اے پی ایس کے شہداء قوم کے ہیرو، لواحقین کو سلام پیش کرتے ہیں: محسن نقوی
وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے آرمی پبلک سکول پشاور کے شہداء کی برسی پر پیغام میں کہا کہ 16 دسمبر کا دن آرمی پبلک سکول کے شہداء کی عظیم قربانیوں کی یاد ہمیشہ تازہ کرتا رہے گا۔محسن نقوی نے کہا کہ قوم آرمی پبلک سکول کے بچوں اور اساتذہ کی لازوال قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کر سکتی، بچوں نے اپنے قیمتی لہو سے محفوظ پاکستان کی تاریخ لکھی، پرامن پاکستان کی بنیادوں میں بچوں کا خون شامل ہے، ننھے پھولوں نے عظیم مقصد کیلئے اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔نگران وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ شہدائے اے پی ایس نے پاکستانی قوم کو دہشت گردی کے خلاف متحد کیا، شہداء کی عظیم قربانیوں کے طفیل دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پوری قوم کا مثالی اتحاد اور اتفاق سامنے آیا، شہید بچوں کی عظیم قربانیوں نے قوم کو نیا حوصلہ اور عزم دیا، سفاک دشمن کو شکست ہوئی اور پاکستان امن کا گہوارہ بنا۔محسن نقوی نے کہا کہ شہید بچے اور اساتذہ پوری قوم کے ہیرو ہیں اور ان کے خاندانوں کو سلام پیش کرتے ہیں، ہم شہدائے اے پی ایس کے خاندانوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں، قائد اعظم محمد علی جناحؒ کے پاکستان میں دہشت گردی اور انتہا پسندی کی قعطاً گنجائش نہیں۔
No comments:
Post a Comment
کمنٹ کرنے کاشکریہ