Friday, 17 November 2023

مہنگائی، غربت اور بیروزگاری کا حل صرف ہمارے پاس ہے، اگلا وزیراعظم جیالا ہوگا، بلاول


 مہنگائی، غربت اور بیروزگاری کا حل صرف ہمارے پاس ہے، اگلا وزیراعظم جیالا ہوگا، بلاول

یئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ مہنگائی، غربت اور بیروزگاری کا حل صرف پی پی کے پاس ہے ، عوامی راج قائم کرنے کے لیے عوام کو الیکشن میں پیپلزپارٹی کو کامیاب کرانا ہوگا ۔ بلاول بھٹو زرداری نے مردان میں ورکرز کنونشن سے خطاب  کرتے ہوئے کہا کہ  پرانے سیاستدانوں کے پاس عوام کے مسائل کا کوئی حل نہیں ہے ، آصف زرداری نے جمہوریت بحال کی،آمر مشرف کو بھگایا، اٹھارہویں ترمیم اور این ایف سی ایوارڈ دے کر صوبوں کو با اختیار بنایا ۔بلاول نے کہا کہ عوام کو یاد دلانا ہے کہ پیپلزپارٹی نے ہر دور میں عوام کی خدمت کی ہے، ، شہید ذو الفقار بھٹو نے کسانوں کو زمینوں کا مالک بنایا، قائد عوام نے عوام کے لیے جدوجہد کی ، شہید محترمہ 30 سال تک عوام کیلئے جدوجہد کرتی رہیں، 2 آمروں سے ٹکرائیں ،بے نظیر بھٹو نے اس ملک کی خاطر شہادت بھی قبول کی لیکن کبھی پیچھے نہیں ہٹیں۔انہوں نے کہا کہ معاشی بحران کی وجہ سے تاریخی مہنگائی، غربت اور بے روز گاری ہے، ہم مل کر پاکستان کو تمام مسائل سے نکالیں گے، پاکستان کی سب سے بڑی دشمن وہی پرانی سیاست ہے، اب ہمیں نئی سیاست کا آغاز کرنا پڑے گا، نئی سیاست سے ہم ان مسائل سے نکل سکیں گے۔چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ ہم باقی سیاسی جماعتوں کو کہتے ہیں کہ آپ بھی عوام پر بھروسہ کریں، سیاست اور منشور پر بھروسہ کریں، دائیں بائیں نہ دیکھیں، عوام کو دیکھیں ، اگر ایک بار پھر کسی کو مسلط کیاجاتا ہے، تو اس کا نقصان عوام اٹھائیں گے، عوام نے پہلے بھی سلیکٹڈ راج بھگتا ہے ، اب عوام سلیکٹڈ راج قبول نہیں کریں گے۔انہوں نے کہا کہ آج بھی ہمارا نعرہ روٹی کپڑا اورمکان ہے، ہمیں کہا جاتا ہے یہ توپرانے نعرے ہیں، نیا نعرہ لےکرآنا چاہیے، آج بھی ملک میں مہنگائی اور بے روزگاری ہے، ہمارا نعرہ روٹی کپڑا اور مکان ہی رہے گا۔بلاول نے مسلم لیگ ن کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ جو سیاست دان مسلم لیگ یعنی مہنگائی لیگ میں شامل ہوں گے وہ الیکٹیبلز نہیں رہیں گے، ایک بار پھر الیکشن نہیں سلیکشن ہوتا ہے تو اس کا نقصان پاکستان کے عوام اٹھائیں گے، اگلا وزیراعظم اور وزیراعلیٰ جیالا ہوگا۔

غزہ: آئی سی یو میں کوئی مریض زندہ نہیں رہا، اسرائیلی محاصرے کا شکار شفا اسپتال کا اعلان


 غزہ: آئی سی یو میں کوئی مریض زندہ نہیں رہا، اسرائیلی محاصرے کا شکار شفا اسپتال کا اعلان

