Tuesday, 5 December 2023

کراچی میں ڈکیتی مزاحمت پر معروف ذاکر زخمی


 کراچی میں ڈکیتی مزاحمت پر معروف ذاکر زخمی


  کراچی: شہر قائد میں پھرتے دندناتے ڈاکوؤں نے ملیر میں معروف ذاکر علامہ سید جواد حیدر زیدی کو مزاحمت پر زخمی کردیا۔تفصیلات کے مطابق  ملیر سٹی کے علاقے میں موٹر سائیکل سوار ڈاکوؤں نے ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر 58 سالہ علامہ سید جواد حیدر زیدی کو فائرنگ کر کے زخمی کر دیا اور لوٹ مار کے بعد موقع سے فرار ہوگئے۔پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ جعفر طیار سوسائٹی امامیہ مسجد کے قریب پیش آیا، جس میں زخمی ہونے والے 58 سالہ سید جواد حیدر زیدی کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا اور اُن کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ ڈاکٹرز کے مطابق جواد حیدر کی ران پر گولی لگی ہے۔اس حوالے سے پولیس نے علاقے میں نصب کلوز سرکٹ کیمروں کی فوٹیجز حاصل کرنے کی کوششیں شروع کردیں تاکہ واردات میں ملوث ڈاکوؤں کی شناخت میں مدد مل سکے۔آئی جی سندھ رفعت مختار راجہ نے علامہ سید جواد حیدر زیدی کو ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر فائرنگ کا نشانہ بنا کر زخمی کرنے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی ایسٹ کو واردات میں ملوث ملزمان کو گرفتار کرنے کی ہدایت جاری کردی ہیں۔

اشنا شاہ نے عمرے کی سعادت حاصل کرلی، فسلطینیوں کیلئے خصوصی دعائیں


 اشنا شاہ نے عمرے کی سعادت حاصل کرلی، فسلطینیوں کیلئے خصوصی دعائیں


ریاض / مکہ مکرمہ: پاکستان کی معروف اداکارہ اشنا شاہ نے عمرے کی سعادت حاصل کرلی اور انہوں نے خانہ کعبہ میں تمام مسلمانوں اور غزہ کے مظلوم فلسطینیوں کیلئے خصوصی دعائیں مانگی ہیں۔ اداکارہ نے انسٹاگرام اور ایکس پر اپنی تصاویر اور ویڈیو شیئر کی جس میں انہیں حرم کعبہ کے اندر اپنے شوہر حمزہ امین کے ساتھ دیکھا جاسکتا ہے۔اشنا شاہ نے اپنی شوہر کے ساتھ عمرے کیلئے سفر کیا اور انہوں نے مداحوں کو خبر دی کہ ان کے شوہر نامور گالفر حمزہ امین کا یہ پہلا عمرہ ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اداکارہ کی طرف سے پوسٹ کی گئی ایک ویڈیو میں لوگ طواف کررہے ہیں اور اشنا شاہ نے اس موقع پر مظلوم فلسطینیوں کی آزادی کیلئے اللہ تعالیٰ سے خصوصی دعائیں مانگی ہیں۔انسٹاگرام پوسٹ پر اشنا شاہ نے ترکیہ ویب سیریز ’فاتح صلاح الدین ایوبی‘ کے پروڈیوسر ڈاکٹر کاشف انصاری کا شکریہ بھی ادا کیا اور تاریخی ویب سیریز کا حصہ بننے پر مسرت کا اظہار کیا۔

