Saturday, 20 January 2024

شعیب ملک نے اداکارہ ثنا جاوید سے دوسری شادی کرلی


 شعیب ملک نے اداکارہ ثنا جاوید سے دوسری شادی کرلی

 پاکستان کرکٹ ٹیم کے سٹار آل راؤنڈر شعیب ملک اور معروف اداکارہ ثنا جاوید نے شادی کر لی۔ہفتے کی صبح شعیب ملک اور ثنا جاوید نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر شادی کی تصاویر شیئر کیں اور ساتھ ہی کیپشن لکھا۔دونوں نے پوسٹ کے کیپشن میں "الحمداللہ" لکھا اور ساتھ ہی قرآن شریف کی آیت بھی لکھی۔یاد رہے کہ ثنا جاوید نے گلوکار عمیر جیسوال سے پہلی شادی کی تھی جبکہ شعیب ملک نے پہلی شادی بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا سے کی تھی۔اداکارہ ثنا جاوید نے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اپنا نام ’ثنا جاوید‘ سے تبدیل کرکے ’ثنا شعیب ملک‘ رکھ دیا۔

شعیب ملک کی ثانیہ مرزا سے طلاق کی افواہیں

شعیب ملک اور ثانیہ مرزا نے 13 سال قبل اپریل 2010 میں شادی کی تھی، شادی کے 8 سال بعد 30 اکتوبر 2018 کو ان کے ہاں پہلے بیٹے کی پیدائش ہوئی۔دونوں سٹارز کے درمیان علیحدگی اور طلاق کی افواہیں ابتدائی طور پر دسمبر 2022 میں بھارتی میڈیا میں شائع ہوئی تھیں اور شوبز ویب سائٹس نے مستند ذرائع کا حوالہ دیئے بغیر قیاس آرائیاں کی تھیں کہ ان کے درمیان اختلافات ہو گئے ہیں۔کئی ماہ سے طلاق کی افواہیں گردش کرنے کے بعد دونوں نے باضابطہ طور پر اس حوالے سے نہ تصدیق کی اور نہ تردید کی۔تاہم اس دوران شعیب ملک متعدد بار ثانیہ مرزا کا نام لیتے ہوئے ان کی تعریف کر چکے ہیں۔ایک انٹرویو میں وہ یہ بھی کہہ چکے ہیں کہ نہ صرف ان کے اور ثانیہ مرزا بلکہ پوری دنیا کے جوڑوں کے تعلقات میں اتار چڑھاؤ آتا رہتا ہے اور شاید ہی کوئی ایسا شادی شدہ جوڑا ہے جن کے درمیان کبھی اختلافات نہ ہوتے ہوں۔ثنا جاوید کی گلوکار عمیر جیسوال سے طلاق کی خبریںثنا جاوید اور عمیر جیسوال کا نکاح اکتوبر 2020 میں ہوا تھا، نکاح کے بعد دونوں نے انسٹاگرام پر ایک دوسرے کو ٹیگ کرتے ہوئے انسٹاگرام پر سٹوریز بھی شیئر کیں۔ان کے درمیان طلاق کی افواہیں اس وقت سامنے آئیں جب عمر جیسوال ثنا جاوید کے بغیر عمرے کی سعادت کرنے مکہ مکرمہ گئے تھے۔اس کے علاوہ دونوں فنکاروں نے اپنے اپنے انسٹا گرام پروفائل سے اپنے نکاح کی تصاویر بھی ڈیلیٹ کردی تھیں۔سوشل میڈیا صارفین اور شوبز ویب سائٹس نے دعویٰ کیا تھا کہ ثنا جاوید اور عمیر جیسوال کے درمیان علیحدگی ہو چکی ہے تاہم دونوں نے علیحدگی کی تصدیق نہیں کی تھی۔

پیپلز پارٹی کے انتخابی دفتر پر حملہ، الیکشن کمیشن کے حکم پر مقدمہ درج


 پیپلز پارٹی کے انتخابی دفتر پر حملہ، الیکشن کمیشن کے حکم پر مقدمہ درج


(ویب ڈیسک) پیپلز پارٹی کے انتخابی دفتر پر حملے کے بعد پولیس نے الیکشن کمیشن کے حکم پر مقدمہ درج کرلیا۔ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق چیف الیکشن کمشنر نے لاہور میں پاکستان پیپلز پارٹی کے انتخابی دفتر پر حملے کا نوٹس لے لیا اور پاکستان پیپلز پارٹی کی شکایت پر ایف آئی آر کے اندراج کا حکم دے دیا۔ اس حوالے سے آئی جی پنجاب کو ہدایات جاری کر دی  گئی ہیں۔چیف الیکشن کمشنر کی ہدایت کے بعد تھانہ ستوکتلہ پولیس نے واقعہ کا مقدمہ منظر عباس کھوکھر کے بیٹے کی مدعیت میں 10 نامعلوم افراد کے خلاف درج کرلیا۔ مدعی مقدمہ کے مطابق نامعلوم افراد پٹرول سے بھری بوتلیں لے کر دفتر پر حملہ آور ہوئے اور آفس کے دروازوں اور بینرز پر پھینک کر آگ لگا دی۔ حملہ آور آفس میں موجود 50 ہزار مالیتی 30 کرسیاں اور ڈیڑھ لاکھ مالیت کا جنریٹر چوری کرکے لے گئے۔پولیس کا کہنا ہے کہ مقدمہ درج کرکے تفتیش کا آغاز کردیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ پیپلزپارٹی کے امیدوار منظر عباس کھوکھر کے دفتر پر گزشتہ روز علی الصبح حملہ کیا گیا تھا۔

پنجاب میں الیکشن کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر متعدد امیدواروں کو نوٹس


 پنجاب میں الیکشن کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر متعدد امیدواروں کو نوٹس


 پنجاب میں الیکشن ایکٹ کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر مختلف اضلاع کے ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ افسروں نے کارروائیوں میں متعدد امیدواروں کو نوٹس اور وارننگ جاری کیں۔صوبائی الیکشن کمیشن کی ہدایت پر ضلعی مانیٹرنگ افسروں نے این اے 153 ملتان میں امیدوار حامد علی بھٹی، این اے 66 وزیرآباد میں امیدوار احمد چٹھہ کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر نوٹس جاری کئے۔پی پی 133 ننکانہ صاحب میں امیدوار نوشیر مان کو وال چاکنگ کرانے اور این اے 75 نارووال سے امیدوار دانیال عزیز کو بھی دیواروں پر پوسٹر آویزاں کرنے پر نوٹس جاری ہوئے۔الیکشن کمیشن کی ہدایت پر ننکانہ صاحب میں انتخابی امیدواروں کو پینا فلیکس اور بل بورڈز آویزاں کرنے پر وارننگ جاری کی گئی۔امیدواروں نے جہلم، راولپنڈی، اسلام آباد، سرگودھا اور بھکر سے پینا فلیکس اور دیگر تشہیری مواد ہٹا دیا۔صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب اعجاز انور چوہان کا کہنا تھا کہ چنیوٹ، فیصل آباد ، قصور، لاہور اور ملتان سے بھی پینا فلیکس ہورڈنگزاتروا دیئے گئے ہیں، ضابطہ  اخلاق پر عمل درآمد کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔

محسن نقوی کا میو اور گنگا رام ہسپتال کا دورہ، اپ گریڈیشن کا جائزہ


 محسن نقوی کا میو اور گنگا رام ہسپتال کا دورہ، اپ گریڈیشن کا جائزہ


 نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے لاہور کے مختلف ہسپتالوں کا دورہ کیا اور اپ گریڈیشن کے کاموں کا جائزہ لیا۔محسن نقوی نے رات گئے صوبائی وزراء کے ہمراہ لاہور میں واقع میو ہسپتال اور گنگارام ہسپتال کا دورہ کیا، دونوں ہسپتالوں میں جاری اپ گریڈیشن کے کاموں کا جائزہ لیا۔میو ہسپتال پہنچنے پر سیکرٹری تعمیرات و مواصلات نے وزیراعلیٰ پنجاب اور کابینہ کے اراکین کو اپ گریڈیشن پراجیکٹ میں پیشرفت کے بارے میں بریفنگ دی۔بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ ہسپتال کا اسٹیٹ آف دی آرٹ ایمرجنسی بلاک تکمیل کے قریب ہے، آپریشن تھیٹرز میں جدید سہولتیں، درجہ حرارت کنٹرول کرنے کیلئے ڈیجیٹل پینل نصب کر دیئے گئے ہیں۔وزیراعلیٰ نے استقبالیہ میں سائن بورڈز پر تحریر کو بہتر کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ ایمرجنسی بلاک کو آئندہ چند روز میں کھول دیا جائے گا۔بعد ازاں نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کابینہ کے ہمراہ گنگارام ہسپتال پہنچے اور وہاں جاری اپ گریڈیشن کے کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا۔محسن نقوی نے ہسپتال کے اندر سے گزرنے والی سیوریج لائن کو شفٹ کرنے کیلئے فوری پلان تیار کرنے کا حکم دیا۔

راجن پور پولیس کے 8 شہداء کے اہل خانہ کو پلاٹس فراہم کرنے کی تقریب


 راجن پور پولیس کے 8 شہداء کے اہل خانہ کو پلاٹس فراہم کرنے کی تقریب

پولیس شہداء کے خاندانوں کی ویلفیئر کے لئے اقدام جاری ہیں۔ راجن پور پولیس کے 8 شہداء کے اہل خانہ کو پلاٹس فراہم کر دیئے گئے۔اس حوالے سے سی پی او میں تقریب ہوئی۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے پلاٹس کے کاغذات دیئے۔ انہوں نے کہا 2017 سے قبل کے 572 شہداء کے اہل خانہ کو اچھی ہاؤسنگ سوسائٹیز میں پلاٹس فراہم کئے، گھروں کی تعمیر کیلئے اقساط میں ایک کروڑ 30 لاکھ روپے دئیے جا چکے ہیں۔دوسری جانب پولیس گارڈز نے شہید سب انسپکٹر خالد محمود ورک کی قبر پر حاضری دی، سلامی پیش کی اور فاتحہ خوانی کی۔ تھانہ کاہنہ کے سب انسپکٹر خالد محمود ورک اشتہاری مجرم سے فائرنگ کے تبادلے میں شہید ہو گئے تھے۔سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ کا کہنا ہے کہ فرض کی راہ میں جانیں قربان کرنے والے شہداء ہمارا فخر ہیں، لاہور پولیس عوام کی جان و مال کے تحفظ کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔

 عارضی اوقات کار میں توسیع، سکول 31 جنوری تک ساڑھے نو بجے ہی کھلیں گے

 محکمہ سکول ایجوکیشن نے سکولوں میں چھٹیوں کے حوالے سے عارضی اوقات کار میں توسیع کر دی۔محکمہ سکول ایجوکیشن نے موسم کی شدت کو دیکھتے ہوئے عارضی اوقات کار میں توسیع کر دی۔ صوبے بھر میں سکول 31 جنوری تک ساڑھے نو بجے ہی شروع ہونگے۔اس سے قبل سکولوں میں عارضی اوقات کار 19 جنوری تک نافذ کئے گئے تھے۔ادھر پنجاب میں سردی کی شدید لہر کے باعث حکومت نے یونیفارم پہننے کی پالیسی میں بھی نرمی کر رکھی ہے ، اس جنوری اور فروری میں سرکاری اور نجی سکولوں میں یونیفارم پہننا لازمی نہیں ہو گا۔ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹیز کو جاری مراسلے میں محکمہ سکول ایجوکیشن نے کہا ہے کہ سرکاری اور نجی سکولوں کے طلبا و طالبات کوئی بھی گرم کپڑے پہن کر سکول آ سکتے ہیں۔مراسلے میں کہا گیا ہے کہ سردی کے پیش نظر طلبا سویٹر، کوٹ، جیکٹ، کیپ، جرابیں اور کوئی بھی بوٹ پہن کر سکول آ سکتے ہیں۔مراسلے کے مطابق سرکاری و نجی سکولوں کے سربراہان ان ہدایات پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔


ملکی مسائل کے حل کا فارمولا نوازشریف کے پاس ہے: مریم اورنگزیب


 ملکی مسائل کے حل کا فارمولا نوازشریف کے پاس ہے: مریم اورنگزیب

رہنما مسلم لیگ ن اور سابق وفاقی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ملک کے تمام مسائل کے حل کا فارمولہ نوازشریف کے پاس ہے۔لاہور کی انسداد دہشتگردی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ ہم عدالت کے سامنے اس لئے پیش ہوتے ہیں کیونکہ ہمیں معلوم ہے کہ یہ مقدمے جھوٹے ہیں، ایک شخص عدالتوں کو جوابدہ نہیں ہونا چاہتا۔انہوں نے کہا کہ جو لانگ مارچ لائے، جناح ہاؤس پر حملہ کیا، وہ دوسروں پر دہشتگری کا مقدمہ کرتے ہیں، جنہوں نے لاڈلا بنایا تھا اب وہ بھی خمیازہ بھگت رہے ہیں۔لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ نواز شریف کے پاس غربت، مہنگائی اور لوڈشیڈنگ سے نجات کا فارمولا ہے، 8 فروری کو عوام شیر پر مہر لگائیں گے، پاکستان کے نوجوانوں کو ایک خوشحال مستقبل ملے گا۔سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے حوالے سے مریم اورنگزیب نے کہا کہ آئی پی پی سے سیاسی اتحاد کیا ہے، ٹکٹیں نہیں دیں، پولیٹیکل الائنس کا یہ مطلب نہیں کہ ٹکٹیں دی گئی ہیں۔

