Saturday, 9 December 2023

کمشنر لاہور کی انڈرپاسز کی بیوٹیفکیشن 2 دنوں میں مکمل کرنے کی ہدایات


 کمشنر لاہور کی انڈرپاسز کی بیوٹیفکیشن 2 دنوں میں مکمل کرنے کی ہدایات

 کمشنر لاہور محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت کینال روڈ انڈر پاسز کی تزئین و آرائش بارے پیشرفت کا اہم جائزہ اجلاس ہوا۔اجلاس میں ہائیکورٹ کے احکامات کی روشنی میں انڈرپاسز کی بیوٹیفکیشن کا کام جلد ازجلد مکمل کرنے کی ہدایات کی گئی۔کمشنر لاہور نے جیل روڈ انڈرپاس کی تزئین و آرآئش کو اگلے 48 گھنٹوں میں مکمل کرنے کی ہدایت کر دی۔ انہوں نے کہا انڈرپاسز پر سول ورک رات 10 بجے تا صبح 6 بجے تک کیا جائے، ٹریفک روانی متاثر نہیں ہونی چاہئے، انڈرپاسز جن شخصیات کے نام سے منسوب ہیں انکے نمایاں کارناموں بارے تفصیلات آویزاں کی جائیںگی، انڈرپاسز کے کام کی تکمیل کے لئے ڈیڈلائنز دے دیں، ٹریفک روانی کو متاثر کئے بغیر جلد کام مکمل کیا جائے۔چیف انجینئر ٹیپا اقرار حسین نے کہا تمام انڈرپاسز پر اگلے دو ہفتوں کے دوران کام مکمل کر لیا جائے گا۔ پہلے مرحلے میں کینال روڈ کے دونوں اطراف پر موجود 9 انڈرپاسز کی تزئین و آرائش کا کام شروع ہے، ٹھوکر نیاز بیگ تا انڈرپاس دھرم پورہ تک دونوں اطراف کام کیا جارہا ہے۔

شہر بھر میں تجاوزات، غیر قانونی تعمیرات اور پارکنگ کے خلاف کریک ڈاؤن جاری

 لاہورنوائے عجم


شہر بھر میں تجاوزات، غیر قانونی تعمیرات اور پارکنگ کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔ ایم سی ایل نے ایبٹ روڈ سے 15 مرلے سرکاری اراضی واگزار کروا لی۔ٹیپا اور ایل ڈی اے ٹاؤن پلاننگ ونگ نے علی زیب روڈ اور فردوس مارکیٹ کے اطراف آپریشن کیا۔ مشترکہ آپریشن کرکے متعدد املاک سِیل و تجاوزات کا خاتمہ کر دیا۔ آپریشن میں علی زیب روڈ، فردوس مارکیٹ کے اطراف کی سڑکوں پر کمرشل املاک سے تجاوزات ہٹا دی گئیں۔فردوس مارکیٹ میں پارکنگ کی جگہ پر تجاوزات بنانے پر پانچ دکانوں کو سربمہر کر دیا گیا۔ علی زیب روڈ پر قائم متعدد نجی دفاتر بھی پارکنگ قوانین کی خلاف ورزی پر سربمہر، نجی ہوٹل کے پارکنگ ایریا میں قائم لانڈری شاپ، دفاتر اور سٹور کو سِیل کر دیا گیا۔

