Saturday, 9 December 2023

دہشتگردی کے باعث الیکشن ملتوی نہیں ہو سکتا: رانا ثناء اللہ


 دہشتگردی کے باعث الیکشن ملتوی نہیں ہو سکتا: رانا ثناء اللہ

مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ دہشتگردی کی وجہ سے الیکشن ملتوی نہیں کیا جا سکتا، قانون نافذ کرنے والے ادارے الیکشن میں سکیورٹی کو یقینی بنائیں۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ دہشتگردی کے خطرات تو ہیں، یہ خطرات پہلے بھی تھے، نگران حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ دہشتگردی کا خاتمہ کرے، اللہ سب کو محفوظ رکھے اور الیکشن خیر خیریت سے ہو جائیں۔انہوں نے کہا کہ ہم مضبوط امیدوار لے کر آ رہے ہیں، ساؤتھ پنجاب میں سیاسی پارٹیوں کی اتنی گرفت نہیں ہے، الیکشن کے حوالے سے ہمارا کام مکمل ہے، آج ہم نے ڈیرہ غازی خان ڈویژن مکمل کیا ہے۔رانا ثناء اللہ نے کہا کہ الیکشن شیڈول کا اعلان الیکشن سے 54 دن پہلے ہوتا ہے، اگر الیکشن شیڈول کا اعلان 15 یا 16 دسمبر تک ہو جائے تو یہ بہتر ہے، جس دن الیکشن شیڈول کا اعلان ہو گا اس دن امیدواروں کے ناموں کا اعلان بھی ہو جائے گا۔سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ عدالتیں موجود ہیں، کسی کے ساتھ کوئی نا انصافی یا تجاوز ہوتا ہے تو وہ رابطہ کرے، بلاول بھٹو زرداری صاحب کہہ رہے ہیں کہ میں فلاں کی سیاست نہیں کرتا، اس سے پہلے جو ہوتا رہا ہے وہ دنیا کو معلوم ہے، ہم پنجاب میں کسی سے الیکشن الائنس نہیں کر رہے، سیٹ ایڈجسٹمنٹ کیلئے ہمارے دروازے سب کیلئے کھلے ہیں۔

شہباز شریف سے جہانگیر ترین کی ملاقات، آئندہ انتخابات بارے تبادلہ خیال

 شہباز شریف سے جہانگیر ترین کی ملاقات، آئندہ انتخابات بارے تبادلہ خیال

سیاسی جوڑ توڑ میں بڑی پیشرفت، استحکام پاکستان کے قائد جہانگیر خان ترین اور رہنما


عون چودھری کی شہباز شریف سے ملاقات ہوئی، ملاقات میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔آئندہ انتخابات کی تیاریوں کے سلسلہ میں پاکستان مسلم لیگ ن کے قائدین کی دیگر سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں سے ملاقاتیں اور رابطے جاری ہیں، اسی حوالے سے استحکام پاکستان پارٹی کے قائد جہانگیر ترین اور عون چودھری کی شہباز شریف کی رہائش گاہ ماڈل ٹاؤن آمد ہوئی۔لیگی ذرائع کے مطابق دونوں پارٹیوں کے رہنماؤں کی ملاقات 45 منٹ تک جاری رہی، ملاقات میں آئندہ انتخابات کے حوالے سے دونوں رہنماؤں میں تبادلہ خیال کیا گیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ شہباز شریف اور جہانگیر ترین کے درمیان ملاقات میں پنجاب اور لاہور سمیت قومی اسمبلی اور پنجاب کے مختلف حلقوں میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ بارے امور پر گفتگو ہوئی۔لیگی ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن کی جانب سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کا فیصلہ مسلم لیگ ن کے قائد اور کور کمیٹی کی مشاورت سے کیا جائے گا۔

