Saturday, 20 January 2024

ملکی دفاع کو یقینی اور مضبوط بنانے پر کام جاری رکھیں گے، آرمی چیف


 ملکی دفاع کو یقینی اور مضبوط بنانے پر کام جاری رکھیں گے، آرمی چیف

 راولپنڈی: چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ ملکی دفاع کو یقینی اور مضبوط بنانے کیلیے جدید ٹیکنالوجی پر کام جاری رکھیں گے۔پاک فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر، نے پاکستان آرڈیننس فیکٹریز (POF) واہ کا دورہ کیا۔ جہاں انہیں پیداواری صلاحیتوں اور مسلح افواج کی دفاعی ضروریات کو پورا کرنے سمیت برآمدی صلاحیت کے بارے بریفنگ دی گئی۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے پی او ایف پروڈکٹس کی وسیع رینج کا مشاہدہ کیا۔  جس میں ٹیسٹ اور ٹرائلز کے تحت مقامی طور پر ڈیزائن اور تیار کردہ نئے ہتھیار اور بارود شامل تھے۔افسران اور عملے سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف  نے پی او ایف کو پاکستان کی اہم دفاعی صنعت بنا کر ملکی سلامتی اور معیشت میں ان کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ قومی ترقی کا راستہ پی او ایف واہ جیسی مقامی صنعتوں سے متعین ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ  ہم خود انحصاری اور جدید ترین ٹیکنالوجی کے لیے کام جاری رکھیں گے، پاکستان کے دفاع کو یقینی بنانے اور مضبوط بنانے کے لیے یہ بہت ضروری ہے۔اس سے قبل پی او ایف آمد پر چیئرمین پی او ایف نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔

باہر الزامات لگاتے ، یہاں ریلیف مانگتے ہیں، چیف جسٹس کا پی ٹی آئی وکیل سے مکالمہ


 باہر الزامات لگاتے ، یہاں ریلیف مانگتے ہیں، چیف جسٹس کا پی ٹی آئی وکیل سے مکالمہ

 اسلام آباد: چیف جسٹس نے ایک کیس کی سماعت کے دوران پی ٹی آئی کے وکیل سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ باہر جاکر الزام لگاتے ہیں، یہاں ریلیف مانگتے ہیں۔ملازمت سے متعلق ایک کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس آف پاکستان  جسٹس قاضی فائز عیسیٰ اور پی ٹی آئی کے وکیل لطیف کھوسہ کے درمیان  مکالمہ ہوا، جس میں چیف جسٹس نے پی ٹی آئی وکیل کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ لطیف کھوسہ صاحب، آپ باہر جاکر الزامات لگاتے ہیں۔چیف جسٹس نے کہا کہ ایک طرف آپ عدلیہ پر اعتبار نہیں کرتے دوسری طرف ریلیف بھی مانگتے ہیں۔دوران سماعت لطیف کھوسہ نے بانی پی ٹی آئی کی توشہ خانہ نااہلی کیس درخواست مقرر کرنے کی استدعا کی۔ چیف جسٹس نے کہا کہ جلد سماعت کی درخواست دائر کردیں۔ قانون کے مطابق جو ریلیف ہوگا وہ دیں گے۔

غیر شرعی نکاح کیس: بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی پر فرد جرم عائد


 غیر شرعی نکاح کیس: بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی پر فرد جرم عائد

دوران عدت نکاح کیس میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی پر فرد جرم عائد کردی گئی۔دوران عدت نکاح کیس کی سماعت اڈیالہ جیل میں سول جج قدرت اللہ نے کی، سینئر سول جج قدرت اللہ نے فرد جرم پڑھ کر سنائی، فرد جرم سناتے وقت بانی پی ٹی آئی کمرہ عدالت میں موجود تھے، تاہم بشریٰ بی بی کی غیر موجودگی پر عدالت نے برہمی کا اظہار کیا۔وکلاء صفائی کی جانب سے بشریٰ بی بی کی استثنیٰ کی درخواست منظور کرنے کی استدعا کی گئی۔واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی اس کیس میں بشریٰ بی بی اور بانی پی ٹی آئی پر فرد جرم عائد نہیں ہوسکی تھی، بشریٰ بی بی کے وکیل عثمان گل کی جانب سے ایک دن کے استثنیٰ کی درخواست دائر کیے جانے کی پراسیکیوشن کے وکیل رضوان عباسی نے مخالفت کی تھی۔