جہانگیر ترین کی پارٹی رہنماؤں کو الیکشن میں تیاری کیساتھ حصہ لینے کی ہدایت


 جہانگیر ترین کی پارٹی رہنماؤں کو الیکشن میں تیاری کیساتھ حصہ لینے کی ہدایت

استحکام پاکستان پارٹی کا اہم اجلاس سربراہ آئی پی پی جہانگیر ترین کی زیر صدارت ہوا، جہانگیر ترین نے پارٹی رہنماؤں کو الیکشن میں بھرپور تیاری کے ساتھ حصہ لینے کی ہدایت کر دی۔اہم مشاورتی اجلاس میں اسحاق خاکوانی، عون چودھری، نعمان لنگڑیال، ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان شریک ہوئیں، اجلاس میں کرنل ہاشم ڈوگر، مراد راس، ڈاکٹر فیاض الحسن چوہان، رفاقت گیلانی، رانا نذیر، آصف نکئی و دیگر بھی شریک ہوئے۔اجلاس میں چودھری اخلاق، رائے اسلم، طارق نکئی، راؤ شاہد، مامون جعفر تارڑ و دیگر رہنما بھی شریک ہوئے، اجلاس میں انتخابی حکمت عملی اور عوامی رابطہ مہم پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، اجلاس میں ن لیگ سے ہونے والی سیٹ ایڈجسٹمنٹ پر بھی مشاورت کی گئی۔اجلاس میں پارٹی رہنماؤں کی جانب سے مختلف تجاویز اور سفارشات پر غور کیا گیا، اجلاس میں قومی اور صوبائی اسمبلی کے حلقوں میں ٹکٹوں کی تقسیم پر بھی مشاورت کی گئی۔

پنجاب فوڈ اتھارٹی نے بڑا کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 25 ہزار185 لٹر ملاوٹی دودھ تلف کر دیا۔


 پنجاب فوڈ اتھارٹی نے بڑا کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 25 ہزار185 لٹر ملاوٹی دودھ تلف کر دیا۔

ڈی جی فوڈ اتھارٹی کی ہدایت پر صوبہ بھر میں دودھ بردار گاڑیوں کی چیکنگ کا عمل جاری ہے۔ 1510دودھ بردار گاڑیوں میں سپلائی کئے جانے والے 11 لاکھ 59 ہزار 810 لٹردودھ کی چیکنگ کی گئی۔ موقع پر کئے گئے ٹیسٹ فیل ہونے پر 25 ہزار 185 لٹر دودھ تلف کیا گیا۔ڈی جی فوڈ اتھارٹی محمد عاصم جاوید کا کہنا ہے لاہور ڈویژن میں 370، فیصل آباد 358، ساہیوال 136، راولپنڈی 77، گوجرانوالہ 301، سرگودھا 205، ملتان 199 اور مظفرگڑھ ڈویژن میں 161 گاڑیوں کو چیک کیا گیا۔ ایل آر کم، پانی کی ملاوٹ اور گاڑھے پن کو بڑھانے والے اجزاء استعمال کرنے پر دودھ تلف کیا گیا۔انہوں نے کہا شہروں میں داخل ہونے والی ہر دودھ بردار گاڑی کو چیک کر کے ہی شہر میں جانے دیا جائے گا، دودھ میں ملاوٹ اور جعل سازی کرنے والوں کے خلاف مسلسل کریک ڈاؤن جاری رہے گا، داخلی و خارجی راستوں کے علاوہ شہر بھر میں موجود دکانوں پر بھی چیکنگ مزید سخت کر دی گئی ہے، ملاوٹی، جعلی خوراک کا کاروبار کرنے والے کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

