زیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ طاقتور کو قانون کا تابع بنانا جہاد ہے ، مدینہ کی ریاست میں قانون کے سامنے سب برابر تھے ،انصاف کے نظام میں اصلاحات کا مقصد عام آدمی کو انصاف فراہم کرنا اور طاقتور کو قانون کے تابع لانا ہے ، فوجداری نظام میں اصلاحات قانون کی حکمرانی کی طرف ایک بڑا قدم ہے ،حکومت نے اپنا کام کردیا ، اب عدلیہ اور وکلا فوجداری قوانین اور نظام انصاف میں اصلاحات پر عملدرآمد کرائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو یہاں فوجداری قانون اور نظام انصاف میں اصلاحات کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔وزیراعظم نے کہا ہمارے ملک میں انصاف کا نظام آہستہ آہستہ ایسے بنتا گیا کہ طاقتور اس سے فائدہ اٹھاتا رہا اور اسے کوئی پکڑ نہیں سکتا تھا جبکہ عام آدمی سے جیلیں بھری ہوئی ہیں، تعلیم کا نظام بھی خراب ہو گیا،ہمارے ہسپتالوں کی بھی یہی صورتحال رہی اور آہستہ آہستہ ہمارے سرکاری ہسپتال پیچھے رہ گئے ۔وزیراعظم نے کہافوجداری قوانین میں اصلاحات ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ کی جا رہی ہیں، ضابطہ دیوانی میں پہلے ہم یہ کام کر چکے ۔انہوں نے کہا ہجرت مدینہ کے بعد مسلمانوں نے پہلے پانچ سال بہت مشکلات کا سامنا کیا لیکن ان پانچ سالوں میں قانون کی بالادستی قائم کی گئی۔انہوں نے کہا 90 لاکھ اوور سیز پاکستانی ہمارا اثاثہ ہیں اور ان کی آمدنی 22 کروڑ پاکستانیوں سے زیادہ ہے ، ان کی ترسیلات زر سے ملک کا نظام چل رہا ہے لیکن وہ پاکستان میں اس لئے سرمایہ کاری نہیں کرتے کیونکہ وہ سمجھتے ہیں کہ یہاں پر قانون کی حکمرانی نہیں،جس وقت اوورسیز پاکستانیوں نے سرمایہ کاری شروع کردی،ہمیں کسی کے آگے ہاتھ نہیں پھیلانا پڑے گا۔وزیراعظم نے کہا ریکو ڈک کے کیس سے پاکستان کو بہت نقصان ہوا، اگر کانیں چل رہی ہوتیں تو ہمیں بہت زیادہ آمدنی ہو سکتی تھی، 6 ارب ڈالر کا ہمیں جرمانہ ہوا ہے اور بین الاقوامی ثالثی عدالت میں معاملہ اٹھایا گیا، اگر ہمارا انصاف کا نظام بہتر ہوتا تو وہاں پر اس کی سماعت ہو سکتی تھی۔ انہوں نے کہا ہر سروے میں پاکستان قانون کی حکمرانی میں نیچے ہوتا ہے ، اس وقت سوئٹزر لینڈ سب سے اوپر ہے ،سوئٹزر لینڈ کی سیاحت سے آمدنی 60 سے 80 ارب ڈالر ہے جبکہ ہم بمشکل 100 ملین ڈالر کماپاتے ہیں، یہ فرق اس وجہ سے ہے کہ وہاں پر قانون کی حکمرانی ہے اور کوئی قبضہ گروپ نہیں ، کسی وزیراعلیٰ یا سابق وزیراعلیٰ کے چپڑاسی کے اکائونٹ میں اربو ں روپے منتقل نہیں ہوتے ۔وزیراعظم نے کہا کرکٹ میں سب سے پہلے غیر جانبدار امپائرز کی بات میں نے ہی کی تھی، اب نئے انتخابی نظام میں ای وی ایم ٹیکنالوجی بھی لا رہے ہیں۔انہوں نے کہا اسلام میں وراثت میں خواتین کے حقوق مختص ہیں،اب یہ نہیں ہو سکتا کہ خواتین کو جائیداد میں ان کا حصہ نہ ملے ۔ وفاقی وزیرقانون و انصاف بیرسٹر فروغ نسیم نے کہا پولیس کا بجٹ اوپر ہی کھالیاجاتا تھا، اصلاحات سے پولیس بجٹ پولیس سٹیشن تک جائے گا،ایس ایچ او کے لئے بی اے کی ڈگری ضروری ہے ۔ انہوں نے کہا چالان پیش کرنے کی مدت 45 دن کر دی گئی، ٹرائل جج کو بتانا پڑے گا کہ 9 ماہ میں فیصلہ کیوں نہیں ہوا۔ فروغ نسیم نے کہا نیب میں 20 سال تک کیس عملے کی کمی کے باعث التوا کارشکار رہے ۔علاوہ ازیں وزیراعظم سے تارکین وطن و انسانی وسائل کی ترقی کیلئے معاون خصوصی طارق الحسن نے ملاقات کی۔وزیراعظم نے ہدایت کی کہ 90 لاکھ پاکستانی تارکین وطن کو زیادہ سے زیادہ خدمات کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے ایک ماہ میں جامع پالیسی تشکیل دی جائے ، ان کی سہولت کیلئے 8 اوورسیز مراکز بھی قائم کئے جائیں۔