Thursday, 4 January 2024

ہمیں پُرعزم اور مضبوط قوم کے طور پر ابھرنے کیلئے یکجان ہونا پڑے گا: آرمی چیف


 ہمیں پُرعزم اور مضبوط قوم کے طور پر ابھرنے کیلئے یکجان ہونا پڑے گا: آرمی چیف

(ویب ڈیسک) آرمی چیف سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ ہمیں پُرعزم اور مضبوط قوم کے طور پر ابھرنے کیلئے یکجان ہونا پڑے گا۔آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کرائسٹ چرچ راولپنڈی میں کرسمس تقریب میں شرکت کی، چرچ انتظامیہ نے آرمی چیف کا خیر مقدم کیا اور تہوار میں شرکت پر اُن کا شکریہ بھی ادا کیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آرمی چیف نے پاکستان میں مقیم تمام مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارک دی، آرمی چیف نے مذہبی برادری کے لیے احترام کا اظہار کیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے متحد و ترقی پسند پاکستان کے لئے قائد کے حقیقی وژن پر عمل کرنے کی بات کی، آرمی چیف نے معاشرے میں بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دینے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کا کہنا تھا کہ "اسلام ہمیں امن، دوستی کا سبق سکھاتا ہے اور بین المذاہب ہم آہنگی کی حوصلہ افزائی کرتا ہے جو کہ وقت کی اہم ضرورت ہے"۔جنرل سید عاصم منیر نے درپیش چیلنجز اور مسائل سے نمٹنے کے لیے بیان بازی اور پروپیگنڈا کے بجائے قومی مسائل کے بارے میں درست نقطہ نظر، سچائی اور علم پر مبنی رائے رکھنے کی اہمیت پر زور دیا، انہوں نے کہا کہ" پاکستان کے دشمن مذہبی، نسلی اور سیاسی کمزوریوں کو استعمال کرتے ہوئے دراڑیں ڈالنے پر تلے ہوئے ہیں"۔آرمی چیف نے کہا کہ "ہمیں ایک پُرعزم اور مضبوط قوم کے طور پر اُبھرنے کے لیے متحد اور یکجان ہونا پڑے گا"، آرمی چیف نے قائد اعظم محمد علی جناحؒ کے 147 ویں یوم پیدائش پر اُن کے عظیم وژن اور قیادت کو شاندار خراج تحسین پیش کیا۔انہوں نے گفتگو کے دوران 11 اگست 1947ء کو دستور ساز اسمبلی سے خطاب کے دوران قائد کے تاریخی کلمات کا حوالہ دیا کہ "آپ آزاد ہیں، آپ اپنے مندروں میں جانے کے لیے آزاد ہیں، آپ اس ریاست پاکستان میں اپنی مساجد یا کسی دوسری عبادت گاہ میں جانے کے لیے آزاد ہیں"۔آخر میں، آرمی چیف نے تمام شعبوں اور ڈومینز میں پاکستان کی پوری مسیحی برادری کی خدمات اور قربانیوں کا بھی اعتراف کیا۔