پنجاب لینڈ ریکارڈز اتھارٹی نے رواں مالی سال 25 ارب کی ریکارڈ کولیکشن کی


 پنجاب لینڈ ریکارڈز اتھارٹی نے رواں مالی سال 25 ارب کی ریکارڈ کولیکشن کی

پنجاب لینڈ ریکارڈز اتھارٹی نے مالی سال 2023-2024ء کے دوران جولائی تا نومبر 25 ارب کی ریکارڈ کولیکشن کی۔اس دوران پنجاب لینڈ ریکارڈز اتھارٹی نے 16 لاکھ افراد کو فردات اور انتقالات کی خدمات فراہم کیں۔ خدمات کے عوض صوبائی گورنمنٹ کو 6 ارب جبکہ پلرا کو سروس چارجز کی مد میں 1.5 ارب کی آمدن ہوئی، پلرا نے اپنے اصلاحاتی اقدامات کے تحت لوکل گورنمنٹ کے ٹیکس (TTIP) کی مد میں قریباً 2 ارب جبکہ وفاقی حکومت (FBR) کے لئے 15 ارب روپے کی کولیکشن کی۔رواں مالی سال 2023-2024 ء کے دوران جولائی تا نومبر ساڑھے چار لاکھ صارفین کو انتقالات اور 11.5 لاکھ کو فردات کی خدمات فراہم کی گئیں، انتقالات کی مد میں 60 کروڑ جبکہ فردات کی مد میں 70 کروڑ کی آمدن ہوئی۔پنجاب لینڈ ریکارڈز اتھارٹی کی جانب سے عوامی سہولت کے پیش نظر دیگر اصلاحاتی اقدامات جیسے رجسٹری بذریعہ ای رجسٹریشن کے ذریعے صارفین کے لیے رجسٹری کا طریقہ کار مزید آسان بنایا گیا ہے۔شہری اراضی کے ریکارڈ کی کمپیوٹرائزیشن اور ISO سرٹیفکیشن پر بھی پیش رفت جاری ہے تاکہ شہریوں کے لیے اراضی ریکارڈ کی بہترین اور معیاری سروسز کو یقینی بنایا جا سکے۔ڈائریکٹر جنرل پنجاب لینڈ ریکارڈز اتھارٹی سائرہ عمر کا کہنا ہے کہ پلرا میں ماڈرن ٹیکنالوجی اور جدید سافٹ ویئر کو استعمال کرتے ہوئے لینڈ ریکارڈ سروسز کا حصول خود کار طریقے سے ممکن بنایا جا رہا ہے جس کی بدولت عوام کے لئے ریکارڈ کی رسائی کے تمام مراحل کو آسان اور محفوظ بنایا جائے گا۔

پنجاب پولیس کے 40 انسپکٹر کی ڈی ایس پیز کے عہدے پر ترقیاں


 پنجاب پولیس کے 40 انسپکٹر کی ڈی ایس پیز کے عہدے پر ترقیاں

 آئی جی پنجاب کی سربراہی میں انسپکٹر سے ڈی ایس پیز کی ترقیوں کا اجلاس ہوا۔اجلاس میں 40 انسپکٹر کو ڈی ایس پیز کے عہدے پر ترقیاں دے دی گئیں۔ اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی سلطان چوہدری، ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ ون انعام وحید، ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ 2 ذیشان اصغر سمیت دیگر افسران موجود تھے۔جن سینئر انسپکٹر کا ریکارڈ مکمل تھا انکو ڈی ایس پیز کے عہدے پر ترقیاں دی گئی ہیں۔ ترقیاں پانے والے ڈی ایس پیز کو آئندہ چند روز تک آئی جی پنجاب نئی پوسٹنگ دیں گے۔

غیرقانونی موٹرسائیکل رکشہ بنانے والوں کیخلاف کریک ڈاؤن، 77 ورکشاپس سیل


 غیرقانونی موٹرسائیکل رکشہ بنانے والوں کیخلاف کریک ڈاؤن، 77 ورکشاپس سیل

 محکمہ ٹرانسپورٹ نے غیر قانونی موٹرسائیکل رکشہ بنانے والوں کیخلاف کریک ڈاؤن کا آغاز کر دیا۔سیکرٹری ٹرانسپورٹ ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے حکومت پنجاب کی ہدایات پر RTAs کو غیر قانونی موٹرسائیکل رکشہ بنانے والوں کیخلاف سخت ایکشن لینے کا حکم دے دیا جس پر عمل درآمد کرتے ہوئے 77 ورکشاپس کو سیل کر دیا گیا۔ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے کہا کہ قانونی طور پر موٹر سائیکل رکشہ کی خرید و فروخت پر کوئی پابندی نہیں، غیر قانونی موٹر سائیکل رکشہ بنانے والے افراد کے خلاف مقدمات کا اندراج اور غیر قانونی موٹر سائیکل رکشہ چلانے والوں سے متعلق پالیسی کا مسودہ منظوری کے مراحل میں ہے۔