گیس کی قیمت بڑھنے اور عدم فراہمی پر صنعتوں کی ہڑتال، ایکسپورٹ روکنے کی دھمکی


گیس کی قیمت بڑھنے اور عدم فراہمی پر صنعتوں کی ہڑتال، ایکسپورٹ روکنے کی دھمکی


  کراچی: صنعت کاروں نے گیس کی قیمت بڑھنے اور عدم فراہمی کے خلاف پیر کو شہر بھر میں ہڑتال کی اور صنعتوں کو تالے ڈال دیئے اور مسائل حل نہ ہونے پر صنعتوں کی بندش میں توسیع اور ایکسپورٹ بند کرنے کی دھمکی دے دی۔آل انڈسٹریل آلائنس کی جانب سے اعلان کردہ ہڑتال پر آج پیر کو کراچی سمیت سندھ اور بلوچستان کی صنعتیں بند کردی گئیں، فیکٹریوں کے باہر سیاہ بنیرز آویزاں کردیے گئے جن پر نعرے درج تھے، ایکسپورٹ انڈسٹری نے بھی اپنی فیکٹریاں بند رکھیں۔اس حوالے سے صنعت کاروں میں سائٹ ایسوسی ایشن میں پریس کانفرنس بھی کی جس میں آل انڈسٹریل آلائنس کے چیف کوآرڈی نیٹر  جاوید بلوانی، نکاٹی کے صدر فیصل معز، سائٹ ایسوسی ایشن کے صدر کامران عربی اور دیگر موجود تھے۔ صنعت کاروں نے  حکومت کو خبردار کیا کہ گیس ٹیرف کا مسئلہ حل نہ کیا گیا تو وہ ہڑتال کے دورانیے کو ایک ہفتے تک توسیع دے دیں گے اور صنعتیں بند کرنے کے ساتھ ایکسپورٹ بھی روک دی جائے گی۔جاوید بلوانی نے کہا کہ حکومت ہمارے ساتھ بیٹھے اور بات کرے، اگر آئی ایم ایف کے کہنے پر گیس کی سبسڈی ختم کرنی ہے تو پہلے فرٹیلائزر اور آئی پی پیز کو دی جانے والے کراس سبسڈی ختم کی جائے، آج ہم نے صرف دکھانے کے لیے کراچی کی تمام صنعتیں بند کی ہیں اور تمام 11 ایسوسی ایشنز میں آج ایکسپورٹ اور پیداوار بند رکھی گئی ہے لیکن اگر حکومت نے ہمارے مطالبات نہ مانے تو پھر ہم مشاورت کے بعد ایک ہفتے کی مسلسل ہڑتال کریں گے۔ان کا کہنا تھا کہ اتنی مہنگی گیس کے لیے انڈسٹری کسی صورت نہیں چل سکے گی، اگر گیس کی قیمت پر نظر ثانی نہ ہوئی تو صنعتیں اس پیداواری لاگت پر نہیں چلا سکیں گے اور ایکسپورٹ ختم ہوکر رہ جائے گی کیونکہ پاکستان کی مجموعی ایکسپورٹ میں کراچی کا حصہ 60 فیصد سے بھی زائد ہے۔انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ تاجر برادری حکومت سے گیس نرخ کو 1350 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو تک لانے کی اپیل کرتی ہے جس کا تعین اوگرا نے گیس کی 100 فیصد قیمت کے طور پر کیا ہے اور اس میں ایس ایس جی سی کا تقریباً 22 فیصد منافع بھی شامل ہے جبکہ صنعتیں اوگرا کے طے کردہ نرخ پر ادائیگی کے لیے تیار ہیں۔تمام صنعت کاروں نے گیس کی قیمت میں اضافے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اگر حکومت نے گیس کی قیمت کے حوالے سے کوئی فیصلہ نہ کیا تو پھر مزید سخت لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔جاوید بلوانی نے کہا کہ المیہ تو یہ ہے کہ 20 کروڑ کی سبسڈی لینے والوں نے ایک یونٹ نہیں بنایا، گیس کی اسمگلنگ کو بند کرنے کا مطالبہ ہم نے کیا، وسطی ایشیاء ممالک کو گیس دی جارہی ہے، دنیا بھر میں گیس لائن لاسز 1 سے 2 فیصد ہے مگر ہمارے ملک میں لائن لاس 40 فیصد ہے، لائن لاسز کے پیسے بھی یہ ہم سے وصول کررہے ہیں، ہم مسئلے کے حل کے لیے صرف حکومت کے فیصلہ ساز لوگوں سے بات کرنا چاہتے ہیں۔صنعت کاروں کا کہنا تھا کہ کراچی سمیت سندھ اور بلوچستان کے صنعت کار جاوید بلوانی کی قیادت میں متحد ہیں، حکومت کو سنجیدگی سے سوچنا چاہیے کہ اگر صنعتوں کو مہنگی گیس ملی تو پیداواری لاگت بڑھے گی جس سے ایکسپورٹ کم ہوگی اور زرمبادلہ ملک میں کم آئے گا اس لیے حکومت فوری توجہ دے۔

