Saturday, 11 November 2023

’’یا رسول اللہﷺ! ہمارے ٹکڑے ہوتے رہے اور امت تماشا دیکھتی رہی‘‘

 مقبوضہ بیت المقدس: صہیونی ریاست اسرائیل کے ایک ماہ سے زائد عرصے سے فلسطینی علاقوں خصوصاً پہلے سے محصور پٹی غزہ پر مسلسل حملے اور بم باری جاری ہے، جس میں شہدا کی تعداد 11 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے۔قابض اسرائیلی فوج کے غزہ پر پے در پے حملوں  اور دن رات مسلسل بم  باری کے نتیجے میں شہید ہونے والوں میں خواتین اور بچوں کی بہت بڑی تعداد شامل ہے جب کہ وسیع پیمانے پر تباہی سے لاکھوں فلسطینی بے گھر ہو چکے ہیں۔مغربی ممالک کی کھلی حمایت، عالمی اداروں اور انسانی حقوق تنظیموں کے دہرے رویے سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اسرائیلی حکومت اور قا بض صہیونی فوج اسپتالوں، اسکول، پناہ گزیں کیمپوں، قافلوں  اور آبادیوں کو وحشیانہ بمباری کا نشانہ بنا رہی ہے۔اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں سیکڑوں فلسطینی خاندان جام شہادت نوش کر چکے ہیں جب کہ زخمیوں کی تعداد بھی بے شمار ہے۔غزہ  پر اسرائیل کی تازہ بمباری میں ایک فلسطینی  بزرگ کے تمام پوتے اور پوتیاں شہید ہو گئے، اس موقع پر بزرگ نے شہدا کی میتوں پر روتے ہوئے انہیں مخاطب کیا اور اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم سے ملاقات پر امت مسلمہ کی شکایت کرنے کو کہا، اس حوالے سے بنائی گئی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔اسرائیلی جارحیت میں شہید ہونے والے بچوں کے دادا نے اپنے پوتے پوتیوں کی میتوں پر کھڑے ہوکر روتے ہوئے انہیں (شہدا کو) مخاطب کیا کہ ’’جب تمہاری اللہ کے نبی صلی اللہ علیہ وسلم سے ملاقات ہوگی تو ان سے کہنا کہ اے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم، آپ کی امت نے غزہ والوں کو ناکام کیا۔ اے اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم، مسلمانوں نے ہمیں ناکام کیا۔بزرگ نے پوتے پوتیوں کی لاشوں کے پاس کھڑے رہتے ہوئے مزید کہا کہ ’’میرے پوتے پوتیو! اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم تک یہ پیغام ضرور پہنچانا کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی امت نے غزہ والوں کو ناکام کیا۔ یا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم، اس امت نے ہمیں ناکام کردیا۔ اے اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم ہمارے (اہل غزہ) کے ٹکڑے ہوتے رہے اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی امت تماشا دیکھتی رہی۔


