Wednesday, 29 November 2023

"پوری دُنیا جھوٹی ہے، صرف اسرائیل سچا ہے؟" جیجی حدید بھڑک اُٹھیں

 "پوری دُنیا جھوٹی ہے، صرف اسرائیل سچا ہے؟" جیجی حدید بھڑک اُٹھیں




 نیویارک: معروف امریکی ماڈل جیجی حدید نے اسرائیل کی سوچ پر شدید تنقید کرتے ہوئے سوال کیا ہے کہ کیا صرف اسرائیل ہی سچا ہے، باقی دُنیا کیا جھوٹی ہے۔جیجی حدید کا شمار، اُن امریکی ماڈلز اور فنکاروں میں ہوتا ہے جو فلسطین کی حمایت میں اپنی آواز بُلند کررہی ہیں، اُنہیں فلسطین کی حمایت کرنے پر اسرائیل کی جانب سے دھمکیاں بھی دی گئیں لیکن اس کے باوجود وہ معصوم فلسطینیوں کی آواز بنی ہوئی ہیں۔اب اُنہوں نے سوشل میڈیا سائٹ انسٹاگرام کا رُخ کیا جہاں اُنہوں نے انسٹا اسٹوری میں اسرائیل کے خلاف بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ “اسرائیل ہر فلسطینی شہری کو دہشت گرد کہتا ہے اور اگر کوئی فلسطین کی حمایت کرتا ہے تو اسرائیل اُسے یہود دشمن کہتا ہے”۔جیجی حدید نے کہا کہ “اگر کوئی یہودی اسرائیلی حکومت کے خلاف کھڑا ہوتا ہے تو اُس پر بھی اسرائیل کی جانب سے نتیقد کی جاتی ہے اور اُسے کہا جاتا ہے کہ یہ بھی دشمن ہے”۔امریکی ماڈل نے سوال کیا کہ “تو کیا پوری دُنیا جھوٹی اور غلط ہے؟ صرف اسرائیل سچا اور صحیح ہے؟”واضح رہے کہ گزشتہ ماہ جیجی حدید نے فلسطین میں انسانی المیے پر سخت موقف اپناتے ہوئے اسرائیلی حکومت کی ظالمانہ کارروائیوں کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔امریکی ماڈل کی فلسطین کی حمایت کے بعد اسرائیلی حکومت کے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ نے امریکی ماڈل کو سخت جواب دیتے ہوئے لکھا تھا کہ وہ یہودی بچوں کی موت پر آنکھیں کیوں پھیر رہی ہیں۔سرکاری اکاؤنٹ  نے مزید لکھا تھا کہ جیجی حدید کی خاموشی بتاتی ہے کہ وہ کس کے ساتھ ہے اور اسرائیل امریکی ماڈل کو نہیں چھوڑے گا۔اسرائیل کی جانب سے قتل کی دھمکیوں کے بعد امریکی ماڈل بیلا حدید اور اُن کی بہن جیجی حدید نے اپنے موبائل فون نمبرز تبدیل کردیے تھے۔یاد رہے کہ امریکی ماڈل بیلا اور جیجی حدید کے والد کا تعلق فلسطین سے ہے، اسی وجہ سے اُن کا خاندان ہمیشہ فلسطین پر اسرائیلی مظالم کے خلاف اپنی آواز بُلند کرتا ہے۔

Saturday, 25 November 2023

ٹریوس ہیڈ کو آئی پی ایل میں شامل نہ کرنے کی وجہ کیا ہے؟


 ٹریوس ہیڈ کو آئی پی ایل میں شامل نہ کرنے کی وجہ کیا ہے؟


سابق آسٹریلوی کپتان رکی پونٹنگ نے انڈین پریمئیر لیگ (آئی پی ایل) ڈرافٹ میں ٹریوس ہیڈ کو شامل نہ کرنے کی وجہ بتادی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق سابق آسٹریلوی کپتان رکی پونٹنگ نے انکشاف کیا ہے کہ ٹریوس ہیڈ کو آئی پی ایل فرنچائز دہلی کیپیٹلز کی ٹیم اسکواڈ میں شامل کرنے کی خواہاں تھی تاہم انکے شادی کے منصوبے اور بیچ سے ایونٹ چھوڑ جانے کے باعث مالکان نے لینے سے انکار کردیا۔رکی پونٹنگ نے کہا کہ ٹریوس ہیڈ کی انڈین پریمئیر لیگ کے آغاز کے محض دو ہفتے بعد شادی ہے جس کی وجہ سے انہوں نے ٹورنامنٹ کا حصہ بننے سے معذرت کرلی۔واضح رہے کہ آئی سی سی ورلڈکپ کے فائنل میں ٹریوس ہیڈ نے 137 رنز کی اننگز کھیلی تھی اور بھارت کیخلاف آسٹریلیا کی جیت میں اہم کردار ادا کیا تھا۔