حارث رؤف سمیت تین پاکستانی کرکٹرز کو بگ بیش لیگ کا این او سی جاری


 حارث رؤف سمیت تین پاکستانی کرکٹرز کو بگ بیش لیگ کا این او سی جاری

 لاہور: پی سی بی نے فاسٹ بولرز حارث رؤف، زمان خان اور اسپنر اسامہ میر کو بگ بیش لیگ کیلئے محدود این او سی جاری کردیا۔تینوں کرکٹرز کو پورے ایونٹ کے بجائے 7 سے 28 دسمبر کے درمیان محدود میچز میں شرکت کی اجازت دی گئی ہے۔ پی سی بی نے حارث رؤف اور اسامہ میر کو پانچ، پانچ جبکہ زمان خان کو چار میچوں کے لیے این او سی جاری کیا ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق محدود این او سی دینے کا فیصلہ پی سی بی کی جانب سے کھلاڑیوں پر ورک لوڈ کو کم کرنے اور انکے مستقبل کے شیڈول کو دیکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔ بگ بیش لیگ میں فاسٹ بولر حارث رؤف اور اسامہ میر میلبورن اسٹارزجبکہ زمان خان سڈنی تھنڈرز کا حصہ ہیں۔کرکٹ آسٹریلیا کے زیر اہتمام بگ بیش لیگ کا 13 واں ایڈیشن 7 دسمبر سے آسٹریلیا میں شروع ہوگا۔ ٹورنامنٹ میں کُل 44 میچز کھیلے جائیں گے۔ فائنل 24 جنوری 2024 کو ہوگا۔ ٹورنامنٹ میں پرتھ اسکارچرز کی ٹیم اپنے اعزاز کا دفاع کرے گی۔واضح رہے کہ فاسٹ بولر حارث رؤف کی دورہ آسٹریلیا سے معذرت کے بعد پی سی بی کی جانب سے انہیں بگ بیش لیگ کے لیے این او سی نہ ملنے اور سینٹرل کنٹریکٹ میں تنزلی کا امکان ظاہر کیا جارہا تھا۔

