زندگی کا واحد مقصد جوہی چاولہ سے شادی کرنا تھا: آر مادھون
بالی وڈ اداکار آر مادھون نے انکشاف کیا ہے کہ ماضی میں وہ خوبصورت مسکراہٹ کی مالک اداکارہ جوہی چاولہ کے دیوانے تھے اور ان سے شادی کرنے کے خواہشمند بھی تھے۔حال ہی میں آر مادھون جوہی چاولہ کے ہمراہ اپنی نئی ویب سیریز 'ریلوے مین' کے سلسلے میں ایک انٹرویو میں شریک ہوئے جس میں انہوں نے جوہی کے سامنے اپنی محبت کا اعتراف کیا۔آر مادھون نے کہا 'میں آج سب کے سامنے اعتراف کررہا ہوں، جب میں نے فلم قیامت سے قیامت تک دیکھی تو میں نے اپنی ماں سے کہا تھا کہ میں جوہی چاولہ سے شادی کرنا چاہتا ہوں‘۔اداکار نے مزید کہا کہ 'اُس وقت میری زندگی کا بس یہی ایک مقصد تھا، جوہی چاولہ سے شادی کرنا لیکن افسوس میرا یہ مقصد پورا نہیں ہوسکا'۔مادھون نے یہ بھی بتایا کہ ’1988 میں جب عامر خان کے ہمراہ جوہی چاولہ کی فلم قیامت سے قیامت تک ریلیز ہوئی، اس وقت تک ان کا بالی وڈ میں ڈیبیو بھی نہیں ہوا تھا‘۔دوران انٹرویو اداکار نے اپنے بیٹے کی پیدائش سے متعلق کہا 'میرا بیٹا 2005 کے ممبئی سیلاب کے دوران پیدا ہوا تھا اور بیٹے کی پیدائش سے کچھ دیر قبل اسپتال آتے ہوئے میری بیوی سڑک پر گاڑی میں پھنس گئی تھی'۔آر مادھون کے مطابق ’سڑک پر موجود عوام کو معلوم نہیں تھا کہ یہ میری بیوی ہیں، پھر بھی سب نے میری بیوی کی گاڑی سے پانی سے نکالنے میں مدد کی‘۔واضح رہے کہ آر مادھون نے 1993 میں مشہور ٹی وی شو 'بنے گی اپنی بات' سے شوبز انڈسٹری میں قدم رکھا، 1997 میں انہوں نے ایک انگریزی فلم 'اِن فرنو' کی جس میں ان کا کردار ایک ہندی پولیس افسر کا تھا۔بعدازاں اُنہوں نے 2001 میں مقبول رومانوی فلم ‘رہنا ہے تیرے دل میں’ سے بالی ووڈ میں قدم رکھا۔
No comments:
Post a Comment
کمنٹ کرنے کاشکریہ