Thursday, 30 November 2023

تاریخ میں پہلی بار یوگنڈا نے آئی سی سی ورلڈ کپ کیلئے کوالیفائی کرلیا


 تاریخ میں پہلی بار یوگنڈا نے آئی سی سی ورلڈ کپ کیلئے کوالیفائی کرلیا

  کراچی: تاریخ میں پہلی بار افریقی ملک یوگنڈا نے آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کیلئے کوالیفائی کرلیا۔کوالیفائنگ راونڈ میں یوگنڈا نے چھ میچوں میں سے پانچ میں کامیابی حاصل کرکے افریقا ریجن میں ٹاپ ٹو میں جگہ بنالی۔ یوں یوگنڈا ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 میں کوالیفائی کرنے میں کامیاب ہوگیا ہے۔یوگنڈا کسی بھی آئی سی سی ورلڈ کپ ایونٹ میں پہلی بار شرکت کرے گا جبکہ ورلڈ کپ میں شرکت کرنے والا پانچواں افریقی ملک ہوگا۔یوگنڈا نے کوالیفائنگ راؤنڈ میں تنزانیہ، زمبابوے، نائیجریا، روانڈا اور کینیا کو ہرایا جبکہ نمیبیا سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ پہلی بار آئی سی سی ورلڈ کپ کیلئے کوالیفائی کرنے پر روانڈا کے کھلاڑیوں کی خوشی کا کوئی ٹھکانہ نہ تھا اور انہوں نے اس کامیابی پر خوب جشن منایا۔واضح رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 کی میزبانی ویسٹ انڈیز اور امریکا کریں گے۔ اس ٹورنامنٹ کا فارمیٹ گزشتہ دو ایڈیشنز سے مختلف ہوگا جس میں 20 ٹیموں کو پہلے راؤنڈ کیلئے پانچ پانچ کے چار گروپوں میں تقسیم کیا جائے گا۔آئی سی سی کے مطابق ہر گروپ سے سرفہرست دو ٹیمیں سپر 8 کے لیے کوالیفائی کریں گی۔ سپر 8 ٹیموں کو چار چار کے دو گروپس میں تقسیم کیا جائے گا، ہر گروپ میں سرفہرست دو ٹیمیں سیمی فائنل میں پہنچیں گی۔ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 کیلئے تمام 20 ٹیموں کی لائن اپ مکمل ہوچکی ہے۔ ٹورنامنٹ میں شرکت کرنے والی ٹیموں میں آسٹریلیا، انگلینڈ، بھارت، نیدرلینڈز، نیوزی لینڈ، پاکستان، جنوبی افریقا، سری لنکا، افغانستان، بنگلا دیش، کینیڈا، نیپال، عمان، پاپوانیوگنی، آئر لینڈ، اسکاٹ لینڈ، نیبیا، یوگنڈا شامل ہیں۔ ویسٹ انڈیز اور امریکا کی ٹیمیں بطور میزبان ٹورنامنٹ کا حصہ ہوں گی۔

رحیم یار خان : دو قبیلوں میں تصادم کے دوران آٹھ افراد جاں بحق


 رحیم یار خان : دو قبیلوں میں تصادم کے دوران آٹھ افراد جاں بحق

رحیم یار خان کے نزدیک کچھ ماچھک میں دو قبیلوں میں تصادم کے دوران آٹھ افراد جاں بحق ہوگئے۔ بھی اطلاعات ہیں کہ شر اور کوش برادری کے ڈاکوؤں کی جانب سے سولنگی سیلرا برادری پر حملہ کیا گیا جس میں خاتون سمیت 8 افراد ہلاک ہوئے، ہلاک ہونے والوں میں حملہ آور دو ڈاکوؤں بھی شامل ہیں۔موصولہ اطلاعات کے مطابق واقعہ ماچھکہ کے علاقے میں پیش آیا۔ترجمان پولیس کے مطابق شر اور ماچھی قبیلے کے درمیان پرانی دشمنی کی وجہ سے فائرنگ کا واقع پیش آیا، دونوں اطراف سے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں، ایس ایچ او ماچھکہ بکتر بند گاڑیوں، ایلیٹ کی بھاری نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے ہیں، دو طرفہ فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے۔

