Thursday, 3 February 2022

اسلام آباد یونائیٹڈ نے رنز کے انبار لگادیے

 پاکستان سپر لیگ( پی ایس ایل) کے ساتویں ایڈیشن کے پہلے مرحلے میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو جیت کیلئے 230 رنز کا ہدف دے دیا۔اسلام آباد یونائیٹڈ نے مقررہ 20 اوورز میں4 وکٹوں کے نقصان پر 229رنز بنائے،کولن منرو 71 رنز بناکر نمایاں رہے۔نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے جارہے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر اسلام آباد کو پہلے بیٹنگ کی دعوت  دی۔اسلام آباد یونائیٹڈ کی اننگز کا آغاز دھواں دھار رہا ، صرف 4 اوورز کے اندر ہی اوپنرر پال اسٹرلنگ اور ایلیکس ہیلز نے ٹیم کی نصف سنچری مکمل کی، تاہم 56 رنز کے مجموعی اسکور پر ہیلز 22 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔تاہم پال اسٹرلنگ جارحانہ کھیل پیش کرتے رہے اور پاوور پلے میں ٹیم کا اسکور ایک وکٹ پر81 رنز تک لے گئے۔اسلام آباد نے 100 رنز صرف 7.1 اوورز میں مکمل کیے ۔تاہم اسلام آباد کو دوسرا نقصان پال اسٹرلنگ کی صورت میں اٹھانا پڑا ، وہ 28 گیندوں پر 58 رنز کی دھواں دار اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔اس  کے علاوہ شاداب خان 9 رنز بناسکے۔3 وکٹیں گرنے کے بعد اسلام آباد نے دوبارہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز پر لاٹھی چارج شروع کیا، کولن منرو اور اعظم خان کے درمیان 97 رنز کی شراکت داری قائم ہوئی۔اعظم خان 35گیندوں پر 65 رنز بناکر آخری اوور میں آؤٹ ہوئے جبکہ منرو 39 گیندوں پر 72 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔دوسری جانب کوئٹہ کے  شاہد آفریدی نے میچ میں  پاکستان سپر لیگ کا مہنگا ترین بولنگ اسپیل کرادیا،انہوں  نے چار اوورز میں ایک وکٹ حاصل کرکے 67 رنز دیے۔آفریدی سے قبل یہ اعزاز اسلام آباد کے ظفر گوہر کے پاس تھا، انہوں نے گزشتہ سال زلمی کیخلاف چار اوورز میں 65 رنز دیے تھے۔واضح رہے کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے اسٹار پلیئر شاہد آفریدی کی ٹیم میں واپسی ہوئی ، وہ کورونا کے باعث ابتدائی میچ نہیں کھیل سکے تھے۔پوائنٹس ٹیبل پر نظر ڈالیں تو اسلام آباد یونائیٹڈ 2 میں سے ایک میچ جیت کر تیسرے  جبکہ کوئٹہ 3 میں سے ایک میچ جیت کر 2 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر موجود ہے۔


