نبیل ظفر کا اپنی مداح سے شادی کا انکشاف
پاکستان کے معروف اداکار، پروڈیوسر اور ہدایت کار نبیل ظفر نے انکشاف کیا ہے کہ اُنہوں نے آٹوگراف لینے آنے والی اپنی مداح سے شادی کی تھی۔نبیل ظفر نے حال ہی میں مزاحیہ پروگرام “مذاق رات” میں بطورِ مہمان شرکت کی جہاں اُنہوں نے اپنی شادی اور مقبول ترین ڈراما “بُلبلے” بنانے سے متعلق گفتگو کی۔پروگرام کے میزبان عمران اشرف نے نبیل ظفر سے اُن کے مقبول ترین ڈراما “بُلبلے” بنانے سے متعلق سوال کیا جس پر اداکار نے کہا کہ “سال 2009 میں مجھے مالی مسائل کا سامنا تھا، میں اپنے بچوں کی تعلیم اور گھر کی دیگر اخراجات کی وجہ بہت پریشان تھا”۔نبیل ظفر نے کہا کہ “انہی مالی مسائل کے دوران، میں نے اپنا پہلا پروڈکشن ہاوْس بنایا اور کسی سے اُدھار رقم لیکر ڈراما “بُلبلے” بنایا جبکہ میں نے ڈرامے کے رائٹر اور ہدایتکار کو پہلے ہی اس بات سے آگاہ کردیا تھا کہ میرے پاس اُنہیں دینے کے لیے پیسے نہیں ہیں لہٰذا ڈرامے کے فروخت ہونے کے بعد ہی اُنہیں کام کا معاوضہ ملے گا”۔اداکار نے کہا کہ “میرے پاس اتنی رقم بھی نہیں تھی کہ میں کسی دوسرے اداکار کو ڈرامے میں کاسٹ کرسکوں لہٰذا میں نے خود نبیل کا کردار ادا کیا اور پھر صرف ڈیڑھ لاکھ روپے میں وہ ڈراما چینل کو فروخت کردیا”۔اسی پروگرام کے دوران نبیل ظفر نے اپنی شادی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ “میری اہلیہ میری مداح تھیں، میری اپنی اہلیہ سے پہلی ملاقات اسکاٹ لینڈ کے شہر گلاسگو کے ریلوے اسٹیشن پر ہوئی تھی”۔نبیل ظفر نے کہا کہ “میری اہلیہ میرا آٹوگراف مانگنے آئی تھیں جہاں سے ہماری محبت کی کہانی کا آغاز ہوا اور پھر میں نے سیدھا نکاح نامے پر آٹوگراف دیا”۔
No comments:
Post a Comment
کمنٹ کرنے کاشکریہ