فعال جموریت ملک میں معاشی استحکام لاتی ہے، نگران وزیراعظم
نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کا کہنا ہے کہ فعال جمہوریت ہی ملک میں معاشی استحکام لاتی ہے جب کہ اس وقت پاکستان میں معاشی ترقی کے بے پناہ مواقع موجود ہیں۔نگران وزیر اعظم نے امید ظاہر کی کہ آئندہ 10 برس میں چین سمیت دیگر ممالک کے ساتھ 36 ٹریلین ڈالر کی تجارت متوقع ہے۔ڈان نیوز کے مطابق کوئٹہ میں بلوچستان کی مختلف یونیورسٹیز کے طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ پاکستان کا مستقبل روشن ہے کیوں کہ ملک کی آبادی کا 65 فیصد حصہ نوجوانوں پر مشتمل ہے اور نوجوان ملک کا قیمتی سرمایہ ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ اس وقت ملک میں معاشی ترقی کے بے پناہ مواقع موجود ہیں لیکن ٹیکس جمع کرنا اور اس کا مؤثر انداز میں استعمال ضروری ہے۔انوار الحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ ملکی ترقی کے لیے ہمیں اسکولوں کی داخلے کی شرح کو بڑھانا ہوگا، ہم سب کو ذمہ دار شہری کا کردار ادا کرتے رہنا چاہیے۔انہوں نے بلوچستان کے طلبہ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ انہیں صوبے کے طلبہ سے بات کرکے بےحد خوشی ہو رہی ہے کیوں کہ نوجوان ملکی ترقی کی راہیں متعین کریں گے۔ایک سوال کے جواب میں نگران وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ حکومت، میڈیا کے اظہار رائے کی آزادی کی مخالف نہیں لیکن ہر چیز کا طریقہ کار ہوتا ہے، ہر بات کے اصول ہوتے ہیں اور حکومت نے میڈیا کی اظہار رائے کی آزادی کے قوانین بنا رکھے ہیں اور ہم سب نے قوانین کے تحت نظام کو چلانا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت جب بھی سمجھتی ہے کہ میڈیا میں اظہار رائے کی آزادی کے حوالے سے قوانین کی خلاف ورزی کی جا رہی ہے تو ایکشن لیاجاتا ہے۔
No comments:
Post a Comment
کمنٹ کرنے کاشکریہ