Saturday, 25 November 2023

امیتابھ بچن نے اپنا 50 کروڑ روپے کا بنگلہ کس کو دیا؟


 امیتابھ بچن نے اپنا 50 کروڑ روپے کا بنگلہ کس کو دیا؟


ممبئی: بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار اور بِگ بی کے نام سے مشہور امیتابھ بچن نے اپنا پُرتعیش بنگلہ اپنی بیٹی شویتا نندا کو تحفے میں دے دیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق بالی ووڈ کی سینئر جوڑی امیتابھ بچن اور جیا بچن کے ممبئی کے پوش علاقے جوہو میں 3 بنگلے واقع ہیں جن میں سے ایک بنگہ جس کا نام ’پرتیکشا‘ ہے وہ اُنہوں نے اپنی بیٹی شویتا نندا کو تحفے میں دے دیا۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ ’پرتیکشا‘ کی قیمت بھارتی مالیت میں تقریباً 50 کروڑ روپے ہے جبکہ یہ 674 مربع میٹرز اور 890.47 مربع میٹرز کے 2 پلاٹوں پر مشتمل ہے۔امیتابھ بچن اور جیا بچن نے سال 1975ء میں ریلیز ہونے والی فلم ’شعلے‘ کی زبردست کامیابی کے بعد پہلا بنگلہ ’پرتیکشا‘ خریدا تھا، یہ جوڑی پہلے اسی بنگلے میں رہائش پذیر تھی۔بعدازاں، امیتابھ بچن اپنے والد ر ہری ونش رائے بچن اور والدہ تیجی بچن کے ساتھ اپنے موجودہ گھر ’جلسہ‘ میں منتقل ہوگئے تھے۔واضح رہے کہ امیتابھ بچن کی بیٹی شویتا بچن نندا ایک کالم نگار، سابقہ ماڈل، مصنفہ اور بزنس وومن ہیں جبکہ ان کا سب سے زیادہ فروخت ہونے والا ناول ’پیراڈائز ٹاورز‘ ہے۔

دبئی میں سالگرہ نہ منانے پر شوہر ہلاک


 دبئی میں سالگرہ نہ منانے پر شوہر ہلاک



پونا: سالگرہ کیلیے دبئی نہ لےجانے پرناراض بیوی کے مکے سے شوہر ہلاک ہوگیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی شہر پونے کی رہائشی 36 سالہ رینوکا اپنی سالگرہ منانےدبئی نہ لے جانے پر شوہر 38 سالہ بزنس مین نکھل کھنہ سے ناراض تھی۔ دونوں کے درمیان قیمتی تحائف نہ دینے پر بھی تلخ کلامی ہوئی جس پررینوکا نے اپنے شوہر کی ناک پر گھونسہ مارا۔پولیس کا کہنا ہے کہ گھونسے اتنا شدید تھا کہ نکھل کھنہ کی ناک سے بے تحاشا خون بہنے لگا۔ پولیس واقعہ کی اطلاع ملنے پر موقع پر پہنچی اور نکھل کو اسپتال منتقل کیا جہاں ڈاکٹرز نے ان کی موت کی تصدیق کردی۔پولیس نے خاتون کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرکے انہیں گرفتار کرلیا۔نکھل اور رینوکا نے پسند کی شادی کی تھی اور ان کی شادی کو 6 سال ہوچکے تھے۔

