Thursday, 9 December 2021

پریانتھا کمارا کی کولمبو میں سرکاری اعزاز کے ساتھ تدفین

 سانحہ سیالکوٹ میں بے دردی سے قتل کیے جانے والے سری لنکن شہری پریانتھا کمارا کی کولمبو میں سرکاری اعزاز کے ساتھ تدفین کردی گئی۔مقتول کی والدہ اور اہلِ خانہ غم سے نڈھال، بھائی نے پریانتھا کی موت کو بڑا سانحہ قرار دے دیا۔پریانتھا کمارا قتل کیس میں شاملِ تفتیش 34 ملزمان کو لاہور فارنزک سائنس لیبارٹری میں پیش کردیا گیا، ملزمان کا فارنزک ٹیسٹ کیا جارہا ہے، فوٹو گرافک ٹیسٹ بھی کیا جائے گا۔وڈیو میں موجود افراد کے چہروں کا باریک بینی سے جائزہ لیا جائے گا۔علاوہ ازیں سپریم کورٹ بار کے وفد نے سینیٹر علی ظفرکی قیادت میں سری لنکن ہائی کمشنر سے ملاقات کی۔ سینیٹر علی ظفر نے بتایا کہ سپریم کورٹ بار ایک وکیل مقرر کرے گی جو پریانتھا کیس کی نگرانی کرے گا۔

واقعے کا پس منظر

3 دسمبر کو سیالکوٹ کی اسپورٹس گارمنٹ کی فیکٹری کے غیر مسلم سری لنکن منیجر پریانتھا کمارا پر فیکٹری ورکرز نے مذہبی پوسٹر اتارنے کا الزام لگا کر حملہ کردیا، پریانتھا کمارا جان بچانے کیلئے بالائی منزل پر بھاگے لیکن فیکٹری ورکرز نے پیچھا کیا اور چھت پر گھیر لیا۔انسانیت سوز خونی کھیل کو فیکٹری گارڈز روکنے میں ناکام رہے، فیکٹری ورکرز نے منیجر کو اوپر سے نیچے پھینک دیا اور پھر لاش کو گھسیٹ کر فیکٹری سے باہر چوک پر لے گئے، ڈنڈے مارے، لاتیں ماریں اور پھر آگ لگا دی۔


شادی کے بعد کترینہ نے پہلا پیغام اور تصاویر جاری کردیں

 بالی وڈ میں باربی ڈول کے نام سے مشہور کترینہ کیف نے شادی کے بعد پہلا پیغام اور تصاویر شیئر کردیں۔کترینہ کیف اور اداکار وکی کوشل کی شادی آج راجستھان میں انجام پائی جس میں خاندان کے قریبی لوگ، دوست احباب اور کچھ شوبز شخصیات نے شرکت کی۔

شادی سے قبل مختلف طرح کی خبریں منظر عام پر آرہی تھیں کہ کترینہ کیف نے اپنی شادی کی تصاویر کے حقوق کروڑوں روپے میں فروخت کیے ہیں البتہ اب انہوں نے خود ہی اپنی شادی کی چند تصاویر سوشل میڈیا پر جاری کی ہیں۔انسٹاگرام پر جاری تصاویر کے ساتھ شادی کے بعد اپنے پہلے پیغام میں کترینہ کیف نے کہا کہ ’
ہر اس چیز کے لیے ہمارے دلوں میں صرف پیار اور شکر گزاری ہے جو ہمیں اس لمحے تک پہنچانے کا ذریعہ بنی۔ نئے سفر کی شروعات پر ہم آپ سب کی دعاؤں اور محبت کے طلبگار ہیں۔
‘کترینہ کے شوہر وکی کوشل نے بھی بالکل یہی پیغام اپنے انسٹا گرام پر جاری کیا ہے۔خیال رہے کہ کترینہ کیف اور وکی کوشل کی جانب سے شادی سے پہلے تک بھی باضابطہ طور پر کوئی اعلان نہیں کیا گیا تھا 
تاہم اب کترینہ کیف نے انسٹاگرام پر خود ہی شادی کی تصاویر شیئر کردی ہیں۔

