Thursday, 30 November 2023

ن لیگ ناکام ہوچکی یہ سیاست کے شوباز ہیں، بلاول بھٹو

 ن لیگ ناکام ہوچکی یہ سیاست کے شوباز ہیں، بلاول بھٹو

 کوئٹہ: چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ہمیں ایک نئے میثاق جمہوریت کی ضرورت ہے، ن لیگ ناکام ہوچکی یہ سیاست کے شوباز ہیں۔بلاول بھٹو زرداری نے پاکستان پیپلزپارٹی کے یوم تاسیس کے موقع پر کوئٹہ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کا 70 فیصد طبقہ نوجوان ہے، میں بھی نوجوان ہوں، نوجوانوں کی نمائندگی کوئی کھلاڑی نہیں، میں کروں گا۔انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری نے صدارت کا عہدہ سنبھال کر نفرت ، انا ، تقسیم اور انتقام کی سیاست کو دفن کر کے ایک نئی تاریخ رقم کی، صدر آصف زرداری نے میڈیا کی کردار کشی برداشت کی، کبھی میمو گیٹ میں کوئی کالا کوٹ پہن کر کورٹ جاتا تھا تو کوئی یوتھ کا نمائندہ بن کر سامنے آتا تھا۔ان کا کہنا تھا کہ آج کل لوگ چارٹر آف اکانومی کی بات کرتے ہیں، پیپلز پارٹی نیا چارٹر آف اکانومی لائے گی، ہمیں ایک نئے میثاق جمہوریت کی ضرورت ہے، پچھلی حکومت میں ن لیگ کے پاس وزارت خزانہ تھی، وہ فیل ہوچکی، ملک بھر میں انہیں مہنگائی لیگ کہا جارہا ہے، عوام کو معلوم ہے یہ سیاست کے شوباز ہیں۔بلاول بھٹو نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا مخالف کوئی سیاست دان نہیں ہے بلکہ غربت اور مہنگائی ہے، معاشی حالات پہلے کبھی اتنے برے نہیں تھے، جتنے آج ہیں، مہنگائی ، غربت ، بیروزگاری کی وجہ سے عوام پس رہے ہیں۔انہوں نے زور دیا کہ نوجوان تقسیم ، نفرت ، انتقام جیسی سیاست کو دفن کریں، افسوس ہے کہ اسلام آباد کو نظر نہیں آتا کہ بلوچستان پاکستان کا دل ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کو ایک نئی سوچ اور ایک نئی سیاست کی ضرورت ہے ، پیپلز پارٹی نئی طرز سیاست شروع کرنا چاہتی ہے تاکہ عوام اس مہنگائی کا مقابلہ کر سکیں۔


