Saturday, 11 November 2023

پاکستان آئی سی سی ورلڈکپ 2023 کی دوڑ سے باہر ہوگیا


پاکستان آئی سی سی ورلڈکپ 2023 کی دوڑ سے باہر ہوگیا ہے اور  اب اس کے سیمی فائنل کھیلنے کا کوئی امکان باقی نہیں رہا۔ورلڈکپ کے 44 ویں میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کو جیت کے لیے 338 رن کا ہدف دیا ہے، پاکستان کو سیمی فائنل میں پہنچنے کے لیے یہ ہدف 6.4 اوور میں پورا کرنا تھا تاہم اب تک پاکستان 8 اوور میں 2 وکٹ کے نقصان پر 37 رن بناسکا ہے۔دونوں ٹیموں کے درمیان یہ میچ ایڈن گارڈنز کولکتہ میں کھیلا جارہا ہے جہاں انگلینڈ نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔انگلش ٹیم نے مقررہ 50 اوور میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 337 رن بنائے۔انگلینڈ کی پہلی وکٹ 82 رن پر گری، افتخار احمد نے ڈیوڈ ملان کو 31 رن پر آؤٹ کیا، بعدازاں حارث رؤف نے جونی بیئر اسٹو کو 59 رن پر پویلین لوٹایا۔بین اسٹوکس نے 84 رن کی اننگز کھیلی، انہیں شاہین آفریدی نے بولڈ کیا، جوروٹ 60 رن بنا کر آؤٹ ہوئے، ہیری بروک نے 30 اور  جوز بٹلر نے27 رن بنائے، معین علی 8 رن بناسکے۔پاکستان کی جانب سے حارث رؤف نے3، محمد وسیم نے3، شاہین آفریدی نے 2 اور افتخار احمد نے ایک وکٹ حاصل کی۔ٹاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پاکستان ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا ارادہ تھا، ٹیم میں ایک تبدیلی ہے، حسن علی کی جگہ شاداب خان شامل ہیں۔دوسری جانب انگلش کپتان جوز بٹلر بولے کہ وکٹ بیٹنگ کےلیے اچھی ہے، زیادہ سے زیادہ اسکورکرنے کی کوشش کریں گے۔ورلڈ کپ کے پہلے مرحلے میں دونوں ٹیموں کا یہ آخری میچ ہے، پاکستان اور انگلینڈ دونوں نے اب تک آٹھ آٹھ میچز کھیلے ہیں، پاکستان نے اپنے 4 اور انگلینڈ نے اپنے 2 میچز جیتے ہیں۔پوائنٹس ٹیبل پر پاکستان پانچویں اور انگلینڈ ساتویں نمبر پر ہے۔

No comments:

Post a Comment

کمنٹ کرنے کاشکریہ