Friday, 22 December 2023

9 مئی کے مقدمات، حماد اظہر سمیت 7 ملزمان کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی شروع


 9 مئی کے مقدمات، حماد اظہر سمیت 7 ملزمان کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی شروع

لاہور کی انسدادِ دہشت گردی عدالت نے 9 مئی جلاؤ گھیراؤ مقدمے میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنما حماد اظہر سمیت 7 ملزمان کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی کا آغاز کردیا۔انسدادِ دہشت گردی عدالت کی جج عبہر گل نے پولیس کی درخواست پر سماعت کی، پولیس نے مؤقف اپنایا کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مار ے گئے لیکن وہ روپوش ہیں، ملزمان کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی شروع کی جائے۔بعد ازاں عدالت نے اسلم اقبال، حماد اظہر، ثمر معشوق، عدنان، قاسم، فیاض انور اور ملک حیدر کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی کا آغاز کردیا۔واضح رہے کہ 9 مئی کو سابق وزیراعظم عمران خان کی گرفتاری کے بعد ملک بھر میں پُرتشدد فسادات کے نتیجے میں نمایاں بدامنی دیکھی گئی تھی، اور لاہور کے راحت بیکری چوک پر پولیس کی گاڑیوں کو نذر آتش بھی کیا گیا۔بعد ازاں سرور روڈ پولیس نے پی ٹی آئی کے متعدد رہنماؤں کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا۔

سینیٹ کمیٹی میں جعلی نوٹ پیش، ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک بھی نہ پہچان سکے


 سینیٹ کمیٹی میں جعلی نوٹ پیش، ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک بھی نہ پہچان سکے

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں 5 ہزار روپے کے جعلی نوٹ پیش کیے گئے جنہیں اصل نوٹوں سے ہوبہو مشابہت کی وجہ سے ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک بھی پہچاننے سے قاصر نظر آئے۔پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے سینیٹر سلیم مانڈوی والا کی زیر صدارت سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کا اجلاس ہوا۔اجلاس میں چیئرمین کمیٹی سلیم مانڈوی والا نے 5 ہزار روپے کے جعلی نوٹ پیش کیے اور ساتھ ہی اجلاس میں موجود ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک سے سوال کیا کہ آپ بتا سکتے ہیں کہ یہ اصل ہیں یا نقل۔جعلی نوٹوں کی اصل نوٹ سے اس قدر مشابہت تھی کہ ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک بھی انہیں نہ پہچان سکے۔چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ 5 ہزار روپے کا جعلی نوٹ اگر مجھے مل سکتا ہے تو عام آدمی کا کیا بنے گا، جعلی کرنسی کا استعمال بڑھ رہا ہے، بینکوں کے ذریعے جعلی نوٹ پھیل رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جعلی نوٹ بینکوں کے سسٹم میں موجود ہیں۔سلیم مانڈوی والا نے ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک کو ہدایت کی کہ جعلی کرنسی کے حوالے سے ایک پالیسی بنائیں۔ان کا کہنا تھا کہ عام آدمی اس صورتحال میں کس کے پاس جائے، میرے پاس ایک ہزار روپے کے بیسیوں جعلی نوٹ ہیں۔کمیٹی کے اراکین نے کہا کہ ڈی جی ایف آئی اے کو طلب کر کے بریفنگ لی جائے۔ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک نے ارکان کو آئندہ اجلاس میں اس معاملے پر تفصیلی بریفنگ دینے کی یقین دہانی کرادی۔

سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد انتخابات سے فرار کی تمام سازشیں دم توڑ گئیں، چوہدری شجاعت


 سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد انتخابات سے فرار کی تمام سازشیں دم توڑ گئیں، چوہدری شجاعت