Wednesday, 29 November 2023

پی ایس ایل9؛ پلیئر ڈرافٹ کے پک آرڈر کو حتمی شکل دے دی گئی

 پی ایس ایل9؛ پلیئر ڈرافٹ کے پک آرڈر کو حتمی شکل دے دی گئی


 لاہور: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 9 کے ڈرافٹ کیلئے پک آرڈر کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز پاکستان سپر لیگ 2024 پلیئر ڈرافٹ میں پہلا انتخاب کرے گی، کراچی کنگز اور دو بار کی چیمپئن اسلام آباد دوسرے اور تیسرے نمبر پر کھلاڑی پک کریں گی جبکہ چوتھی اور پانچویں ِپک پشاور زلمی اور گزشتہ ایونٹ کی رنرزاپ ملتان سلطان کی ہوگی۔ پچھلے دو ایڈیشنز کی چیمپئن لاہور قلندرز سب سے آخرمیں کھلاڑی چُنے گی۔پلاٹینم کے پہلے راؤنڈ کے لیے سلیکشن آرڈر کا تعین پچھلے سیزن کی سٹینڈنگ کے الٹا ترتیب سے ہوتا ہے۔ پک آرڈر کو مزید منصفانہ بنانے کے لیے، ایک مختلف فرنچائز ہر کیٹیگری کے پہلے راؤنڈ میں پہلی پک کرے گی۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز پلاٹینم پک شروع کرے گی، کراچی کنگز کا پہلا ڈائمنڈ پک ہوگا، پشاور زلمی کا پہلا گولڈ پک ہوگا، سلور کیٹیگری میں پہلا پک ملتان سلطانز کرے گا۔اسلام آباد یونائیٹڈ ایمرجنگ کیٹیگری میں پہلا کھلاڑی منتخب کرے گا اور لاہور قلندرز کے پاس پہلا سپلیمنٹری پک ہوگا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ اس سے قبل غیر ملکی کھلاڑیوں کے لیے رجسٹریشن ونڈو کھول چکا ہے۔ فلیگ شپ ایونٹ 8 فروری سے 24 مارچ 2024 تک شیڈول ہے۔ فرنچائزز اب ریٹینشن کو حتمی شکل دینے سے پہلے کھلاڑیوں کے لیے ریلیگیشن کی درخواستیں جمع کرائیں گی۔ریلیگیشن کی درخواستوں کے بعد، تمام ٹیموں کو کھلاڑیوں کی بنیادی کیٹیگری سے میچ کرنے کا موقع ملے گا۔ اگر کھلاڑی کی بنیادی کیٹیگری میچ نہیں ہوتی، تو انہیں ان کے بنیادی کیٹیگری سے نیچے والے کیٹیگری میں بھیجا جا سکتا ہے۔ ایچ بی ایل پی ایس ایل 9 کا ڈرافٹ دسمبر کے وسط میں نیشنل ٹی ٹونٹی کے اختتام کے فوراً بعد ہونا ہے۔

 پی ایس ایل9؛ عماد وسیم نے کنگز، حسن علی نے یونائیٹڈ کو خیرباد کہہ دیا



پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے نویں ایڈیشن سے قبل کراچی کنگز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان بڑی ٹریڈ ہوگئی۔پی ایس ایل 5 کے فاتح کپتان عماد وسیم ٹورنامنٹ کے نویں ایڈیشن میں اسلام آباد یونائیٹڈ جبکہ حسن علی کراچی کنگز کی جرسی میں نظر آئیں گے۔کراچی کنگز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کا پہلا راؤنڈ سلور پک اپنے دوسرے راؤنڈ سلور پک کے بدلے حاصل کیا، یونائیٹڈ نے عماد وسیم کو پلاٹینم کیٹگری جبکہ کراچی کنگز نے حسن علی کو ڈائمنڈ کیٹگری میں پک کیا ہے۔ٹریڈ کے بعد کراچی کنگز کی انتظامیہ نے سابق کپتان عماد وسیم کی خدمات کو سراہتے ہوئے ان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔دوسری جانب 94 وکٹوں کے ساتھ حسن علی پاکستان سپر لیگ کی تاریخ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے دوسرے بالر ہیں۔واضح رہے کہ ٹورنامنٹ کے پلئیرز ڈرافٹ سے پہلے فرنچائزز کی جانب سے ریلیگیشن کی کامیاب درخواستوں میں لاہور قلندرز کے مرزا طاہر بیگ، اسلام آباد یونائیٹڈ کے رومان رئیس اور کراچی کنگز کے میر حمزہ (گولڈ اور سلور) کیٹیگری میں شامل ہیں۔