Tuesday, 7 December 2021

غیرت کے نام پر 4 خواتین کو فائرنگ کرکے موت کے گھاٹ اتار دیا

 رحیم یار خان میں غیرت کے نام پر بھائیوں نے تین بہنوں اور والدہ  سمیت 4 خواتین کو فائرنگ کرکے موت کے گھاٹ اتار دیا اس دوران والد اور ایک بہن بھی فائرنگ سے زخمی ہوگئے ہیں پولیس کے مطابق لرزہ خیز واردات  کوٹ سمابہ کے علاقے میں پیش آئی جہاں دو چچا زات بھائیوں نے غیرت کے نام پر بندوق کے فائر سے دو  سگی بہنوں 16 سالہ ثمن رند 17 سالہ سلمہ رند  والدہ 40 سالہ نعیمہ رند اور چچا زات 18 سالہ سائرہ رند سمیت چاروں خواتین کو قتل کردیا اس دوران  چوتھی بہن 15 سالہ صدرہ رند زخمی ہوگئی جبکہ بچانے کی کوشش کرنے والا والد شاہد رند بھی زخمی ہوگیا جنہیں شیخ زاید اسپتال منتقل کردیا گیا ہے قتل وجہ ابھی تک واضع نہیں ہوسکی ہے پولیس نے اقدام قتل میں ملوث دو چچا زات بھائیوں ساجد رند اور سلیمان رند کو حراست میں لے لیا ہے




مشتعل افراد کا کاغذ چننے والی خواتین پر تشدد، برہنہ کرکے ویڈیوز بھی بنائیں

 فیصل آباد: ملت ٹاؤن میں کاغذ چننے والی خواتین پر مشتعل افراد نے تشدد کیا اور برہنہ کرکے ویڈیوز بھی بنا ئیں۔پولیس ترجمان کے مطابق متاثرہ خواتین کی جانب سے پولیس کو دی گئی درخواست میں بتایا گیا ہے کہ وہ ملت ٹاؤن کے علاقے میں کاغذ چننے کے لیے گئی تھیں جہاں چاروں خواتین پانی پینے کے لیے ایک الیکٹرک اسٹور میں داخل ہو ئیں۔پولیس کےمطابق خواتین نے بتایا کہ الیکٹرک اسٹور کے مالک صدام اور تین ملازمین نے انہیں چوری کے الزام میں محبوس بنا لیا اور انہیں تشدد کا نشانہ بناتے رہے، اس دوران مزید افراد بھی وہاں آگئے اور تشد د کے دوران انہیں دکان سے باہر بازار میں لے گئے جہاں انہیں برہنہ کر دیا گیا اور ملزمان برہنہ حالت میں ویڈیو بناتے رہے۔پولیس کے مطابق مقامی افراد کی جانب سے اطلاع ملنے پر کارروائی کرکے الیکٹرک اسٹور کے مالک سمیت تین ملزمان کو حراست میں لے لیا جب کہ سی پی او فیصل آباد کے حکم پر خواتین کو محبوس بنانے اور تشدد کے الزام میں چار نامزد اور 8 نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ بھی درج کر لیا گیا ہے۔


