Saturday, 16 December 2023

وزیراعلیٰ پنجاب کے چلڈرن و جنرل ہسپتال کے دورے،اپ گریڈیشن کے کاموں کا جائزہ

 وزیراعلیٰ پنجاب کے چلڈرن و جنرل ہسپتال کے دورے،اپ گریڈیشن کے کاموں کا جائزہ



 نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے چلڈرن ہسپتال اور جنرل ہسپتال کا دورہ کیا اور اپ گریڈیشن کے کاموں کا جائزہ لیا۔وزیراعلیٰ محسن نقوی رات گئے چلڈرن ہسپتال،جنرل ہسپتال،خدمت مرکز اوربند روڈ کے دورے پر پہنچے، محسن نقوی نے لگاتارساڑھے چار گھنٹے زیر تکمیل پراجیکٹس اورسروسز کا جائزہ لیا۔ انہوں  نے چلڈرن ہسپتال میں ریڈیالوجی،میڈیکل ایمرجنسی،میڈیکل فور،اوپی ڈی کا دورہ کیا، محسن نقوی نے کینسر،ڈینٹل وارڈ اور آپریشن تھیٹر بھی دیکھے، وزیراعلیٰ نے  ہسپتال میں بائیو گیس پائپ کی انڈرگراؤنڈ فٹنگ کی ہدایت کی اور اے سی پلانٹ کی انسولیشن بھی دوبارہ کرنے کا حکم دیا، انہوں نے فرشی ٹائلز کا معیار چیک کیااور دوران تعمیر ڈھاپنے کی ہدایت بھی کی۔محسن نقوی نے چلڈرن ہسپتال کی میڈیکل ایمرجنسی کا بھی دورہ کیا اور مریض بچوں کا حال احوال دریافت کیا، وزیراعلیٰ نے گردوں کی خرابی کی وجہ سے داخل ننھے ابوبکر سے شفقت کا اظہار  کیا اور والدہ کو دلاسہ دیا۔بعدازاں  وزیراعلیٰ محسن نقوی جنرل ہسپتال پہنچے جہاں انہوں نے زیر تکمیل ایمرجنسی وارڈکا معائنہ کیا اور جنرل ہسپتال کی اپ گریڈیشن کے کاموں کے معیار کا بھی جائزہ لیا۔ہسپتالوں کے دورے کے بعد وزیراعلیٰ فوراً لبرٹی خدمت مرکز پہنچ گئے اور موجود شہریوں سے صورتحال دریافت کی، محسن نقوی کے دریافت کرنے پرمتعدد شہریوں نے عرصہ دراز سے بلا لائسنس گاڑی چلانے کا اعتراف کیا،  وزیراعلیٰ پنجاب نے لائسنس اورلرنر بنوانے والے شہریوں کی حوصلہ افزائی کی۔وزیراعلیٰ محسن نقوی لبرٹی خدمت مرکز سے بند روڈ کنٹرولڈ ایکسس پراجیکٹ کا جائزہ لینے پہنچ گئے جہاں سائٹ آفس پر ڈی جی ایل ڈی اے نے منصوبے بارے بریفنگ دی، محسن نقوی نے بند روڈ کنٹرولڈ ایکسس پراجیکٹ کے پورے روٹ کا معائنہ کیااور سگیاں پر داخلی و خارجی ریمپ بنانے کا حکم دیتے ہوئے فوری طورپر پلان طلب کرلیا۔ صوبائی وزراء ڈاکٹر جاوید اکرم،عامر میر،اظفر علی ناصر،صوبائی سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو، سیکرٹری ہیلتھ،کمشنر،ڈپٹی کمشنر اوردیگر حکام بھی موجود تھے۔