پنجاب حکومت کا لاہور میں مصنوعی بارش کا منصوبہ ناکام


 پنجاب حکومت کا لاہور میں مصنوعی بارش کا منصوبہ ناکام

 لاہور: پنجاب حکومت کا لاہور میں مصنوعی بارش کا منصوبہ ناکام ہوگیا، حکومت کے پاس موجود اسپرے کرنے والے 6 طیارے ناکارہ ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق 6 اسپرے طیارے والٹن ایئرپورٹ پر گراونڈ کر دیے گئے، طیارے پلانٹ پروٹیکشن ڈیپارٹمنٹ کے زیر استعمال تھے۔فنڈز کی کمی کے باعث طیاروں کی بحالی بھی التوا کا شکار ہے۔ بھاری اخراجات اور بادلوں کی غیر یقینی صورتحال کے باعث غیرملکی فضائی کمپنیوں سے بھی طیارہ نہیں لیا جا رہا۔دوسری جانب، لاہور میں آج صبح قدرتی بارش کے باعث اسموگ میں کمی آگئی ہے جبکہ سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔

منی لانڈرنگ کیس؛ مونس الہی کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی شروع

 



منی لانڈرنگ کیس؛ مونس الہی کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی شروع

 لاہور: ایف آئی اے منی لانڈرنگ مقدمے میں بڑی پیش رفت ہوگئی۔عدالتی حکم پر مونس الہی کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی شروع کردی گئی۔ مختلف جگہوں پر مونس الہی سے متعلق اشتہارات آویزاں کردیے گئے۔ اشتہار کے متن کے مطابق مونس الہی روپوش ہیں اور عدالت میں پیش نہیں ہورہے۔اسپیشل سینٹرل عدالت کے جج نے منی لانڈرنگ کیس میں اشتہاری کی کارروائی شروع کی۔ مونس الہی کو آج عدالت میں پیش ہونے کی مہلت دی گئی تھی۔ ایف آئی اے نے چالان عدالت جمع کرا رکھا ہے۔

ایک بیٹا 3 مائیں، نادرا کا انوکھا کارنامہ


 ایک بیٹا 3 مائیں، نادرا کا انوکھا کارنامہ

  کراچی: ایک بیٹا 3 مائیں، نادرا کا انوکھا کارنامہ، خاتون نے نادرا کیخلاف سندھ ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا۔عدالت عالیہ نے نادرا کو نوٹس جاری کردیئے۔ ہائیکورٹ میں نادرا کی جانب سے ایک بیٹے کی تین ماؤں کے ریکارڈ کیخلاف صدف کے درخواست پر سماعت ہوئی۔درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف دیا کہ نادرا ریکارڈ کے مطابق 17 سالہ نوجوان عمر رضا کی تین تین مائیں ہیں۔ نوجوان عمر رضا کے والدین میں علیحدگی ہوگئی ہے۔ ایک جگہ دادی ماں ہے، تو دوسری جگہ سوتیلی ماں والدہ ہے۔ نادرا ریکارڈ میں نوجوان کی 3 ماؤں کے غلط ریکارڈ کی وجہ سے مستقبل میں مسئلہ ہوسکتا ہے۔ عدالت نے نادرا کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔

190 ملین پاؤنڈز کرپشن کیس؛ عمران خان کی درخواستِ ضمانت بعد از گرفتاری دائر


 190 ملین پاؤنڈز کرپشن کیس؛ عمران خان کی درخواستِ ضمانت بعد از گرفتاری دائر

 اسلام آباد: چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے 190 ملین پاؤنڈز کرپشن کیس میں درخواست ضمانت بعد از گرفتاری دائر  کردی گئی۔عمران خان کی جانب سے وکیل لطیف کھوسہ، انتظار پنجوتھہ، علی اعجاز کے ذریعے درخواست  احتساب عدالت اسلام آباد میں دائر کی گئی ہے، جس پر جج محمد بشیر نے نوٹسز جاری کردیے ہیں۔ درخواست ضمانت میں چیئرمین نیب اور ڈائریکٹر جنرل نیب کو فریق بنایا گیا ہے ۔درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ درخواست گزار سابق وزیراعظم اور معروف کرکٹر رہ چکے ہیں۔ چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف سیاسی بنیادوں پر ان کی شہرت کو نقصان پہنچایا جارہا ہے۔ عدالت سے استدعا ہے کہ 190 ملین پاؤنڈز اسکینڈل کیس کے فیصلے تک ضمانت بعد از گرفتاری منظور کی جائے۔احتساب عدالت کی جانب سے نوٹسز جاری کیے جانے کے بعد نیب پراسیکیوٹر سہیل عارف نے کمرہ عدالت ہی میں نوٹس وصول کرلیا۔ عدالت نے سماعت 4 دسمبر تک ملتوی کردی۔