(ن) لیگ کا سندھ میں حلقہ بندیوں کے خلاف عدالت جانے کا اعلان


 (ن) لیگ کا سندھ میں حلقہ بندیوں کے خلاف عدالت جانے کا اعلان


  کراچی: مسلم لیگ (ن) نے الیکشن کمشنر سندھ پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے حلقہ بندیوں کے خلاف عدالت جانے کا اعلان کردیا۔اس بات کا اعلان مسلم لیگ (ن) سندھ کے صدر بشیر میمن، لیگی رہنمائوں کھیل داس کوہستانی ، نہال ہاشمی، قادر بخش کلمتی اور سلمان خان نے پیر کو کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔رہنماؤں نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن سندھ میں حالیہ حلقہ بندیوں کو مسترد کرتی ہے اور ہم اس کے خلاف عدالت جائیں گے، ہم صوبائی الیکشن کمشنر پر عدم اعتماد کرتے ہیں، چیف الیکشن کمشنر اس صورتحال کا نوٹس لیں۔بشیر میمن نے کہا کہ سندھ میں غلط حلقہ بندیاں کی گئیں، نوشہرو فیروز کو بھی توڑا گیا اور چار تعلقوں کو ملا کر ایک حلقہ بنایا گیا، ایسا ہے جیسے فرمائش پر حلقہ بنایا گیا ہے۔لاڑکانہ میں بھی ایسا کیا ہے۔ہم صوبائی الیکشن کمشنر پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہیں۔جس نے بھی ایسا کیا ہے اس کو سزا ملی چاہیے۔ہم عدالتوں میں جائیں گے اور ہمیں عدالتوں سے انصاف ملے گا۔بشیر میمن نے کہا کہ یہ سب کچھ کس کی سفارش پر ہورہا ہے؟ مقبول باقر انصاف پسند ہیں خدا کا واسطہ ہے ہماری درخواست سنیں، میرے اوپر کوئی الزام نہیں ہے، سعید غنی پیپلز پارٹی کے ورکر ہیں مجھے صرف یہ بتا دیں میں نے کس کو دھمکیاں دی ہیں؟قادر بخش کلمتی نے کہا کہ حلقہ بندیوں میں ملیر میں آبادی کا خیال نہیں رکھا گیا،ایک یوسی کو اٹھا کر دوسری یوسی میں شامل کردیا گیا اپنی من مانی کی گئی، کلاک وائز حلقہ بندیوں کی بھی دھجیاں اڑائی گئیں، پیپلز پارٹی کے تمام فرمائشی پروگرام کو پورا کیا گیا ہے پیپلز پارٹی کی کارکردگی سڑے ہوئے کیک کی طرح ہے اس میں آنے والے دن تبدیلی کے ہیں۔نہال ہاشمی نے کہا کہ حلقہ بندیوں کی دھجیاں اڑا دی گئی ہیں، پری پول دھاندلی شروع ہوچکی ہے، پیپلز پارٹی نے سرکاری ملازمین کے ساتھ مل کر پری پول دھاندلی کا سلسلہ شروع کردیا ہے ہم چند روز میں عدالت میں جائیں گے۔

عمران خان کے راز کھولے تو منہ نہیں چھپا سکیں گے، عون چوہدری


 عمران خان کے راز کھولے تو منہ نہیں چھپا سکیں گے، عون چوہدری

 اسلام آباد: استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر عون چوہدری نے عمران خان کے بشریٰ بی بی کا چہرہ نہ دیکھنے کے دعوے کو صدی کا سب سے بڑا جھوٹ قرار دے دیا۔تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے سابق چیئرمین نے اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ میں نے بشریٰ بی بی کا چہرہ نکاح کے بعد دیکھا، قسم کھا کر کہتا ہوں کہ اس سے پہلے کبھی چہرہ نہیں دیکھا۔اس پر عون چوہدری نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان کا بشری بی بی کو نکاح سے پہلے نہ دیکھنے کادعویٰ اس صدی کا سب سےبڑا جھوٹ ہے ،  قوم کے لیڈر کا خود بولنے والا جھوٹ بولے تو میرا فرض ہے کہ سچ سامنے لاؤں،  سابق چیئرمین پی ٹی آئی کے پول کھولے تو انہیں شرم سے  سرچھپانے کی جگہ نہیں ملے گی۔استحکام پاکستان پارٹی کے رہنما نے کہا کہ  سابق چیئرمین پی ٹی آئی بشری بی بی  سے نکا ح سے پہلے درجنوں بارے ملے اور دونوں نے ایک دوسرے کو دیکھا بھی تھا،  بشری بی بی قران پرحلف دیدیں کہ انہوں نے سابق چیئرمین پی ٹی آئی کونکاح سے پہلے چہرہ نہیں دکھایا،   میں خود سابق چیئرمین پی ٹی آئی کو ملاقات کے لئے لیکر جاتا رہا، سابق چیئرمین جھوٹ میں کتنا  گریں گے کہ جھوٹا قران اٹھانے تک پہنچ گئے۔عون چوہدری نے کہا کہ سابق تعلق کا لحاظ رکھ رہا ہوں ورنہ ایسے راز کھولوں کہ سابق چیئرمین پی ٹی آئی کا گند دنیا کے سامنےآجائے،  سابق چیئرمین بشری بی بی کو ایک بار نہیں کئی بار  نکاح سے پہلے ملے، گھنٹوں ملاقات کرتے رہے، سابق چیئرمین کی سیاست جھوٹ پر مبنی ہے اللہ کاشکر ہے کہ انکو وقت پر ہی چھوڑ دیا۔اُن کا کہنا تھا کہ   نئے چیئرمین پی ٹی آئی کے لئے بیرسٹر گوہر علی کی نامزدگی بھی انکے اندر کے خوف کی عکاس ہے،  سابق چیئرمین پی ٹی آئی پارٹی کے کسی اہل شخص کو پارٹی میں مقام دینا ہی نہیں چاہتے،  ملک میں شر پھیلانے اوراداروں سے تصاد م کرنے والے کے خلاف آواز بلندکرنا ملک سے وفا کے مترادف ہے۔

