2023ء؛ لاہور میں48 لاکھ شہریوں نے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کی
لاہور: رواں برس (2023ء میں) لاہور کے 48 لاکھ شہریوں نے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کی ہے۔سی ٹی او لاہور کے مطابق ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں میں موٹر سائیکل سوار سرفہرست ہیں۔ 2023ء میں 22 لاکھ 64 ہزار بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل سواروں کو چالان ٹکٹس جاری کیے گئے جب کہ 5 لاکھ 20 ہزار 927 بغیر لائسنس گاڑی،موٹرسائیکل چلانے پر چالان ٹکٹس جاری کیے گئے۔اس کے علاوہ لین،اسٹاپ لائن اور زیبرا کراسنگ کی خلاف ورزی پر 2 لاکھ 23 ہزار گاڑیوں کے خلاف کارروائی کی گئی۔ غلط پارکنگ کرنے پر ایک لاکھ 20 ہزار وائیلٹرز پکڑے گئے جب کہ لاہوریوں نے 85 ہزار مرتبہ ون وے کی خلاف ورزی بھی کی۔سی ٹی او لاہور عمارہ اطہر کے مطابق ٹریفک بہاؤ میں خلل ڈالنے پر 63 ہزار وہیکلز کےخلاف کارروائی ہوئی۔ ریڈ سگنل کراسنگ پر 39 ہزار، سیٹ بیلٹ نہ باندھنے پر 31 ہزار وہیکلز کےخلاف کارروائی کی گئی۔ دوران ڈرائیونگ موبائل فون کے استعمال پر 48 ہزار، خطرناک انداز میں ڈرائیونگ پر 49 ہزار وہیکلز کےخلاف کارروائی ہوئی جب کہ کالے شیشوں پر 4 ہزار وہیکلز، بغیر اور اپلائیڈ فار 1 لاکھ 36 ہزار وہیکلز کےخلاف کارروائی کی گئی۔حکام کے مطابق کارروائیوں کا مقصد ٹریفک قوانین کی بالادستی اور منظم ٹریفک کو یقینی بنانا ہے۔ چالان کا مقصد ریونیو اکھٹا کرنا نہیں،بلکہ شہریوں کی اصلاح کرنا ہے۔