Saturday, 16 December 2023

الیکشن شیڈول جاری کرنے کا سپریم کورٹ کا فیصلہ خوش آئند ہے: پرویز الٰہی


 الیکشن شیڈول جاری کرنے کا سپریم کورٹ کا فیصلہ خوش آئند ہے: پرویز الٰہی


(ویب ڈیسک) سابق وزیراعلیٰ پنجاب اور پی ٹی آئی کے صدر چودھری پرویز الٰہی سے سردار عبدالرازق خان ایڈووکیٹ نے اڈیالہ جیل میں ملاقات کی، اس موقع پر چودھری شمشاد ملہی ایڈووکیٹ بھی ان کے ساتھ تھے۔ملاقات کے دوران قانونی امور اور الیکشن کی حکمت عملی پر مشاورت کی گئی، اس موقع پر چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ الیکشن شیڈول جاری کرنے کا سپریم کورٹ کا فیصلہ خوش آئند ہے، سپریم کورٹ کے فیصلے سے الیکشن ملتوی کرانے کی تمام سازشیں دم توڑ گئی ہیں۔چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ پی ٹی آئی فوری اور منصفانہ انتخابات چاہتی ہے، پکڑ دھکڑ بند کی جائے اور ہمارے امیدواروں کو لیول پلیئنگ فیلڈ دی جائے۔سابق وزیر اعلیٰ پنجاب نے بتایا کہ انہوں نے قومی اور صوبائی اسمبلی کے مختلف حلقوں سے الیکشن لڑنے کے لئے قانونی حکمت عملی تیار کر لی۔

ڈپٹی کمشنرز کو ایک بار پھر دفعہ 144 کے نفاذ کا اختیار مل گیا




ڈپٹی کمشنرز کو ایک بار پھر دفعہ 144 کے نفاذ کا اختیار مل گیا


 نگران حکومت پنجاب نے عام انتخابات سے قبل بڑا فیصلہ کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنرز کو ایک بار پھر دفعہ 144 کے نفاذ کا اختیار دے دیا ہے۔ڈپٹی کمشنرز اضلاع میں قیام امن یقینی بنانے کیلئے دفعہ 144 نافذ کر سکیں گے، ڈپٹی کمشنرز کے پاس دو ماہ کیلئے دفعہ 144 نافذ کرنے کا اختیار ہو گا، ڈپٹی کمشنرز کو دفعہ 144 کے نفاذ کا اختیار دینے کیلئے آرڈیننس بھی جاری کر دیا گیا ہے۔اس سے قبل ڈپٹی کمشنرز کو دفعہ 144 کے نفاذ کا اختیار دینے کا آرڈیننس مدت پوری ہونے کی وجہ سے منسوخ ہو گیا تھا، آرڈیننس سے قبل دفعہ 144 کے نفاذ کا اختیار پنجاب کابینہ کے پاس تھا۔۔

سانحہ آرمی پبلک سکول نے قوم کے عزم کو مضبوط تر کیا: نگران وزیراعظم


 سانحہ آرمی پبلک سکول نے قوم کے عزم کو مضبوط تر کیا: نگران وزیراعظم


 نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ آرمی پبلک سکول پشاور کے سانحہ عظیم نے اس قوم کے عزم کو مضبوط تر کیا ہے۔سانحہ آرمی پبلک سکول کی نویں برسی پر اپنے پیغام میں انوار الحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ یہ ایک ایسا سانحہ تھا جس نے دنیا بھر کی آنکھیں نم کر دیں، آج بھی جب اس دن کو یاد کرتا ہوں تو آنکھیں اشکبار ہو جاتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ دشمن نے ہمارے مستقبل کو روند کر دہشتگردی کے خلاف جنگ میں اس قوم کے حوصلے پست کرنے کی ناکام کوشش کی، آرمی پبلک سکول پشاور کے سانحہ عظیم نے اس قوم کے عزم کو مضبوط تر کیا۔وزیرِ اعظم کا کہنا تھا کہ پوری قوم کی ہمدردیاں ان والدین کے ساتھ ہیں جن کے بچوں نے اس سانحے میں عظیم قربانی دی، مجھ سمیت پوری قوم اپنے پھول سے بچوں کی اس عظیم قربانی پر آج انہیں یاد اور خراجِ تحسین پیش کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ جس قوم میں شہید طاہرہ قاضی اور شہید اعتزاز حسن جیسے نڈر لوگ دوسروں کو بچانے کیلئے اپنی جان کی بھی پرواہ نہ کریں اس قوم کو بزدل دہشتگرد کبھی ہرا نہیں سکتے، دہشتگردوں اور پاکستان کے امن کے دشمنوں کو میرا یہ واضح پیغام ہے کہ پاکستانی قوم متحد ہے۔

عصوم بچوں نے لازوال قربانیوں سے پاکستان میں امن کی بنیادرکھی,کامران ظفربھٹی

 


