Tuesday, 5 December 2023

غیرقانونی پارکنگ، سندھ ہائیکورٹ نے کے ایم سی اور ٹریفک افسران کو طلب کرلیا


 غیرقانونی پارکنگ، سندھ ہائیکورٹ نے کے ایم سی اور ٹریفک افسران کو طلب کرلیا


 سندھ ہائی کورٹ نے غیر قانونی پارکنگ کے خلاف ڈائریکٹر ٹریفک مینجمنٹ کے ایم سی، ڈائریکٹر ٹریفک مینجمنٹ کے ڈی اے، سیکریٹری لوکل گورنمنٹ، سیکریٹری ٹرانسپورٹ، ڈی آئی جی ٹریفک کو آئندہ سماعت پر طلب کرلیا۔جسٹس ندیم اختر کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے غیر قانونی پارکنگ کے خلاف درخواست پر تحریری حکم نامہ جاری کیا۔ تحریری حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ پرائیویٹ افراد ٹریفک پولیس کی معاونت سے غیر قانونی پارکنگ چلا رہے ہیں، غیر قانونی پارکنگ کی وجہ سے ٹریفک کے مسائل میں اضافہ ہوتا ہے، سندھ حکومت کا کام ہے کہ پارکنگ کے معاملات کو ریگولیٹ کرے، ان غیر قانونی سرگرمیوں کی وجہ سے عوام متاثر ہوتی ہے۔عدالت نے ڈائریکٹر ٹریفک مینجمنٹ کے ایم سی، ڈائریکٹر ٹریفک مینجمنٹ کے ڈی اے، سیکریٹری لوکل گورنمنٹ، سیکریٹری ٹرانسپورٹ، ڈی آئی جی ٹریفک کو 5 دسمبر کو طلب کرلیا اور کہا ہے کہ سندھ حکومت کا کام ہے کہ پارکنگ کے معاملات کو ریگولیٹ کرے۔تحریری حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ بتایا جائے کہ شہر میں غیر قانونی پارکنگ کا دھندہ کیسے چلایا جارہا ہے؟ تمام افسران عدالت میں پیش ہوکر بتائیں کہ غیر قانونی پارکنگ کو کیسے روکا جا سکتا ہے، شہر میں ٹریفک کی روانی ایک اہم مسئلہ ہے، پرائیویٹ افراد ایسی جگہوں کو پارکنگ بناکر استعمال کررہے ہیں جس کی اجازت نہیں ہے۔

پی سی بی کا سلمان بٹ کو سلیکشن کنسلٹنٹ کے عہدے سے ہٹانے پر غور

 پی سی بی کا سلمان بٹ کو سلیکشن کنسلٹنٹ کے عہدے سے ہٹانے پر غور



  کراچی: پی سی بی نے سلمان بٹ کو سلیکشن کنسلٹنٹ کی پوسٹ سے ہٹانے پر غور شروع کردیا۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے سابق کرکٹرز کامران اکمل، راؤ افتخار انجم اور سلمان بٹ کو چیف سلیکٹر وہاب ریاض کا کنسلٹنٹ مقرر کیا تھا۔رپورٹس میں بتایا گیا تھا کہ پاکستان کے تینوں سابق کرکٹرز فوری طور پر اپنی ذمہ داریوں کا آغاز کریں گے اور 12 جنوری سے نیوزی لینڈ میں ہونے والی پانچ ٹی20 انٹرنیشنل میچز کی سیریز انکا پہلا اسائنمنٹ ہوگی۔یہ تینوں اراکین سلیکشن ڈیوٹی نہ ہونے کے دنوں میں اسکلز کیمپ میں اضافی ذمہ داریاں بھی نبھائیں گے۔میچ فکسنگ میں سزا یافتہ سلمان بٹ کے تقرر پر شدید عوامی ردعمل سامنے آیا ہے جبکہ اعلیٰ حلقوں نے بھی اس فیصلے پر ناپسندیدگی کا اظہار کیا ہے۔محمد حفیظ نے بھی سلمان بٹ کی تقرری پر اعتراض اٹھایا تھا جبکہ بعض حلقوں نے تینوں ہی کنسلٹنٹس کو ہی فارغ کرنے کی بھی تجویز دی ہے۔جس کے بعد پی سی بی نے سلمان بٹ کو سلیکشن کنسلٹنٹ کی پوسٹ سے ہٹانے پر غور شروع کردیا ہے اور آج رات میڈیا کانفرنس میں وہاب ریاض اہم اعلانات کریں گے۔