پولیس گردی کا واقعہ: ڈی آئی جی سی آئی اے لیاقت علی کو عہدے سے ہٹا دیا گیا


 پولیس گردی کا واقعہ: ڈی آئی جی سی آئی اے لیاقت علی کو عہدے سے ہٹا دیا گیا

(لاہور نیوز) نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کے حکم پر ڈاکٹرز ہسپتال میں سی آئی اے پولیس کے دھاوے کے واقعہ کے بعد ڈی آئی جی سی آئی اے لیاقت علی ملک کو فوری طور پر عہدے سے ہٹا دیا گیا۔ڈی آئی جی سی آئی اے کیپٹن (ر) لیاقت علی ملک کو او ایس ڈی بنا دیا گیا، محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔اتوار کی رات لاہور کے ڈاکٹرز ہسپتال میں ایک تشویشناک واقعہ پیش آیا جہاں سی آئی اے پولیس اہلکاروں نے دھاوا بولا اور ڈاکٹرز سمیت ہسپتال کے دیگر عملے کو تشدد کا نشانہ بنایا۔ڈی آئی جی سی آئی اے ملک لیاقت کی موجودگی میں پولیس نے "لاہور نیوز" کے نمائندوں پر بھی تشدد کیا، صحافیوں سے کیمرے اور موبائل فون چھین لئے، ہسپتال میں موجود سی سی ٹی وی کیمروں کی ڈی وی آر کو بھی قبضے میں لے لیا گیا، کشیدہ صورتحال کی وجہ سے علاج معالجے کا عمل کافی دیر تعطل کا شکار رہا۔آئی جی پنجاب ، سی سی پی او لاہور اور دیگر واقعے کے بعد ڈاکٹرز ہسپتال پہنچے اور معاملے کی فوری انکوائری کی ہدایت کر دی۔ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ واقعے میں ملوث اہلکاروں  کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔بعدازاں نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی جانب سے واقعہ کا نوٹس لیا گیا اور ان کی ہدایت پر ڈی آئی جی سی آئی اے کو فوری طور پر عہدے سے ہٹا کر او ایس ڈی بنا دیا گیا جس کے بعد ملک لیاقت پرائیویٹ گاڑی میں ہسپتال سے روانہ ہوگئے۔مختلف صحافتی، وکلاء تنظیموں اور سول سوسائٹی کی جانب سے لاہور کے ڈاکٹرز ہسپتال پر پولیس کے دھاوے کے دوران "لاہور نیوز" کے نمائندوں پر سی آئی اے پولیس کے تشدد کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی ہے۔ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر شعیب نیازی نے ڈاکٹرز ہسپتال پر سی آئی اے پولیس حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ذمہ داروں کے خلاف فوری کارروائی کی جائے، ہسپتالوں پر پولیس گردی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹ، بہاولنگر، پاکپتن، لاہور، گوجرانوالہ، مردان، اٹک، ساہیوال، بہاولپور، اوچ شریف، فیصل آباد، جیکب آباد، عارف والا، رینالہ خورد، نوشہرہ فیروز، کھاریاں، شیخوپورہ اور جہلم پریس کلبز کے صدور نے لاہور کے ڈاکٹرز ہسپتال میں صحافیوں پر تشدد کی شدید مذمت کرتے ہوئے آئی جی اور وزیر اعلیٰ پنجاب سے پولیس گردی کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔سپریم کورٹ بار، اسلام آباد ہائی کورٹ بار، لاہور ہائی کورٹ بار سمیت دیگر بار ایسوسی ایشنز اور وکلا تنظیموں نے صحافیوں اور ڈاکٹرز پر تشدد کے واقعہ پر نگران وزیر اعلیٰ سے نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہسپتال میں صحافیوں اور ڈاکٹرز پرتشدد کسی صورت قبول نہیں، ڈاکٹرز اور صحافیوں سے بدسلوکی کرنے والے سی آئی اے اہلکاروں کیخلاف کارروائی کی جائے۔وائس چیئرمین پنجاب بار کونسل نے کہا ہے کہ پولیس کی غنڈہ گردی معاشرے کیلئے خطرے کا باعث ہے، آئی جی پنجاب صحافیوں پر تشدد کرنے والے اہلکاروں کیخلاف کارروائی کریں۔سول سوسائٹی کے صدر عبداللہ ملک نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈاکٹرز ہسپتال پر پولیس کا حملہ دہشتگردی کے مترادف ہے، سی آئی اے افسران کو ہسپتال میں اس طرح داخل ہونے کی کوئی اتھارٹی نہیں، نگران وزیر اعلیٰ کو واقعے کا فوری نوٹس لینا چاہیے۔

الیکشن کمیشن کو کاغذات نامزدگی کی مد میں 65 کروڑ 54 لاکھ روپے فیس موصول


 الیکشن کمیشن کو کاغذات نامزدگی کی مد میں 65 کروڑ 54 لاکھ روپے فیس موصول

 اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان کو عام انتخابات 2024 کے کاغذات نامزدگی کی مد میں 65 کروڑ 54 لاکھ روپے سے زائد فیس موصول ہوئی ہے۔تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے کاغذات نامزدگی کی تفصیلات اور اس کی مد میں وصول ہونے والی فیس کی تفصیل جاری کردی گئی۔اعلامیے کے مطابق الیکشن کمیشن کو کاغذات نامزدگی کی مد میں 65 کروڑ 54 لاکھ 70 ہزار روپے کی فیس موصول ہوئی۔ اس میں سے قومی اسمبلی کی نشستوں پر 8312 کاغذات نامزدگی کی فیس کی مد میں 24 کڑور 93 لاکھ 90 ہزار روپے موصول ہوئی۔