کپتانی کا کوئی دباؤ نہیں! سرفراز، بابراعظم سے مشورے لوں گا، شان مسعود

 کپتانی کا کوئی دباؤ نہیں! سرفراز، بابراعظم سے مشورے لوں گا، شان مسعود



قومی کرکٹ ٹیم کے ٹیسٹ کپتان شان مسعود کا کہنا ہے کہ بابراعظم اور سرفراز احمد کے اسکواڈ میں موجود ہونے سے کپتانی کا کوئی دباؤ نہیں البتہ دونوں سینئیر کرکٹرز کے مشورے ضرور لوں گا۔راولپنڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود نے کہا کہ بطور کپتان دورہ آسٹریلیا مشکل ہدف ہے لیکن کوشش ہوگی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئین شپ کیلئے اچھی پرفارمنس کا مظاہرہ کریں۔انہوں نے کپتانی کے دباؤ سے متعلق سوال پر کہا کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں ملتان سلطانز کی کپتانی کے وقت شاہد بھائی ٹیم میں موجود تھے لیکن کپتانی دی گئی تو ان سے سیکھا، کپتانی کوئی دباؤ نہیں، اس کے علاوہ کاؤنٹی میں قیادت کے فرائض نے بہت کچھ سیکھایا ہے۔ٹیم سلیکشن کے سوال پر شان مسعود کا کہنا تھا کہ مجھ سمیت نئی مینجمنٹ اور سیلکٹرز ایک پیچ پر تھے، ٹیسٹ ٹیم میں زیادہ تبدیلیاں نہیں کی گئی ہیں البتہ ڈومیسٹک میں پرفارم کرنے والے کھلاڑیوں ضرور موقع دیں گے۔ٹیسٹ کپتان نے کہا کہ اظہر علی کی ریٹائرمنٹ کے بعد سے تیسرے نمبر پر کھیل رہا ہوں کوشش کریں گے کہ بابراعظم کی پوزیشن کو نہ چھیڑیں، وہ نمبر 4 پر بیٹنگ کیلئے آئیں گے۔شان مسعود نے محمد رضوان اور سرفراز احمد کے حوالے سے کہا کہ سیفی بھائی نے گزشتہ سیریز میں اچھی کارکردگی مظاہرہ کیا ہے کوشش کریں گے زیادہ تبدیلیوں سے گریز کریں۔ پاکستان کی ٹیم پہلے ہے اگر نائب کپتان کی جگہ نہیں بنتی تو نہیں کھیلے گا، کنڈیشنز کو دیکھتے ہوئے پلئینگ الیون کا حتمی فیصلہ کریں گے۔انہوں نے کہا کہ سرفراز احمد کی ٹیم میں موجودگی ہمارے ساتھ کھیلنا بڑی بات ہے، انکے ساتھ کئی عرصے سے ایک ہی ٹیم میں کرکٹ کھیل رہا ہوں، وہ ٹیسٹ کرکٹ میں تیز کھیلنے والے پہلی پاکستانی کرکٹر تھے۔اوپنر کے حوالے سے کپتان نے کہا کہ گزشتہ سالوں میں امام نے بطور اوپنر اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا ہے، ایک الگ برانڈ کی کرکٹ متعارف کروانا چاہتے ہیں، صائم ایوب نے ڈومیسٹک میں شاندار فارم پیش کی ہے یہ دیکھتے ہوئے انکو موقع دیں گے۔

ویرات کوہلی کا کرکٹ سے وقفہ لینے کا فیصلہ

 ویرات کوہلی کا  کرکٹ سے وقفہ لینے کا فیصلہ



نئی دہلی: بھارت کے مایہ ناز بلے باز ویرات کوہلی نے ون ڈے اور ٹی 20 کرکٹ سے وقفہ لینے کا فیصلہ کرلیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق ویرات کوہلی دورہ جنوبی افریقا میں ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے میچز کیلئے دستیاب نہیں ہوں گے تاہم ٹیسٹ میچز کیلئے وہ بدستور موجود ہوں گے۔ ویرات کوہلی نے بی سی سی آئی کو اپنے فیصلے سے آگاہ کردیا ہے۔بھارت کے دورہ جنوبی افریقا کا آغاز 10 دسمبر کو ڈربن میں ٹی 20 انٹرنیشنل سے ہوگا۔ دورے کے دوران تین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل، تین ون ڈے اور دو ٹیسٹ میچ کھیلے جائیں گے۔حالیہ ورلڈ کپ میں ویرات کوہلی نے انتہائی شاندار پرفارمنس دکھائی تھی۔ وہ 11 اننگز میں تین سنچریوں کی مدد سے 765 رنز بناکر ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ انہوں نے سچن ٹنڈولکر کا سب سے زیادہ سنچریوں کا ریکارڈ بھی توڑ دیا تھا۔ویرات کوہلی اس وقت لندن میں چھٹیاں گزار رہے ہیں۔ وہ گزشتہ کچھ مہینوں سے نان اسٹاپ کرکٹ کھیل رہے تھے۔ آخری بار انہوں نے ستمبر میں ورلڈ کپ سے پہلے وقفہ لیا تھا جب انہیں اور کپتان روہت شرما کو آسٹریلیا کے خلاف پہلے دو ون ڈے میچوں میں آرام دیا گیا تھا۔

