Monday, 6 December 2021

منڈے میگزین دھنک رنگ لاہور ایڈیٹرعلی جان 6 دسمبر2021





















 

لاہور، این اے 133 کے ضمنی انتخاب میں ن لیگ نے میدان مار لیا

 لاہور میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے-133 میں ہونے والے ضمنی انتخاب میں مسلم لیگ(ن) کی امیدوار شائستہ ملک نے پیپلز پارٹی کے امیدوار چوہدری اسلم گل کو شکست دے دی۔

تمام 254 پولنگ اسٹیشنز کے غیر حتمی غیرسرکاری نتائج کے مطابق مسلم لیگ(ن) کی امیدوار نے 14ہزار سے زائد ووٹوں کے فرق سے کامیابی حاصل کی۔غیرحتمی نتائج کے مطابق مسلم لیگ(ن) کی امیدوار شائستہ پرویز ملک ضمنی الیکشن میں 46 ہزار 811 ووٹ لے کر کامیاب رہیں۔پیپلز پارٹی کے امیدوار چوہدری محمد اسلم گُل 32ہزار 313 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے اور مسلم لیگ(ن) کی امیدوار نے 14ہزار 498 ووٹوں کے فرق سے فتح اپنے نام کی۔حلقے میں ووٹرز کا ٹرن آؤٹ 18.50 فیصد رہا اور 4 لاکھ 40 ہزار سے زائد ووٹرز میں سے صرف 80 ہزار 997 نے حق رائے دہی کا استعمال کیا۔مسلم لیگ(ن) کے صدر شہباز شریف نے اس فتح کو مرحوم پرویز ملک کے نام کرتے ہوئے کہا کہ ہم آج الیکشن میں کامیابی پر عاجزی کے ساتھ خدا کا شکر ادا کرتے ہیں۔انہوں نے غیرمتزلزل اعتماد پر عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہم یہ فتح اپنے دوستوں اور مرحوم بھائی پرویز ملک کے نام کرتے ہیں جو ایک بہترین انسان، عوامی خدمت گار اور نواز شریف کے عظیم ساتھی تھے۔مسلم لیگ(ن) کی نائب صدر مریم نواز نے بھی الیکشن میں کامیابی پر ٹوئٹر پر 'ایک واری فیر شیر' کی پوسٹ شیئر کی۔پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز نے کہا کہ میں کارکنان اور انتخاب جیتنے والی امیدوار شائستہ پرویز کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) نے ہر ضمنی الیکشن میں ثابت کیا ہے کہ وہ مقبول ترین جماعت ہے، عوام اب باتوں، دعوؤں اور نعروں کے فریب میں آنے والے نہیں اور اپنے گمبھیر مسائل کے حل کے لیے مسلم لیگ(ن) کی طرف دیکھ رہے ہیں۔خیال رہے کہ قومی اسمبلی کی مذکورہ نشست شائشتہ ملک کے شوہر اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی پرویز ملک کے انتقال کے سبب خالی ہوئی تھی۔الیکشن کمیشن آف پاکستان نے 18 اکتوبر کو این اے-133 میں ضمنی انتخاب کے شیڈول کا اعلان کیا تھا جس میں پولنگ کی تاریخ 5 دسمبر مقرر کی گئی تھی۔اس ضمنی الیکشن میں تحریک انصاف کا کوئی بھی امیدوار شریک نہیں تھا کیونکہ تحریک انصاف کے جمشید چیمہ اور ان کی اہلیہ کے کاغذات نامزدگی مسترد کر دیے گئے تھے۔ضمنی انتخاب سے ایک ہفتہ قبل اس وقت تنازع کھڑا ہو گیا تھا جب حلقے میں ووٹوں کی مبینہ خریداری کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرس ہوئی تھی اور جس میں پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کے رہنما ایک دوسرے پر حلقے میں ووٹ خریدنے کے الزامات عائد کر رہے تھے۔الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے انتظامیہ کو حلقہ این اے-133 کے ضمنی انتخاب کی مہم کے دوران ووٹ خریدنے کی ویڈیو کی فرانزک کر کے ملوٹ افراد کو گرفتار کرنے کا حکم دیا تھا۔