ماضی کی مشہور اداکارہ مدھوبالا کی 96 سالہ بہن کو بہو نےگھر سے نکال دیا

 ماضی کی مشہور بالی وڈ اداکار ہ مدھوبالا کی 96 سالہ بڑی  بہن کنیز بلساراکو  نیوزی لینڈ میں ان کی بہو نے گھر سے نکال دیا۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق مدھوبالا کی بڑی بہن کنیز بلسارا کو ان کی بہو ثمینہ نے بغیر کسی سہارے اور پیسے کے 29 جنوری کو نیوزی لینڈ کے شہر آکلینڈ سے ممبئی کیلئے روانہ کیا۔رپورٹس کے مطابق کنیز 18 سال قبل اپنے شوہر کے ساتھ اپنے بیٹے کے ساتھ رہنے نیوزی لینڈ گئی تھیں جبکہ ان کی بیٹی پرویز ممبئی میں رہتی ہیں۔بھارتی میڈیا سے بات کرتے ہوئے کنیز کی بیٹی نے بتایا کہ میرے بھائی نیوزی لینڈ میں اپنی بیوی بچوں کے ساتھ رہائش پذیر تھے ، کچھ سال قبل بھائی والد اور والدہ کو اپنے ساتھ لے گئے تھے۔انہوں نے بھابی کے والد اور والدہ  کے ساتھ برے برتاؤ کے بارے میں بتایا کہ بھائی والدہ سے بہت پیار کرتے ہیں لیکن بھابی بالکل پسند نہیں کرتیں، وہ انہیں کھانا بھی پکا کر نہیں دیتیں، بھائی ہوٹل سے کھانا لاتے تھے۔رپورٹس کے مطابق  پرویز نے بتایا ہے کہ ان کے کزن نے والدہ کے آنے کی اطلاع دی جسے  ثمینہ نے پرواز کے ممبئی اترنے سے صرف 8 گھنٹے قبل فون کیا تھا۔ پرویز کا کہنا ہے کہ رواں سال 8 جنوری کو ان کے بھائی کے انتقال کے بعد ثمینہ کا والدہ کے ساتھ برتاؤ مزید خراب ہوگیا۔انہوں  نے بتایا کہ میرے لیے اذیت کی بات تھی کہ جب والدہ کی  پرواز ممبئی ائیرپورٹ اتری تو مجھے  حکام کی طرف سے ایک کال موصول ہوئی اور اہلکار نے  بتایا کہ آپ کی والدہ کے پاس آر ٹی پی سی آر (COVID) ٹیسٹ کی ادائیگی کے لیے پیسے نہیں ہیں۔ان کاکہنا تھا کہ جب میں نے بھابی کو والدہ کے پیسوں کے حوالے سے فون کیا تو انہوں نے جواب دیا کہ کونسے پیسے ؟ یہاں تک کہ انہوں نے والدہ کے زیورات بھی اپنے پاس رکھ لیے۔دوسری جانب پرویز نے نیوزی لینڈ کے حکام کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا کہ کیسے ایک 96سالہ بزرگ خاتون کو اکیلے پرواز میں سوار ہونے دیا۔واضح رہے کہ مدوھوبالا بھارتی فلم انڈسٹری کا وہ ستارہ تھیں جو اگرچہ کم وقت کے لیے چمکا لیکن جب تک اسکرین پر رہا اس کی روشنی، لپک اور حسن نے دنیا کا دل جیتا۔مارلن منرو سے مشابہہ مدھوبالا کا اصل نام ممتاز جہاں دہلوی تھا،انہوں نے 27سالہ فلمی کیریئر میں 70 سےزائد فلموں میں کام کیا ۔ محل باکس آفس پر بلاک بسٹر رہی تو مغل اعظم شاہکار قرار دی گئی۔تاہم  مدھو بالا کے دل نے 36 برس کی عمر میں اس کا ساتھ چھوڑ دیا تھا۔


شیخ رشیدکا بلوچ عسکریت پسند تنظیموں کا کالعدم ٹی ٹی پی سےگٹھ جوڑ کا اشارہ

 وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے بلوچ عسکریت پسند تنظیموں کا کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) سمیت دیگر عسکریت پسند گروہوں سےگٹھ جوڑ کا اشارہ دیا ہے۔ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ 11 جنوری کو بلوچ عسکریت پسند تنظیموں نے مل کر بی این اے بنائی ہے۔ شیخ رشیدکا کہنا تھا کہ بی این اے کوپس پردہ کالعدم تحریک طالبان سمیت دیگر تنظیموں کی سپورٹ بھی ہے، اس کے علاوہ داعش اور دیگر تنظیمیں بھی ہیں جو دہشت گردی میں اضافہ کر رہی ہیں۔وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کے بھارت سے روابط ہیں اور افغانستان میں بھی ان کے کیمپس ہیں۔


شاہد آفریدی نے پی ایس ایل کا مہنگا ترین بولنگ اسپیل کرادیا

 کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے شاہد آفریدی نے پاکستان سپر لیگ کا مہنگا ترین بولنگ اسپیل کرادیا۔جمعرات کے روز نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف میچ میں شاہد آفریدی نے چار اوورز میں ایک وکٹ لے کر 67 رنز دیے۔یہ پی ایس ایل کی تاریخ میں کسی بھی بولر کی جانب سے سب سے مہنگا ترین اسپیل ہے ، اس سے قبل  اسلام آباد یونائیٹڈ کے ظفر گوہر  نے گزشتہ سال  زلمی کیخلاف چار اوورز میں 65 رنز دیے تھے۔واضح رہے کہ پی ایس ایل کے دسویں میچ میں اسلام آباد نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف رنز کے انبار لگائے ، کولن منرو اور اعظم خان کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 4 کٹوں کے نقصان پر 229 رنز بنائے۔