اسحاق ڈارغیر قانونی طور پر لیڈر آف دی ہاؤس کی سہولیات لے رہے ہیں، نیئرحسین

 اسحاق ڈارغیر قانونی طور پر لیڈر آف دی ہاؤس کی سہولیات لے رہے ہیں، نیئرحسین


 اسلام آباد: رہنما پیپلز پارٹی نیئر حسین بخاری نے کہا ہے کہ اسحاق ڈار کو سینیٹ میں لیڈر آف دی ہاؤس نہیں ہونا چاہیے، وہ غیر قانونی طور پر لیڈر آف دی ہاؤس کی سہولیات لے رہے ہیں، وہ نمائندگی حکومت کی کرتے ہیں۔ پروگرام”سینٹر اسٹیج”میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے سوال اٹھایا کہ سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کس حیثیت میں میں بیٹھ کر لیڈر آف ہاؤس کا کردار ادا کر رہے ہیں؟ اسحاق ڈار کو لیڈر آف دی ہاؤس نہیں ہونا چاہیے۔ان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف جب وزیر اعظم ہی نہیں رہے تو ان کا تجویز کردہ نام ہی کیوں لیڈر دی آف ہاؤس ہو، اسحاق ڈار غیر قانونی طور پر لیڈر آف دی ہاوس کی سہولیات لے رہے ہیں اور وہ اس عہدے کو اپنے سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کرتے ہیں۔ن لیگ پر تنقید کرتے ہوئے نیئر حسین بخاری نے کہا کہ گورنر ہاؤس سیاسی جماعت کے زیر استعمال رہا، مسلم لیگ ن کے قائدین گورنر ہاؤس تعزیت کے لیے گئے اور ٹکٹیں بانٹنی شروع کر دیں، کیا یہ سہولت کاری نہیں تو اور کیا ہے ؟الیکشن کمیشن سمیت کسی نے سوال نہیں اٹھایا، حقائق سے چشم پوشی نہیں کرنی چاہیے، ہم نہیں چاہتے کہ آئندہ کے انتخابات متنازع ہو جائیں۔پروگرام اینکر رحمان اظہر کے حالیہ بننے والے اتحاد سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے پی پی رہنما نیئر بخاری نے کہا کہ پیپلز پارٹی اتحادوں سے گھبراتی نہیں ہے، ماضی میں بھی پیپلز پارٹی کیخلاف اتحاد بنتے رہے اور ہم نے ان کا مقابلہ کیا۔انہوں نے کہا کہ ان اتحادوں سے ہماری صحت پر کوئی فرق نہیں پڑتا، 22اپریل سے دیکھ لیں کہ صدر کا کیا کنڈیکٹ رہا، صدر مملکت کو پی ٹی آئی کا ترجمان نہیں بننا چاہیے، پی ٹی آئی الیکشن کمیشن سے ڈٰی لسٹ نہیں ہوئی اور جو جماعت بھی الیکشن کمیشن میں ان لسٹڈ ہے اس کے لیے لیول پلیئنگ فیلڈ ہونی چاہیے۔نیئر حسین بخاری نے کہا کہ سب جماعتوں کو برابر کے مواقع ملنے چاہیں، ہم نے بھی مقدمات فیس کیے، جماعت چھوڑ کر نہیں گئے، کسی نے جرم کیا تو اس کے ساتھ قانون کے مطابق کارروائی کرنی چاہیے،2018 میں لوگوں کو ایک جماعت میں بھیجا گیا، آج دوبارہ ایسا نہیں ہونا چاہیے۔


او آئی سی اور عرب لیگ کا ہنگامی اجلاس، غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ

 ریاض: سعودی عرب میں او آئی سی اور عرب لیگ کا غیر معمولی مشترکہ سربراہی اجلاس منعقد ہوا جسں میں سربراہان مملکت نے غزہ میں فوری جنگ بندی اور اسرائیل سے محاصرہ ختم کرنے کا مطالبہ کیا، غزہ میں قتل عام پر عالمی برادری کی بے حسی پر افسوس کا اظہار کیا گیا۔عرب میڈیا کے مطابق غزہ کی صورتحال پر اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) اور عرب لیگ کا مشترکہ ہنگامی اجلاس سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں ہوا، اجلاس میں غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا گیا۔اجلاس میں سعودی ولی عہد محمد بن سلمان، ایرانی صدر ابراہیم رئیسی، فلسطین کے صدر محمود عباس، امیر قطر اور دیگر ممالک کے سربراہان سمیت نگراں وزیرِاعظم انوار الحق کاکڑ نے بھی شرکت کی۔قبل ازیں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے ریاض میں فلسطینی صدر محمود عباس کے ساتھ ملاقات کی۔ اس موقع پر انہوں نے فلسطینی عوام کے ساتھ پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اظہار کیا۔

اسرائیل غزہ پر اتنی بمباری کرچکا ہے جو سات ایٹم بم کے برابر ہے، ایرانی صدر ابراہیم رئیسی