نگراں وفاقی وزرا گوہر اعجاز اور عمر سیف کے اثاثے منظر عام پر


 نگراں وفاقی وزرا گوہر اعجاز اور عمر سیف کے اثاثے منظر عام پر

 اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے نگران وفاقی وزراء کے اثاثوں کے تفصیلات جاری کردیں، گوہر اعجاز کے پاس اربوں روپے کے اثاثے ہیں،  ان کے کمسن بچے ایک ارب 57 کروڑ 16 لاکھ کے مالک ہیں، وزیر برائے آئی ٹی عمر سیف کے پاس 28 کروڑ کے اثاثے ہیں۔ایکسپریس نیوز کے مطابق الیکشن کمیشن میں جمع کرائی تفصیلات میں نگران وزیر برائے کامرس گوہر اعجاز نے زرعی اراضی میں 3 لاکھ 12 ہزار روپے کا حصہ ظاہر کیا ہے، لاہور میں دس کنال اراضی ہے جس کی مالیت 4 کروڑ 56 لاکھ ظاہر کی ہے، لاہور میں ہی 132 کنال اراضی کی مجموعی مالیت دو کروڑ 91 لاکھ روپے ظاہر کی ہے۔ لاہور میں 8 کنال رقبے کی قیمت ساڑھے 71 لاکھ روپے، لاہور میں 16 کنال اراضی 86 لاکھ روپے ظاہر کی ہے اور 1195 کنال اراضی 1 ارب 19 کروڑ38 لاکھ ظاہر کی۔گوہر اعجاز چنیوٹ میں واقع وارثی گھر میں 50 ہزار روپے کے حصے کے مالک ہیں، لاہور کے وارثتی گھر میں ان کا 1 کروڑ 57 لاکھ روپے مالیت کا حصہ ہے، ماڈل ٹاؤن میں 79 کروڑ 84 لاکھ روپے مالیت کا گھر بھی گوہر اعجاز کی ملکیت ہے۔وہ کراچی میں 68 لاکھ روپے کی دکان کے مالک ہیں، لاہور میں 14 کروڑ مالیت کا پلاٹ بھی اثاثوں میں ظاہر کیا گیا ہے، لاہور میں 35 کنال زمین کی قیمت ساڑھے 17 کروڑ ظاہر کی ہے، لاہور ماڈل ٹاؤن والدہ کے نام پر مکان پونے تین کروڑ روپے مالیت کا ظاہر  کیا ہے، اہلیہ کے نام چار جائیدادیں ہیں، اہلیہ کے نام وارثتی مکان میں 1 کروڑ 42 لاکھ کا حصہ ہے، اہلیہ کے نام 19 کنال زمین 1 کروڑ 78 لاکھ روپے کی ہے، ایبٹ آباد مکان کی مالیت 6 کروڑ 87 لاکھ روپے ظاہر کی ہے۔پاکستانی میں پراپرٹی بزنس میں 18 کروڑ 7 لاکھ روپے ظاہر کیے ہیں، اسٹاک مارکیٹ میں 1 ارب 50 کروڑ 56 لاکھ روپے سے زائد کے شئیر کے مالک ہیں، گاڑیوں میں بی ایم ڈبلیو 1 کروڑ دو لاکھ روپے، مرسیڈیز 95 لاکھ اور لینڈ روور 7 کروڑ دس لاکھ روپے کی ہے، جیولری 4 کروڑ 36 لاکھ اور کیش 3 کروڑ 14 لاکھ روپے ظاہر کیا ہے، بینکوں میں 1 کروڑ 60 لاکھ روپے پڑے ہیں، 1 لاکھ دس ہزار روپے کے فرنیچر کے مالک ہیں، 1 کروڑ 32 لاکھ کے گھوڑے اور دیگر سامان کے مالک ہیں، گوہر اعجاز کے کمسن بچے ایک ارب 57 کروڑ 16 لاکھ کے مالک ہیں۔

