Thursday, 20 January 2022

لاہور: انارکلی بازار میں دھماکا، بچے سمیت 2 افراد جاں بحق، 28 زخمی

 لاہور:  لوہاری گیٹ کے قریب  انار کلی بازار میں ہونے والے دھماکے میں بچے سمیت  2 افراد جاں بحق اور  28 زخمی ہوگئے۔ انارکلی بازار کی دکانوں کے قریب دھماکا ہوا جس کی آواز دور دور تک سنی گئی جب کہ دھماکے سے متعدد عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے اور قریب کھڑی موٹرسائیکلوں کو بھی نقصان پہنچا۔واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس اور ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور علاقے کو گھیرے میں لےکر امدادی کارروائیاں شروع کردیں، دھماکے کی جگہ کو شامیانے لگا کر سیل کردیا گیا ہے۔وزیرصحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین کے مطابق دھماکے میں ایک جاں بحق شخص کی لاش اسپتال لائی گئی جب کہ ایک زخمی اسپتال میں دم توڑ گیا۔ڈاکٹر یاسمین کے مطابق دھماکےکے  زخمیوں میں 3 خواتین بھی شامل ہیں جن کی حالت بہتر ہے جب کہ دھماکے میں زخمی چار افراد کی حالت تشویشناک ہے  ان افراد کی  ہڈیاں ٹوٹی ہیں۔ڈی سی لاہور کے مطابق مرنے والوں میں ایک بچہ بھی شامل ہے جس کی عمر 9 سال ہے اور اس کی شناخت ابصار کے نام سے ہوئی ہے جو کہ کراچی کا رہائشی بتایا جاتا ہے، دھماکے میں ابصار کے والدین بھی زخمی ہوئے ہیں۔دھماکا ایک بج کر 45 منٹ پر ہواڈپٹی کمشنر کا کہنا ہےکہ دھماکا ایک بج کر 45 منٹ پر ہوا جس کے تعین کے لیے بم ڈسپوزل اسکواڈ کام کررہا ہے۔ ذرائع کا بتانا ہےکہ  دھماکے کی جگہ پر گڑھا پڑ گیا ہے اور فارنزک ٹیمیں شواہد اکٹھا کر رہی ہیں ۔پولیس نے علاقے میں دھماکے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہےکہ دکانوں کے پاس پلانٹڈ بم نصب کیا گیا تھا جس کے پھٹنے سے زور دار دھماکا ہوا ہے اورتقریباً ڈیڑھ فٹ گہرا گڑھا پڑا ہے۔ذرائع کا بتانا ہے کہ دھماکا انارکلی بازار کے داخلی راستے پر ہوا ہے اور بم نجی بینک کے قریب موجود دکانوں کے پاس نصب تھا۔ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر عابد نےکہا ہےکہ واقعے کی ابتدائی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔دھماکے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آگئی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بینک کے باہر پارکنگ میں زوردار دھماکا ہوا جس کے بعد موٹرسائیکل اور ریڑھیوں میں آگ لگ گئی۔دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے لاہور دھماکے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کیا ہے اور زخمیوں کو فوری طور پر طبی امداد کی فراہمی کی ہدایت کی ہے۔وزیراعظم عمران خان نے پنجاب حکومت سے واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔

پانچ شہروں سے متعلق ریڈ الرٹ جاری کیا ہے، وفاقی وزیر داخلہ

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ تحقیقات جاری ہیں کہ لاہور دھماکے میں کون ملوث ہے،کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے سیزفائر ختم ہوچکا ہے، پانچ شہروں سے متعلق ریڈ الرٹ جاری کیا ہواہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب کو ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ پیش

آئی جی پنجاب نے وزیراعلیٰ پنجاب  عثمان بزدار کو دھماکے سے متعلق ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ پیش کردی ہے۔ ابتدائی رپورٹ کے مطابق دھماکا پلانٹڈ ڈیوائس سے کیا گیا،دھماکے میں ڈیڑھ کلو باروودی مواد استعمال کیا گیا تھا، دھماکے میں ایک عمارت اور 8 موٹرسائیکلوں کو نقصان پہنچا۔ابتدائی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ  دھماکے میں 28 افراد زخمی اور 2 جاں بحق ہوئے ہیں۔