سورۃ البقرہ پڑھیں، آج جو کچھ ہورہا ہے پہلے ہی بتادیا گیا تھا: اُشنا شاہ


 سورۃ البقرہ پڑھیں، آج جو کچھ ہورہا ہے پہلے ہی بتادیا گیا تھا: اُشنا شاہ


پاکستانی اداکارہ اشنا شاہ نے اسرائیل کی جانب سے غزہ پر وحشیانہ حملوں کے بعد دنیا بھر کے لوگوں کو قرآن پاک کی سورۃ البقرہ پڑھنے کا مشورہ دیا ہے۔ 47 روز سے جاری اسرائیلی جارحیت کے دوران غزہ میں 14 ہزار سے زائد افراد شہید ہوچکے ہیں جن میں زیادہ اکثریت خواتین اور بچوں کی ہے۔ایسے میں سوشل میڈیا اہم کردار ادا کررہا ہے جہاں دنیا بھر کی مشہور شخصیات اسرائیل کے خلاف آواز بلند کررہی ہیں جن میں اداکارہ اشنا شاہ بھی شامل ہیں جو آئے دن ایکس پر اس ظلم کے خلاف آواز اٹھا رہی ہیں۔اب اداکارہ کی ایک ٹوئٹ سوشل میڈیا کی زینت بنی ہوئی ہے جس میں انہوں نے مسلمانوں سمیت غیر مسلموں کو بھی متوجہ کیا۔اشنا شاہ نے اپنے پیغام میں لکھا 'میری مسلمانوں اور غیر مسلم سے گزارش ہے کہ آپ قرآن پاک کی سورۃ البقرہ کو ترجمے کے ساتھ پڑھیں'۔اداکارہ نے اردو نہ سمجھنے والوں کے لیے اس ترجمے کو انگریزی میں پڑھنے کی درخواست کی۔اُنہوں نے کہا کہ 'دُنیا میں آج جو کچھ بھی ہورہا ہے، اللہ نے مسلمانوں کو قرآن پاک کی سورۃ البقرہ میں پہلے ہی بتا دیا تھا'۔اداکارہ نے مزید کہا کہ 'میں نے سورۃ البقرہ کو ترجمے کے ساتھ پڑھا ہے اور میرے رونگٹے کھڑے ہوگئے ہیں'۔

زندگی کا واحد مقصد جوہی چاولہ سے شادی کرنا تھا: آر مادھون


 زندگی کا واحد مقصد جوہی چاولہ سے شادی کرنا تھا: آر مادھون


بالی وڈ اداکار آر مادھون نے انکشاف کیا ہے کہ ماضی میں وہ خوبصورت مسکراہٹ کی مالک اداکارہ جوہی چاولہ کے دیوانے تھے اور ان سے شادی کرنے کے خواہشمند بھی تھے۔حال ہی میں آر مادھون جوہی چاولہ کے ہمراہ اپنی نئی ویب سیریز 'ریلوے مین' کے سلسلے میں ایک انٹرویو میں شریک ہوئے جس میں انہوں نے جوہی کے سامنے اپنی محبت کا اعتراف کیا۔آر مادھون نے کہا 'میں آج سب کے سامنے اعتراف کررہا ہوں، جب میں نے فلم قیامت سے قیامت تک دیکھی تو میں نے اپنی ماں سے کہا تھا کہ میں جوہی چاولہ سے شادی کرنا چاہتا ہوں‘۔اداکار نے مزید کہا کہ 'اُس وقت میری زندگی کا بس یہی ایک مقصد تھا، جوہی چاولہ سے شادی کرنا لیکن افسوس میرا یہ مقصد پورا نہیں ہوسکا'۔مادھون نے یہ بھی بتایا کہ ’1988 میں جب عامر خان کے ہمراہ جوہی چاولہ کی فلم قیامت سے قیامت تک ریلیز ہوئی، اس وقت تک ان کا بالی وڈ میں ڈیبیو بھی نہیں ہوا تھا‘۔دوران انٹرویو اداکار نے اپنے بیٹے کی پیدائش سے متعلق کہا 'میرا بیٹا 2005 کے ممبئی سیلاب کے دوران پیدا ہوا تھا اور بیٹے کی پیدائش سے کچھ دیر قبل اسپتال آتے ہوئے میری بیوی سڑک پر گاڑی میں پھنس گئی تھی'۔آر مادھون کے مطابق ’سڑک پر موجود عوام کو معلوم نہیں تھا کہ یہ میری بیوی ہیں، پھر بھی سب نے میری بیوی کی گاڑی سے پانی سے نکالنے میں مدد کی‘۔واضح رہے کہ آر مادھون نے 1993 میں مشہور ٹی وی شو 'بنے گی اپنی بات' سے شوبز انڈسٹری میں قدم رکھا، 1997 میں انہوں نے ایک انگریزی فلم 'اِن فرنو' کی جس میں ان کا کردار ایک ہندی پولیس افسر کا تھا۔بعدازاں اُنہوں نے 2001 میں مقبول رومانوی فلم ‘رہنا ہے تیرے دل میں’ سے بالی ووڈ میں قدم رکھا۔