سوشل میڈیا پر منفی تبصرے، نوجوان میک اپ آرٹسٹ نے خودکشی کرلی


 سوشل میڈیا پر منفی تبصرے، نوجوان میک اپ آرٹسٹ نے خودکشی کرلی


بھارت میں سوشل میڈیا پوسٹ پر منفی تبصروں کے بعد 16 سالہ نوجوان میک اپ آرٹسٹ نے خودکشی کرلی۔بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست مدھیہ پردیش کے شہر اوجین سے تعلق رکھنے والا پرانشو نامی میک اپ آرٹسٹ انسٹاگرام پر کافی مقبول تھا جہاں وہ بیوٹی اور میک اپ کی اپنی ویڈیوز پوسٹ کرتا تھا۔ہندو تہوار دیوالی کے موقع پر بھی پرانشو نے اپنے انسٹاگرام اکاوْنٹ پر ٹرانزیشن ریل پوسٹ کی جس میں اُنہوں نے ساڑھی پہن کر خود کو خاتون کے روپ میں دِکھایا۔اس پوسٹ پر جہاں پرانشو کے مداحوں نے اُن کے میک اپ کی مہارت کی تعریف کی تو وہیں ہزاروں صارفین نے اُنہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور اُن کی پوسٹ پر 4000 سے زائد منفی اور نفرت انگیز تبصرے کیے۔انسٹاگرام پوسٹ پر نفرت انگیز تبصروں نے 16 سالہ پرانشو کے دماغ پر اس قدر گہرا اثر ڈالا کہ اُنہوں نے صارفین کی نفرت نہ برداشت کرتے ہوئے خودکشی کرلی۔اس حوالے سے بھارتی اداکارہ نے اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں دعویٰ کیا کہ پرانشو کو صارفین کے نفرت انگیز تبصروں نے خودکشی کے لیے اُکسایا۔دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ پرانشو کی خودکشی کے پیچھے اصل وجہ کا ابھی تک پتہ نہیں چل سکا ہے اور اس معاملے کی تحقیقات جاری ہے۔واضح رہے کہ پرانشو کے انسٹاگرام پر فالوورز کی تعداد 17 ہزار ہے جبکہ اُنہوں نے اپنے انسٹاگرام اکاوْنٹ پر 301 پوسٹس کی تھیں۔

’ڈنکی‘ کا مطلب کیا ہے؟ شاہ رخ خان کی مداح کو دلچسپ انداز میں وضاحت


 ’ڈنکی‘ کا مطلب کیا ہے؟ شاہ رخ خان کی مداح کو دلچسپ انداز میں وضاحت


 ممبئی: بالی وڈ کنگ شاہ رخ خان کیلئے 2023 بالی وڈ پر حکمرانی کا سال رہا اور لگاتار دو فلموں ’پٹھان‘ اور ’جوان‘ نے باکس آفس پر نئے ریکارڈ قائم کیے۔  ’پٹھان‘ اور ’جوان‘ کی شاندار کامیابی کے بعد اب اُن کی تیسری فلم “ڈنکی” کی ریلیز کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں اور اداکار کے مداح بھی بےصبری سے اس فلم کی ریلیز کا انتظار کررہے ہیں۔فلم کے منفرد ٹائٹل کی وجہ سے اداکار کے اکثر مداح تذبذب کا شکار ہیں اور اب شاہ رخ خان نے خود ہی اس کی وضاحت کردی ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر مختصر سیشن میں ایک مداح کے سوال پر اداکار نے لکھا ’ڈنکی غیر قانونی طور پر سرحدوں کو پار کرنے کا ایک طریقہ ہے‘۔شاہ رخ خان نے مزید لکھا کہ ’ڈنکی‘ کا تلفظ فنکی (Funky)، ہنکی Hunky اور منکی Monkey کی طرح  ہے۔’ ڈنکی‘ 21 دسمبر کو سینما گھروں میں پیش کی جائی گی، مبینہ طور فلم ایک کامیڈی ڈراما ہے جس میں غیرقانونی طور پر بیرون ملک جانے والے مسئلے کو موضوع بنایا گیا ہے جبکہ شاہ رخ خان ’ڈنکی‘ میں بالکل مختلف روپ میں دکھائی دیں گے جو ان کے مداحوں کو بہت پسند آئے گا۔