لاہور والے کھلے دل کے لوگ ہیں، وہ بلاول بھٹو کو کامیاب کرائیں گے: چودھری سرور


 لاہور والے کھلے دل کے لوگ ہیں، وہ بلاول بھٹو کو کامیاب کرائیں گے: چودھری سرور


مسلم لیگ ق کے آرگنائزر اور پنجاب کے صدر چودھری سرور نے کہا کہ لاہور والے کھلے دل کے لوگ ہیں، وہ بلاول بھٹو کو کامیاب کرائیں گے۔چودھری سرور نے کہا کہ بلاول بھٹو ایک انٹرنیشنل لیڈر ہیں، ایک ہی درخواست ہے ہم لاڈلے نہیں بننا چاہتے، ہم چاہتے ہیں ہمیں لیول پلیئنگ فیلڈ دی جائے۔چودھری سرور نے کہا کہ حلقہ این اے 127 سے بلاول بھٹو جیت رہے ہیں، میری توقعات سے زیادہ لوگ بلاول بھٹو کو یہاں سے ممبر نیشنل اسمبلی بنانا چاہتے ہیں، بینظیر بھٹو شہید بھی پہلی کم عمر وزیراعظم بنی تھیں، بلاول بھٹو کی فیملی 35 سال بعد لاہور سے الیکشن لڑ رہی ہے، بلاول بھٹو ایم این اے بھی بنیں گے اور وزیراعظم بھی بنیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ لاہور والے کھلے دل کے لوگ ہیں، وہ بلاول بھٹو کو یہاں سے کامیاب کرائیں گے، لیول پلیئنگ فیلڈ الیکشن کمیشن اور نگران حکومتوں نے دینی ہے، میں مسلم لیگ ق کا آرگنائزر ہوں اور پنجاب کا صدر بھی ہوں، ہمارا کسی پارٹی کے ساتھ الائنس نہیں ہے، بلاول بھٹو اور ان کے خاندان سے میرے 40 سال سے تعلقات ہیں۔

پاکستان کیخلاف انڈیا کی پروپیگنڈا وار فلم ’فائٹر‘ کا ٹریلر جاری

 پاکستان کیخلاف انڈیا کی پروپیگنڈا وار فلم ’فائٹر‘ کا ٹریلر جاری

 ممبئی: پاکستان کیخلاف انڈیا کی پروپیگنڈا مہم جاری ہے اور اسی سلسلے میں ہریتھک روشن اور دیپیکا  پڈوکون کی نئی فلم ’فائٹر‘ کا ٹریلر جاری کردیا گیا۔سوشل میڈیا پر جاری تین منٹ سے زائد دورانیہ کے ٹریلر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ پلوامہ حملے کے بعد انڈین فضائیہ پاکستان کے خلاف ایک آپریشن کا منصوبہ بناتی ہے۔فلم میں ہریتھک روشن اور دیپیکا پڈوکون انڈین فضائیہ کے اسکواڈرن لیڈر کا کردار ادا کررہے ہیں جبکہ انیل کپور کمانڈنگ آفیسر کے روپ میں نظر آئیں گے۔میگا ایکشن تھرلر فلم کی دیگر کاسٹ میں کرن سنگھ گروور، اکشے اوبرائے اور دیگر نامور فنکار شامل ہیں۔یش راج پروڈکشن کے تحت ایکشن فلم کو بلاک بسٹر ’پٹھان‘ کے ڈائریکٹر سدھارتھ آنند بنارہے ہیں اور اسے بھارت کے 75 یوم جمہوریہ پر ریلیز کیا جائے گا۔’فائٹر‘ کے ساتھ ہریتھک روشن اور دیپیکا پڈوکون پہلی مرتبہ اسکرین شیئر کررہے ہیں جب کہ وہ دونوں سدھارتھ آنند کے پروجیکٹ میں الگ الگ کام کرچکے ہیں۔واضح رہے کہ ’فائٹر‘ بنانے کا اعلان جنوری 2021 میں کیا گیا تھا ور اسے ستمبر 2022 کو ریلیز ہونا تھا لیکن کورونا وبا کے باعث اس میں تاخیر ہوگئی اور اب 25 جنوری 2024 میں اسے سینما گھروں کی زینت بنایا جائے گا۔

فلائٹ 10 گھنٹے لیٹ، ذہنی اذیت پرائیرلائن کیخلاف کارروائی کروں گا، بھارتی اداکار


 فلائٹ 10 گھنٹے لیٹ، ذہنی اذیت پرائیرلائن کیخلاف کارروائی کروں گا، بھارتی اداکار

 ممبئی: بالی ووڈ کے اداکار رنویر شورے نے نجی ائیرلائن کے خلاف شکایت درج کروانے کا اعلان کردیا۔رنویر شورے نے سوشل میڈیا پوسٹ میں کہا کہ 2 بجے کی فلائٹ کے لیے دیگر مسافروں کے ساتھ ائیرپورٹ پرپہنچا تو ائیرلائن نے پرواز خراب موسم کے باعث 3 گھنٹے تاخیرسے روانہ  ہونے کا بتایا۔اداکار کا مزید کہنا تھا کہ اس کے بعد بغیر کسی وجہ کے فلائٹ لیٹ ہوتی چلی گئی اور آخر کار 10 گھنٹے کی تاخیر کے بعد روانگی ہوئی۔ معلومات کرنے پر پتا چلا کہ فلائٹ میں تاخیر کی وجہ خراب موسم نہیں تھا بلکہ ہمیں لے جانے والا طیارہ دوسرے شہر سے منگوایا گیا تھا۔رنویر شورے نے کہا کہ تمام مسافروں کو ذہنی اور جسمانی پریشانی سے دوچار کرنے پر ائیرلائن کے خلاف کارروائی کروں گا۔  رنوے شورے کھوسلہ کا گھونسلہ، بھیجا فرائی سمیت دیگر فلموں میں کام کرچکے ہیں۔

 چیئرمین پنجاب ریونیو اتھارٹی کو عہدے سے ہٹانے کا نوٹیفکیشن معطل

 لاہور ہائیکورٹ نے چیئرمین پنجاب ریونیو اتھارٹی جاوید بدر کو عہدے سے ہٹانے کا نوٹیفکیشن معطل کردیا۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس ساجد محمود بھٹی نے  چیئرمین پنجاب ریونیو اتھارٹی کو عہدے سے ہٹانے کیخلاف درخواست پر سماعت کی۔درخواست گزا ر نے مؤقف اپنایا کہ چیف الیکشن کمشنر کے بھتیجے کو گریڈ 19 میں بھرتی کیا گیا، تقررو تبادلوں پر پابندی کے باوجود چند افسران کی مستقلی کی سمری چیف الیکشن کمشنر کو بھجوائی گئی، چیف الیکشن کمشنر نے صرف اپنے بھتیجے کی مستقلی کو منظور کیا باقی کو مسترد کردیا۔درخواست میں کہا گیا کہ درخواست گزار نے قانون کے برعکس چیف الیکشن کمشنر کے بھتیجے کو مستقل نہیں کیا، چیئرمین الیکشن کمیشن نے رنجش کی بنا پر درخواست گزار کو عہدے سے ہٹانے کا نوٹیفکیشن جاری کرایا، عدالت درخواست گزار کو عہدے سے ہٹانے کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دے۔ عدالت نے وفاقی حکومت کا جاوید بدر کو عہدے سے ہٹانے کا نوٹیفکیشن معطل کرتے  ہوئے آئندہ سماعت پر فریقین سے جواب طلب کرلیا۔


بھارتی گلوکارہ کے ایس چترا کو متنازعہ مذہبی ویڈیو مہنگی پڑ گئی


 بھارتی گلوکارہ کے ایس چترا کو متنازعہ مذہبی ویڈیو مہنگی پڑ گئی

 ممبئی: بھارتی گلوکارہ کے ایس چترا متنازعہ مذہبی ویڈیو پر سوشل میڈیا میں شدید تنقید کا نشانہ بن گئیں۔ گلوکارہ کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہے جس میں وہ لوگوں کو ایودھیہ میں رام مندر کے افتتاح کے موقع پر 22 جنوری کو مذہبی نعرے لگانے کی اپیل کررہی ہیں۔کے ایس چترا ویڈیو میں مداحوں کو یہ کہتی نظر آتی ہیں کہ وہ افتتاحی تقریب کے وقت بارہ بج کر بیس منٹ پر ’شری رام، جیا رام‘ کے نعرے لگائیں۔انہوں نے لوگوں سے یہ بھی اپیل کی کہ وہ اس اہم موقع پر گھر میں ہندؤں کا مخصوص پانچ روشنیوں چراغ بھی جلائیں۔سوشل میڈیا پر جہاں ہندو انتہا پسندوں کی طرف سے گلوکارہ کی تحسین کی گئی وہیں اکثریت نے کے ایس چترا کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے لکھا کہ وہ اس ویڈیو سے ایک حساس معاملے پر گھٹیا مذہبی سیاست کررہی ہیں۔

’ان‘ کے مخالف کے ساتھ آج جو ہورہا ہے، کل ’ان‘ کے ساتھ بھی یہی ہوگا، بلاول


 ’ان‘ کے مخالف کے ساتھ آج جو ہورہا ہے، کل ’ان‘ کے ساتھ بھی یہی ہوگا، بلاول

نوڈیرو: چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے زور دیا ہے کہ آج ’ان‘ کے مخالف کے ساتھ جو ہورہا ہے، کل ’ان‘ کے ساتھ بھی یہی ہوگا۔بلاول بھٹو زرداری نے لاڑکانہ کے شہر نوڈیرو میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے پہلے دن سے سلیکٹڈ راج کو پوری دنیا کے سامنے بےنقاب کیا، نواز شریف امیر المومنین بننا چاہتے تھے ہم نے انہیں بھی ناکام بنایا۔انہوں نے کہا کہ ملک کے خراب حالات کا کسی کو کوئی احساس اور فکر نہیں ہے، دہشت گرد ایک بار پھر سر اٹھا رہے ہیں ،انہیں دعوت دی گئی ہے کہ کراچی میں آکر گھر بنائیں۔بلاول کا کہنا تھا کہ ملک میں نفرت اور ذاتی دشمنی کی سیاست کی وجہ سے جو ہورہا ہے بہت غلط ہورہا ہے، جو آج سمجھتا ہے کہ ان کے مخالف کے ساتھ جو کچھ ہورہا ہے، وہ جان لیں کل ان کے ساتھ بھی یہی ہوگا، سیاسی عدم استحکام سے معیشت کو نقصان ہوگا، اس سے ملک، وفاق اور نظام کو بھی نقصان پہنچے گا، تقسیم کی سیاست کا اثر ہر گھر تک پہنچ رہا ہے۔

الیکشن کمیشن؛ رجسٹرڈ سیاسی جماعتوں کی فہرست جاری، پی ٹی آئی بھی شامل


 الیکشن کمیشن؛ رجسٹرڈ سیاسی جماعتوں کی فہرست جاری، پی ٹی آئی بھی شامل

 اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے رجسٹرڈ سیاسی جماعتوں کی نئی فہرست جاری کردی، جس میں پی ٹی آئی بھی شامل ہے۔ الیکشن کمیشن کے پاس اس وقت 166 رجسٹرڈ سیاسی جماعتیں ہیں، جن میں پاکستان تحریک انصاف بھی شامل ہے۔ گزشتہ ہفتے  الیکشن کمیشن نے انٹرا پارٹی انتخابات نہ کرانے والی 13 جماعتوں کو ڈی لسٹ کردیا تھا۔واضح رہے کہ ایک روز قبل ہی الیکشن کمیشن کی جانب سے  عام انتخابات 2024ء کے سلسلے میں اقلیتی امیدواروں کی حتمی فہرستیں جاری کی گئی تھیں، جس کے مطابق تحریک انصاف قومی اور صوبائی اسمبلیوں کی خواتین اور اقلیتوں کی مخصوص نشستوں کی دوڑ سے باہر ہو چکی ہے۔