ڈپٹی کمشنرز کو ایک بار پھر دفعہ 144 کے نفاذ کا اختیار مل گیا


 ڈپٹی کمشنرز کو ایک بار پھر دفعہ 144 کے نفاذ کا اختیار مل گیا


 نگران حکومت پنجاب نے عام انتخابات سے قبل بڑا فیصلہ کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنرز کو ایک بار پھر دفعہ 144 کے نفاذ کا اختیار دے دیا ہے۔ڈپٹی کمشنرز اضلاع میں قیام امن یقینی بنانے کیلئے دفعہ 144 نافذ کر سکیں گے، ڈپٹی کمشنرز کے پاس دو ماہ کیلئے دفعہ 144 نافذ کرنے کا اختیار ہو گا، ڈپٹی کمشنرز کو دفعہ 144 کے نفاذ کا اختیار دینے کیلئے آرڈیننس بھی جاری کر دیا گیا ہے۔اس سے قبل ڈپٹی کمشنرز کو دفعہ 144 کے نفاذ کا اختیار دینے کا آرڈیننس مدت پوری ہونے کی وجہ سے منسوخ ہو گیا تھا، آرڈیننس سے قبل دفعہ 144 کے نفاذ کا اختیار پنجاب کابینہ کے پاس تھا۔

صوبے بھر میں 34 نئے مریضوں میں ڈینگی کی تصدیق


 صوبے بھر میں 34 نئے مریضوں میں ڈینگی کی تصدیق


24 گھنٹے کے دوران صوبے بھر میں 34 نئے مریضوں میں ڈینگی کی تصدیق ہوئی۔سیکرٹری صحت علی جان خان کے مطابق لاہور میں 21 ،گوجرانوالہ ، ملتان میں 4 ،4، فیصل آباد میں ،شیخو پورہ، نارووال اور سرگودھا میں ڈینگی کا ایک ،ایک نیا مریض سامنے آیا۔ پنجاب بھر کے ہسپتالوں میں اس وقت ڈینگی کے کل 42 مریض جبکہ لاہور  کے ہسپتالوں میں اس وقت ڈینگی کے کل 30 مریض زیر علاج ہیں ۔رواں سال لاہور میں ڈینگی کے 6938 ، پنجاب بھر میں 15 ہزار 29 کنفرم مریض رپورٹ ہوئے۔سیکرٹری صحت علی جان کا کہنا ہے کہ ڈینگی سے بچنے کے لئے شہری اپنے ماحول کو صاف رکھیں، ڈینگی بخار کے علاج ، معلومات یا شکایات کے لئے محکمہ صحت کی فری ہیلپ لائن پر رابطہ کریں۔

مہنگائی کی شرح میں مسلسل اضافہ، سبزی فروش دام پاؤ میں بتانے لگے


 مہنگائی کی شرح میں مسلسل اضافہ، سبزی فروش دام پاؤ میں بتانے لگے


 مہنگائی کی شرح میں مسلسل اضافہ ہو گیا۔ سبزی فروش سبزیوں کے دام پاؤ کے حساب سے بتانے لگے۔مہنگائی نے سبزیوں اور پھلوں کی قیمتیں لوگوں کی قوت خرید سے باہر کر دیں۔ مارکیٹ کمیٹی کی لسٹ میں پیاز 150 روپے، مارکیٹ میں 200 روپے کلو تک فروخت ہونے لگا۔ ٹماٹر بھی 105 روپے کے بجائے 160 روپے فی کلو تک بک رہا ہے۔لہسن اور ادرک نے تو حد ہی پار کر دی۔ لہسن چائنہ 590   روپے  کے بجائے 850  روپے فی کلو تک دستیاب ہے۔ ادرک تھائی لینڈ 390 روپے  کے بجائے 750 روپے کلو تک فروخت ہو رہا ہے۔مارکیٹ میں مچھلی کی فروخت کی وجہ سے برائلر کی کھپت میں کمی آ گئی۔ برائلر گوشت 7 روپے سستا ، نئی قیمت 463 روپے فی کلو مقرر ہو گئی۔ دوسری جانب انڈوں کی قیمت میں 2 روپے فی درجن کا اضافہ ہوا۔ انڈے 346 روپے سے بڑھا کر 348 روپے درجن مقرر ہو گئے۔خریدار کہتے ہیں حکومت ریلیف دے تاکہ لوگ آسانی سے خریداری کر سکیں۔اب تو ریٹ کلو یا دھڑیوں میں نہیں پاؤ میں آویزاں کئے جاتے ہیں۔