ڈھاکا ٹیسٹ میں پاکستان کی بنگلہ دیش پر 224 رنز کی برتری

 ڈھاکا ٹیسٹ میچ میں چوتھے روز بنگلادیش نے 7 وکٹوں پر 76 رنز بنا لیے اور پاکستان کو پہلی اننگز میں 224 رنز کی برتری حاصل ہوگئی۔پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان جاری 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز کا دوسرا میچ ڈھاکا میں کھیلا جارہا ہے۔ چوتھے روز میچ تاخیر سے شروع ہوا اور پاکستان کی اننگز سے کھیل کا آغاز ہوا۔ اظہر علی 56 رنز اور کپتان بابراعظم 76 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے جبکہ فواد عالم 50 رنز بناکر اور محمد رضوان 53 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ اس کے بعد پاکستان نے پہلی اننگز 300 رنز پر ڈیکلیئر کردی۔بنگلادیش کی بیٹنگ اننگ کے آغاز میں ہی لڑکھڑا گئی اور صرف 76 رنز پر اس کے 7 کھلاڑی آؤٹ ہوچکے ہیں۔ شادمان اسلام نے 3 رنز، محمود الحسن (0)، نجم الحسن 30 ، مومن الحق (1)، مشفیق الرحیم (5)، مہدی حسن (0) اور لٹن داس نے صرف 6 رنز بنائے۔چوتھے روز میچ کے اختتام پر بنگلا دیش نے 7 وکٹوں پر 76 رنز بنا لیے۔ اس طرح پاکستان کو پہلی اننگز میں 224 رنز کی برتری حاصل ہوگئی۔ڈھاکا ٹیسٹ میچ میں تیسرے دن کا کھیل مسلسل بارش کے باعث نہیں ہوسکا۔کھیل کے دوسرے دن بارش اور پچ گیلی ہونے کے باعث میچ کھانے کے وقفے کے بعد شروع ہوا تاہم صرف 6.2 اوورز کا کھیل ہوا تھا کہ بارش کے باعث ایک بار پھر میچ روک دیا گیا، کافی دیر انتظار کے بعد بارش نہ رکنے کی صورت میں امپائرز نے دوسرے دن کا کھیل ختم کرنے کا اعلان کیا۔دوسرے دن کھیل کے اختتام پر پاکستان نے 2 کھلاڑیوں کے نقصان پر 188 رنز بنائے تھے جب کہ وکٹ پر اظہر علی اور بابر اعظم موجود ہیں، دونوں کے درمیان 100 رنز سے زائد کی شراکت قائم ہے۔ٹیسٹ میچ کے پہلے روز پاکستان نے بنگلادیش کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، اننگز کا آغاز عابد علی اور عبداللہ شفیق نے کیا تاہم دونوں کھلاڑی بالترتیب 39 اور 25 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے، قومی ٹیم نے دن کے اختتام تک 2 وکٹوں کے نقصان پر 161 رنز بنالیے تھے۔واضح رہے کہ پہلے ٹیسٹ میچ میں قومی ٹیم نے بنگلادیش کو 8 وکٹوں سے شکست دی تھی جب کہ ٹی ٹوئنٹی سیریز میں پاکستان بنگلادیش کو وائٹ واش کرچکا ہے۔


کترینہ کی شادی میں آنیوالے مہمانوں کا شاہانہ استقبال

 اداکارہ کترینہ کیف اور وِکی کوشل کی شادی کی تقریبات کا آغاز راجستھان کے ضلع سوائی مدھوپور میں ہوچکا ہے۔گزشتہ روز شادی میں شرکت کی غرض سے مہمان مدھوپور کے شاندار اور قدیم قلعے سکس سینس فورٹ پہنچے تو ان کا شاہانہ انداز میں استقبال کیا گیا۔بھارت کی نامور صحافی ابیرا دھڑ نے اپنے مصدقہ اکاؤنٹ سے ایک ویڈیو جاری کی جس میں موسیقار اے آر رحمان کا صوفیانہ کلام خواجہ میرے خواجہ چل رہا ہے جب کہ کچھ افراد کی جانب سے رقص بھی پیش کیا جارہا ہے۔اس موقع پر آتش بازی کا بھی مظاہرہ کیا گیا جب کہ مہمانوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔واضح رہے کہ وکی اور کترینہ کی شادی 9 دسمبر بروز جمعرات کو ہوگی جس کی تیاریاں جاری ہیں۔


ڈھاکا ٹیسٹ: ساجد خان نے بنگلادیش کی کمر توڑ دی، 6 وکٹیں لے اڑے

ڈھاکا کے شیر بنگلہ نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان بارش سے متاثرہ ڈھاکا ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز کے کھیل میں میزبان ٹیم کے 7 کھلاڑی صرف 71 رنز پر ہی پویلین لوٹ گئے۔پاکستان کی جانب سے ساجد علی کی تباہ کن بولنگ نے بنگلادیش کی کمر توڑ دی اور 6 کھلاڑی آؤٹ کیے، جبکہ ایک کھلاڑی رن آؤٹ ہوا ہے۔بنگلادیش کی اننگز کی شروعات میں ہی اوپنر محمود الحسن جوائے، نجم الحسین شنتو، لٹن داس، شادمان اسلام، مشفق الرحیم اور مہدی حسن کو ساجد خان نے آؤٹ کیا جب کہ بیٹر مومن الحق کو حسن علی نے رن آؤٹ کیا۔میچ کے چوتھے روز کا آغاز پاکستان کی اننگز سے ہوا جس میں اظہر علی 56 رنز کے ساتھ عبادت حسین کی بال پر آؤٹ ہوگئے اور اب کپتان بابراعظم 76 رنز بناکر خالد احمد کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے۔ خراب موسم کی وجہ سے چوتھے روز بھی کھیل کا آغاز تاخیر سے ہوا ہے آج کم از کم 86 اوورز کا کھیل ہو گا۔‏تیسرے روز مسلسل بارش کی وجہ سے ایک گیند بھی نہیں پھینکی جا سکی تھی جبکہ پہلے دو روز میں صرف 63.2 اوورز کا کھیل ہو سکا تھا۔ ٹیسٹ میچ میں اب تک ایک اننگز بھی مکمل نہیں ہو سکی ، اس لیے یہ ٹیسٹ ڈرا کی جانب بڑھ رہا ہے۔‏ دو ٹیسٹ میچز کی سیریز میں پاکستان کو ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔


Monday, 6 December 2021

منڈے میگزین دھنک رنگ لاہور ایڈیٹرعلی جان 6 دسمبر2021





















 

لاہور، این اے 133 کے ضمنی انتخاب میں ن لیگ نے میدان مار لیا

 لاہور میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے-133 میں ہونے والے ضمنی انتخاب میں مسلم لیگ(ن) کی امیدوار شائستہ ملک نے پیپلز پارٹی کے امیدوار چوہدری اسلم گل کو شکست دے دی۔

تمام 254 پولنگ اسٹیشنز کے غیر حتمی غیرسرکاری نتائج کے مطابق مسلم لیگ(ن) کی امیدوار نے 14ہزار سے زائد ووٹوں کے فرق سے کامیابی حاصل کی۔غیرحتمی نتائج کے مطابق مسلم لیگ(ن) کی امیدوار شائستہ پرویز ملک ضمنی الیکشن میں 46 ہزار 811 ووٹ لے کر کامیاب رہیں۔پیپلز پارٹی کے امیدوار چوہدری محمد اسلم گُل 32ہزار 313 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے اور مسلم لیگ(ن) کی امیدوار نے 14ہزار 498 ووٹوں کے فرق سے فتح اپنے نام کی۔حلقے میں ووٹرز کا ٹرن آؤٹ 18.50 فیصد رہا اور 4 لاکھ 40 ہزار سے زائد ووٹرز میں سے صرف 80 ہزار 997 نے حق رائے دہی کا استعمال کیا۔مسلم لیگ(ن) کے صدر شہباز شریف نے اس فتح کو مرحوم پرویز ملک کے نام کرتے ہوئے کہا کہ ہم آج الیکشن میں کامیابی پر عاجزی کے ساتھ خدا کا شکر ادا کرتے ہیں۔انہوں نے غیرمتزلزل اعتماد پر عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہم یہ فتح اپنے دوستوں اور مرحوم بھائی پرویز ملک کے نام کرتے ہیں جو ایک بہترین انسان، عوامی خدمت گار اور نواز شریف کے عظیم ساتھی تھے۔مسلم لیگ(ن) کی نائب صدر مریم نواز نے بھی الیکشن میں کامیابی پر ٹوئٹر پر 'ایک واری فیر شیر' کی پوسٹ شیئر کی۔پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز نے کہا کہ میں کارکنان اور انتخاب جیتنے والی امیدوار شائستہ پرویز کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) نے ہر ضمنی الیکشن میں ثابت کیا ہے کہ وہ مقبول ترین جماعت ہے، عوام اب باتوں، دعوؤں اور نعروں کے فریب میں آنے والے نہیں اور اپنے گمبھیر مسائل کے حل کے لیے مسلم لیگ(ن) کی طرف دیکھ رہے ہیں۔خیال رہے کہ قومی اسمبلی کی مذکورہ نشست شائشتہ ملک کے شوہر اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی پرویز ملک کے انتقال کے سبب خالی ہوئی تھی۔الیکشن کمیشن آف پاکستان نے 18 اکتوبر کو این اے-133 میں ضمنی انتخاب کے شیڈول کا اعلان کیا تھا جس میں پولنگ کی تاریخ 5 دسمبر مقرر کی گئی تھی۔اس ضمنی الیکشن میں تحریک انصاف کا کوئی بھی امیدوار شریک نہیں تھا کیونکہ تحریک انصاف کے جمشید چیمہ اور ان کی اہلیہ کے کاغذات نامزدگی مسترد کر دیے گئے تھے۔ضمنی انتخاب سے ایک ہفتہ قبل اس وقت تنازع کھڑا ہو گیا تھا جب حلقے میں ووٹوں کی مبینہ خریداری کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرس ہوئی تھی اور جس میں پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کے رہنما ایک دوسرے پر حلقے میں ووٹ خریدنے کے الزامات عائد کر رہے تھے۔الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے انتظامیہ کو حلقہ این اے-133 کے ضمنی انتخاب کی مہم کے دوران ووٹ خریدنے کی ویڈیو کی فرانزک کر کے ملوٹ افراد کو گرفتار کرنے کا حکم دیا تھا۔