8 فروری کو انہیں جھٹکا لگے گا، ہمارے پاس پلان سی بھی موجود ہے، عمران خان


 8 فروری کو انہیں جھٹکا لگے گا، ہمارے پاس پلان سی بھی موجود ہے، عمران خان

 راولپنڈی: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ پلان سی بھی موجود ہے اور8 فروری کو انہیں جھٹکا لگے گا، اسی لیے یہ ڈرے ہوئے ہیں۔بانی پی ٹی آئی نے اڈیالہ جیل میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ چیف جسٹس مسلمان ہیں اور مسلمانوں کے بارے میں اللہ تعالیٰ نے کہا ہےکہ دشمنوں سے اتنی بھی  نفرت نہ کرو کہ انصاف نہ کر سکو، قران سب کے لیے ہے اور ہمارا کام ہے یاد کروانا، انصاف کے نظام پر یقین نہیں، چاہتا ہوں کارروائی براہ راست دکھائی جائے تاکہ قوم کو پتا چلے کہ کیا ہو رہا ہے۔عمران خان نے کہا کہ لندن پلان کے تحت جمہوریت کو روندا جا رہا ہے، انتخابی مہم شروع ہونے کے باوجود لوگوں کو اٹھایا جا رہا ہے، 9 مئی واقعات میں عورتوں اور بچوں کو جیلوں میں ڈالا گیا، کیپیٹل ہل واقعے میں سی سی ٹی وی کی مدد سے لوگوں کو پکڑا گیا تھا۔انھوں نے کہا کہ کور کمانڈر ہاؤس، اسلام اباد ہائی کورٹ اور جی ایچ کیو کی سی سی ٹی وی فوٹیج کس نے چوری کی، لوگ بے وقوف نہیں وہ جانتے ہیں کہ فوٹیج چوری کرنے کے وسائل کس کے پاس ہیں، 9 مئی لندن پلان معاہدے کا حصہ ہے۔صحافیوں سے گفتگو کے دوران عمران خان نے کہا کہ لوگوں کو اغوا کر کے تشدد کیا جاتا ہے اور اگر وہ نہیں مانتے تو آئی سی یو پہنچ جاتے ہیں، الیکشن کمیشن، پولیس، وفاقی تحقیقاتی ادارہ (ایف آئی اے) سب لندن معاہدے کا حصہ ہیں۔‘ہمارے پاس پلان سی موجود ہے’بانی چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ پی ٹی آئی کی پہلے اور دوسرے درجے کی قیادت کو اڑا دیا گیا، انتخابی نشان لے لیا گیا لیکن8  فروری کو انہیں جھٹکا لگنے والا ہے اور یہ ڈرے ہوئے ہیں، عوام کو نہیں روکا جا سکتا اسی لیے یہ ڈرے ہوئے ہیں۔عمران خان نے کہا کہ پلان سی بھی موجود ہے اور ایک اور پلان بھی بنا ہوا ہے، حکومت گرائے جانے کے باوجود جنرل باجوہ سے مذاکرات کیے، جنرل باجوہ سے کہا تھا کہ فری اینڈ فیئر انتخابات مسائل کا حل ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ جنرل باجوہ نے کہا تھا کہ اچھے غلاموں کی طرح سائفر کی بات نہ کرو ورنہ مقدمات کی بارش ہوگی، کیا حکومت گرانے کی سازش کو بے نقاب کرنا غداری ہے، سیاسی استحکام کے لیے صاف اور شفاف انتخابات ضروری ہیں۔‘میرا یا بشریٰ بی بی کا طاقت ور حلقوں میں سے کسی سے رابطہ نہیں ہے’انھوں نے کہا کہ ملک صرف سرمایہ کاری سے اس دلدل سے نکل سکتا ہے جو سیاسی استحکام کے بغیر ممکن نہیں ہے، بیرون ملک ایک کروڑ پاکستانی ہیں جن کی سرمایہ کاری سے یہ ملک مستحکم ہو سکتا ہے، ہم کہہ کہہ کر تھک چکے ہیں کہ 9 مئی کے واقعات پر آزادانہ انکوائری کروائی جائے۔عمران خان کا کہنا تھا کہ فوج کے خلاف کبھی کچھ نہیں کیا، جب مجھ پر گولیاں چلی ہم نے اس وقت بھی کچھ نہیں کیا، کئی لوگوں پر اتنا ظلم کیا گیا کہ وہ پارٹی چھوڑنے پر مجبور ہو گئے اور کئی لوگوں کے پارٹی چھوڑنے پر شکر ادا کیا۔اس دوران ان کا کہنا تھا کہ بیرسٹر گوہر خان کے گھر کے دروازے توڑ کر بھی گھر میں گھس گئے، شیخ رشید نے بڑا ساتھ دیا، پارٹی کے اندر سے دباؤ تھا کہ جنہوں نے پریس کانفرنس کی انھیں ٹکٹ نہیں دیا جا سکتا۔سابق وزیراعظم نے کہا کہ میرا یا بشریٰ بی بی کا طاقت ور حلقوں میں کسی سے رابطہ نہیں، چیف الیکشن کمشنر نے وہ حرکتیں کیں جو آج تک کسی نے نہیں کیں، بزدل دشمن کی کوئی اخلاقیات نہیں ہوتیں وہی حرکتیں الیکشن کمیشن نے کی ہیں۔انھوں نے کہا کہ لوگ جب فیصلہ کر لیتے ہیں تو پھر جو مرضی پروپگینڈا کیا جائے کامیاب نہیں ہوتا، قانون ہے کہ الیکشن کمیشن نے 90 روز میں الیکشن کروانے ہوتے ہیں، دو صوبوں میں حکومتیں تحلیل کیں لیکن 90 روز میں الیکشن نہیں ہوئے، اکتوبر میں انتخابات ہونا تھے تب بھی نہیں ہوئے۔عمران خان کا کہنا تھا کہ آئین کی خلاف ورزی پر آرٹیکل 6 لگتا ہے، نہ بلا رہا نہ بلے باز تو اب کیوں ڈرے ہوئے ہیں، پلان سی کے بارے میں 8 فروری کو پتا چل جائے گا، پی ٹی آئی کی انڈر 16 ٹیم کو بھی انتخابی مہم نہیں چلانے دی جا رہی ہے۔پارٹی کی انتخابی مہم کے بارے میں عمران خان نے کہا کہ اب اطلاعات ہیں ہمارے امیدواروں اپنی انتخابی مہم میں قیدی نمبر 804 کی تصویر لگانے کی بھی اجازت نہیں ہے۔بانی چئیرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ جو ناانصافی کی بات کرے وہ غدار نہیں ہوتا، میں نے الیکشن کمیشن کو آرٹیکل 6 لگانے کی دھمکی نہیں دی، 1977 میں ذوالفقار علی بھٹو کے خلاف صرف ایک  امیدوار کو اٹھایا گیا یہاں تو پوری پارٹی اٹھا لی گئی ہے، جنرل قمر باجوہ نے میری پیٹھ میں چھرا گھونپا میں نے نہیں۔

جنرل ہسپتال میں 30 سالہ خاتون کے ہاں 4 بیٹیوں کی پیدائش


 جنرل ہسپتال میں 30 سالہ خاتون کے ہاں 4 بیٹیوں کی پیدائش

 صوبائی دارالحکومت کے جنرل ہسپتال میں 30 سالہ خاتون کے ہاں 4 بیٹیوں کی پیدائش ہوئی ہے۔جنرل ہسپتال انتظامیہ کے مطابق خاتون کے ہاں پیدا ہونے والی 4 میں سے 3 بیٹیاں بالکل صحت مند ہیں۔ہسپتال انتظامیہ کا کہنا ہےکہ 2 بیٹیوں کا وزن 2 اعشاریہ 2 کلو ، تیسری کا 2 کلو اور چوتھی کا وزن 1 اعشاریہ 4 کلو ہے ۔ہسپتال انتظامیہ کے مطابق 1 اعشاریہ 4 کلو وزن والی بچی کمزور ہونے کے باعث نرسری میں داخل ہے۔

گوگل نے پاکستان میں انتخابی سرچ ٹرینڈ کا صفحہ جاری کر دیا


 گوگل نے پاکستان میں انتخابی سرچ ٹرینڈ کا صفحہ جاری کر دیا

  کراچی: گوگل نے 8فروری 2024 کو ہونے والے عام انتخابات سے متعلق سیاسی جماعتوں، اُن کے نامزد امیدواروں اور دیگر متعلقہ موضوعات سے متعلق آن لائن معلومات کی تلاش اور انتخابی عمل میں مدد دینے کے لیے صفحہ کا اجراء کر دیا ہے۔ذرائع ابلاغ اور عوام کو اس ڈیٹا تک آسان رسائی کی غرض سے گوگل نے ’’گوگل ٹرینڈز پاکستان جنرل الیکشن‘‘ کے نام سے یہ صفحہ متعارف کرایا ہے جو انتخابات میں حصہ لینے والی جماعتوں کے بارے میں سوالات، موضوعات اور دلچسپی کے حوالے سے معلومات کو پیش کرتا ہے۔اس صفحے پر ملک کے ہر حصے میں انتخابات کے حوالے سے تلاش کیے جانے والے ٹاپ موضوعات مثلاً معیشت، ٹیکس اور اجرتوں کے بارے میں اعداد و شمار شامل ہیں۔ گوگل ٹرینڈز پیچ کے تمام چارٹس کو کسی بھی ویب سائٹ پر شامل کیا جا سکتا ہے جہاں یہ خود بخود اپ ڈیٹ بھی ہوتے رہیں گے۔واضح رہے کہ گوگل ٹرینڈز کی جانب سے پاکستان میں متعارف کردہ یہ صفحہ عام انتخابات کے حوالے سے کسی قسم کا  سروے نہیں ہے اور نہ ہی ووٹنگ کے بارے میں رجحانات کو ظاہر کرتا ہے۔ یہ صفہ محض وقت گزرنے کے ساتھ مقامی سطح پر مخصوص موضوعات کے بارے میں لوگوں کی دلچسپی اور تلاش کو ظاہر کرتا ہے۔ کسی خاص سوال میں اضافہ، اس بات کی عکاسی نہیں کرتا کہ کوئی سیاسی جماعت کسی بھی معنوں میں ”زیادہ مقبول“ ہے یا ”جیت“ رہی ہے۔رجحانات کے صفحے کو زیادہ سے زیادہ کارآمد بنانے اور معلومات کے حصول کے لیے گوگل نیوز انیشی ایٹو ویب سائٹ ملاحظہ کی جا سکتی ہے۔

8 فروری کو لاہور میں صرف شیر دھاڑے گا: مریم نواز


 8 فروری کو لاہور میں صرف شیر دھاڑے گا: مریم نواز

مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ ن لیگ نے خدمت کے ریکارڈ قائم کیے مگر جب گھس بیٹھیے آئے تو خدمت کے نشانات وہیں رہ گئے، ثاقب نثار نے لاہور کے اورنج لائن منصوبے کو کئی سال تک روک کر رکھا تو پی ٹی آئی دور میں کوڑا اٹھانے والا کوئی نہیں تھا۔گجومتہ اور نشتر کالونی لاہور میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آپ کا بہت شکریہ کہتی ہوں آپ نے بھرپور استقبال کیا، آپ نے میرا چناؤ کیا جس پر آپ کی شکر گزار ہوں، شیر کو فتح یاب کراؤ وعدہ کرتی ہوں خدمت میں دن رات ایک کردوں گی۔مریم نواز نے کہا کہ فیروز پور روڈ پر کہیں سپیڈو بس تو کہیں اورنج ٹرین نظر آ رہی ہے، سب نواز شریف کی خدمت کے نشان ہیں، لاہور کو بتانا چاہتی ہوں مسلم لیگ ن نے خدمت کے ریکارڈ قائم کیے جب گھس بیٹھیے آئے تو خدمت کے نشان وہیں رہ گئے، اورنج لائن کو کئی سال ثاقب نثار نے روک کر رکھا تو پی ٹی آئی دور میں کوڑا اٹھانے والا کوئی نہیں تھا۔انہوں نے مزید کہا کہ گھس بیٹھیوں کو 8 فروری کو اٹھا کر لاہور سے باہر پھینکنا ہے، اقتدار میں آکر پاکستان کی تقدیر بدلیں گے، 8 فروری کو لاہور میں صرف شیر دھاڑے گا، آپ کو پیشگی مبارک باد دیتی ہوں، 8 فروری کو کوئی گھر نہیں بیٹھے گا جتنی تیزی سے شیر پر ٹھپے لگیں گے اتنی زیادہ ترقی آئے گی۔