مقبوضہ فلسطین کے علاقے غزہ میں الشفا اسپتال کے اسرائیلی محاصرے کے باعث طبی سہولیات نہ ہونے سے انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں تمام مریض شہید ہوگئے۔اسرائیل نے الشفا اسپتال کا گھیراؤ جاری رکھا ہوا ہے، سیکڑوں محصور افراد اور طبی سہولیات نہ ہونے سے مریضوں کی جانیں خطرے میں ہیں۔اقوام متحدہ کا کہنا ہےکہ اسرائیلی فوج نے الشفا کا ریڈیالوجی ڈپارٹمنٹ تباہ کردیا، اسپتال میں رکھی کئی لاشیں بھی نکال دیں۔

اب الشفا اسپتال ڈائریکٹر کے ڈائریکٹر کے مطابق الشفا اسپتال میں کوئی آئی سی یو مریض اب زندہ نہیں رہا، الشفا میں رات گئے کم ازکم 22 فلسطینی جبکہ 3 دن میں 55 افراد انتقال کرچکے۔انتظامیہ نے کہا تھاکہ دنیا کی آنکھوں کے سامنے  بےگناہ لوگوں اور بچوں کو مرنے کیلئے چھوڑنا جنگی جرائم سے کم نہیں، اسرائیل نے نوزائیدہ بچوں کےانکوبیٹر فراہم کردیا مگر بجلی کےبغیر وہ تابوت سے کم نہیں۔خیال رہے کہ الشفا اسپتال میں 7000 افراد محصور ہیں جن میں مریض، طبی عملہ اور پناہ لینے والے فسلطینی شامل ہیں، محصور فلسطینیوں کے پاس نہ پانی ہے، نہ بجلی اور نہ ہی دیگر ضروریات زندگی میسر ہے۔

سہیل تنویر سلیکشن کمیٹی کے سربراہ مقرر

 سہیل تنویر سلیکشن کمیٹی کے سربراہ مقرر



پاکستان کرکٹ بورڈ نے سابق ٹیسٹ کرکٹر سہیل تنویر کو قومی جونیئر سلیکشن کمیٹی کا سربراہ مقرر کردیا ہے۔ سہیل تنویر کا پہلا اسائنمنٹ اے سی سی انڈر 19 ایشیا کپ کے لیے پاکستان انڈر 19 ٹیم کا انتخاب ہوگا جو 8 سے 17 دسمبر تک متحدہ عرب امارات میں منعقد ہوگا جس کے بعد پاکستان انڈر 19 ٹیم 13 جنوری سے 4 فروری تک سری لنکا میں ہونے والے آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ میں حصہ لے گی۔پی سی بی کے مطابق سہیل تنویر کا کہنا ہے کہ یہ تقرری ان کے لیے اعزاز ہے جس کے لیے وہ پی سی بی منیجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکا اشرف کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ یہ ایک بہت اہم ذمہ داری ہے اور وہ اس چیلنج کے لیے تیار ہیں۔سہیل تنویر کا کہنا ہے کہ ہماری پہلی ذمہ داری انڈر 19 ایشیا کپ اور انڈر 19 ورلڈ کپ کے لیے مضبوط ٹیم کی تشکیل ہے۔واضح رہے کہ سہیل تنویر نے 2007 میں اپنے انٹرنیشنل کیریئر کا آغاز کیا تھا۔ انہوں نے 2 ٹیسٹ 62 ون ڈے انٹرنیشنل اور 57 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے تینوں فارمیٹس میں مجموعی طور پر130 وکٹیں حاصل کیں اور 612 رنز اسکور کیے۔ وہ 2009 کے ٹی ٹوئنٹی عالمی کپ کی فاتح ٹیم کا بھی حصہ تھے۔

لاہور سمیت پنجاب کے 10 اضلاع میں اسموگ کے باعث کل اسمارٹ لاک ڈاؤن ہوگا


 لاہور سمیت پنجاب کے 10 اضلاع میں اسموگ کے باعث کل اسمارٹ لاک ڈاؤن ہوگا


لاہور سمیت پنجاب کے 10 اضلاع میں  اسموگ کے باعث کل اسمارٹ لاک ڈاؤن ہوگا۔پرونشل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے اسمارٹ لاک ڈاؤن کے نفاذ کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔نوٹیفکیشن کے مطابق 10 اضلاع میں ہفتے کو لاک ڈاؤن ہوگا جس میں لاہور، ننکانہ، شیخوپورہ، قصور، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، نارووال، حافظ آباد اور منڈی بہاؤالدین شامل ہیں۔ان تمام اضلاع میں میں ہفتہ 18نومبر کو نقل وحرکت محدودہوگی۔نوٹیفکیشن کے مطابق تمام سرکاری اور نجی اسکول، کالجز اور یونیورسٹیزبندرہیں گے، آن لائن کلاسز کی اجازت ہوگی۔نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ بازار، دکانیں، جم، سنیماگھر اور دفاتر 3 بجے کے بعد کھولے جاسکیں گے۔

