پاکستان نے قابض بھارتی فوجیوں کی طرف سے مزید دو کشمیریوں کے ماورائے عدالت قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار نے کہا ہے کہ سری نگر میں 2 مزید کشمیریوں کا ماورائے عدالت قتل قابل مذمت ہے، ہم جعلی پولیس مقابلوں میں کشمیریوں کے قتل کی مذمت کرتے ہیں۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق گزشتہ ایک ماہ میں بھارتی قابض افواج نے 19 کشمیریوں کو شہید کیا، بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں میں ملوث ہے۔ترجمان کا کہنا تھا کہ آر ایس ایس، بی جے پی کے جرائم یو این انکوائری کمیشن کے متقاضی ہیں، اقوام متحدہ اور دنیا بھارتی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا فوری نوٹس لے۔واضح رہے کہ آج ایک اور واقعے میں مقبوضہ کشمیر کے ضلع پونچھ میں قابض بھارتی فورسز نے ایک کشمیری نوجوان کو شہید کیا، کشمیر میڈیا سروس کے مطابق وادی میں بھارتی ریاستی دہشت گردی بدستور جاری ہے۔نوجوان کو بھارتی فوج کے دستوں نے ضلع کے علاقے سورنکوٹ میں پیرا ملٹری سینٹرل ریزرو پولیس فورس اور اسپیشل آپریشن گروپ کے ساتھ مشترکہ آپریشن میں شہید کیا۔دریں اثنا بھارتی فوجیوں نے پلوامہ میں کریم آباد میں جموں و کشمیر ماس موومنٹ کے وائس چیئرمین عبدالمجید میر کے گھر پر چھاپا مار کر ان کے 16 سالہ بھتیجے دانش احمد کو گرفتار کر لیا ہے، دستے دانش کو اپنے ساتھ بارہ مولہ لے گئے۔
Wednesday, 15 December 2021
زرداری کی 8 ارب کی مشکوک ٹرانزیکشن ریفرنس میں بریت، نیب سے جواب طلب
اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق صدر آصف علی زرداری کی 8 ارب کی مشکوک ٹرانزیکشن ریفرنس میں بریت کی اپیل پر سماعت کرتے ہوئے نیب سے جواب طلب کر لیا۔چیف جسٹس اطہرمن اللہ نے کیس کی سماعت کرتے ہوئے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) سے نیب سے 18 جنوری تک جواب طلب کر لیا کہ بتائیں کہ متعلقہ معاملہ نکال کر ریفرنس بنتا ہے یا نہیں؟چیف جسٹس نے کہا کہ نیب کو ریفرنس بنانے سے پہلے معاملہ ایف بی آر کو بھیجنا چاہیے تھا، ایف بی آر کا اختیار تھا کہ زرداری کا مکمل آڈٹ بھی کر سکتا ہے، قانون کے مطابق نہ ہونے کی وجہ سے نیب کے سارے کیس خراب ہو جاتے ہیں۔نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ یہ جعلی اکاؤنٹس کا معاملہ ہے، سپریم کورٹ کے حکم پر ریفرنس دائر کیا گیا، ایف بی آر اور اِنکم ٹیکس کا معاملہ نکال کر بھی ریفرنس بن سکتا ہے۔عدالت نے کہا کہ انکم ٹیکس کا معاملہ نکال کر 18جنوری تک نیا ریفرنس بنا کر دکھائیں۔عدالت نے استفسار کیا کہ آصف زرداری کے خلاف ریفرنس نیب آرڈیننس کی کونسی شق کے مطابق ہے؟آصف زرداری کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے بتایا کہ نیب آرڈیننس کی کسی شق کے تحت کیس بنتا ہی نہیں۔نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ ریفرنس نیب آرڈیننس کے سیکشن2 ، 4اور 12 کے تحت بنایا گیا ہے۔فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ نیب کہتا ہے کہ آصف زرداری نے پبلک آفس ہولڈر ہوتے ہوئے پراپرٹی کیوں خریدی؟ نیب کے مطابق پبلک آفس ہوتے ہوئے کوئی پراپرٹی خرید ہی نہیں سکتا۔نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ جائیداد خریدنے کے لیے جعلی اکاؤنٹ سے 150 ملین کی ٹرانزیکشن ہوئی، ویلتھ اسٹیٹمنٹ میں آصف زرداری نے پراپرٹی کی قیمت 53 ملین لکھی۔