Saturday, 11 November 2023

اسرائیل فلسطینیوں کا قتل عام بند کرے: فرانسیسی صدر

 پیرس: فرانس کے صدر ایمانویل میکرون نے اسرائیل سے مطالبہ کیا ہے کہ غزہ پر بمباری اور فلسطینیوں کا قتل عام بند کرے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایک انٹرویو میں فرانسیسی صدر نے حماس کی جانب سے اسرائیل پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کو اپنے دفاع کا حق حاصل ہے لیکن غزہ میں عام شہریوں پر اسرائیلی بمباری کا کوئی جواز نہیں ہے۔صدر میکرون نے کہا کہ اسرائیل پر زور دیتے ہیں کہ وہ غزہ میں بمباری بند کرے، غزہ پر حملوں میں بچے، خواتین اور بزرگوں کو نشانہ بنایا جارہا ہے، جنگ بندی سے اسرائیل کو ہی فائدہ ہو گا۔ان کا کہنا تھا پیرس میں ہونے والی انسانی بنیادوں پر امداد سے متعلق کانفرنس میں شریک تمام شرکا کا واضح مؤقف تھا کہ اس کے علاوہ دوسرا کوئی حل نہیں ہے کہ انسانی ہمدردی کی بنیاد پر جنگ بندی کی جائے جس سے تمام شہریوں کی حفاظت ممکن ہو سکے۔ دوسری جانب اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے فرانسیسی صدر کے انٹرویو پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس جو جرائم آج غزہ میں کر رہی ہے وہ کل پیرس، نیو یارک اور دنیا میں کہیں بھی ہو سکتے ہیں۔واضح رہے 7 اکتوبر سے غزہ اور دیگر مقبوضہ علاقوں میں جاری اسرائیلی جارحیت میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 11 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے جس میں بڑی تعداد خواتین اور بچوں کی ہے۔


No comments:

Post a Comment

کمنٹ کرنے کاشکریہ