Wednesday, 19 January 2022

این سی او سی کی پابندیوں کا اطلاق کن شہروں میں ہوگا؟

 


این سی او سی کی پابندیوں کا اطلاق کن شہروں میں ہوگا؟

کورونا کی 10 فیصد سے زیادہ شرح والے شہروں میں میں ان ڈور تقریبات پر پابندی عائد ہوگی:  نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے فیصلوں کے تحت ملک کے چار بڑے شہروں میں کورونا پابندیوں کا اطلاق ہوگا۔این سی او سی کے مطابق کراچی،لاہور، حیدرآباد اور اسلام آباد میں کورونا کی پابندیوں کا اطلاق ہوگا۔این سی او سی  کا کہنا ہےکہ کراچی میں تین روز سے کورونا مثبت کیسزکی شرح 36.58، لاہور میں تین روز سے 13.69 اور حیدرآباد میں تین روز سے شرح 12.88 ہے۔اس کے علاوہ اسلام آباد میں تین روز سے کورونا کی شرح 10.47 فیصد ہے جس کے تحت ان چار شہروں میں پابندیوں کا اطلاق ہوگا۔این سی او سی کے فیصلے کے مطابق کورونا کی 10 فیصد سے زیادہ شرح والے شہروں میں ان ڈور تقریبات پر پابندی عائد ہوگی جب کہ آؤٹ ڈور تقریبات میں 300  افراد کو شرکت کی اجازت ہوگی، اس کے علاوہ ایسے شہروں میں ان ڈور ڈائننگ پر 24 جنوری سے مکمل پابندی عائد ہوگی۔این سی او سی کے مطابق کورونا کے 10 فیصد سے زائد شرح والے شہروں میں تعلیمی سرگرمیاں محدودہوں گی اور 12 سال سے کم عمر بچے متبادل دن اسکول جائیں گے۔این سی او سی کا کہنا ہےکہ کراچی، لاہور، حیدرآباد اور اسلام آباد میں مثبت کیسز کا جائزہ اجلاس ہفتے میں دو بار ہو گا۔


سانحہ مری کی رپورٹ پیش، سی پی او راولپنڈی اور اسسٹنٹ کمشنر مری سسمیت کئی افسران معطل

 سانحہ مری کی تحقیقاتی ٹیم نے وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو رپورٹ پیش کردی۔پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھاکہ کمیٹی کی سفارشات پر 15 افسران کے خلاف کارروائی کی جارہی ہے  اور انکوائری رپورٹ میں غلفت اور کوتاہی کی نشاندہی کی گئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ متعلقہ حکام اپنے فرائض کا ادراک کرنے سے قاصر رہے۔وزیراعلیٰ کا کہنا تھاکہ ڈپٹی کمشنر کو عہدے سے ہٹاکر انضباطی کارروائی کی سفارش کی گئی۔ان کا کہنا تھاکہ سی پی او راولپنڈی، سی ٹی او راولپنڈی، ڈی ایس پی ٹریفک اور  اے ایس پی مری کو عہدے سے ہٹاکرانضباطی کارروائی کا حکم دے دیا ہے۔عثمان بزدار کا کہنا تھاکہ  کمشنر راولپنڈی کو عہدے سے ہٹاکر معطل کرنے کی سفارش کی گئی ہے جبکہ تمام افسران کو معطل کرکے ان کے خلاف انضباطی کارروائی کا حکم دے دیا ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ اسسٹنٹ کمشنر مری کو بھی عہدے سے ہٹادیا گیا جبکہ ڈویژنل فاریسٹ آفیسر مری ، ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر مری، انچارج مری ریسکیو1122 اور ڈائریکٹر پی ڈی ایم اے پنجاب کو معطل کردیا گیا۔وزیراعلیٰ کا کہنا تھاکہ قوم سے سانحہ مری کی شفاف انکوائری کا وعدہ پورا کیا ہے۔خیال رہےکہ 7 اور 8 جنوری کی رات کو مری میں برفانی طوفان اور رش کے باعث 23 افراد اپنی گاڑیوں میں انتقال کرگئے تھے، انتقال کرجانے والوں میں ایک ہی خاندان کے 8 افراد بھی شامل تھے۔واقعےکے بعد پنجاب حکومت نے سانحہ مری کی تحقیقات کے لیے تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دی تھی۔