عمران خان چیئرمین پی ٹی آئی تھے، ہیں اور تاحیات رہیں گے، بیرسٹر گوہر


 عمران خان چیئرمین پی ٹی آئی تھے، ہیں اور تاحیات رہیں گے، بیرسٹر گوہر


 اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے نامزد چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا ہے کہ عمران خان چیئرمین پی ٹی آئی تھے ہیں اور تاحیات رہیں گے۔بیرسٹر گوہر علی خان نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے مجھ پر، میرے ضلع، میرے صوبے اور پوری ٹیم پر جو اعتماد کیا ، اس پر ان کا شکریہ ادا کرنے کے لیے میرے پاس الفاظ نہیں۔بیرسٹر گوہر علی خان کا کہنا تھا کہ میں ان کے نامزد کردہ نمائندے اور جانشین کی حیثیت سے ہوں گا، پی ٹی آئی وہی ہے جو خان صاحب کی ہے، عمران خان جیل کے اندر ہوں یا باہر، وہ لیڈر ہیں، یہ فیصلہ ہوچکا کہ وہ چیئرمین تھے، ہیں اور تاحیات چیئرمین رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ میں اس وقت تک چیئرمین کی ذمے داریاں نبھاؤں گا جب تک عمران خان اپنی سیٹ پر باعزت طور پر واپس نہیں آجاتے اور انشاءاللہ وہ دور نہیں ہوگا، جب وہ واپس آئیں گے ، ہوسکتا ہے وہ دن کل ہی ہو۔انہوں نے مزید کہا کہ ہمارا نظریہ، پی ٹی آئی، ہمارا کام، ہماری جدوجہد وہی ہے جس کی عمران خان نے ابتدا کی اور چلا رہے ہیں، ہمارا وہی اول و آخر نظریہ ہے جو عمران خان کا ہے۔بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا اللہ ہمیں ہمت دے کہ اس بھاری ذمہ داری کو مشکل وقت میں نبھا سکیں، جو لوگ یہاں تک ہمیں لے آئے کہ عمران خان کو یہ قدم اٹھانا پڑا، یہ دن واپس پھر جائیں، اور عوام کا لیڈر واپس عوام میں آکھڑا ہو۔

انتظار کی گھڑیاں ختم، ہریتھک روشن کی فلم 'وار2' کی ریلیز کی تاریخ سامنے آگئی

 انتظار کی گھڑیاں ختم، ہریتھک روشن کی فلم 'وار2' کی ریلیز کی تاریخ سامنے آگئی



 ممبئی: بالی وڈ سپر اسٹار ہریتھک روشن کی بلاک بسٹر فلم ’وار 2‘ کے چرچے ہر طرف ہیں اور اب اس فلم کی ریلیز کی تاریخ سامنے آگئی ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق ہریتھک روشن کی بلاک بسٹر فلم ’وار 2‘ سال 2025 میں 14 اگست کو ریلیز ہوگی جبکہ فلم کی شوٹنگ کا آغاز فروری 2024 سے ہوگا۔ڈائریکٹر ایان 2023 سے ہی فلم کی شوٹنگ کا آغاز کرنا چاہتے ہیں لیکن  ہریتھک روشن ’فائٹر‘ کی شوٹنگ کیلئے اٹلی میں مصروف ہیں۔میگا ایکشن اور تھرلر فلم کیلئے کیارا ایڈوانی کو خاتون کے مرکزی کردار کیلئے فائنل کرلیا گیا ہے۔اطلاعات کے مطابق ’وار‘ سیکوئیل میں انڈسٹری کے بڑے سپر اسٹاروں شاہ رخ خان اور سلمان خان کو بھی شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔1995 میں بلاک بسٹر فلم ’کرن ارجن‘ کے بعد شاہ رخ اور سلمان پہلی مرتبہ ایک ساتھ ایکشن بڑے پردے پر مداحوں کو محظوظ کریں گے۔واضح رہے کہ یش راج فلمز نے اعلان کیا تھا کہ ’پٹھان‘ ڈائریکٹر اگلی فلم ’ٹائیگر ورسز پٹھان‘ بنائیں گے جس میں شاہ رخ خان اور سلمان خان ساتھ نظر آئیں گے۔