پرس چھیننے کی واردات کے دوران خاتون چلتی ہوئی بائیک سے گر کر جاں بحق


پرس چھیننے کی واردات کے دوران خاتون چلتی ہوئی بائیک سے گر کر جاں بحق

کراچی: حب ریور روڈ پر پرس چھیننے کی واردات کے دوران خاتون چلتی ہوئی موٹر سائیکل سے سڑک پر گرنے سے جاں بحق ہو گئی۔بلدیہ حب ریور روڈ لکی چڑھائی شارجہ کانٹا کے قریب چلتی ہوئی موٹر سائیکل سے گر کر خاتون جاں بحق جبکہ توازن بگڑنے پر متوفیہ کا شوہر اور 2 بچے موٹر سائیکل گرنے سے زخمی ہوگئے، متوفیہ کی لاش اور زخمیوں کو چھیپا کے رضا کاروں نے سول اسپتال پہنچایا۔ریسکیو حکام کے مطابق متوفیہ کی شناخت 30 سالہ زاہدہ کے نام سے کی گئی جبکہ زخمیوں میں متوفیہ کا شوہر اقبال، بیٹی 10 سالہ افشاں اور 8 سالہ بیٹا اکبر شامل ہے۔سول اسپتال میں متوفیہ کے شوہر اقبال نے انتہائی غمگین حالت میں بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ وہ لیاری سنگو لین سے بلدیہ رئیس گوٹھ موٹر سائیکل پر اپنی بیوی اور 2 بچوں کے ہمراہ جا رہا تھا کہ ایک موٹر سائیکل پر سوار ملزم نے میری اہلیہ کے کندھے پر لٹکے ہوئے بیگ کو چھیننے کے کھینچا تو وہ چلتی ہوئی موٹر سائیکل سے سڑک پر گر گئی جسے سر پر گہری اندرونی چوٹیں آئیں اور وہ ہمیں روتا دھوتا چھوڑ کر اس دنیا سے چلی گئی۔ان کا کہنا تھا کہ ایک ملزم نے صرف ایک پرس کی خاطر میری اور میرے بچوں کی دنیا ہی اجڑ کر رکھ دی، معصوم بچے ماں کی جدائی میں بلک بلک کر روتے ہوئے دکھائی دیئے اس موقع پر موجود افراد انھیں تسلیاں دیتے ہوئے دکھائی دیئے۔واقعہ کی اطلاع ملنے پر متوفیہ کے اہلخانہ میں کہرام مچ گیا اور رشتے داروں کی بڑی تعداد سول اسپتال پہنچ گئی جہاں کئی رقت انگیز مناظر دیکھنے میں آئے، ابتدائی اطلاعات کے مطابق سفاک ملزم پرس چھین کر فرار ہوگیا جبکہ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی موچکو پولیس کی نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی ہے۔اس حوالے سے پولیس حکام کا کہنا ہے کہ متوفیہ کے شوہر نے پرس چھیننے کی کوشش کو حادثے کی وجہ بتایا ہے، خاتون کے شوہر کے بیان کی تصدیق کر رہے ہیں جبکہ سی سی ٹی وی کیمروں کو تلاش کر کے ان کی فوٹیجز بھی حاصل کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں، متاثرہ خاندان لیاری سنگولین میں رشتے داروں سے مل کر اپنے گھر بلدیہ رئیس گوٹھ جا رہے تھے کہ یہ واقعہ پیش آگیا۔