کامران ظفربھٹی رہنما ریجنل یونین آف جرنلسٹس نے اپنے بیان میں کہا کہ معصوم بچوں نے لازوال قربانیوں سے پاکستان میں امن کی بنیادرکھی۔ 16 دسمبر کو اے پی ایس سانحہ میں شہید ہونے والے بچوں نے لازوال قربانیوں سے پاکستان میں امن کی بنیاد رکھی۔ کامران ظفربھٹی  نے مزید کہا کہ آرمی پبلک سکول پشاور کے شہداء کی برسی پر خصوصی پیغام میں کہا کہ 16 دسمبر کا دن معصوم بچوں کی عظیم شہادت اور قربانیوں کا دن ہے ،ہم آرمی پبلک سکول کے معصوم شہداء کی قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں ۔ معصوم بچوں کی شہادت کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، معصوم شہداء کی قربانیوں نے پوری قوم کو دہشت گردی کے خلاف متحد کیا، معصوم بچوں نے لازوال قربانیوں سے پاکستان میں امن کی بنیاد رکھی، شہید بچے اور اساتذہ پوری قوم کے ہیرو ہیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ آج کے دن شہدائے اے پی ایس سے اظہار یکجہتی کرتے ہیں اور معصوم شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔

سابق وزیراعظم شہباز شریف کا سانحہ اے پی ایس کے شہداء کو خراج عقیدت


 سابق وزیراعظم شہباز شریف کا سانحہ اے پی ایس کے شہداء کو خراج عقیدت


سابق وزیر اعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے سانحہ آرمی پبلک سکول پشاور کے 9 سال مکمل ہونے پر شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔اے پی ایس سانحہ میں شہید ہونےوالوں کی 9ویں برسی کے موقع پر ایک پیغام میں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ 16 دسمبر 2014 کا دن ہم کبھی نہیں بھول سکتے، نو سال پہلے آج کے دن ہمارے معصوم بچوں کو دہشت گردی کا نشانہ بنایا گیا ہم شہدا، ان کے والدین اور اہل خانہ کو سلام پیش کرتے ہیں، ان کے غم میں شریک ہیں۔انہوں نے کہا کہ آج کے دن پوری قوم دہشت گردی کے خلاف ایک بیانیے پر جمع ہوئی، 9 سال پہلے سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں دہشت گردی کے خاتمے کی فیصلہ کن جنگ شروع کی گئی تھی، ضرب عضب اور ردالفساد کے ذریعے دہشت گردوں کا صفایا کیا گیا۔صدر مسلم لیگ ن نے کہا کہ آج کے دن سکیورٹی فورسز کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہیں جو دہشت گردی کے خاتمے کے لئے بہادری اور شجاعت سے لڑ رہی ہیں، سابق وزیراعظم نواز شریف کی دہشت گردی کے خاتمے کی پالیسی پر عمل نہ روکا جاتا تو آج دہشت گردی دوبارہ زندہ نہ ہوتی۔ان کا کہنا تھا کہ وقت نے ثابت کیا کہ دہشت گرد کسی کے دوست نہیں، دہشت گردی مذمت سے نہیں، پاکستان دشمنوں کی مرمت سے ختم ہو گی، افسوس دہشت گردوں کو واپس لاکر قوم کی زندگی سے کھیلا گیا، ملک کا امن تباہ کیا گیا، معیشت کی بنیادیں ہلا دی گئیں۔شہباز شریف نے مزید کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لئے آج پھر سابق وزیراعظم نواز شریف جیسے آہنی عزم و ارادے اور فیصلہ کن کارروائی کی ضرورت ہے، اللہ تعالیٰ شہداء کے درجات بلند فرمائے اور اہل خانہ کو صبر جمیل دے۔

توشہ خانہ کیس: بانی پی ٹی آئی کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد


 توشہ خانہ کیس: بانی پی ٹی آئی کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد


(ویب ڈیسک) احتساب عدالت نے توشہ خانہ کیس میں نیب کی جانب سے سابق چیئرمین پی ٹی آئی کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کر دی۔احتساب عدالت اسلام آباد کے جج محمد بشیر نے اڈیالہ جیل میں سماعت کی۔سابق چیئرمین پی ٹی آئی کو دو روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر آج دوبارہ احتساب عدالت پیش کیا گیا، اس موقع پر نیب ٹیم نے جسمانی ریمانڈ کے دوران ہونے والی پیش رفت بارے عدالت کو آگاہ کیا۔دوران سماعت نیب کی جانب سے بانی پی ٹی آئی کے 3 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی۔عدالت نے نیب کی جانب سے جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے سابق چیئرمین پی ٹی آئی کو 14 روز کیلئے جوڈیشل ریمانڈ پر بھیج دیا۔واضح رہے کہ گزشتہ سماعت پر احتساب عدالت نے سابق وزیراعظم کا دو روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کیا تھا۔ہم کسی صورت الیکشن میں تاخیر نہیں چاہتے: بیرسٹر گوہر خان