این اے 133 ضمنی انتخاب، پی پی کو 2018 کے مقابلے میں 26ہزار728 ووٹ زیادہ ملے

لاہور میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 133 کے ضمنی انتخاب میں مسلم لیگ (ن) کی شائستہ پرویز ملک نے کامیابی حاصل کرلی تاہم ن لیگ کو 2018کے عام انتخابات کے مقابلے میں کم ووٹ ملے ہیں۔تمام 254 پولنگ اسٹیشنز کے غیرحتمی و غیرسرکاری نتائج کے مطابق مسلم لیگ ن کی شائستہ پرویز 46811 ووٹ لےکر کامیاب قرار پائیں۔غیرسرکاری نتیجے کے مطابق پیپلزپارٹی کے اسلم گِل 32313 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔ لیگ کو ضمنی انتخاب میں این اے 133کی نشست پر2018 کے الیکشن کے مقابلے میں42ہزار888ووٹ کم ملے جبکہ 2018کے الیکشن میں مسلم لیگ ن کے پرویزملک نے 89ہزار699 ووٹ لیے تھے۔پیپلزپارٹی کے اسلم گِل نے 2018 کے انتخابات کے مقابلے میں 26 ہزار 728 ووٹ زیادہ حاصل کیے جبکہ انہوں نے 2018 کے الیکشن میں 5585 ووٹ لیے تھے۔2018 کے الیکشن میں تحریک انصاف کے اعجازچوہدری نے77ہزار293ووٹ لیےتھے تاہم این اے133کے ضمنی الیکشن میں پی ٹی آئی کا کوئی امیدوار میدان میں نہیں تھا۔ضمنی الیکشن میں پی ٹی آئی کے امیدوارجمشیدچیمہ کےکاغذات نامزدگی مسترد ہوگئے تھے۔2018کے عام انتخابات میں این اے133میں51.89 فیصد ووٹ کاسٹ ہوئےتھے جبکہ ضمنی الیکشن میں این اے133میں 18.59 فیصد ووٹ کاسٹ ہوئے۔


Friday, 3 December 2021

کرکٹ کا بڑا میلہ پاکستان سپر لیگ 27 جنوری سے شروع



 کرکٹ کا بڑا میلہ پاکستان سپر لیگ 27 جنوری سے شروع

کرکٹ کے دیوانوں کے لیے ایک بار پھر پاکستان سپر لیگ کا میلہ سجنے والا ہے، پاکستان کرکٹ بورڈ نے ساتویں سیزن کا شیڈول جاری کر دیا۔پی سی بی کی طرف سے جاری شیڈول کے مطابق  27 جنوری سے پی ایس ایل  7 کا آغاز ہو گا،افتتاحی میچ میں ملتان سلطانز اور کراچی کنگز مد مقابل ہوں گے۔ایونٹ کے 15 میچز کراچی جبکہ  19 میچز لاہور میں کھیلے جائیں گے، 28جنوری کو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی کے درمیان میچ ہوگا۔پی ایس ایل 7کا فائنل 27فروری کو کھیلا جائے گا،کوالیفائر 23 فروری اور پہلا اور دوسرا ایلیمنٹر 24 اور 25 فروری کو کھیلا جائے گا۔ایونٹ کیلئے کھلاڑیوں کی ڈرافٹنگ 12 دسمبر کو سہ پہر 3 بجے لاہور کے ہائی پرفارمنس سینٹر میں ہوگی۔آصف علی، حارث رؤف اور محمد رضوان پلاٹینم کیٹیگری جبکہ صہیب مقصود اور حیدر علی ڈائمنڈ کیٹگری میں شامل ہو گئے ہیں۔

Thursday, 25 November 2021

محمد رضوان کو تھپڑ، گراونڈ سے نکال دیا گیا

دبئی: پاکستان کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر اوراوپنر محمد رضوان ٹی 20 کرکٹ میں سب سے بہترین اوسط کے ساتھ ایک ہزار رنز مکمل کرنے والے بلے باز بن گئے ہیں۔اعداد و شمار کے مطابق ۔محمد رضوان کی ٹی 20 اوسط اس وقت 52 اعشاریہ 77 ہے۔واضح رہے کہ بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی نے ٹی 20 کرکٹ میں ایک ہزار رنز 52 اعشاریہ 72 کی اوسط کے ساتھ مکمل کیے تھے۔محمد  رضوان، قومی کرکٹ ٹیم کا وہ نام، جنہوں نے نہ صرف اپنی کارکردگی سے شائقین کے دلوں میں جگہ بنائی بلکہ کرکٹ ٹیم کا بھی ایک لازم جز بن گئے، بچپن کی یادیں ہیں کہ پیچھا نہیں چھوڑتیں،کرکٹ کا جنون تھا مگر کھیلنے کا سامان تھا نہ کوئی پیسہ۔ ایک مرتبہ کرکٹ اسٹیڈیم دیکھنے چلے گئے مگر تھپڑ کھا کر واپس لوٹ گئے۔سوشل میڈیا پر وائرل ایک انٹرویو میں محمد رضوان نے بتایا کہ ان کا تعلق ایک متوسط گھرانے سے تھا، انہیں بچپن سے کرکٹ کھیلنے کا بے حد شوق تھا لیکن محدود وسائل کے باعث کرکٹ کا سامان خریدنے کی سکت نہ تھی۔خاندان میں کوئی کرکٹ کو پسند نہیں کرتا تھا،بس  ان کے دادا نے ایک مرتبہ میچ دیکھنے کے لیے ٹیلی ویژن  لے کر دیا جو انہوں نے فروخت کر کے بلا اور گلوژ لے لیے۔

