Saturday, 22 January 2022

کورونا : تعلیمی ادارے بند کرنے کا فیصلہ

 


کورونا وائرس کی انسداد کے ادارے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے


کورونا کی زیادہ شرح والے تعلیمی ادارے ایک ہفتے کیلئے بند کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ملک میں کورونا وائرس کے کیسز میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ریکارڈ 7 ہزار سے زائد کیسز کی تصدیق ہوئی۔این سی او سی نے کورونا کی زیادہ شرح والے تعلیمی ادارے ایک ہفتے کیلئے بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ضلعی صحت اور تعلیم کے حکام صوبائی انتظامیہ سے مل کر بندش کا تعین کرے گی۔این سی او سی کا کہنا ہے کہ  وفاق کی اکائیاں 12 سال سے زائد عمرطلبہ کی ویکسینیشن کیلئے خصوصی مہم چلائیں اور 100 فیصد ویکسینیشن یقینی بنائی جائے۔این سی او سی کے مطابق تعلیی اداروں میں آئندہ دو ہفتوں کیلئے بڑے پیمانے پر کورونا ٹیسٹنگ کی جائے، کورونا کی زیادہ شرح والے شہروں کے تعلیمی اداروں میں ٹیسٹنگ پرخصوصی توجہ دی جائے۔انسداد کورونا کے ادارے کا کہنا ہے کہ اومی کرون سے متاثرہ شہروں کے تعلیمی اداروں میں ٹیسٹنگ کی گئی جس کا مقصد ان شہروں کےطلبہ کو کورونا سے بچانا تھا  اور پھیلاؤ کا درست اندازہ لگانا تھا۔خیال رہے کہ کراچی، حیدرآباد اور وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا وائرس کا تیزی سے پھیلاؤ جاری ہے جبکہ کراچی میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 50 فیصد کے قریب پہنچ چکی ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا ٹیسٹ

 پاکستان میں کورونا کے اعداد و شمار بتانے والی ویب سائٹ (covid.gov.pk) کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 58902 ٹیسٹ کیے گئے جس میں سے 6540 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جبکہ وائرس سے مزید 12 افراد انتقال کر گئے۔سرکاری پورٹل کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 11.10 فیصد رہی۔این سی او سی کے اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں کورونا سے اموات کی تعداد 29077 ہو چکی ہے جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد 13 لاکھ 60 ہزار 19 تک پہنچ چکی ہے۔اس کے علاوہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 1119 افراد کورونا سے صحتیاب بھی ہوئے جس کے بعد ملک میں وبا سے شفایاب ہونے والے افراد کی تعداد 12 لاکھ 67 ہزار 598 ہو گئی ہے۔


پاکستان میں کورونا پی سی آر ٹیسٹ پر آنے والی لاگت

 پاکستان میں کورونا پی سی آر ٹیسٹ پر آنے والی لاگت کی تفصیلات سامنے آگئیں۔پیتھالوجسٹ ڈاکٹرذیشان انصاری کے مطابق چائنیزکٹ کےساتھ کوروناکا پی سی آرٹیسٹ 1200 سے 1300 میں ہوجاتا ہے، ترکی اوریورپین کٹس کے ساتھ کورونا پی سی آر ٹیسٹ پر 2 ہزار تک لاگت آتی ہے۔ماہرین نے انکشاف کیا کہ فلاحی ادارہ الخدمت کوروناکا پی سی آرٹیسٹ 3000 میں کررہاہے اور بچت بھی ہورہی ہے جب کہ نجی ادارے کورونا کا ٹیسٹ 4 ہزار سے 7 ہزار روپے تک میں کر رہے ہیں۔ڈاکٹر ذیشان انصاری کا کہنا ہےکہ پاکستان میں کورونا پی سی آر ٹیسٹ کا سارا سامان باہر سے آتا ہے، میڈیکل امپورٹ مافیا نےکورونا پی سی آرکٹس  اور سامان کی درآمد پر اربوں کمائے، پاکستان میں کورونا پی سی آر کٹس مقامی طور پر تیار ہونی چاہیے، صوبائی ہیلتھ کیئر کمیشن اور این سی او سی کو اس پر کردار


ادا کرنا چاہیے۔ماہرین نے مزید کہا کہ سرکاری اداروں کی استعداد بڑھا کرپرائیوٹ اداروں کی قیمتیں بھی کم کی جاسکتی ہیں ،بھارت میں پی سی آر ٹیسٹ کٹس اور دیگر سامان مقامی طور پر تیار ہوتا ہے۔

کورونا:مساجد، عبادت گاہوں میں 6 فٹ کا فاصلہ ہوگا، ویکسین شدہ افراد کو جانے کی اجازت ہوگی

 نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (این سی او سی) نے مساجد اور عبادت گاہوں میں صرف ویکسین شدہ افراد کو ہی داخلے کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔این سی او سی کے اجلاس میں ملک میں بڑھتی ہوئی کورونا صورت حال کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں مساجد اور عبادت گاہوں کے لیے ضروری اقدامات کا فیصلہ کیا گیا۔اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ صرف مکمل ویکسین شدہ افراد کو ہی مساجد اور عبادت گاہوں میں جانے کی اجازت ہو گی۔


پنجاب میں لاہور اومی کرون کا گڑھ بن گیا

 لاہور میں اومی کرون کے کیسز میں تیزی سے اضافہ ہورہا  ہے۔صوبائی محکمہ صحت کے مطابق صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 100 افراد میں اومی کرون ویرینٹ کی تصدیق ہوئی ہے۔محکمہ صحت کا بتانا ہےکہ صوبے بھر سے سامنے آنے والے اومی کرون کے کیسز میں سے 95 کا تعلق لاہور سے ہے۔محکمہ صحت کے مطابق پنجاب میں اومی کرون کیسز کی تعداد 690 اور لاہور میں تعداد 643 ہوگئی ہے۔


کراچی میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 50 فیصد کے قریب پہنچ گئی

 راچی میں کورونا کیسز  میں اضافے کا سلسلہ مسلسل جاری ہے اور مثبت کیسز کی شرح بڑھ کر 50 فیصد کے قریب پہنچ گئی ہے۔محکمہ صحت کے مطابق گزشتہ روز شہر میں 6 ہزار 760 افراد کے کورونا کے ٹیسٹ کیے گئے جس میں سے 3 ہزار 149 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی۔حکام محکمہ صحت کا بتانا ہے کہ کراچی میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مثبت کیسز کی شرح 47.56 فیصد ریکارڈ کی گئی۔حیدرآباد میں بھی کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 17.27 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔یاد رہے کہ گزشتہ روز بھی کراچی میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 41 فیصد ریکارڈ کی گئی تھی۔


نوازشریف کو باہر بھیجنے کا فیصلہ 100 فیصد عمران خان کا تھا: اسد عمر

 ایک بیان میں اسد عمر نے کہا کہ جس میٹنگ میں نواز شریف کو باہر بھیجنے کا فیصلہ ہوا، میں اس میں شریک تھا، جس وقت یہ ڈسکشن ہوئی کمرے میں 6 سے 8 لوگ بیٹھے تھے جب کہ نواز شریف کو بھیجنے کا معاملہ پہلے کابینہ میں ڈسکس ہوا تھا۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو باہر بھیجنے کا فیصلہ 100 فیصد عمران خان کا تھا اور عمران خان نے یہ نہیں کہا کہ یہ فیصلہ ان کا نہیں تھا۔وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی سینئر لیڈر شپ کمرے میں بیٹھی تھی اور نواز شریف کو باہر بھیجنےکے فیصلے پر سب کی رائے مختلف تھی۔ اسد عمر کے مطابق عمران خان کا کہنا ہے کہ جن میڈیکل رپورٹس کی بنیاد پر وہ فیصلہ کیاگیا وہ جھوٹی ثابت ہوئیں۔


نجی اسپتالوں اور لیبارٹریز کی لوٹ مار، 400 کے کورونا ٹیسٹ کی 6 ہزار قیمت

 کورونا وبا کے دوران ٹیسٹ کے نام پر نجی اسپتالوں اور لیبارٹریز کی لوٹ مار جاری ہے۔

ملک میں کورونا کی پانچویں لہر کے بعد ماسک اور سینیٹائزر سمیت وبا کے دوران مہنگی ہونے والی تقریباً ہر چیز کی قیمت اب مستحکم ہوگئی ہے لیکن کووڈ ٹیسٹ کے نام پر منافع خوری جاری ہے۔نجی اسپتال اور لیبارٹریز نے منافع خوری کی انتہا کردی اور  کورونا ٹیسٹ پر اب اصل لاگت 400 رہ گئی ہے مگر  ٹیسٹ اب بھی ساڑھے 6 ہزار روپے کا کیا جارہا ہے۔لاہور کی صرف 2 لیبارٹریز کورونا کے ٹیسٹ سے روزانہ ایک کروڑ روپے کما رہی ہیں جب کہ  سرکاری اسپتال اور حکومت یہ ٹیسٹ مفت کر رہی ہیں۔نجی اسپتالوں اور لیبارٹریز کی اس لوٹ مار پر ملک بھر میں انتظامیہ ہاتھ پر ہاتھ دھرے بیٹھی ہے جب کہ کووڈ کا شکار مریض مافیا کے ہاتھوں لٹنے پر مجبور ہیں۔



