وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ بلوچستان کے علاقے کیچ میں چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کے حملے کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔ شہید جوانوں کی وطن عزیز کیلئے قربانی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں اور ہماری تمام تر ہمدردیاں شہدا کے لواحقین کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مٹھی بھر عناصر دہشت گردی کے ذریعے قوم کے بلند حوصلے پست نہیں کرسکتے ۔ انہوں نے کہا کہ دشمن پاکستان کیخلاف سازش کر رہا ہے ،قومی یکجہتی اور اتفاق کے ذریعے دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملانا ہوگا۔دریں اثناوزیراعلیٰ کی زیر صدارت بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے ساڑھے 3 گھنٹے طویل مشاورتی اجلاس ہوا جس میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے خصوصی شرکت کی۔ اجلاس میں صوبائی وزرا راجہ بشارت،میاں محمود الرشید اورمتعلقہ حکام بھی شریک ہوئے جبکہ وفاقی وزیر مخدوم خسروبختیاراورصوبائی وزیر ہاشم جواں بخت نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔ اجلاس میں پارٹی امورکے حوالے سے تجاویز کا بھی جائزہ لیا گیا۔شرکاء نے بلدیاتی الیکشن کے حوالے سے اپنی آراء پیش کیں۔ وزیراعلیٰ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت بلدیاتی الیکشن کے انعقاد کیلئے یکسو ہے ۔ جماعتی بنیادوں پر الیکشن سے حقیقی قیادت نچلی سطح پر سامنے آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف بلدیاتی الیکشن کے لئے مضبوط امیدوار میدان میں اتارے گی۔مشاورت کے ساتھ مخلص اورمضبوط امیدواروں کا چناؤ کیا جائے گا۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ نیا پاکستان قومی صحت کارڈ حکومت کا فلاح عامہ کیلئے تاریخ ساز اقدام ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ان شاء اللہ مارچ کے آخر تک پنجاب کے تمام خاندان اس سے مستفید ہونگے ۔ بہاولپور، فیصل آباد، گوجرانوالہ، ملتان اور سرگودھا ڈویژن میں 2 ماہ کے اندر نیا پاکستان قومی صحت کارڈ کا اجرا مکمل ہو جائے گا۔انہوں نے سوئی میں باردودی سرنگ کے دھماکے کی شدید مذمت کی اور قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا ۔وزیراعلیٰ نے ملتان سے اغوا کے بعد 5 سالہ بچی کے قتل کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آرپی او سے رپورٹ طلب کر لی ۔
No comments:
Post a Comment
کمنٹ کرنے کاشکریہ