دوران پرواز میاں بیوی لڑ پڑے؛ طیارے کی ہنگامی لینڈنگ


 دوران پرواز میاں بیوی لڑ پڑے؛ طیارے کی ہنگامی لینڈنگ


سوئٹزرلینڈ سے بینکاک جانے والی پرواز میں مسافر میاں بیوی آپس میں بری طرح جھگڑ پڑے جس کے باعث طیارے کو نئی دہلی میں ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق جرمن ایئرلائن لفتھانسا کے مسافر بردار طیارے نے نئی دہلی کے اندرا گاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کی۔ یہ طیارہ سوئٹزر لینڈ کے شہر میونخ سے بینکاک جا رہا تھا۔بھارت میں ہنگامی لینڈنگ سے قبل طیارے نے پاکستان میں اترنے کی اجازت مانگی تھی لیکن اجازت نہ ملنے کے باعث پائلٹ نے نئی دہلی میں لینڈنگ کی جہاں دونوں مسافروں کو اتار دیا گیا۔میاں بیوی کو اندرا گاندھی ایئرپورٹ پر سیکیورٹی کے حوالے کرکے طیارہ اپنے منزل مقصود کی جانب روانہ ہوگیا۔ مسافر میاں بیوی کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔ انڈین ایوی ایشن کے حکام نے مسافر میاں بیوی کے حوالے سے جرمنی کے سفارت خانے سے رابطہ کیا ہے اور ابھی یہ فیصلہ نہیں ہوا کہ دونوں کو پولیس کے حوالے کیا جائے گا یا سفارت خانے بھیجا جائے گا۔میاں بیوی نے اندرا گاندھی ایئرپورٹ پر اترنے کے بعد طیارے کے عملے سے اپنے رویے پر معافی مانگتے ہوئے جہاز میں سفر جاری رکھنے کی درخواست کی تھی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ: ایون فیلڈ ریفرنس میں نواز شریف کی سزا کالعدم قرار، بری کردیا گیا

 اسلام آباد ہائیکورٹ: ایون فیلڈ ریفرنس میں نواز شریف کی سزا کالعدم قرار، بری کردیا گیا



اسلام آباد ہائی کورٹ نے ایون فیلڈ ریفرنس میں نواز شریف کی سزا کالعدم قرار دیتے ہوئے انہیں مقدمے سے بری کردیا، احتساب عدالت نے نواز شریف کو دس سال کی سزا سنائی تھی۔ایون فیلڈ اور العزیزیہ ریفرنس میں سزا کے خلاف نواز شریف کی اپیل پر اسلام آباد ہائی کورٹ میں سماعت ہوئی۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے سماعت کی۔ سابق وزیر اعظم نواز شریف لیگل ٹیم کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے ان میں اعظم نذیر تارڑ، امجد پرویز اور دیگر موجود تھے۔ نیب پراسکیوشن ٹیم بھی کمرہ عدالت میں موجود رہی۔نواز شریف کے وکیل امجد پرویز نے دلائل کا آغاز کیا اور کہا کہ نواز شریف کے شریک ملزمان مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو اپیل منظور کر کے بری کیا گیا، شریک ملزمان پر اعانت جرم کا الزام تھا، اسلام آباد ہائی کورٹ سے شریک ملزمان کی بریت کا فیصلہ حتمی صورت اختیار کر چکا ہے۔امجد پرویز نے نیب آرڈیننس کی مختلف شقیں پڑھیں اور کہا کہ نیب آرڈیننس میں بے نامی دار لفظ کی تعریف کی گئی ہے۔نواز شریف فیصلہ سننے کے بعد ہجوم کے ساتھ عدالت سے واپس روانہ ہوتے ہوئےجسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کہا کہ  میرے خیال میں سزا معطلی بھی اسی بنیاد پر ہوئی تھی، سزا معطلی کے فیصلے میں ہم نے سپریم کورٹ کے متعدد فیصلوں کا سہارا لیا تھا، بعد ازاں سپریم کورٹ نے اپنے فیصلوں میں مزید وضاحت کی ہے اس پر ہماری معاونت کریں۔دوران سماعت نیب نے فلیگ شپ ریفرنس میں نواز شریف کی بریت کے خلاف اپیل کی اور العزیزیہ ریفرنس میں نواز شریف کی سزا بڑھانے کے لیے اپیل کی۔نواز شریف کے وکیل امجد پرویز نے دلائل میں کہا کہ بے نامی ، اعانت جرم اور زیر کفالت سے متعلق سپریم کورٹ نے اپنے فیصلوں میں تشریح کی ہے، آمدن سے زائد اثاثہ جات کی تفتیش کے بعد پراپرٹی کی مالیت کا مرحلہ آتا ہے، معلوم ذرائع آمدن کا جائیداد کی مالیت سے موازنہ کیا جاتا ہے، 9 اے فائیو کا جرم ثابت کرنے کے لیے تمام تقاضے پورے نہیں کیے گئے،اس کیس میں جرم ثابت کرنے کے لیے ایک جزو بھی ثابت نہیں کیا گیا۔عدالت نے استفسار کیا کہ  کیا ریفرنس میں لکھا ہے کہ نواز شریف نے کب یہ جائیدادیں خریدیں ؟ اس پر وکیل نے کہا کہ ریفرنس میں نہ تاریخ موجود ہیں نہ ہی نواز شریف کی ملکیت کا ثبوت ہے، ظاہر کردہ آمدن کے ساتھ یہ بتانا تھا کہ اثاثے بناتے وقت اس کی قیمت کیا تھی؟ نیب کو آمدن اور اثاثوں کی مالیت کے حوالے سے تقابل پیش کرنا تھا، اس کے بعد یہ بات سامنے آنی تھی کہ اثاثوں کی مالیت آمدن سے زائد ہے یا نہیں اور اس تقابلی جائزے کے بغیر تو آمدن سے زائد اثاثے بنانے کا جرم ہی نہیں بنتا۔