عمر سیف 28 کروڑ روپے کے اثاثوں کے مالک

الیکشن کمیشن نے نگران وفاقی وزیر برائے آئی ٹی عمر سیف کے اثاثے بھی ظاہر کیے ہیں جو کہ 28 کروڑ روپے سے زائد اثاثوں کے مالک ہیں۔ڈی ایچ اے ملتان میں 1 کنال رہائشی پلاٹ کی مالیت 62 لاکھ 50 ہزار ظاہر کی گئی ہے، ڈی ایچ اے لاہور میں 4 مرلہ کمرشل پلاٹ کی مالیت 3 کروڑ 5 لاکھ 50 ہزار ظاہر کی گئی، لاہور کے علاقے مسلم ٹاؤن میں تجارتی عمارت کی مالیت 70 لاکھ بتائی گئی، ڈی ایچ اے لاہور میں اہلیہ کے نام پر 1 کنال رہائشی پلاٹ کی مالیت 1 کروڑ 43 لاکھ بتائی گئی۔عمر سیف نے ڈی ایچ اے لاہور فیز 9 میں اہلیہ کے نام پر 4 مرلے کے رہائشی پلاٹ کی مالیت 4 کروڑ 35 لاکھ ظاہر کی، اہلیہ کے نام پر ڈی ایچ اے فیز 11 میں 4 مرلے کے کمرشل پلاٹ کی مالیت 2 کروڑ 10 لاکھ 46 ہزار ظاہر کی، اہلیہ کے نام پر نیول اینکریج لاہور میں 4 مرلے کی دو پلاٹوں کی مالیت 1 کروڑ 50 لاکھ ظاہر کی۔نگران وزیر برائے آئی ٹی نے اہلیہ کے نام پر ایل ڈی اے سٹی لاہور میں 10 مرلے کے رہائشی پلاٹ کی مالیت 27 لاکھ روپے ظاہر کی، نیول اینکریج لاہور میں اہلیہ کے نام پر 10 مرلے کے 2 رہائشی پلاٹس کی قیمت 1 کروڑ 19 لاکھ روپے ظاہر کی، اہلیہ کے نام پر اوئسٹر کاؤنٹ گلبرگ 3 لاہور میں اپارٹمنٹ کی قیمت 50 کروڑ ظاہر کی۔انہوں ںے بیرون ملک کاروبار کی مالیت 11 ہزار نو سو 75 ڈالر ظاہر کی، ٹی پی ایل پی میں 4 لاکھ شیئرز کی مالیت 4 کروڑ سے زائد اور ڈیڑھ لاکھ شیئرز کی قیمت 6 لاکھ 74 سے زائد ظاہر کی، آئی ٹی کمپنی میں شیئرز کی مالیت 48 لاکھ سے زائد ظاہر کی ، 110 تولہ سونے کی مالیت 56 لاکھ سے زائد ظاہر کی، نقدی کی صورت میں نگران وزیر آئی ٹی نے 10 لاکھ روپے سے زائد رقم ظاہر کی۔نگران وزیر آئی ٹی عمر سیف نے ایک نجی بینک اکاؤنٹ میں 5 کروڑ 26 لاکھ روپے سے زائد جبکہ دوسرے اکاؤنٹ میں 20 ہزار ڈالر سے زائد رقم ظاہر کی، عمر سیف کی اہلیہ کے اکاؤنٹ میں 97 لاکھ روپے سے زائد رقم موجود ہے۔

