Thursday, 3 February 2022

ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل رپورٹ کے مطابق پاکستان کرپشن میں مزید 16 درجے بلند


 لاہور؍ اسلام آباد( نیوز ایجنسیاں؍ مانیٹرنگ ڈیسک) ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل نے 180 ممالک کا کرپشن پرسیپشن انڈیکس (سی پی آئی) جاری کردیا جس کے مطابق پاکستان کرپشن رینکنگ میں 16 درجے اوپر چلا گیا اور کرپشن پرسیپشن انڈیکس میں پاکستان دنیا میں 140ویں نمبر پرآگیا،2020 میں پاکستان کا دنیا میں نمبر 124واں تھا اورسکور 31 تھا ،2021 میں 3 پوائنٹس کمی کے ساتھ پاکستان کا سی پی آئی سکور 28 ہوگیا،انڈیکس کا سکور کم ہونا کرپشن میں اضافے کو ظاہر کرتا ہے ۔کرپشن پرسیپشن انڈیکس میں پاکستان سمیت کْل 23 ممالک نیچے گئے ،25 ممالک بہتری کی طرف آئے ، 131 ممالک نے اپنی پوزیشن برقرار رکھی ، افغانستان 116 ویں نمبر پر ہے ۔ڈنمارک، فن لینڈ اور نیوزی لینڈ سب سے بہتر ممالک ہیں جن کا 180 ممالک کی فہرست میں سب سے بہتر 88 سکور ہے ۔بہترین ممالک میں ناروے ، سنگاپور اور سوئیڈن 85 سکور کے ساتھ دوسرے نمبر ، سوئٹزر لینڈ 84 سکور کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے ۔ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل پاکستان کی وائس چیئرمین جسٹس (ر) ناصرہ اقبال نے رپورٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا بھارت اور بنگلہ دیش کے سی پی آئی 2021 کے سکور میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔وفاقی کابینہ کے اعلامیہ کے مطابق کابینہ کو بتایا گیا کہ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی حالیہ رپورٹ ملک میں انصاف کی فراہمی کے حوالے سے ہے ۔وزیر اعظم نے کہا موجودہ حکومت نے کرپشن کے خلاف سب سے زیادہ اقدامات کئے ، کرپشن کرنے والے مقدمات کا سامنا کرنے کے بجائے ملک سے باہر ہیں اور مقدمات میں غیر ضروری التوا کے بہانے بنا رہے ہیں، ہماری حکومت نے کرپشن کے زیر التوا کیس جلد نمٹانے کے لئے عدالتوں میں موثر پیروی کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کابینہ اجلاس کے بعد بریفنگ میں کہا کہ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ میں پاکستان کا درجہ مالی کرپشن نہیں بلکہ سیاسی کرپشن اور قانون کی حکمرانی نہ ہونے کے باعث گرا ہے ۔انہوں نے کہا قانون کی حکمرانی پر کام کرنے کی ضرورت ہے ۔مسلم لیگ (ن)کے صدر شہباز شریف نے ایک بیان میں کہاہے کہ ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل نے مسلسل دوسری بار گواہی دی ہے کہ عمران نیازی حکومت کرپٹ اور چور ہے ،عالمی ادارے کی رپورٹ فرد جرم ہے ، کرپٹ حکمران استعفیٰ دیں کیونکہ ملک ان کی لوٹ مار کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے کہا دنیا کہہ رہی ہے کہ وزیراعظم چور ہے ،کرپشن، کرپشن کا شور مچانے والوں کی ہر روز چوریاں پکڑی جا رہی ہیں۔مسلم لیگ(ن) کے سینئر نائب صدر شاہد خاقان عباسی نے پارٹی ترجمان مریم اورنگزیب کے ہمراہ پریس کانفرنس میں رپورٹ کو حکومت پر فردجرم قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا کہ وزیراعظم اور وزرا ء ملک میں کرپشن بڑھنے کا جواب دیں،ہر ایک پر چوری کا الزام لگانے والا عالمی چور نکلا، عمران خان! تم سڑک پر آئو، لوگ بتائیں گے ،سیاسی شہید بننے کا موقع نہیں ملے گا ۔نائب صدرمسلم لیگ (ن) مریم نوازنے اپنے ٹویٹ میں کہاہے کہ عمران حکومت سے زیادہ کرپٹ، بدعنوان اور رشوت خور حکومت پاکستان کی تاریخ میں نہیں آئی، ہر شعبے میں تنزلی کے ریکارڈ بنانے والے عمران خان کے دور میں صرف ایک شعبے میں ترقی ہوئی اور وہ ہے چوری اورلوٹ مار،عوام کی جیبیں خالی کر نے والے عمران مافیا نے دیدہ دلیری سے پاکستان پر ہاتھ صاف کئے ۔مسلم لیگ (ن )کے رہنما پرویز رشید نے ایک ٹویٹ میں کہا صادق و امین کی سند دینے والا ثاقب نثار اور سند کو تمغہ بنا کر سجانے والا عمران خان دونوں بے نقاب ہوگئے ۔پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ تحریک انصاف کی کرپشن اور لوٹ مار کی وجہ سے پاکستان دنیا بھر میں رسوا ہو گیا۔سابق وزیر خزانہ اور ن لیگی رہنما مفتاح اسماعیل نے ایک بیان میں کہا ہے کہ پاکستان دنیا کے 40 کرپٹ ترین ممالک میں شامل ہوگیا ۔چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے لاڑکانہ میں خطاب کرتے ہوئے کہا کرپشن میں ہوشربا اضافے کی رپورٹ کے بعد عمران خان کی حکومت کا کوئی جواز نہیں رہ جاتا۔پیپلز پارٹی کی نائب صدر سینیٹر شیری رحمٰن نے کہا مشیرِ احتساب شہزاد اکبر کا استعفیٰ ثبوت ہے کہ کرپشن واقعی بڑھی ، ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ حکومت کے تابوت میں آخری کیل ،رپورٹ پر سینیٹ میں بحث کرائی جائے ۔پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ترجمان ذوالفقار علی بدر نے کہاہے کہ ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ کے بعد عمران خان کی حکومت کا کوئی جواز نہیں رہ جاتا۔تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی نور عالم نے بھی ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ پر ردعمل میں کہا کہ جب میں احتساب، ناانصافی اور مہنگائی سے متعلق آواز اٹھاتا ہوں تو مجھے شوکاز نوٹس دے دیا جاتا ہے ،اب ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی کرپشن سے متعلق رپورٹ سامنے آئی ہے

No comments:

Post a Comment

کمنٹ کرنے کاشکریہ