وکیل نے کہا کہ 1993ء سے 1996ء کے دوران یہ پراپرٹیز بنائی گئیں، ریفرنس میں کہیں نہیں لکھا گیا کہ یہ جائیدادیں کس تاریخ کو بھیجی گئیں، پاناما فیصلہ، جے آئی ٹی رپورٹ، نیب انویسٹی گیشن رپورٹ، ریفرنس میں کوئی ایسی بات نہیں جس سے نواز شریف کا پراپرٹیز سے تعلق ثابت ہو، واجد ضیا نے خود تسلیم کیا کہ نواز شریف کا پراپرٹیز سے تعلق ثابت کرنے کے شواہد موجود نہیں، فرد جرم عائد کرنے میں یہ بات بتائی جاتی ہے کہ آپ کے اثاثے ظاہر کردہ اثاثوں کے مطابق نہیں۔امجد پرویز نے کہا کہ سب سے اہم بات ان پراپرٹیز کی آنرشپ کا سوال ہے، نہ تو زبانی، نہ دستاویزی ثبوت ہے کہ یہ پراپرٹیز کبھی نواز شریف کی ملکیت میں رہی ہوں، استغاثہ کو یہ ثابت کرنا تھا کہ مریم نواز، حسین نواز اور حسن نواز، نواز شریف کی زیر کفالت تھے، بچوں کے نواز شریف کی زیر کفالت کا بھی کوئی ثبوت موجود نہیں، ان تمام چیزوں کو استغاثہ کو ثابت کرنا ہوتا ہے، ان چیزوں کا بار ثبوت دفاع پر کبھی منتقل نہیں ہوتا، کوئی ثبوت نہیں کہ پراپرٹیز نواز شریف کی ملکیت یا تحویل میں رہیں۔چیف جسٹس نے پوچھا کہ یہ سارا پراسیکیوشن کا کام ہے؟ اس پر وکیل نے کہا کہ جی بالکل یہ سب استغاثہ کو ثابت کرنا ہوتا ہے۔امجد پرویز ایڈووکیٹ نے کہا کہ نیب کو یہ ثابت کرنا تھا کہ نواز شریف نے پراپرٹیز کی خریداری کے لیے ادائیگی کی، یہ بھی ثابت کرنا تھا کہ پراپرٹی ان کے یا بے نامی دار کے زیر ملکیت ہے، کورٹ نے مفروضے پر سزا دی اور فیصلے میں ثبوت کے بجائے عمومی بات لکھی، عدالت نے کہا کہ مریم نواز بینفشل اونر تھیں اور نواز شریف کے زیر کفالت بھی تھیں۔وکیل نے کہا کہ لاہور ہائی کورٹ نے نیب کے ایک ملزم انٹیلی جنس بیورو کے سابق سربراہ بریگیڈئیر ریٹائرڈ امتیاز کو بری کیا، اس بنیاد پر بریت ہوئی کہ نیب نے ملزم کی مبینہ جائیدادوں کی قیمت اور ملزم کی آمدن کا تعین کیے بغیر ہی اُس پر ریفرنس دائر کر دیا تھا، سپریم کورٹ نے بھی اس فیصلے کو برقرار رکھا، سپریم کورٹ نے اس حوالے سے کوئی بھی متضاد فیصلہ نہیں دیا، مریم نواز کے کیس میں اسلام آباد ہائی کورٹ نے بھی ان عدالتی فیصلوں اور اصولوں کی توثیق کی ہے۔نواز شریف کے وکیل نے کہا کہ عدالت کا کہنا ہے کہ بچے عمومی طور پر والد کے زیر کفالت ہوتے ہیں اور عدالت نے صرف اس بات پر سزا سنائی کہ بچوں کے نام جائیداد پر والد ذمہ دار ہے۔جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کہا کہ ہم نے حال ہی میں ایک فیصلہ دیا ہے کہ بے نامی کیلئے 4 مندرجات کا ثابت ہونا ضروری ہے، ان چاروں میں سے ایک بھی ثابت نہیں تو وہ بے نامی کے زمرے میں نہیں آئے گا۔وکیل امجد پرویز ایڈووکیٹ نے کہا کہ جناب میرا امتحان کیوں لے رہے ہیں، اس پر چیف جسٹس نے کہا کہ وہ تو ضروری ہوتا ہے ناں، چیف جسٹس کے ریمارکس پر قہقہے لگے گئے۔بعدازاں امجد پرویز ایڈووکیٹ نے مریم نواز کی ہائی کورٹ سے بریت کا فیصلہ پڑھ کر سنایا اور کہا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے احتساب عدالت کا فیصلہ کالعدم قرار دے کر مریم نواز کو بری کیا تھا، عدالت نے لکھا پراسیکیوشن کے موقف کو ثابت کرنے کے لیے کوئی ایک ڈاکیومنٹ موجود نہیں۔نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے باعث ریفرنسز دائر کیے گئے تھے۔جسٹس میاں گل حسن اورنگ زیب نے کہاکہ  آپ کہنا چاہ رہے ہیں کہ ریفرنس دائر کرنا آپ کی مجبوری تھی؟ ہم سمجھ رہے ہیں ریفرنس دائر کرنا نیب کی مجبوری تھی، ریفرنس دائر ہوگیا سزا بھی ہوگئی۔نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ مریم نواز کی بریت کے فیصلے کے خلاف نیب نے اس وقت اپیل نہیں کی تھی، اب وہ فیصلہ حتمی ہے اس پر ہم دلائل نہیں دے سکتے تو عدالت نے کہا کہ پھر اس کو منظور کرلیں؟