پی ایس ایل: کراچی میں میچز کیلئے 25 فیصد تماشائیوں کو اسٹیڈیم آنے کی اجازت

 این سی او سی نے پاکستان سپر لیگ 7 کے کراچی میں میچز کے لیے 25 فیصد تماشائیوں کو اسٹیڈیم میں داخلے کی اجازت دےدی۔پاکستان سپر لیگ لیگ کا پہلا مرحلہ 27 جنوری سے 7 فروری تک نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا۔این سی او سی کے فیصلے کے مطابق کراچی میں شیڈول ہر میچ میں تقریباََ 8000 تماشائیوں کو نیشنل اسٹیڈیم میں داخلے کی اجازت ہوگی تاہم ان تمام تماشائیوں کی صحت اور حفاظت کے پیش نظر اسٹیڈیم میں داخلے کے لیے سخت کووڈ 19 پروٹوکولز بنائےگئے ہیں۔

کووڈ پروٹوکولز کیا ہے؟

12 سال سے زائد عمر کے تمام افراد کی مکمل کووڈ 19 ویکسی نیشن ہونا لازمی ہوگا۔ اسٹیڈیم کے داخلی دروازوں پر اپنا درست ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ دکھانا لازمی ہوگا۔ اسٹیڈیم میں چہرے کو ماسک سے مسلسل ڈھانپے رکھنا لازم ہوگا۔ این سی او سی کی جانب سے کووڈ 19 سے متعلق جاری کی گئی ہدایات کی خلاف ورزی کرنے والے شخص کو اسٹیڈیم سے باہر نکال دیا جائے گا۔پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر سلمان نصیر کا کہنا ہےکہ اب پی ایس ایل 7 کے کراچی میں کھیلے جانے والے ہر میچ میں 25 فیصد تماشائیوں کی آمد کے انتظامات کو حتمی شکل دیں گے، پی سی بی ایک ذمہ دار ادارہ ہے اور اسے شائقین کرکٹ کی صحت اور حفاظت کے سلسلے میں اپنی ذمہ داریوں کا مکمل ادراک ہے۔انہوں نے کہا کہ این سی او سی کی ہدایات پر سختی سے عمل درآمد کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے لیکن اس سلسلے میں تماشائیوں کی جانب سے بھی غیر مشروط تعاون کی ضرورت ہوگی تاکہ وہ ایک محفوظ ماحول میں میچز سے لطف اندوز ہوسکیں۔واضح رہےکہ ایونٹ کا دوسرا مرحلہ 10 فروری سے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا اور  27 فروری تک جاری رہنے والے اس ایونٹ میں تماشائیوں کی تعداد سے متعلق فیصلہ مناسب وقت پر کیا جائے گا۔