ایران کے صدر ابراہیم رئیسی بھی اجلاس میں شریک ہیں۔ مارچ میں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی بحالی پر اتفاق کے بعد سے یہ ایرانی صدر کا پہلا دورہ سعودی عرب ہے۔ اس موقع پر ابراہیم رئیسی نے فلسطین کا روایتی  اسکارف کیفیہ بھی پہنا ہوا ہے۔اپنے خطاب میں ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نے کہا کہ ہمیں غزہ کے مسئلے کا حل تلاش کرنا ہے، فلسطین امت مسلمہ کے فخر کا نشان ہے، اسرائیل غزہ میں بمباری کے ذریعے نئی نسل کو ختم کررہا ہے وہاں ہونے والا ظلم تمام عالمی قوانین کا مذاق اڑا رہا ہے، اسرائیلی جارحیت سے 11 ہزار سے زائد نہتے شہری شہید ہوچکے ہیں، غزہ کو دنیا کی سب سے بڑی جیل بنادیا گیا ہے، میرا عالمی برادری سے سوال ہے کہ غزہ کے شہدا کا کیا قصور ہے، شہید خواتین کا کیا قصور ہے؟ ہمیں بتایا جائے شہید ہونے والے بچوں کا کیا قصور ہے؟انہوں ںے کہا کہ امریکا فاشسٹ ملک ہے جو اسرائیل کی حمایت کرکے اسرائیل کے ساتھ جنگی جرائم میں شریک ہورہا ہے وہ غزہ کو تباہ کرنے کے لیے اسرائیل کو بڑے پیمانے پر جنگی ہتھیار اور رقومات فراہم کررہا ہے، ہمیں اسرائیلی جارحیت روکنے کے لیے مشترکہ لائحہ عمل بنانا ہوگا، اسرائیل غزہ پر اتنی بمباری کرچکا ہے جو سات ایٹم بم کے برابر ہے۔انہوں نے کہا کہ غزہ کی صورتحال کے حوالے سے آج کا اجلاس بڑا اہم ہے اور یہ خطے کی تاریخ میں فیصلہ کن وقت ہے۔ابراہیم رئیسی کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں اسرائیل کے جنگی جرائم کا مقابل کرنا ہوگا، خطے میں ہونی والے تمام کارروائیوں میں امریکا کا ہاتھ ہے اسی نے اسرائیلی مظالم کے لیے راہ ہموار کی، دہشت گرد اسرائیل فوری طور پر غزہ سے باہر نکل جائے۔اسرائیل فوج غزہ کا محاصرہ ختم کرے، سیکریٹری جنرل او آئی سی,او آئی سی کے سیکریٹری جنرل حسین ابراہیم طہٰ نے کہا کہ معصوم فلسطینیوں کا قتل عام بند کیا جائے، غزہ میں فوری طور پر جنگ بندی کرکے اسرائیل فوج غزہ کا محاصرہ ختم کرے۔

ہزاروں بچوں کے قتل پر افسردہ ہوں لیکن زیادہ افسوس عالمی برادری کی بے حسی پر ہے، محمود عباس

فلسطین کے صدر محمود عباس نے کہا کہ اسرائیل کو اپنی فوج پر گھمنڈ ہے کہ وہ ہمیں ختم کردے گا لیکن فلسطین کے عوام اسرائیل کی بدترین جارحیت کا بہادری سے مقابلہ کررہے ہیں، اسرائیل کی وحشیانہ بمباری سے ہزاروں فلسطینی شہید اور زخمی ہوچکے ہیں، میرا دل ہزاروں معصوم بچوں کے قتل عام پر بے حد افسردہ ہے لیکن اس سے زیادہ افسوس عالمی برادری کی بے حسی پر ہے۔محمود عباس نے کہا کہ اسرائیل غزہ میں فلسطینیوں کی نسل کشی کررہا ہے، اسرائیلی کی افواج کو جنگی جرائم کی عدالت میں لایا جائے۔