چیف جسٹس نے سوال کیا کہ نیب انکم ٹیکس ڈیکلیریشن کے معاملے میں کس طرح پڑ سکتا ہے؟جسٹس عامرفاروق نے کہا کہ بدقسمتی سے ہمارے ملک میں پراپرٹی کی سرکاری قیمت اور لکھی جاتی ہے، اصل اور ہوتی ہے، ان معاملات پر اگر ریفرنس بنتا ہے تو پورا پاکستان یہی کر رہا ہے۔نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ یہ منی لانڈرنگ کا کیس ہے، ویلتھ اسٹیٹمنٹ اس کا ایک ثبوت ہے۔چیف جسٹس اطہرمن اللہ نے استفسار کیا کہ نیب اپنے اختیار سے تجاوز کس طرح کر سکتا ہے، نیب کے پاس آپشن موجود ہے کہ کیس ایف بی آر کو بھیج دے۔ ویلتھ اسٹیٹمنٹ کے 53 ملین کا معاملہ نکال کر ریفرنس بنتا ہے تو آئندہ سماعت پر بتائیں۔اسلام آبادہائی کورٹ نے کیس کی سماعت 18 جنوری تک ملتوی کر دی۔
دھند کے باعث لاہور سیالکوٹ موٹروے بند کر دی گئی
لاہور اور گردونواح میں دھند چھا گئی۔ دھند کے با عث لاہور سیالکوٹ موٹروے بند کر دی گئی۔دھند کے پیش نظر شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر وارڈنز کی نفری میں اضافہ کر دیا گیا۔ بابو صابو، ٹھوکر نیاز بیگ، شاہدرہ چوک، پرانے راوی پل پر وارڈنز کی نفری.
Friday, 10 December 2021
عمران نیازی کے "سستے پاکستان" میں بجلی مزید مہنگی ہوگئی، شہباز شریف
اہور: قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ عمران نیازی کے “سستے پاکستان” میں بجلی مزید مہنگی ہوگئی۔پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے بجلی کی قیمت میں 4 روپے 74 پیسے فی یونٹ اضافے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران نیازی کے “سستے پاکستان” میں بجلی مزید مہنگی ہوگئی، یہ ہے “سستے پاکستان” کی اصل حقیقت، عمران نیازی کے “سستے پاکستان” میں بجلی مزید مہنگی ہوگئی، یہ ہے “سستے پاکستان” کی اصل حقیقت، نیپرا کا نوٹی فیکیشن عمران نیازی کو بھیجا جائے تاکہ انہیں “سستے پاکستان” میں غریبوں کی سچائی کا شاید کچھ احساس ہو۔شہباز شریف نے کہا کہ آئی ایم ایف کے حکم پر بجلی کی قیمت میں مزید اضافہ کیاگیا، عمران خان کہتے تھے بجلی کی قیمت بڑھانے والا وزیراعظم چور ہوتا ہے ، ہر ماہ بجلی کے بل عوام کے گھروں پر مہنگائی کا کوڑا بن کر برستے ہیں، ظالم حکومت بے حسی کے ریکارڈ توڑ چکی۔صدر (ن) لیگ کا کہنا تھا کہ حکومت نے بجلی کی قیمت تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچا دی، پھر بھی گردشی قرض دوگنا ہوگیا، حکومت مہنگائی میں اضافے اور قومی آمدن میں کمی کی دوہری تلوار سے عوام کا معاشی قتل عام کر رہی ہے، مہنگے ترین ایندھن سے بجلی بنا کر مافیاز کی جیبیں بھرنے والی حکومت کے خلاف ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کا سروے تازہ چارج شیٹ ہے۔ یہ حکومت نہیں، اندھیر نگری چوپٹ راج ہے، اس سے نجات میں ہی ملک اور قوم کی حیات ہے۔
کترینہ نے شادی میں بلایا ہی نہیں توکیسے جاتے
ممبئی: سلمان خان کا خاندان کترینہ کیف کی شادی میں کیوں نہیں گیا سلمان خان کی بہن نے بتا دیا۔سلمان خان کی بہن ارپتا خان سے جب میڈیا نے کترینہ کیف کی شادی میں نہ جانے کی وجہ پوچھی تو ارپتا خان نے ایک بار پھرصاف صاف بتا دیا کہ کترینہ کیف نے شادی میں بلایا ہی نہیں توکیسے جاتے۔ ہمیں کترینہ کی طرف سے کوئی دعوت نامہ موصول نہیں ہوا۔کترینہ کیف سلمان خان کے خاندان کا حصہ سمجھی جاتی تھیں اورسلمان خان کی بہن ارپتا خان کی قریبی دوست رہی ہیں۔ ماضی میں سلمان خان اورکترینہ کیف کی شادی کی خبریں بھی میڈیا میں گردش کرتی رہی ہیں۔