ڈرائیونگ لائسنس بنانے میں تاخیر نہیں ہونی چاہئے، محسن نقوی


 ڈرائیونگ لائسنس بنانے میں تاخیر نہیں ہونی چاہئے، محسن نقوی

 نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کا کہنا ہے ڈرائیونگ لائسنس بنانے میں تاخیر نہیں ہونی چاہئے۔محسن نقوی نے پولیس خدمت مرکز لبرٹی کا دورہ کیا۔ انہوں نے خدمت مرکز میں موجود شہریوں سے مسائل پوچھے۔ شہریوں نے شکایات کے انبار لگا دیئے۔ ڈرائیونگ ٹیسٹ دینے والے شہری بھی 8 ،8 گھنٹے خوار ہوئے۔وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے صورتحال کا فوری نوٹس لیا اور ڈی جی پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کو موقع پر فون، سسٹم کو بہتر بنانے اور ہنگامی طور پر ٹیم خدمت مرکز بھجوانے کی ہدایت کی۔محسن نقوی کا کہنا تھا کہ لائسنس بنوانے کا ٹوکن رکھنے والے شہری کا آئندہ 3 روز چالان نہیں ہو گا، ڈرائیونگ لائسنس بنانے میں تاخیر نہیں ہونی چاہئے، لائسنس بنانے کا عمل جلد مکمل کیا جائے۔نگران وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے ٹیسٹ دینے والے شہریوں کے لئے سسٹم کو بہتر اور فاسٹ ٹریک کرنے کی ہدایت کی۔

لاہور کو ڈسٹ فری شہر بنانے کے پلان پر عملدرآمد شروع


 لاہور کو ڈسٹ فری شہر بنانے کے پلان پر عملدرآمد شروع

وزیراعلی پنجاب محسن نقوی کی خصوصی ہدایت پر لاہور کو ڈسٹ فری شہر بنانے کے پلان پر عملدرآمد شروع ہو گیا۔ لاہور کی 79 سڑکوں اور شاہراہوں کو ڈسٹ فری بنایا جائے گا۔وزیراعلی محسن نقوی نے جیل روڈ کا دورہ کیا، سڑک کو واشنگ کے عمل کا معائنہ کیا۔ مکینیکل واشرز، مکینیکل سویپرز اور ٹریکٹر سویپرز کے جیل روڈ کو واش کرنے کے عمل کا مشاہدہ کیا۔وزیراعلی نے صبح اور رات کو سڑکوں کو واش کرنے کی ہدایت بھی کر دی۔ لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نے 79 سڑکوں کی واشنگ کے پروگرام کے بارے میں بریفنگ دی۔ بریفنگ میں بتایا گیا 18 مکینیکل واشرز، 12 مکینیکل سویپرز اور 40 ٹریکٹرز سویپرز واشنگ کے عمل میں حصہ لے رہے ہیں۔ کوڑے کے ساتھ ساتھ کنسٹرکشن اینڈ ڈیمولیشن میٹریل ٹھکانے لگانے کیلئے تینوں شفٹوں میں ٹیمیں متحرک ہیں۔ آئندہ 48 گھنٹے میں تمام پوائنٹس کو زیرو ویسٹ کر دیا جائے گا۔اس موقع پر محسن نقوی نے کہا ٹریفک میں روانی کے لئے دوپہر یا شام کو سڑکوں کو واش نہ کیا جائے، سڑک کنارے ملبے کی غیر قانونی ڈمپنگ کرنے والوں کے خلاف انفورسمنٹ کارروائیاں تیز کرے۔کمشنر لاہور ڈویژن، ڈپٹی کمشنر، ڈی جی پی ایچ اے اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