پی ایس ایل 9 ؛ افتخار احمد ملتان سلطانز کا حصہ بن گئے


 پی ایس ایل 9 ؛ افتخار احمد ملتان سلطانز کا حصہ بن گئے

 لاہور: پی ایس ایل 9کیلیے ملتان سلطانز نے افتخار احمد کی خدمات حاصل کرلیں، بدلے میں رائلی روسو گلیڈی ایٹرز کے اسکواڈ کا حصہ بن گئے۔فرنچائزز کی ٹریڈنگ کے نتیجے میں ملتان سلطانز نے افتخار احمد اور پہلی پلاٹینم پک جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے رائلی رسو اورسلور راؤنڈ پک کا حق حاصل کیا ہے۔افتخار احمد کا کہنا ہے کہ سلطانز کا حصہ بننے پر خوش ہوں، ملتان کی نمائندگی میرے لیے اعزاز کی بات ہے، یہاں کے شائقین میں کرکٹ کا ایک جنون ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 3 سیزنز میں فرنچائز کی کارکردگی بھی شاندار رہی ہے۔ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان نے بیٹر کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ ٹیم میں افتخار احمد کا استقبال کرتا ہوں، ان کی مہارت اور تجربہ ٹیم کیلیے کارآمد ثابت ہوگا، ان کی میدان میں پرفامنس ہی نہیں ڈریسنگ روم میں موجودگی بھی خوش آئند ہوگی۔ہیڈ کوچ عبدالرحمان نے کہا کہ پی ایس ایل کی بڑی ٹریڈز میں سے ایک کے نتیجے میں افتخار احمد کی خدمات حاصل ہوئی ہیں، وہ ایک میچ ونر ہیں، اننگز کے کسی بھی مرحلے میں فتح کیلیے ان پر بھروسہ کیا جاسکتا ہے۔

موسم سرما کی تعطیلات کا نوٹیفکیشن جاری

موسم سرما کی تعطیلات کا نوٹیفکیشن جاری


  کراچی: محکمہ تعلیم سندھ نے موسم سرما کی تعطیلات کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔محکمہ تعلیم سندھ کے مطابق تمام نجی و سرکاری تعلیمی اداروں میں 22 دسمبر سے 31 دسمبر 2023 تک موسم سرما کی تعطیلات ہوں گی جبکہ تمام  تعلیمی ادارے یکم جنوری  2024 سے واپس کھلیں گے۔تعطیلات کا اطلاق تمام سرکاری و نجی اسکولوں پر ہوگا۔ موسم سرما کی 10 روز کی چھٹیوں کے دوران طلباء کو گھر میں پڑھنے کیلئے ہوم ورک بھی دیا جائے گا۔

سالانہ1 لاکھ 41 ہزار بچے ماں کا دودھ نہ ملنے سے جاں بحق ہوجاتے ہیں، سینیٹ کمیٹی میں انکشاف


 سالانہ1 لاکھ 41 ہزار بچے ماں کا دودھ نہ ملنے سے جاں بحق ہوجاتے ہیں، سینیٹ کمیٹی میں انکشاف

 اسلام آباد: سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے صحت کے اجلاس میں انکشاف کیا گیا ہے کہ سالانہ ایک لاکھ 41 ہزار بچے ماں کا دودھ میسر نہ ہونے کے باعث موت کے منہ میں چلے جاتے ہیں۔سینیٹ کی قائمہ کمیٹی صحت کا اجلاس چیئرمین کمیٹی ہمایوں مہمند کی زیر صدارت منعقد ہوا، اجلاس میں انجرڈ ٹریٹمنٹ بل 2023 پیش کیا گیا۔نجی اسپتالوں میں حادثات کا شکار مریضوں کے بل حکومت کی طرف سے ادا کیے جانے پر سیکرٹری وزارت صحت نے کہا کہ اس عمل کے لیے بجٹ کی ضرورت ہوگی۔ینیٹر مہر تاج روغانی نے کہا کہ پولی کلینک میں آپریشن ہوتے نہیں تھے اور بجٹ کولیپس بھی ہو گیا تھا ، جہاں بجٹ ملا وہاں کیا اور کہاں استعمال ہوا۔سینیٹر جام مہتاب نے کہا کہ ایمرجنسی میں ہر صورت میں مریضوں کو ٹریٹمنٹ دینے کی ضرورت ہے، یہ بات بل میں بھی موجود ہے، زندگی بچانا اول ہو، میڈیکو لیگل کے سسٹم اور فریم ورک پر غور ترجیح ہونا تشویشناک ہے۔چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ عوامی ضرورت کے تحت اس بل کو ہمیں منظور کرنا ہو گا۔ سینیٹر مہر تاج نے کمیٹی میں انکشاف کیا کہ ایک لاکھ41 ہزار بچے ماں کا دودھ نہ ملنے کے باعث مختلف بیماریوں کا شکار ہو کر موت کے منہ میں چلے جاتے ہیں، مصنوعی خوراک سے بچوں میں غذائی ضرورت پوری نہیں ہوتی۔انہوں نے مزید کہاکہ 36 ماہ تک  بچوں کو ماں کا دودھ دینا لازم ہے،  عالمی ادارہ صحت بھی اس مدت تک مارکیٹ پروڈکٹ کی مخالفت کرتا ہے، 36 ماہ سے کم عمر بچوں کو ڈبے کا دودھ اور خوراک دینے کی حوصلہ شکنی ضروری ہے۔ بل میں تجویز کیاگیا ہے کہ مینوفیکچررز کے خلاف 4 سال قید اور 5 ملین جرمانے کو قانون کا حصہ بنایا جانا چاہیے۔چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ یہ کیس عدالت میں مینوفیکچرر لے کر جائیں تو ہمیں کریمنل کورٹ میں دفاع اور سفارشات پیش کرنا ہوں گی۔قائمہ کمٹی میں وزارت کی جانب سے اسپتالوں کو بجٹ سے انکار کا معاملہ بھی زیر غور آیا جس پر وزارت صحت کے حکام نے بتایا کہ بجٹ کے لیے فنڈز موجود نہیں ہیں، فنڈز ریلیز ہوں گے تو مہیا کیے جائیں گے ۔