کترینہ کیف اوروکی کوشل کی شادی آج ہوگی۔
کورونا کا نیا ویرینٹ اومیکرون پاکستان پہنچ گیا، کراچی میں پہلا مشتبہ کیس رپورٹ
کراچی: کئی ممالک میں تیزی سے پھیلنے والا، کورونا وائرس کا نیا ویرینٹ ’اومیکرون‘ پہلی بار مبینہ طور پر پاکستان میں بھی رپورٹ ہوگیا ہے۔محکمہ صحت سندھ نے اومیکرون ویرینٹ کے پہلے کیس کے بارے میں بتایا کہ کراچی میں اومیکرون ویرینٹ کا پہلا مشتبہ کیس ایک نجی اسپتال میں رپورٹ ہوا ہے۔محکمہ صحت سندھ کے مطابق، مذکورہ خاتون میں اومیکرون ویرینٹ کی ممکنہ موجودگی کا انکشاف 8 دسمبر کو ہوا، تاہم ان میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے کی کوئی علامت موجود نہیں تھی۔ وہ خاتون ویکسی نیٹڈ بھی نہیں تاہم وہ گھر پر قرنطینہ میں ہیں۔دوسری جانب قومی ادارہ صحت نے بھی پاکستان میں اومیکرون کی موجودگی سے متعلق میڈیا پر آنے والی اطلاعات کے حوالے سے اپنے وضاحتی بیان میں کہا ہے کہ کراچی سے رپورٹ ہونے والے اومیکرون ویرینٹ کے مشتبہ کیس کی تاحال تصدیق نہیں ہوئی ہے۔ابھی اس کا جینوم مکمل طور پر نہیں پڑھا گیا ہے جبکہ یہ عمل متاثرہ خاتون کے خون کا نمونہ حاصل کرنے کے بعد انجام دیا جائے گا جس میں دو ہفتے لگ سکتے ہیں۔ قومی ادارہ صحت نے عالمی وبائی حالات کے تناظر میں پاکستانی عوام سے پُرزور اپیل کی کہ وہ جلد از جلد ویکسین لگوائیں۔واضح رہے کہ اب تک ایشیا، افریقہ، مشرقِ وسطیٰ، یورپ اور امریکا میں کورونا کے نئے ’اومیکرون ویرینٹ‘ کے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ ہر گزرتے دن کے ساتھ یہ مزید ملکوں میں ظاہر ہوتا جارہا ہے۔اپنے تیز رفتار پھیلاؤ کے باوجود، اب تک دنیا میں کسی ملک سے بھی اومیکرون ویرینٹ کے باعث اموات کی کوئی خبر نہیں ملی ہے۔
قومی بچت اسکیموں پر منافع کی شرح میں ایک فیصد تک اضافہ
اسلام آباد: وفاقی حکومت نے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے شرح سود میں اضافے کے نتیجے میں قومی بچت اسکیموں پر منافع کی شرح میں بھی ایک فیصد تک اضافہ کردیا ہے.وزارت خزانہ نے قومی بچت اسکیموں پر منافع کی شرح میں اضافہ کا نوٹی فکیشن جاری کردیا ہے جس کے تحت نئی شرح کا اطلاق 10 دسمبر سے ہوگا۔ قومی بچت اسکیموں پر منافع کی نئی شرح کے مطابق بہبود سیونگ سرٹیفکیٹس، پنشنرز بینفٹس اکاؤنٹس اور شہداء فیمیلز ویلفیئر اکاؤنٹس پر منافع کی شرح بڑھا کر12.96 فیصد ، اسپیشل سیونگ سرٹیفکیٹس اور اسپیشل سیونگ اکاوؤنٹس پر منافع کی شرح 10.60 فیصد، ریگولر انکم سرٹیفکیٹس پر منافع کی شرح بڑھا کر10.80 فیصد اور سیونگ اکاؤنٹس پر منافع کی شرح بڑھا کر 7.25 فیصد کردی گئی ہے۔نوٹی فکیشن کے مطابق 3 ماہ کے شارٹ ٹرم سیونگ سرٹیفکیٹس کے لئے منافع کی شرح بڑھا کر 9.24 فیصد ، چھ ماہ کے شارٹ ٹرم سیونگ سرٹیفکیٹس کے لئے منافع کی شرح بڑھا کر 9.66 فیصد اور ایک سال کے شارٹ ٹرم سیونگ سرٹیفکیٹس کیلئے منافع کی شرح بڑھا کر10.26 فیصد کردی گئی ہے۔
آصف زرداری کا نواز شریف کے بارے میں بیان افسوس ناک ہے، شہباز شریف
