Monday, 18 December 2023

ملکی معیشت میں بہتری روشن مستقبل کی نوید دے رہی ہے، گورنر پنجاب


 ملکی معیشت میں بہتری روشن مستقبل کی نوید دے رہی ہے، گورنر پنجاب

 گورنر پنجاب بلیغ الرحمن کا کہنا ہے ملکی معیشت میں بہتری روشن مستقبل کی نوید دے رہی ہے۔ گورنر پنجاب بلیغ الرحمن سے گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے لاہور میں ملاقات کی۔ ملاقات میں بین الصوبائی رابطوں کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔بلیغ الرحمن نے کہا دونوں صوبے مختلف شعبوں میں تجربات سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔گورنر سندھ نے گورنر ہاؤس لاہور کو عوام کے لئے منظم انداز میں کھولنے کے اقدام کو سراہا۔

وزیراعلیٰ پنجاب سے گورنر سٹیٹ بینک کی ملاقات، معاشی صورتحال پر تبادلہ خیال


 وزیراعلیٰ پنجاب سے گورنر سٹیٹ بینک کی ملاقات، معاشی صورتحال پر تبادلہ خیال

نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی سے گورنر سٹیٹ بینک جمیل احمد نے ملاقات کی ہے۔گورنر سٹیٹ بینک نے ایوان وزیراعلیٰ میں محسن نقوی سے ملاقات کی جس  میں معاشی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، ملاقات کے دوران بینک آف پنجاب اورپنجاب کو آپریٹو بینک کے امور پر گفتگو ہوئی۔اس موقع پر نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کہا کہ کسان کو سبسڈی اورآسان قرضے دے کر زیادہ پیداوار کا ہدف حاصل کرنا چاہتے ہیں، زیادہ پیداوار کیلئے چھوٹے کسان پر مالی بوجھ کم سے کم کرنا ضروری ہے، زراعت اوردیگر شعبوں میں معاشی سرگرمیوں میں بہتری سے عوام مستفید ہوں گے۔محسن نقوی کا کہنا تھا کہ پنجاب میں کاٹن کی ریکارڈ پیداوار سے 2ارب ڈالر کے  زرمبادلہ کی  بچت ہو گی، پنجاب میں چاول کی ایکسپورٹ دو ارب ڈالر سے بڑھ رہی ہے، سرمایہ کاروں اورصنعتکاروں کو تمام ممکنہ سہولتیں دینے کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں، سٹاک ایکسچینج میں تیزی کا رجحان مثبت اثرات کا حامل ہوگا۔گورنر سٹیٹ بینک جمیل احمد نے کہا کہ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے پنجاب میں زراعت سمیت دیگر شعبوں میں بہتری کیلئے قابل قدر اقدامات کیے،کاٹن،چاول اور دیگر فصلوں کی بہتر پیداوار سے معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔

دھوکہ دہی کیس: فواد چودھری کی ضمانت منظور، رہا کرنے کا حکم


 دھوکہ دہی کیس: فواد چودھری کی ضمانت منظور، رہا کرنے کا حکم


(ویب ڈیسک) اینٹی کرپشن کورٹ نے سابق وفاقی وزیر فواد چودھری کی ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں رہا کرنے کا حکم دیدیا۔راولپنڈی کی اینٹی کرپشن عدالت کے سپیشل جج علی نواز نے دھوکہ دہی کیس میں دو لاکھ روپے ضمانتی مچلے کے عوض فواد چودھری کی ضمانت منظور کرتے ہوئے رہا کرنے کا حکم دیا۔واضح رہے کہ فواد چودھری پر35 لاکھ روپے دھوکہ دہی کا مقدمہ درج تھا جس میں مقامی عدالت نے سابق وزیر کو جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل بھیجا تھا۔گزشتہ دنوں نیب نے عدالت کی اجازت کے بعد فواد چودھری کے وارنٹ کی تکمیل کرتے ہوئے ان کی اڈیالہ جیل میں گرفتاری ڈال دی تھی۔