وزیراعظم سے معاون خصوصی سیاحت اعظم جمیل بھی ملے ۔ عمران خان نے کہا پاکستان قدرتی حسن سے مالا مال ہے ،ہمیں انفر اسٹرکچر اور ہاؤسنگ کی ترقی سمیت سیاحت کی سہولیات کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے ۔وزیراعظم نے ملک میں سیاحت کے فروغ کے لئے نجی شعبے کو شامل کرنے پر زور دیا۔عمران خان نے گورنر ہاؤس نتھیا گلی کی بحالی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا گورنر ہاؤس نتھیاگلی کو اعلیٰ درجے کا سیاحتی مقام بنایا جائے ۔مزیدبرآں وزیراعظم نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ میں نے سندھ پولیس کی جانب سے ایم کیو ایم کے مقامی حکومتوں کے قانون کے خلاف پرامن احتجاجی مظاہرے کے دوران پولیس کی جانب سے تشدد کا نوٹس لے لیا ہے اور وزارت داخلہ، چیف سیکرٹری اور آئی جی سندھ پولیس سے مکمل رپورٹ طلب کرلی ۔انہوں نے کہا ان واقعات کی رپورٹس ملنے کے بعد پُرامن مظاہرین پر تشدد میں ملوث ذمے داروں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔
Thursday, 3 February 2022
یوٹیلٹی سٹورز پر مختلف برانڈز کی اشیا کی قیمتیں بڑھانے کی تجویز
یوٹیلٹی سٹورز پر مختلف برانڈز کی اشیاء کی قیمتوں میں اضافے کی تیاری کر لی گئی۔ذرائع کے مطابق یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن نے وزارت صنعت وپیداوار سے منظوری کی درخواست کی ہے جس کے بعد وینڈرز اور کمپنیوں سے فوری طورپر اشیا ء کی خریداری شروع کر دی جائے گی اور یوٹیلٹی سٹورز پر اشیا کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے گا۔ یوٹیلیٹی سٹورز پر مختلف برانڈز کے گھی، خوردنی تیل ، صابن ، ڈیٹرجنٹ ، سرف، شیمپو، ٹوتھ پیسٹ اور دیگر اشیاء کی قیمتوں میں اضافے کی تجویزدی گئی ہے ۔یوٹیلٹی سٹورزکار پوریشن کے سینئر جنرل منیجر عنایت اللہ دولہ نے کہا کہ قیمتوں میں اضافے کے باوجودیوٹیلٹی سٹورز پر مارکیٹ کے مقابلے میں کم قیمت مقرر کی جائے گی۔
غلط معلومات پھیلانا ریاست کی سالمیت کے لئے خطرہ ہے : آرمی چیف
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے غلط معلومات کا پھیلانا رائے سازی کو متاثر کرتا ہے اور ریاست کی سالمیت کیلئے بھی خطرہ ہے ۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کور ہیڈ کوارٹرز لاہور کا دورہ کیا جہاں انہیں لاہور کور کی فارمیشن کے مختلف امور پر بریفنگ دی گئی۔ آرمی چیف سے لمز، ایف سی یو، یو ای ٹی ، ایل ایس ای ، پی یو، جی سی یو کی فیکلٹی اور طلبہ نے ملاقات کی۔ فیکلٹی ارکان اور طلبہ نے آرمی چیف سے سیشن کے دوران سوالات بھی کیے ۔ آرمی چیف نے مستقبل کی قیادت اور مفید شہری بنانے پر معروف تعلیمی اداروں کی تعریف کرتے ہوئے کہا تعلیم، صحت، انفرااسٹرکچر اور ماحولیات میں انسانی ترقی کی اشد ضرورت ہے ، پاکستانی نوجوان بہت زیادہ ذہین اور محنتی ہیں، پاکستانی نوجوان موقع اور ماحول ملنے پر پاکستان کو ترقی و خوشحالی کی طرف لے جائیں گے ۔ان کا کہنا تھاغلط اطلاعات کی وجہ سے لوگوں کی رائے متاثر ہوتی ہے ۔غلط اطلاعات سے ریاست کی یکجہتی کو خطرات لاحق ہوتے ہیں۔ڈس انفارمیشن مہم کے سد باب کیلئے ملکر کوششیں کرنا ہو ں گی۔ دشمن قوتوں کے عزائم ناکام بنانے کیلئے متحد رہنے کی ضرورت ہے ۔اس موقع پر کورکمانڈر لیفٹیننٹ جنرل محمد عبد العزیز بھی موجود تھے ۔
جماعتی بلدیاتی الیکشن سے حقیقی قیادت سامنے آئے گی :بزدار
