Saturday, 16 December 2023

یمنیٰ زیدی کے مغربی طرز کے لباس میں فوٹوشوٹ پر مداح بھڑک اٹھے


 یمنیٰ زیدی کے مغربی طرز کے لباس میں فوٹوشوٹ پر مداح بھڑک اٹھے

خوبرو پاکستانی اداکارہ یمنیٰ زیدی کا مغربی طرز کے لباس میں فوٹو شوٹ مداحوں کو ایک آنکھ نہ بھایا۔حال ہی میں یمنیٰ زیدی نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ایک ویڈیو شیئر کی جس میں اداکارہ نے ایک معروف کلاتھنگ برانڈ کا مغربی طرز کا لباس زیب تن کر رکھا تھا۔یمنیٰ زیدی اپنے مشرقی طرز کے ملبوسات کے سبب ہی پسند کی جاتی ہیں تاہم اس مرتبہ ان کے مغربی طرز کے لباس پر مداح تنقید کرتے نظر آرہے ہیں۔مذکورہ ویڈیو کے کمنٹ سیکشن میں ایک مداح نے لکھا کہ برائے مہربانی یمنیٰ آپ پیسوں کیلئے ایسے کپڑے نہ پہنیں ورنہ آپ اپنی وقعت کھو دیں گی۔ایک اور صارف کا کہنا تھا کہ آپ کو اسطرح کا لباس پہنے دیکھ کر بہت دکھ ہوا ہے۔

Saturday, 9 December 2023

میاں صاحب سلیکشن نہیں الیکشن جیت کر آؤ: بلاول بھٹو


 میاں صاحب سلیکشن نہیں الیکشن جیت کر آؤ: بلاول بھٹو

 چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے نواز شریف کو چیلنج کرتے ہوئے کہا ہے کہ میاں صاحب سلیکشن نہیں الیکشن جیت کر آؤ۔ ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ رائیونڈ کا وزیراعظم چاہتا ہے مجھے چوتھی بار سلیکٹ کیا جائے، جو تین بار فیل ہوا وہ چوتھی بار کونسا تیر مارے گا، میاں صاحب انہی سے ٹکرائے جنہوں نے دو تہائی اکثریت دلائی، میاں صاحب نے ایک بار پھر حکومت دلوانے والوں سے لڑنا ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر چوتھی باری ملی تو میاں صاحب وہی روایتی پرانی سیاست کریں گے، ہم تین بار بھگت چکے، اب چوتھی بار بھگتنا پڑے گا، میاں صاحب جن سے دو تہائی اکثریت مانگ رہے ہیں وہ کہہ رہے ہیں کدھر سے دیں، اگر اکثریت ملی تو پھر نقصان آپ کا ہو گا۔سابق وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ زمان پارک کے وزیراعظم نے عوام سے جھوٹے وعدے کئے تھے، زمان پارک کے وزیراعظم کے دور میں انتقامی سیاست عروج پر تھی، ایک سیاسی جماعت چاہتی ہے کہ الیکشن جیت کر مخالفین سے انتقام لے۔بلاول بھٹو نے کہا کہ زمان پارک، رائیونڈ والا ہمارا کوئی سیاسی مخالف نہیں، ہمارا مقابلہ مہنگائی،غربت، بے روزگاری سے ہے، وعدہ ہے بھٹو کا روٹی، کپڑا اور مکان کا نعرہ پورا کریں گے، ہم شہید محترمہ کے خواب کو پورا کریں گے۔

نواز شریف کو جیل میں اہلیہ کی وفات کی خبر ملی، ایسی لیول پلیئنگ فیلڈ چاہئے؟ مریم نواز


 نواز شریف کو جیل میں اہلیہ کی وفات کی خبر ملی، ایسی لیول پلیئنگ فیلڈ چاہئے؟ مریم نواز

مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر و سینئر نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ آج کل لیول پلیئنگ فیلڈ کا بڑا شور سن رہی ہوں، نواز شریف کو جیل میں اہلیہ کی وفات کی خبر سننا پڑی، کیا سابق چیئرمین پی ٹی آئی کو یہ والی لیول پلیئنگ فیلڈ چاہئے؟یوتھ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ نوازشریف نے موٹرویز، سڑکوں کے جال بچھائے، نواز شریف نے سی پیک بنایا، آپ نے اپنا مستقبل نوازشریف سے جوڑ دیا ہے، نوازشریف کا سیاسی سفر آسان نہیں تھا، گزشتہ 23 برسوں میں نوازشریف نے ڈھائی سال جیل کاٹی، 11 سال نوازشریف نے جلاوطنی کاٹی۔مریم نواز نے کہا کہ جب جب فیصلہ عوام کے ہاتھ آیا، عوام نے نوازشریف کے حق میں فیصلہ کیا، نوازشریف واحد لیڈر ہے آج بھی عدالتوں کے چکر کاٹ رہا ہے، جن مقدمات کی وفات پہلے ہو چکی ان مقدمات کو نوازشریف بھگت رہا ہے، پانامہ جیسا جھوٹا الزام نوازشریف پر لگایا گیا، نوازشریف کو نکال کر جیل میں ڈال دیا گیا، عدالتی نظام میں ناانصافی آسان اور انصاف کرنا مشکل کام ہے، نوازشریف کے لیے بلیک ڈکشنری کا سہارا لیا گیا۔سینئر نائب صدر مسلم لیگ ن نے کہا کہ شرم آنی چاہیے نوازشریف کو 7 سال بعد بھی رینگ رینگ کر انصاف مل رہا ہے، نواز شریف نے اربوں، کھربوں کے منصوبے لگائے، کسی ایک منصوبے میں بھی نوازشریف پر کرپشن کا الزام نہیں لگا، اربوں ڈالروکیلوں کو فیسیں دیدیں، پھوٹی کوڑی کا ثبوت نہیں نکال سکے۔انہوں نے کہا کہ جو جیل میں اپنےاعمال کی سزا بھگت رہا ہے، اس کا نام بھی نہیں لینا چاہتی مگر سچ بتانا میری مجبوری ہے، جیل میں رہنے والا نوازشریف پر چوری کا الزام لگاتا تھا، اس شخص نے بہت جھوٹ بولے ہیں، اس شخص سے انتقام نوازشریف نہیں اس کے اعمالوں نے لیا ہے، نوازشریف کو چور کہنے والا تاریخ کی سب سےبڑی چوریاں کرتے پکڑا گیا۔مریم نواز نے کہا کہ نوازشریف تین دفعہ وزیراعظم بنا کوئی چوری کا الزام نہیں لگا سکا، وہ ایک دفعہ وزیراعظم بنا تاریخی چوری کی، انہوں نے کہا کہ القادر ٹرسٹ کیس جانتے ہو ناں، پاکستان کے خون پیسینے کی کمائی اس کی جیب میں گئی، اس نے بند لفافہ کابینہ کو دکھایا، 60 ارب کے بدلے اس نے القادر ٹرسٹ بنایا، القادر ٹرسٹ کے ٹرسٹی خود فتنہ اور دوسرا اس کی اہلیہ ہیں۔سینئر نائب صدر ن لیگ نے کہا کہ جب حساب مانگا گیا تو چہرے پر ڈبہ پہن کر آگیا تھا، سزا سے بچنے کے لیے اس نے 9 مئی کو پاکستان کے کونے کونے میں آگ لگائی، اس نے 60 ارب کی ڈکیتی اور ملک پر حملہ کیا، آج جیل میں کہتا ہے ایکسرسائز کے لیے مشین اور دیسی مرغی دی جائے۔انہوں نے کہا کہ آج کل لیول پلیئنگ فیلڈ کا شور بڑا سن رہی ہوں، پلیئنگ فیلڈ اگر نواز شریف سے مانگتے ہو تو اس نے 11 سال جلاوطنی کاٹی، نوازشریف کے سامنے اس کی بیٹی کو گرفتار کیا گیا۔مریم نواز نے کہا کہ 22 سال میں صرف نوازشریف کو ایک الیکشن لڑنے کی اجازت دی گئی، گجرات والو الیکشن کے لیے تیار ہو، جلال پورجٹاں اور پورے پاکستان سے شیر جیتے گا۔