رضوان مناسب امیدوار تھے، شاہین کی کپتانی کیلئے لابنگ نہیں کی: شاہد آفریدی

 رضوان مناسب امیدوار تھے، شاہین کی کپتانی کیلئے لابنگ نہیں کی: شاہد آفریدی



قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے داماد شاہین آفریدی کو کپتان بنوانے کیلئے لابنگ کی باتوں کو بے بنیاد قرار دے دیا۔  انٹر ویو میں شاہد آفریدی نے کہا حلفیہ کہتا ہوں کہ کبھی شاہین آفریدی کو کپتان بنانے کیلئے سپورٹ نہیں کی ہے، میرے خیال میں ٹی ٹوئنٹی کیلئے محمد رضوان مناسب امیدوار تھے ۔ شاہد آفریدی نے سوشل میڈیا پر چلنے والی اس مہم کو بے بنیاد قرار دیا ہے کہ انہوں نے اپنے داماد شاہین شاہ آفریدی کو پاکستانی ٹی ٹوئنٹی کا کپتان بنانےکیلئے لابنگ کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ میرا اور شاہین کا جو رشتہ ہےاس سے لوگ سمجھیں گے کہ شاہد سپورٹ کررہا ہے لیکن میں حلفیہ کہتا ہوں کہ میں ان چیزوں میں نہیں پڑتا نہ مجھے اس کا شوق ہے، اگر میرا کو ئی چکر ہوتا تو میں چیئرمین کے خلاف بات نہ کرتا ۔سابق کپتان کا کہنا تھا کہ شاہین کو کپتان بنائے جانے کا فیصلہ ذکا اشرف اور محمد حفیظ نے کیا ہوگا۔

بشریٰ بی بی کا چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ پر اظہار عدم اعتماد، کیسز منتقل کرنیکی استدعا


 بشریٰ بی بی کا چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ پر اظہار عدم اعتماد، کیسز منتقل کرنیکی استدعا


اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک روزنامہ نئی خبر)چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ عامر فاروق پر عدم اعتماد کا اظہار کر دیا۔بشریٰ بی بی نے چیئرمین پی ٹی آئی سے تنہائی میں ملاقات کی درخواست کسی اور بینچ میں مقرر کرنے کی استدعا کر دی۔بشریٰ بی بی کے وکیل نے کہا کہ ہمارے جتنے بھی کیسز آپ کے پاس مقرر ہوئے ان میں ایک طرح کے فیصلے آ رہے ہیں، استدعا ہے ہمارے جتنے مقدمات اس بینچ میں ہیں انہیں کسی اور کو منتقل کیا جائے۔چیف جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیے کہ آپ بالکل نامناسب بات کر رہے ہیں، ایسے نہ کریں، چلیں پھر اس کو دیکھ لیتے ہیں۔اسلام آباد ہائیکورٹ نے بشریٰ بی بی کی استدعا پر بار کونسلز کو نوٹسز جاری کر دیے، عدالت نے اسلام آباد ہائیکورٹ، سپریم کورٹ اور پاکستان بار کونسلز کو نوٹس جاری کر دیے۔

لاہور:گاڑی کی ٹکر سے ایک ہی خاندان کے 6 افراد کی موت ، قتل کی دفعات کے تحت مقدمہ درج

 لاہور:گاڑی کی ٹکر سے ایک ہی خاندان کے 6 افراد کی موت ، قتل کی دفعات کے تحت مقدمہ درج