بالی ووڈ میں کچھ گروپس پاکستانی فنکاروں کے خلاف ہیں ، اداکارہ ریما


 بالی ووڈ میں کچھ گروپس پاکستانی فنکاروں کے خلاف ہیں ، اداکارہ ریما

  کراچی: سینئر اداکار ریما خان نے کہا ہے کہ بالی ووڈ میں کچھ گروپ پاکستانی فنکاروں کے مخالف ہیں۔ایک ٹی وی شو میں اداکارہ ریما خان نے انکشاف کیا کہ انہیں بالی ووڈ میں کام کرنے کی پیشکش ہوئی تھی تاہم انہوں نے یہ آفرز قبول نہیں کیں۔اداکارہ نے مزید کہا کہ ماضی میں بالی ووڈ میں کام کرنے کا طریقہ کار پسند نہیں تھا اس لیے منع کیا۔ جس محل میں جا کر شرمندگی ہو اس سے اپنی جھونپٹری بہتر ہے۔ بھارت کے پاس اپنا بہت ٹیلنٹ ہے۔ایک سوال کے جواب میں اداکارہ ریما کا کہنا تھا کہ بے شک بھارت کے لوگ عزت ہوتے ہیں لیکن ہرجگہ کی طرح بالی ووڈ میں بھی گروہ بندی ہے۔ کچھ گروپس پاکستانی فنکاروں کے مخالف ہیں اور انہیں وہاں کام کرتے دیکھنا نہیں چاہتے۔ان گروپس کے دباؤ کے باعث بھارت سے بھاگنا پڑے تو ایسے کام کا کوئی فائدہ نہیں۔

ملکی دفاع کو یقینی اور مضبوط بنانے پر کام جاری رکھیں گے، آرمی چیف


 ملکی دفاع کو یقینی اور مضبوط بنانے پر کام جاری رکھیں گے، آرمی چیف

 راولپنڈی: چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ ملکی دفاع کو یقینی اور مضبوط بنانے کیلیے جدید ٹیکنالوجی پر کام جاری رکھیں گے۔پاک فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر، نے پاکستان آرڈیننس فیکٹریز (POF) واہ کا دورہ کیا۔ جہاں انہیں پیداواری صلاحیتوں اور مسلح افواج کی دفاعی ضروریات کو پورا کرنے سمیت برآمدی صلاحیت کے بارے بریفنگ دی گئی۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے پی او ایف پروڈکٹس کی وسیع رینج کا مشاہدہ کیا۔  جس میں ٹیسٹ اور ٹرائلز کے تحت مقامی طور پر ڈیزائن اور تیار کردہ نئے ہتھیار اور بارود شامل تھے۔افسران اور عملے سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف  نے پی او ایف کو پاکستان کی اہم دفاعی صنعت بنا کر ملکی سلامتی اور معیشت میں ان کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ قومی ترقی کا راستہ پی او ایف واہ جیسی مقامی صنعتوں سے متعین ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ  ہم خود انحصاری اور جدید ترین ٹیکنالوجی کے لیے کام جاری رکھیں گے، پاکستان کے دفاع کو یقینی بنانے اور مضبوط بنانے کے لیے یہ بہت ضروری ہے۔اس سے قبل پی او ایف آمد پر چیئرمین پی او ایف نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔

باہر الزامات لگاتے ، یہاں ریلیف مانگتے ہیں، چیف جسٹس کا پی ٹی آئی وکیل سے مکالمہ


 باہر الزامات لگاتے ، یہاں ریلیف مانگتے ہیں، چیف جسٹس کا پی ٹی آئی وکیل سے مکالمہ

 اسلام آباد: چیف جسٹس نے ایک کیس کی سماعت کے دوران پی ٹی آئی کے وکیل سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ باہر جاکر الزام لگاتے ہیں، یہاں ریلیف مانگتے ہیں۔ملازمت سے متعلق ایک کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس آف پاکستان  جسٹس قاضی فائز عیسیٰ اور پی ٹی آئی کے وکیل لطیف کھوسہ کے درمیان  مکالمہ ہوا، جس میں چیف جسٹس نے پی ٹی آئی وکیل کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ لطیف کھوسہ صاحب، آپ باہر جاکر الزامات لگاتے ہیں۔چیف جسٹس نے کہا کہ ایک طرف آپ عدلیہ پر اعتبار نہیں کرتے دوسری طرف ریلیف بھی مانگتے ہیں۔دوران سماعت لطیف کھوسہ نے بانی پی ٹی آئی کی توشہ خانہ نااہلی کیس درخواست مقرر کرنے کی استدعا کی۔ چیف جسٹس نے کہا کہ جلد سماعت کی درخواست دائر کردیں۔ قانون کے مطابق جو ریلیف ہوگا وہ دیں گے۔

غیر شرعی نکاح کیس: بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی پر فرد جرم عائد


 غیر شرعی نکاح کیس: بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی پر فرد جرم عائد

دوران عدت نکاح کیس میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی پر فرد جرم عائد کردی گئی۔دوران عدت نکاح کیس کی سماعت اڈیالہ جیل میں سول جج قدرت اللہ نے کی، سینئر سول جج قدرت اللہ نے فرد جرم پڑھ کر سنائی، فرد جرم سناتے وقت بانی پی ٹی آئی کمرہ عدالت میں موجود تھے، تاہم بشریٰ بی بی کی غیر موجودگی پر عدالت نے برہمی کا اظہار کیا۔وکلاء صفائی کی جانب سے بشریٰ بی بی کی استثنیٰ کی درخواست منظور کرنے کی استدعا کی گئی۔واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی اس کیس میں بشریٰ بی بی اور بانی پی ٹی آئی پر فرد جرم عائد نہیں ہوسکی تھی، بشریٰ بی بی کے وکیل عثمان گل کی جانب سے ایک دن کے استثنیٰ کی درخواست دائر کیے جانے کی پراسیکیوشن کے وکیل رضوان عباسی نے مخالفت کی تھی۔

شیخ رشید کی 13 کیسز میں ضمانتیں منظور، ایک مقدمے میں گرفتار

 شیخ رشید کی 13 کیسز میں ضمانتیں منظور، ایک مقدمے میں گرفتار

9مئی کے مقدمات میں ضمانت خارج ہونے پر پولیس نے شیخ رشید کو عدالت سے گرفتار کر لیا ۔راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت کی اور تحریک انصاف کے 3 امیدواروں سمیت 24 کارکنوں کی ضمانتوں پر فیصلہ محفوظ کیا جو کہ آج سنادیا۔انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج ملک اعجاز آصف نے فیصلہ دیتے ہوئے سابق ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی واثق قیوم عباسی اور پی ٹی آئی کارکنوں کی عبوری ضمانتیں منظور کرلیں۔اسی طرح جی ایچ کیو حملہ کیس میں شیخ رشید کی ضمانت کنفرم ہو گئی، عدالت نے ایک لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم جاری کردیا۔9 مئی کے حوالے سے شیخ رشید اور راشد شفیق کی مورگاہ اور تھانہ سٹی کیسوں میں بھی ضمانتیں کنفرم ہوگئیں، شیخ رشید کی مجموعی طور پر 13 مقدمات میں ضمانتیں ہوئی تاہم انہیں ایک مقدمے میں ضمانت نہ ملنے پر کمرہ عدالت سے گرفتار کر لیا گیا۔شیخ رشید کو جی ایچ کیو پر حملے کے ایک اور مقدمے میں گرفتار کیا گیا جو کہ تھانہ نیو ٹاؤن نے درج کیا تھا۔


وزیراعلیٰ کا جنرل اور گنگارام ہسپتال کی اپ گریڈیشن جلد مکمل کرنے کا حکم


 وزیراعلیٰ کا جنرل اور گنگارام ہسپتال کی اپ گریڈیشن جلد مکمل کرنے کا حکم

نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے جنرل اور گنگارام ہسپتال کی اپ گریڈیشن کا کام جلد از جلد مکمل کرنے کا حکم دے دیا۔وزیراعلیٰ محسن نقوی نے رات گئے گنگارام ہسپتال اورجنرل ہسپتال کا 3گھنٹے طویل دورہ  کیا۔محسن نقوی نے گنگارام ہسپتال کی اپ گریڈیشن کے کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا، وزیر اعلیٰ نے ہسپتال کے برآمدے سے گزرنے والی سیوریج لائن کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ایم ڈی واسا کو موقع پر ہی طلب  کرلیا اور سیوریج لائن کو متبادل جگہ منتقل کرنے کا حکم دیا۔وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ سیوریج لائن کی منتقلی کے لئے مشاورت کے ساتھ متبادل پلان مرتب کیا جائے،محسن نقوی نے ہسپتال کے اندر خالی جگہ پر پودے لگانے اور لینڈ سکیپنگ کی بھی ہدایت کی۔ محسن نقوی نے ہسپتال میں وارڈز،آپریشن تھیٹرز اور دیگر شعبوں میں کام پر پیش رفت کا مشاہدہ کیا  اور 31 جنوری تک ہسپتال کی اپ گریڈیشن کو ہر صورت مکمل کرنے کی ہدایت کردی۔بعدازاں وزیراعلیٰ محسن نقوی جنرل ہسپتال پہنچ گئے، وزیراعلیٰ نے جنرل ہسپتال میں جاری اپ گریڈیشن کے کاموں پر ہونے والی پیشرفت کاجائزہ لیا اور ایمرجنسی بلاک کی تعمیراتی سرگرمیوں کا معائنہ کیا، انہوں نے ایمرجنسی بلاک کے اپ گریڈیشن پراجیکٹس کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کا حکم دے دیا۔محسن نقوی نے کہا کہ ہر لمحہ قیمتی ہے ایک منٹ بھی ضائع نہیں کرسکتے، دونوں ہسپتال ٹائم لائن کے اندر مکمل ہو جانے چاہئیں،اپ گریڈیشن کے کاموں میں معیار کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے۔وزیراعلیٰ محسن نقوی نے سیکرٹری تعمیرات ومواصلات کو ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن کے کاموں کی جلد تکمیل کے لئے ضروری ہدایات دیں۔محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ہسپتالوں کے 6لاکھ سکوائر فٹ سے زائد ایریا کی اپ گریڈیشن کاکام جاری ہے، پنجاب کی تاریخ میں پہلی بار بیک وقت ہسپتالوں کی حالت کو بہتربنانے کے لئے کام شروع کیاگیاہے، پوری کوشش ہے کہ منصوبے وقت سے پہلے مکمل ہوں اور عوام کو سہولت مل سکے،جس کام کا بیڑا اٹھایا ہے اس کی پیشرفت کاخود جائزہ لیتا ہوں۔

دھند کے باعث مسافر گاڑیاں حادثات کا شکار، 4 جاں بحق، متعدد زخمی

 


دھند کے باعث مسافر گاڑیاں حادثات کا شکار، 4 جاں بحق، متعدد زخمی


پنجاب کے مختلف مقامات پر مسافر گاڑیاں دھند کے باعث حادثات کا شکار ہوگئیں، دو حادثات میں 4 افراد جاں بحق اور 30 مسافر زخمی ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق گوجرانوالہ میں جی ٹی روڈ پر راہوالی کے قریب بس الٹ گئی جس کی وجہ سے دوافراد جاں بحق جبکہ 25 زخمی ہوگئے، لاشوں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ریسکیو حکام کے مطابق حادثہ جی ٹی روڈ پر پھسلن اور دھند کے باعث پیش آیا، بس کوہاٹ سے لاہور جاتے ہوئے حادثہ کا شکار ہوئی۔ مسافر میں 50 مسافر سوار تھے،متعدد کی حالت تشویشناک ہے۔دوسری جانب پاکپتن میں ملکہ ہانس کے قریب دوگاڑیوں میں تصادم کے سبب دو افراد جاں بحق جبکہ 5 زخمی ہوگئے، حکام کے مطابق روڈ زیرتعمیر ہونے اور دھند کے سبب حادثہ پیش آیا۔

وزیراعلیٰ کا نئی لائسنس فیس میں مزید ایک ہفتے کی توسیع کا عندیہ


 وزیراعلیٰ کا نئی لائسنس فیس میں مزید ایک ہفتے کی توسیع کا عندیہ


 نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے نئی لائسنس فیس میں مزید ایک ہفتے کی توسیع کا عندیہ دے دیا۔لاہور بورڈ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ کل سے لائسنس کی نئی فیس پر عملدرآمد ہوجائے گا، اگر لائسنس فیس میں ایک ہفتے کا مزید ریلیف دے سکا تو آج غور کروں گا۔ محسن نقوی کا مزید کہنا تھا کہ  ڈرائیونگ لائسنس سافٹ ویئر سے 1منٹ میں 3لائسنس بن رہے تھے وہ بیٹھ گیا،ہم رات کو 3بجے خدمت سنٹر میں تھے،ایشو آیا صبح 10بجے ٹھیک ہوچکا تھا، ڈرائیونگ لائسنس سسٹم کو دوبارہ اپ گریڈ کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ آن لائن سسٹم میں مسائل آتے ہیں مگر ہم ان کو ضرور ٹھیک کریں گے، جہاں شکایت آرہی ہے گورنمنٹ کے کنٹریکٹر پر ایکشن لے رہے ہیں۔