کچھ کرداروں نے چلتے پاکستان کو ٹھپ کرکے رکھ دیا: نواز شریف


 کچھ کرداروں نے چلتے پاکستان کو ٹھپ کرکے رکھ دیا: نواز شریف

مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے ایسے کردار درمیان میں آ گئے جنہوں نے چلتے پاکستان کو ٹھپ کرکے رکھ دیا۔لاہور میں نواز شریف کی زیر صدارت پاکستان مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی بورڈ کا چھٹا اجلاس ہوا، پارٹی کے ٹکٹ امیدواروں سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ اجلاس کے تمام شرکا کا خیرمقدم کرتا ہوں، مجھے بڑی خوشی ہے کہ آپ سب لوگ ہماری دعوت پر تشریف لائے اور پارٹی ٹکٹ کے لئے درخواست دی۔انہوں نے کہا کہ قوم نے گزشتہ 4 برس میں مشکل دور دیکھا ہے، ہمارے دور میں ترقی عروج پر تھی، ہمارے دور میں معاشرتی، سماجی کسی قسم کا کوئی مسئلہ نہیں تھا اور ملک میں اقتصادی ترقی ہو رہی تھی، ہمارے دور میں معاشی بہتری کا دنیا بھی اعتراف کر رہی تھی۔نواز شریف نے کہا کہ پتا نہیں وہ خواب تھا جو ادھورا رہ گیا، اس خواب کو پورا ہونا چاہئے تھا، شہباز شریف ملک نہ سنبھالتے تو ڈیفالٹ کر جاتے، ایسے کردار درمیان میں آ گئے جنہوں نے چلتے پاکستان کو ٹھپ کر کے رکھ دیا۔مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے کہا کہ اس وقت سے اکانومی نیچے کی طرف جا رہی ہے، جی ڈی پی گروتھ ریٹ نیچے گر گیا، گزشتہ چار سال روپے کی قدر مستحکم نہیں ہوئی، مہنگائی کی بنیادی وجہ اکانومی مس مینج ہوئی، ادراک کرنا ہو گا مس مینجمنٹ 2019 سے شروع ہوئی، 2022 میں ہر چیز کا بھٹہ بیٹھ گیا تھا۔انہوں نے کہا کہ سمجھ نہیں آتی ایک اناڑی کے ہاتھ میں بھاگ دوڑ کیسے دیدی جاتی ہے، 2013 سے2017 تک ملک ترقی کی رفتار میں دوڑ رہا تھا، 2017 میں باتیں ہو رہی تھی اگلی دفعہ الیکشن بھی (ن) لیگ جیتے گی، ملک کی ترقی کیلئے کام کئے اور ہمیں ہر دور میں نکال دیا گیا، فیصلہ کر لیا کہ الیکشن میں عوام کے سامنے سچ بولوں گا۔سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہم نے کہا لڑائی نہیں ہوئی چاہئے اس لئے ہمیں نکالا گیا، ہم نے اپنے دور میں کوئلے سے بجلی بنانے کا منصوبہ دیا، کوئلے کی بات بہت کی جاتی تھی مگر کسی نے کچھ نہیں کیا، ملک کو اس حال تک پہنچانے والوں کا احتساب ہونا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنے معاملات کو دوست ممالک کے ساتھ درست کرنا ہے، چینی صدر نے خود مجھے کہا تھا سی پیک آپ کیلئے تحفہ ہے، ہمارے بعد سی پیک کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کی گئی، آج وقت ثابت کر رہا ہے کہ ہم درست تھے، ہمارے دور میں ترقی عروج پر تھی۔نواز شریف کا مزید کہنا تھا کہ دعا ہے اللہ تعالیٰ قوم کو مشکلوں سے باہر نکالے، اللہ تعالیٰ 25 کروڑ عوام کو آسانی والی زندگی عطا فرمائے۔

فواد چودھری کو ایک روزہ راہداری ریمانڈ پر اینٹی کرپشن حکام کے حوالے کردیا

 ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے پراسیکیوشن کی استدعا پر محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے سابق وفاقی وزیر