کورونا:29 زندگیاں ختم،6047 نئے مریض

 کورونا کی مہلک وبانے پاکستان میں مزید29افرادکی جان لے لی اور اموات کی مجموعی تعداد29330ہو گئی ۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے مطابق گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران 61190کورونا ٹیسٹ کئے گئے ، ملک میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 9.88فیصد رہی،6047نئے مریض رپورٹ ہوئے اور فعال کیس 102103ہو گئے ،1559مریضوں کی حالت تشویشناک ہے جبکہ مزید 9590مریض مکمل صحتیاب ہو گئے ۔ محکمہ پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر کے مطابق پنجاب میں کورونا کے 1895نئے کیس سامنے آگئے اور ایکٹو کیس 23953ہو گئے جبکہ مزید9مریضوں کی جان چلی گئی، لاہور سے 5،راولپنڈی سے 2جبکہ ملتان اور ڈیرہ غازیخان سے ایک ایک ہلاکت رپورٹ ہوئی۔لاہور میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 13.9 فیصد، راولپنڈی میں 8.3 فیصد، فیصل آباد میں 8.8 فیصد رہی۔علاوہ ازیں ایڈمنسٹریٹر لاری اڈا احمد رضا بٹ نے بادامی باغ میں کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنیوالے ٹرانسپورٹروں کی5گاڑیوں کو تھانہ میں بند کرا دیا جبکہ 16کوجرمانے کئے گئے ۔ادھرگورنمنٹ گرلز ہائر سکینڈری سکول ہاؤسنگ کالونی شجاع آباد کوکورونا کیسز پر10 روز کیلئے سیل کر دیا گیا۔ اسلام آباد کے ٹائون بارہ کہو میں درجنوں افراد کورونا میں مبتلا ہونے لگے ، اے سی سیکرٹریٹ انیل سعید کوبھی کورونا ہو گیا۔دنیا بھرمیں ہلاکتیں57لاکھ10ہزارسے زائد ہو گئیں ۔ فرانس نے کورونا پابندیوں میں مرحلہ وارنرمی کردی اور عوامی مقامات پر ماسک پہننے کی شرط بھی ختم کر دی۔ دبئی میں پانچ سے 11سال کی عمر کے بچوں کو فائزرکووڈ19ویکسین لگانے کا اعلان کردیاگیا۔



منڈے میگزین دھنک رنگ لاہور 31جنوری2022 ایڈیٹرعلی جان





















 