این اے 133 ضمنی انتخاب، پی پی کو 2018 کے مقابلے میں 26ہزار728 ووٹ زیادہ ملے

لاہور میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 133 کے ضمنی انتخاب میں مسلم لیگ (ن) کی شائستہ پرویز ملک نے کامیابی حاصل کرلی تاہم ن لیگ کو 2018کے عام انتخابات کے مقابلے میں کم ووٹ ملے ہیں۔تمام 254 پولنگ اسٹیشنز کے غیرحتمی و غیرسرکاری نتائج کے مطابق مسلم لیگ ن کی شائستہ پرویز 46811 ووٹ لےکر کامیاب قرار پائیں۔غیرسرکاری نتیجے کے مطابق پیپلزپارٹی کے اسلم گِل 32313 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔ لیگ کو ضمنی انتخاب میں این اے 133کی نشست پر2018 کے الیکشن کے مقابلے میں42ہزار888ووٹ کم ملے جبکہ 2018کے الیکشن میں مسلم لیگ ن کے پرویزملک نے 89ہزار699 ووٹ لیے تھے۔پیپلزپارٹی کے اسلم گِل نے 2018 کے انتخابات کے مقابلے میں 26 ہزار 728 ووٹ زیادہ حاصل کیے جبکہ انہوں نے 2018 کے الیکشن میں 5585 ووٹ لیے تھے۔2018 کے الیکشن میں تحریک انصاف کے اعجازچوہدری نے77ہزار293ووٹ لیےتھے تاہم این اے133کے ضمنی الیکشن میں پی ٹی آئی کا کوئی امیدوار میدان میں نہیں تھا۔ضمنی الیکشن میں پی ٹی آئی کے امیدوارجمشیدچیمہ کےکاغذات نامزدگی مسترد ہوگئے تھے۔2018کے عام انتخابات میں این اے133میں51.89 فیصد ووٹ کاسٹ ہوئےتھے جبکہ ضمنی الیکشن میں این اے133میں 18.59 فیصد ووٹ کاسٹ ہوئے۔


Friday, 3 December 2021

کرکٹ کا بڑا میلہ پاکستان سپر لیگ 27 جنوری سے شروع



 کرکٹ کا بڑا میلہ پاکستان سپر لیگ 27 جنوری سے شروع

کرکٹ کے دیوانوں کے لیے ایک بار پھر پاکستان سپر لیگ کا میلہ سجنے والا ہے، پاکستان کرکٹ بورڈ نے ساتویں سیزن کا شیڈول جاری کر دیا۔پی سی بی کی طرف سے جاری شیڈول کے مطابق  27 جنوری سے پی ایس ایل  7 کا آغاز ہو گا،افتتاحی میچ میں ملتان سلطانز اور کراچی کنگز مد مقابل ہوں گے۔ایونٹ کے 15 میچز کراچی جبکہ  19 میچز لاہور میں کھیلے جائیں گے، 28جنوری کو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی کے درمیان میچ ہوگا۔پی ایس ایل 7کا فائنل 27فروری کو کھیلا جائے گا،کوالیفائر 23 فروری اور پہلا اور دوسرا ایلیمنٹر 24 اور 25 فروری کو کھیلا جائے گا۔ایونٹ کیلئے کھلاڑیوں کی ڈرافٹنگ 12 دسمبر کو سہ پہر 3 بجے لاہور کے ہائی پرفارمنس سینٹر میں ہوگی۔آصف علی، حارث رؤف اور محمد رضوان پلاٹینم کیٹیگری جبکہ صہیب مقصود اور حیدر علی ڈائمنڈ کیٹگری میں شامل ہو گئے ہیں۔