Saturday, 20 January 2024

محسن نقوی کا میو اور گنگا رام ہسپتال کا دورہ، اپ گریڈیشن کا جائزہ


 محسن نقوی کا میو اور گنگا رام ہسپتال کا دورہ، اپ گریڈیشن کا جائزہ


 نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے لاہور کے مختلف ہسپتالوں کا دورہ کیا اور اپ گریڈیشن کے کاموں کا جائزہ لیا۔محسن نقوی نے رات گئے صوبائی وزراء کے ہمراہ لاہور میں واقع میو ہسپتال اور گنگارام ہسپتال کا دورہ کیا، دونوں ہسپتالوں میں جاری اپ گریڈیشن کے کاموں کا جائزہ لیا۔میو ہسپتال پہنچنے پر سیکرٹری تعمیرات و مواصلات نے وزیراعلیٰ پنجاب اور کابینہ کے اراکین کو اپ گریڈیشن پراجیکٹ میں پیشرفت کے بارے میں بریفنگ دی۔بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ ہسپتال کا اسٹیٹ آف دی آرٹ ایمرجنسی بلاک تکمیل کے قریب ہے، آپریشن تھیٹرز میں جدید سہولتیں، درجہ حرارت کنٹرول کرنے کیلئے ڈیجیٹل پینل نصب کر دیئے گئے ہیں۔وزیراعلیٰ نے استقبالیہ میں سائن بورڈز پر تحریر کو بہتر کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ ایمرجنسی بلاک کو آئندہ چند روز میں کھول دیا جائے گا۔بعد ازاں نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کابینہ کے ہمراہ گنگارام ہسپتال پہنچے اور وہاں جاری اپ گریڈیشن کے کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا۔محسن نقوی نے ہسپتال کے اندر سے گزرنے والی سیوریج لائن کو شفٹ کرنے کیلئے فوری پلان تیار کرنے کا حکم دیا۔

راجن پور پولیس کے 8 شہداء کے اہل خانہ کو پلاٹس فراہم کرنے کی تقریب


 راجن پور پولیس کے 8 شہداء کے اہل خانہ کو پلاٹس فراہم کرنے کی تقریب

پولیس شہداء کے خاندانوں کی ویلفیئر کے لئے اقدام جاری ہیں۔ راجن پور پولیس کے 8 شہداء کے اہل خانہ کو پلاٹس فراہم کر دیئے گئے۔اس حوالے سے سی پی او میں تقریب ہوئی۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے پلاٹس کے کاغذات دیئے۔ انہوں نے کہا 2017 سے قبل کے 572 شہداء کے اہل خانہ کو اچھی ہاؤسنگ سوسائٹیز میں پلاٹس فراہم کئے، گھروں کی تعمیر کیلئے اقساط میں ایک کروڑ 30 لاکھ روپے دئیے جا چکے ہیں۔دوسری جانب پولیس گارڈز نے شہید سب انسپکٹر خالد محمود ورک کی قبر پر حاضری دی، سلامی پیش کی اور فاتحہ خوانی کی۔ تھانہ کاہنہ کے سب انسپکٹر خالد محمود ورک اشتہاری مجرم سے فائرنگ کے تبادلے میں شہید ہو گئے تھے۔سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ کا کہنا ہے کہ فرض کی راہ میں جانیں قربان کرنے والے شہداء ہمارا فخر ہیں، لاہور پولیس عوام کی جان و مال کے تحفظ کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔

 عارضی اوقات کار میں توسیع، سکول 31 جنوری تک ساڑھے نو بجے ہی کھلیں گے

 محکمہ سکول ایجوکیشن نے سکولوں میں چھٹیوں کے حوالے سے عارضی اوقات کار میں توسیع کر دی۔محکمہ سکول ایجوکیشن نے موسم کی شدت کو دیکھتے ہوئے عارضی اوقات کار میں توسیع کر دی۔ صوبے بھر میں سکول 31 جنوری تک ساڑھے نو بجے ہی شروع ہونگے۔اس سے قبل سکولوں میں عارضی اوقات کار 19 جنوری تک نافذ کئے گئے تھے۔ادھر پنجاب میں سردی کی شدید لہر کے باعث حکومت نے یونیفارم پہننے کی پالیسی میں بھی نرمی کر رکھی ہے ، اس جنوری اور فروری میں سرکاری اور نجی سکولوں میں یونیفارم پہننا لازمی نہیں ہو گا۔ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹیز کو جاری مراسلے میں محکمہ سکول ایجوکیشن نے کہا ہے کہ سرکاری اور نجی سکولوں کے طلبا و طالبات کوئی بھی گرم کپڑے پہن کر سکول آ سکتے ہیں۔مراسلے میں کہا گیا ہے کہ سردی کے پیش نظر طلبا سویٹر، کوٹ، جیکٹ، کیپ، جرابیں اور کوئی بھی بوٹ پہن کر سکول آ سکتے ہیں۔مراسلے کے مطابق سرکاری و نجی سکولوں کے سربراہان ان ہدایات پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔


ملکی مسائل کے حل کا فارمولا نوازشریف کے پاس ہے: مریم اورنگزیب


 ملکی مسائل کے حل کا فارمولا نوازشریف کے پاس ہے: مریم اورنگزیب

رہنما مسلم لیگ ن اور سابق وفاقی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ملک کے تمام مسائل کے حل کا فارمولہ نوازشریف کے پاس ہے۔لاہور کی انسداد دہشتگردی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ ہم عدالت کے سامنے اس لئے پیش ہوتے ہیں کیونکہ ہمیں معلوم ہے کہ یہ مقدمے جھوٹے ہیں، ایک شخص عدالتوں کو جوابدہ نہیں ہونا چاہتا۔انہوں نے کہا کہ جو لانگ مارچ لائے، جناح ہاؤس پر حملہ کیا، وہ دوسروں پر دہشتگری کا مقدمہ کرتے ہیں، جنہوں نے لاڈلا بنایا تھا اب وہ بھی خمیازہ بھگت رہے ہیں۔لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ نواز شریف کے پاس غربت، مہنگائی اور لوڈشیڈنگ سے نجات کا فارمولا ہے، 8 فروری کو عوام شیر پر مہر لگائیں گے، پاکستان کے نوجوانوں کو ایک خوشحال مستقبل ملے گا۔سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے حوالے سے مریم اورنگزیب نے کہا کہ آئی پی پی سے سیاسی اتحاد کیا ہے، ٹکٹیں نہیں دیں، پولیٹیکل الائنس کا یہ مطلب نہیں کہ ٹکٹیں دی گئی ہیں۔

لاہور والے کھلے دل کے لوگ ہیں، وہ بلاول بھٹو کو کامیاب کرائیں گے: چودھری سرور


 لاہور والے کھلے دل کے لوگ ہیں، وہ بلاول بھٹو کو کامیاب کرائیں گے: چودھری سرور


مسلم لیگ ق کے آرگنائزر اور پنجاب کے صدر چودھری سرور نے کہا کہ لاہور والے کھلے دل کے لوگ ہیں، وہ بلاول بھٹو کو کامیاب کرائیں گے۔چودھری سرور نے کہا کہ بلاول بھٹو ایک انٹرنیشنل لیڈر ہیں، ایک ہی درخواست ہے ہم لاڈلے نہیں بننا چاہتے، ہم چاہتے ہیں ہمیں لیول پلیئنگ فیلڈ دی جائے۔چودھری سرور نے کہا کہ حلقہ این اے 127 سے بلاول بھٹو جیت رہے ہیں، میری توقعات سے زیادہ لوگ بلاول بھٹو کو یہاں سے ممبر نیشنل اسمبلی بنانا چاہتے ہیں، بینظیر بھٹو شہید بھی پہلی کم عمر وزیراعظم بنی تھیں، بلاول بھٹو کی فیملی 35 سال بعد لاہور سے الیکشن لڑ رہی ہے، بلاول بھٹو ایم این اے بھی بنیں گے اور وزیراعظم بھی بنیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ لاہور والے کھلے دل کے لوگ ہیں، وہ بلاول بھٹو کو یہاں سے کامیاب کرائیں گے، لیول پلیئنگ فیلڈ الیکشن کمیشن اور نگران حکومتوں نے دینی ہے، میں مسلم لیگ ق کا آرگنائزر ہوں اور پنجاب کا صدر بھی ہوں، ہمارا کسی پارٹی کے ساتھ الائنس نہیں ہے، بلاول بھٹو اور ان کے خاندان سے میرے 40 سال سے تعلقات ہیں۔