فواد چودھری کو ایک روزہ راہداری ریمانڈ پر اینٹی کرپشن حکام کے حوالے کردیا۔فواد چودھری کے خلاف اینٹی کرپشن پنجاب کے کیس کی سماعت ہوئی ، جج قاضی ماجد نے کہا کہ اینٹی کرپشن محکمۂ پنجاب کو فواد چودھری کا راہداری ریمانڈ درکار ہے۔وکیل فیصل چودھری نے کہا کہ فواد چودھری سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے ممبر ہیں، ملک آئین اور قانون کے تحت نہیں چل رہا۔وکیل صفائی نے فواد چودھری کے خلاف درج مقدمے کا متن پڑھا اور کہا کہ فواد چودھری کے خلاف مدعی راولپنڈی کا رہائشی ہے، فواد چودھری کو کون سا نیا نوٹس اینٹی کرپشن محکمۂ نے دیا ہے؟ انکوائری، نہ تفتیش کی گئی، نوٹس دیا گیا لیکن واپس لے لیا گیا، پراپرٹی بلڈوز کرنے کی کوشش کی، سیاسی انتقام لینے کی کوشش کی جا رہی ہے، جو سیاستدان اچھا نہیں لگتا اسے ہتھکڑیوں میں رکھ دیا جاتا ہے۔پراسیکیوٹر عدنان علی نے ایک روزہ راہداری ریمانڈ کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ ضمانت اسلام آباد میں دائر نہیں ہو سکتی کیونکہ فواد چودھری گرفتار ہیں، ر اہداری ریمانڈ کے سٹیج پر کیس کے میرٹ کا فیصلہ نہیں ہو سکتا، فواد چودھری پر بطور وزیر کرپشن کرنے کا الزام ہے۔عدالت نے پراسیکیوشن کی استدعا پر فواد چودھری کے راہداری ریمانڈ پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔بعد ازاں جوڈیشل مجسٹریٹ قاضی ماجد نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے فواد چودھری کو ایک روزہ راہداری ریمانڈ پر محکمہ اینٹی کرپشن حکام کے حوالے کردیا، عدالت نے حکم دیا کہ فواد چودھری کو ایک روز میں متعلقہ عدالت پیش کیاجائے۔

دہشتگردی کے باعث الیکشن ملتوی نہیں ہو سکتا: رانا ثناء اللہ


 دہشتگردی کے باعث الیکشن ملتوی نہیں ہو سکتا: رانا ثناء اللہ

مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ دہشتگردی کی وجہ سے الیکشن ملتوی نہیں کیا جا سکتا، قانون نافذ کرنے والے ادارے الیکشن میں سکیورٹی کو یقینی بنائیں۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ دہشتگردی کے خطرات تو ہیں، یہ خطرات پہلے بھی تھے، نگران حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ دہشتگردی کا خاتمہ کرے، اللہ سب کو محفوظ رکھے اور الیکشن خیر خیریت سے ہو جائیں۔انہوں نے کہا کہ ہم مضبوط امیدوار لے کر آ رہے ہیں، ساؤتھ پنجاب میں سیاسی پارٹیوں کی اتنی گرفت نہیں ہے، الیکشن کے حوالے سے ہمارا کام مکمل ہے، آج ہم نے ڈیرہ غازی خان ڈویژن مکمل کیا ہے۔رانا ثناء اللہ نے کہا کہ الیکشن شیڈول کا اعلان الیکشن سے 54 دن پہلے ہوتا ہے، اگر الیکشن شیڈول کا اعلان 15 یا 16 دسمبر تک ہو جائے تو یہ بہتر ہے، جس دن الیکشن شیڈول کا اعلان ہو گا اس دن امیدواروں کے ناموں کا اعلان بھی ہو جائے گا۔سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ عدالتیں موجود ہیں، کسی کے ساتھ کوئی نا انصافی یا تجاوز ہوتا ہے تو وہ رابطہ کرے، بلاول بھٹو زرداری صاحب کہہ رہے ہیں کہ میں فلاں کی سیاست نہیں کرتا، اس سے پہلے جو ہوتا رہا ہے وہ دنیا کو معلوم ہے، ہم پنجاب میں کسی سے الیکشن الائنس نہیں کر رہے، سیٹ ایڈجسٹمنٹ کیلئے ہمارے دروازے سب کیلئے کھلے ہیں۔