Friday, 24 November 2023

عمران خان کا 9 مئی کے مقدمے میں اٹک پولیس کی ٹیم کے سامنے پیش ہونے سے انکار




 عمران خان کا 9 مئی کے مقدمے میں اٹک پولیس کی ٹیم کے سامنے پیش ہونے سے انکار

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے 9 مئی کے مقدمے میں اٹک پولیس ٹیم کے سامنے پیش ہونے سے معذرت کرلی۔اٹک پولیس کی ٹیم 9 مئی کے مقدمے میں چئیرمین پی ٹی آئی سے تحقیقات کیلئے اڈیالا جیل پہنچی۔ ذرائع کے مطابق عمران خان نے اٹک پولیس ٹیم کے سامنے پیش ہونے سے معذرت کرلی اور کہا کہ وکلا کی موجودگی میں 9 مئی واقعات پربیان ریکارڈ کراؤں گا۔ذرائع نے بتایاکہ اٹک پولیس ٹیم شاہ محمود قریشی سے تحقیقات کے بعد جیل سے روانہ ہوگئی۔خیال رہے کہ سانحہ 9 مئی کا مقدمہ اٹک کے تھانہ حضرو میں درج کیا گیا تھا۔ اس سے قبل 9 مئی واقعات پر فیصل آباد، گوجرانوالا اور قصور ٹیم بھی جیل میں تحقیقات کرچکی ہے۔واضح رہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان 190 ملین پاؤنڈ کیس میں 4 روزہ جسمانی ریمانڈ پر اڈیالا جیل میں قید ہیں۔

فوزیہ صدیقی کی امریکی جیل میں عافیہ سے ایک بار پھر ملاقات طے پا گئی: وکیل


 فوزیہ صدیقی کی امریکی جیل میں عافیہ سے ایک بار پھر ملاقات طے پا گئی: وکیل


اسلام آباد: فوزیہ صدیقی کی امریکا میں قید اپنی بہن عافیہ صدیقی سے ایک بار پھر ملاقات طے ہوگئی جس کی تصدیق ان کے وکیل کی جانب سے کی گئی ہے۔اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس سردار اعجازاسحاق خان نے عافیہ صدیقی کیس کی سماعت کی جس دوران فوزیہ صدیقی کے وکیل عمران شفیق نے عدالت کو پیشرفت سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ فوزیہ صدیقی کی امریکی جیل میں اپنی بہن عافیہ صدیقی سے ملاقات طے پا گئی ہے، فوزیہ صدیقی 2 اور 3 دسمبر کو عافیہ صدیقی سے امریکا میں ملاقات کریں گی، سینیٹر مشتاق اور سینیٹر طلحہٰ بھی ڈاکٹر فوزیہ کے ساتھ ہوں گے۔دوسری جانب اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہرمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فوزیہ صدیقی کے وکیل عمران شفیق نے کہا کہ فوزیہ صدیقی کے امریکی وزٹ پر سکیورٹی خدشات تھے جس پر عدالت نے آرڈر کردیا، عدالت نے وزارت خارجہ کو ان کی سکیورٹی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔وکیل نے بتایا کہ عافیہ صدیقی امریکا کی بدنام زمانہ جیل کے ایک چھوٹے سے سیل میں قید ہیں، عافیہ کو جیل میں تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور وہ جانوروں سے بدتر زندگی گزار رہی ہیں، ہماری کوشش ہے کہ فوری ریلیف کے لیے ان کی جیل تبدیل کرائی جائے۔عمران شفیق کاکہنا تھا کہ عافیہ صدیقی کے امریکا میں وکیل کلائیواسمتھ ویڈیو لنک پر عدالت میں پیش ہوئے، عافیہ کے امریکی وکیل نے اپنے افغانستان وزٹ سے بھی عدالت کو آگاہ کیا اور وہ افغانستان میں عافیہ کو قید کے دوران مظالم کے حوالے سے ثبوت اکٹھے کررہے ہیں، اس متعلق عدالت کو ابھی سرسری طور پر آگاہ کیا ہے۔وکیل نے مزید کہا کہ پاکستانی سفیر جو عافیہ صدیقی سے ملاقات کیلئے جاتے رہے ہیں ان کا بھی ریکارڈ لیا ہے، وزارت خارجہ وہ ریکارڈ دینے کو تیارنہ تھی لیکن عدالتی حکم پر ریکارڈ مل گیا۔واضح رہے اس سے قبل بھی ڈاکٹر فوزیہ صدیقی امریکا میں قید اپنی بہن ڈاکٹر عافیہ صدیقی سے ملاقات کر چکی ہیں۔