اڈیالہ جیل راولپنڈی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر خان کا کہنا تھا کہ ہم کسی صورت الیکشن میں تاخیر نہیں چاہتے، ہماری استدعا رہی ہے کہ شفاف الیکشن ہوں۔انہوں نے کہا کہ کل سپریم کورٹ میں ہمارا کوئی وکیل پیش نہیں ہوا، شفاف انتخابات کیلئے آر اوز کا ہونا شفاف الیکشن کی عکاسی نہیں کرتا، پی ٹی آئی کو کٹہرے میں کھڑا نہیں کیا جاسکتا، ہماری پٹیشن تھی کہ ریٹرننگ افسران کو عدلیہ سے لیا جائے۔بیرسٹر گوہر کا مزید کہنا تھا کہ بوگس کیسز کے ذریعے جسمانی ریمانڈ لینے کی کوشش کی جا رہی ہے، یہ سب کچھ سیاسی انتقام کیلئے کیا جا رہا ہے، جیل ٹرائل ہو ہی نہیں سکتا، ایسے ٹرائل بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔

سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان استحکام پاکستان پارٹی میں شامل


 سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان استحکام پاکستان پارٹی میں شامل


سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر نے استحکام پاکستان پارٹی میں شمولیت اختیار کرلی۔ہمایوں اختر خان نے آئی پی پی کے پیٹرن انچیف جہانگیر خان ترین  اور صدر عبدالعلیم خان سے ملاقات کی اور دونوں قائدین پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے آئی پی پی میں شمولیت اختیار کرلی، علیم خان اور جہانگیر ترین نے ہمایوں اختر کو پارٹی مفلر پہناتے ہوئے آئی پی پی میں خوش آمدید کہا۔آئی پی پی رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے  ہمایوں اختر نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات کے بعد تحریک انصاف سے علیحدگی اختیار کرلی، 9 مئی کو شہداء کے مجسموں کو جلایا گیا،  میرے لیے ممکن نہیں تھا کہ تحریک انصاف کے ساتھ مزید چلتا۔انہوں نے کہا کہ جہانگیرترین بڑے،عبدالعلیم خان چھوٹےبھائی ہیں، ساتھیوں سےمشاورت کےبعد استحکام پارٹی میں شمولیت کا فیصلہ کیا، ملک غربت،مہنگائی میں پستا چلا جارہا ہے، ہم اپنےملک کوغربت کی زنجیروں سےباہرنکالیں گے، آئی پی پی کی قیادت سےمجھےپوری امید ہے۔

ملکی تاریخ میں پہلی مصنوعی بارش کا تجربہ کامیاب


 ملکی تاریخ میں پہلی مصنوعی بارش کا تجربہ کامیاب

 نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہا ہے کہ آج پاکستان کی پہلی مصنوعی بارش کا کامیاب تجربہ کیا گیا ہے۔نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ لاہور کے تقریبا دس علاقوں میں ہلکی پھلکی بارش ہو گئی ہے، دوسرا مشن تھوڑی دیر کے بعد شروع کر دیں گے۔انہوں نے کہا کہ مصنوعی بارش کے لئے ہمارا ایک پیسہ خرچ نہیں ہوا، متحدہ عرب امارات کے شکر گزار ہیں، سارا مینج متحدہ عرب امارات کی حکومت نے کیا، متحدہ عرب امارات سے دو سپیشل جہاز آئے تھے، پہلی فلائٹ میں 48 فلیئرز شاہدرہ اور مریدکے کے قریب کئے گئے۔انہوں نے کہا کہ نگران وزیراعظم  نے متحدہ عرب امارات کی حکومت کو فون کر کے مبارکباد دی، سموگ ٹاور چند ہفتوں تک انسٹال ہو جائیں گے، بارش سے ایئر کوالٹی انڈیکس نیچے جائے گا، پہلا تجربہ تھا ہم سیکھ رہے ہیں ۔