چوہدری شجاعت نے کہا انتخابات آزادانہ، منصفانہ اور قابل اعتماد ہونا انتہائی ضروری ہیں —مسلم لیگ (ق) کے صدر چوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد انتخابات سے فرار کی تمام سازشیں دم توڑ گئیں۔چوہدری شجاعت حسین نے سندھ کے اعلیٰ سطح کے اجلاس کے خطاب میں کہا کہ انتخابات آزادانہ، منصفانہ اور قابل اعتماد ہونا انتہائی ضروری ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملک کا سیاسی و معاشی مستقبل عام انتخابات سے وابستہ ہے جبکہ تمام سیاسی جماعتوں کو انتخابات میں حصہ لینے کے یکساں مواقع ملنے چاہئیں۔ان کا کہنا تھا ملکی مستقبل کا فیصلہ عوام کو کرنا ہے، عوام روایتی سیاستدانوں کے بجائے شعور کو ووٹ دیں۔شجاعت حسین نے پارٹی عہدیداران کو سیاسی سرگرمیاں اور رابطہ مہم بڑھانے کی ہدایت کی۔واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے لاہور ہائی کورٹ نے عدلیہ سے ریٹرننگ افسران اور ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران کی تعیناتی کے الیکشن کمیشن کے فیصلے کو معطل کردیا تھا جس سے انتخابات کے التوا کے خدشات پیدا ہو گئے ہے۔لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف الیکشن کمیشن نے اپیل دائر کی تھی جس پر سپریم کورٹ نے جمعہ کو سماعت کی۔سماعت شام دیر گئے شروع ہوئی جس کے حکم میں عدالت عظمیٰ نے لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے کو معطل کر دیا تھا اور انتخابی ادارے کو فوری طور پر انتخابی شیڈول جاری کرنے کی ہدایت کی تھی۔

Monday, 18 December 2023

غیر قانونی افراد کو مزید قیام کی اجازت دیکر قومی سلامتی پر سمجھوتہ نہیں کر سکتے: انوارالحق


 غیر قانونی افراد کو مزید قیام کی اجازت دیکر قومی سلامتی پر سمجھوتہ نہیں کر سکتے: انوارالحق


(ویب ڈیسک) نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ غیر قانونی مقیم افراد کو قیام کی مزید اجازت دیکر قومی سلامتی پر مزید سمجھوتہ نہیں کر سکتے۔نگران وزیر اعظم انوارالحق کاکڑ نے برطانوی اخبار ٹیلی گراف میں غیر قانونی تارکین وطن پر خصوصی تحریر میں کہا کہ پاکستان میں گزشتہ دہائیوں کے دوران تقریباً آئرلینڈ کی آبادی کے برابر تارکین وطن آ چکے ہیں، ہم نے فراخ دلی سے تارکین وطن کی اتنی بڑی تعداد کو سنبھالا ہے۔انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ مہمان نوازی پاکستان کے ڈی این اے میں شامل ہے، غیر قانونی تارکین وطن کو رضاکارانہ طور پر رجسٹریشن اور وطن واپسی کے متعدد مواقع فراہم کئے، اس لئے یہ کہنا بالکل غلط ہے کہ پاکستان نے جلد بازی سے کام لیا۔نگران وزیراعظم نے کہا کہ بہت سے غیر قانونی لوگ بلیک مارکیٹ میں کام کرتے ہیں، کوئی ٹیکس نہیں دیتے، یہ لوگ انڈر ورلڈ کے استحصال کا شکار بھی ہیں، اگست 2021ء سے کم از کم 16 افغان شہریوں نے پاکستان میں خودکش حملے کئے ہیں۔انوارالحق کاکڑ نے لکھا کہ غیر قانونی تارکین وطن کے اِنخلا کے بارے میں پاکستان کی پالیسی سے متعلق سوشل میڈیا پر غلط معلومات اور بے بنیاد الزامات کی بھرمار ہے، غیر قانونی افراد کے ساتھ احترام اور دیکھ بھال کے ساتھ برتاؤ کرنے کے سخت احکامات ہیں۔نگران وزیراعظم نے لکھا کہ ہم نے تقریباً 79 ٹرانزٹ مراکز قائم کئے ہیں، جو مفت کھانا، پناہ گاہ اور طبی سہولیات فراہم کر رہے ہیں، برطانیہ، فرانس، جرمنی اور اٹلی سمیت مختلف ممالک بھی غیر قانونی تارکین وطن کے مسائل سے دوچار ہیں۔انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ اتنی بڑی تعداد میں غیر قانونی افراد کو پاکستان میں قیام کی اجازت دے کر ہم اپنی قومی سلامتی پر مزید سمجھوتہ نہیں کر سکتے، ہمارا مقصد پاکستان کو محفوظ، پرامن اور خوشحال بنانا ہے۔