اعلامیے کے مطابق قومی اسمبلی کی جنرل نشستوں کے لئے 7713 کاغذات نامزدگی کی فیس کی مد میں 23 کڑور 13 لاکھ 90 ہزار روپے، خواتین کی مخصوص نشستوں کے لئے 459 کاغذات نامزدگی کی فیس کی مد میں 1 کڑور 37 لاکھ 70 ہزار روپے موصول ہوئے۔قومی اسمبلی کی اقلیتوں کی نشستوں کے لئے 140 کاغذات نامزدگی کی فیس کی مد میں 45 لاکھ روپےموصول ہوئے۔اسی طرح صوبائی اسمبلی کی نشستوں کے لئے 20304 کاغذات نامزدگی کی فیس کی مد میں 40 کڑور 60 لاکھ 80 ہزار روپے الیکشن کمیشن کو موصول ہوئے۔ اعلامیے کے مطابق صوبائی اسمبلی کی جنرل نشستوں کے لئے 18546 کاغذات نامزدگی کی فیس کی مد میں 37 کڑور 9 لاکھ 20 ہزار روپے موصول ہوئے۔الیکشن کمیشن کے مطابق صوبائی اسمبلی میں خواتین کے لئے مخصوص نشستوں کے 1365 کاغذات نامزدگی کی فیس کی مد میں 2 کڑور 73 لاکھ روپے، اقلیتوں کی نشستوں پر 393 کاغزات نامزدگی کی فیس کی مد میں 78 لاکھ 60 ہزار روپے موصول ہوئے۔

حکومت ملی تو 17 وزارتیں ختم کرکے پیسہ عوام پر خرچ کریں گے، بلاول


 حکومت ملی تو 17 وزارتیں ختم کرکے پیسہ عوام پر خرچ کریں گے، بلاول

نواب شاہ: پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ہمیں ملک میں موجود تاریخی بے روزگاری، غربت اور مہنگائی کا مقابلہ کرنا ہے، حکومت ملی تو 17 وزارتیں ختم کرکے پیسہ عوام پر خرچ کریں گے۔نواب شاہ میں کیڈٹ کالج بختاور برائے خواتین میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول نے کہا کہ پرانے سیاست دان پاکستان کا ماضی ہیں اور آپ پاکستان کا مستقبل ہیں، نفرت گالم گلوچ کی سیاست کو دفن کریں تو ہم ضرور ترقی کریں گے۔بلاول بھٹو نے کہا کہ تاریخی بے روزگاری، غربت، مہنگائی کا مقابلہ کرنا ہے، جس خاندان کے دو فرد کام کر رہے ہیں اور ان کی تنخواہ دس سال قبل دس ہزار تھی تو ان کا گزارہ ہوجاتا تھا، آج کے معاشی صورتحال میں اس خاندان کا گزارہ کرنا مشکل ہے، ان حالات میں عام آدمی اپنا بجلی کا بل دے یا بچوں کو تعلیم دے؟انہوں نے کہا کہ 18 ویں ترمیم کے باوجود 17 وزارتیں صوبوں کو منتقل نہیں ہوئیں، ہم ان شاء اللہ یہ وزارتیں ختم کریں گے، ان پر خرچ ہونے والے 300 سو ارب روپے عوام پر خرچ کریں گے۔

Friday, 22 December 2023

2023ء؛ لاہور میں48 لاکھ شہریوں نے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کی


 2023ء؛ لاہور میں48 لاکھ شہریوں نے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کی


 لاہور: رواں برس (2023ء میں) لاہور کے 48 لاکھ شہریوں نے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کی ہے۔سی ٹی او لاہور کے مطابق ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں میں موٹر سائیکل سوار سرفہرست ہیں۔ 2023ء میں 22 لاکھ 64 ہزار بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل سواروں کو چالان ٹکٹس جاری کیے گئے جب کہ 5 لاکھ 20 ہزار 927 بغیر لائسنس گاڑی،موٹرسائیکل چلانے پر چالان ٹکٹس جاری کیے گئے۔اس کے علاوہ لین،اسٹاپ لائن اور زیبرا کراسنگ کی خلاف ورزی پر 2 لاکھ 23 ہزار گاڑیوں کے خلاف کارروائی کی گئی۔ غلط پارکنگ کرنے پر ایک لاکھ 20 ہزار وائیلٹرز پکڑے گئے جب کہ لاہوریوں نے 85 ہزار مرتبہ ون وے کی خلاف ورزی بھی کی۔سی ٹی او لاہور عمارہ اطہر کے مطابق ٹریفک بہاؤ میں خلل ڈالنے پر 63 ہزار وہیکلز کےخلاف کارروائی  ہوئی۔ ریڈ سگنل کراسنگ پر 39 ہزار، سیٹ بیلٹ نہ باندھنے پر 31 ہزار وہیکلز کےخلاف کارروائی کی گئی۔ دوران ڈرائیونگ موبائل فون کے استعمال پر 48 ہزار، خطرناک انداز میں ڈرائیونگ پر 49 ہزار وہیکلز کےخلاف کارروائی ہوئی جب کہ کالے شیشوں پر 4 ہزار وہیکلز، بغیر اور اپلائیڈ فار 1 لاکھ 36 ہزار وہیکلز کےخلاف کارروائی کی گئی۔حکام کے مطابق  کارروائیوں کا مقصد ٹریفک قوانین کی بالادستی اور منظم ٹریفک کو یقینی بنانا ہے۔ چالان کا مقصد ریونیو اکھٹا کرنا نہیں،بلکہ شہریوں کی اصلاح کرنا ہے۔