کورونا کیسز: این سی او سی نے پھرانڈورتقریبات پر پابندی نافذکردی

 نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے ملک بھر میں کورونا کیسز بڑھنے کے بعد نئی پابندیاں نافذ کر دیں۔این سی او سی اجلاس میں ملک میں کورونا کی موجودہ صورت حال کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں کورونا کی شرح 10 فیصد سے زائد والے اضلاع اور شہروں میں انڈور تقریبات پر پابندی اور آؤٹ ڈور تقریبات میں 300 افراد کو شرکت کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا گیا۔اجلاس میں یہ فیصلہ بھی ہوا کہ 10 فیصد سے کم شرح والے شہروں میں ان ڈور تقریبات میں 300 ویکسی نیٹڈ افراد شرکت کر سکیں گے جبکہ آؤٹ ڈور تقریبات میں 500 ویکسی نیٹڈ افراد کو شرکت کی اجازت ہو گی۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق کورونا پھیلاؤ والے علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن لگایا جائے گا اور 10 فیصد سے زائد شرح والے علاقوں میں ان ڈور ڈائننگ پر 24 جنوری سے مکمل پابندی ہوگی۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مارکیٹیں اور  مختلف کاروباری سرگرمیاں معمول کے مطابق جاری رہیں گی  اور اس بات پر اتفاق بھی کیا گیا کہ تمام صوبوں کی مشاورت،کورونا صورت حال کا جائزہ لے کر تعلیمی اداروں کو بند کرنے کا فیصلہ کیا جائےگا۔این سی او سی اجلاس میں کورونا کی شرح 10 فیصد سے زائد والے شہروں میں تعلیمی سرگرمیاں محدود کرنے اور 12 سال سے کم عمر بچوں کو متبادل دن اسکول بھیجنے کا فیصلہ ہوا۔اجلاس میں یہ فیصلہ بھی ہوا کہ تعلیمی اداروں میں بڑے پیمانے پر کورونا ویکسین کی ٹیسٹنگ کی جائےگی۔این سی او سی اعلامیے کے مطابق 10 فیصد اور اس سے زائد شرح والےعلاقوں میں ایس او پیز کا نفاذ ہو گا، ایس او پیز 20 سے 31 جنوری تک نافذ العمل رہیں گی، کورونا ایس او پیز پر عمل درآمد کا فیصلہ اجلاس میں وفاقی اکائیوں کی مشاورت کے بعد کیا گیا۔


اندرون ملک سفر پرپاکستانیوں کا گھیرا تنگ

 ق تمام ائیر لائنز کو یقینی بنانا ہوگا کہ ان کے دفاتر براہ راست ٹکٹ فروخت کرتے وقت یا ان لائن ٹکٹ بکنگ اور فروخت کے وقت یا ٹریول ایجنسیاں ٹکٹ بک یا فروخت کرتے وقت مسافروں سے ان کا شناختی کارڈ نمبر حاصل کرنے اور ہر ٹکٹ پر درج کرنے کی پابند ہوں گی۔ سی سی اے کے مطابق حکومت پاکستان کے احکامات کی روشنی میں یہ ہدایات فوری طور پر نافذ العمل کی گئی ہیں۔ جس کے لیے تمام ائیرلائنز اپنے اپنے آن لائن ٹکٹ کے اجراء کے سسٹم سے فوری تبدیلی کر رہی ہیں۔


کراچی اور حیدرآباد میں انڈور تقریبات بند، کم عمرطالب علموں کیلئے50 فیصد حاضری کی اجازت

 حکمہ داخلہ سندھ نےکورونا ایس او پیز سے متعلق نیا حکم نامہ جاری کردیا ہے۔نئے حکم نامے کے مطابق کراچی اور حیدرآباد میں انڈور تقریبات پر15 فروری تک پابندی عائد کردی گئی ہے جب کہ آؤٹ ڈور تقریبات میں ویکسینیٹڈ 300 افراد کی شرکت کی اجازت ہوگی۔حکم نامے کے مطابق  کراچی اور حیدرآباد میں جِم، سنیما، امیوزمنٹ پارکس اور مزارات 50 فیصد حاضری کے ساتھ کھلے رہیں گے۔صوبائی محکمہ داخلہ کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق کراچی اور حیدرآباد میں 12 سال سےکم عمر طلبا کے لیے اسکولوں میں 50 فیصد حاضری ہوگی۔حکم نامے میں کہا گیا ہےکہ سندھ بھر میں کاروباری سرگرمیاں اوقات کار کی پابندی کے بغیر جاری رہیں گی