غزہ میں معصوم بچوں کی بکھری لاشیں دیکھ کر دل خون کے آنسو روتا ہے، طیب اردوان

ترک صدر طیب اردوان نے کہاکہ غزہ کی صورتحال پر مشترکہ اجلاس بلانے پر سعودی ولی عہد کے شکر گزار ہیں، غزہ میں معصوم بچوں کی بکھری ہوئی لاشیں دیکھ کر دل خون کے آنسو روتا ہے، اسرائیلی قابض افواج نے فلسطینی بھائیوں پر ظلم کی انتہا کردی وہاں ہونے والے اسرائیلی مظالم ہم کبھی نہیں بھولیں گے۔انہوں نے کہا کہ پیرس میں چند افراد کی ہلاکت پر عالمی برادری متحد ہوگئی تھی لیکن غزہ میں اسرائیلی بمباری اور اتنے بڑے قتل عام پر دنیا بھر کی خاموشی شرم ناک ہے، اسرائیلی حکام غزہ میں ہونے والے مظالم کے ذمہ دار ہیں۔کون تصور کرسکتا ہے کہ 21ویں صدی میں اسپتالوں میں بمباری ہوگی، دنیا خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے، امیر قطرامیر قطر تمیم بن حمد الثانی نے کہا کہ اسرائیل افواج کی غزہ میں اسپتالوں، شہریوں پر بمباری کی شدید مذمت کرتے ہیں، دنیا اسرائیلی مظالم پر خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے، غزہ میں ہونے والا قتل عام کسی صورت قابل قبول نہیں وہاں جو کچھ ہورہا ہے تاریخ میں اس کی مثال نہیں ملتی، کون تصور کرسکتا ہے کہ 21ویں صدی میں اسپتالوں میں بمباری ہوگی، اسرائیل کی جارحیت پرسکتہ طاری ہے دل ٹوٹے ہوئے ہیں، ہماری ریاست قطر فلسطینیوں کے مقاصد کے حصول کے لیے ان کے ساتھ ہے۔مسئلہ فلسطین کے دو ریاستی حل کا مطالبہ پیش کرتے ہیں، انڈونیشیا


انڈونیشیا کے صدر جوکوویدودو نے کہاکہ اسرائیل سے عالمی قوانین کی پاس داری کا مطالبہ کرتے ہیں، انڈونیشیا مسئلہ فلسطین کے دو ریاستی حل کا مطالبہ پیش کرتا ہے۔یرغمالیوں کی رہائی چاہتے ہیں، غزہ کا محاصرہ ختم کرکے انسانی امداد کی اجازت دی جائے، محمد بن سلمان

سعودی عرب کے ولی عہد اور نائب صدر محمد سلمان نے اجلاس کے اختتامی کلمات ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہم غزہ پر جنگ کو مسترد کرتے ہیں اور جنگ بندی کا مطالبہ کرتے ہیں، ہم یرغمالیوں کی رہائی چاہتے ہیں غزہ کا محاصرہ ختم کرکے انسانی امداد کی اجازت دی جائے، غزہ کی ناخوشگوار صورتحال پر مربوط اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے۔

سپریم کورٹ: لاپتا افراد کیلئے اعتزاز احسن کی درخواست پر اعتراضات عائد

 اسلام آباد: رجسٹرار سپریم کورٹ نے لاپتا افراد کی بازیابی کیلئے اعتزاز احسن کی آئینی درخواست پر اعتراضات عائد کردیے۔

بیرسٹر اعتزاز احسن نے پی ٹی آئی کارکنان اور لاپتا افراد کیلئے سپریم کورٹ میں آئینی درخواست دائر کی تھی جس پر رجسٹرار آفس نے اعتراضات عائد کرکے درخواست واپس کردی۔جسٹرار سپریم کورٹ کے اعتراضات میں کہا گیا ہے کہ درخواست گزار نے یہ نہیں بتایا انکے کون سے بنیادی حقوق متاثر ہوئے، درخواست گزار نے انفرادی حق کے حصول کیلئے آرٹیکل 184 کی شق تین کے تحت درخواست دائر کی۔

اعتراضات میں کہا گیا کہ ذوالفقار مہدی بنام پی ٹی آئی 1998 کیس کے تحت انفرادی حق کیلئے آرٹیکل 184 کی شق تین کے تحت براہ راست رجوع نہیں کر سکتا، درخواست میں اٹھائے گئے نکات آرٹیکل 184 کی شق تین کے لوازمات پر پورا نہیں اترتے۔