آئین اور قانون پر چلنے والوں کو راستے سے ہٹا دیا جاتا ہے: نواز شریف




 آئین اور قانون پر چلنے والوں کو راستے سے ہٹا دیا جاتا ہے: نواز شریف


قائد مسلم لیگ ن اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ آئین اور قانون پر چلنے والوں کو راستے سے ہٹا دیا جاتا ہے، صرف ایک سلیکٹڈ شخص کو لانے کیلئے مجھے نکالا گیا۔ماڈل ٹاؤن میں پارلیمانی بورڈ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف کا کہنا تھا کہ درمیان میں فاصلے آگئے تھے اور حالات کہاں سے کہاں پہنچ گئے، میں نے سوچا بھی نہ تھا کہ بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر فارغ کر دیا جائے گا، ایک سلیکٹڈ کو لانے کیلئے وزیراعظم کو فارغ کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ ہم نے آئی ایم ایف کو خدا حافظ کہہ دیا تھا، آج ملک میں سب کچھ ریورس ہوگیا، اسحاق ڈار نے آئی ایم ایف سے کہا فی الحال ضرورت نہیں، پاکستان دنیا کی سب سے زیادہ آبادی والے 10 ممالک میں شامل ہے، ہمیں نظر کھا گئی اور شاید ہم خود بھی اپنے آپ سے مخلص نہیں۔نواز شریف کا کہنا تھا کہ پشاور سے سکھر تک ہم نے موٹرویز بنائیں، غیر ملکی قرضے واپس کر دیئے تھے، ہم نے ملک کو موٹر ویز اور سی پیک جیسے منصوبے دیئے، ملک ترقی کی دوڑ میں آگے بھاگ رہا تھا، ہم نے ملک سے لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ کیا اور ڈیمز بنائے۔سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ لواری ٹنل ہم نے بنایا، کراچی کو امن ہم نے دیا ووٹ کسی اور کو پڑ گیا، کام ہم کریں ووٹ کسی اور کو پڑ جائے، کراچی اور چترال والے اپنے گریبان میں جھانکیں، کراچی- حیدرآباد موٹروے ضرور بنے گی۔انہوں نے کہا کہ ہم کام کرنے والے لوگ ہیں، ہم غریبوں کا دکھ درد بانٹنے ہیں، ہم نہیں چاہتے ملک میں آٹا اور دال مہنگی ہو، ہمارے دور میں روٹی 4 روپے کی تھی، آج 20 روپے کی ہے، کچھ غریب ترس لوگوں نے روٹی پلانٹ لگائے ہوئے ہیں۔نوازشریف کا کہنا تھا کہ ہم ناانصافیوں کو بھول جاتے ہیں، اپنے ساتھ اتنے مخلص نہیں جتنا ہمیں ہونا چاہیے، یہ بھی کسی کو پوچھنا چاہیے تھا کہ صبح کا وزیراعظم رات کو کیسے ہائی جیکر بن گیا، ہم نے کبھی آئین اور قانون کو نہیں توڑا، ہم نے ہمیشہ آئین کی پاسداری اور رکھوالی کی ہے، جو آئین کی پاسداری اور رکھوالی نہیں کرتے ان کی سزا ہمیں بھگتنا پڑتی ہے۔قائد مسلم لیگ ن نے مزید کہا کہ اتنی دیر میں وزیراعظم نہیں رہا جتنی دیر ملک بدری کاٹی، ہم پر جھوٹے مقدمے بنائے گئے، رانا ثناء اللہ پر ہیروئن سمگلنگ کا جھوٹا مقدمہ بنایا گیا، ہم پر بنائے گئے تمام جھوٹے مقدمات کو ججز نے اٹھا کر باہر پھینکا، نہ ہم نے کبھی بھینس چرائی اور نہ اس کے بارے میں سوچا۔