شہباز شریف سے جہانگیر ترین کی ملاقات، آئندہ انتخابات بارے تبادلہ خیال

 شہباز شریف سے جہانگیر ترین کی ملاقات، آئندہ انتخابات بارے تبادلہ خیال

سیاسی جوڑ توڑ میں بڑی پیشرفت، استحکام پاکستان کے قائد جہانگیر خان ترین اور رہنما


عون چودھری کی شہباز شریف سے ملاقات ہوئی، ملاقات میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔آئندہ انتخابات کی تیاریوں کے سلسلہ میں پاکستان مسلم لیگ ن کے قائدین کی دیگر سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں سے ملاقاتیں اور رابطے جاری ہیں، اسی حوالے سے استحکام پاکستان پارٹی کے قائد جہانگیر ترین اور عون چودھری کی شہباز شریف کی رہائش گاہ ماڈل ٹاؤن آمد ہوئی۔لیگی ذرائع کے مطابق دونوں پارٹیوں کے رہنماؤں کی ملاقات 45 منٹ تک جاری رہی، ملاقات میں آئندہ انتخابات کے حوالے سے دونوں رہنماؤں میں تبادلہ خیال کیا گیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ شہباز شریف اور جہانگیر ترین کے درمیان ملاقات میں پنجاب اور لاہور سمیت قومی اسمبلی اور پنجاب کے مختلف حلقوں میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ بارے امور پر گفتگو ہوئی۔لیگی ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن کی جانب سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کا فیصلہ مسلم لیگ ن کے قائد اور کور کمیٹی کی مشاورت سے کیا جائے گا۔

پنجاب لینڈ ریکارڈز اتھارٹی نے رواں مالی سال 25 ارب کی ریکارڈ کولیکشن کی


 پنجاب لینڈ ریکارڈز اتھارٹی نے رواں مالی سال 25 ارب کی ریکارڈ کولیکشن کی

پنجاب لینڈ ریکارڈز اتھارٹی نے مالی سال 2023-2024ء کے دوران جولائی تا نومبر 25 ارب کی ریکارڈ کولیکشن کی۔اس دوران پنجاب لینڈ ریکارڈز اتھارٹی نے 16 لاکھ افراد کو فردات اور انتقالات کی خدمات فراہم کیں۔ خدمات کے عوض صوبائی گورنمنٹ کو 6 ارب جبکہ پلرا کو سروس چارجز کی مد میں 1.5 ارب کی آمدن ہوئی، پلرا نے اپنے اصلاحاتی اقدامات کے تحت لوکل گورنمنٹ کے ٹیکس (TTIP) کی مد میں قریباً 2 ارب جبکہ وفاقی حکومت (FBR) کے لئے 15 ارب روپے کی کولیکشن کی۔رواں مالی سال 2023-2024 ء کے دوران جولائی تا نومبر ساڑھے چار لاکھ صارفین کو انتقالات اور 11.5 لاکھ کو فردات کی خدمات فراہم کی گئیں، انتقالات کی مد میں 60 کروڑ جبکہ فردات کی مد میں 70 کروڑ کی آمدن ہوئی۔پنجاب لینڈ ریکارڈز اتھارٹی کی جانب سے عوامی سہولت کے پیش نظر دیگر اصلاحاتی اقدامات جیسے رجسٹری بذریعہ ای رجسٹریشن کے ذریعے صارفین کے لیے رجسٹری کا طریقہ کار مزید آسان بنایا گیا ہے۔شہری اراضی کے ریکارڈ کی کمپیوٹرائزیشن اور ISO سرٹیفکیشن پر بھی پیش رفت جاری ہے تاکہ شہریوں کے لیے اراضی ریکارڈ کی بہترین اور معیاری سروسز کو یقینی بنایا جا سکے۔ڈائریکٹر جنرل پنجاب لینڈ ریکارڈز اتھارٹی سائرہ عمر کا کہنا ہے کہ پلرا میں ماڈرن ٹیکنالوجی اور جدید سافٹ ویئر کو استعمال کرتے ہوئے لینڈ ریکارڈ سروسز کا حصول خود کار طریقے سے ممکن بنایا جا رہا ہے جس کی بدولت عوام کے لئے ریکارڈ کی رسائی کے تمام مراحل کو آسان اور محفوظ بنایا جائے گا۔