شیخ رشید کی 13 کیسز میں ضمانتیں منظور، ایک مقدمے میں گرفتار

 شیخ رشید کی 13 کیسز میں ضمانتیں منظور، ایک مقدمے میں گرفتار

9مئی کے مقدمات میں ضمانت خارج ہونے پر پولیس نے شیخ رشید کو عدالت سے گرفتار کر لیا ۔راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت کی اور تحریک انصاف کے 3 امیدواروں سمیت 24 کارکنوں کی ضمانتوں پر فیصلہ محفوظ کیا جو کہ آج سنادیا۔انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج ملک اعجاز آصف نے فیصلہ دیتے ہوئے سابق ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی واثق قیوم عباسی اور پی ٹی آئی کارکنوں کی عبوری ضمانتیں منظور کرلیں۔اسی طرح جی ایچ کیو حملہ کیس میں شیخ رشید کی ضمانت کنفرم ہو گئی، عدالت نے ایک لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم جاری کردیا۔9 مئی کے حوالے سے شیخ رشید اور راشد شفیق کی مورگاہ اور تھانہ سٹی کیسوں میں بھی ضمانتیں کنفرم ہوگئیں، شیخ رشید کی مجموعی طور پر 13 مقدمات میں ضمانتیں ہوئی تاہم انہیں ایک مقدمے میں ضمانت نہ ملنے پر کمرہ عدالت سے گرفتار کر لیا گیا۔شیخ رشید کو جی ایچ کیو پر حملے کے ایک اور مقدمے میں گرفتار کیا گیا جو کہ تھانہ نیو ٹاؤن نے درج کیا تھا۔


وزیراعلیٰ کا جنرل اور گنگارام ہسپتال کی اپ گریڈیشن جلد مکمل کرنے کا حکم


 وزیراعلیٰ کا جنرل اور گنگارام ہسپتال کی اپ گریڈیشن جلد مکمل کرنے کا حکم

نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے جنرل اور گنگارام ہسپتال کی اپ گریڈیشن کا کام جلد از جلد مکمل کرنے کا حکم دے دیا۔وزیراعلیٰ محسن نقوی نے رات گئے گنگارام ہسپتال اورجنرل ہسپتال کا 3گھنٹے طویل دورہ  کیا۔محسن نقوی نے گنگارام ہسپتال کی اپ گریڈیشن کے کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا، وزیر اعلیٰ نے ہسپتال کے برآمدے سے گزرنے والی سیوریج لائن کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ایم ڈی واسا کو موقع پر ہی طلب  کرلیا اور سیوریج لائن کو متبادل جگہ منتقل کرنے کا حکم دیا۔وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ سیوریج لائن کی منتقلی کے لئے مشاورت کے ساتھ متبادل پلان مرتب کیا جائے،محسن نقوی نے ہسپتال کے اندر خالی جگہ پر پودے لگانے اور لینڈ سکیپنگ کی بھی ہدایت کی۔ محسن نقوی نے ہسپتال میں وارڈز،آپریشن تھیٹرز اور دیگر شعبوں میں کام پر پیش رفت کا مشاہدہ کیا  اور 31 جنوری تک ہسپتال کی اپ گریڈیشن کو ہر صورت مکمل کرنے کی ہدایت کردی۔بعدازاں وزیراعلیٰ محسن نقوی جنرل ہسپتال پہنچ گئے، وزیراعلیٰ نے جنرل ہسپتال میں جاری اپ گریڈیشن کے کاموں پر ہونے والی پیشرفت کاجائزہ لیا اور ایمرجنسی بلاک کی تعمیراتی سرگرمیوں کا معائنہ کیا، انہوں نے ایمرجنسی بلاک کے اپ گریڈیشن پراجیکٹس کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کا حکم دے دیا۔محسن نقوی نے کہا کہ ہر لمحہ قیمتی ہے ایک منٹ بھی ضائع نہیں کرسکتے، دونوں ہسپتال ٹائم لائن کے اندر مکمل ہو جانے چاہئیں،اپ گریڈیشن کے کاموں میں معیار کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے۔وزیراعلیٰ محسن نقوی نے سیکرٹری تعمیرات ومواصلات کو ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن کے کاموں کی جلد تکمیل کے لئے ضروری ہدایات دیں۔محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ہسپتالوں کے 6لاکھ سکوائر فٹ سے زائد ایریا کی اپ گریڈیشن کاکام جاری ہے، پنجاب کی تاریخ میں پہلی بار بیک وقت ہسپتالوں کی حالت کو بہتربنانے کے لئے کام شروع کیاگیاہے، پوری کوشش ہے کہ منصوبے وقت سے پہلے مکمل ہوں اور عوام کو سہولت مل سکے،جس کام کا بیڑا اٹھایا ہے اس کی پیشرفت کاخود جائزہ لیتا ہوں۔