بی این اے کمانڈر کے ہتھیار ڈالنے پر مریم نواز کا آئی ایس آئی کو خراجِ تحسین


 بی این اے کمانڈر کے ہتھیار ڈالنے پر مریم نواز کا آئی ایس آئی کو خراجِ تحسین


 لاہور: پاکستان مسلم لیگ(ن) کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز شریف نے آئی ایس آئی کو خصوصی خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔انہوں نے ایکس پر لکھا کہ کالعدم بلوچ نیشنل آرمی (بی این اے) کے سابق کمانڈر سرفراز احمد بنگلزئی کا 70 ساتھیوں سمیت ہتھیار ڈال کر قومی دھارے میں شامل ہونا خوش آئیند اور لائق تحسین ہے۔ان کا کہنا تھا کہ قومی دھارے میں شامل ہوکر آئینی و سیاسی اور جمہوری کردار ہی مسائل کا درست، طویل المدتی حل ہے۔مریم نواز نے مزید کہا کہ گلزار امام شنبے کے بعد سرفراز بنگلزئی اور ان کے ساتھیوں کی قومی دھارے میں واپسی میں کردار ادا کرنے والے قوم کے ہیرو ہیں۔ ہم سب آئی ایس آئی کو خصوصی طور پر خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں.

پنجاب میں شدید دھند، موٹروے کو مختلف مقامات سے بند کر دیا گیا


 پنجاب میں شدید دھند، موٹروے کو مختلف مقامات سے بند کر دیا گیا

پنجاب میں شدید دھند کے وجہ سے گاڑیوں کی آمد و رفت کیلئے موٹروے کو مختلف مقامات سے بند کر دیا گیا۔ترجمان موٹروے کے مطابق شدید دھند کی وجہ سے موٹروے ایم ٹو کو لاہور سے ہرن مینار تک بند کر دیا گیا جبکہ موٹروے ایم تھری کو سمندری سے درخانہ، موٹروے ایم فور کو شیر شاہ سے فیصل آباد، موٹروے ایم فائیو کو شیر شاہ سے ظاہر پیر اور لاہور سیالکوٹ موٹروے کو بند کر دیا گیا ہے۔ترجمان نے کہا کہ موٹرویز کو عوام کی حفاظت اور محفوظ سفر یقینی بنانے کیلئے بند کیا جاتا ہے، قومی شاہراؤں پر دھند کا دورانیہ موسم سرد ہونے کے ساتھ بڑھ گیا، شہری زیادہ سے زیادہ دن کے اوقات پر سفر کرنے کو ترجیح دیں، صبح 10 سے شام 6 بجے تک دھند کے موسم میں بہترین سفری اوقات ہیں۔ترجمان موٹروے پولیس سید عمران احمد کا مزید کہنا ہے کہ شدید دھند کی وجہ سے غیر ضروری سفر سے گریز کیا جائے، شہری تیز رفتاری سے پرہیز کریں، اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ رکھیں، آگے اور پیچھے دھند والی لائٹس کا استعمال کریں اور معلومات اور مدد کیلئے ہیلپ لائن 130 سے رابطہ کریں۔