اکبر ایس بابر ٹاؤٹ ہیں جنہیں لانچ کیا گیا، پی ٹی آئی


 اکبر ایس بابر ٹاؤٹ ہیں جنہیں لانچ کیا گیا، پی ٹی آئی


اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ تحریک انصاف نے دیگر سیاسی جماعتوں کی طرز پر موروثیت کو فروغ دینے کی بجائے قابلیت کی بنیاد پر عہدیداران کا انتخاب کیا، جس کی نئے چئیرمین گوہر علی خان اس کی ایک  زندہ مثال ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ ایک گھسے پٹے اسکرپٹ کے تحت انٹرا پارٹی الیکشن کو سبوتاژ کرنے کی کوششیں کرنے والے عناصر کو محض ذلت و رسوائی کے سوا کچھ حاصل نہ ہوگا۔ترجمان تحریک انصاف نے کہا کہ عام انتخابات کی جانب بڑھتے ہوئے ہر سنگِ میل کو پی ٹی آئی کامیابی سے عبور کرے گی اور انشاءاللہ دوتہائی اکثریت سے فتح حاصل کرکے “بلا راج کرے گا”۔پی ٹی آئی کے آئین میں نگراں سربراہ کا کوئی لفظ موجود نہیں، انٹرا پارٹی الیکشن جمہوریت کے نام پر فراڈ ہیں، اکبر ایس بابر

قبل ازیں پی ٹی آئی کے بانی رکن اکبر ایس بابر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ انٹرا پارٹی الیکشن میں جمہوریت کے نام پر جو کچھ ہوا وہ فراڈ ہے کیونکہ تحریک انصاف کے آئین میں نگراں سربراہ کا کوئی لفظ موجود نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ 2013 میں جسٹس وجیہ الدین کی سفارشات مان لیتے تو پی ٹی آئی ادارہ بن جاتی، ان کی سفارشات ماننے کی بجائے انہیں پی ٹی آئی سے ہی فارغ کردیا گیا، پی ٹی آئی نے کورونا  کے دوران الیکشن کمیشن سے ایک سال کا التوا مانگا، پی ٹی آئی میں نامور وکلاء ہیں جو آئین قانون کی بات کرتے ہیں، لیکن آج وہ اس فراڈ کا حصہ بنے ہیں۔اُن کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی پہلے بھی ہائی جیک ہو چکی ہے، جب میں کہتا تھا فارن فنڈنگ ہوئی تو کہتے تھے یہ ایزی لوڈ ہے، اب مجھے ایزی لوڈ کہنے والے ڈاونلوڈ ہو چکے، پی ٹی آئی کے انٹرا پارٹی الیکشن کو مکمل مسترد کرتے ہیں۔اکبر ایس بابر نے کہا کہ ایسے الیکشن سے تو بلے کا نشان پہلے سے زیادہ خطرے میں ہے، یہ کیسے الیکشن ہیں جس میں بانی اراکین حصہ نہ لے سکیں؟ کل مجبورا وفد کے ہمراہ پی ٹی آئی کے دفتر گئے، پی ٹی آئی زمہ داران سے ووٹر فہرستیں مانگی گئیں، پی ٹی آئی پر قیادت مسلط کی گئی ہے۔اُن کا کہنا تھا کہ انڈر گراؤنڈ لوگوں کے کاغذات نامزدگی جمع ہو گئے اور گراونڈ پر موجود لوگ نظر انداز ہوئے، آپ نے ورکرز اور میرٹ کو اہمیت نہیں دی۔ اکبر ایس بابر نے کہا کہ الیکشن کمیشن اور عدلیہ سے کہتا ہوں ہر جماعت کی فنڈنگ کی اسکروٹنی کرے اور اس معاملے میں انتظار نہ کرے۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے ورکرز کو پارٹی چیئرمین چننے کا اختیار ہونا چاہیے تھا مگر آج ایک ڈرامہ کر کے نئے چیئرمین کا انتخاب کیا گیا،الیکشن کمیشن اور عدلیہ سے کہتے ہیں کہ سیاست جماعتوں میں جمہوریت لانے کے لیے کردار ادا کریں۔اکبر ایس بابر نے انٹرا پارٹی الیکشن کو مسترد کرتے ہوئے الیکشن کمیشن آف پاکستان سمیت عدالت جانے کا بھی اعلان کیا اور کہا کہ تحریک انصاف نے موجودہ حالات خود اپنے اوپر لاگو کیے، میں بار بار تعمیری سیاست کی تجویز دیتا رہا ہوں۔