پاکستان کیخلاف انڈیا کی پروپیگنڈا وار فلم ’فائٹر‘ کا ٹریلر جاری

 پاکستان کیخلاف انڈیا کی پروپیگنڈا وار فلم ’فائٹر‘ کا ٹریلر جاری

 ممبئی: پاکستان کیخلاف انڈیا کی پروپیگنڈا مہم جاری ہے اور اسی سلسلے میں ہریتھک روشن اور دیپیکا  پڈوکون کی نئی فلم ’فائٹر‘ کا ٹریلر جاری کردیا گیا۔سوشل میڈیا پر جاری تین منٹ سے زائد دورانیہ کے ٹریلر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ پلوامہ حملے کے بعد انڈین فضائیہ پاکستان کے خلاف ایک آپریشن کا منصوبہ بناتی ہے۔فلم میں ہریتھک روشن اور دیپیکا پڈوکون انڈین فضائیہ کے اسکواڈرن لیڈر کا کردار ادا کررہے ہیں جبکہ انیل کپور کمانڈنگ آفیسر کے روپ میں نظر آئیں گے۔میگا ایکشن تھرلر فلم کی دیگر کاسٹ میں کرن سنگھ گروور، اکشے اوبرائے اور دیگر نامور فنکار شامل ہیں۔یش راج پروڈکشن کے تحت ایکشن فلم کو بلاک بسٹر ’پٹھان‘ کے ڈائریکٹر سدھارتھ آنند بنارہے ہیں اور اسے بھارت کے 75 یوم جمہوریہ پر ریلیز کیا جائے گا۔’فائٹر‘ کے ساتھ ہریتھک روشن اور دیپیکا پڈوکون پہلی مرتبہ اسکرین شیئر کررہے ہیں جب کہ وہ دونوں سدھارتھ آنند کے پروجیکٹ میں الگ الگ کام کرچکے ہیں۔واضح رہے کہ ’فائٹر‘ بنانے کا اعلان جنوری 2021 میں کیا گیا تھا ور اسے ستمبر 2022 کو ریلیز ہونا تھا لیکن کورونا وبا کے باعث اس میں تاخیر ہوگئی اور اب 25 جنوری 2024 میں اسے سینما گھروں کی زینت بنایا جائے گا۔

فلائٹ 10 گھنٹے لیٹ، ذہنی اذیت پرائیرلائن کیخلاف کارروائی کروں گا، بھارتی اداکار


 فلائٹ 10 گھنٹے لیٹ، ذہنی اذیت پرائیرلائن کیخلاف کارروائی کروں گا، بھارتی اداکار

 ممبئی: بالی ووڈ کے اداکار رنویر شورے نے نجی ائیرلائن کے خلاف شکایت درج کروانے کا اعلان کردیا۔رنویر شورے نے سوشل میڈیا پوسٹ میں کہا کہ 2 بجے کی فلائٹ کے لیے دیگر مسافروں کے ساتھ ائیرپورٹ پرپہنچا تو ائیرلائن نے پرواز خراب موسم کے باعث 3 گھنٹے تاخیرسے روانہ  ہونے کا بتایا۔اداکار کا مزید کہنا تھا کہ اس کے بعد بغیر کسی وجہ کے فلائٹ لیٹ ہوتی چلی گئی اور آخر کار 10 گھنٹے کی تاخیر کے بعد روانگی ہوئی۔ معلومات کرنے پر پتا چلا کہ فلائٹ میں تاخیر کی وجہ خراب موسم نہیں تھا بلکہ ہمیں لے جانے والا طیارہ دوسرے شہر سے منگوایا گیا تھا۔رنویر شورے نے کہا کہ تمام مسافروں کو ذہنی اور جسمانی پریشانی سے دوچار کرنے پر ائیرلائن کے خلاف کارروائی کروں گا۔  رنوے شورے کھوسلہ کا گھونسلہ، بھیجا فرائی سمیت دیگر فلموں میں کام کرچکے ہیں۔

 چیئرمین پنجاب ریونیو اتھارٹی کو عہدے سے ہٹانے کا نوٹیفکیشن معطل

 لاہور ہائیکورٹ نے چیئرمین پنجاب ریونیو اتھارٹی جاوید بدر کو عہدے سے ہٹانے کا نوٹیفکیشن معطل کردیا۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس ساجد محمود بھٹی نے  چیئرمین پنجاب ریونیو اتھارٹی کو عہدے سے ہٹانے کیخلاف درخواست پر سماعت کی۔درخواست گزا ر نے مؤقف اپنایا کہ چیف الیکشن کمشنر کے بھتیجے کو گریڈ 19 میں بھرتی کیا گیا، تقررو تبادلوں پر پابندی کے باوجود چند افسران کی مستقلی کی سمری چیف الیکشن کمشنر کو بھجوائی گئی، چیف الیکشن کمشنر نے صرف اپنے بھتیجے کی مستقلی کو منظور کیا باقی کو مسترد کردیا۔درخواست میں کہا گیا کہ درخواست گزار نے قانون کے برعکس چیف الیکشن کمشنر کے بھتیجے کو مستقل نہیں کیا، چیئرمین الیکشن کمیشن نے رنجش کی بنا پر درخواست گزار کو عہدے سے ہٹانے کا نوٹیفکیشن جاری کرایا، عدالت درخواست گزار کو عہدے سے ہٹانے کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دے۔ عدالت نے وفاقی حکومت کا جاوید بدر کو عہدے سے ہٹانے کا نوٹیفکیشن معطل کرتے  ہوئے آئندہ سماعت پر فریقین سے جواب طلب کرلیا۔