میاں صاحب کی پاکستان کے ساتھ غیر متزلزل وابستگی ہمیشہ ناقابل تردید رہی ہے، صدر مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے نواز شریف کے بارے میں آصف زرداری کے بیان کو افسوس ناک قرار دے دیا۔شہباز شریف نے پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری کے بیان پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ زرداری صاحب کا نواز شریف کے بارے میں بیان افسوس ناک ہے، میاں صاحب کی پاکستان کے ساتھ غیر متزلزل وابستگی ہمیشہ ناقابل تردید رہی ہے، نواز شریف کو کن حالات میں بیرون ملک جانا پڑا آپ جانتے ہیں۔شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ہمیں ایسے ریمارکس سے گریز کرنا چاہیے اور سب کو مل کر ملک کی بہتری کے لیے کام کرنا چاہیے۔واضح رہے کہ لاہور میں حلقہ این اے 133 کے ضمنی انتخابات میں زیادہ ووٹ حاصل کرنے کی خوشی میں 6 دسمبر کو تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آصف علی زرداری نے ن لیگ پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ اپنے ان سیاسی مخالفین سے ہر جگہ لڑیں گے جو پاکستان مخالف ہیں، جو اس دھرتی میں نہیں مرنا چاہتا اس کا یہاں کیا ہے؟ ’دنیا پاکستان کو توڑنا چاہتی ہے مگر ہم بچائیں گے۔
عوام کو مہنگائی کی دلدل میں دھکیلنے والے عمران خان قوم کے مجرم ہیں، بلاول
کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عوام کو مہنگائی کی دلدل میں دھکیلنے والے عمران خان قوم کے مجرم ہیں، انہیں معاف نہیں کریں گے۔بجلی کی قیمتوں میں 4 روپے 74 پیسے فی یونٹ اضافے پر اپنے ردعمل میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عمران خان آئی ایم ایف کے اشاروں پر بجلی مہنگی کرکے مقامی سے عالمی کٹھ پتلی کا روپ دھار چکے ہیں۔چیئرمین پیپلز پارٹی نے مزید کہا کہ نومبر کے بلوں سے بجلی کی قیمتوں میں سالانہ اضافہ کرکے عوام کی جیبوں پر پہلے ہی اربوں روپوں سے زائد کا ڈاکا مارا گیا ہے، آج کہاں گئے معاشی ترقی کے وہ بڑے بڑے دعوے؟ عوام کو مہنگائی کی دلدل میں دھکیلنے والے عمران خان قوم کے مجرم ہیں، ہم انہیں معاف نہیں کریں گے۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پہلے دن سے ہم نے پی ٹی آئی ایم ایف بجٹ کے خلاف آواز بلند کی، پاکستان پیپلز پارٹی 10 دسمبر کو مہنگائی کے خلاف ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے کرے گی، مہنگائی کے خلاف پاکستان پیپلزپارٹی کے احتجاج کا تسلسل حکومت کے خاتمے تک جائے گا۔
الیکشن قوانین کی خلاف ورزی پر علی امین گنڈاپور پر جرمانہ عائد
اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے بلدیاتی الیکشن کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے پر علی امین گنڈاپور پر 50 ہزار روپے جرمانہ عائد کردیا۔ بلدیاتی الیکشن میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی وفاقی وزیر علی امین گنڈاپور کو مہنگی پڑگئی، الیکشن کمیشن نے علی امین گنڈاپور پر 50 ہزار روپے جرمانہ عائد کردیا۔الیکشن کمیشن نے انہیں جرمانے کی رقم جمعہ تک سرکاری خزانے میں جمع کرانے کا حکم دیا ہے اور وفاقی وزیر کو آئندہ ضابطہ اخلاق پر عمل کی سخت تنبیہ بھی کر دی۔الیکشن کمیشن نے مزید کہا ہے کہ دوبارہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر نااہلی کی کارروائی بھی شروع ہوسکتی ہے۔