رنبیر کپور کی نئی میگا ایکشن فلم ’انیمل‘ کے ڈیلیٹ مناظر سوشل میڈیا پر لیک


 رنبیر کپور کی نئی میگا ایکشن فلم ’انیمل‘ کے ڈیلیٹ مناظر سوشل میڈیا پر لیک


 ممبئی: بالی وڈ سپر اسٹار رنبیر کپور کی نئی فلم ’انیمل‘ کے ڈیلیٹ مناظر سوشل میڈیا پر لیک کردیئے گئے۔ یکم دسمبر کو ریلیز ہونے والی رنبیر کپور کی  فلم ’انیمل‘ نے صرف تین دن میں پوری دنیا میں مجموعی طور پر 360 کروڑ روپے کا بزنس کرلیا ہے۔تین سو کروڑ کا سنگِ میل عبور کرکے ’انیمل‘ نے بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کی فلم ‘پٹھان’ کو پیچھے چھوڑ دیا ہے، ‘پٹھان’ کا باکس آفس پر تین دن کا کلیکشن 313 کروڑ تھا جبکہ یہ بھی کہا جارہا ہے کہ شاید رنبیر کپور کی ‘انیمل’ شاہ رخ خان کی دوسری سُپر ہٹ فلم ‘جوان’ کو بھی مات دے سکتی ہے۔سندیپ ریڈی وانگا کی ہدایت کاری میں بننے والی اس فلم میں رنبیر کپور، انیل کپور، بوبی دیول اور رشمیکا مندانا سمیت دیگر اداکاروں کو کاسٹ کیا گیا۔مداحوں کو فلم ’انیمل‘ کا بےصبری سے انتظار تھا کیونکہ اس فلم کے سنسنی خیز ٹریلر نے ریلیز سے پہلے ہی رنبیر کپور کے کردار کی دہشت پھیلا رکھی تھی، ٹریلر میں رنبیر کپور کو بےرحمی سے قتل کرتے ہوئے دکھایا گیا تھا۔اب ریلیز کے بعد فلم ’انیمل‘ کو مداحوں کی جانب سے خوب پذیرائی مل رہی ہے اور اس فلم نے باکس آفس پر طوفان برپا کیا ہوا ہے۔’انیمل‘ میں رنبیر کپور کے مقابلے میں بوبی دیول نے ولن کا کردار ادا کیا ہے جبکہ رشمیکا مندانا نے فلم میں خاتون اداکارہ کا مرکزی کردار نبھایا ہے۔

Thursday, 30 November 2023

توہین الیکشن کمیشن کیس؛ وزارت داخلہ نے عمران خان کو پیش نہ کرنے کی رپورٹ جمع کرادی


 توہین الیکشن کمیشن کیس؛ وزارت داخلہ نے عمران خان کو پیش نہ کرنے کی رپورٹ جمع کرادی