لاہور کے علاقے ڈی ایچ اے فیز 7 میں تیز رفتار کار کی ٹکر سے 6 افراد کی موت کے مقدمے میں قتل کی دفعہ 302 بھی شامل کر دی گئی، واقعے کی تفتیش بھی تبدیل کر کے ڈی ایس پی کاہنہ کو مارک کر دی گئی ہے۔پولیس ذرائع کے مطابق کم عمر ڈرائیور افنان شفقت کی گاڑی کی ٹکر سے ایک ہی گھرانے کے 6 افراد جاں بحق ہونے کے واقعے کے مقدمے میں دفعہ 302 بھی شامل کر دی گئی۔پولیس کا کہنا ہے کہ 302 کی تفتیش کے لیے ملزم افنان کی طلبی کرائی جائے گی۔ذرائع کے مطابق جاں بحق افراد کے ورثا نے ملزم پر انہیں ہراساں کرنے کا الزام لگایا تھا، ان ذرائع نے مزید بتایاکہ واقعے کی تفتیش بھی تبدیل کردی گئی ہے، واقعے کی تفتیش اب ڈی ایس پی کاہنہ کو مارک کر دی گئی ہے۔یاد رہے کہ کار کی ٹکر سے 2 بچوں سمیت 6 افراد کے جاں بحق ہونے کا واقعہ ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب پیش آیا تھا۔پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم افنان مقدمہ درج ہونے کے بعد جیل جا چکا ہے۔دوسری جانب6 افراد کی ہلاکت کے مقدمے کے ملزم افنان شفقت نے لاہور ہائی کورٹ سے رجوع کرلیا، درخواست میں نگران وزیراعلیٰ، سی سی پی او لاہور سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔کمسن ملزم افنان شفقت نے درخواست میں استدعا کی ہے کہ مجھے تحفظ فراہم کیا جائے، درخواست میں فریق بنائی گئی تمام شخصیات کو عدالت طلب کرے۔تحقیقات میں حیران کن انکشافات  لاہور کے علاقے ڈیفینس فیز 7 میں تیز رفتارگاڑی کی ٹکر سے ایک ہی خاندان کے 6 افراد کی موت کے کیس میں تحقیقات کے دوران نئے انکشافات سامنے آئے تھے۔ذرائع پنجاب حکومت کے مطابق کم عمر ڈرائیور افنان کی حادثے سے قبل جاں بحق افراد کے ساتھ جھڑپ ہوئی تھی، افنان وائی بلاک سے گاڑی میں بیٹھی خواتین کا کافی دیر تک پیچھا کرتا رہا، متاثرہ گاڑی کے ڈرائیور حسنین نے کئی بار گاڑی کی اسپیڈ تیز کی کہ افنان پیچھا چھوڑ دے لیکن ملزم افنان نے گاڑی کا پیچھا نہیں چھوڑا اور مسلسل خواتین کو ہراساں کرتا رہا۔ذرائع کا بتانا ہے کہ وائی بلاک نالے پر متاثرہ گاڑی کے ڈرائیور حسنین نے گاڑی روک کر افنان کو ڈانٹا، دوسری گاڑی سے حسنین کے والد نے بھی ملزم افنان کو سمجھایا کہ خواتین کو ہراساں مت کرو، اس دوران ملزم افنان دھمکیاں اور گالیاں دیتا رہا اور کہتا رہا میں دیکھتا ہوں تم لوگ ڈیفینس میں گاڑی اب کیسے چلاتے ہو۔ذرائع پنجاب حکومت کا کہنا ہے کہ حسنین اپنی بہن اور بیوی کو لے کر آگے نکلا تو ملزم نے دوبارہ پیچھا شروع کر دیا، مکڈونلڈ چوک پر گھوم کر ملزم افنان نے 160 کی اسپیڈ سے گاڑی خواتین والی گاڑی سے ٹکرا دی، حادثے کے بعد حسنین کی گاڑی 70 فٹ روڈ سے دور جا گری اور سوار تمام افراد جاں بحق ہو گئے، حادثے کے بعد 4 افراد ملزم کو چھڑانے پہنچے لیکن لوگوں کا غصہ دیکھ کر بھاگ گئے۔


