پنجاب میں 15300 کنال میل طویل نہروں کی بھل صفائی پراجیکٹ کی منظوری
وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے پنجاب میں 15300 کنال میل طویل نہروں کی بھل صفائی پراجیکٹ کی منظوری دیدی۔وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت خصوصی اجلاس ہوا۔ اجلاس میں نہروں کی بھل صفائی پراجیکٹ کی منظوری دی گئی۔ بھل صفائی کا طریقہ کار وضع کرنے کیلئے چیئرمین پی اینڈ ڈی، سیکرٹریز آبپاشی، زراعت اور مائنز پر مشتمل کمیٹی بھی قائم کر دی گئی۔ سیکرٹری آبپاشی واصف خورشید نے دس سال بعد ہونے والی بھل صفائی پر بریفنگ دی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ پہلے مرحلے میں منگلا ڈیم کی نہریں 26 دسمبر سے 13 جنوری تک بند ہوں گی۔ دوسرے فیز میں تربیلا ڈیم کی نہریں 13 جنوری سے 31 جنوری تک بند رکھی جائیں گی۔ 26 دسمبر سے پنجاب میں نہروں کی بندش کے بعد تین فیز میں بھل صفائی شروع کی جائے گی۔ جنوری کے پہلے ہفتے سے صوبہ بھر میں بھل صفائی کا باقاعدہ آغاز ہو گا۔ صوبہ بھر میں LIMSبھل صفائی کی صورتحال کے سیٹلائٹ امیج مہیا کرے گا۔ ایری گیشن مانیٹرنگ ایپ پر روزانہ 10 بجے ڈیٹا اپ لوڈ ہو گا۔بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ بھل صفائی کے دوران پانی چوری کے لئے غیر قانونی چینل ملنے پر پولیس مقدمہ درج کر کے کارروائی کرے گی۔ اس موقع پر محسن نقوی نے کہا بھل صفائی کی تکمیل سے تین سے چار لاکھ ایکڑ اراضی کو پانی میسر ہو گا۔صوبائی وزیر عامر میر، چیئرمین پی اینڈ ڈی، ایڈیشنل آئی جی، سیکرٹری زراعت، سیکرٹری اطلاعات، سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو، کمشنر اور دیگر حکام اجلاس میں موجود تھے۔
No comments:
Post a Comment
کمنٹ کرنے کاشکریہ