پنجاب حکومت کا بڑا اعلان بلدیاتی انتخابات کی تاریخ سامنے آ گئی

 پنجاب حکومت کا بڑا اعلان بلدیاتی انتخابات کی تاریخ سامنے آ گئی

وزیر بلدیات میاں محمود الرشید نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب نے بلدیاتی نتخابات کے انتظامات کو حتمی شکل دینے کیلئے خصوصی پلان ترتیب دے دیا ،15مئی2022 کو بلدیاتی انتخابات ہونے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ نئی لوکل گورنمنٹ کو مقامی حکومتوں کا با اختیار نظام دیں ۔اس سے پہلے کسی بھی حکومت نے بلدیاتی اداروں کو کام نہیں کرنے دیا، اداروں کے پاس اختیارات نہیں تھے۔ ارکان اسمبلی اور وزراء وہ کام کررہے ہیں جو بلدیاتی اداروں کا کام ہے ، وہ کبھی فنڈز کے پیچھے اور کبھی ٹھیکیدار کے پیچھے ہوتے ہیں۔ہمارا اصل کام عوامی مسائل کا حل اور قانون سازی ہے۔انہوں نے مزیدکہاکہ تحریک انصاف پوری پلاننگ کے بعدمیدان میں اترے گی یہ بیان انہوں نے نجی ٹ وی چینل سے گفتگوکرتے ہوئے دیا

Tuesday, 18 January 2022

سانحہ مری کی تحقیقات کیلئے دی گئی ڈیڈلائن کا آخری دن، تحقیقات مکمل نہ ہوسکی

 سانحہ مری کی تحقیقات کیلئے دی گئی ڈیڈلائن کا آخری دن ہے لیکن اب تک تحقیقات مکمل نہیں ہوسکی۔ذرائع تحقیقاتی کمیٹی کے مطابق تحقیقات مکمل نا ہونے پر کمیٹی نے مزید 5 روز کا وقت مانگ لیا ہے۔ذرائع نے بتایا کہ کمیٹی نامکمل رپورٹ کسی صورت جمع نہیں کروائی جائے گیذرائع تحقیقاتی کمیٹی کے مطابق پنجاب، خیبرپختونخوا اور وفاق سے صرف چند افسران اور حکام کے بیانات ریکارڈ ہوسکے ہیں۔کمیٹی ذرائع کا کہنا تھاکہ پنجاب سیکرٹریٹ اور متعلقہ ضلعی انتظامیہ معاملے کو انتہائی غیرسنجیدہ لیتی رہی۔دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب کے معاون خصوصی برائے اطلاعات حسان خاور کا کہنا ہے کہ سانحہ مری پر تحقیقاتی رپورٹ اپنے آخری مراحل میں ہے،  ایک دو دن میں مکمل کرکے وزیراعلیٰ کو پیش کردی جائے گی۔اُدھر مری انتظامیہ کی جانب سے غیرقانونی تعمیرات کے خلاف آپریشن کا آغاز ہوگیا ہے۔بانسرہ گلی، بھوربن روڈ پرعمارتیں سیل اورگرانے کا عمل جاری ہے۔خیال رہےکہ 7 اور 8 جنوری کی رات کو مری میں برفانی طوفان اور رش کے باعث 23 افراد اپنی گاڑیوں میں انتقال کرگئے تھے، انتقال کرجانے والوں میں ایک ہی خاندان کے 8 افراد بھی شامل تھے۔واقعےکے بعد پنجاب حکومت نے سانحہ مری کی تحقیقات کے لیے تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دی تھی۔



پنجاب میں اسکول کی طالبات کیلئے دوپٹہ یا اسکارف یونیفارم کاحصہ بنانے کی ہدایت


 وزیر تعلیم پنجاب مراد راس نے اسکول کے طلبہ کیلئے ٹوپی اور طالبات کیلئے دوپٹہ یا اسکارف یونیفارم کاحصہ بنانے کی ہدایت کر دی۔لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مراد راس کا کہناتھا کہ پنجاب اسمبلی نے پہلی بار پرائمری طلبہ کو ناظرہ جبکہ چھٹی سے 12 ویں تک کے طالب علموں کو ترجمے کے ساتھ قرآن پاک پڑھانے کا ایکٹ پاس کیا ہے، اب تعلیمی اداروں میں قرآن پاک لازمی پڑھانے پر عملدرآمد ہوگا۔انہوں نے کہا کہ نجی اسکولز یونیفارم میں ترمیم کریں۔صوبائی وزیرتعلیم نے  اسکولوں کو طلبا کیلئے ٹوپی اور طالبات کیلئے دوپٹہ یا اسکارف یونیفارم کاحصہ بنانے کی ہدایت کی۔ان کا کہنا تھاکہ پنجاب کے اسکولوں میں اساتذہ کی 30 ہزار سے زائد اسامیاں خالی ہیں، جو جلد پُر کر لی جائیں گی۔مراد راس کا کہنا تھاکہ کورونا کی وجہ سے تعلیمی اداروں کی بندش کا کوئی فیصلہ نہیں ہوا، جب تک دیگر محکمے بند نہیں ہوں گے، تعلیمی ادارے بھی کھلے رہیں گے۔