بابر، رضوان کو آرام کروانے کے بیان پر محمد حفیظ کا سخت ردعمل


 بابر، رضوان کو آرام کروانے کے بیان پر محمد حفیظ کا سخت ردعمل

(ویب ڈیسک) قومی ٹیم کے ڈائریکٹر محمد حفیظ کا سابق کپتان بابراعظم اور وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کو نیوزی لینڈ کے خلاف میچز میں آرام دینے کی بات پر موقف سامنے آگیا۔ٹیم ڈائریکٹر محمد حفیظ نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ محمد رضوان اور بابراعظم نیوزی لینڈ میں ٹی20 میچز کھیلیں گے، مشکل سیریز کے دوران سینئرز کو ہر گز آرام نہیں کرواسکتے۔انہوں نے سلیکشن کمیٹی پر واضح کیا کہ دورہ نیوزی لینڈ کے دوران سینئرز اور جونئیرز کے کمبی نیشن کے ساتھ میدان میں اتریں گے تاکہ ورلڈکپ سے قبل ٹیم ردھم میں آجائے۔محمد حفیظ نے سلیکشن کمیٹی کی میٹنگ میں محمد رضوان اور بابر اعظم کو آرام دینے کی بات بھی رد کرتے ہوئے کہا کہ نئے کھلاڑیوں کو مواقع دینے کے بعد ڈراپ نہیں کریں گے۔قبل ازیں گزشتہ دنوں چیف سلیکٹر وہاب ریاض نے کیویز کے خلاف ٹی20 سیریز میں تجربات کرنے کا ذکر کرتے ہوئے کہا تھا کہ ڈومیسٹک کرکٹ میں صاحبزادہ فرحان بطور اوپنر کھیلتے رہے ہیں، اگر وہ دورہ نیوزی لینڈ کے دوران اچھی پرفارمنس کا مظاہرہ کرتے ہیں تو وہ اوپن کرسکتے ہیں۔جس سے تاثر جارہا تھا کہ بابراعظم کو دورہ نیوزی لینڈ کے دوران آرام کروایا جاسکتا ہے تاہم ٹیم ڈائریکٹر نے موقف واضح کیا۔

پنجاب حکومت نے ماحول دوست الیکٹرک رکشہ متعارف کروادیا


 پنجاب حکومت نے ماحول دوست الیکٹرک رکشہ متعارف کروادیا

(ویب ڈیسک) ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے کے لیے پنجاب حکومت نے الیکٹرک رکشہ متعارف کروادیا۔پنجاب حکومت کی جانب سے لاہور میں  الیکٹرک رکشے متعارف کرائے گئے جن کو محکمہ ٹرانسپورٹ اور ایک مقامی نجی کمپنی کے اشتراک سے تیار کیا گیا ہے، سیکرٹری ٹرانسپورٹ پنجاب احمد جاوید قاضی کی سربراہی میں ایک اجلاس میں الیکٹرک رکشے کو متعارف کرایا گیا۔اس موقع پر سیکرٹری ٹرانسپورٹ نے ماہرین کے ساتھ الیکٹرک رکشہ چلانے کا تجربہ بھی کیا اور کہا کہ الیکٹرک رکشوں سے فضائی اور آواز کی آلودگی کی شرح میں نمایاں کمی آئے گی۔یہ الیکٹرک رکشے سنگل چارج پر 150 کلومیٹر تک سفر کر سکتے ہیں جس سے ایندھن کے اخراجات بچانے میں مدد ملے گی۔

چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو سارہ احمد آئی پی پی میں شامل


 چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو سارہ احمد  آئی پی پی میں شامل

 استحکام پاکستان پارٹی میں اہم سیاسی و سماجی رہنماؤں کی شمولیت کا سلسلہ جاری ہے۔پیٹرن انچیف استحکام پاکستان پارٹی جہانگیر خان ترین سے چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو سارہ احمد نے ملاقات کی ،ملاقات کے دوران سارہ احمد نے استحکام پاکستان پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔جہانگیر خان ترین نے پارٹی مفلر پہنا کر سارہ احمد کو پارٹی میں خوش آمدید کہا، ملاقات میں ایڈیشنل سیکرٹری جنرل عون چودھری، نعمان لنگڑیال بھی موجود تھے۔

چیئرمین پی ٹی آئی کا لیول پلیئنگ فیلڈ نہ ملنے پر سپریم کورٹ سے رجوع


 چیئرمین پی ٹی آئی کا لیول پلیئنگ فیلڈ نہ ملنے پر سپریم کورٹ سے رجوع

(ویب ڈیسک) چیئرمین پی ٹی آئی نے لیول پلیئنگ فیلڈ نہ ملنے پر سپریم کورٹ سے رجوع کرلیا۔چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر خان نے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کر دی، درخواست میں وفاق، الیکشن کمیشن اور چاروں صوبائی حکومتوں کو فریق بنایا گیا ہے، درخواست آئین کے آرٹیکل 184(3) کے تحت دائر کی گئی ہے۔درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ تحریک انصاف کے امیدواروں سے کاغذات نامزدگی چھینے جا رہے ہیں، تحریک انصاف کے امیدواروں کو ہراساں کیا جا رہا ہے، تحریک انصاف کو انتخابات میں حصہ لینے کا مساوی حق دیا جائے۔درخواست میں استدعا کی گئی کہ سپریم کورٹ تحریک انصاف کو لیول پلیئنگ فیلڈ اور شفاف انتخابات کیلئے فریقین کو ہدایات جاری کرے، فریقین کو تحریک انصاف کے کارکنوں اور رہنماؤں کو ہراساں کرنے سے بھی روکا جائے۔