 

Thursday, 18 November 2021

شہریوں پر مہنگائی کا ایک اور وار، پارکنگ فیس بڑھانے کا اہم فیصلہ

 

شہریوں پر مہنگائی کا ایک اور وار، پارکنگ فیس بڑھانے کا اہم فیصلہ کر لیا گیا۔ میئر لاہور کرنل ریٹائرڈ مبشر جاوید نے لاہور پارکنگ کمپنی کا ریونیو بڑھانے کے لئے ایک ہفتے میں تجاویز طلب کر لیں۔

میئر لاہور کرنل ریٹائرڈ مبشر جاوید  کی زیر صدارت شہر میں پارکنگ مسائل پر اجلاس ہوا۔ لاہور پارکنگ کمپنی کی چیئرپرسن روبینہ سلہری، سی ای او سحرش ملک اور دیگر شریک ہوئے۔ شہر میں پارکنگ مسائل، کمپنی کی کارکردگی اور مالی مسائل پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

میئر لاہور نےکمپنی ریونیو بڑھانے کے لئے ایک ہفتے میں تجاویز طلب کر لیں۔ کرنل ریٹائرڈ مبشر جاوید کا کہنا ہے کہ پارکنگ ریٹس بڑھا کر کمپنی ریونیو بڑھایا جائے گا۔ کمپنی افسروں کو پارکنگ ریٹ بڑھانے کی بورڈ سے منظوری لینے کے ہدایات کی ہیں۔ موٹرسائیکل کی پارکنگ فیس 10 سے بڑھا کر 20 روپے اور گاڑی کی پارکنگ فیس 50 روپے کی جائے۔میئر لاہور نے غیر قانونی پارکنگ سائٹس کے خلاف کارروائی کی ہدایت کی اور کہا کہ پرائیویٹ پارکنگ چلانے والوں سے 30 فیصد منافع لیا جائے۔

کرنل ریٹائرڈ مبشر جاوید کا کہنا ہے کہ شہر میں نوٹیفائی پارکنگ سائٹس کی تعداد 214 سے بڑھا کرفوری 244 کی جائے۔ 



ڈینگی مچھر کے کاٹنے سے لاہور میں 3 مریض دم توڑ گئے

 ڈینگی مچھر کے کاٹنے سے لاہور میں مزید 3 مریض دم توڑ گئے، 225 افراد ڈینگی بخار میں مبتلا، کنفرم مریضوں کی تعداد 16 ہزار 476 ہو گئی، شہر کے ہسپتالوں میں ڈینگی کے 1010 مریض زیر علاج ہیں۔

سیکرٹری صحت عمران سکندر بلوچ کے مطابق پنجاب بھرسے ڈینگی کے 306 مریض رپورٹ ہوئے، مریضوں کی مجموعی تعداد 22 ہزار 616 ہو چکی، صوبہ بھر میں ڈینگی بخار کے باعث 5 اموات رپورٹ ہوئیں، جن میں سے تین کا تعلق لاہورسے ہے جبکہ خانیوال اور گوجرانوالہ سے ایک ایک ہلاکت رپورٹ ہوئی۔

رواں سال ڈینگی بخار کے باعث 105 افراد جان کی بازی ہار چکے، صوبہ بھر کے سرکاری ہسپتالوں میں ڈینگی کے 1487 مریض زیرعلاج ہیں، گزشتہ روز محکمہ صحت کی ٹیموں نے پنجاب بھر میں 203 ان ڈور اور آؤٹ ڈور مقامات سے لاروا تلف کیا، لاہور میں22 ہزار 919 ان ڈور مقامات کو چیک کیا




اسموگ کا زور: نجی اداروں کے 50 فیصد ورکرز کو گھروں میں بیٹھ کر کام کرنیکا حکم


  لاہور ہائیکورٹ میں اسموگ پر قابو پانے سے متعلق بڑا فیصلہ کرتے ہوئے نجی اداروں کے 50 فیصد ورکرز کو گھروں میں بیٹھ کر کام کرنے کا حکم کر دیا۔ عدالت نے اسکول بند کرنے کی تجویز مسترد کر دی۔