پیپلزپارٹی کو لاہور میں دوبارہ عروج دینے کے لئے محنت کی جائے گی، بلاول بھٹو زرداری


 پیپلزپارٹی کو لاہور میں دوبارہ عروج دینے کے لئے محنت کی جائے گی، بلاول بھٹو زرداری


چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے پیپلزپارٹی کو لاہور میں دوبارہ عروج دینے کے لئے محنت کی جائے گی۔ چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے لاہور کا دورہ کیا۔ اس دوران وہ کارکنان میں گھل مل گئے، سیلفیاں بھی بنوائیں۔ میڈیا سے گفتگو کرتے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ لاہور پہنچ کر بہت اچھا لگا، پیپلزپارٹی کی بنیاد لاہور میں رکھی گئی، مہنگائی، غربت اور بے روزگاری نے عوام کو مشکل میں ڈال رکھا ہے، اس وقت ملک میں مہنگائی اور غربت تاریخی سطح پر ہے، پیپلزپارٹی کی حکومت جب بھی آئی ہم نے بے روزگاری اور مہنگائی کا مقابلہ کیا، ہمارا مقابلہ کسی سیاسی جماعت سے نہیں، ماضی میں ہم نے انقلابی منصوبہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام شروع کیا، آئندہ حکومت میں نوجوانوں اور مزدوروں کو ریلیف دینے کے لئے پروگرام شروع کئے جائیں گے۔چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا ملک میں نفرت اور تفریق کی سیاست ہو رہی ہے، پاکستان پیپلزپارٹی کے کارکن بہت بہادر ہیں، نواز شریف کا دور حکومت بھی پیپلزپارٹی کارکنان کے لئے آمریت سے کم نہیں تھا، پاکستان پیپلزپارٹی سیاسی جماعت ہے، سیاسی جماعتوں کے دروازے بات چیت کے لئے ہمیشہ سب کے لئے کھلے رہتے ہیں، اگر پنجاب میں پیپلزپارٹی کو لیول پلیئنگ فیلڈ ملی تو اچھا سرپرائز دیں گے، بلوچستان کے ساتھ پورے پاکستان میں سرپرائز دیں گے، آئندہ انتخابات میں اکثریت حاصل ہوئی تو سب کو ساتھ لے کر چلیں گے، پیپلزپارٹی کو لاہور میں دوبارہ عروج دینے کے لئے محنت کی جائے گی۔

