Wednesday, 19 January 2022

کورونا کیسز: این سی او سی نے پھرانڈورتقریبات پر پابندی نافذکردی

 نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے ملک بھر میں کورونا کیسز بڑھنے کے بعد نئی پابندیاں نافذ کر دیں۔این سی او سی اجلاس میں ملک میں کورونا کی موجودہ صورت حال کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں کورونا کی شرح 10 فیصد سے زائد والے اضلاع اور شہروں میں انڈور تقریبات پر پابندی اور آؤٹ ڈور تقریبات میں 300 افراد کو شرکت کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا گیا۔اجلاس میں یہ فیصلہ بھی ہوا کہ 10 فیصد سے کم شرح والے شہروں میں ان ڈور تقریبات میں 300 ویکسی نیٹڈ افراد شرکت کر سکیں گے جبکہ آؤٹ ڈور تقریبات میں 500 ویکسی نیٹڈ افراد کو شرکت کی اجازت ہو گی۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق کورونا پھیلاؤ والے علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن لگایا جائے گا اور 10 فیصد سے زائد شرح والے علاقوں میں ان ڈور ڈائننگ پر 24 جنوری سے مکمل پابندی ہوگی۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مارکیٹیں اور  مختلف کاروباری سرگرمیاں معمول کے مطابق جاری رہیں گی  اور اس بات پر اتفاق بھی کیا گیا کہ تمام صوبوں کی مشاورت،کورونا صورت حال کا جائزہ لے کر تعلیمی اداروں کو بند کرنے کا فیصلہ کیا جائےگا۔این سی او سی اجلاس میں کورونا کی شرح 10 فیصد سے زائد والے شہروں میں تعلیمی سرگرمیاں محدود کرنے اور 12 سال سے کم عمر بچوں کو متبادل دن اسکول بھیجنے کا فیصلہ ہوا۔اجلاس میں یہ فیصلہ بھی ہوا کہ تعلیمی اداروں میں بڑے پیمانے پر کورونا ویکسین کی ٹیسٹنگ کی جائےگی۔این سی او سی اعلامیے کے مطابق 10 فیصد اور اس سے زائد شرح والےعلاقوں میں ایس او پیز کا نفاذ ہو گا، ایس او پیز 20 سے 31 جنوری تک نافذ العمل رہیں گی، کورونا ایس او پیز پر عمل درآمد کا فیصلہ اجلاس میں وفاقی اکائیوں کی مشاورت کے بعد کیا گیا۔


No comments:

Post a Comment

کمنٹ کرنے کاشکریہ