سانحہ آرمی پبلک سکول کے 9 برس مکمل، زخم آج بھی تازہ


 سانحہ آرمی پبلک سکول کے 9 برس مکمل، زخم آج بھی تازہ


سانحہ آرمی پبلک سکول کی 9 ویں برسی آج منائی جا رہی ہے، سال 2014 کو آج ہی کے دن سفاک دہشت گردوں نے معصوم بچوں کو نشانہ بنایا۔16 دسمبر سال 2014ء کے دن تعلیم اور امن دشمن آرمی پبلک سکول کے عقبی راستے سے صبح 10 بجے کے قریب داخل ہوئے، آٹھویں، نویں اور دسویں جماعت کے طالب علم آڈیٹوریم میں اکھٹے تھے، دہشت گردوں نے آڈیٹوریم میں داخل ہوتے ہی ہر طرف گولیوں کی بوچھاڑ کر دی، سفاک قاتلوں نے اے پی ایس کی دیواروں کو معصوموں کے خون سے رنگ دیا۔دہشتگردوں کے حملے میں پرنسپل، اساتذہ، طلبہ اور دیگرعملے سمیت 140 سے زائد افراد شہید ہوئے، پاک فوج کے جوانوں نے دہشت گردوں کو بھرپور جواب دیتے ہوئے موقع پر انہیں انجام تک پہنچایا۔سانحہ اے پی ایس نے دہشتگردی کیخلاف جنگ میں نئی روح پھونکی جس کے نتیجے میں نیشنل ایکشن پلان تشکیل پایا اور قبائلی علاقوں سے دہشتگردی کا خاتمہ ممکن ہوا، آرمی پبلک سکول حملے میں ملوث 6 دہشتگردوں کو سکیورٹی فورسز نے گرفتار کیا جنہیں ملٹری کورٹس نے موت کی سزائیں سنائی تھیں۔نو سال بعد سانحہ آرمی پبلک سکول کا غم آج بھی تازہ ہے، شہید ہونے والے بچوں کی یادوں نے مختلف خاندانوں کو آپس میں جوڑ دیا ہے، ایک شہید کے گھر میں اکھٹے ہو کر والدین اپنا غم ایک دوسرے کے ساتھ بانٹتے ہیں۔

الیکشن کمیشن کا اپیلٹ ٹربیونلز لگانے کیلئے عدلیہ سے رجوع کرنے کا فیصلہ


 الیکشن کمیشن کا اپیلٹ ٹربیونلز لگانے کیلئے عدلیہ سے رجوع کرنے کا فیصلہ


(ویب ڈیسک) الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کے لئے اپیلٹ ٹربیونلز لگانے کے لئے عدلیہ سے رجوع کرنے کا فیصلہ کر لیا۔الیکشن کمیشن نے چاروں صوبائی الیکشن کمشنرز کو ہنگامی مراسلے جاری کرتے ہوئے ہدایت کی کہ ملک بھر کی پانچوں ہائیکورٹس کے چیف جسٹس صاحبان سے رابطہ کیا جائے، چیف جسٹس ہائیکورٹس سے اپیلٹ ٹربیونلز کے لئے تجاویز لی جائیں۔الیکشن کمیشن نے کہا کہ ملک بھر میں عام انتخابات کے لئے اپیلٹ ٹربیونلز ہائیکورٹس کے ججز پر مشتمل ہوں گے، اپیلٹ ٹربیونلز میں ریٹرننگ افسروں کے فیصلوں کو چیلنج کیا جا سکے گا۔الیکشن کمیشن نے صوبائی الیکشن کمشنرز کو ہنگامی بنیادوں پر ہائیکورٹس سے رجوع کرنے کی ہدایت کر دی۔

لاہور ٹریفک پولیس کا خواتین کیلئے رائیڈ فار چینج پروگرام دوبارہ شروع کرنے کا فیصلہ


 لاہور ٹریفک پولیس کا خواتین کیلئے رائیڈ فار چینج پروگرام دوبارہ شروع کرنے کا فیصلہ


 لاہور ٹریفک پولیس نے خواتین کیلئے رائیڈ فار چینج پروگرام دوبارہ شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا۔رائیڈ فار چینج کے تحت مختلف یونیورسٹیز، کالجز میں سکوٹی ٹریننگ کا آغاز کیا جائے گا۔ سی ٹی او لاہور عمارہ اطہر نے وویمن آن وہیل سکول کا دورہ کیا۔ سی ٹی او لاہور نے موٹرسائیکل ٹریننگ کے لئے آئی خواتین سے ملاقات کی۔انہوں نے کہا وویمن آن ویل پراجیکٹ،رائیڈ فار چینج پروگرام کے تحت خواتین کو موٹر سائیکل چلانے کی فری تربیت دی جا رہی ہے، وویمن آن ویلز سکول ایل او ایس میں خواتین کی ٹریننگ کا 77 واں بیج زیر تربیت ہے،اب تک 07 ہزار سے زائد خواتین کو ٹرینڈ کیا جا چکا ہے۔سی ٹی او لاہور نے کہا خواتین بااختیار ہونگی تو معاشرے میں واضح تبدیلی آئیگی ،  وویمن آن ویلز پراجیکٹ اور رائیڈ فار چینج پروگرام کا مقصد خواتین کو زیادہ پراعتماد اور خود مختار بنانا ہے، معاشرتی اور سماجی ترقی کیلئے مردوں کے ساتھ ساتھ خواتین کا کردار بہت اہمیت کا حامل ہے۔