 اسلام آباد: توہین الیکشن کمیشن کیس میں وزارت داخلہ نے عمران خان کو الیکشن کمیشن میں پیش نہ کرنے سے متعلق رپورٹ جمع کروادی۔الیکشن کمیشن میں توہینِ کمیشن کیس کی سماعت  ہوئی،  جس میں چیئرمین پی ٹی آئی اور فواد چوہدری کو پیش نہیں کیا گیا، اس حوالے سے  وزارت داخلہ نے اپنی رپورٹ جمع کروا دی۔ دوران سماعت کمیشن کے ممبرنثاردرانی نے کہاکہ وزارت داخلہ کے مطابق حالات ایسے نہیں کہ چیئرمین پی ٹی آئی کوپیش کیا جاسکے، تاہم جیل کے اندر ٹرائل کیا جاسکتا ہے۔ممبر الیکشن کمیشن سندھ نثاردرانی کی سربراہی میں 4 رکنی بنچ نے توہین الیکشن کمیشن کیس کی سماعت کی ، جس میں  اسد عمر،شعیب شاہین اور فیصل چوہدری پیش ہوئے ۔ چیئرمین پی ٹی آئی اورفواد چوہدری کو پیش نہ کیا جاسکا۔وکیل چیئرمین پی ٹی آئی شعیب شاہین نے وزارت داخلہ کی رپورٹ کی کاپی فراہم کرنے کی استدعا کی اور کہاکہ کیس کے بارے میں تاثراچھا نہیں جائے گا ، جس پر کمیشن سربراہ نثاردرانی نے رپورٹ کی کاپی فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ تاثرکی باتوں کوچھوڑدیں ہم قانون کے مطابق کام کریں گے۔ آپ کیس کوآگے بڑھانا چاہتے ہیں اورتعاون بھی نہیں کرتے۔شعیب شاہین نے جان بوجھ کر پیش نہ کرنے کا مؤقف اپنایا تو ممبرالیکشن کمیشن شاہ محمد جتوئی بولے پہلے آپ بھی جان بوجھ کرپیش نہیں کررہے تھے۔ سوال یہ ہے کہ ہم ان کو یہاں پیش کرنے کا رسک کیوں لیں؟فیصل چوہدری نے فواد چوہدری کی اڈیالہ جیل میں موجودگی کا بتایا۔ اسد عمر نے کہاکہ میں توسب سے زیادہ الیکشن کمیشن میں پیش ہوا ہوں اوراب توسیاست بھی چھوڑ چکا ہوں، جس پر  ممبر کمیشن نے کہاکہ نہیں آپ سیاست کریں۔  اسد عمر شکریہ ادا کرتے ہوئے بولے اب سیاست چھوڑ چکا ہوں۔بعد ازاں  الیکشن کمیشن نے کیس کی سماعت 6دسمبر تک ملتوی کردی۔