چین کے شہر لولیانگ میں عمارت میں آگ لگنے سے 26 افراد ہلاک، متعدد زخمی


 چین کے شہر لولیانگ میں عمارت میں آگ لگنے سے 26 افراد ہلاک، متعدد زخمی

چین کے شہرلولیانگ میں ایک دفتر کی عمارت میں آگ لگنے کے نتیجے میں 26 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔خبر رساں ایجنسی کے مطابق کوئلے کی کمپنی کی ملکیت والی عمارت میں آگ چوتھی منزل پر لگی، فائر بریگیڈ حکام نے کچھ گھنٹے بعد آگ پر قابو پالیا۔ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ عمارت میں موجود 63 افراد کو باحفاظت باہر نکالا گیا، حادثے میں 26 افراد ہلاک ہوئے، ریسکیو کی کوششیں اب بھی جاری ہیں۔حکام کے مطابق عمارت میں لگنے والی آگ کی وجہ جاننے کیلئے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔دوسری جانب چینی صدر شی جن پنگ نے بھی واقعہ کی شفاف تحقیقات کا حکم دیا ہے۔

نئی سیاست اور نئی قیادت کی ضرورت ہے، پرانے سیاستدانوں کو گھر بٹھانا پڑےگا: بلاول


 نئی سیاست اور نئی قیادت کی ضرورت ہے، پرانے سیاستدانوں کو گھر بٹھانا پڑےگا: بلاول

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہےکہ دوسری جماعتیں پرانی سیاست میں لگی ہوئی ہیں، ایک نظریہ اور منشور  ہونا چاہیے جو پیپلزپارٹی کے پاس ہے، ہمیں پرانی سیاست اور  پرانے سیاست دانوں کو گھر  بٹھانا پڑےگا۔ایبٹ آباد میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ مسائل سے نکلنے کے لیے نئی سیاست اور نئی قیادت کی ضرورت ہے، ایسی قیادت  جو  ماضی میں  پھنسی نہ  ہو، مستقبل کے بارے میں سوچے، جو  آپس کی سیاست ، تفریق میں نہ پھنسے، کسی کو دوسری بار  یا چوتھی بار  وزیراعظم بنانےکے بجائے جس کو موقع نہیں ملا اسے موقع دیں، آپ موقع دیتے ہیں تو وعدہ ہے کبھی آپ کو مایوس نہیں کروں گا۔بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ موقع ملا  تو اگلے پانچ سال میں تنخواہوں کو دو گنا کریں گے، تب ہی عوام کو مہنگائی کے سونامی  سے بچایا جاسکتا ہے ، ہم چاہتے ہیں کہ پاکستان  ترقی کرے،  بزنس اور  بزنس مین ترقی کرے، ہم نے یہ سب ماضی میں کرکے دکھایا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ جب بھی پیپلز پارٹی کو موقع ملا، پیپلز پارٹی نے عوام کی خدمت کی ہے، سب سے  زیادہ  روزگار عوام کو  پیپلز پارٹی کے دور میں ملا ہے، پیپلز پارٹی اشرافیہ کی نہیں عوام کی نمائندگی کرتی ہے،  پیپلز پارٹی کی حکومت غریبوں کی حکومت ہے، عوامی راج کی سوچ ہے، پیپلز پارٹی نے ہر دور میں غربت کا مقابلہ کیا ہے،  بپیپلزپارٹی کا کوئی سیاسی مخالف نہیں، مخالف غربت، بے روزگاری، مہنگائی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہماری کابینہ کا پہلا ایجنڈا یہی ہوگا کہ غربت، بیروزگاری اور مہنگائی کو کیسے ختم کرنا ہے،  پیپلز پارٹی کے پاس پلان ہےکہ عوام کو کیسے ریلیف دلاسکتے ہیں، ہمیں بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں اضافہ کرنا پڑےگا، ہم ایسے منصوبے لائیں گے جس سے ہر طبقےکو فائدہ ہو، کسانوں کے ریلیف کے لیے کسان کارڈ لائیں گے،  آپس کی دشمنیاں ایسے ہی چلنی ہیں تو عوام کے مسائل حل نہیں ہوں گے، جب تک آپ کے ووٹ کو عزت نہیں دی جاتی، پاکستان ترقی نہیں کرسکتا۔