دوسری جانب عدالت کی جانب سے سزا کالعدم قرار دینے اور نواز شریف کو بری کرنے پر لیگی کارکنان نے خوشیاں منائیں، ایک دوسرے میں مٹھائیاں تقسیم کیں اور نواز شریف کے حق میں نعرے لگائے جبکہ پارٹی قائدین نے عدالتی فیصلے کو منصفانہ قرار دیا اور اللہ کا شکر ادا کیا۔نیب نے فلیگ شپ ریفرنس میں نواز شریف کی بریت کے خلاف اپیل واپس لے لی.دریں اثنا فلیگ شپ ریفرنس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، نیب نے فلیگ شپ ریفرنس میں نواز شریف کی بریت کے خلاف اپیل واپس لے لی، عدالت نے اپیل واپس لینے کی بنیاد پر خارج کردی۔ احتساب عدالت نے نواز شریف کو فلیگ شپ ریفرنس میں بری کردیا تھا جس کے خلاف نیب نے عدالت سے رجوع کیا تھا۔بعدازاں اسلام آباد ہائی کورٹ نے ایون فیلڈ ریفرنس میں نواز شریف کی سزا کے خلاف اپیل منظور کرتے ہوئے احتساب عدالت کی دئی گئی سزا کالعدم قرار دے دی اور انہیں مقدمے سے بری کردیا، نواز شریف کو نیب کورٹ نے دس سال کی سزا سنائی گئی تھی۔فیصلہ سننے کے بعد نواز شریف اسحاق ڈار سے گلے ملے اور روانہ ہوگئے۔ فیصلہ سامنے آںے پر ن لیگی کارکنوں ںے عدالت کے باہر نعرے بازی بھی کی۔