بلدیہ عظمیٰ لاہور کو تین ارب روپے کے تعمیروبحالی کے کام کروانے کی منظوری


 بلدیہ عظمیٰ لاہور کو تین ارب روپے کے تعمیروبحالی کے کام کروانے کی منظوری

 وزیر اعلیٰ پنجاب آفس نے بلدیہ عظمیٰ لاہور کو تین ارب روپے کے تعمیر و بحالی کے کام کروانے کی منظوری دے دی۔بلدیہ عظمیٰ لاہور میں تعمیر و بحالی کے کام کروانے کیلئے تین ارب روپے منظور ہو گئے۔ تعمیر و بحالی کے کاموں میں سڑکوں کو پختہ کرنا ، فٹ پاتھ کو لش پش کرنا اور لین مارکنگ شامل ہیں۔ شہر کے نو زونز میں قبرستانوں کی چار دیواری ، گلیوں اور سیوریج کے کام بھی ہونگے۔ 8بڑی سڑکوں کے لئے 1 ارب 4 کروڑ روپے کے ٹینڈرز  کال کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔اس کے علاوہ302شاہراہوں کے پیچ ورک کے لئے 46 کروڑ روپے کے ٹینڈرز جاری کئے جائیں گے۔ 62روڈز کی تعمیر و بحالی اور فٹ پاتھوں کی تزئین و آرائش کے لئے 85 کروڑ روپے کے ٹینڈرز کی منظوری بھی دی گئی۔ 45 شاہراہوں ، قبرستانوں کی چار دیواری اور سیوریج و پکی گلیوں کے لئے 48 کروڑ روپے کے ٹینڈرز منظور کئے گئے۔ ڈی سی لاہور و ایڈمنسٹریٹر رافعہ حیدر نے 30 دسمبر تک ٹینڈرز کال کرنے کی منظوری دی۔ڈی سی لاہور و ایڈمنسٹریٹر رافعہ حیدر کا کہنا ہے کہ 30 جنوری تک سڑکوں کی تعمیر و بحالی کے لئے کام مکمل کروانے کی ڈیڈ لائن دی گئی ہے۔

پنجاب میں 15300 کنال میل طویل نہروں کی بھل صفائی پراجیکٹ کی منظوری


 پنجاب میں 15300 کنال میل طویل نہروں کی بھل صفائی پراجیکٹ کی منظوری


وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے پنجاب میں 15300 کنال میل طویل نہروں کی بھل صفائی پراجیکٹ کی منظوری دیدی۔وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت خصوصی اجلاس ہوا۔ اجلاس میں نہروں کی بھل صفائی پراجیکٹ کی منظوری دی گئی۔ بھل صفائی کا طریقہ کار وضع کرنے کیلئے چیئرمین پی اینڈ ڈی، سیکرٹریز آبپاشی، زراعت اور مائنز پر مشتمل کمیٹی بھی قائم کر دی گئی۔ سیکرٹری آبپاشی واصف خورشید نے دس سال بعد ہونے والی بھل صفائی پر بریفنگ دی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ پہلے مرحلے میں منگلا ڈیم کی نہریں 26 دسمبر سے 13 جنوری تک بند ہوں گی۔ دوسرے فیز میں تربیلا ڈیم کی نہریں 13 جنوری سے 31 جنوری تک بند رکھی جائیں گی۔ 26 دسمبر سے پنجاب میں نہروں کی بندش کے بعد تین فیز میں بھل صفائی شروع کی جائے گی۔ جنوری کے پہلے ہفتے سے صوبہ بھر میں بھل صفائی کا باقاعدہ آغاز ہو گا۔ صوبہ بھر میں LIMSبھل صفائی کی صورتحال کے سیٹلائٹ امیج مہیا کرے گا۔ ایری گیشن مانیٹرنگ ایپ پر روزانہ 10 بجے ڈیٹا اپ لوڈ ہو گا۔بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ بھل صفائی کے دوران پانی چوری کے لئے غیر قانونی چینل ملنے پر پولیس مقدمہ درج کر کے کارروائی کرے گی۔ اس موقع پر محسن نقوی نے کہا بھل صفائی کی تکمیل سے تین سے چار لاکھ ایکڑ اراضی کو پانی میسر ہو گا۔صوبائی وزیر عامر میر، چیئرمین پی اینڈ ڈی، ایڈیشنل آئی جی، سیکرٹری زراعت، سیکرٹری اطلاعات، سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو، کمشنر اور دیگر حکام اجلاس میں موجود تھے۔