سندھ کے عوام پنجاب کی طرح ترقی چاہتے ہیں تو ن لیگ کو آزما کر دیکھیں: احسن اقبال


 سندھ کے عوام پنجاب کی طرح ترقی چاہتے ہیں تو ن لیگ کو آزما کر دیکھیں: احسن اقبال

 مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ سندھ کے عوام پنجاب کی طرح ترقی چاہتے ہیں تو ن لیگ کو آزما کر دیکھیں۔مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ اپریل 2022ء میں مختلف حکومتوں نے مل کر حکومت بنائی تھی، سیاسی اختلافات کے باوجود سب جماعتیں ڈیفالٹ سے بچانے کے لئے اکٹھی ہوئی تھیں، سولہ ماہ کی محنت سے پاکستان کو ڈیفالٹ ہونے سے بچایا۔احسن اقبال نے کہا کہ ہر جماعت اپنے منشور کو لیکر میدان میں اترے گی، سندھ کی عوام کو منی بیک گارنٹی کی آفر دیتا ہوں، اگر سندھ کے عوام کو خدمت کا ریکارڈ نہ ملا تو پھر مجرم ہوں گے۔سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ پارٹی ورکرز ہمارا اثاثہ ہیں، بلاول بھٹو سے متعلق سوال پر احسن اقبال نے کہا کہ ہمارے دامن میں کارکردگی کا ریکارڈ ہے، ہمیں منفی سیاست کی ضرورت نہیں، منفی سیاست وہی کرتا ہے جس کے پاس کوئی کارکردگی نہ ہو۔احسن اقبال نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی کراچی سے پشاور تک کوئی منصوبہ پیش نہیں کر سکتے، چور، ڈاکو کہہ کر لوگوں کی پگڑیاں اچھالی گئیں، ہم نے پاکستان میں اتنا کچھ کیا ہم گھنٹوں بول سکتے ہیں، کسی کی پگڑی اچھالنے کی ضرورت نہیں ہے، ہماری ایم کیو ایم ، جے یو آئی، جی ڈی اے کے ساتھ بھی بات چیت جاری ہے، جس کے پاس بہتر امیدوار ہو گا اس کی سب حمایت کریں گے۔ن لیگ کے سینئر رہنما نے کہا کہ ہم انتخابی ایڈجسٹمنٹ سیٹ ہارنے کے لئے نہیں کر سکتے، یہ کوٹہ سسٹم نہیں ہے، الیکشن ایک ریس ہے وہی امیدوار اتارے جاتے ہیں جن سے جیت کی امید ہو، الیکشن میں مرکزی قیادت سے ایک امیدوار کراچی سے ضرور ہو گا، دھوکہ کرنے والوں کی الیکشن میں ضمانتیں ضبط ہوں گی۔احسن اقبال نے کہا کہ پی ٹی آئی 2024ء کے انتخاب میں اپنی اصلی جگہ پر آ جائے گی، بانی پی ٹی آئی نے گزشتہ چار سالوں میں نوجوانوں کو دھکے، بے روزگاری دی۔

نادرا نے 18 پی ٹی آئی رہنماؤں کے شناختی کارڈ بلاک کر دیئے


 نادرا نے 18 پی ٹی آئی رہنماؤں کے شناختی کارڈ بلاک کر دیئے

 نادرا نے 9 مئی کے واقعات میں ملوث 18 پی ٹی آئی رہنماؤں کے شناختی کارڈز بلاک کر دیئے۔پولیس نے 9 مئی واقعات میں ملوث 18 اشتہاریوں کے کارڈ بلاک کرنے کی نادرا سے درخواست کی تھی جس پر کارروائی عمل میں لائی گئی۔پولیس حکام کے مطابق تمام ملزمان اے ٹی سی میں پیش ہوئے بغیر قانونی حقوق حاصل نہیں کر سکتے، شامل تفتیش ہونے تک ملزمان کے قومی شناختی کارڈز بلاک رہیں گے۔پولیس کا کہنا ہے کہ 18 اشتہاری ملزمان جن کے شناختی کارڈ بلاک کئے گئے ہیں ان میں مراد سعید، اعظم سواتی، حماد اظہر، میاں اسلم اقبال، کرامت کھوکھر، علی امین گنڈاپور، واثق قیوم، مسرت جمشید چیمہ اور جمشید چیمہ شامل ہیں۔حکام کے مطابق زبیر نیازی، ملک ندیم عباس، غلام محی الدین دیوان کے شناختی کارڈ بھی بلاک کئے گئے ہیں، اشتہاری ملزمان شناختی کارڈ کے ذریعے حاصل ہونے والی تمام سہولیات سے محروم رہیں گے۔