نوازشریف پر ظلم کرنے والا ایک ایک کردار اپنے عبرتناک انجام کو پہنچ رہا ہے

 مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ


نوازشریف پر ظلم کرنے والا ایک ایک کردار اپنے عبرتناک انجام کو پہنچ رہا ہے۔اوکاڑہ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ لاہور سے نکلتے ہوئے سوچ رہی تھی سردی اور دھند ہے، گھروں سے نکل کر کون آئے گا لیکن یہاں تو عوام کا جم غفیر ہے، اوکاڑہ کے لوگوں نے مجھے زندگی بھرکیلئے خرید لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوازشریف اور عوام پر ظلم کرنے والا ایک ایک کردار اپنے عبرتناک انجام کو پہنچ رہا ہے، یہ انتقام ان سے نوازشریف نہیں قدرت لے رہی ہے، قدرت کی عدالت نے پاکستان اور نوازشریف سے ہونے والے ظلم کا سوموٹو لے لیا، قدرت کی لاٹھی اثر دکھا رہی ہے۔ چیف آرگنائزر مسلم لیگ ن کا کہنا تھا کہ مخالفین دوسروں کا احتساب کرتے ہوئے فرعون بنے ہوئے تھے، آج اپنی باری آئی تو دم دبا کر جوتیاں چھوڑ کر بھاگ رہے ہیں، عدالتوں کے احاطوں سے جوتی چھوڑ کر دوڑ لگانے کی کہانی آپ نے اپنی آنکھوں سے دیکھی۔ مریم نواز نے کہا کہ جب انسان نوازشریف کی طرح سچا ہوتا ہے تو شیر کی طرح کھڑا ہوتا ہے، نوازشریف عزت سے گھر گیا تھا لیکن یہ ذلت سے گئے ہیں، اوکاڑہ والوں قدرت کے اصول میں گناہ گار کی معافی ہے ظالم کی نہیں۔انہوں نے کہا کہ نوازشریف کے دور میں آپ کو سستی بجلی، گیس، پٹرول اور چینی ملتی تھی، انہوں نے سازش کر کے نوازشریف سے اقتدار چھینا، ان لوگوں کو مزدور کی آہ لگی ہے۔ لیگی رہنما نے پی ٹی آئی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ کل پرسوں سے شور مچا رہے ہیں ہمارا انتخابی نشان لے لیا ہے، تم کہتے ہو تمہارا نشان بلا تھا، تمہارا انتخابی نشان بلا نہیں وہ ڈنڈا تھا جو اپنے ہاتھ میں پکڑا ہوتا تھا، وہ ڈنڈا تم نے پاکستان کی عوام اور روٹی پر چلایا۔

پاکستان مسلم لیگ ن خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے پُرعزم

 


پاکستان مسلم لیگ ن خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے پُرعزم، 9 نکاتی منشور تیار کر لیا۔، منشور میں ملکی ترقی میں خواتین کا کردار بڑھانے کے لیے 9 نکات شامل ہیں، مسلم لیگ ن کے منشور کے مطابق خواتین کو تعلیم، صحت، زراعت، توانائی سیکٹرمیں مراعات دی جائیں گی۔کاروبار کرنے والی خواتین کو قرض اور ٹیکس چھوٹ دینا بھی منشور کا حصہ ہے، صحت کارڈ کی طرز پر میٹرنٹی کارڈ کا اجرا بھی منشور میں شامل ہے۔خواتین کو شعبہ تعلیم میں زیادہ مواقع دینے کا اعلان منشور میں شامل ہے، خواتین کو بچوں کو تعلیم دینے کے جدید طریقہ بھی سکھائے جائیں گے، ماؤں کو میٹرنٹی ہیلتھ کارڈ جاری کیا جائے گا۔منشور کے مطابق چھوٹے قصبوں میں گائنی ڈاکٹر کی دستیابی یقینی بنائی جائے گی، زرعی شعبہ میں خواتین کی حوصلہ افزائی، لائیو سٹاک، باغبانی کی تربیت دی جائے گی، توانائی سیکٹر میں خواتین کو انٹرن شپ، پاورپلانٹس میں ملازمتیں دی جائیں گی۔کاروبار کرنے والی خواتین کو 30 فیصد خواتین ملازم رکھنے پر ٹیکس چھوٹ دی جائے گی، خواتین کو کاروبار کے لیے قرض اور ہنرسکھائے جائیں گے۔


الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سینیٹ کی قرارداد پر الیکشن ملتوی کرنے سے انکار کر دیا

 


الیکشن
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سینیٹ کی قرارداد پر الیکشن ملتوی کرنے سے انکار کر دیا۔
الیکشن کمیشن نے سینیٹ قرارداد پر سینیٹ سیکرٹریٹ کو خط لکھ دیا۔سینیٹ سیکرٹریٹ کو لکھے گئے خط میں کہا کہ الیکشن کمیشن نے آپ کی قرارداد کا جائزہ لیا، ماضی میں بھی عام انتخابات اور بلدیاتی انتخابات موسم سرما میں ہوتے رہے ہیں۔ خط میں الیکشن کمیشن نے کہا کہ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے مشاورت کے بعد پولنگ کیلئے 8 فروری کی تاریخ مقرر کی تھی۔ سینیٹ سیکرٹریٹ کو لکھے گئے خط میں کہا گیا کہ عام انتخابات کے انعقاد کیلئے الیکشن کمیشن نے تمام تیاریاں مکمل کر رکھی ہیں، الیکشن کمیشن8 فروری کو انتخابات کیلئے سپریم کورٹ میں بھی یقین دہانی کروا چکا ہے۔الیکشن کمیشن نے خط میں  کہا کہ اس وقت عام انتخابات 2024 کو ملتوی نہیں کیا جا سکتا۔

خط میں کہا گیا کہ صاف وشفاف انتخابات کے انعقاد کیلئے امن وامان کی صورتحال پر کمیشن نے نگران وفاقی وصوبائی حکومتوں کو ہدایات دی ہیں۔

واضح رہے کہ 5 جنوری کو سینیٹر دلاور خان نے سب سے پہلے عام انتخابات ملتوی کرانے کی قرارداد سینیٹ میں پیش کی تھی جسے ایوان نے کثرت رائے سے منظور کیا، اس قرارداد کی منظوری کے وقت سینیٹ میں 14 سینیٹرز موجود تھے۔

مسلم لیگ ن نے ملک کی معاشی بحالی اور عوام کو مہنگائی سے نجات دلانے کیلئے معاشی منصوبے کو حتمی شکل دے دی


 مسلم لیگ ن نے ملک کی معاشی بحالی اور عوام کو مہنگائی سے نجات دلانے کیلئے معاشی منصوبے کو حتمی شکل دے دی۔ مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نوازشریف کا معاشی ماہرین کے ساتھ اہم مشاورتی اجلاس ہوا، اجلاس میں سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف نے بھی شرکت کی، ملکی معاشی مسائل کے حل کے لئے اصلاحات اور مختلف تجاویز پر غور کیا گیا۔اجلاس میں شرح ترقی میں اضافے، ٹیکس اصلاحات، توانائی کے بحران کا خاتمہ، بجلی اور گیس کی قیمتوں میں کمی کے نکات طے کر لئے گئے، زراعت، صنعت، آئی ٹی کی ترقی کے مراعات پر مبنی پیکج تیار کرلئے گئے، سالانہ بنیادوں پر روزگار کی فراہمی، نوجوانوں کو ہنرمند بنانے کے لئے پالیسی نکات بھی مرتب کرلئے گئے۔زرعی مقاصد کے لئے خصوصی رعایت پر شمسی توانائی کی فراہمی، گھریلو صارفین کو بجلی کی فراہمی میں بڑی مراعات کا تعین بھی پیکج میں شامل ہے، تعلیم، صحت اور انفراسٹرکچر کے لئے بڑے منصوبوں کی ترجیحات بھی طے کر لی گئیں، قومی ترقی کو تیز کرنے والے اقدامات سے مجموعی معاشی سرگرمیوں کو مرحلہ وار بڑھانے پر اتفاق ہوا۔ معاشی منصوبہ مختلف شعبوں کے ماہرین کی تجاویز کی روشنی میں طے کیا گیا ہے، شرح سود میں کمی لانے، بڑی صنعتوں اور برآمدی شعبے کے لئے اصلاحات کے اصول بھی مرتب کرلئے گئے۔

نواز شریف اور ان کے اہل خانہ کیخلاف نیب انویسٹی گیشن بند

 نواز شریف اور ان کے اہل خانہ کیخلاف نیب انویسٹی گیشن بند

 اسلام آباد: نیب کی جانب سے نواز شریف اور ان کے اہل خانہ کے خلاف شریف ٹرسٹ کیس میں انویسٹی گیشن بند کردی گئی۔قومی احتساب بیورو (نیب) نے یکم جنوری کو ہونے والے ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں مسلم لیگ ن کے قائد و سابق وزیرعظم نواز شریف اور ان کے اہل خانہ کے خلاف شریف ٹرسٹ کیس  کی انویسٹی گیشن سمیت 5 انکوائریاں بند کرنے کی منظوری دے دی۔اجلاس میں جن انکوائریوں کو بند کرنے کی منظوری دی گئی ان میں پنجاب سیف سٹی اتھارٹی، سوشل ایکشن پروگرام، پارک انکلیو و دیگر شامل ہیں۔ یکم جنوری 2024ء کو منظوری دیے جانے کے بعد نواز شریف اور ان کے اہل خانہ کے ارکان کے خلاف شریف ٹرسٹ کیس کی انویسٹی گیشن بھی بند کردی گئی ہے۔ایگزیکٹوبورڈ اجلاس میں بتایا گیا کہ شریف ٹرسٹ کیس میں انویسٹی گیشن کی منظوری 31 مارچ 2000ء کے بعد سے جاری تھی ، جس میں الزام تھا کہ شریف خاندان نے ٹرسٹ کے نام پر بے نامی جائیداد بنائی  اور ٹرسٹ کے اکاؤنٹس میں خورد برد کی گئی اورآڈٹ بھی نہیں کرایاگیا ۔علاوہ ازیں شریف ٹرسٹ کیس میں شریف فیملی پر الزام تھا کہ کروڑوں روپے ٹرسٹ کے نام پر خفیہ طور پر وصول  کیے گئے۔اجلاس میں منظوری کے بعد نیب نے ترمیم شدہ ایکٹ 2022ء کی سیکشن 31بی کے تحت شریف ٹرسٹ کیس کی انویسٹی گیشن بندکردی۔