عام انتخابات: الیکشن کمیشن میں رجسٹرڈ ووٹرز کے اعدادوشمار جاری


 عام انتخابات: الیکشن کمیشن میں رجسٹرڈ ووٹرز کے اعدادوشمار جاری

 الیکشن کمیشن نے 8 فروری کے عام انتخابات سے قبل ملک بھر میں رجسٹرڈ ووٹرز کے اعدادوشمار جاری کر دیئے۔الیکشن کمیشن کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ملک میں ووٹرز کی مجموعی تعداد 12 کروڑ 85 لاکھ 85 ہزار  760 ہے جن میں 6 کروڑ  92 لاکھ 63 ہزار 704 مرد ووٹرز  جبکہ 5 کروڑ 93 لاکھ 22 ہزار 56 خواتین ووٹرزہیں۔

اعداد و شمار کے مطابق ملک میں مرد ووٹرز کی شرح 53.87 فیصد جبکہ خواتین ووٹرز کی شرح 46.13 فیصد ہے۔الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ووٹرز کی تعداد 10 لاکھ 83 ہزار  29 ہے جس میں 5 لاکھ68 ہزار 406 مرد ووٹرز اور 5 لاکھ14 ہزار 623 خواتین ووٹرز  ہیں۔

ای سی پی کے مطابق پنجاب میں ووٹرز کی تعداد 7 کروڑ 32 لاکھ 7 ہزار 896 ہے جس میں مرد ووٹرز کی تعداد 3 کروڑ 91 لاکھ 22 ہزار 82 اور خواتین ووٹرز کی تعداد 3 کروڑ 40 لاکھ 85 ہزار 814 ہے۔

الیکشن کمیشن نے بتایا ہے کہ  سندھ میں ووٹرز کی تعداد 2 کروڑ 69 لاکھ 94 ہزار 769 ہے جن میں ایک کروڑ 46 لاکھ 12 ہزار  655 مرد ووٹرز اور ایک کروڑ 23 لاکھ 82 ہزار 114 خواتین ووٹرز ہیں۔

اسی طرح  خیبر پختوانخوا میں ووٹرز کی مجموعی تعداد 2 کروڑ 19 لاکھ 28 ہزار 119 ہے جس میں ایک کروڑ 19 لاکھ 44 ہزار 397 مرد ووٹرز ہیں جبکہ خیبر پختونخوا میں خواتین ووٹرز کی تعداد 99 لاکھ 83 ہزار 722 ہے۔

بلوچستان میں ووٹرز کی تعداد 53 لاکھ 71 ہزار 947 ہے، جس میں مرد ووٹرز کی تعداد 30 لاکھ 16 ہزار 164 اور خواتین ووٹرز کی تعداد 23 لاکھ55 ہزار 783 ہے۔