ریشم کا شوبز کے شادی شدہ جوڑوں کے درمیان علیحدگیوں پر اظہار افسوس


 ریشم کا شوبز کے شادی شدہ جوڑوں کے درمیان علیحدگیوں پر اظہار افسوس

 پاکستان شوبز انڈسٹری کی نامور اداکارہ ریشم نے شوبز کے شادی شدہ جوڑوں کے درمیان علیحدگیوں پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔حال ہی میں اداکارہ نے ایک پوڈکاسٹ میں شرکت کی اور اپنی نجی زندگی اور شوبز انڈسٹری سے متعلق اظہار خیال کیا۔میزبان نے جب ریشم سے شادی سے متعلق سوال کیا تو انہوں نے کہا کہ شوبز انڈسٹری میں شادیاں ہو تو رہی ہیں لیکن شادیاں ہونے کے بعد ٹوٹ رہی ہیں، اتنی شادیاں ٹوٹی ہیں اور مجھے بہت دکھ بھی ہوا۔انہوں نے شوبز کے کسی اداکار سے شادی نہ کرنے کی وجہ پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ شوبز میں سال یا ڈیڑھ سال سے زیادہ شادیاں چلتی ہی نہیں ہیں، شوبز میں 7 یا 8 شادیاں ٹوٹ چکی ہیں اور مجھے ان شادیوں کے ٹوٹنے پر بہت دکھ ہے۔اپنی شادی سے متعلق انہوں نے کہا کہ جب مجھے کوئی مل جائے گا تو مستقبل میں میرا بھی شادی کا ارادہ ہے۔اداکارہ نے مزید کہا کہ محبت میں نبھانا بہت ضروری ہے، اللہ کے نزدیک میاں بیوی کا رشتہ سب سے زیادہ پسندیدہ ہے اور یہ رشتہ اب نہ صرف کمزور ہو رہا ہے بلکہ تیزی سے ٹوٹ بھی رہا ہے۔

پاکستانی فلم " ان فلیمز" نے سعودی عرب میں بڑا ایوارڈ اپنے نام کرلیا


 پاکستانی فلم " ان فلیمز" نے سعودی عرب میں بڑا ایوارڈ اپنے نام کرلیا

 ریڈ سی انٹرنیشنل فیسٹیول میں ڈائریکٹر ضرار خان کی پاکستانی فلم ’اِن فلیمز‘ نے ’بیسٹ فیچر فلم‘ کا ایوارڈ جیت لیا۔رپورٹ کے مطابق تیسرے سالانہ 10 روزہ فیسٹیول کی رنگا رنگ تقریب کا آغاز سعودی عرب کے شہر جدہ میں ہواجہاں پوری دنیا کی نامور شوبز شخصیات موجود تھیں۔انسٹاگرام پر ایک ویڈیو پیغام میں ضرار خان نے انعام جیتنے پر انتہائی خوشی کا اظہار کیا اور  کہا  کہ کاش وہ فیسٹیول میں موجود ہوتے۔ایونٹ میں ہالی ووڈ کے سپر اسٹارز جونی ڈیپ، ول اسمتھ، شیرون اسٹون، مشیل ولیمز، فیریڈا پنٹو اور دیگر بھی موجود تھے۔پاکستان کی طرف سے ہمایوں سعید، ماہرہ خان اور احد رضا میر نے فیسٹیول کو رونق بخشی اور اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر ایونٹ کی تفصیلات شیئر کیں۔

چورچور کہنے والے خود چور ہیں، ایک کھلنڈرے نے پاکستان کا برا حال کر دیا، نواز شریف


 چورچور کہنے والے خود چور ہیں، ایک کھلنڈرے نے پاکستان کا برا حال کر دیا، نواز شریف