بیرون ملک سفر کیلئے بوسٹر ڈوز کی فیس ختم کردی گئی

 اسلام آباد: حکومت نے بیرون ملک سفر کے لیے  کورونا ویکسین کی بوسٹر ڈوز کی فیس ختم کردی۔

وزارت صحت نے بیرون ملک سفر کے لیے بوسٹر شاٹ کی فیس ختم کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہےکہ بیرون ملک جانے والے اپنے ڈاکیومنٹ دکھا کر فری بوسٹر لگواسکیں گے۔

وزارت صحت کا کہنا ہےکہ عام پبلک کے لیے بوسٹر ڈوز پہلے ہی فری ہے۔



سندھ میں اسپتالوں پر پہلے جیسا دباؤ نہیں،لاک ڈاؤن کا فیصلہ نہیں کیا، سعید غنی


 صوبائی وزیراطلاعات سعید غنی کا کہنا ہےکہ سندھ میں لاک ڈاؤن کا ابھی کوئی فیصلہ نہیں کیا گيا، جس طرح سے پہلے اسپتالوں پر دباؤ تھا اب ایسا نہیں ہے۔کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سعید غنی کا کہنا تھا کہ لوگوں نے ویکسین لگائی ہے اور سندھ حکومت نے بھی اسپتالوں کو اپڈیٹ کیا ہے۔سعیدغنی کا کہنا تھا کہ کورونا کیسز میں اضافہ ہو رہا ہے لیکن لاک ڈاؤن لگانے کا ابھی کوئی فیصلہ نہیں ہوا ہے، این سی او سی کے احکامات پر تمام صوبوں کو عمل پیرا ہونا پڑتا ہے۔

Thursday, 20 January 2022

ایل ڈبلیو ایم سی کمیونٹی موبلائزیشن ونگ متحرک، مال روڈ پر آگاہی کیمپ اور واک کا انعقاد،

 



لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی جانب سے آگاہی مہمات کا سلسلہ جاری ہے عوام میں شعور بیدار کرنے کے لیے تعلیمی اداروں میں کمیونٹی موبلائزیشن ونگ متحرک کر دیا گیا ہے۔ایل ڈبلیو ایم سی کمیونٹی موبلائزرز نے طالب علموں کی مدد سے شہریوں میں شعور اُجاگر کرنے کے لیے  مال روڈ ریگل چوک میں آگاہی کیمپ کا انعقاد کیا اور اس کے اطراف میں ویسٹ پیکنگ اور آگاہی واک کی مدد سے صفائی پیغامات پہنچائے گئے۔ترجمان ایل ڈبلیو ایم سی کے مطابق سی ای او ایل ڈبلیو ایم سی رافعہ حیدر کی ہدایات پر مستقبل کے معماروں کی صفائی عادات کو پختہ کرنے کے لیے ایل ڈبلیو ایم سی کے زیر اہتمام مال روڈ پر آگاہی سرگرمی کا انعقاد کیا گیا۔ریگل چوک پر آگاہی کیمپ لگایا گیا

 سکول کے بچے، ایل ڈبلیو ایم سی افسران اور سوشل موبلائزرز کی بڑی تعداد صفائی آگاہی مہم کا حصہ بنے۔ لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے اعلی افسران کے ہمراہ سکول کے طلباء نے مسجدِ شہدا اور مارکیٹ کے اطراف سے تمام حفاظتی اقدامات کے ساتھ ویسٹ اٹھا کر ویسٹ بیگز میں ڈال کر ایل ڈبلیو ایم سی کے عملے کے حوالے کر کے مارکیٹ والوں کے سامنے عملی مظاہرہ کیا۔ایل ڈبلیو ایم سی سوشل موبلائزرز اور بچوں نے  صفائی آگاہی پیغامات کے پلے کارڈز کے ذریعے شہریوں کی توجہ صفائی پیغامات کی جانب مبذول کی۔سی ای او ایل ڈبلیو ایم سی رافعہ حیدر  کا کہنا ہے کہ عوام میں صفائی کے مثبت رجحان کے فروغ کے لیے روزانہ کی بنیاد پر آگاہی سرگرمیاں منعقد کی جا رہی ہیں۔ مہم کا مقصدمستقبل کے معماروں میں صفائی جیسی عادات اپنانے اور عوام میں صفائی کی اہمیت اور ذمہ داری اجاگر کرنا ہے۔ سی ای او ایل ڈبلیو ایم سی رافعہ حیدر نے شہریوں سے گزارش کی ہے کہ عوام صفائی کے میعار کو برقرار رکھنے کے لیے ایل ڈبلیو ایم سی کے عملے کے ساتھ تعاون کریں،شکایات کے ازالے کے لیے ایل ڈبلیو ایم سی ہیلپ لائن 1139اور سوشل میڈیا کا استعمال کریں۔