Saturday, 16 December 2023

الیکشن شیڈول جاری کرنے کا سپریم کورٹ کا فیصلہ خوش آئند ہے: پرویز الٰہی


 الیکشن شیڈول جاری کرنے کا سپریم کورٹ کا فیصلہ خوش آئند ہے: پرویز الٰہی


(ویب ڈیسک) سابق وزیراعلیٰ پنجاب اور پی ٹی آئی کے صدر چودھری پرویز الٰہی سے سردار عبدالرازق خان ایڈووکیٹ نے اڈیالہ جیل میں ملاقات کی، اس موقع پر چودھری شمشاد ملہی ایڈووکیٹ بھی ان کے ساتھ تھے۔ملاقات کے دوران قانونی امور اور الیکشن کی حکمت عملی پر مشاورت کی گئی، اس موقع پر چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ الیکشن شیڈول جاری کرنے کا سپریم کورٹ کا فیصلہ خوش آئند ہے، سپریم کورٹ کے فیصلے سے الیکشن ملتوی کرانے کی تمام سازشیں دم توڑ گئی ہیں۔چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ پی ٹی آئی فوری اور منصفانہ انتخابات چاہتی ہے، پکڑ دھکڑ بند کی جائے اور ہمارے امیدواروں کو لیول پلیئنگ فیلڈ دی جائے۔سابق وزیر اعلیٰ پنجاب نے بتایا کہ انہوں نے قومی اور صوبائی اسمبلی کے مختلف حلقوں سے الیکشن لڑنے کے لئے قانونی حکمت عملی تیار کر لی۔

ڈپٹی کمشنرز کو ایک بار پھر دفعہ 144 کے نفاذ کا اختیار مل گیا




ڈپٹی کمشنرز کو ایک بار پھر دفعہ 144 کے نفاذ کا اختیار مل گیا


 نگران حکومت پنجاب نے عام انتخابات سے قبل بڑا فیصلہ کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنرز کو ایک بار پھر دفعہ 144 کے نفاذ کا اختیار دے دیا ہے۔ڈپٹی کمشنرز اضلاع میں قیام امن یقینی بنانے کیلئے دفعہ 144 نافذ کر سکیں گے، ڈپٹی کمشنرز کے پاس دو ماہ کیلئے دفعہ 144 نافذ کرنے کا اختیار ہو گا، ڈپٹی کمشنرز کو دفعہ 144 کے نفاذ کا اختیار دینے کیلئے آرڈیننس بھی جاری کر دیا گیا ہے۔اس سے قبل ڈپٹی کمشنرز کو دفعہ 144 کے نفاذ کا اختیار دینے کا آرڈیننس مدت پوری ہونے کی وجہ سے منسوخ ہو گیا تھا، آرڈیننس سے قبل دفعہ 144 کے نفاذ کا اختیار پنجاب کابینہ کے پاس تھا۔۔

سانحہ آرمی پبلک سکول نے قوم کے عزم کو مضبوط تر کیا: نگران وزیراعظم


 سانحہ آرمی پبلک سکول نے قوم کے عزم کو مضبوط تر کیا: نگران وزیراعظم


 نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ آرمی پبلک سکول پشاور کے سانحہ عظیم نے اس قوم کے عزم کو مضبوط تر کیا ہے۔سانحہ آرمی پبلک سکول کی نویں برسی پر اپنے پیغام میں انوار الحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ یہ ایک ایسا سانحہ تھا جس نے دنیا بھر کی آنکھیں نم کر دیں، آج بھی جب اس دن کو یاد کرتا ہوں تو آنکھیں اشکبار ہو جاتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ دشمن نے ہمارے مستقبل کو روند کر دہشتگردی کے خلاف جنگ میں اس قوم کے حوصلے پست کرنے کی ناکام کوشش کی، آرمی پبلک سکول پشاور کے سانحہ عظیم نے اس قوم کے عزم کو مضبوط تر کیا۔وزیرِ اعظم کا کہنا تھا کہ پوری قوم کی ہمدردیاں ان والدین کے ساتھ ہیں جن کے بچوں نے اس سانحے میں عظیم قربانی دی، مجھ سمیت پوری قوم اپنے پھول سے بچوں کی اس عظیم قربانی پر آج انہیں یاد اور خراجِ تحسین پیش کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ جس قوم میں شہید طاہرہ قاضی اور شہید اعتزاز حسن جیسے نڈر لوگ دوسروں کو بچانے کیلئے اپنی جان کی بھی پرواہ نہ کریں اس قوم کو بزدل دہشتگرد کبھی ہرا نہیں سکتے، دہشتگردوں اور پاکستان کے امن کے دشمنوں کو میرا یہ واضح پیغام ہے کہ پاکستانی قوم متحد ہے۔