اسٹیبلشمنٹ ایک حقیقت ہے جسے سیاسی جماعتوں میں گفتگو کا ماحول بنانا چاہیے، بلاول


 اسٹیبلشمنٹ ایک حقیقت ہے جسے سیاسی جماعتوں میں گفتگو کا ماحول بنانا چاہیے، بلاول

 کوئٹہ: چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ ایک حقیقت ہے جسے سیاسی جماعتوں میں گفتگو کا ماحول بنانا چاہیے، کوئٹہ میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی آنے والے الیکشن میں بلوچستان میں حکومت بنائے گی اسے ترقی دے گی، گوادر پورٹ کی بنیاد بھی پیپلز پارٹی نے رکھی، ہمارا مقصد بلوچستان کو ترقی دینا ہے، جس روٹ سے سی پیک کو شروع ہونا چاہیے تھا اس طریقے سے شروع نہیں ہوا، سی پیک کی کامیابی کا دارومدار بلوچستان کے عوام کو زورگار فراہم کرنا ہے۔بلاول ںے کہا اسٹیبلشمنٹ ایک حقیقت ہے جسے سیاسی جماعتوں میں گفتگو کا ماحول بنانا چاہیے، ابھی تک اٹھارہویں ترمیم پر مکمل عمل درآمد نہیں ہوا، کچھ لوگوں کی غلط فہمی ہے کہ ہوا کا رُخ بدل چکا ہے۔بلاول نے کہا کہ جن کو اپنے گھر کی فکر کرنی چاہیے وہ بلوچستان اور سندھ کی فکر کیوں کریں گے؟ چمن میں احتجاج ہورہا ہے پیپلز پارٹی کا مطالبہ ہے کہ لوگوں کی بات سنی جائے، پیپلز پارٹی نے اپنے دور حکومت میں دھرنا دینے والوں سے مذاکرات کیے، نگران حکومت کے پاس فیصلے کرنے کا اختیار نہیں ہے۔ان کا کہنا تھا کہ سیاسی جماعتیں جمہوریت اور سیاست کے دائرے میں رہ کر کام کریں تو بہتر ہوگا، ہرجمہوری پارلیمانی دور میں مسائل ہوتے ہیں، عمران خان نے سیاسی ذمہ داری کا ثبوت نہیں دیا۔دریں اثنا چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو ہزارہ برادری کے جیالوں نے روایتی ٹوپی اور شال پہنائی۔ قبل ازیں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور پی پی پی بلوچستان کے رہنماوٴں کے درمین ملاقات ہوئی جس میں صوبے کی سیاسی اور انتخابی صورت حال پر تبادلہ خیال ہوا۔ بلاول بھٹو سے سردار محمد حسنی، میر لیاقت لہڑی، میر اصغر رند، میر خالد جمالی، حاجی ملک شاہ گورگیج، سردار سرفراز ڈومکی ودیگر کی بھی ملاقات کی۔