قومی و صوبائی اسمبلی کے 5 سابق ارکان کا (ن) لیگ میں شمولیت کا اعلان

 لاہور: قومی و صوبائی اسمبلی کے پانچ سابق ارکان نے مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کردیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف سے سابق ارکان قومی و صوبائی اسمبلی کی ملاقات ہوئی جس میں میں سابق ایم این اے سردار منصب ڈوگر، فاروق رضا مانیکا اور جھنگ سے گدی نشین نظام الدین سیالوی، سابق ایم پی اے آصف عباس اور میاں ماجد نواز شامل تھے۔اس موقع پر انہوں نے قائد نوازشریف پر اپنے مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کردیا۔ مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کرنے والوں نے  کہا کہ نوازشریف کی قیادت میں پاکستان کی ترقی مسلم لیگ (ن) کی روایت رہی ہے۔ نوازشریف کی قیادت میں عوام اور ملک کی ترقی میں بھرپور کردارادا کریں گے۔ملاقات کے موقع پر مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ، شیخ فیاض الدین، عطا اللہ تارڑ، رانا ارادت حسین اور احمد رضا مانیکا، آصف سعید منہیس، سعود مجید اورعظمیٰ بخاری بھی موجود تھے۔شہبازشریف نے مسلم لیگ (ن) میں شمولیت پر سابق ارکان قومی وصوبائی اسمبلی کو مبارک پیش کرتے ہوئے کہا کہ آپ کو خوش آمدید کہتا ہوں اور آپ کے فیصلے کا خیرمقدم کرتا ہوں۔ آپ کے آنے سے مسلم لیگ (ن) کی عوامی خدمت کا سفر مزید تیز ہوگا، مسلم لیگ (ن) ایک گھر کی طرح ہے جس میں سب ایک دوسرے کا احترام کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ الحمدللہ مسلم لیگ (ن) نے کبھی عوام کو مایوس نہیں کیا، انتخابات میں عوام نے کامیاب کیا تو عوام کو مہنگائی سمیت دیگر مسائل سے نجات دلائیں گے۔ پاکستان کی معاشی خودانحصاری اور مسلم لیگ (ن) کی انتخابی کامیابی لازم و ملزوم ہیں۔ قائد نوازشریف کا ہر دور تعمیر، ترقی اور عوامی خوش حالی کا دور ہے۔