نظام انصاف میں اصلاحات؛ ہم نے کام کردیا، اب عدلیہ، وکلا کی ذمہ داری: وزیراعظم

 زیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ طاقتور کو قانون کا تابع بنانا جہاد ہے ، مدینہ کی ریاست میں قانون کے سامنے سب برابر تھے ،انصاف کے نظام میں اصلاحات کا مقصد عام آدمی کو انصاف فراہم کرنا اور طاقتور کو قانون کے تابع لانا ہے ، فوجداری نظام میں اصلاحات قانون کی حکمرانی کی طرف ایک بڑا قدم ہے ،حکومت نے اپنا کام کردیا ، اب عدلیہ اور وکلا فوجداری قوانین اور نظام انصاف میں اصلاحات پر عملدرآمد کرائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو یہاں فوجداری قانون اور نظام انصاف میں اصلاحات کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔وزیراعظم نے کہا ہمارے ملک میں انصاف کا نظام آہستہ آہستہ ایسے بنتا گیا کہ طاقتور اس سے فائدہ اٹھاتا رہا اور اسے کوئی پکڑ نہیں سکتا تھا جبکہ عام آدمی سے جیلیں بھری ہوئی ہیں، تعلیم کا نظام بھی خراب ہو گیا،ہمارے ہسپتالوں کی بھی یہی صورتحال رہی اور آہستہ آہستہ ہمارے سرکاری ہسپتال پیچھے رہ گئے ۔وزیراعظم نے کہافوجداری قوانین میں اصلاحات ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ کی جا رہی ہیں، ضابطہ دیوانی میں پہلے ہم یہ کام کر چکے ۔انہوں نے کہا ہجرت مدینہ کے بعد مسلمانوں نے پہلے پانچ سال بہت مشکلات کا سامنا کیا لیکن ان پانچ سالوں میں قانون کی بالادستی قائم کی گئی۔انہوں نے کہا 90 لاکھ اوور سیز پاکستانی ہمارا اثاثہ ہیں اور ان کی آمدنی 22 کروڑ پاکستانیوں سے زیادہ ہے ، ان کی ترسیلات زر سے ملک کا نظام چل رہا ہے لیکن وہ پاکستان میں اس لئے سرمایہ کاری نہیں کرتے کیونکہ وہ سمجھتے ہیں کہ یہاں پر قانون کی حکمرانی نہیں،جس وقت اوورسیز پاکستانیوں نے سرمایہ کاری شروع کردی،ہمیں کسی کے آگے ہاتھ نہیں پھیلانا پڑے گا۔وزیراعظم نے کہا ریکو ڈک کے کیس سے پاکستان کو بہت نقصان ہوا، اگر کانیں چل رہی ہوتیں تو ہمیں بہت زیادہ آمدنی ہو سکتی تھی، 6 ارب ڈالر کا ہمیں جرمانہ ہوا ہے اور بین الاقوامی ثالثی عدالت میں معاملہ اٹھایا گیا، اگر ہمارا انصاف کا نظام بہتر ہوتا تو وہاں پر اس کی سماعت ہو سکتی تھی۔ انہوں نے کہا ہر سروے میں پاکستان قانون کی حکمرانی میں نیچے ہوتا ہے ، اس وقت سوئٹزر لینڈ سب سے اوپر ہے ،سوئٹزر لینڈ کی سیاحت سے آمدنی 60 سے 80 ارب ڈالر ہے جبکہ ہم بمشکل 100 ملین ڈالر کماپاتے ہیں، یہ فرق اس وجہ سے ہے کہ وہاں پر قانون کی حکمرانی ہے اور کوئی قبضہ گروپ نہیں ، کسی وزیراعلیٰ یا سابق وزیراعلیٰ کے چپڑاسی کے اکائونٹ میں اربو ں روپے منتقل نہیں ہوتے ۔وزیراعظم نے کہا کرکٹ میں سب سے پہلے غیر جانبدار امپائرز کی بات میں نے ہی کی تھی، اب نئے انتخابی نظام میں ای وی ایم ٹیکنالوجی بھی لا رہے ہیں۔انہوں نے کہا اسلام میں وراثت میں خواتین کے حقوق مختص ہیں،اب یہ نہیں ہو سکتا کہ خواتین کو جائیداد میں ان کا حصہ نہ ملے ۔ وفاقی وزیرقانون و انصاف بیرسٹر فروغ نسیم نے کہا پولیس کا بجٹ اوپر ہی کھالیاجاتا تھا، اصلاحات سے پولیس بجٹ پولیس سٹیشن تک جائے گا،ایس ایچ او کے لئے بی اے کی ڈگری ضروری ہے ۔ انہوں نے کہا چالان پیش کرنے کی مدت 45 دن کر دی گئی، ٹرائل جج کو بتانا پڑے گا کہ 9 ماہ میں فیصلہ کیوں نہیں ہوا۔ فروغ نسیم نے کہا نیب میں 20 سال تک کیس عملے کی کمی کے باعث التوا کارشکار رہے ۔علاوہ ازیں وزیراعظم سے تارکین وطن و انسانی وسائل کی ترقی کیلئے معاون خصوصی طارق الحسن نے ملاقات کی۔وزیراعظم نے ہدایت کی کہ 90 لاکھ پاکستانی تارکین وطن کو زیادہ سے زیادہ خدمات کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے ایک ماہ میں جامع پالیسی تشکیل دی جائے ، ان کی سہولت کیلئے 8 اوورسیز مراکز بھی قائم کئے جائیں۔وزیراعظم سے معاون خصوصی سیاحت اعظم جمیل بھی ملے ۔ عمران خان نے کہا پاکستان قدرتی حسن سے مالا مال ہے ،ہمیں انفر اسٹرکچر اور ہاؤسنگ کی ترقی سمیت سیاحت کی سہولیات کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے ۔وزیراعظم نے ملک میں سیاحت کے فروغ کے لئے نجی شعبے کو شامل کرنے پر زور دیا۔عمران خان نے گورنر ہاؤس نتھیا گلی کی بحالی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا گورنر ہاؤس نتھیاگلی کو اعلیٰ درجے کا سیاحتی مقام بنایا جائے ۔مزیدبرآں وزیراعظم نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ میں نے سندھ پولیس کی جانب سے ایم کیو ایم کے مقامی حکومتوں کے قانون کے خلاف پرامن احتجاجی مظاہرے کے دوران پولیس کی جانب سے تشدد کا نوٹس لے لیا ہے اور وزارت داخلہ، چیف سیکرٹری اور آئی جی سندھ پولیس سے مکمل رپورٹ طلب کرلی ۔انہوں نے کہا ان واقعات کی رپورٹس ملنے کے بعد پُرامن مظاہرین پر تشدد میں ملوث ذمے داروں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔


یوٹیلٹی سٹورز پر مختلف برانڈز کی اشیا کی قیمتیں بڑھانے کی تجویز

  یوٹیلٹی سٹورز پر مختلف برانڈز کی اشیاء کی قیمتوں میں اضافے کی تیاری کر لی گئی۔ذرائع کے مطابق یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن نے وزارت صنعت وپیداوار سے منظوری کی درخواست کی ہے جس کے بعد وینڈرز اور کمپنیوں سے فوری طورپر اشیا ء کی خریداری شروع کر دی جائے گی اور یوٹیلٹی سٹورز پر اشیا کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے گا۔ یوٹیلیٹی سٹورز پر مختلف برانڈز کے گھی، خوردنی تیل ، صابن ، ڈیٹرجنٹ ، سرف، شیمپو، ٹوتھ پیسٹ اور دیگر اشیاء کی قیمتوں میں اضافے کی تجویزدی گئی ہے ۔یوٹیلٹی سٹورزکار پوریشن کے سینئر جنرل منیجر عنایت اللہ دولہ نے کہا کہ قیمتوں میں اضافے کے باوجودیوٹیلٹی سٹورز پر مارکیٹ کے مقابلے میں کم قیمت مقرر کی جائے گی۔


غلط معلومات پھیلانا ریاست کی سالمیت کے لئے خطرہ ہے : آرمی چیف


  آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے غلط معلومات کا پھیلانا رائے سازی کو متاثر کرتا ہے اور ریاست کی سالمیت کیلئے بھی خطرہ ہے ۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کور ہیڈ کوارٹرز لاہور کا دورہ کیا جہاں انہیں لاہور کور کی فارمیشن کے مختلف امور پر بریفنگ دی گئی۔ آرمی چیف سے لمز، ایف سی یو، یو ای ٹی ، ایل ایس ای ، پی یو، جی سی یو کی فیکلٹی اور طلبہ نے ملاقات کی۔ فیکلٹی ارکان اور طلبہ نے آرمی چیف سے سیشن کے دوران سوالات بھی کیے ۔ آرمی چیف نے مستقبل کی قیادت اور مفید شہری بنانے پر معروف تعلیمی اداروں کی تعریف کرتے ہوئے کہا تعلیم، صحت، انفرااسٹرکچر اور ماحولیات میں انسانی ترقی کی اشد ضرورت ہے ، پاکستانی نوجوان بہت زیادہ ذہین اور محنتی ہیں، پاکستانی نوجوان موقع اور ماحول ملنے پر پاکستان کو ترقی و خوشحالی کی طرف لے جائیں گے ۔ان کا کہنا تھاغلط اطلاعات کی وجہ سے لوگوں کی رائے متاثر ہوتی ہے ۔غلط اطلاعات سے ریاست کی یکجہتی کو خطرات لاحق ہوتے ہیں۔ڈس انفارمیشن مہم کے سد باب کیلئے ملکر کوششیں کرنا ہو ں گی۔ دشمن قوتوں کے عزائم ناکام بنانے کیلئے متحد رہنے کی ضرورت ہے ۔اس موقع پر کورکمانڈر لیفٹیننٹ جنرل محمد عبد العزیز بھی موجود تھے ۔