عصوم بچوں نے لازوال قربانیوں سے پاکستان میں امن کی بنیادرکھی,کامران ظفربھٹی

 


کامران ظفربھٹی رہنما ریجنل یونین آف جرنلسٹس نے اپنے بیان میں کہا کہ معصوم بچوں نے لازوال قربانیوں سے پاکستان میں امن کی بنیادرکھی۔ 16 دسمبر کو اے پی ایس سانحہ میں شہید ہونے والے بچوں نے لازوال قربانیوں سے پاکستان میں امن کی بنیاد رکھی۔ کامران ظفربھٹی  نے مزید کہا کہ آرمی پبلک سکول پشاور کے شہداء کی برسی پر خصوصی پیغام میں کہا کہ 16 دسمبر کا دن معصوم بچوں کی عظیم شہادت اور قربانیوں کا دن ہے ،ہم آرمی پبلک سکول کے معصوم شہداء کی قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں ۔ معصوم بچوں کی شہادت کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، معصوم شہداء کی قربانیوں نے پوری قوم کو دہشت گردی کے خلاف متحد کیا، معصوم بچوں نے لازوال قربانیوں سے پاکستان میں امن کی بنیاد رکھی، شہید بچے اور اساتذہ پوری قوم کے ہیرو ہیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ آج کے دن شہدائے اے پی ایس سے اظہار یکجہتی کرتے ہیں اور معصوم شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔

سابق وزیراعظم شہباز شریف کا سانحہ اے پی ایس کے شہداء کو خراج عقیدت


 سابق وزیراعظم شہباز شریف کا سانحہ اے پی ایس کے شہداء کو خراج عقیدت


سابق وزیر اعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے سانحہ آرمی پبلک سکول پشاور کے 9 سال مکمل ہونے پر شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔اے پی ایس سانحہ میں شہید ہونےوالوں کی 9ویں برسی کے موقع پر ایک پیغام میں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ 16 دسمبر 2014 کا دن ہم کبھی نہیں بھول سکتے، نو سال پہلے آج کے دن ہمارے معصوم بچوں کو دہشت گردی کا نشانہ بنایا گیا ہم شہدا، ان کے والدین اور اہل خانہ کو سلام پیش کرتے ہیں، ان کے غم میں شریک ہیں۔انہوں نے کہا کہ آج کے دن پوری قوم دہشت گردی کے خلاف ایک بیانیے پر جمع ہوئی، 9 سال پہلے سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں دہشت گردی کے خاتمے کی فیصلہ کن جنگ شروع کی گئی تھی، ضرب عضب اور ردالفساد کے ذریعے دہشت گردوں کا صفایا کیا گیا۔صدر مسلم لیگ ن نے کہا کہ آج کے دن سکیورٹی فورسز کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہیں جو دہشت گردی کے خاتمے کے لئے بہادری اور شجاعت سے لڑ رہی ہیں، سابق وزیراعظم نواز شریف کی دہشت گردی کے خاتمے کی پالیسی پر عمل نہ روکا جاتا تو آج دہشت گردی دوبارہ زندہ نہ ہوتی۔ان کا کہنا تھا کہ وقت نے ثابت کیا کہ دہشت گرد کسی کے دوست نہیں، دہشت گردی مذمت سے نہیں، پاکستان دشمنوں کی مرمت سے ختم ہو گی، افسوس دہشت گردوں کو واپس لاکر قوم کی زندگی سے کھیلا گیا، ملک کا امن تباہ کیا گیا، معیشت کی بنیادیں ہلا دی گئیں۔شہباز شریف نے مزید کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لئے آج پھر سابق وزیراعظم نواز شریف جیسے آہنی عزم و ارادے اور فیصلہ کن کارروائی کی ضرورت ہے، اللہ تعالیٰ شہداء کے درجات بلند فرمائے اور اہل خانہ کو صبر جمیل دے۔