جسٹس شاہد کریم نے کہا کہ حکومت پنجاب فوری نوٹیفکیشن جاری کرے، گوجرانوالہ سمیت دیگر اضلاع سے متعلق روزانہ کی بنیاد پر میٹنگ کی جائے، اسموگ پر قابو پانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کریں۔

دوسری جانب لاہور میں اسموگ نے ڈیرے ڈال لئے، شہر کا ائیر کوالٹی انڈیکس مجموعی طور پر 367 پر پہنچ گیا۔ شہری آنکھوں اور سانس کی بیماریوں میں مبتلا ہو گئے۔لاہور کے علاقے کوٹ لکھپت میں ایئر کوالٹی انڈیکس 563، گلبرگ میں 564، ڈیوس روڈ میں 513 ریکارڈ کیا گیا۔ ڈی ایچ اے فیز 2 میں 487، ٹاؤن شپ میں 465، بحریہ آرچرڈ میں 413، علامہ اقبال ٹاون میں 422، پنجاب یونیورسٹی میں 475، ایڈن کاٹیجز 406، انارکلی بازار میں 416 اے کیو آئی ریکارڈ کیا گیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں آج بارش کا کوئی امکان نہیں، شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 13 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، موجود درجہ حرارت 17 ڈگری تک جا پہنچا جبکہ درجہ حرارت 28 ڈگری تک جانے امکان ہے، ہوا میں نمی کا تناسب 64 فیصد سینٹی گریڈریکارڈ کیا گیا۔

پہلی فرصت میں سعد رضوی سے ملاقات کرنے کے لئے جاؤں گا: اعجاز چودھری

  پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سنٹرل پنجاب کے صدر سینیٹر اعجازاحمد چودھری نے کہاہے کہ حافظ سعد رضوی کی رہائی خوش آئند عمل ہے، پہلی فرصت میں سعد رضوی سے ملاقات کرنے کے لئے جاؤں گا

تحریک لبیک کے سربراہ حافظ سعد رضوی کی رہائی پر اپنے ردِعمل کااظہا رکرتے ہوئے اعجاز چودھری نے کہاکہ امید کرتے ہیں کہ سعد رضوی ملکی سیاست میں اپنا مثبت کردار ادا کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے اوورسیزپاکستانیوں کو ووٹ کا حق دلا کر ان سے کیاگیاوعدہ پورا کردیا ہے، پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں پاکستان کی تاریخی جیت ہوئی ہے، الیکٹرونک ووٹنگ مشینیں اور بیرون ملک پاکستانیوں کو ووٹ کا حق جیسے قوانین منظور ہو گئے ہیں۔

پی ٹی آئی سینیٹر کا کہنا تھا کہ مجرموں مفروروں اور جعلی بیماروں کو شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے، پوری قوم کو مبارک ہو، کرپٹ اپوزیشن کے سیاسی بے روزگاروں اور یتیم ٹولے کو مشترکہ اجلاس میں منہ کی کھانی پڑی

این اے 133 ضمنی انتخاب کے لئے پی ٹی آئی نے ووٹرز کو الیکشن ڈے پر گھروں تک محدود رہنے کی ہدایت جاری کردی ہے۔

 واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار جمشید اقبال چیمہ کے کاغذات نامزدگی مسترد کردیئے گئے تھے،ان کی کورنگ امیدوار مسرت جمشید اقبال چیمہ کے بھی کاغذات نامزدگی مسترد ہوگئے تھے جس کے بعد دونوں پی ٹی آئی رہنماؤں نے عدالت کا دروازہ کھٹکھٹایا تھا تاہم وہاں سے بھی کاغذات نامزدگی مسترد ہوچکے تھے۔ اس حلقے میں پی ٹی آئی ناک آؤٹ ہوچکی ہے جس کے بعد پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرحوم رہنما پرویز ملک کی نشست پر ہونے والے الیکشن میں ان کی اہلیہ شائستہ پرویز ملک اور پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اسلم گل مدمقابل ہونگے۔

کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے بعد پاکستان تحریک انصاف نے حکمت عملی اپناتے ہوئے ووٹرز کو الیکشن ڈے پر گھروں تک محدود رہنے کی ہدایت جاری کردی ہے۔

صدر وسطی پنجاب اعجاز چودھری نے اس حوالے سے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کو سپورٹ کرنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا ، پی ٹی آئی کا ووٹر این 133 کے ضمنی انتخاب میں کسی کو ووٹ کاسٹ نہیں کرے گا۔

اعجاز چودھری کا مزید کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی پالیسی منظر عام پر آ گئی ہے اور مسلم لیگ ن کی دشمنی میں قطعی طور پر پیپلز پارٹی کو سپورٹ نہیں کریں گے۔