جناح ہاؤس جلاؤ گھیراؤ کیس میں 23 ملزموں کی درخواست ضمانت منظور


 جناح ہاؤس جلاؤ گھیراؤ کیس میں 23 ملزموں کی درخواست ضمانت منظور


 انسدادِ دہشت گردی عدالت لاہور نے جناح ہاؤس جلاؤ گھیراؤ کے مقدمہ میں ٹک ٹاکر ملک منیب سمیت 23 ملزموں کی درخواست ضمانت بعد ازگرفتاری منظور کر لی۔عدالت نے دو دو لاکھ مچلکوں کے عوض ضمانتیں منظور کیں، ٹک ٹاکر ملک منیب کی جانب سے رانا رباب اکرم نے دلائل دیئے، عدالت نے ملزم محمد عمران اور آصف عاشق کی ضمانتیں خارج کر دیں، انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ارشد جاوید نے 25 ضمانتوں پر فیصلہ سنایا۔ملزموں کے خلاف تھانہ سرور روڈ پولیس نے مقدمہ درج کر رکھا ہے، عدالت نے دیگر ملزموں کی ضمانتوں پر 21 دسمبر کو دلائل طلب کر لئے۔

ملکی معیشت میں بہتری روشن مستقبل کی نوید دے رہی ہے، گورنر پنجاب


 ملکی معیشت میں بہتری روشن مستقبل کی نوید دے رہی ہے، گورنر پنجاب

 گورنر پنجاب بلیغ الرحمن کا کہنا ہے ملکی معیشت میں بہتری روشن مستقبل کی نوید دے رہی ہے۔ گورنر پنجاب بلیغ الرحمن سے گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے لاہور میں ملاقات کی۔ ملاقات میں بین الصوبائی رابطوں کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔بلیغ الرحمن نے کہا دونوں صوبے مختلف شعبوں میں تجربات سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔گورنر سندھ نے گورنر ہاؤس لاہور کو عوام کے لئے منظم انداز میں کھولنے کے اقدام کو سراہا۔

وزیراعلیٰ پنجاب سے گورنر سٹیٹ بینک کی ملاقات، معاشی صورتحال پر تبادلہ خیال


 وزیراعلیٰ پنجاب سے گورنر سٹیٹ بینک کی ملاقات، معاشی صورتحال پر تبادلہ خیال

نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی سے گورنر سٹیٹ بینک جمیل احمد نے ملاقات کی ہے۔گورنر سٹیٹ بینک نے ایوان وزیراعلیٰ میں محسن نقوی سے ملاقات کی جس  میں معاشی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، ملاقات کے دوران بینک آف پنجاب اورپنجاب کو آپریٹو بینک کے امور پر گفتگو ہوئی۔اس موقع پر نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کہا کہ کسان کو سبسڈی اورآسان قرضے دے کر زیادہ پیداوار کا ہدف حاصل کرنا چاہتے ہیں، زیادہ پیداوار کیلئے چھوٹے کسان پر مالی بوجھ کم سے کم کرنا ضروری ہے، زراعت اوردیگر شعبوں میں معاشی سرگرمیوں میں بہتری سے عوام مستفید ہوں گے۔محسن نقوی کا کہنا تھا کہ پنجاب میں کاٹن کی ریکارڈ پیداوار سے 2ارب ڈالر کے  زرمبادلہ کی  بچت ہو گی، پنجاب میں چاول کی ایکسپورٹ دو ارب ڈالر سے بڑھ رہی ہے، سرمایہ کاروں اورصنعتکاروں کو تمام ممکنہ سہولتیں دینے کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں، سٹاک ایکسچینج میں تیزی کا رجحان مثبت اثرات کا حامل ہوگا۔گورنر سٹیٹ بینک جمیل احمد نے کہا کہ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے پنجاب میں زراعت سمیت دیگر شعبوں میں بہتری کیلئے قابل قدر اقدامات کیے،کاٹن،چاول اور دیگر فصلوں کی بہتر پیداوار سے معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