امیتابھ بچن نے اپنا 50 کروڑ روپے کا بنگلہ کس کو دیا؟


 امیتابھ بچن نے اپنا 50 کروڑ روپے کا بنگلہ کس کو دیا؟


ممبئی: بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار اور بِگ بی کے نام سے مشہور امیتابھ بچن نے اپنا پُرتعیش بنگلہ اپنی بیٹی شویتا نندا کو تحفے میں دے دیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق بالی ووڈ کی سینئر جوڑی امیتابھ بچن اور جیا بچن کے ممبئی کے پوش علاقے جوہو میں 3 بنگلے واقع ہیں جن میں سے ایک بنگہ جس کا نام ’پرتیکشا‘ ہے وہ اُنہوں نے اپنی بیٹی شویتا نندا کو تحفے میں دے دیا۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ ’پرتیکشا‘ کی قیمت بھارتی مالیت میں تقریباً 50 کروڑ روپے ہے جبکہ یہ 674 مربع میٹرز اور 890.47 مربع میٹرز کے 2 پلاٹوں پر مشتمل ہے۔امیتابھ بچن اور جیا بچن نے سال 1975ء میں ریلیز ہونے والی فلم ’شعلے‘ کی زبردست کامیابی کے بعد پہلا بنگلہ ’پرتیکشا‘ خریدا تھا، یہ جوڑی پہلے اسی بنگلے میں رہائش پذیر تھی۔بعدازاں، امیتابھ بچن اپنے والد ر ہری ونش رائے بچن اور والدہ تیجی بچن کے ساتھ اپنے موجودہ گھر ’جلسہ‘ میں منتقل ہوگئے تھے۔واضح رہے کہ امیتابھ بچن کی بیٹی شویتا بچن نندا ایک کالم نگار، سابقہ ماڈل، مصنفہ اور بزنس وومن ہیں جبکہ ان کا سب سے زیادہ فروخت ہونے والا ناول ’پیراڈائز ٹاورز‘ ہے۔

دبئی میں سالگرہ نہ منانے پر شوہر ہلاک


 دبئی میں سالگرہ نہ منانے پر شوہر ہلاک



پونا: سالگرہ کیلیے دبئی نہ لےجانے پرناراض بیوی کے مکے سے شوہر ہلاک ہوگیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی شہر پونے کی رہائشی 36 سالہ رینوکا اپنی سالگرہ منانےدبئی نہ لے جانے پر شوہر 38 سالہ بزنس مین نکھل کھنہ سے ناراض تھی۔ دونوں کے درمیان قیمتی تحائف نہ دینے پر بھی تلخ کلامی ہوئی جس پررینوکا نے اپنے شوہر کی ناک پر گھونسہ مارا۔پولیس کا کہنا ہے کہ گھونسے اتنا شدید تھا کہ نکھل کھنہ کی ناک سے بے تحاشا خون بہنے لگا۔ پولیس واقعہ کی اطلاع ملنے پر موقع پر پہنچی اور نکھل کو اسپتال منتقل کیا جہاں ڈاکٹرز نے ان کی موت کی تصدیق کردی۔پولیس نے خاتون کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرکے انہیں گرفتار کرلیا۔نکھل اور رینوکا نے پسند کی شادی کی تھی اور ان کی شادی کو 6 سال ہوچکے تھے۔