لیول پلیئنگ فیلڈ نہ دینے میں نگراں حکومت اور الیکشن کمیشن کا کردار ہے، پی ٹی آئی

 اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کا کہنا ہے کہ لیول پلیئنگ فیلڈ نہ دینے میں نگراں حکومت اور الیکشن کمیشن کا ہاتھ ہے۔ترجمان کے مطابق پی ٹی آئی صدرِ مملکت کے بیانات کو آئین سے متصادم قرار دینے کی مذمو م کوشش کی شدید مذمت کرتی ہے۔ دستور کی معین کردہ مدت گزرنے کے بعد غیرآئینی ، غیر قانونی اور غیر اخلاقی طور پر وزارت پر براجمان شخص کو صدرِ مملکت کو آئین کا درس دیتے ہوئے شرم آنی چاہیے۔مرکزی میڈیا ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہےکہ تحریک انصاف کو لیول پلیئنگ فیلڈ سے مسلسل محروم رکھنے میں نگران حکومت اور الیکشن کمیشن کا شرمناک کردار کسی سے ڈھکا چھپا نہیں۔ تحریک انصاف کو سیاسی اجتماعات کی اجازت سے محروم رکھنے اور قائدین و کارکنان کی جبری گمشدگیوں میں مجرمانہ سہولت کاری کرنے والوں کو آئین کا ذکر کرنا زیب نہیں دیتا۔انہوں نے کہا کہ صدرِ مملکت نے اپنے آئینی اختیارات کے تحت عام انتخابات کی تاریخ کا اعلان کرتے ہوئے شفاف و منصفانہ انتخاب کا انعقاد یقینی بنانے پر زور دیا ہے۔ دستور کا آرٹیکل 41 صدرِ مملکت کو ریاست کے سربراہ کی حیثیت سے تمام شہریوں کے آئینی حقوق کے تحفظ کا پابند بناتا ہے۔ترجمان کے مطابق صدرِ مملکت ڈاکٹرعارف علوی پاکستانی تاریخ میں آئین کی روح کے عین مطابق اپنے فرائضِ منصبی سرانجام دینے والے واحد صدر ہیں۔ اس سے قبل نوز شریف کو دہی بھلے کھلانے اور ججز کو خریدنے کے لیے نوٹوں سے بھرے بریف کیس لے جانے والے مشہور اشخاص کو ریاست کے اہم ترین عہدے پر فائز کرنے کی شرمناک روایت قائم کی گئی۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ملک میں شفاف انتخاب کے انعقاد کے واحد کام کے لیے آنے والے نگراں وزیر کی جانب سے ریاست کے سربراہ کے آئینی کردار پر تبصرہ آرائی کسی صورت میں اسے زیب نہیں دیتی ۔ نگراں حکومت صدرِ مملکت کو آئین کا درس دینے کے بجائے ان کی ہدایات کے مطابق اپنے آئینی دائرہ کار میں رہتے ہوئے تمام سیاسی جماعتوں کوانتخابات سے قبل مساوی حقوق فراہم کرے اور قبل از انتخاب دھاندلی کے مذموم ایجنڈے میں سہولت کاری بند کرے۔


’ماں سے منسلک ہر رشتے کی عزت کرتی ہوں‘، صبا فیصل مرحوم والدہ کو یاد کرکے جذباتی ہوگئیں

 سینیئر اداکارہ صبا فیصل کا کہنا ہے کہ ماں کا رشتہ اتنا خوبصورت رشتہ ہےکہ میں اس میں بحث کرہی نہیں سکی اور میں آج بھی اپنی ماں سے منسلک ہر رشتے کی بہت عزت کرتی ہوں۔نجی ٹی وی کے ایک شو میں گفتگو کے دوران صبا فیصل نے اپنی مرحوم والدہ کو یاد کرکے جذباتی ہوگئیں۔انہوں نے کہا کہ ’ماں کا رشتہ اتنا خوبصورت رشتہ ہےکہ میں اس رشتے میں بحث کرہی نہیں سکتی، میں آج بھی اپنی ماں سے منسلک ہر رشتے کی بہت عزت کرتی ہوں کیوں کہ میرا ماننا ہے کہ یہ میری ماں کے پیارے لوگ ہیں اسی وجہ سے میرا اپنی خالہ، ماموں کے ساتھ بے حد احترام کا رشتہ ہے‘۔انہوں نے کہا کہ میری ماں وہ واحد انسان تھیں جن کے سامنے میں نے اپنی خواہشیں، اپنے لاڈ، اپنی کمزوریاں دکھائیں لیکن ان کے جانے کے بعد میں نے ہمیشہ خود کو فرنٹ پر رکھا۔صبا فیصل نے والدہ سے متعلق ایک افسوسناک واقعہ بتاتے ہوئے کہا کہ ’ والدہ کو چونکہ برین ٹیومر تھا تو وہ 9 ماہ بیڈ ریسٹ پر رہیں، اس دوران ان کی جسمانی حرکات بھی متاثر ہوئی تھیں، ایک روز جب میں انگلی ٹاول میں رکھ کر ان کے دانت صاف کررہی تھی تو انہوں نے اچانک سے منہ بند کرلیا اور پھر وہ منہ نہ کھول سکیں، اگرچہ وہ میری تکلیف دیکھتے ہوئے رو رہی تھیں لیکن انہیں دماغ منہ کھولنے کی اجازت نہیں دے رہا تھا، 15 منٹ تک میری انگلی ان کے منہ میں پھنسی اس کے بعد انہوں نے منہ کھولا تو میں انگلی نکال سکی‘۔والدہ سے متعلق ایک دلچسپ واقعہ یاد کرتے ہوئے صبا فیصل نے کہا کہ ’جب میری امی کو دل کی تکلیف ہوئی تو انہیں میرے بھائی نے جرمنی بلایا تو امی ٹال مٹول کرنے لگیں، میں نے ان سے وجہ پوچھی تو انہوں نے بتایا کہ کسی کو نہ بتانا ’کہانی گھر گھر کی‘ ڈرامے کا بڑا اچھا موڑ آرہا ہے، اگر میں وہاں چلی گئی تو ڈرامہ کیسے دیکھوں گی لیکن پھر ہم نے انہیں سمجھایا تو وہ چلی گئیں، 6 ماہ کے بعد جب وہ آئیں تو آنے کے بعد انہوں نے بتایا کہ ڈرامے کی کہانی اب بھی وہیں کھڑی ہے‘۔