نواز شریف کے لاڈلا ہونے کے تاثر کو ختم کرنا چاہیے، شاہد خاقان


  نواز شریف کے لاڈلا ہونے کے تاثر کو ختم کرنا چاہیے، شاہد خاقان

 اسلام آباد: سابق وزیرِاعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ن لیگ اقتدار کا سوچ رہی ہے اور اس سوچ سے اتفاق نہیں کرتے۔امریکی میڈیا کو انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے پسندیدہ ہونے اور نواز شریف کے لاڈلا کا تاثر انتخابات کو پہلے سے متنازعہ بنا رہا ہے، نواز شریف کو خاموشی ترک کرکے عوام کو اپنی سوچ کے متعلق بتانا چاہیے کہ وہ ملک و سیاست کو کس سمت لے جانا چاہتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ فوج، عدلیہ اور سیاست دان الیکشن سے قبل راستے کا تعین کریں ورنہ الیکشن کے بعد بھی استحکام نہیں آئے گا اور انتخابات میں تاخیر ملک کے مفاد میں نہیں ہے۔ایک سوال کے جواب میں شاہ خاقان نے کہا کہ عمران خان کو عدالتوں سے زبردستی نااہل کروایا گیا تو اس کے منفی اثرات مرتب ہوں گے، عمران خان کو سزا حقائق کی بنیاد پر ہوتی ہے تو اسے قبول کیا جائے گا اور اگر الٹے سیدھے مقدمات بنائے گئے تو نہ تاریخ اسے قبول کرے گی نہ ہی عوام مانیں گے۔انہوں نے کہا کہ وہ اس لیے الیکشن نہیں لڑ رہے کیوں کہ وہ اس الیکشن کے بعد پیدا ہونے والی ممکنہ خرابی کا حصہ نہیں بننا چاہتے، جماعت کی پالیسیوں سے اختلاف کے باعث الیکشن میں حصہ نہیں لوں گا، انتخابات کے بعد پیدا ہونے والی ممکنہ خرابی سے خود کو دور رکھنا چاہتا ہوں۔شاہد خاقان نے کہا کہ مسلم لیگ ن ووٹ کو عزت دو کے بیانیہ سے ہٹ گئی اور اب وہ اقتدار کی سیاست کررہی ہے، جس سے ملکی مسائل میں اضافہ ہوگا، اس کی موجودہ سیاست سے اتفاق نہیں کرسکتا۔سابق وزیراعظم نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتیں ملک کو درپیش مسائل کو حل کرنے میں ناکام رہیں، نظام میں اصلاحات کوئی ایک جماعت یا اتحادی حکومت نہیں کرسکتی، عام انتخابات میں کوئی جماعت سادہ اکثریت حاصل نہیں کرسکے گی، آئندہ حکومت اتحادی حکومت ہوگی۔

پنجاب کے اسکولوں میں موسم سرما کی تعطیلات کا اعلان کردیا گیا


 پنجاب کے اسکولوں میں موسم سرما کی تعطیلات کا اعلان کردیا گیا


 لاہور:   پنجاب بھر کے اسکولوں میں موسم کی سرما کی تعطیلات کا اعلان کردیا گیا۔ محکمہ تعلیم پنجاب  کے مطابق صوبے کےا سکولوں میں 18 دسمبر 2023 سے 01 جنوری 2024 تک سردیوں کی چھٹیاں ہوں گی۔محکمہ تعلیم کی جانب سے موسم سرما کی تعطیلات  کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔

بلوچستان میں موسم کی شدت بڑھ گئی، کوئٹہ کا درجہ 1، قلات کا منفی 2 ریکارڈ


 بلوچستان میں موسم کی شدت بڑھ گئی،  کوئٹہ کا درجہ 1، قلات کا منفی 2 ریکارڈ


 کوئٹہ: بلوچستان میں سرد موسم کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان میں سردی کی شدت اچانک بڑھ گئی ہے اور صوبے کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک جب کہ شمالی اضلاع میں سرد رہے گا۔صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں کم سے کم درجہ حرارت 1ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جب کہ قلات میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔علاوہ ازیں سبی میں کم از کم درجہ حرارت ، نوکنڈی میں 12 ، تربت میں 16 جب کہ بلوچستان کے ساحلی علاقوں جیوانی میں 17اور گوادر میں 16ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

اکشے کمار کی کامیڈی فلم ’ہاؤس فل 5‘ کی ریلیز ملتوی

 اکشے کمار کی کامیڈی فلم ’ہاؤس فل 5‘ کی ریلیز ملتوی


 ممبئی: بالی وڈ سپر اسٹار اکشے کمار کی کامیڈی فلم ’ہاؤس فل 5‘ کی ریلیز ملتوی کردی گئی۔فلم میکرز کی طرف سے پہلے اعلان کیا گیا تھا کہ ’ہاؤس فل5‘ دیوالی 2024 میں ریلیز ہوگی لیکن اب اسے 6 جون 2025 تک بڑھا دیا گیا ہے۔اکشے کمار نے انسٹاگرام پر ریلیز کے ملتوی ہونے کا اعلان کرتے ہوئے لکھا کہ فلم کو معیاری وی ایف ایکس کی ضرورت ہے جس کیلئے مزید وقت کی ضرورت ہوگی۔فلم کو ترن منشکھانی ہدایت کاری دیں گے اور ساجد نادیاوالا پروڈیوس کریں گے، ’ہاؤس فل 5‘ میں معروف بالی وڈ اداکار رتیش دیش مکھ کی واپسی ہوئی ہے جبکہ باقی کاسٹ کے حوالے سے تفصیلات جلد سامنے آئیں گی۔اکشے کمار اور رتیش دیش مکھ ہاؤس فل سیریز کے مرکزی ستون سمجھے جاتے ہیں، سیریز کے پہلے اور دوسرے پارٹ کو ساجد خان نے ہدایت کاری دی تھی۔تیسرے پارٹ کو ساجد خان اور فرہاد سمجی نے مل کر ڈائریکشن دی جبکہ چوتھے پارٹ کو فرہاد سمجی نے اکیلئے ہدایت کاری دی تھی۔


بھارت میں ایک بار پھر فسادات پھوٹ پڑے؛ مزید 13 افراد ہلاک

 بھارت میں ایک بار پھر فسادات پھوٹ پڑے؛ مزید 13 افراد ہلاک



گوہاٹی: بھارتی ریاست منی پور میں دو مسلح گروہوں کے تصادم میں کم از کم 13 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے۔بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست منی پور میں نسلی فسادات ایک بار پھر پھوٹ پڑے۔ 7 ماہ قبل شروع ہونے والے ان فسادات میں مجموعی طور پر 200 کے قریب افراد ہلاک اور 2 ہزار سے زائد زخمی ہوچکے ہیں۔آج تازہ جھڑپ میں اکثریتی نسلی گروپ میتھی اور اقلیتی نسل کوکی برادری نے آتشیں اسلحے کا بے دریغ استعمال کیا، ایک دوسرے کی املاک کو نذر آتش کیا اور اندھا دھند فائرنگ کی گئی۔آج ہونے والے فسادات میں 13 افراد ہلاک اور دو درجن سے زائد زخمی ہوگئے جن میں سے 9 کی حالت نازک ہونے کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ ملنے والوں کی لاشوں کی شناخت کا عمل جاری ہے۔ ابھی یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ کس برادری کے کتنے لوگ ہلاک ہوئے اور جھگڑے کی ابتدا کس نے کی۔یاد رہے کہ منی پور میں فسادات کا آغاز اس وقت ہوا تھا جب وزیر اعظم نریندر مودی نے دونوں برادری کو حاصل حکومتی مراعات اور کوٹے کی تقسیم میں بڑی تبدیلی کی تھی۔ان فسادات میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے وزرا کے گھروں کو بھی نذر آتش کیا گیا تھا اور مودی کی جماعت کو منہ چھپانے کی بھی جگہ نہیں مل رہی ہے۔ اس قتل وغارت گری پر چپ سادھے مودی کو عالمی تنقید کا بھی سامنا ہے۔