بنگلہ دیش؛ متنازع الیکشن میں وزیراعظم حسینہ واجد پانچویں بار کامیاب


 بنگلہ دیش؛ متنازع الیکشن میں وزیراعظم حسینہ واجد پانچویں بار کامیاب


ڈھاکا: بنگلہ دیش میں ہونے والے متنازع عام انتخابات میں حکمراں جماعت عوامی لیگ نے مسلسل پانچویں مرتبہ کامیابی حاصل کرلی۔الیکشن کمیشن کے مطابق حسینہ واجد کی جماعت عوامی لیگ اور اتحادیوں نے پارلیمنٹ کی 300 میں سے 223 نشستیں جیت لیں جبکہ آزاد امیدواروں نے 63 نشستوں پر کامیابی حاصل کی اور جاتیہ پارٹی 11 نشستیں لے سکی۔معروف میڈیا ادارے الجزیرہ کے مطابق جیتنے والے یہ آزاد امیدوار بھی عوامی لیگ کے ہی وہ رہنما ہیں جنہیں پارٹی سے ٹکٹ نہیں ملا تھا اور حسینہ واجد نے ان سے کہا تھا کہ وہ “ڈمی امیدوار” کے طور پر کھڑے ہوں تاکہ اس الیکشن کو عالمی برادری کے سامنے شفاف دکھایا جا سکے۔یوں حسینہ واجد کے مزید پانچ سال وزیراعظم بننے کی راہ ہموار ہوگئی ہے۔ سرکاری دعوؤں کے مطابق بھی ووٹر ٹرن آؤٹ صرف 40 فیصد رہا۔ لیکن ووٹر کے بغیر خالی پولنگ اسٹیشنز کی تصاویر سامنے آنے پر ناقدین اس دعوے پر شکوک و شبہات کا اظہار کررہے ہیں۔دارالحکومت ڈھاکا کے علاقے دھامنڈی کے ایک انجینئر عبداللہ یوسف نے الجزیرہ کو بتایا “میں ملک کے باقی حصوں کے بارے میں نہیں جانتا لیکن مجھے لگتا ہے کہ میں نے زندگی میں ڈھاکہ میں اتنا سناٹا نہیں دیکھا، ملک کورونا لاک ڈاؤن کی طرح محسوس ہوا۔ میں دوپہر کو دو پولنگ مراکز سے گزرا اور عوامی لیگ کے کارکنوں کے سوا کوئی نظر نہیں آیا۔ 40 فیصد کا دعویٰ بالکل مضحکہ خیز ہے۔انتخابات سے قبل اپوزیشن رہنماؤں اور کارکنوں کیخلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کیا گیا جبکہ پولنگ کے دوران بھی پرتشدد جھڑپیں اور ہنگامہ آرائی ہوئی۔سب سے بڑی اپوزیشن جماعت بنگلادیش نیشنل پارٹی (بی این پی ) نے حکومت پر دھاندلی، کریک ڈاؤن اور انتخابات سے باہر رکھنے کے ہتھکنڈے استعمال کرنے کا الزام لگاتے ہوئے الیکشن کا بائیکاٹ کردیا تھا۔بنگلادیش نیشنل پارٹی کی سربراہ خالد ضیاء سمیت متعدد سرکردہ سیاسی رہنما کئی برسوں سے جیلوں میں قید ہیں جب کہ اپوزیشن جماعت نے یہ الزام بھی عائد کیا کہ حکومت ان کے امیدواروں اور مقامی رہنماؤں کو کارکنان سمیت گرفتار کر رہی ہے۔الجزیرہ سے گفتگو کرتے ہوئے بنگلہ دیش میں انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والے معروف کارکن اور فوٹوگرافر شاہد العالم نے کہا کہ “یہ ڈھکوسلے انتخابات کا ایک عجیب نتیجہ ہے۔” “ڈمی الیکشن میں ڈمی امیدوار اب ڈمی پارلیمنٹ بنائیں گے۔”تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ حسینہ کو دوبارہ اقتدار میں لانے کے لیے یہ “یک طرفہ انتخاب” محض ایک “محض رسمی” تھی۔سابق الیکشن کمشنر سخاوت حسین نے کہا کہ “یہ یقین کرنا مشکل ہے کہ ٹرن آؤٹ 40 فیصد تھا، خاص طور پر اس حقیقت کو دیکھتے ہوئے کہ چیف الیکشن کمشنر نے خود میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے پہلے 28 فیصد کہا اور پھر اسے اچانک 40 فیصد کر دیا۔ الیکشن کمشنر خود الجھن کے شکار تھے۔الجزیرہ نے خود بھی تصدیق کی کہ میڈیا بریفنگ کے دوران الیکشن کمیشن ہیڈ کوارٹر کے ڈیش بورڈ پر ٹرن آؤٹ 28 فیصد تھا جو اچانک 40 کردیا گیا۔معروف انتخابی مبصر تنظیم Brotee بروٹی کی سربراہ شرمین مرشد نے بھی کہا کہ ایک گھنٹے میں 27 سے 40 تک چھلانگ “مضحکہ خیز” ہے جس نے الیکشن کمیشن کی ساکھ کو بری طرح داغدار کر دیا۔انہوں نے کہا کہ یہ کوئی الیکشن نہیں بلکہ ایک پارٹی کی طرف سے خود کو ہی ووٹ دینے کی مشق تھی۔انسانی حقوق کی تنظیم ہیومن رائٹس واچ (ایچ آر ڈبلیو) کا کہنا ہے کہ بنگلہ دیش میں حکومتی کریک ڈاؤن کے دوران محض چند ماہ میں 10 ہزار سے زائد اپوزیشن کارکن گرفتار، متعدد جاں بحق اور ہزاروں زخمی ہوئے۔

محمد رضوان پاکستان کی ٹی20 ٹیم کے نائب کپتان مقرر

 محمد رضوان پاکستان کی ٹی20 ٹیم کے نائب کپتان مقرر




  کراچی: پاکستان کے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کو ٹی20 ٹیم کا نائب کپتان مقرر کر دیا گیا ہے۔نیوزی لیںڈ کے خلاف ٹی20 سیریز کھیلنے کے لیے قومی ٹیم کا اسکواڈ سڈنی سے براہ راست آکلینڈ پہنچ چکا ہے اور میچ کی تیاریوں میں مصروف ہے۔قومی ٹیم کے اسکواڈ میں کپتان شاہین آفریدی، عامر جمال، عباس آفریدی، وکٹ کیپر اعظم خان، بابراعظم، فخر زمان، حارث رؤف، وکٹ کیپر حسیب اللہ، افتخار احمد، محمد نواز، وکٹ کیپر محمد رضوان، محمد وسیم جونیئر، صاحبزادہ فرحان، صائم ایوب، اسامہ میر اور زمان خان شامل ہیں۔سیریز کا پہلا میچ 12 جنوری کو ایڈن پارک، آکلینڈ میں کھیلا جائے گا جبکہ دوسرا 14 جنوری کو ہملٹن اور تیسرا 17 جنوری کو ڈونیڈن جبکہ چوتھا 19 جنوری اور پانچواں 21 جنوری کو کرائسٹ چرچ میں کھیلا جائے گا۔

آرمی چیف کا دورہِ بحرین؛ اہم شخصیات سے سیکیورٹی تعاون سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال


 آرمی چیف کا دورہِ بحرین؛ اہم شخصیات سے سیکیورٹی تعاون سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال


 راولپنڈی: چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر اپنے دو روزہ سرکاری دورے پر بحرین پہنچے ہیں جہاں انہوں نے بحرین کےبادشاہ، ولی عہد اور بحرین ڈیفنس فورسز کے کمانڈر سے ملاقاتیں کی ہیں۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق آرمی چیف نے بحرین کے بادشاہ حماد بن عیسیٰ الخلیفہ، ولی عہد شہزادہ سلمان بن حماد الخلیفہ، بحرین ڈیفنس فورسز کے کمانڈر فیلڈ مارشل خلیفہ بن احمد الخلیفہ اور بحرین نیشنل گارڈ کے کمانڈر ایچ ایچ جنرل شیخ محمد بن عیسیٰ الخلیفہ سے ملاقات کی۔آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقاتوں کے دوران دوطرفہ فوجی اور سیکیورٹی تعاون سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، معززین نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کی کامیابیوں اور علاقائی امن و استحکام کے لیے جاری کوششوں کو سراہا۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے بحرین نیشنل گارڈ کے 27ویں یوم تاسیس کے مہمان خصوصی بھی تھے جہاں ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا جبکہ آرمی چیف کو گارڈ آف آنر دیا گیا اور انسداد دہشت گردی کی تربیتی مشق سے متعلق ایک مظاہرے کا مشاہدہ کیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق کمانڈر بحرین نیشنل گارڈ نے بحرین نیشنل گارڈ کو ملٹری اور انسداد دہشت گردی کے شعبوں میں اعلیٰ پیشہ ورانہ تربیت فراہم کرنے پر پاک فوج کا شکریہ ادا کیا جبکہ بحرین کے بادشاہ نے دونوں برادر ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو بڑھانے میں اہم کوششوں اور تعاون کے اعتراف میں آرمی چیف کو ملٹری میڈل آرڈر آف بحرین فرسٹ کلاس سے بھی نوازا۔

نازیبا ویڈیومعاملہ؛ شاہ لطیف یونیورسٹی کے وائس چانسلر کوجبری رخصت پر بھیج دیا گیا


 نازیبا ویڈیومعاملہ؛ شاہ لطیف یونیورسٹی کے وائس چانسلر کوجبری رخصت پر بھیج دیا گیا


  کراچی: صوبے کی سرکاری جامعات کی کنٹرولنگ اتھارٹی وزیراعلیٰ سندھ جسٹس (ر) مقبول باقر نے شاہ عبداللطیف یونیورسٹی خیرپور کے وائس چانسلر ڈاکٹر خلیل ابوپوٹو کو جبری رخصت پر بھیج دیا ہے اور ان کے خلاف سامنے آنے والی شکایت کے تناظر میں تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔حکومت سندھ کے ذرائع کے مطابق اس سلسلے میں بھجوائی گئی ایک سمری کی پیر کو وزیر اعلی سندھ کی جانب سے منظوری دی گئی جس کا نوٹیفکیشن ابھی ہونا باقی ہے۔نگراں وزیر اعلی سندھ کی جانب سے منظور کردہ سمری کے مطابق معاملے کی تحقیقات کرنے والی سہ رکنی کمیٹی وائس چانسلرز پر مشتمل ہے جس میں این ای ڈی یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سروش حشمت لودھی، سندھ مدرسہ الاسلام یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر مجیب صحرائی اور ڈائو میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر سعید قریشی شامل ہیں۔واضح رہے کہ شاہ عبدالطیف یونیورسٹی خیرپور کے وائس چانسلر کے خلاف سنگین نوعیت کے کچھ الزامات ہیں اور مبینہ طور پر ان کی ایک نازیبا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی جس کے بعد شاہ عبدالطیف یونیورسٹی خیرپور میں صورتحال خراب تھی۔اساتذہ و ملازمین کی جانب سے اس سلسلے میں احتجاج کیا جارہا تھا جبکہ یونیورسٹی کی انجمن اساتذہ کی جانب سے معاملے پر ایک خط نگراں وزیر اعلی سندھ کو بجھوایا گیا تھا جس میں ان سے معاملے کی تحقیقات کا مطالبہ کیا گیا تھا۔یہ مطالبہ اور احتجاج مسلسل زور پکڑتا چلا گیا جس کے بعد ذرائع بتاتے ہیں کہ نگراں وزیر اعلی سندھ نے اس سلسلے میں سندھ ایچ ای سی کے چیئرمین ڈاکٹر طارق رفیع سے تجاویز مانگی تھی اور سندھ ایچ ای سی کی جانب سے مذکورہ ناموں پر مشتمل تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دینے کی سفارش کی گئی تھی۔سندھ ایچ ای سی کی جانب سے انہی سفارشات پر مشتمل ایک سمری وزیر اعلی سندھ کو بھجوائی گئی تھی جس کے بعد وزیراعلیٰ سندھ نے وائس چانسلر جامعہ شاہ عبدالطیف کو انکوائری مکمل ہونے تک چھٹی پر جانے کی ہدایت کی۔یاد رہے کہ فیڈریشن آف آل پاکستان یونیورسٹیز اکیڈمک اسٹاف ایسوسی ایشن (فپواسا) پاکستان کے جنرل سیکریٹری اور شاہ لطیف یونیورسٹی کی اساتذہ کی انجمن کے صدر پروفیسر ڈاکٹر اختیار علی گھمرو اور انجمن کے سیکریٹری پروفیسر ڈاکٹر حسام الدین شیخ نے اس معاملے پر نگراں وزیر اعلی سندھ جسٹس(ر) مقبول باقر سے وائس چانسلر کو عہدے سے ہٹاکر فوری تحقیقات کا مطالبہ  کیا تھا۔

برطانوی ہائی کمشنر کی نواز شریف کو مقدمات سے بریت پر مبارک باد

 

برطانوی ہائی کمشنر کی نواز شریف کو مقدمات سے بریت پر مبارک باد
 لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف سے برطانوی ہائی کمشنر نے ملاقات کی اور مختلف مقدمات سے بریت پر مبارک باد بھی پیش کی۔تفصیلات کے مطابق برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ کی سربراہی میں تین رکنی وفد کی نواز شریف سے ملاقات ماڈل ٹاؤن سیکریٹریٹ میں ہوئی، جس میں سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف، سینئر نائب صدر اور چیف ارگنائزر مریم نواز شریف بھی موجود تھیں۔
ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ نواز شریف نے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان مضبوط تعلقات دونوں ممالک کے مفاد میں ہیں۔انہوں نے کہا کہ برطانیہ میں مقیم پاکستانی دونوں ممالک کی دوستی کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں، پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری سمیت مختلف شعبوں میں تعلقات کا فروغ وقت کی ضرورت ہے۔برطانوی ہائی کمشنر نے کراچی، لاہور اور اسلام آباد میں مختلف سیاسی جماعتوں سے اپنی ملاقاتوں کے حوالے سے آگاہ کیا۔جین میریٹ نے کہا کہ 8 فروری کو اجتماعیت کے حامل انتخابات کا انعقاد پاکستان کے مستقبل کے لئے اہم ہے۔ اس موقع پر برطانوی ہائی کمشنر نے مختلف مقدمات سے بریت پر مسلم لیگ (ن) کے قائد کو مبارک باد دی۔


احتجاج کا حق سب کو ہے لیکن قانون کے دائرے میں ہونا چاہئے: نگران وزیر اعظم



احتجاج کا حق سب کو ہے لیکن قانون کے دائرے میں ہونا چاہئے: نگران وزیر اعظم


 نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ احتجاج کا حق سب کو ہے لیکن احتجاج قانون کے دائرے میں ہونا چاہئے۔بزنس فیسیلی ٹیشن سینٹرمیں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ ایف بی آر نے ریکارڈ ریونیو اکٹھا کیا ہے، آئی ایم ایف کے قرض سے تب جان چھوٹے گی جب زیادہ ٹیکس اکٹھا کریں گے، آئی ایم ایف سے قسط جلد ملنے کی امید ہے، قرض لینا منفی عمل نہیں ہے، امریکا بھی قرض لیتا ہے۔


نگران وزیر اعظم نے کہا کہ اگر کسی کو 2  ڈنڈے پڑتے ہیں تو سارے لب کشائی کرتے ہیں، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مارے جانے والوں کے لیے کوئی نہیں بولتا، آزادی اظہار پر پابندی نہیں لگا سکتے۔