دھند کے باعث مسافر گاڑیاں حادثات کا شکار، 4 جاں بحق، متعدد زخمی

 


دھند کے باعث مسافر گاڑیاں حادثات کا شکار، 4 جاں بحق، متعدد زخمی


پنجاب کے مختلف مقامات پر مسافر گاڑیاں دھند کے باعث حادثات کا شکار ہوگئیں، دو حادثات میں 4 افراد جاں بحق اور 30 مسافر زخمی ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق گوجرانوالہ میں جی ٹی روڈ پر راہوالی کے قریب بس الٹ گئی جس کی وجہ سے دوافراد جاں بحق جبکہ 25 زخمی ہوگئے، لاشوں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ریسکیو حکام کے مطابق حادثہ جی ٹی روڈ پر پھسلن اور دھند کے باعث پیش آیا، بس کوہاٹ سے لاہور جاتے ہوئے حادثہ کا شکار ہوئی۔ مسافر میں 50 مسافر سوار تھے،متعدد کی حالت تشویشناک ہے۔دوسری جانب پاکپتن میں ملکہ ہانس کے قریب دوگاڑیوں میں تصادم کے سبب دو افراد جاں بحق جبکہ 5 زخمی ہوگئے، حکام کے مطابق روڈ زیرتعمیر ہونے اور دھند کے سبب حادثہ پیش آیا۔

وزیراعلیٰ کا نئی لائسنس فیس میں مزید ایک ہفتے کی توسیع کا عندیہ


 وزیراعلیٰ کا نئی لائسنس فیس میں مزید ایک ہفتے کی توسیع کا عندیہ


 نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے نئی لائسنس فیس میں مزید ایک ہفتے کی توسیع کا عندیہ دے دیا۔لاہور بورڈ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ کل سے لائسنس کی نئی فیس پر عملدرآمد ہوجائے گا، اگر لائسنس فیس میں ایک ہفتے کا مزید ریلیف دے سکا تو آج غور کروں گا۔ محسن نقوی کا مزید کہنا تھا کہ  ڈرائیونگ لائسنس سافٹ ویئر سے 1منٹ میں 3لائسنس بن رہے تھے وہ بیٹھ گیا،ہم رات کو 3بجے خدمت سنٹر میں تھے،ایشو آیا صبح 10بجے ٹھیک ہوچکا تھا، ڈرائیونگ لائسنس سسٹم کو دوبارہ اپ گریڈ کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ آن لائن سسٹم میں مسائل آتے ہیں مگر ہم ان کو ضرور ٹھیک کریں گے، جہاں شکایت آرہی ہے گورنمنٹ کے کنٹریکٹر پر ایکشن لے رہے ہیں۔

