Thursday, 9 December 2021

پریانتھا کمارا کی کولمبو میں سرکاری اعزاز کے ساتھ تدفین

 سانحہ سیالکوٹ میں بے دردی سے قتل کیے جانے والے سری لنکن شہری پریانتھا کمارا کی کولمبو میں سرکاری اعزاز کے ساتھ تدفین کردی گئی۔مقتول کی والدہ اور اہلِ خانہ غم سے نڈھال، بھائی نے پریانتھا کی موت کو بڑا سانحہ قرار دے دیا۔پریانتھا کمارا قتل کیس میں شاملِ تفتیش 34 ملزمان کو لاہور فارنزک سائنس لیبارٹری میں پیش کردیا گیا، ملزمان کا فارنزک ٹیسٹ کیا جارہا ہے، فوٹو گرافک ٹیسٹ بھی کیا جائے گا۔وڈیو میں موجود افراد کے چہروں کا باریک بینی سے جائزہ لیا جائے گا۔علاوہ ازیں سپریم کورٹ بار کے وفد نے سینیٹر علی ظفرکی قیادت میں سری لنکن ہائی کمشنر سے ملاقات کی۔ سینیٹر علی ظفر نے بتایا کہ سپریم کورٹ بار ایک وکیل مقرر کرے گی جو پریانتھا کیس کی نگرانی کرے گا۔

واقعے کا پس منظر

3 دسمبر کو سیالکوٹ کی اسپورٹس گارمنٹ کی فیکٹری کے غیر مسلم سری لنکن منیجر پریانتھا کمارا پر فیکٹری ورکرز نے مذہبی پوسٹر اتارنے کا الزام لگا کر حملہ کردیا، پریانتھا کمارا جان بچانے کیلئے بالائی منزل پر بھاگے لیکن فیکٹری ورکرز نے پیچھا کیا اور چھت پر گھیر لیا۔انسانیت سوز خونی کھیل کو فیکٹری گارڈز روکنے میں ناکام رہے، فیکٹری ورکرز نے منیجر کو اوپر سے نیچے پھینک دیا اور پھر لاش کو گھسیٹ کر فیکٹری سے باہر چوک پر لے گئے، ڈنڈے مارے، لاتیں ماریں اور پھر آگ لگا دی۔


No comments:

Post a Comment

کمنٹ کرنے کاشکریہ