سلامتی کونسل کا جنگ میں وقفے کا مطالبہ اسرائیل نے مسترد کردیا۔


 سلامتی کونسل کا جنگ میں وقفے کا مطالبہ اسرائیل نے مسترد کردیا۔


یورپی ملک مالٹا کی جانب سے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں غزہ میں کئی روز کے دوران انسانی ہمدردی کی بنیاد پر وقفوں اور راہداریوں کا مطالبہ کرتے ہوئے قرار داد پیش کی گئی۔قرار داد میں اسرائیلی حملوں کے 40 روز بعد اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے غزہ میں انسانی بنیاد پرجنگ میں وقفے کا مطالبہ کیا ہے جس کے حق میں 12 ووٹ آئے جب کہ امریکا ،برطانیہ اور روس نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا۔ مالٹا کی پیش کردہ قرار داد میں محصور علاقے میں عام شہریوں تک امداد پہنچانے کیلئے امدادی راہداریوں کو کھولنے کا بھی مطالبہ کیا گیا ہے۔اس کے علاوہ حماس کی قید میں موجود یرغمالیوں کی فوری رہائی کا مطالبہ بھی کیا گیا۔

بلاول چھوٹے بھائی کی طرح ہیں، الزام تراشی کے بجائے پختہ سیاست کی طرف بڑھنا چاہیے: شہباز شریف


 بلاول چھوٹے بھائی کی طرح ہیں، الزام تراشی کے بجائے پختہ سیاست کی طرف بڑھنا چاہیے: شہباز شریف

کوئٹہ: مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے کہا ہےکہ بلاول بھٹو چھوٹے بھائی کی طرح ہیں ہم  نے 16 ماہ ساتھ کام کیا ہے، ہمیں پختہ سیاست کی طرف بڑھنا چاہیے کیونکہ رونے دھونے اور الزام تراشی سے کچھ نہیں ہوگا۔کوئٹہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ ہمیں مل کر صوبے کو خوشحال بنانا ہے اور ہمیں مل کر معاشی، معاشرتی مسائل حل کرنا ہیں، نوازشریف کی بلوچستان کی ترقی کیلئے عملی کاوشیں قوم کے سامنے ہیں،  نوازشریف کے دور میں سڑکوں کا جال بچھایا گیا جب کہ پچھلی حکومت کے چار سال میں تباہی و بربادی ہوئی۔انہوں نے کہا کہ لشکری رئیسانی کو مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کی دعوت دینے آیا ہوں، ان کی شمولیت سے پارٹی کو تقویت ملے گی، سیاسی اکابرین نے مسلم لیگ (ن) میں شمولیت اختیار کی ہے، بلوچستان کی سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں نے ملاقات کی ہے، میں بہت مطمئن ہوں۔شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سردار ایاز صادق اور شیخ جعفرمندوخیل لشکری رئیسانی کے ساتھ بیٹھ کر معاملات حل کریں گے، بلوچ،پشتون، سیٹلرز اور ہزارہ افراد کی صوبے میں بڑی خدمات ہیں، نوازشریف کی دہائیوں سے پختہ سوچ ہے کہ بلوچستان کے مسائل حل کرنا چاہئیں۔انہوں نے مزید کہا کہ جس کو عوام وزیراعظم منتخب کریں گے قوم اسے قبول کرے گی، بلاول بھٹو چھوٹے بھائی کی طرح ہیں، 16 ماہ ساتھ کام کیا ہے،  مخلوط حکومت کے مشاورت سے فیصلے ہوتے تھے، منفی بات یہ تھی کہ فیصلوں میں تاخیر ہوتی تھی، ہمیں پختہ سیاست کی طرف بڑھنا چاہیے، رونے دھونے اور الزام تراشی سے کچھ نہیں ہوگا، مناسب بات یہ ہے کہ ہم سب اپنے گریبانوں میں جھانکیں، سب تجزیہ کریں کہ کہاں غلطیاں ہوئیں۔لیگی صدر کاکہنا تھا کہ ہم نے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا، ہماری سیاست کو نقصان پہنچا، ریاست بچ گئی اور  سیاست بھی بچ جائے گی۔