پنجاب پولیس کے 40 انسپکٹر کی ڈی ایس پیز کے عہدے پر ترقیاں


 پنجاب پولیس کے 40 انسپکٹر کی ڈی ایس پیز کے عہدے پر ترقیاں

 آئی جی پنجاب کی سربراہی میں انسپکٹر سے ڈی ایس پیز کی ترقیوں کا اجلاس ہوا۔اجلاس میں 40 انسپکٹر کو ڈی ایس پیز کے عہدے پر ترقیاں دے دی گئیں۔ اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی سلطان چوہدری، ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ ون انعام وحید، ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ 2 ذیشان اصغر سمیت دیگر افسران موجود تھے۔جن سینئر انسپکٹر کا ریکارڈ مکمل تھا انکو ڈی ایس پیز کے عہدے پر ترقیاں دی گئی ہیں۔ ترقیاں پانے والے ڈی ایس پیز کو آئندہ چند روز تک آئی جی پنجاب نئی پوسٹنگ دیں گے۔

غیرقانونی موٹرسائیکل رکشہ بنانے والوں کیخلاف کریک ڈاؤن، 77 ورکشاپس سیل


 غیرقانونی موٹرسائیکل رکشہ بنانے والوں کیخلاف کریک ڈاؤن، 77 ورکشاپس سیل

 محکمہ ٹرانسپورٹ نے غیر قانونی موٹرسائیکل رکشہ بنانے والوں کیخلاف کریک ڈاؤن کا آغاز کر دیا۔سیکرٹری ٹرانسپورٹ ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے حکومت پنجاب کی ہدایات پر RTAs کو غیر قانونی موٹرسائیکل رکشہ بنانے والوں کیخلاف سخت ایکشن لینے کا حکم دے دیا جس پر عمل درآمد کرتے ہوئے 77 ورکشاپس کو سیل کر دیا گیا۔ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے کہا کہ قانونی طور پر موٹر سائیکل رکشہ کی خرید و فروخت پر کوئی پابندی نہیں، غیر قانونی موٹر سائیکل رکشہ بنانے والے افراد کے خلاف مقدمات کا اندراج اور غیر قانونی موٹر سائیکل رکشہ چلانے والوں سے متعلق پالیسی کا مسودہ منظوری کے مراحل میں ہے۔

سیف سٹیز منصوبے کو دوسرے شہروں تک بڑھایا جائے گا، آئی جی پنجاب


 سیف سٹیز منصوبے کو دوسرے شہروں تک بڑھایا جائے گا، آئی جی پنجاب

 آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا کہنا ہے کہ سیف سٹیز منصوبے کو دوسرے شہروں تک بڑھایا جائے گا۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا لاہور نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ سیف سٹیز منصوبے کا دائرہ کار وسیع کر رہے ہیں، لاہور کے بعد فیصل آباد، گوجرانوالہ اور راولپنڈی میں سیف سٹیز پراجیکٹ شروع کیا جا رہا ہے، منصوبے پر 13 ارب روپے لاگت آئے گی۔آئی جی پنجاب نے بتایا کہ جدید ممالک کی طرح پاسبان سافٹ ویئر کے ذریعے گاڑی چوری ہوتے ہی ٹریکر کے ذریعے تمام فورسز ایکٹو ہو کر گاڑی چور کو پکڑیں گی۔خراب کیمروں کے حوالے سے آئی جی پنجاب کا کہنا تھا کہ لاہور میں ساڑھے 6 ہزار کیمرے رواں ماہ میں ٹھیک ہو جائیں گے۔