اسرائیل فلسطینیوں کا قتل عام بند کرے: فرانسیسی صدر

 پیرس: فرانس کے صدر ایمانویل میکرون نے اسرائیل سے مطالبہ کیا ہے کہ غزہ پر بمباری اور فلسطینیوں کا قتل عام بند کرے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایک انٹرویو میں فرانسیسی صدر نے حماس کی جانب سے اسرائیل پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کو اپنے دفاع کا حق حاصل ہے لیکن غزہ میں عام شہریوں پر اسرائیلی بمباری کا کوئی جواز نہیں ہے۔صدر میکرون نے کہا کہ اسرائیل پر زور دیتے ہیں کہ وہ غزہ میں بمباری بند کرے، غزہ پر حملوں میں بچے، خواتین اور بزرگوں کو نشانہ بنایا جارہا ہے، جنگ بندی سے اسرائیل کو ہی فائدہ ہو گا۔ان کا کہنا تھا پیرس میں ہونے والی انسانی بنیادوں پر امداد سے متعلق کانفرنس میں شریک تمام شرکا کا واضح مؤقف تھا کہ اس کے علاوہ دوسرا کوئی حل نہیں ہے کہ انسانی ہمدردی کی بنیاد پر جنگ بندی کی جائے جس سے تمام شہریوں کی حفاظت ممکن ہو سکے۔ دوسری جانب اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے فرانسیسی صدر کے انٹرویو پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس جو جرائم آج غزہ میں کر رہی ہے وہ کل پیرس، نیو یارک اور دنیا میں کہیں بھی ہو سکتے ہیں۔واضح رہے 7 اکتوبر سے غزہ اور دیگر مقبوضہ علاقوں میں جاری اسرائیلی جارحیت میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 11 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے جس میں بڑی تعداد خواتین اور بچوں کی ہے۔


آج رات کاموسم، محکمہ موسمیات نے بڑی پیشگوئی کردی


 آج رات کاموسم، محکمہ موسمیات نے بڑی پیشگوئی کردی


آج رات کے موسم کی صورتحال ، ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک بالائی علاقوں میں سرد رہے گا۔اتوار کے روز موسم کی صورتحال پر محکمہ موسمیات ککا کہنا ہے کہ پنجاب، بالائی سندھ اور خیبر پختونخوا کے میدانی علاقوں میں دھندکا امکان ہے، اسلام آباد میں موسم سرد اور خشک رہے گا،خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں مو سم سرد اور خشک رہے گا،خیبرپختونخوا کے میدانی علاقوں میں صبح رات کے اوقات میں دھندکا امکان ہے، پنجاب کے بیشتر اضلاع میں

موسم خشک رہے گا جبکہ مری، گلیات میں موسم سرد رہے گا۔ دوسری جانب محکمہ موسمیات کے مطابق صبح اور رات کے اوقات میں سیالکوٹ، لاہور، شیخوپورہ، گوجرانوالہ، نارووال، حافظ آباد، سرگودھا، اوکاڑہ، سا ہیوال، میں دھند چھائے رہنے کاامکان ہے، منڈی بہاؤالدین، فیصل آباد، جھنگ ،ٹوبہ ٹیک سنگھ، خانیوال ،ملتان ، بہا ولپور ، ڈیرہ غا زی خان اور گر دو نواح میں دھند چھائے رہنے کاامکان ہے،بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہے گا،سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہے گا۔محکمہ موسمیات نے مزید کہا کہ صبح اور رات کے اوقات میں جیکب آباد،سکھر ،گھوٹگی ، لاڑکانہ ، کشمور اور گردوانوح میں دھندکا امکان ہے جبکہ کشمیر اورگلگت بلتستان میں مو سم سرد اور خشک رہے گا