جماعتی بلدیاتی الیکشن سے حقیقی قیادت سامنے آئے گی :بزدار

 وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ بلوچستان کے علاقے کیچ میں چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کے حملے کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔ شہید جوانوں کی وطن عزیز کیلئے قربانی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں اور ہماری تمام تر ہمدردیاں شہدا کے لواحقین کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مٹھی بھر عناصر دہشت گردی کے ذریعے قوم کے بلند حوصلے پست نہیں کرسکتے ۔ انہوں نے کہا کہ دشمن پاکستان کیخلاف سازش کر رہا ہے ،قومی یکجہتی اور اتفاق کے ذریعے دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملانا ہوگا۔دریں اثناوزیراعلیٰ کی زیر صدارت بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے ساڑھے 3 گھنٹے طویل مشاورتی اجلاس ہوا جس میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے خصوصی شرکت کی۔ اجلاس میں صوبائی وزرا راجہ بشارت،میاں محمود الرشید اورمتعلقہ حکام بھی شریک ہوئے جبکہ وفاقی وزیر مخدوم خسروبختیاراورصوبائی وزیر ہاشم جواں بخت نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔ اجلاس میں پارٹی امورکے حوالے سے تجاویز کا بھی جائزہ لیا گیا۔شرکاء نے بلدیاتی الیکشن کے حوالے سے اپنی آراء پیش کیں۔ وزیراعلیٰ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت بلدیاتی الیکشن کے انعقاد کیلئے یکسو ہے ۔ جماعتی بنیادوں پر الیکشن سے حقیقی قیادت نچلی سطح پر سامنے آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف بلدیاتی الیکشن کے لئے مضبوط امیدوار میدان میں اتارے گی۔مشاورت کے ساتھ مخلص اورمضبوط امیدواروں کا چناؤ کیا جائے گا۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ نیا پاکستان قومی صحت کارڈ حکومت کا فلاح عامہ کیلئے تاریخ ساز اقدام ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ان شاء اللہ مارچ کے آخر تک پنجاب کے تمام خاندان اس سے مستفید ہونگے ۔ بہاولپور، فیصل آباد، گوجرانوالہ، ملتان اور سرگودھا ڈویژن میں 2 ماہ کے اندر نیا پاکستان قومی صحت کارڈ کا اجرا مکمل ہو جائے گا۔انہوں نے سوئی میں باردودی سرنگ کے دھماکے کی شدید مذمت کی اور قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا ۔وزیراعلیٰ نے ملتان سے اغوا کے بعد 5 سالہ بچی کے قتل کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آرپی او سے رپورٹ طلب کر لی ۔


ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل رپورٹ کے مطابق پاکستان کرپشن میں مزید 16 درجے بلند