سال 2023؛ پاکستان میں سب سے زیادہ سنے جانے والے سنگرز کی فہرست جاری


 سال 2023؛ پاکستان میں سب سے زیادہ سنے جانے والے سنگرز کی فہرست جاری

دنیا بھر میں نغموں کو سننے کے لیے سب سے زیادہ استعمال ہونے والی میوزک اسٹریمنگ سروس Spotify نے پاکستان میں سال 2023 کے دوران مداحوں کے دلوں پر راج کرنے والے ممتاز گلوکاروں کی عالمی فہرست جاری کردی جس میں پاکستانی گلوکار بھی شامل ہیں۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اسپاٹی فائی (Spotify) کے Wrapped 2023 کے تحت پاکستان میں سب سے زیادہ سنے جانے والے گلوکاروں کی فہرست جاری کردی۔رواں برس کے اختتام پر پاکستانی گلوکار عاطف اسلم اور طلحہ انجم نے ایک بار پھر موسیقی کی دنیا میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے میں کامیاب رہے ہیں اور پاکستان کے سب سے زیادہ اسٹریم کیے جانے والے گلوکاروں کی فہرست میں شامل ہیں۔مجموعی طور پاکستان میں سب سے زیادہ اسٹریم کیے جانے والے گلوکار بھارتی ارجیت سنگھ ہیں۔ ان کے علاوہ پریتم، اے پی ڈھلن، عاطف اسلم، طلحہ انجم، ٹیلر سوئفٹ،نصرت فتح علی خان، آنجہانی موسیٰ والا، راحت فتح علی خان اور عاصم اظہر وغیرہ بھی شامل ہیں۔پاکستان میں گلوکاراؤں میں پسوڑی سے عالمی شہرت حاصل کرنے والی شائی گل اوّل نمبر پر ہیں۔ ان کے بعد مومنہ مستحسن اور عابدہ پروین کو سب سے زیادہ سنا گیا۔ فہرست میں قرۃ العین بلوچ، نصیبو لال اور آئمہ بیگ بھی شامل ہیں۔اسی طرح 23 سال قبل انتقال کرجانے والی نازیہ حسن اب بھی سب سے زیادہ سنے جانے والی گلوکاراؤں کی فہرست میں شامل ہیں۔نوجوان گلوکار عمیر اور عبدالحنان بھی 10 زیادہ سنے جانے والے پاکستانی گلوکاروں کی فہرست میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوگئے۔مقبول پاکستانی گانوں کی بات کی جائے تو کیفی کے گانے ’’کہانی سنو‘‘ کو کوئی اور نغمہ مقبولیت میں شکست نہیں دے سکا تاہم نئے گلوکار عبد الحنان کے تین نغموں ’’ارادے، بکرا اور سیا‘‘ نے بھی مقبولیت کے جھنڈے گاڑ دیے۔اگر بات کی جائے میوزک البم کی تو طلحہ انجم کے ’’اوپن لیٹر‘‘ نے پاکستانی گلوکاروں کے البمز میں میدان مار لیا ہے۔ اس البم کی مقبولیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ اسے صرف شبھ کے اسٹیل رولن نے پیچھے چھوڑا۔