سورۃ البقرہ پڑھیں، آج جو کچھ ہورہا ہے پہلے ہی بتادیا گیا تھا: اُشنا شاہ


 سورۃ البقرہ پڑھیں، آج جو کچھ ہورہا ہے پہلے ہی بتادیا گیا تھا: اُشنا شاہ


پاکستانی اداکارہ اشنا شاہ نے اسرائیل کی جانب سے غزہ پر وحشیانہ حملوں کے بعد دنیا بھر کے لوگوں کو قرآن پاک کی سورۃ البقرہ پڑھنے کا مشورہ دیا ہے۔ 47 روز سے جاری اسرائیلی جارحیت کے دوران غزہ میں 14 ہزار سے زائد افراد شہید ہوچکے ہیں جن میں زیادہ اکثریت خواتین اور بچوں کی ہے۔ایسے میں سوشل میڈیا اہم کردار ادا کررہا ہے جہاں دنیا بھر کی مشہور شخصیات اسرائیل کے خلاف آواز بلند کررہی ہیں جن میں اداکارہ اشنا شاہ بھی شامل ہیں جو آئے دن ایکس پر اس ظلم کے خلاف آواز اٹھا رہی ہیں۔اب اداکارہ کی ایک ٹوئٹ سوشل میڈیا کی زینت بنی ہوئی ہے جس میں انہوں نے مسلمانوں سمیت غیر مسلموں کو بھی متوجہ کیا۔اشنا شاہ نے اپنے پیغام میں لکھا 'میری مسلمانوں اور غیر مسلم سے گزارش ہے کہ آپ قرآن پاک کی سورۃ البقرہ کو ترجمے کے ساتھ پڑھیں'۔اداکارہ نے اردو نہ سمجھنے والوں کے لیے اس ترجمے کو انگریزی میں پڑھنے کی درخواست کی۔اُنہوں نے کہا کہ 'دُنیا میں آج جو کچھ بھی ہورہا ہے، اللہ نے مسلمانوں کو قرآن پاک کی سورۃ البقرہ میں پہلے ہی بتا دیا تھا'۔اداکارہ نے مزید کہا کہ 'میں نے سورۃ البقرہ کو ترجمے کے ساتھ پڑھا ہے اور میرے رونگٹے کھڑے ہوگئے ہیں'۔

زندگی کا واحد مقصد جوہی چاولہ سے شادی کرنا تھا: آر مادھون


 زندگی کا واحد مقصد جوہی چاولہ سے شادی کرنا تھا: آر مادھون


بالی وڈ اداکار آر مادھون نے انکشاف کیا ہے کہ ماضی میں وہ خوبصورت مسکراہٹ کی مالک اداکارہ جوہی چاولہ کے دیوانے تھے اور ان سے شادی کرنے کے خواہشمند بھی تھے۔حال ہی میں آر مادھون جوہی چاولہ کے ہمراہ اپنی نئی ویب سیریز 'ریلوے مین' کے سلسلے میں ایک انٹرویو میں شریک ہوئے جس میں انہوں نے جوہی کے سامنے اپنی محبت کا اعتراف کیا۔آر مادھون نے کہا 'میں آج سب کے سامنے اعتراف کررہا ہوں، جب میں نے فلم قیامت سے قیامت تک دیکھی تو میں نے اپنی ماں سے کہا تھا کہ میں جوہی چاولہ سے شادی کرنا چاہتا ہوں‘۔اداکار نے مزید کہا کہ 'اُس وقت میری زندگی کا بس یہی ایک مقصد تھا، جوہی چاولہ سے شادی کرنا لیکن افسوس میرا یہ مقصد پورا نہیں ہوسکا'۔مادھون نے یہ بھی بتایا کہ ’1988 میں جب عامر خان کے ہمراہ جوہی چاولہ کی فلم قیامت سے قیامت تک ریلیز ہوئی، اس وقت تک ان کا بالی وڈ میں ڈیبیو بھی نہیں ہوا تھا‘۔دوران انٹرویو اداکار نے اپنے بیٹے کی پیدائش سے متعلق کہا 'میرا بیٹا 2005 کے ممبئی سیلاب کے دوران پیدا ہوا تھا اور بیٹے کی پیدائش سے کچھ دیر قبل اسپتال آتے ہوئے میری بیوی سڑک پر گاڑی میں پھنس گئی تھی'۔آر مادھون کے مطابق ’سڑک پر موجود عوام کو معلوم نہیں تھا کہ یہ میری بیوی ہیں، پھر بھی سب نے میری بیوی کی گاڑی سے پانی سے نکالنے میں مدد کی‘۔واضح رہے کہ آر مادھون نے 1993 میں مشہور ٹی وی شو 'بنے گی اپنی بات' سے شوبز انڈسٹری میں قدم رکھا، 1997 میں انہوں نے ایک انگریزی فلم 'اِن فرنو' کی جس میں ان کا کردار ایک ہندی پولیس افسر کا تھا۔بعدازاں اُنہوں نے 2001 میں مقبول رومانوی فلم ‘رہنا ہے تیرے دل میں’ سے بالی ووڈ میں قدم رکھا۔