سیف سٹیز منصوبے کو دوسرے شہروں تک بڑھایا جائے گا، آئی جی پنجاب


 سیف سٹیز منصوبے کو دوسرے شہروں تک بڑھایا جائے گا، آئی جی پنجاب

 آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا کہنا ہے کہ سیف سٹیز منصوبے کو دوسرے شہروں تک بڑھایا جائے گا۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا لاہور نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ سیف سٹیز منصوبے کا دائرہ کار وسیع کر رہے ہیں، لاہور کے بعد فیصل آباد، گوجرانوالہ اور راولپنڈی میں سیف سٹیز پراجیکٹ شروع کیا جا رہا ہے، منصوبے پر 13 ارب روپے لاگت آئے گی۔آئی جی پنجاب نے بتایا کہ جدید ممالک کی طرح پاسبان سافٹ ویئر کے ذریعے گاڑی چوری ہوتے ہی ٹریکر کے ذریعے تمام فورسز ایکٹو ہو کر گاڑی چور کو پکڑیں گی۔خراب کیمروں کے حوالے سے آئی جی پنجاب کا کہنا تھا کہ لاہور میں ساڑھے 6 ہزار کیمرے رواں ماہ میں ٹھیک ہو جائیں گے۔

کمشنر لاہور کی انڈرپاسز کی بیوٹیفکیشن 2 دنوں میں مکمل کرنے کی ہدایات


 کمشنر لاہور کی انڈرپاسز کی بیوٹیفکیشن 2 دنوں میں مکمل کرنے کی ہدایات

 کمشنر لاہور محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت کینال روڈ انڈر پاسز کی تزئین و آرائش بارے پیشرفت کا اہم جائزہ اجلاس ہوا۔اجلاس میں ہائیکورٹ کے احکامات کی روشنی میں انڈرپاسز کی بیوٹیفکیشن کا کام جلد ازجلد مکمل کرنے کی ہدایات کی گئی۔کمشنر لاہور نے جیل روڈ انڈرپاس کی تزئین و آرآئش کو اگلے 48 گھنٹوں میں مکمل کرنے کی ہدایت کر دی۔ انہوں نے کہا انڈرپاسز پر سول ورک رات 10 بجے تا صبح 6 بجے تک کیا جائے، ٹریفک روانی متاثر نہیں ہونی چاہئے، انڈرپاسز جن شخصیات کے نام سے منسوب ہیں انکے نمایاں کارناموں بارے تفصیلات آویزاں کی جائیںگی، انڈرپاسز کے کام کی تکمیل کے لئے ڈیڈلائنز دے دیں، ٹریفک روانی کو متاثر کئے بغیر جلد کام مکمل کیا جائے۔چیف انجینئر ٹیپا اقرار حسین نے کہا تمام انڈرپاسز پر اگلے دو ہفتوں کے دوران کام مکمل کر لیا جائے گا۔ پہلے مرحلے میں کینال روڈ کے دونوں اطراف پر موجود 9 انڈرپاسز کی تزئین و آرائش کا کام شروع ہے، ٹھوکر نیاز بیگ تا انڈرپاس دھرم پورہ تک دونوں اطراف کام کیا جارہا ہے۔

شہر بھر میں تجاوزات، غیر قانونی تعمیرات اور پارکنگ کے خلاف کریک ڈاؤن جاری

 لاہورنوائے عجم


شہر بھر میں تجاوزات، غیر قانونی تعمیرات اور پارکنگ کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔ ایم سی ایل نے ایبٹ روڈ سے 15 مرلے سرکاری اراضی واگزار کروا لی۔ٹیپا اور ایل ڈی اے ٹاؤن پلاننگ ونگ نے علی زیب روڈ اور فردوس مارکیٹ کے اطراف آپریشن کیا۔ مشترکہ آپریشن کرکے متعدد املاک سِیل و تجاوزات کا خاتمہ کر دیا۔ آپریشن میں علی زیب روڈ، فردوس مارکیٹ کے اطراف کی سڑکوں پر کمرشل املاک سے تجاوزات ہٹا دی گئیں۔فردوس مارکیٹ میں پارکنگ کی جگہ پر تجاوزات بنانے پر پانچ دکانوں کو سربمہر کر دیا گیا۔ علی زیب روڈ پر قائم متعدد نجی دفاتر بھی پارکنگ قوانین کی خلاف ورزی پر سربمہر، نجی ہوٹل کے پارکنگ ایریا میں قائم لانڈری شاپ، دفاتر اور سٹور کو سِیل کر دیا گیا۔

