان کا ہے۔بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا اللہ ہمیں ہمت دے کہ اس بھاری ذمہ داری کو مشکل وقت میں نبھا سکیں، جو لوگ یہاں تک ہمیں لے آئے کہ عمران خان کو یہ قدم اٹھانا پڑا، یہ دن واپس پھر جائیں، اور عوام کا لیڈر واپس عوام میں آکھڑا ہو۔

انتظار کی گھڑیاں ختم، ہریتھک روشن کی فلم 'وار2' کی ریلیز کی تاریخ سامنے آگئی

 انتظار کی گھڑیاں ختم، ہریتھک روشن کی فلم 'وار2' کی ریلیز کی تاریخ سامنے آگئی



 ممبئی: بالی وڈ سپر اسٹار ہریتھک روشن کی بلاک بسٹر فلم ’وار 2‘ کے چرچے ہر طرف ہیں اور اب اس فلم کی ریلیز کی تاریخ سامنے آگئی ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق ہریتھک روشن کی بلاک بسٹر فلم ’وار 2‘ سال 2025 میں 14 اگست کو ریلیز ہوگی جبکہ فلم کی شوٹنگ کا آغاز فروری 2024 سے ہوگا۔ڈائریکٹر ایان 2023 سے ہی فلم کی شوٹنگ کا آغاز کرنا چاہتے ہیں لیکن  ہریتھک روشن ’فائٹر‘ کی شوٹنگ کیلئے اٹلی میں مصروف ہیں۔میگا ایکشن اور تھرلر فلم کیلئے کیارا ایڈوانی کو خاتون کے مرکزی کردار کیلئے فائنل کرلیا گیا ہے۔اطلاعات کے مطابق ’وار‘ سیکوئیل میں انڈسٹری کے بڑے سپر اسٹاروں شاہ رخ خان اور سلمان خان کو بھی شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔1995 میں بلاک بسٹر فلم ’کرن ارجن‘ کے بعد شاہ رخ اور سلمان پہلی مرتبہ ایک ساتھ ایکشن بڑے پردے پر مداحوں کو محظوظ کریں گے۔واضح رہے کہ یش راج فلمز نے اعلان کیا تھا کہ ’پٹھان‘ ڈائریکٹر اگلی فلم ’ٹائیگر ورسز پٹھان‘ بنائیں گے جس میں شاہ رخ خان اور سلمان خان ساتھ نظر آئیں گے۔

دوران پرواز میاں بیوی لڑ پڑے؛ طیارے کی ہنگامی لینڈنگ


 دوران پرواز میاں بیوی لڑ پڑے؛ طیارے کی ہنگامی لینڈنگ


سوئٹزرلینڈ سے بینکاک جانے والی پرواز میں مسافر میاں بیوی آپس میں بری طرح جھگڑ پڑے جس کے باعث طیارے کو نئی دہلی میں ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق جرمن ایئرلائن لفتھانسا کے مسافر بردار طیارے نے نئی دہلی کے اندرا گاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کی۔ یہ طیارہ سوئٹزر لینڈ کے شہر میونخ سے بینکاک جا رہا تھا۔بھارت میں ہنگامی لینڈنگ سے قبل طیارے نے پاکستان میں اترنے کی اجازت مانگی تھی لیکن اجازت نہ ملنے کے باعث پائلٹ نے نئی دہلی میں لینڈنگ کی جہاں دونوں مسافروں کو اتار دیا گیا۔میاں بیوی کو اندرا گاندھی ایئرپورٹ پر سیکیورٹی کے حوالے کرکے طیارہ اپنے منزل مقصود کی جانب روانہ ہوگیا۔ مسافر میاں بیوی کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔ انڈین ایوی ایشن کے حکام نے مسافر میاں بیوی کے حوالے سے جرمنی کے سفارت خانے سے رابطہ کیا ہے اور ابھی یہ فیصلہ نہیں ہوا کہ دونوں کو پولیس کے حوالے کیا جائے گا یا سفارت خانے بھیجا جائے گا۔میاں بیوی نے اندرا گاندھی ایئرپورٹ پر اترنے کے بعد طیارے کے عملے سے اپنے رویے پر معافی مانگتے ہوئے جہاز میں سفر جاری رکھنے کی درخواست کی تھی۔