Friday, 24 November 2023

عمران خان کا 9 مئی کے مقدمے میں اٹک پولیس کی ٹیم کے سامنے پیش ہونے سے انکار




 عمران خان کا 9 مئی کے مقدمے میں اٹک پولیس کی ٹیم کے سامنے پیش ہونے سے انکار

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے 9 مئی کے مقدمے میں اٹک پولیس ٹیم کے سامنے پیش ہونے سے معذرت کرلی۔اٹک پولیس کی ٹیم 9 مئی کے مقدمے میں چئیرمین پی ٹی آئی سے تحقیقات کیلئے اڈیالا جیل پہنچی۔ ذرائع کے مطابق عمران خان نے اٹک پولیس ٹیم کے سامنے پیش ہونے سے معذرت کرلی اور کہا کہ وکلا کی موجودگی میں 9 مئی واقعات پربیان ریکارڈ کراؤں گا۔ذرائع نے بتایاکہ اٹک پولیس ٹیم شاہ محمود قریشی سے تحقیقات کے بعد جیل سے روانہ ہوگئی۔خیال رہے کہ سانحہ 9 مئی کا مقدمہ اٹک کے تھانہ حضرو میں درج کیا گیا تھا۔ اس سے قبل 9 مئی واقعات پر فیصل آباد، گوجرانوالا اور قصور ٹیم بھی جیل میں تحقیقات کرچکی ہے۔واضح رہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان 190 ملین پاؤنڈ کیس میں 4 روزہ جسمانی ریمانڈ پر اڈیالا جیل میں قید ہیں۔

فوزیہ صدیقی کی امریکی جیل میں عافیہ سے ایک بار پھر ملاقات طے پا گئی: وکیل


 فوزیہ صدیقی کی امریکی جیل میں عافیہ سے ایک بار پھر ملاقات طے پا گئی: وکیل


اسلام آباد: فوزیہ صدیقی کی امریکا میں قید اپنی بہن عافیہ صدیقی سے ایک بار پھر ملاقات طے ہوگئی جس کی تصدیق ان کے وکیل کی جانب سے کی گئی ہے۔اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس سردار اعجازاسحاق خان نے عافیہ صدیقی کیس کی سماعت کی جس دوران فوزیہ صدیقی کے وکیل عمران شفیق نے عدالت کو پیشرفت سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ فوزیہ صدیقی کی امریکی جیل میں اپنی بہن عافیہ صدیقی سے ملاقات طے پا گئی ہے، فوزیہ صدیقی 2 اور 3 دسمبر کو عافیہ صدیقی سے امریکا میں ملاقات کریں گی، سینیٹر مشتاق اور سینیٹر طلحہٰ بھی ڈاکٹر فوزیہ کے ساتھ ہوں گے۔دوسری جانب اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہرمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فوزیہ صدیقی کے وکیل عمران شفیق نے کہا کہ فوزیہ صدیقی کے امریکی وزٹ پر سکیورٹی خدشات تھے جس پر عدالت نے آرڈر کردیا، عدالت نے وزارت خارجہ کو ان کی سکیورٹی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔وکیل نے بتایا کہ عافیہ صدیقی امریکا کی بدنام زمانہ جیل کے ایک چھوٹے سے سیل میں قید ہیں، عافیہ کو جیل میں تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور وہ جانوروں سے بدتر زندگی گزار رہی ہیں، ہماری کوشش ہے کہ فوری ریلیف کے لیے ان کی جیل تبدیل کرائی جائے۔عمران شفیق کاکہنا تھا کہ عافیہ صدیقی کے امریکا میں وکیل کلائیواسمتھ ویڈیو لنک پر عدالت میں پیش ہوئے، عافیہ کے امریکی وکیل نے اپنے افغانستان وزٹ سے بھی عدالت کو آگاہ کیا اور وہ افغانستان میں عافیہ کو قید کے دوران مظالم کے حوالے سے ثبوت اکٹھے کررہے ہیں، اس متعلق عدالت کو ابھی سرسری طور پر آگاہ کیا ہے۔وکیل نے مزید کہا کہ پاکستانی سفیر جو عافیہ صدیقی سے ملاقات کیلئے جاتے رہے ہیں ان کا بھی ریکارڈ لیا ہے، وزارت خارجہ وہ ریکارڈ دینے کو تیارنہ تھی لیکن عدالتی حکم پر ریکارڈ مل گیا۔واضح رہے اس سے قبل بھی ڈاکٹر فوزیہ صدیقی امریکا میں قید اپنی بہن ڈاکٹر عافیہ صدیقی سے ملاقات کر چکی ہیں۔