حریم فاروق کی سی گرین میکسی میں دلکش اداؤں پر مداح دل ہار بیٹھے


 حریم فاروق کی سی گرین میکسی میں دلکش اداؤں پر مداح دل ہار بیٹھے

 پاکستانی شوبز انڈسٹری کی خوبرو اداکارہ اور فلم پروڈیوسر حریم فاروق کی سی گرین شیفون میکسی میں دلکش اداؤں پر مداح اپنا دل ہار بیٹھے۔حال ہی میں اداکارہ حریم فاروق نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر چند تصاویر شیئر کیں جن میں وہ خوشگوار موڈ میں نظر آرہی ہیں۔ذکورہ تصاویر میں گرین پرنٹڈ شیفون میکسی میں ملبوس اداکارہ حریم بیڈ پر بیٹھی کیمرے کے سامنے پوز دیتی نظر آرہی ہیں جبکہ عقب میں بیڈ پر انکا بیگ اور کچھ سامان بھی موجود ہے۔ان تصاویر میں حریم نے لباس کومکمل کرتے ہوئے جن نازک زیورات کا استعمال کیا ہے وہ بھی سب کی توجہ کامرکز بنے ہوئے تھے، حریم نے نہ صرف غضب ڈھاتے اپنےحسن کا مظاہرہ کیا بلکہ ساتھ ہی ان کی قاتلانہ مسکراہٹ پر مداح ایک بار بھر انکے سحر میں مبتلا ہوگئے۔حریم فاروق کی جانب سے جاری کردہ ان تصاویر پر مداحوں اور ان کے چاہنے والوں کی جانب سے بے حد محبت اور پسندیدگی کا اظہار کیا جارہا ہے۔

سجل اور صبا قمر پسندیدہ اداکارائیں، ایمان علی میرا کرش ہیں: سید جبران


 سجل اور صبا قمر پسندیدہ اداکارائیں، ایمان علی میرا کرش ہیں: سید جبران

معروف پاکستانی اداکار سید جبران نے کہا ہے کہ سجل علی اور صبا قمر میری پسندیدہ اداکارائیں جبکہ ایمان علی میرا کرش تھیں اور اب بھی ہیں۔حال ہی میں اداکار سید جبران نے دنیا نیوز کے مقبول ترین شو" مذاق رات" میں شرکت کی جہاں انہوں نے مختلف موضوعات پر کھل کر اظہار خیال کیا۔ایک سوال کے جواب میں سید جبران کا کہنا تھا کہ  انہیں محبت میں کبھی دھوکا نہیں ملا، البتہ ان کے ساتھ کیے گئے کچھ وعدوں کو لوگوں نے پورا نہیں کیا، انہیں سب سے زیادہ سجل علی اور صبا قمر پسند ہیں جب کہ ایمان علی ان کرش تھیں اور اب بھی ہیں۔اہلیہ سے محبت اور شادی سے متعلق پوچھے گئے سوال پر سید جبران نے بتایا کہ میری اور اہلیہ کی پہلی ملاقات لندن کی ہیتھرو ایئرپورٹ پر ہوئی تھی، میں نے اہلیہ کو وہاں دیکھا اور پھر ہمارے درمیان تعلقات استوار ہوگئے۔سید جبران نے بتایا کہ  میں ہمایوں سعید کے ہمراہ لندن شوٹنگ کے لیے گیا تھا اور محض چند ہی دن میں میرے اور اہلیہ کے درمیان تعلقات استوار ہوگئے اور پھر ہم نے 8 ماہ بعد اہل خانہ کی رضا مندی سے شادی کرلی۔انہوں نے اہلیہ کی خوبصورتی اور محبت کی تعریفیں کرتے ہوئے کہا کہ میری بیوی مجھ سے اس بات پر خفا رہتی ہیں کہ میں انہیں ہر وقت نہیں دیکھتا رہتا جب کہ میں انہیں دیکھتا ہی تو رہتا ہوں۔