عمران خان سے دوستی تھی، انکے عوام میں بیانیے اور نجی زندگی میں دہرا معیار تھا: حاجرہ خان


 عمران خان سے دوستی تھی، انکے عوام میں بیانیے اور نجی زندگی میں دہرا معیار تھا: حاجرہ خان


اداکارہ و ماڈل حاجرہ خان نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے عوام میں بیانیے اور نجی زندگی میں دہرا معیار تھا، انہیں عظیم سمجھا گیا لیکن وہ مختلف شخص تھے۔اسلام آباد میں اداکارہ حاجرہ خان کی کتاب کی تقریب رونمائی ہوئی جس میں انہوں نے کتاب سے جڑے موضوعات پر گفتگو کی۔ان کا کہنا تھاکہ میری کتاب میرے تجربات پرمبنی ہے، میں نے کوئی جھوٹ نہیں لکھا بلکہ سچ لکھا ہے۔

انہوں نے کہا کہ میری عمران خان سے دوستی تھی، انہیں عظیم سمجھا گیا لیکن وہ مختلف شخص تھے، عمران خان کا عوام میں بیانیہ اور نجی زندگی میں دہرا معیار تھا۔حاجرہ خان کا کہنا تھاکہ کوئی کتنا ہی خوبصورت، ہینڈسم یا لبھانے والی باتیں کرتا ہو بچیوں کو خود کو بچانا چاہیے، زندگی میں بچیوں کو احساس کرنا چاہیے انہیں کوئی بھی استعمال کرسکتا ہے۔اداکارہ کا مزید کہنا تھاکہ میرے والد کا تحریک انصاف کو جوائن کرنا میرے لیے پچھتاوا تھا، ہر انسان کی زندگی میں ظاہر و باطن ایک جیسا ہونا چاہیے، سیاستدان بہترین اداکار ہوتے ہیں وہ آرٹسٹ سے زیادہ بہتر اداکاری کرتے ہیں۔

حماس نے 10 تھائی شہریوں سمیت 24 اسرائیلی، جواب میں اسرائیل سے 39 فلسطینی بچے اورخواتین رہا


 حماس نے 10 تھائی شہریوں سمیت 24 اسرائیلی، جواب میں اسرائیل سے 39 فلسطینی بچے اورخواتین رہا


مقبوضہ فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز نے 7 اکتوبر کو یرغمال بنائے گئے 24 یرغمالیوں کو رہا کردیا۔مقبوضہ فلسطین کے محصور علاقے غزہ میں اسرائیل اور حماس کے درمیان طے پانے والے معاہدے کے تحت 4 روزہ جنگ بندی کا آج باقاعدہ آغاز ہوگیا۔عارضی جنگ بندی کا آغاز مقامی وقت کے مطابق صبح 7 بجے ہوا ہے جو اگلے 4 روز یعنی منگل کی صبح 7 بجے تک جاری رہے گا۔جنگ بندی کے دوران اسرائیل حماس معاہدے کے تحت قیدیوں کا تبادلہ کیا جانا ہے۔حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز کے ترجمان ابو عبیدہ نے کہا ہے کہ تھائی لینڈ کے شہریوں سمیت 24 اسرائیلی یرغمالیوں کو رہا کردیاہے۔حماس کے حمایتی سمجھے جانے والے فلسطینی نشریاتی ادارے نے بتایاکہ القسام بریگیڈز نے یرغمالیوں کو ریڈ کراس کے حوالے کیا جس کے بعد ریڈکراس نے انہیں مصر کے حوالے کردیا ہے۔قطری وزارت خارجہ کے ترجمان کے مطابق القسام کی قید سے رہائی پانے والوں میں دہری شہریت کے حامل افراد سمیت 13 اسرائیلی، 10 تھائی اور ایک فلپائن کا شہری شامل ہے۔اسرائیلی میڈیا کے مطابق اسرائیلی سکیورٹی اہلکار نے بھی حماس کی جانب سے 13 یرغمالیوں کی رہائی کی تصدیق کی ہے۔اسرائیلی میڈیا کے مطابق یرغمالیوں کو رفح سرحدی کراسنگ لایا جارہا ہے جس کے کیلئے ہیلی کاپٹر روانہ کردیے گئے ہیں، یرغمالیوں کو بذریعہ ہیلی کاپٹر مقبوضہ تل ابیب کے مضافات میں قائم شنائیڈر اسپتال منتقل کیا جائے گا۔حماس کی جانب سے اسرائیلی قیدیوں کی رہائی کے بعد اب قابض فوج بھی 39 فلسطینی قیدی خواتین اور بچوں کو رہا کریں گے۔

