Saturday, 20 January 2024

وزیراعلیٰ کا جنرل اور گنگارام ہسپتال کی اپ گریڈیشن جلد مکمل کرنے کا حکم


 وزیراعلیٰ کا جنرل اور گنگارام ہسپتال کی اپ گریڈیشن جلد مکمل کرنے کا حکم

نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے جنرل اور گنگارام ہسپتال کی اپ گریڈیشن کا کام جلد از جلد مکمل کرنے کا حکم دے دیا۔وزیراعلیٰ محسن نقوی نے رات گئے گنگارام ہسپتال اورجنرل ہسپتال کا 3گھنٹے طویل دورہ  کیا۔محسن نقوی نے گنگارام ہسپتال کی اپ گریڈیشن کے کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا، وزیر اعلیٰ نے ہسپتال کے برآمدے سے گزرنے والی سیوریج لائن کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ایم ڈی واسا کو موقع پر ہی طلب  کرلیا اور سیوریج لائن کو متبادل جگہ منتقل کرنے کا حکم دیا۔وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ سیوریج لائن کی منتقلی کے لئے مشاورت کے ساتھ متبادل پلان مرتب کیا جائے،محسن نقوی نے ہسپتال کے اندر خالی جگہ پر پودے لگانے اور لینڈ سکیپنگ کی بھی ہدایت کی۔ محسن نقوی نے ہسپتال میں وارڈز،آپریشن تھیٹرز اور دیگر شعبوں میں کام پر پیش رفت کا مشاہدہ کیا  اور 31 جنوری تک ہسپتال کی اپ گریڈیشن کو ہر صورت مکمل کرنے کی ہدایت کردی۔بعدازاں وزیراعلیٰ محسن نقوی جنرل ہسپتال پہنچ گئے، وزیراعلیٰ نے جنرل ہسپتال میں جاری اپ گریڈیشن کے کاموں پر ہونے والی پیشرفت کاجائزہ لیا اور ایمرجنسی بلاک کی تعمیراتی سرگرمیوں کا معائنہ کیا، انہوں نے ایمرجنسی بلاک کے اپ گریڈیشن پراجیکٹس کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کا حکم دے دیا۔محسن نقوی نے کہا کہ ہر لمحہ قیمتی ہے ایک منٹ بھی ضائع نہیں کرسکتے، دونوں ہسپتال ٹائم لائن کے اندر مکمل ہو جانے چاہئیں،اپ گریڈیشن کے کاموں میں معیار کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے۔وزیراعلیٰ محسن نقوی نے سیکرٹری تعمیرات ومواصلات کو ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن کے کاموں کی جلد تکمیل کے لئے ضروری ہدایات دیں۔محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ہسپتالوں کے 6لاکھ سکوائر فٹ سے زائد ایریا کی اپ گریڈیشن کاکام جاری ہے، پنجاب کی تاریخ میں پہلی بار بیک وقت ہسپتالوں کی حالت کو بہتربنانے کے لئے کام شروع کیاگیاہے، پوری کوشش ہے کہ منصوبے وقت سے پہلے مکمل ہوں اور عوام کو سہولت مل سکے،جس کام کا بیڑا اٹھایا ہے اس کی پیشرفت کاخود جائزہ لیتا ہوں۔

No comments:

Post a Comment

کمنٹ کرنے کاشکریہ