العزیزیہ ریفرنس میں نوازشریف کی بریت حق کی فتح ہے

 پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ


العزیزیہ ریفرنس میں نوازشریف کی بریت حق کی فتح ہے۔العزیزیہ ریفرنس میں نوازشریف کی بریت پر ردعمل میں سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر شہباز شریف کا کہنا تھا کہ قائد میاں محمد نوازشریف کی العزیزیہ ریفرنس میں بریت پر ہم سب اللہ تعالیٰ کے ہاں سربسجود ہیں، ‏نوازشریف صرف میرے بھائی اور قائد ہی نہیں وہ پوری قوم کے لیڈر ہیں۔انہوں نے مزید لکھا کہ نوازشریف کی بریت اور حق کی اس فتح سے جلد انکی قیادت میں پاکستان میں خوشحالی اور ترقی کا دور واپس آئے گا، قائد ن لیگ کے صبر، ایمان اور استقامت کو سلام پیش کرتا ہوں،انکی بریت اس بات کا ثبوت ہے کہ جب معاملات اللہ تعالیٰ پر چھوڑ دئیے جائیں تو وہ بہترین انصاف کرنے والا ہے۔ٹوئٹ کے آخر پر شہباز شریف نے ایک شعر بھی لکھا  "‏ہوتا ہے جادہ پَیما پِھر کارواں ہمارا"۔

حقائق سامنے لائے جائیں فیصلوں کے پیچھے کون سی بین الاقوامی قوتیں تھیں: جاوید لطیف


 حقائق سامنے لائے جائیں فیصلوں کے پیچھے کون سی بین الاقوامی قوتیں تھیں: جاوید لطیف

 مسلم لیگ ن کے رہنما میاں جاوید لطیف نے کہا کہ حقائق سامنے لائے جائیں فیصلوں کے پیچھے کون سی لوکل اور بین الاقوامی قوتیں تھیں۔مسلم لیگ ن کے رہنما میاں جاوید لطیف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اللہ  نے کرم کیا اور نواز شریف کو بالآخر انصاف مل گیا، لیکن بہت دیر ہوئی انصاف ملتے، خوشی کے ساتھ غم بھی ہے کہ پاکستان کا کیا حال کر دیا گیا۔میاں جاوید لطیف نے کہا کہ اسی عمارت سے یہ نیکی بھی کی جائے اگر ان کرداروں کو بھی سامنے لایا جائے جو سابق فیصلوں کے پیچھے تھے۔

انڈین سپریم کورٹ کا فیصلہ بھی انسانیت کی خلاف ورزی ہے: مشعال ملک


 انڈین سپریم کورٹ کا فیصلہ بھی انسانیت کی خلاف ورزی ہے: مشعال ملک

معاون خصوصی مشعال ملک نے کہا کہ انڈین سپریم کورٹ کا فیصلہ بھی انسانیت کی خلاف ورزی ہے۔معاون خصوصی مشعال ملک نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم  نے غزہ میں دیکھا کہ کس طرح انسانیت کی تذلیل کی گئی، گزشتہ دو ماہ سے غزہ میں حالات کشیدہ ہیں، انڈین سپریم کورٹ کا فیصلہ بھی انسانیت کی خلاف ورزی ہے، غزہ دنیا کیلئے ایک ٹیسٹ کیس ہے، غزہ میں نہتے بچوں اور خواتین پر ظلم ہو رہا ہے۔مشعال ملک نے کہا کہ انسانیت کی خلاف ورزی کو انڈین سپریم کورٹ نے سپورٹ کیا، یہ سب انڈیا کے قانون و انصاف پر سوال ہے، گزشتہ روز بھارتی سپریم کورٹ نے کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے فیصلے کو درست قرار دیا تھا، بھارتی سپریم کورٹ نے ثابت کر دیا وہ مودی اور آر ایس ایس کی کورٹ ہے۔