تاریخ میں پہلی بار یوگنڈا نے آئی سی سی ورلڈ کپ کیلئے کوالیفائی کرلیا


 تاریخ میں پہلی بار یوگنڈا نے آئی سی سی ورلڈ کپ کیلئے کوالیفائی کرلیا

  کراچی: تاریخ میں پہلی بار افریقی ملک یوگنڈا نے آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کیلئے کوالیفائی کرلیا۔کوالیفائنگ راونڈ میں یوگنڈا نے چھ میچوں میں سے پانچ میں کامیابی حاصل کرکے افریقا ریجن میں ٹاپ ٹو میں جگہ بنالی۔ یوں یوگنڈا ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 میں کوالیفائی کرنے میں کامیاب ہوگیا ہے۔یوگنڈا کسی بھی آئی سی سی ورلڈ کپ ایونٹ میں پہلی بار شرکت کرے گا جبکہ ورلڈ کپ میں شرکت کرنے والا پانچواں افریقی ملک ہوگا۔یوگنڈا نے کوالیفائنگ راؤنڈ میں تنزانیہ، زمبابوے، نائیجریا، روانڈا اور کینیا کو ہرایا جبکہ نمیبیا سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ پہلی بار آئی سی سی ورلڈ کپ کیلئے کوالیفائی کرنے پر روانڈا کے کھلاڑیوں کی خوشی کا کوئی ٹھکانہ نہ تھا اور انہوں نے اس کامیابی پر خوب جشن منایا۔واضح رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 کی میزبانی ویسٹ انڈیز اور امریکا کریں گے۔ اس ٹورنامنٹ کا فارمیٹ گزشتہ دو ایڈیشنز سے مختلف ہوگا جس میں 20 ٹیموں کو پہلے راؤنڈ کیلئے پانچ پانچ کے چار گروپوں میں تقسیم کیا جائے گا۔آئی سی سی کے مطابق ہر گروپ سے سرفہرست دو ٹیمیں سپر 8 کے لیے کوالیفائی کریں گی۔ سپر 8 ٹیموں کو چار چار کے دو گروپس میں تقسیم کیا جائے گا، ہر گروپ میں سرفہرست دو ٹیمیں سیمی فائنل میں پہنچیں گی۔ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 کیلئے تمام 20 ٹیموں کی لائن اپ مکمل ہوچکی ہے۔ ٹورنامنٹ میں شرکت کرنے والی ٹیموں میں آسٹریلیا، انگلینڈ، بھارت، نیدرلینڈز، نیوزی لینڈ، پاکستان، جنوبی افریقا، سری لنکا، افغانستان، بنگلا دیش، کینیڈا، نیپال، عمان، پاپوانیوگنی، آئر لینڈ، اسکاٹ لینڈ، نیبیا، یوگنڈا شامل ہیں۔ ویسٹ انڈیز اور امریکا کی ٹیمیں بطور میزبان ٹورنامنٹ کا حصہ ہوں گی۔

رحیم یار خان : دو قبیلوں میں تصادم کے دوران آٹھ افراد جاں بحق


 رحیم یار خان : دو قبیلوں میں تصادم کے دوران آٹھ افراد جاں بحق

رحیم یار خان کے نزدیک کچھ ماچھک میں دو قبیلوں میں تصادم کے دوران آٹھ افراد جاں بحق ہوگئے۔ بھی اطلاعات ہیں کہ شر اور کوش برادری کے ڈاکوؤں کی جانب سے سولنگی سیلرا برادری پر حملہ کیا گیا جس میں خاتون سمیت 8 افراد ہلاک ہوئے، ہلاک ہونے والوں میں حملہ آور دو ڈاکوؤں بھی شامل ہیں۔موصولہ اطلاعات کے مطابق واقعہ ماچھکہ کے علاقے میں پیش آیا۔ترجمان پولیس کے مطابق شر اور ماچھی قبیلے کے درمیان پرانی دشمنی کی وجہ سے فائرنگ کا واقع پیش آیا، دونوں اطراف سے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں، ایس ایچ او ماچھکہ بکتر بند گاڑیوں، ایلیٹ کی بھاری نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے ہیں، دو طرفہ فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے۔

پنجاب حکومت کا لاہور میں مصنوعی بارش کا منصوبہ ناکام


 پنجاب حکومت کا لاہور میں مصنوعی بارش کا منصوبہ ناکام

 لاہور: پنجاب حکومت کا لاہور میں مصنوعی بارش کا منصوبہ ناکام ہوگیا، حکومت کے پاس موجود اسپرے کرنے والے 6 طیارے ناکارہ ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق 6 اسپرے طیارے والٹن ایئرپورٹ پر گراونڈ کر دیے گئے، طیارے پلانٹ پروٹیکشن ڈیپارٹمنٹ کے زیر استعمال تھے۔فنڈز کی کمی کے باعث طیاروں کی بحالی بھی التوا کا شکار ہے۔ بھاری اخراجات اور بادلوں کی غیر یقینی صورتحال کے باعث غیرملکی فضائی کمپنیوں سے بھی طیارہ نہیں لیا جا رہا۔دوسری جانب، لاہور میں آج صبح قدرتی بارش کے باعث اسموگ میں کمی آگئی ہے جبکہ سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