جہانگیر ترین کی پارٹی رہنماؤں کو الیکشن میں تیاری کیساتھ حصہ لینے کی ہدایت


 جہانگیر ترین کی پارٹی رہنماؤں کو الیکشن میں تیاری کیساتھ حصہ لینے کی ہدایت

استحکام پاکستان پارٹی کا اہم اجلاس سربراہ آئی پی پی جہانگیر ترین کی زیر صدارت ہوا، جہانگیر ترین نے پارٹی رہنماؤں کو الیکشن میں بھرپور تیاری کے ساتھ حصہ لینے کی ہدایت کر دی۔اہم مشاورتی اجلاس میں اسحاق خاکوانی، عون چودھری، نعمان لنگڑیال، ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان شریک ہوئیں، اجلاس میں کرنل ہاشم ڈوگر، مراد راس، ڈاکٹر فیاض الحسن چوہان، رفاقت گیلانی، رانا نذیر، آصف نکئی و دیگر بھی شریک ہوئے۔اجلاس میں چودھری اخلاق، رائے اسلم، طارق نکئی، راؤ شاہد، مامون جعفر تارڑ و دیگر رہنما بھی شریک ہوئے، اجلاس میں انتخابی حکمت عملی اور عوامی رابطہ مہم پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، اجلاس میں ن لیگ سے ہونے والی سیٹ ایڈجسٹمنٹ پر بھی مشاورت کی گئی۔اجلاس میں پارٹی رہنماؤں کی جانب سے مختلف تجاویز اور سفارشات پر غور کیا گیا، اجلاس میں قومی اور صوبائی اسمبلی کے حلقوں میں ٹکٹوں کی تقسیم پر بھی مشاورت کی گئی۔

پنجاب فوڈ اتھارٹی نے بڑا کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 25 ہزار185 لٹر ملاوٹی دودھ تلف کر دیا۔


 پنجاب فوڈ اتھارٹی نے بڑا کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 25 ہزار185 لٹر ملاوٹی دودھ تلف کر دیا۔

ڈی جی فوڈ اتھارٹی کی ہدایت پر صوبہ بھر میں دودھ بردار گاڑیوں کی چیکنگ کا عمل جاری ہے۔ 1510دودھ بردار گاڑیوں میں سپلائی کئے جانے والے 11 لاکھ 59 ہزار 810 لٹردودھ کی چیکنگ کی گئی۔ موقع پر کئے گئے ٹیسٹ فیل ہونے پر 25 ہزار 185 لٹر دودھ تلف کیا گیا۔ڈی جی فوڈ اتھارٹی محمد عاصم جاوید کا کہنا ہے لاہور ڈویژن میں 370، فیصل آباد 358، ساہیوال 136، راولپنڈی 77، گوجرانوالہ 301، سرگودھا 205، ملتان 199 اور مظفرگڑھ ڈویژن میں 161 گاڑیوں کو چیک کیا گیا۔ ایل آر کم، پانی کی ملاوٹ اور گاڑھے پن کو بڑھانے والے اجزاء استعمال کرنے پر دودھ تلف کیا گیا۔انہوں نے کہا شہروں میں داخل ہونے والی ہر دودھ بردار گاڑی کو چیک کر کے ہی شہر میں جانے دیا جائے گا، دودھ میں ملاوٹ اور جعل سازی کرنے والوں کے خلاف مسلسل کریک ڈاؤن جاری رہے گا، داخلی و خارجی راستوں کے علاوہ شہر بھر میں موجود دکانوں پر بھی چیکنگ مزید سخت کر دی گئی ہے، ملاوٹی، جعلی خوراک کا کاروبار کرنے والے کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

ڈرائیونگ لائسنس بنانے میں تاخیر نہیں ہونی چاہئے، محسن نقوی


 ڈرائیونگ لائسنس بنانے میں تاخیر نہیں ہونی چاہئے، محسن نقوی

 نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کا کہنا ہے ڈرائیونگ لائسنس بنانے میں تاخیر نہیں ہونی چاہئے۔محسن نقوی نے پولیس خدمت مرکز لبرٹی کا دورہ کیا۔ انہوں نے خدمت مرکز میں موجود شہریوں سے مسائل پوچھے۔ شہریوں نے شکایات کے انبار لگا دیئے۔ ڈرائیونگ ٹیسٹ دینے والے شہری بھی 8 ،8 گھنٹے خوار ہوئے۔وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے صورتحال کا فوری نوٹس لیا اور ڈی جی پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کو موقع پر فون، سسٹم کو بہتر بنانے اور ہنگامی طور پر ٹیم خدمت مرکز بھجوانے کی ہدایت کی۔محسن نقوی کا کہنا تھا کہ لائسنس بنوانے کا ٹوکن رکھنے والے شہری کا آئندہ 3 روز چالان نہیں ہو گا، ڈرائیونگ لائسنس بنانے میں تاخیر نہیں ہونی چاہئے، لائسنس بنانے کا عمل جلد مکمل کیا جائے۔نگران وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے ٹیسٹ دینے والے شہریوں کے لئے سسٹم کو بہتر اور فاسٹ ٹریک کرنے کی ہدایت کی۔