توشہ خانہ کیس، عمران خان کی عبوری ضمانت خارج، نیب نے گرفتاری ڈال دی


 توشہ خانہ کیس، عمران خان کی عبوری ضمانت خارج، نیب نے گرفتاری ڈال دی

احتساب عدالت نے توشہ خانہ کیس میں عمران خان کی عبوری ضمانت خارج کرتے ہوئے گرفتار کرنے کا حکم دے دیا، نیب ٹیم کل عمران خان کا ریمانڈ حاصل کرے گی۔ پی ٹی آئی کے بانی عمران خان کے خلاف توشہ خانہ کیس کی سماعت ہوئی جو کہ احتساب عدالت کے جج محمد بشیر کے روبرو ہوئی۔احتساب عدالت کے جج نے عمران خان کی عبوری ضمانت سے متعلق درخواست پر فیصلہ محفوظ کیا جو کچھ دیر بعد سنادیا گیا۔ جج محمد بشیر نے توشہ خانہ کیس میں عمران خان کی عبوری ضمانت خارج کرتے ہوئے انہیں گرفتار کرنے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے کہا ہے کہ بادی النظر میں توشہ خانہ تحائف وصولی میں بے قاعدگیاں ہوئیں۔حکم کے بعد نیب نے سابق وزیر اعظم کی توشہ خانہ کیس میں بھی گرفتاری ظاہر کردی ہے۔ نیب کے پراسیکیوٹر سردار مظفر نے کہا ہے کہ کل ہم سابق وزیر اعظم کا توشہ خانہ کیس میں جسمانی ریمانڈ حاصل کریں گے۔عمران خان کے وکیل نعیم حیدر پنجوتھہ نے کہا ہے کہ رات 8 بجے عبوری ضمانت خارج کرنا عجب تماشہ ہے تاہم  ریمانڈ کے باوجود عمران خان اڈیالہ جیل میں ہی رہیں گے تاہم نیب ان سے تفتیش یہیں کرسکے گی۔

کھادذخیرہ کرنیوالوں کو معاف نہیں کریں گے،نگران وزیراعظم


 کھادذخیرہ کرنیوالوں کو معاف نہیں کریں گے،نگران وزیراعظم

تفصیلات کے مطابق  نگران وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ کی زیرِ صدارت ملک میں یوریا کھاد کی طلب، قیمت اور فراہمی پر ہنگامی جائزہ اجلاس ہوا  ،جس میں ملک میں یوریا کھاد کی حالیہ پیداوار، طلب اور کسانوں کو فراہمی پر تفصیلی بریفنگ دی گئی.اجلاس کو بتایا گیا کہ ملک میں یوریا کی پیداوار اور سٹاک گندم کی حالیہ فصل کیلئے کافی ہے۔ جبکہ بفر سٹاک کیلئے 2 لاکھ 20 ہزار میٹرک ٹن یوریا درآمد کی جا رہی ہے جس کی پہلی کھیپ آئندہ ہفتے تک پاکستان پہنچ جائے گی.صوبوں کی جانب سے سبسڈی فراہم کرنے کیلئے تمام صوبوں کی کابینہ میں سمریاں جلد منظوری کیلئے پیش کی جائیں گی.نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کا اجلاس سے خطاب میں کہنا تھا کہ کسانوں کو یوریا کھاد کی حکومتی رعایتی نرخوں پر بلاتعطل فراہمی یقینی بنائی جائے.  ضلعی انتظامیہ کھاد کے ذخیرہ اندوزوں کے خلاف فوری کارروائی اور ذمہ داران کی نشاندہی کرکے قرار واقعی سزا یقینی بنائے ۔ یوریا کھاد پر حکومتی سبسڈی کسانوں، جو اس کے صحیح مستحق ہیں، تک پہنچائی جائے۔ ترجیحی بنیادوں پر یوریا کی بلا تعطل فراہمی کیلئے لائحہ عمل بنا کر فوری طور پر پیش کیا جائے۔ وزارت صنعت اور وزارت غذائی تحفظ صوبائی حکومتوں کو یوریا کھاد کی پیداوار اور رسد کے اعدادوشمار فراہم کرکے کھاد کی ذخیرہ اندوزی کو روکنے کیلئے کارروائیوں میں معاونت یقینی بنائے. صوبائی سرحدوں پر کھاد کی نقل وحمل کی نگرانی کی جائے، اور وہ کھاد جو صوبائی ضرورت کو پوری کرنے کیلئے ہو، اس میں کسی قسم کی رکاوٹ نہ ڈالی جائے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ متعلقہ ادارے کھاد کی کسانوں کو حکومتی رعایتی قیمت پر فراہمی یقینی بنا کر رپورٹ کل تک پیش کریں،یوریا کھاد پر سبسڈی کا بوجھ تمام صوبے اپنی اپنی کھپت کے تناسب سے اٹھائیں،فصل کی بوائی کے دوران یوریا کھاد کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے صوبوں اور متعلقہ صنعت سے مشاورت سے ایک جامع فریم ورک مرتب کرکے پیش کیا جائے۔