 قائد مسلم لیگ ن اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ ایک کھلنڈرا لایا گیا جس نے ملک کا بُرا حال کر دیا، ہم اقتدار نہیں عوام کی بھلائی چاہتے ہیں۔پارٹی کے پارلیمانی بورڈ کے پانچویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف کا کہنا تھا کہ وقت کو برا نہیں کہنا چاہئے، خواہش ہے پاکستان کو مصیبتوں سے باہر نکالاجائے، ملک و ملت کی ترقی کا مشن لے کر سیاست میں آئے۔انہوں نے کہا کہ عوام کی خدمت کریں تو ملک کی تقدیر بدل سکتی ہے، ایسے شخص کو لایا گیا جسے ملک، معیشت اور عالمی تعلقات کا کچھ پتہ ہی نہیں تھا، ریاست مدینہ کہنے والے کو خود ریاست مدینہ کا نہیں پتہ تھا، عوام کو قصہ اور کہانیاں سنائی گئیں۔سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ 190 ملین پاؤنڈ کا سکینڈل بہت بڑا ہے، قوم کو بتائیں کہ ملک میں ڈاکہ کس نے ڈالا، بند لفافہ دکھا کر اپروول لیتے رہے، لفافہ کھول کر ہی نہیں دکھایا، سپریم کورٹ نے کہا یہ حکومت پاکستان کا پیسہ ہے وہاں جانا چاہئے۔نواز شریف نے کہا کہ ملک کے 60 ارب روپے کھاؤ گے تو بجلی مہنگی نہیں ہو گی تو کیا ہو گا، اگر یہ پیسہ نہ کھایا جاتا تو ہم کم یونٹس والوں کو مفت بجلی دے دیتے، بیٹے سے تنخواہ نہ لینے کا الزام لگا کر نکالا گیا، دوسروں کو چور کہنے والے خود چور ہیں، آج 7 سال بعد مجھے جھوٹے الزامات پر انصاف مل رہا ہے۔قائد مسلم لیگ ن کا مزید کہنا تھا کہ سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کی آڈیو موجود ہے کہ ان کو اندر رکھنا ہے اور سابق چیئرمین پی ٹی آئی کو لانا ہے، سب کا احتساب ہونا چاہئے، ہم یہاں حکومتیں لینے نہیں بیٹھے، ہم اقتدار نہیں عوام کی بھلائی چاہتے ہیں۔

مجھے کسی ادارے نے تنگ نہیں کیا، صرف 40 دن کا چلہ کاٹا: شیخ رشید


 مجھے کسی ادارے نے تنگ نہیں کیا، صرف 40 دن کا چلہ کاٹا: شیخ رشید

(لاہور) سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ مجھے کسی ادارے نے تنگ نہیں کیا، صرف 40 دن کا چلہ کاٹا۔لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بنچ میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ چلے کے بعد ٹویٹ کرنا بھی چھوڑ دیا، صرف اخبار پڑھتا ہوں، میرے ساتھ کسی نے کوئی زبردستی نہیں کی، میں نے کسی کے خلاف شہادت نہیں دی۔انہوں نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر کے بیان پر اعتماد رکھنا چاہیے کہ 8 فروری کو الیکشن ہوں گے، ابھی کوئی انتخابی مہم نہیں چلا رہا جس دن الیکشن شیڈول آگیا انتخابی مہم شروع کر دوں گا، الیکشن نہ ہوئے تو پرانی تنخواہ پر کام کریں گے۔سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ہم نے پنڈی کے دونوں حلقوں میں کام کیا ہے، حلقہ 56 اور 57 سے قلم دوات کے نشان پر الیکشن لڑوں گا، اداروں کا احترام سب پر لازم ہے، سب کو ساتھ لے کر اور امن سے چلنا ہے۔

بلوچستان کے سابق وزیراعلی عبدالقدوس بزنجو پی پی پی میں شامل


 بلوچستان کے سابق وزیراعلی عبدالقدوس بزنجو پی پی پی میں شامل

 پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹرینز کے صدر آصف علی زرداری سے بلاول ہاؤس میں ملاقات کے بعد بلوچستان کے سابق وزیراعلی عبدالقدوس بزنجو پی پی پی میں شامل ہو گئے۔آصف علی زرداری سے ملاقات کے بعد بلوچستان حکومت کے سابق وزیر سکندر عمرانی بھی پی پی پی میں شامل تھے۔ آصف زرداری سے ملاقات کے بعد بلوچستان عوامی پارٹی کے رہنما عبدالقدوس بزنجو کے ہمراہ سید نظام الدین، سید حمید، نصیر احمد بزنجو، میر عبدالوہاب بزنجو و دیگر بھی پی پی پی میں شامل ہو گئے۔آصف زرداری نے پاکستان پیپلزپارٹی میں شامل ہونے والی بلوچستان کی سیاسی شخصیات کو خوش آمدید کہا۔ آصف زرداری سے ملاقات میں اہم سیاسی شخصیات کی شمولیت کے موقع پر علی حسن زہری بھی موجود تھے۔