پاکستان میں نئے صوبے بنانے کا آئینی ترمیمی بل سینیٹ میں پیش

 اسلام آباد:  پاکستان میں نئے صوبے بنانے کا آئینی ترمیمی بل سینیٹ میں پیش کردیا گیا۔سینیٹر  رانا محمود الحسن کے پیش کیے گئے آئینی ترمیمی بل کے اہم نکات سامنے آگئے ہیں جس کے مطابق تجویز دی گئی ہے کہ بہاولپور اور جنوبی پنجاب کے نام سے نئے صوبے قائم کیے جائیں۔مجوزہ بل کے مطابق صوبہ بہاولپور موجودہ انتظامی ڈویژن پر مشتمل ہو جبکہ صوبہ جنوبی پنجاب ملتان اور ڈیرہ غازی خان کے انتظامی ڈویژن پرمشتمل ہو۔مجوزہ بل میں تجویز دی گئی ہے کہ قومی اسمبلی میں 326 نشستیں ہوں، قومی اسمبلی میں بہاولپور کی 18، بلوچستان 20، خیبر پختونخوا کی 55 نشستیں ہوں، پنجاب کی 117 سندھ 75، جنوبی پنجاب کی 38 اور اسلام آباد کی 3 نشستیں ہوں۔مجوزہ بل میں تجویز دی گئی ہے کہ صوبہ بہاولپور اسمبلی کی 39 ، بلوچستان اسمبلی کی 65، خیبر پختونخوا اسمبلی کی 145 ، پنجاب اسمبلی کی 252، سندھ اسمبلی کی 168 اور صوبہ جنوبی پنجاب اسمبلی کی 80 نشستیں ہوں۔خیال رہے کہ کافی عرصے سے جنوبی پنجاب صوبے کے قیام کا مطالبہ کیا جارہا ہے تاہم اب تک اسے عملی جامہ نہیں پہنایا گیا۔ تحریک انصاف کے انتخابی منشور میں جنوبی پنجاب صوبے کا قیام شامل تھا۔زیراعظم عمران خان سے جنوبی پنجاب کے اراکین اسمبلی نے ملاقات کی جس میں سیاسی امور اور جنوبی پنجاب صوبے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں فیصلہ کیا گیا کہ جنوبی پنجاب کا وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ بہاولپور میں قائم کیا جائے گا۔ذرائع کا بتانا ہے کہ بیشتر ارکان اسمبلی نے بہاولپور میں سیکرٹریٹ بنانےکی مخالفت کی اور وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ ملتان میں بنانے کی تجویز پیش کی جب کہ کچھ اراکین اسمبلی نے بہاولپور میں سیکرٹریٹ بنانے کی تجویز کی حمایت کی۔ذرائع کے مطابق اراکین اسمبلی کا کہنا تھا کہ بہاولپور میں صوبہ بحالی تحریک جاری ہے جب کہ وزیراعظم نے بھی بہاولپور میں وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ بنانے کی تجویز سے اتفاق کیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ‌ کے لیے ساڑھے 3 ارب روپے کے فنڈز مختص کئے جائیں گے۔قبل ازیں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے بھی وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی تھی جس میں انہوں نے پنجاب حکومت کی کارکردگی اور اپوزیشن اراکین سے ملاقات کے حوالے سے عمران خان کو بریف کیا تھا۔