انہوں نے کہا کہ گزشتہ رات مولانا فضل الرحمان کی گاڑی پر فائرنگ الارمنگ ہے، کوئی شک نہیں دہشت گردی کا چیلنج موجود ہے، ہماری کوشش ہے الیکشن کو یقینی بنائیں گے، امید کرتے ہیں ہم الیکشن والے دن سکیورٹی دینے میں کامیاب ہوں گے۔انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کا ہر قسم کا بیانیہ ہوتا ہے، الیکشن کمپین شروع ہوگئی ہے، میری 8 فروری کو ووٹ ڈالنے کی مکمل تیاری ہے، صحافی جعلی اور جھوٹی ہمدردی کے بجائے حقائق رپورٹ کریں۔

بلاول بھٹو سے پی پی پی لاہور کے رہنماؤں کی ملاقات، انتخابی لائحہ عمل پر تبادلہ خیال


 بلاول بھٹو سے پی پی پی لاہور کے رہنماؤں کی ملاقات، انتخابی لائحہ عمل پر تبادلہ خیال

 پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے پی پی پی لاہور کے مختلف رہنماؤں کی ملاقات ہوئی۔ملاقات میں لاہور کے مختلف حلقوں کے انتخابی لائحہ عمل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ بلاول بھٹو زرداری نے جنوری کے تیسرے ہفتے میں لاہور میں جلسہ کرنے کا فیصلہ کیا۔ انہوں نے این اے 127 میں جلد الیکشن آفس کا افتتاح کرنے کا فیصلہ کیا اور اس حلقے کے امیدواروں کے ناموں پر بھی غور کیا۔چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے ذوالفقار علی بدر، حسن مرتضی، ثمینہ خالد گھرکی، اسلم گل، جمیل منج، میاں مصباح اور حافظ غلام محی الدین نے ملاقات کی۔ اس کے علاوہ عزیزالرحمان چن، فیصل میر، خالد جاوید جان، قاسم گیلانی، نایاب خالد جان، عائشہ چوہدری اور میاں خالد بھی ملاقات میں موجود تھے۔

پاکستان کے نظام عدل پر سوالات، رویوں میں تبدیلی لانا ہو گی: نگران وزیراعظم

 پاکستان کے نظام عدل پر سوالات، رویوں میں تبدیلی لانا ہو گی: نگران وزیراعظم


 نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ پاکستان کے نظام عدل پر بڑے سنگین سوالات ہیں، ہمیں رویوں میں تبدیلی لانا ہو گی۔نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے لاہور کی نجی یونیورسٹی میں طلبا و طالبات سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ ملک میں کسی مسئلے پر احتجاج ہو تو وہ قوانین کے دائرے میں ہونا چاہئے، گورننس کے نظام میں بہتری لانا ہو گی، دس ہزار ارب روپے کی ٹیکس چوری ہو رہی ہے، پاکستان نے فلسطین کے مسئلے پر ہر فورم پر آواز اٹھائی۔انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ اگر اقتدار میں ہوں تو سب ٹھیک اور اقتدار سے علیحدہ ہوں تو ادارے برے لگتے ہیں، قاسم کے ابا خود وزیراعظم ہوتے ہیں تو انہیں حمید کی اماں نظر نہیں آتی، ریاستی اداروں سے فائدہ اٹھانے پر والد کا درجہ دے دیا جاتا ہے، اداروں سے فائدہ نہ ملے تو انہیں سوتیلا بنا دیا جاتا ہے، ہمیں ایسے ہی کچھ رویوں میں تبدیلی کی اشد ضرورت ہے۔نگران وزیراعظم نے کہا کہ ملک میں 10 ہزار ارب کی ٹیکس چوری ہو رہی ہے، ٹیکس وصولی کی شرح میں اضافہ بہت ضروری ہے، ملکی آمدن اور خرچ میں فرق بہت زیادہ ہے، ٹیکس محصولات عوام کی فلاح و بہبود پر خرچ کئے جاتے ہیں، ٹیکس کی شرح میں کمی بڑا چیلنج ہے۔انوارالحق نے مزید کہا کہ تعلیم، صحت اور دیگر سہولیات کے لئے ٹیکس وصولی کا مربوط نظام ناگزیر ہے، پاکستان میں مجموعی ملکی پیداوار (جی ڈی پی) کے تناسب سے ٹیکس کی شرح 9 فیصد ہے، ہمیں اپنے گورننس کے نظام میں بہتری لانی ہے، نوجوان ملک کا مستقبل ہیں، نوجوانوں سے بات کرکے ہمیشہ خوشی ہوتی ہے، نوجوانوں کو ملکی ترقی میں بھرپور کردار ادا کرنا ہو گا۔نگران وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ماحولیات کے قانون پر عملدرآمد بہت ضروری ہے، ماحولیات کے حوالے سے معاشرے کو بھی رویہ تبدیل کرنا ہو گا، اسلام آباد میں قانون کے مطابق مظاہرین کو روکا گیا، مظاہرین کے پتھراؤ یا حملے پر قانون اپنا راستہ اختیار کرتا ہے، حراست میں لئے گئے تمام افراد کو رہا کر دیا گیا ہے، کسی کو بھی کسی کی جان لینے کا کوئی حق نہیں، ریاست تشدد کی اجازت نہیں دے سکتی، ہمیں اپنے رویوں میں تبدیلی لانا ہو گی۔


پرویز الہٰی، مونس الہٰی اور قیصرہ الہٰی نے کاغذات مسترد کرنے کیخلاف اپیل دائر کر دی




 پرویز الہٰی، مونس الہٰی اور قیصرہ الہٰی نے کاغذات مسترد کرنے کیخلاف اپیل دائر کر دی


 سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی ، ان کے صاحبزادے مونس الہٰی اور پرویز الٰہی کی اہلیہ قیصرہ الٰہی نے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کے خلاف اپیل دائر کر دی۔چودھری پرویز الٰہی، مونس الٰہی اور قیصرہ الٰہی نے قومی اور صوبائی اسمبلی کے حلقوں سے کاغذات مسترد ہونے کے خلاف لاہور ہائی کورٹ کے اپیلٹ ٹریبونل میں اپیلیں دائر کیں۔درخواست گزاروں نے موقف اختیار کیا کہ ریٹرننگ افسران نے خلاف قانون کاغذات نامزدگی مسترد کئے ہیں، درخواست گزاروں نے استدعا کی ہے کہ ٹریبونل ریٹرننگ افسران کے فیصلوں کو کالعدم قرار دے کر کاغذات نامزدگی منظور کرے۔

عوام نے ووٹ سے وعدہ خلافوں اور وعدہ نبھانے والوں کا فرق کرنا ہے: شہباز شریف


عوام نے ووٹ سے وعدہ خلافوں اور وعدہ نبھانے والوں کا فرق کرنا ہے: شہباز شریف
 مسلم لیگ (ن) کے صدر و سابق وزیر اعظم شہبازشریف سے پارٹی رہنماؤں کی ملاقات ہوئی، ملاقات میں ملک کی مجموعی صورتحال اور انتخابی تیاریوں کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔پارٹی صدر شہباز شریف سے ملاقات کرنے والوں میں عبدالرحمان کانجو، رانا منور غوث، امانت شادی خیل اورسینیٹر اعظم نذیر تارڑ شامل تھے۔لیگی رہنماؤں نے شہباز شریف کو اپنے حلقوں میں جاری انتخابی سرگرمیوں کے بارے میں آگاہ کیا۔ شہبازشریف نے پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں کے جذبے کی تعریف کی، ملاقات میں مستقبل کی سیاسی سرگرمیوں کے بارے میں مشاورت ہوئی۔اس موقع پر شہباز شریف نے کہا کہ عوام کی پریشانیوں کو ختم کرنے کی جامع منصوبہ بندی کر لی ہے، حلقوں میں عوام کو مسلم لیگ (ن) کے معاشی ایجنڈے سے آگاہ کریں، 4 سال میں ہونے والی تاریخی تباہی ٹھیک کرنے میں وقت لگے گا۔شہباز شریف نے کہا کہ صرف مسلم لیگ (ن) مسائل حل اور عوام کو ریلیف دے سکتی ہے، معاشی اور عوامی مسائل کے حل کی سنجیدہ منصوبہ بندی صرف ہمارے پاس ہے، عوام نے وعدہ خلافوں اور وعدہ نبھانے والوں میں ووٹ سے فرق دکھانا ہے۔

 

Thursday, 4 January 2024

این اے 127 سے بلاول بھٹو کے کاغذات نامزدگی پر فیصلہ محفوظ


 این اے 127 سے بلاول بھٹو کے کاغذات نامزدگی پر فیصلہ محفوظ

لاہور کے حلقہ این اے 127 سے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کے کاغذات نامزدگی پر فیصلہ محفوظ کر لیا گیا۔ریٹرننگ افسر کی جانب سے بلاول بھٹو کے حلقہ این اے 127 سے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کی گئی۔بلاول بھٹو کی جانب سے سینئر قانون دان عرفان قادر، قانونی مشیر افتخار شاہد سمیت دیگر ریٹرننگ افسر کے سامنے پیش ہوئے، جانچ پڑتال کے موقع پر پیپلز پارٹی کے رہنما فیصل میر اور شاہدہ جبیں بھی موجود تھیں۔ریٹرننگ افسر نے فریقین کے وکلاء کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا۔بلاول بھٹو کے وکیل عرفان قادر کو کل تک تحریری طور پر جواب جمع کرانے کی ہدایت کر دی گئی۔واضح رہے کہ بلاول بھٹو کے کاغذات نامزدگی پر شہری محمد ایاز کی جانب سے اعتراض دائر کیا گیا ہے، بلاول بھٹو کے کاغذات پر حلقہ این اے 127 پر اعتراض ہے۔

کمشنر لاہور کا ایل ڈی اے ون ونڈوسیل کا دورہ، شہریوں کے مسائل سنے

 کمشنر لاہور کا ایل ڈی اے ون ونڈوسیل کا دورہ، شہریوں کے مسائل سنے


کمشنر لاہور و ڈی جی لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی محمد علی رندھاوا نے ایل ڈی اے ون ونڈو سیل کا دورہ کیا۔کمشنر و ڈی جی ایل ڈی اے  نے ون ونڈوسیل پر آئے اوورسیز پاکستانیوں اور بزرگ شہریوں سے ان کے مسائل بارے دریافت کیا اور پراپرٹی ٹرانسفر، این او سی کے حصول اور اڈنٹیفکیشن کے لیے آئے شہریوں سے فیڈ بیک لیا۔اس موقع پر کمشنر لاہور کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ایل ڈی اے ون ونڈو سیل پر جوہر ٹاؤن کے علاوہ فیصل ٹاؤن اور سبزہ زار کی درخواستیں بھی آن لان پراسیس کی جا رہی ہیں،گزشتہ دو روز میں سبزہ زار کی 7 اور فیصل ٹاؤن کی 5 درخواست آن لائن پراسیس کر دی گئی ہیں۔مشنر و ڈی جی نے ون ونڈوسیل پر آئے بزرگ شہریوں اور اوور سیز پاکستانیوں سے ان کے مسائل بارے دریافت کیا،کمشنر و ڈی جی ایل ڈی اے  نے ون ونڈوسیل پر قائم عارضی اڈنٹیفکیشن سیل کا دورہ کیااور  ورکنگ کا جائزہ لیا۔محمد علی رندھاوا نےون ونڈو سیل پر قائم کال سنٹر پر عملے کی ورکنگ کا بھی جائزہ لیا۔بعدازاں کمشنر و ڈی جی نے اڈنٹیفکیشن سیل کی ری ویمپنگ کا مشاہدہ کیا، اڈنٹیفکیشن سیل کی ری ویمپنگ  کا عمل تیزی سے جاری ہے جسے جلد مکمل کر لیا جائے گا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کمشنر لاہور محمد علی رندھاوا نے کہا کہ شہریوں کی سہولت کے لیے اڈنٹیفکیشن سیل کو اسٹیٹ آف دی آرٹ بنایا جا رہا ہے۔

ملک بھر سے کاغذات نامزدگی کی مد میں قومی خزانے کو ملنے والے ریونیو کی تفصیلات جاری کر دی گئیں

 (ویب ڈیسک)


ملک بھر سے کاغذات نامزدگی کی مد میں قومی خزانے کو ملنے والے ریونیو کی تفصیلات جاری کر دی گئیں۔ذرائع کے مطابق ملک بھر سے کاغذات نامزدگی کی مد میں 65 کروڑ 57 لاکھ 20 ہزار روپے قومی خزانے میں جمع ہوئے، الیکشن کمیشن کو صوبائی اسمبلیوں کے لئے کاغذات نامزدگیوں کی مد میں 40 کروڑ 60 لاکھ 80 ہزار روپے موصول ہوئے۔قومی اسمبلی کے کاغذات نامزدگی کی مد میں الیکشن کمیشن کو 24 کروڑ 96 لاکھ 60 ہزارروپے موصول ہوئے۔بتایا گیا ہے کہ قومی اسمبلی کے لئے 30 ہزار جبکہ صوبائی اسمبلی کے کاغذات نامزدگی کیلئے 20 ہزار فیس مقرر ہے، امیدواروں کی کاغذات نامزدگی کی مد میں ادا کی گئی فیس ناقابل واپسی ہے۔ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان کو کاغذات نامزدگی سے حاصل ہونے والی رقم قومی خزانے میں جمع ہوتی ہے۔