او آئی سی اور عرب لیگ کے مشترکہ ہنگامی اجلاس پر حماس کا ردعمل

 غزہ کی صورتحال پر سعودی عرب میں جاری او آئی سی اور عرب لیگ کے مشترکہ ہنگامی اجلاس پر حماس کا ردعمل سامنے آگیا ہے۔


حماس کے سینیئر رہنما اور ترجمان اسامہ حمدان کا کہنا ہے کہ عرب اور مسلم رہنماؤں کو تین باتوں، نکات پر توجہ دینی چاہیے۔اسامہ حمدان کا کہنا تھا کہ فلسطینیوں کے خلاف اسرائیل کے حملے اور فلسطینیوں کی نسل کشی رکنی چاہیے، غزہ میں انسانی امداد، طبی امداد اور ایندھن بھیجا جائے، مسئلہ فلسطین صرف فلسطینیوں کے حقوق کی بنیاد پر حل ہونا چاہیے۔اسامہ حمدان کا مزید کہنا تھا کہ امن عمل تین دہائیوں سے اسرائیلی ضروریات پر مرکوز رہا اس لیے امن عمل ناکام رہا ہے۔انہوں نتے مطالبہ کیا کہ اسلامی ممالک اسرائیل سے اپنے تعلقات منقطع کریں۔


پشاور: نگران وزیراعلی خیبرپختونخوا محمد اعظم خان انتقال کرگئے۔


 پشاور: نگران وزیراعلی خیبرپختونخوا محمد اعظم خان انتقال کرگئے۔

گزشتہ روز نگران وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا اعظم خان کو طبیعت خراب ہونے کے باعث نجی اسپتال منتقل کیا گیا تھا تاہم وہ جانبر نہ ہو سکے۔طبی عملے کا بتانا ہے کہ اعظم خان کو مختلف قسم کی بیماریوں کا سامنا تھا، انہیں بخار اور ڈائریا کی شکایت تھی جس کے باعث انہوں نے گزشتہ روز صوبائی کابینہ کے اجلاس میں بھی شرکت نہیں کی تھی۔  اعظم خان کی نماز جنازہ  چارسدہ میں ان کے آبائی گاؤں میں ادا کی گئی جس میں عوام کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔پشاور یونیورسٹی سے قانون کی تعلیم حاصل کرنے والے اعظم خان ریٹائرڈ بیوروکریٹ تھے اور انہوں نے اسسٹنٹ کمشنر اور کمشنر کے عہدوں پر بھی کام کیا۔ اعظم خان چیف سیکرٹری اور مختلف وزارتوں کے سیکرٹری کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔یاد رہے کہ اعظم خان کو خیبر پختونخوا کی حکومت کے خاتمے کے بعد اپوزیشن لیڈر کی جانب سے پیش کیا گیا تھا اور جب یہ نام سابق وزیراعلیٰ محمود خان کے سامنے رکھا گیا تو انہوں نے فوری طور  پر اعظم خان کو نگران وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا تعینات کرنے کی منظوری دیدی اور پھر اعظم خان نے 21 جنوری2023کوبطور نگران وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا عہدے کا حلف اٹھایا تھا۔اعظم خان کے ایک بھائی عباس خان خیبر پختونخوا کے آئی جی رہ چکے ہیں جبکہ ایک بھائی شجاع خانزادہ وزیر داخلہ پنجاب رہ چکے ہیں۔ اس کے علاوہ سابق ایم پی اے تاج محمد خانزادہ، گوہر ایوب اور عمر ایوب بھی ان کے قریبی رشتے دار ہیں۔