نوازشریف پر ظلم کرنے والا ایک ایک کردار اپنے عبرتناک انجام کو پہنچ رہا ہے

 مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ


نوازشریف پر ظلم کرنے والا ایک ایک کردار اپنے عبرتناک انجام کو پہنچ رہا ہے۔اوکاڑہ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ لاہور سے نکلتے ہوئے سوچ رہی تھی سردی اور دھند ہے، گھروں سے نکل کر کون آئے گا لیکن یہاں تو عوام کا جم غفیر ہے، اوکاڑہ کے لوگوں نے مجھے زندگی بھرکیلئے خرید لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوازشریف اور عوام پر ظلم کرنے والا ایک ایک کردار اپنے عبرتناک انجام کو پہنچ رہا ہے، یہ انتقام ان سے نوازشریف نہیں قدرت لے رہی ہے، قدرت کی عدالت نے پاکستان اور نوازشریف سے ہونے والے ظلم کا سوموٹو لے لیا، قدرت کی لاٹھی اثر دکھا رہی ہے۔ چیف آرگنائزر مسلم لیگ ن کا کہنا تھا کہ مخالفین دوسروں کا احتساب کرتے ہوئے فرعون بنے ہوئے تھے، آج اپنی باری آئی تو دم دبا کر جوتیاں چھوڑ کر بھاگ رہے ہیں، عدالتوں کے احاطوں سے جوتی چھوڑ کر دوڑ لگانے کی کہانی آپ نے اپنی آنکھوں سے دیکھی۔ مریم نواز نے کہا کہ جب انسان نوازشریف کی طرح سچا ہوتا ہے تو شیر کی طرح کھڑا ہوتا ہے، نوازشریف عزت سے گھر گیا تھا لیکن یہ ذلت سے گئے ہیں، اوکاڑہ والوں قدرت کے اصول میں گناہ گار کی معافی ہے ظالم کی نہیں۔انہوں نے کہا کہ نوازشریف کے دور میں آپ کو سستی بجلی، گیس، پٹرول اور چینی ملتی تھی، انہوں نے سازش کر کے نوازشریف سے اقتدار چھینا، ان لوگوں کو مزدور کی آہ لگی ہے۔ لیگی رہنما نے پی ٹی آئی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ کل پرسوں سے شور مچا رہے ہیں ہمارا انتخابی نشان لے لیا ہے، تم کہتے ہو تمہارا نشان بلا تھا، تمہارا انتخابی نشان بلا نہیں وہ ڈنڈا تھا جو اپنے ہاتھ میں پکڑا ہوتا تھا، وہ ڈنڈا تم نے پاکستان کی عوام اور روٹی پر چلایا۔

پاکستان مسلم لیگ ن خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے پُرعزم

 


پاکستان مسلم لیگ ن خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے پُرعزم، 9 نکاتی منشور تیار کر لیا۔، منشور میں ملکی ترقی میں خواتین کا کردار بڑھانے کے لیے 9 نکات شامل ہیں، مسلم لیگ ن کے منشور کے مطابق خواتین کو تعلیم، صحت، زراعت، توانائی سیکٹرمیں مراعات دی جائیں گی۔کاروبار کرنے والی خواتین کو قرض اور ٹیکس چھوٹ دینا بھی منشور کا حصہ ہے، صحت کارڈ کی طرز پر میٹرنٹی کارڈ کا اجرا بھی منشور میں شامل ہے۔خواتین کو شعبہ تعلیم میں زیادہ مواقع دینے کا اعلان منشور میں شامل ہے، خواتین کو بچوں کو تعلیم دینے کے جدید طریقہ بھی سکھائے جائیں گے، ماؤں کو میٹرنٹی ہیلتھ کارڈ جاری کیا جائے گا۔منشور کے مطابق چھوٹے قصبوں میں گائنی ڈاکٹر کی دستیابی یقینی بنائی جائے گی، زرعی شعبہ میں خواتین کی حوصلہ افزائی، لائیو سٹاک، باغبانی کی تربیت دی جائے گی، توانائی سیکٹر میں خواتین کو انٹرن شپ، پاورپلانٹس میں ملازمتیں دی جائیں گی۔کاروبار کرنے والی خواتین کو 30 فیصد خواتین ملازم رکھنے پر ٹیکس چھوٹ دی جائے گی، خواتین کو کاروبار کے لیے قرض اور ہنرسکھائے جائیں گے۔


الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سینیٹ کی قرارداد پر الیکشن ملتوی کرنے سے انکار کر دیا

 


الیکشن
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سینیٹ کی قرارداد پر الیکشن ملتوی کرنے سے انکار کر دیا۔
الیکشن کمیشن نے سینیٹ قرارداد پر سینیٹ سیکرٹریٹ کو خط لکھ دیا۔سینیٹ سیکرٹریٹ کو لکھے گئے خط میں کہا کہ الیکشن کمیشن نے آپ کی قرارداد کا جائزہ لیا، ماضی میں بھی عام انتخابات اور بلدیاتی انتخابات موسم سرما میں ہوتے رہے ہیں۔ خط میں الیکشن کمیشن نے کہا کہ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے مشاورت کے بعد پولنگ کیلئے 8 فروری کی تاریخ مقرر کی تھی۔ سینیٹ سیکرٹریٹ کو لکھے گئے خط میں کہا گیا کہ عام انتخابات کے انعقاد کیلئے الیکشن کمیشن نے تمام تیاریاں مکمل کر رکھی ہیں، الیکشن کمیشن8 فروری کو انتخابات کیلئے سپریم کورٹ میں بھی یقین دہانی کروا چکا ہے۔الیکشن کمیشن نے خط میں  کہا کہ اس وقت عام انتخابات 2024 کو ملتوی نہیں کیا جا سکتا۔

خط میں کہا گیا کہ صاف وشفاف انتخابات کے انعقاد کیلئے امن وامان کی صورتحال پر کمیشن نے نگران وفاقی وصوبائی حکومتوں کو ہدایات دی ہیں۔

واضح رہے کہ 5 جنوری کو سینیٹر دلاور خان نے سب سے پہلے عام انتخابات ملتوی کرانے کی قرارداد سینیٹ میں پیش کی تھی جسے ایوان نے کثرت رائے سے منظور کیا، اس قرارداد کی منظوری کے وقت سینیٹ میں 14 سینیٹرز موجود تھے۔

مسلم لیگ ن نے ملک کی معاشی بحالی اور عوام کو مہنگائی سے نجات دلانے کیلئے معاشی منصوبے کو حتمی شکل دے دی


 مسلم لیگ ن نے ملک کی معاشی بحالی اور عوام کو مہنگائی سے نجات دلانے کیلئے معاشی منصوبے کو حتمی شکل دے دی۔ مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نوازشریف کا معاشی ماہرین کے ساتھ اہم مشاورتی اجلاس ہوا، اجلاس میں سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف نے بھی شرکت کی، ملکی معاشی مسائل کے حل کے لئے اصلاحات اور مختلف تجاویز پر غور کیا گیا۔اجلاس میں شرح ترقی میں اضافے، ٹیکس اصلاحات، توانائی کے بحران کا خاتمہ، بجلی اور گیس کی قیمتوں میں کمی کے نکات طے کر لئے گئے، زراعت، صنعت، آئی ٹی کی ترقی کے مراعات پر مبنی پیکج تیار کرلئے گئے، سالانہ بنیادوں پر روزگار کی فراہمی، نوجوانوں کو ہنرمند بنانے کے لئے پالیسی نکات بھی مرتب کرلئے گئے۔زرعی مقاصد کے لئے خصوصی رعایت پر شمسی توانائی کی فراہمی، گھریلو صارفین کو بجلی کی فراہمی میں بڑی مراعات کا تعین بھی پیکج میں شامل ہے، تعلیم، صحت اور انفراسٹرکچر کے لئے بڑے منصوبوں کی ترجیحات بھی طے کر لی گئیں، قومی ترقی کو تیز کرنے والے اقدامات سے مجموعی معاشی سرگرمیوں کو مرحلہ وار بڑھانے پر اتفاق ہوا۔ معاشی منصوبہ مختلف شعبوں کے ماہرین کی تجاویز کی روشنی میں طے کیا گیا ہے، شرح سود میں کمی لانے، بڑی صنعتوں اور برآمدی شعبے کے لئے اصلاحات کے اصول بھی مرتب کرلئے گئے۔