عمران خان عدالت کے لاڈلے قرار، جیل سہولیات کا عام شہری تصور نہیں کرسکتا: سرفراز بگٹی


 عمران خان عدالت کے لاڈلے قرار، جیل سہولیات کا عام شہری تصور نہیں کرسکتا: سرفراز بگٹی


اسلام آباد: نگران وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے چیئرمین پی ٹی آئی کو  عدالت کا لاڈلہ قرار دیتے ہوئے کہا ہےکہ عمران خان کو جیل میں دی جانے والی سہولیات کا عام شہری تصور نہیں کرسکتا۔برطانوی خبر رساں ادارے کو دیے گئے انٹرویو میں سرفراز بگٹی نے کہا کہ عمران خان کو جیل میں دی جانے والی سہولیات کا عام شہری تصور نہیں کرسکتا، عمران خان کی سائفر کیس میں 28 نومبر کو پیشی کے حوالے سے عدالت کے حکم کو من و عن تسلیم کریں گے۔انہوں نے کہا کہ میرے خیال میں نواز شریف پر جو کیسز بنے وہ زیادہ تر بے بنیاد تھے اور تاریخ میں یہ پہلی مرتبہ ہوگا کہ بیٹے سے تنخواہ لینے کے جرم میں کوئی نا اہل ہوا ہے۔سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ نگران حکومت کی جانب سے مسلم لیگ (ن) کو کوئی فیور نہیں دیا جارہا، حکومت کے لیے نواز شریف اور بلاول بھٹو ایک جیسے ہیں اور دونوں قابل احترام ہیں جب کہ انتخابات سے متعلق وزارت داخلہ نے الیکشن کمیشن کو ہر قسم کے تعاون کی یقین دہانی کروائی ہے،۔نگران وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ تاحال تقریباً 3 لاکھ غیر قانونی تارکین وطن واپس لوٹ چکے ہیں، یہ عمل ایک ماہ میں مکمل ہو جائے گا،  واپس لوٹنے والوں میں 99 فیصد سے زیادہ تعداد افغان تارکین وطن کی ہے۔ان کا کہنا تھاکہ پاکستان میں افسوسناک واقعات میں ’را‘ کا کردار رہتا ہے، اس میں کوئی دو رائے نہیں کہ پاکستان کی فالٹ لائنز میں ملک مخالف ایجنسیاں ہمیشہ اضافہ کرنےکی کوشش کرتی ہیں جب کہ گلگت بلتستان، جڑانوالہ اور دیگر جگہوں پر سازش کے تانے بانے کہیں اور جا کر ملتے ہیں، ہم بدقسمت لوگ ہیں کہ ہم اس بہکاوے میں آجاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ لاپتا افراد کے معاملے پر عدالت کا نگران وزیر اعظم کو بلانا مناسب عمل نہیں، پاکستان میں لاپتا افراد کی تعداد خطے میں سب سے کم ہے اور لاپتا افراد کا معاملہ ملک کے خلاف پروپیگنڈے کا ہتھکنڈا بن چکا ہے، جتنے لاپتہ افراد کی لسٹ دی جاتی رہی ہیں ان میں سے 78 فیصد کیسز حل ہو چکے ہیں۔

جوہر ٹاؤن کے اوپن ائیر کیفے رات 11 بجے کے بعد کھلیں تو سیل کر دیں: لاہور ہائیکورٹ


 جوہر ٹاؤن کے اوپن ائیر کیفے رات 11 بجے کے بعد کھلیں تو سیل کر دیں: لاہور ہائیکورٹ