ن لیگ اور جے یو آئی کا عام انتخابات ملکر لڑنے اور مشترکہ صداراتی امیدوار لانے پر اتفاق


 ن لیگ اور جے یو آئی کا عام انتخابات ملکر لڑنے اور مشترکہ صداراتی امیدوار لانے پر اتفاق


 لاہور: نواز شریف اور فضل الرحمان کے درمیان اہم ملاقات ہوئی ہے جس میں انتخابات میں سیٹ ایڈجسمنٹ کے فارمولے پر بات ہوئی جبکہ دونوں جماعتوں نے عام انتخابات ملکر لڑنے مشترکہ صدارتی امیدوار لانے پر اتفاق ہوا ہے۔ایکسپریس نیوز کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف اور پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کے درمیان مسلم لیگ ن کے سیکرٹریٹ ماڈل ٹاون میں ملاقات کی۔اس موقع پر دونوں پارٹیوں کے دیگر رہنما بھی موجود تھے جن میں مریم نواز شریف، سینیٹر اسحاق ڈار، احسن اقبال، خواجہ سعد رفیق، مریم اورنگزیب اور دیگر رہنما شامل ہیں۔ملاقات میں ملکی کی مجموعی سیاسی صورتحال کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا، آئندہ عام انتخابات سمیت دونوں جماعتیں کی سیاسی حکمت عملی پر غوروخوض کیا گیا۔ ن لیگ اور جے یو آئی کے درمیان سیٹ ایڈجسمنٹ سے متعلق فارمولے پر بات ہوئی۔سلم لیگ (ن) کے ذرائع نے بتایا کہ دونوں جماعتوں کے قائدین نے عام انتخابات، مشترکہ صدارتی امیدوار لانے سمیت دیگر اہم امور پر اتفاق کیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں جماعتوں کے مابین وفود کی سطح پر تفصیلی مذاکرات ہوئے جبکہ خواجہ سعد رفیق نے سندھ میں ایم کیو ایم کے ساتھ ہونے والے سیاسی مذاکرات بارے اجلاس کو بریفنگ دی۔ ایم کیو ایم کے مجوزہ ملک گیر بلدیاتی نظام پر تفصیلی مشاورت کی اور ایم کیو ایم کے مجوزہ بلدیاتی نظام پر مکمل اتفاق رائے کیا۔ اجلاس میں اتفاق کیا گیا کہ آئندہ پارلیمان میں اس بلدیاتی نظام بارے آئینی ترمیم لائی جائے گی۔نواز شریف نے مولانا فضل الرحمان کو مسلم لیگ ن اور ایم کیو ایم کے مابین طے پائے جانے والے انتخابی معاہدے پر اعتماد میں لیا، دونوں جماعتوں نے سندھ میں ایم کیو ایم اور دیگر ہم خیال جماعتوں سے مل کر انتخابی اتحاد بنانے پر بھی اتفاق رائے ہوا۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سندھ میں تینوں جماعتیں دیگر اتحادیوں سے مل کر سیٹ ایڈجسٹمنٹ کر کے انتخابی میدان میں اتریں گی، سندھ میں امیدواروں کا فیصلہ لیگی صوبائی صدر بشیر میمن، جمعیت کے سیکرٹری راشد سومرو اور ایم کیو ایم کے نامزد رہنما کریں گے۔ذرائع نے بتایا کہ بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں بھی مسلم لیگ ن اور جمعیت علمائے اسلام ف میں مکمل سیٹ ایڈجسٹمنٹ پر اتفاق ہو گیا ہے، دونوں صوبوں میں ہر قومی و صوبائی نشستوں پر امیدواروں باہمی اتفاق رائے سے اتارنے کا فیصلہ کیا گیا اور یہ بھی طے پایا کہ جس نشست پر جس پارٹی کا امیدوار مضبوط ہو گا اسی کی نامزدگی اور حمایت کی جائے گی، کسی اتفاق رائے پر نہ پہنچا جا سکا تو ایک جماعت کا امیدوار قومی اور دوسری کا صوبائی نشست پر نامزد کیا جائے گا۔دونوں جماعتوں کا آئندہ انتخابات کے بعد مل کر حکومت بنانے اور تمام امور پر مشترکہ حکمت عملی اپنانے پر اتفاق کیا اور مشترکہ صدارتی امیدوار لانے پر بھی مشاورت کی۔ نواز شریف نے صدارتی امیدوار کے معاملے پر آئندہ پارلیمان کے وجود میں آنے کے بعد فیصلہ کرنے کا عندیہ دے دیا۔