بھارتی گلوکارہ کے ایس چترا کو متنازعہ مذہبی ویڈیو مہنگی پڑ گئی


 بھارتی گلوکارہ کے ایس چترا کو متنازعہ مذہبی ویڈیو مہنگی پڑ گئی

 ممبئی: بھارتی گلوکارہ کے ایس چترا متنازعہ مذہبی ویڈیو پر سوشل میڈیا میں شدید تنقید کا نشانہ بن گئیں۔ گلوکارہ کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہے جس میں وہ لوگوں کو ایودھیہ میں رام مندر کے افتتاح کے موقع پر 22 جنوری کو مذہبی نعرے لگانے کی اپیل کررہی ہیں۔کے ایس چترا ویڈیو میں مداحوں کو یہ کہتی نظر آتی ہیں کہ وہ افتتاحی تقریب کے وقت بارہ بج کر بیس منٹ پر ’شری رام، جیا رام‘ کے نعرے لگائیں۔انہوں نے لوگوں سے یہ بھی اپیل کی کہ وہ اس اہم موقع پر گھر میں ہندؤں کا مخصوص پانچ روشنیوں چراغ بھی جلائیں۔سوشل میڈیا پر جہاں ہندو انتہا پسندوں کی طرف سے گلوکارہ کی تحسین کی گئی وہیں اکثریت نے کے ایس چترا کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے لکھا کہ وہ اس ویڈیو سے ایک حساس معاملے پر گھٹیا مذہبی سیاست کررہی ہیں۔

’ان‘ کے مخالف کے ساتھ آج جو ہورہا ہے، کل ’ان‘ کے ساتھ بھی یہی ہوگا، بلاول


 ’ان‘ کے مخالف کے ساتھ آج جو ہورہا ہے، کل ’ان‘ کے ساتھ بھی یہی ہوگا، بلاول

نوڈیرو: چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے زور دیا ہے کہ آج ’ان‘ کے مخالف کے ساتھ جو ہورہا ہے، کل ’ان‘ کے ساتھ بھی یہی ہوگا۔بلاول بھٹو زرداری نے لاڑکانہ کے شہر نوڈیرو میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے پہلے دن سے سلیکٹڈ راج کو پوری دنیا کے سامنے بےنقاب کیا، نواز شریف امیر المومنین بننا چاہتے تھے ہم نے انہیں بھی ناکام بنایا۔انہوں نے کہا کہ ملک کے خراب حالات کا کسی کو کوئی احساس اور فکر نہیں ہے، دہشت گرد ایک بار پھر سر اٹھا رہے ہیں ،انہیں دعوت دی گئی ہے کہ کراچی میں آکر گھر بنائیں۔بلاول کا کہنا تھا کہ ملک میں نفرت اور ذاتی دشمنی کی سیاست کی وجہ سے جو ہورہا ہے بہت غلط ہورہا ہے، جو آج سمجھتا ہے کہ ان کے مخالف کے ساتھ جو کچھ ہورہا ہے، وہ جان لیں کل ان کے ساتھ بھی یہی ہوگا، سیاسی عدم استحکام سے معیشت کو نقصان ہوگا، اس سے ملک، وفاق اور نظام کو بھی نقصان پہنچے گا، تقسیم کی سیاست کا اثر ہر گھر تک پہنچ رہا ہے۔

الیکشن کمیشن؛ رجسٹرڈ سیاسی جماعتوں کی فہرست جاری، پی ٹی آئی بھی شامل


 الیکشن کمیشن؛ رجسٹرڈ سیاسی جماعتوں کی فہرست جاری، پی ٹی آئی بھی شامل

 اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے رجسٹرڈ سیاسی جماعتوں کی نئی فہرست جاری کردی، جس میں پی ٹی آئی بھی شامل ہے۔ الیکشن کمیشن کے پاس اس وقت 166 رجسٹرڈ سیاسی جماعتیں ہیں، جن میں پاکستان تحریک انصاف بھی شامل ہے۔ گزشتہ ہفتے  الیکشن کمیشن نے انٹرا پارٹی انتخابات نہ کرانے والی 13 جماعتوں کو ڈی لسٹ کردیا تھا۔واضح رہے کہ ایک روز قبل ہی الیکشن کمیشن کی جانب سے  عام انتخابات 2024ء کے سلسلے میں اقلیتی امیدواروں کی حتمی فہرستیں جاری کی گئی تھیں، جس کے مطابق تحریک انصاف قومی اور صوبائی اسمبلیوں کی خواتین اور اقلیتوں کی مخصوص نشستوں کی دوڑ سے باہر ہو چکی ہے۔