لاہور ہائیکورٹ نے اللہ ہو چوک سے شوکت خانم اسپتال تک تمام اوپن ائیر کیفے آج رات گیارہ بجے کے بعد کھلنے کی صورت میں سیل کرنے کا حکم دے دیا۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے اسموگ کے تدارک کیلئے دائر درخواستوں پر سماعت کی۔ مختلف محکموں کی جانب سے رپورٹ عدالت میں پیش کی گئیں۔ دوران سماعت ڈی جی ماحولیات نے مؤقف اختیار کیا کہ بہت سی انڈسٹریز احکامات کی خلاف ورزی کر رہی ہیں، کوئی بھی افسر غیر قانونی کام میں ملوث ہوا تو سخت کارروائی کریں گے۔عدالت نے ریمارکس دیے کہ ماحولیات کا محکمہ سب سے بڑا مجرم ہے، محکمہ ماحولیات کے افسروں کو توہین عدالت کے نوٹس بھیجیں گے۔ دوران سماعت عدالت نے ایل ڈی اے کے وکیل پر برہمی کا اظہار کیا اور کہا کہ آدھا شہر اکھاڑا ہے پتہ نہیں نگران حکومت کو کیا مسئلہ ہے؟ کیوں اتنی زیادہ تعمیرات کروا رہی ہے ایسے جو مرضی کرلیں اسموگ ختم نہیں ہو گی۔لاہور ہائی کورٹ نے ڈی سیل کی گئی فیکٹریاں دوبارہ سیل کر کے رپورٹ عدالت میں جمع کرانے کی ہدایت کی اور قرار دیا کہ جس نے بھی فیکٹریاں ڈی سیل کرانی ہیں وہ عدالت سے رجوع کرے۔عدالت نے جوہر ٹاؤن میں کیفیز کو رات دس بجے بند کرنے کا حکم دے دیا اور قرار دیا کہ صرف ویک اینڈ پر رات گیارہ بجے تک کیفے کھلیں گے۔ سرکاری وکیل نے بتایا کہ اتوار کو مال روڈ پر سائیکل ریلی ہو گی۔ عدالت نے سائیکلنگ کے فروغ کیلئے اقدامات مزید تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت 4 دسمبر تک ملتوی کر دی۔

بھارت میں آسٹریلوی آل راؤنڈر مچل مارش کے خلاف ایف آئی آر درج




 بھارت میں آسٹریلوی آل راؤنڈر مچل مارش کے خلاف ایف آئی آر درج


نئی دہلی: آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے اسٹار آل راؤنڈر مچل مارش کے خلاف نئی دہلی میں ایف آئی آر درج کرادی گئی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق مچل مارش  کے خلاف پنڈت کیشو نامی ایک ایکٹیوسٹ نے دہلی گیٹ پولیس اسٹیشن میں مقد مہ درج کرادیا ہے۔  ایف  آئی آر کی ایک نقل بھارتی وزیراعظم نریندر  مودی کو بھی  ارسال کی  گئی ہے جس میں ان سے آسٹریلوی کھلاڑی کے  بھارت میں کھیلنے پر پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔مچل مارش  کے خلاف  ایف آئی آر کی بنیاد ان  کی وہ تصویر ہے جس میں وہ ورلڈ کپ کی ٹرافی پر ٹانگیں جمائے پوز دے رہے ہیں۔واضح رہے کہ آسٹریلیا  نے ون ڈے کرکٹ ورلڈ کے فائنل میں بھارتی ٹیم کو چھ وکٹوں سے ہرا دیا تھا۔ ٹورنامنٹ کے دوران ناقابل شکست رہنے والی بھارتی ٹیم کی فائنل میں غیر متوقع شکست  نے بھارتیوں  کے ورلڈ چیمپیئن بننے کا خواب چکنا چور کردیا تھا۔ابھی وہ اس صدمے سے سنبھلے بھی نہیں تھے کہ مچل مارش کی اس تصویر نے ان کے زخموں پر نمک پاشی کردی جس میں وہ ورلڈ کپ ٹرافی پر ٹانگیں جمائے اور فاتحانہ انداز میں ہاتھ اٹھا کر پوز دے رہے تھے۔مچل مارش کی اس وائرل تصویر نے بھارتیوں کو چراغ پا کردیا ہے اور وہ آل راؤنڈر  کی اس حرکت کو ٹرافی کی بے توقیری کے ساتھ ساتھ ایک ارب 40 کروڑ بھارتیوں کی تذلیل سے  تعبیر کررہے ہیں۔اسی بنیاد پر پنڈت کیشو  نامی شخص نے مچل مارش کے خلاف  مقدمہ درج کرادیا ہے اور وزیراعظم نریندر مودی  سے آسٹریلوی کھلاڑی کے  بھارت میں کھیلنے پر پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