کراچی؛ خنکی بڑھ گئی، پیر کورواں موسم سرما کا سرد ترین دن ریکارڈ


 کراچی؛ خنکی بڑھ گئی، پیر کورواں موسم سرما کا سرد ترین دن ریکارڈ


  کراچی: شہرمیں خنکی میں مزیدا ضافہ ہوگیا، پیرکوموسم سرما کا اب تک کا سرد ترین دن ریکارڈ ہوا، گذشتہ روز کے مقابلے میں پارہ 2.4ڈگری کمی سے 15.1ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا، ہلکی دھند کی وجہ سے حدنگاہ  بھی کم ہوکر3 کلومیٹر رہ گئی۔محکمہ موسمیات کے مطابق پیرکو رواں موسم سرما کا اب تک کا سرد ترین دن ریکارڈ ہوا، سرکاری ڈیٹا مرتب کرنے کے حامل ویدراسٹیشن پرکم سے کم پارہ گذشتہ روز کے مقابلے میں 2.4 ڈگری کمی سے15.1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا (اتوارکوصبح کے وقت کم سے کم درجہ حرارت 17.5ڈگری ریکارڈ ہواتھا)۔شہرکا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 30.5اورنمی کاتناسب 37فیصد رہا، شہر کی فضاؤں پرصبح کے وقت ہلکی دھند چھانے کے سبب حدنگاہ کم ہو کر3کلومیٹرریکارڈ ہوئی۔محکمہ موسمیات کے مطابق رواں ماہ کے وسط میں سردی کی شدت میں اضافہ متوقع ہے، دیہی سندھ کے مختلف اضلاع میں بھی سردی کی شدت بڑھ گئی، پیرکو سب سے کم پارہ موہنجودڑو میں 9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔محکمہ موسمیات ارلی وارننگ سینٹر کی پیش گوئی کے مطابق اگلے3 روز تک شہر میں خنک/ سرد موسم برقرار رہے گا، جبکہ منگل  اوربدھ کو کم سے کم پارہ مزید ایک ڈگری کمی سے 14 ڈگری سینٹی گریڈ تک گرسکتا ہےجبکہ زیادہ سے زیادہ پارہ 28 سے 30 ڈگری کے درمیان ریکارڈ ہوسکتا ہے۔شہرمیں بدستور سمندری ہوائیں بند  رہنے اور  بلوچستان کی شمال مشرقی ہواؤں کے چلتے رہنے کی توقع ہے، صوبے کے بیشتر اضلاع میں موسم دن میں خشک اور رات میں سرد رہنے کا امکان ہے،میدانی علاقوں میں صبح کے وقت دھند چھاسکتی ہے۔