 لاہور؍ اسلام آباد( نیوز ایجنسیاں؍ مانیٹرنگ ڈیسک) ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل نے 180 ممالک کا کرپشن پرسیپشن انڈیکس (سی پی آئی) جاری کردیا جس کے مطابق پاکستان کرپشن رینکنگ میں 16 درجے اوپر چلا گیا اور کرپشن پرسیپشن انڈیکس میں پاکستان دنیا میں 140ویں نمبر پرآگیا،2020 میں پاکستان کا دنیا میں نمبر 124واں تھا اورسکور 31 تھا ،2021 میں 3 پوائنٹس کمی کے ساتھ پاکستان کا سی پی آئی سکور 28 ہوگیا،انڈیکس کا سکور کم ہونا کرپشن میں اضافے کو ظاہر کرتا ہے ۔کرپشن پرسیپشن انڈیکس میں پاکستان سمیت کْل 23 ممالک نیچے گئے ،25 ممالک بہتری کی طرف آئے ، 131 ممالک نے اپنی پوزیشن برقرار رکھی ، افغانستان 116 ویں نمبر پر ہے ۔ڈنمارک، فن لینڈ اور نیوزی لینڈ سب سے بہتر ممالک ہیں جن کا 180 ممالک کی فہرست میں سب سے بہتر 88 سکور ہے ۔بہترین ممالک میں ناروے ، سنگاپور اور سوئیڈن 85 سکور کے ساتھ دوسرے نمبر ، سوئٹزر لینڈ 84 سکور کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے ۔ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل پاکستان کی وائس چیئرمین جسٹس (ر) ناصرہ اقبال نے رپورٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا بھارت اور بنگلہ دیش کے سی پی آئی 2021 کے سکور میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔وفاقی کابینہ کے اعلامیہ کے مطابق کابینہ کو بتایا گیا کہ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی حالیہ رپورٹ ملک میں انصاف کی فراہمی کے حوالے سے ہے ۔وزیر اعظم نے کہا موجودہ حکومت نے کرپشن کے خلاف سب سے زیادہ اقدامات کئے ، کرپشن کرنے والے مقدمات کا سامنا کرنے کے بجائے ملک سے باہر ہیں اور مقدمات میں غیر ضروری التوا کے بہانے بنا رہے ہیں، ہماری حکومت نے کرپشن کے زیر التوا کیس جلد نمٹانے کے لئے عدالتوں میں موثر پیروی کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کابینہ اجلاس کے بعد بریفنگ میں کہا کہ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ میں پاکستان کا درجہ مالی کرپشن نہیں بلکہ سیاسی کرپشن اور قانون کی حکمرانی نہ ہونے کے باعث گرا ہے ۔انہوں نے کہا قانون کی حکمرانی پر کام کرنے کی ضرورت ہے ۔مسلم لیگ (ن)کے صدر شہباز شریف نے ایک بیان میں کہاہے کہ ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل نے مسلسل دوسری بار گواہی دی ہے کہ عمران نیازی حکومت کرپٹ اور چور ہے ،عالمی ادارے کی رپورٹ فرد جرم ہے ، کرپٹ حکمران استعفیٰ دیں کیونکہ ملک ان کی لوٹ مار کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے کہا دنیا کہہ رہی ہے کہ وزیراعظم چور ہے ،کرپشن، کرپشن کا شور مچانے والوں کی ہر روز چوریاں پکڑی جا رہی ہیں۔مسلم لیگ(ن) کے سینئر نائب صدر شاہد خاقان عباسی نے پارٹی ترجمان مریم اورنگزیب کے ہمراہ پریس کانفرنس میں رپورٹ کو حکومت پر فردجرم قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا کہ وزیراعظم اور وزرا ء ملک میں کرپشن بڑھنے کا جواب دیں،ہر ایک پر چوری کا الزام لگانے والا عالمی چور نکلا، عمران خان! تم سڑک پر آئو، لوگ بتائیں گے ،سیاسی شہید بننے کا موقع نہیں ملے گا ۔نائب صدرمسلم لیگ (ن) مریم نوازنے اپنے ٹویٹ میں کہاہے کہ عمران حکومت سے زیادہ کرپٹ، بدعنوان اور رشوت خور حکومت پاکستان کی تاریخ میں نہیں آئی، ہر شعبے میں تنزلی کے ریکارڈ بنانے والے عمران خان کے دور میں صرف ایک شعبے میں ترقی ہوئی اور وہ ہے چوری اورلوٹ مار،عوام کی جیبیں خالی کر نے والے عمران مافیا نے دیدہ دلیری سے پاکستان پر ہاتھ صاف کئے ۔مسلم لیگ (ن )کے رہنما پرویز رشید نے ایک ٹویٹ میں کہا صادق و امین کی سند دینے والا ثاقب نثار اور سند کو تمغہ بنا کر سجانے والا عمران خان دونوں بے نقاب ہوگئے ۔پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ تحریک انصاف کی کرپشن اور لوٹ مار کی وجہ سے پاکستان دنیا بھر میں رسوا ہو گیا۔سابق وزیر خزانہ اور ن لیگی رہنما مفتاح اسماعیل نے ایک بیان میں کہا ہے کہ پاکستان دنیا کے 40 کرپٹ ترین ممالک میں شامل ہوگیا ۔چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے لاڑکانہ میں خطاب کرتے ہوئے کہا کرپشن میں ہوشربا اضافے کی رپورٹ کے بعد عمران خان کی حکومت کا کوئی جواز نہیں رہ جاتا۔پیپلز پارٹی کی نائب صدر سینیٹر شیری رحمٰن نے کہا مشیرِ احتساب شہزاد اکبر کا استعفیٰ ثبوت ہے کہ کرپشن واقعی بڑھی ، ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ حکومت کے تابوت میں آخری کیل ،رپورٹ پر سینیٹ میں بحث کرائی جائے ۔پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ترجمان ذوالفقار علی بدر نے کہاہے کہ ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ کے بعد عمران خان کی حکومت کا کوئی جواز نہیں رہ جاتا۔تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی نور عالم نے بھی ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ پر ردعمل میں کہا کہ جب میں احتساب، ناانصافی اور مہنگائی سے متعلق آواز اٹھاتا ہوں تو مجھے شوکاز نوٹس دے دیا جاتا ہے ،اب ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی کرپشن سے متعلق رپورٹ سامنے آئی ہے