ماضی کے کئی بڑے نام آئندہ عام انتخابات سے باہر


 ماضی کے کئی بڑے نام آئندہ عام انتخابات سے باہر

(ویب ڈیسک) ماضی کے کئی بڑے نام آئندہ برس 8 فروری کو ہونیوالےعام انتخابات میں حصہ نہیں لے رہے۔کئی بڑے سیاستدان آنیوالے سال انتخابی سیاست سے باہر ہوگئے ہیں، سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین، سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، سابق وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل اورسابق چیئرمین سینیٹ نئیر بخاری نے انتخابات میں حصہ نہیں لیا۔اسی طرح سابق وفاقی وزراء اسدعمر، علی نواز اعوان، علی زیدی، خسرو بختیار بھی انتخابی دوڑ سے باہر ہوگئے، صداقت عباسی ،عمران اسماعیل اورفرخ حبیب بھی اگلے برس انتخابات میں حصہ نہیں لیں گے۔

ہمیں پُرعزم اور مضبوط قوم کے طور پر ابھرنے کیلئے یکجان ہونا پڑے گا: آرمی چیف


 ہمیں پُرعزم اور مضبوط قوم کے طور پر ابھرنے کیلئے یکجان ہونا پڑے گا: آرمی چیف

(ویب ڈیسک) آرمی چیف سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ ہمیں پُرعزم اور مضبوط قوم کے طور پر ابھرنے کیلئے یکجان ہونا پڑے گا۔آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کرائسٹ چرچ راولپنڈی میں کرسمس تقریب میں شرکت کی، چرچ انتظامیہ نے آرمی چیف کا خیر مقدم کیا اور تہوار میں شرکت پر اُن کا شکریہ بھی ادا کیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آرمی چیف نے پاکستان میں مقیم تمام مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارک دی، آرمی چیف نے مذہبی برادری کے لیے احترام کا اظہار کیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے متحد و ترقی پسند پاکستان کے لئے قائد کے حقیقی وژن پر عمل کرنے کی بات کی، آرمی چیف نے معاشرے میں بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دینے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کا کہنا تھا کہ "اسلام ہمیں امن، دوستی کا سبق سکھاتا ہے اور بین المذاہب ہم آہنگی کی حوصلہ افزائی کرتا ہے جو کہ وقت کی اہم ضرورت ہے"۔جنرل سید عاصم منیر نے درپیش چیلنجز اور مسائل سے نمٹنے کے لیے بیان بازی اور پروپیگنڈا کے بجائے قومی مسائل کے بارے میں درست نقطہ نظر، سچائی اور علم پر مبنی رائے رکھنے کی اہمیت پر زور دیا، انہوں نے کہا کہ" پاکستان کے دشمن مذہبی، نسلی اور سیاسی کمزوریوں کو استعمال کرتے ہوئے دراڑیں ڈالنے پر تلے ہوئے ہیں"۔آرمی چیف نے کہا کہ "ہمیں ایک پُرعزم اور مضبوط قوم کے طور پر اُبھرنے کے لیے متحد اور یکجان ہونا پڑے گا"، آرمی چیف نے قائد اعظم محمد علی جناحؒ کے 147 ویں یوم پیدائش پر اُن کے عظیم وژن اور قیادت کو شاندار خراج تحسین پیش کیا۔انہوں نے گفتگو کے دوران 11 اگست 1947ء کو دستور ساز اسمبلی سے خطاب کے دوران قائد کے تاریخی کلمات کا حوالہ دیا کہ "آپ آزاد ہیں، آپ اپنے مندروں میں جانے کے لیے آزاد ہیں، آپ اس ریاست پاکستان میں اپنی مساجد یا کسی دوسری عبادت گاہ میں جانے کے لیے آزاد ہیں"۔آخر میں، آرمی چیف نے تمام شعبوں اور ڈومینز میں پاکستان کی پوری مسیحی برادری کی خدمات اور قربانیوں کا بھی اعتراف کیا۔

پولیس گردی کا واقعہ: ڈی آئی جی سی آئی اے لیاقت علی کو عہدے سے ہٹا دیا گیا


 پولیس گردی کا واقعہ: ڈی آئی جی سی آئی اے لیاقت علی کو عہدے سے ہٹا دیا گیا

(لاہور نیوز) نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کے حکم پر ڈاکٹرز ہسپتال میں سی آئی اے پولیس کے دھاوے کے واقعہ کے بعد ڈی آئی جی سی آئی اے لیاقت علی ملک کو فوری طور پر عہدے سے ہٹا دیا گیا۔ڈی آئی جی سی آئی اے کیپٹن (ر) لیاقت علی ملک کو او ایس ڈی بنا دیا گیا، محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔اتوار کی رات لاہور کے ڈاکٹرز ہسپتال میں ایک تشویشناک واقعہ پیش آیا جہاں سی آئی اے پولیس اہلکاروں نے دھاوا بولا اور ڈاکٹرز سمیت ہسپتال کے دیگر عملے کو تشدد کا نشانہ بنایا۔ڈی آئی جی سی آئی اے ملک لیاقت کی موجودگی میں پولیس نے "لاہور نیوز" کے نمائندوں پر بھی تشدد کیا، صحافیوں سے کیمرے اور موبائل فون چھین لئے، ہسپتال میں موجود سی سی ٹی وی کیمروں کی ڈی وی آر کو بھی قبضے میں لے لیا گیا، کشیدہ صورتحال کی وجہ سے علاج معالجے کا عمل کافی دیر تعطل کا شکار رہا۔آئی جی پنجاب ، سی سی پی او لاہور اور دیگر واقعے کے بعد ڈاکٹرز ہسپتال پہنچے اور معاملے کی فوری انکوائری کی ہدایت کر دی۔ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ واقعے میں ملوث اہلکاروں  کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔بعدازاں نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی جانب سے واقعہ کا نوٹس لیا گیا اور ان کی ہدایت پر ڈی آئی جی سی آئی اے کو فوری طور پر عہدے سے ہٹا کر او ایس ڈی بنا دیا گیا جس کے بعد ملک لیاقت پرائیویٹ گاڑی میں ہسپتال سے روانہ ہوگئے۔مختلف صحافتی، وکلاء تنظیموں اور سول سوسائٹی کی جانب سے لاہور کے ڈاکٹرز ہسپتال پر پولیس کے دھاوے کے دوران "لاہور نیوز" کے نمائندوں پر سی آئی اے پولیس کے تشدد کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی ہے۔ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر شعیب نیازی نے ڈاکٹرز ہسپتال پر سی آئی اے پولیس حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ذمہ داروں کے خلاف فوری کارروائی کی جائے، ہسپتالوں پر پولیس گردی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹ، بہاولنگر، پاکپتن، لاہور، گوجرانوالہ، مردان، اٹک، ساہیوال، بہاولپور، اوچ شریف، فیصل آباد، جیکب آباد، عارف والا، رینالہ خورد، نوشہرہ فیروز، کھاریاں، شیخوپورہ اور جہلم پریس کلبز کے صدور نے لاہور کے ڈاکٹرز ہسپتال میں صحافیوں پر تشدد کی شدید مذمت کرتے ہوئے آئی جی اور وزیر اعلیٰ پنجاب سے پولیس گردی کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔سپریم کورٹ بار، اسلام آباد ہائی کورٹ بار، لاہور ہائی کورٹ بار سمیت دیگر بار ایسوسی ایشنز اور وکلا تنظیموں نے صحافیوں اور ڈاکٹرز پر تشدد کے واقعہ پر نگران وزیر اعلیٰ سے نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہسپتال میں صحافیوں اور ڈاکٹرز پرتشدد کسی صورت قبول نہیں، ڈاکٹرز اور صحافیوں سے بدسلوکی کرنے والے سی آئی اے اہلکاروں کیخلاف کارروائی کی جائے۔وائس چیئرمین پنجاب بار کونسل نے کہا ہے کہ پولیس کی غنڈہ گردی معاشرے کیلئے خطرے کا باعث ہے، آئی جی پنجاب صحافیوں پر تشدد کرنے والے اہلکاروں کیخلاف کارروائی کریں۔سول سوسائٹی کے صدر عبداللہ ملک نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈاکٹرز ہسپتال پر پولیس کا حملہ دہشتگردی کے مترادف ہے، سی آئی اے افسران کو ہسپتال میں اس طرح داخل ہونے کی کوئی اتھارٹی نہیں، نگران وزیر اعلیٰ کو واقعے کا فوری نوٹس لینا چاہیے۔

الیکشن کمیشن کو کاغذات نامزدگی کی مد میں 65 کروڑ 54 لاکھ روپے فیس موصول


 الیکشن کمیشن کو کاغذات نامزدگی کی مد میں 65 کروڑ 54 لاکھ روپے فیس موصول

 اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان کو عام انتخابات 2024 کے کاغذات نامزدگی کی مد میں 65 کروڑ 54 لاکھ روپے سے زائد فیس موصول ہوئی ہے۔تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے کاغذات نامزدگی کی تفصیلات اور اس کی مد میں وصول ہونے والی فیس کی تفصیل جاری کردی گئی۔اعلامیے کے مطابق الیکشن کمیشن کو کاغذات نامزدگی کی مد میں 65 کروڑ 54 لاکھ 70 ہزار روپے کی فیس موصول ہوئی۔ اس میں سے قومی اسمبلی کی نشستوں پر 8312 کاغذات نامزدگی کی فیس کی مد میں 24 کڑور 93 لاکھ 90 ہزار روپے موصول ہوئی۔

اعلامیے کے مطابق قومی اسمبلی کی جنرل نشستوں کے لئے 7713 کاغذات نامزدگی کی فیس کی مد میں 23 کڑور 13 لاکھ 90 ہزار روپے، خواتین کی مخصوص نشستوں کے لئے 459 کاغذات نامزدگی کی فیس کی مد میں 1 کڑور 37 لاکھ 70 ہزار روپے موصول ہوئے۔قومی اسمبلی کی اقلیتوں کی نشستوں کے لئے 140 کاغذات نامزدگی کی فیس کی مد میں 45 لاکھ روپےموصول ہوئے۔اسی طرح صوبائی اسمبلی کی نشستوں کے لئے 20304 کاغذات نامزدگی کی فیس کی مد میں 40 کڑور 60 لاکھ 80 ہزار روپے الیکشن کمیشن کو موصول ہوئے۔ اعلامیے کے مطابق صوبائی اسمبلی کی جنرل نشستوں کے لئے 18546 کاغذات نامزدگی کی فیس کی مد میں 37 کڑور 9 لاکھ 20 ہزار روپے موصول ہوئے۔الیکشن کمیشن کے مطابق صوبائی اسمبلی میں خواتین کے لئے مخصوص نشستوں کے 1365 کاغذات نامزدگی کی فیس کی مد میں 2 کڑور 73 لاکھ روپے، اقلیتوں کی نشستوں پر 393 کاغزات نامزدگی کی فیس کی مد میں 78 لاکھ 60 ہزار روپے موصول ہوئے۔

حکومت ملی تو 17 وزارتیں ختم کرکے پیسہ عوام پر خرچ کریں گے، بلاول


 حکومت ملی تو 17 وزارتیں ختم کرکے پیسہ عوام پر خرچ کریں گے، بلاول

نواب شاہ: پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ہمیں ملک میں موجود تاریخی بے روزگاری، غربت اور مہنگائی کا مقابلہ کرنا ہے، حکومت ملی تو 17 وزارتیں ختم کرکے پیسہ عوام پر خرچ کریں گے۔نواب شاہ میں کیڈٹ کالج بختاور برائے خواتین میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول نے کہا کہ پرانے سیاست دان پاکستان کا ماضی ہیں اور آپ پاکستان کا مستقبل ہیں، نفرت گالم گلوچ کی سیاست کو دفن کریں تو ہم ضرور ترقی کریں گے۔بلاول بھٹو نے کہا کہ تاریخی بے روزگاری، غربت، مہنگائی کا مقابلہ کرنا ہے، جس خاندان کے دو فرد کام کر رہے ہیں اور ان کی تنخواہ دس سال قبل دس ہزار تھی تو ان کا گزارہ ہوجاتا تھا، آج کے معاشی صورتحال میں اس خاندان کا گزارہ کرنا مشکل ہے، ان حالات میں عام آدمی اپنا بجلی کا بل دے یا بچوں کو تعلیم دے؟انہوں نے کہا کہ 18 ویں ترمیم کے باوجود 17 وزارتیں صوبوں کو منتقل نہیں ہوئیں، ہم ان شاء اللہ یہ وزارتیں ختم کریں گے، ان پر خرچ ہونے والے 300 سو ارب روپے عوام پر خرچ کریں گے۔