آج میرے ساتھ انصاف ہوا ہے اللہ کا شکر گزار ہوں، نواز شریف


 آج میرے ساتھ انصاف ہوا ہے اللہ کا شکر گزار ہوں، نواز شریف



 اسلام آباد:(روزنامہ نئی خبرمانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سربراہ نواز شریف نے ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا کالعدم ہونے پر کہا ہے کہ اللہ کا شکر ہے آج میرے ساتھ انصاف ہوا ہے۔اسلام آباد ہائی کورٹ سے ایون فیلڈ ریفرنس سے بری ہونے کے بعد میڈیا سے مختصر بات چیت میں انہوں ںے آج میرے ساتھ انصاف ہوا ہے جس پر میں اللہ تعالیٰ کا شکر گزار ہوں، میں نے اپنے معاملات کو اللہ پر چھوڑا تھا اور آج اللہ نے مجھے سرخرو کیا، اس مالک کا بہت شکر ہے۔ایک صحافی نے پوچھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی جگہ اب بیرسٹر گوہر بن گئے ہیں تو اس پر کیا کہیں گے؟ تو نواز شریف نے کہا کہ بس یہی قدرت کا نظام ہے۔بعد ازاں وہ اسحاق ڈار سے گلے ملے اور روانہ ہوگئے۔ فیصلہ سامنے آںے پر ن لیگی کارکنوں ںے عدالت کے باہر نعرے بازی شروع کردی اور وزیراعظم نواز شریف کے نعرے لگائے۔

سرسبز نائڑوفاس کھاد استعمال کرنے سے گندم کی پیداوار میں اضافہ کیا جا سکتا ہے وہ بھی بنا یوریا استعمال کیے رانا امجد علی


 سرسبز نائڑوفاس کھاد  استعمال کرنے سے گندم کی پیداوار میں اضافہ کیا جا سکتا ہے وہ بھی بنا یوریا استعمال کیے رانا امجد علی ٹیکنیکل سروسز آفیسر مظفرگڑھ اگر فی ایکڑ 50 کلو فاسفورس پورا کر لیں تو ہم اسانی سے 70 من فی ایکڑ پیداوار حاصل کر سکتے ہیں، تیزابی کھادیں استعمال کر کے گندم کی پیداوار میں 20 من فی ایکڑ اضافہ کیا جاسکتا ہے، اپنے اخراجات ہمیشہ پیداوار انے کے بعد بنائیں۔ ان خیالات کا اظہار  پاک عرب فاطمہ فرٹیلائزر کے  سیمینار میں کیا۔ تحصیل جتوئی کے مقامی ہال میں منعقد ہوا، زمینداروں سے خطاب کرتے ہوئے فاطمہ فرٹیلائزر کے ٹیکنیکل سروسز آفیسر مظفر گڑھ رانا امجد  نے کہا کہ فاطمعہ فرٹلأزر کی تیزابی کھادیں، این پی اور کین گوارا کی جوڑی استعمال کرنے سے زمین کا پی ایچ لیول کم ہوتا ہے اور الگ سے یوریا کھاد نہیں ڈالنی پڑتی پیداوار میں خاطر خواہ اضافہ ممکن ہے جس میں۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت جتوئی واجد علی نے زمینداروں کو۔مفید معلومات فراہم کی ہارون حمید ڈسٹرکٹ سیلز منیجر مظفر گڑھ نے کھادوں کی دستیابی اور عشر کے بارے تلقین کی   واجد علی  اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت جتوئی نے کہا کہ گندم  کاشت سے بہت زرمبادلہ کمایا جا سکتا اور جس سےملک میں خوشحالی آے گی۔ این پی اور کین گوار کی جوڑی استعمال کرنے  سے فصل پر مثبت اثر ات پیدا ہوتے ہیں اور بھر پور پیداوار حاصل ہوتی ہے اور کثیر تعداد میں زمینداروں نے شرکت کی ۔ فیلڈ سپر وائزر نازک خان نے زمینداروں کو اپنی زمینوں اور ٹیوب ویل کا پانی مفت چیک کرانے کی تلقین کی۔