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ بلوچستان کے علاقے کیچ میں چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کے حملے کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔ شہید جوانوں کی وطن عزیز کیلئے قربانی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں اور ہماری تمام تر ہمدردیاں شہدا کے لواحقین کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مٹھی بھر عناصر دہشت گردی کے ذریعے قوم کے بلند حوصلے پست نہیں کرسکتے ۔ انہوں نے کہا کہ دشمن پاکستان کیخلاف سازش کر رہا ہے ،قومی یکجہتی اور اتفاق کے ذریعے دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملانا ہوگا۔دریں اثناوزیراعلیٰ کی زیر صدارت بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے ساڑھے 3 گھنٹے طویل مشاورتی اجلاس ہوا جس میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے خصوصی شرکت کی۔ اجلاس میں صوبائی وزرا راجہ بشارت،میاں محمود الرشید اورمتعلقہ حکام بھی شریک ہوئے جبکہ وفاقی وزیر مخدوم خسروبختیاراورصوبائی وزیر ہاشم جواں بخت نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔ اجلاس میں پارٹی امورکے حوالے سے تجاویز کا بھی جائزہ لیا گیا۔شرکاء نے بلدیاتی الیکشن کے حوالے سے اپنی آراء پیش کیں۔ وزیراعلیٰ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت بلدیاتی الیکشن کے انعقاد کیلئے یکسو ہے ۔ جماعتی بنیادوں پر الیکشن سے حقیقی قیادت نچلی سطح پر سامنے آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف بلدیاتی الیکشن کے لئے مضبوط امیدوار میدان میں اتارے گی۔مشاورت کے ساتھ مخلص اورمضبوط امیدواروں کا چناؤ کیا جائے گا۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ نیا پاکستان قومی صحت کارڈ حکومت کا فلاح عامہ کیلئے تاریخ ساز اقدام ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ان شاء اللہ مارچ کے آخر تک پنجاب کے تمام خاندان اس سے مستفید ہونگے ۔ بہاولپور، فیصل آباد، گوجرانوالہ، ملتان اور سرگودھا ڈویژن میں 2 ماہ کے اندر نیا پاکستان قومی صحت کارڈ کا اجرا مکمل ہو جائے گا۔انہوں نے سوئی میں باردودی سرنگ کے دھماکے کی شدید مذمت کی اور قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا ۔وزیراعلیٰ نے ملتان سے اغوا کے بعد 5 سالہ بچی کے قتل کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آرپی او سے رپورٹ طلب کر لی ۔
ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل رپورٹ کے مطابق پاکستان کرپشن میں مزید 16 درجے بلند
لاہور؍ اسلام آباد( نیوز ایجنسیاں؍ مانیٹرنگ ڈیسک) ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل نے 180 ممالک کا کرپشن پرسیپشن انڈیکس (سی پی آئی) جاری کردیا جس کے مطابق پاکستان کرپشن رینکنگ میں 16 درجے اوپر چلا گیا اور کرپشن پرسیپشن انڈیکس میں پاکستان دنیا میں 140ویں نمبر پرآگیا،2020 میں پاکستان کا دنیا میں نمبر 124واں تھا اورسکور 31 تھا ،2021 میں 3 پوائنٹس کمی کے ساتھ پاکستان کا سی پی آئی سکور 28 ہوگیا،انڈیکس کا سکور کم ہونا کرپشن میں اضافے کو ظاہر کرتا ہے ۔کرپشن پرسیپشن انڈیکس میں پاکستان سمیت کْل 23 ممالک نیچے گئے ،25 ممالک بہتری کی طرف آئے ، 131 ممالک نے اپنی پوزیشن برقرار رکھی ، افغانستان 116 ویں نمبر پر ہے ۔ڈنمارک، فن لینڈ اور نیوزی لینڈ سب سے بہتر ممالک ہیں جن کا 180 ممالک کی فہرست میں سب سے بہتر 88 سکور ہے ۔بہترین ممالک میں ناروے ، سنگاپور اور سوئیڈن 85 سکور کے ساتھ دوسرے نمبر ، سوئٹزر لینڈ 84 سکور کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے ۔ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل پاکستان کی وائس چیئرمین جسٹس (ر) ناصرہ اقبال نے رپورٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا بھارت اور بنگلہ دیش کے سی پی آئی 2021 کے سکور میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔وفاقی کابینہ کے اعلامیہ کے مطابق کابینہ کو بتایا گیا کہ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی حالیہ رپورٹ ملک میں انصاف کی فراہمی کے حوالے سے ہے ۔وزیر اعظم نے کہا موجودہ حکومت نے کرپشن کے خلاف سب سے زیادہ اقدامات کئے ، کرپشن کرنے والے مقدمات کا سامنا کرنے کے بجائے ملک سے باہر ہیں اور مقدمات میں غیر ضروری التوا کے بہانے بنا رہے ہیں، ہماری حکومت نے کرپشن کے زیر التوا کیس جلد نمٹانے کے لئے عدالتوں میں موثر پیروی کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کابینہ اجلاس کے بعد بریفنگ میں کہا کہ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ میں پاکستان کا درجہ مالی کرپشن نہیں بلکہ سیاسی کرپشن اور قانون کی حکمرانی نہ ہونے کے باعث گرا ہے ۔انہوں نے کہا قانون کی حکمرانی پر کام کرنے کی ضرورت ہے ۔مسلم لیگ (ن)کے صدر شہباز شریف نے ایک بیان میں کہاہے کہ ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل نے مسلسل دوسری بار گواہی دی ہے کہ عمران نیازی حکومت کرپٹ اور چور ہے ،عالمی ادارے کی رپورٹ فرد جرم ہے ، کرپٹ حکمران استعفیٰ دیں کیونکہ ملک ان کی لوٹ مار کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے کہا دنیا کہہ رہی ہے کہ وزیراعظم چور ہے ،کرپشن، کرپشن کا شور مچانے والوں کی ہر روز چوریاں پکڑی جا رہی ہیں۔مسلم لیگ(ن) کے سینئر نائب صدر شاہد خاقان عباسی نے پارٹی ترجمان مریم اورنگزیب کے ہمراہ پریس کانفرنس میں رپورٹ کو حکومت پر فردجرم قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا کہ وزیراعظم اور وزرا ء ملک میں کرپشن بڑھنے کا جواب دیں،ہر ایک پر چوری کا الزام لگانے والا عالمی چور نکلا، عمران خان! تم سڑک پر آئو، لوگ بتائیں گے ،سیاسی شہید بننے کا موقع نہیں ملے گا ۔نائب صدرمسلم لیگ (ن) مریم نوازنے اپنے ٹویٹ میں کہاہے کہ عمران حکومت سے زیادہ کرپٹ، بدعنوان اور رشوت خور حکومت پاکستان کی تاریخ میں نہیں آئی، ہر شعبے میں تنزلی کے ریکارڈ بنانے والے عمران خان کے دور میں صرف ایک شعبے میں ترقی ہوئی اور وہ ہے چوری اورلوٹ مار،عوام کی جیبیں خالی کر نے والے عمران مافیا نے دیدہ دلیری سے پاکستان پر ہاتھ صاف کئے ۔مسلم لیگ (ن )کے رہنما پرویز رشید نے ایک ٹویٹ میں کہا صادق و امین کی سند دینے والا ثاقب نثار اور سند کو تمغہ بنا کر سجانے والا عمران خان دونوں بے نقاب ہوگئے ۔پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ تحریک انصاف کی کرپشن اور لوٹ مار کی وجہ سے پاکستان دنیا بھر میں رسوا ہو گیا۔سابق وزیر خزانہ اور ن لیگی رہنما مفتاح اسماعیل نے ایک بیان میں کہا ہے کہ پاکستان دنیا کے 40 کرپٹ ترین ممالک میں شامل ہوگیا ۔چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے لاڑکانہ میں خطاب کرتے ہوئے کہا کرپشن میں ہوشربا اضافے کی رپورٹ کے بعد عمران خان کی حکومت کا کوئی جواز نہیں رہ جاتا۔پیپلز پارٹی کی نائب صدر سینیٹر شیری رحمٰن نے کہا مشیرِ احتساب شہزاد اکبر کا استعفیٰ ثبوت ہے کہ کرپشن واقعی بڑھی ، ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ حکومت کے تابوت میں آخری کیل ،رپورٹ پر سینیٹ میں بحث کرائی جائے ۔پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ترجمان ذوالفقار علی بدر نے کہاہے کہ ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ کے بعد عمران خان کی حکومت کا کوئی جواز نہیں رہ جاتا۔تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی نور عالم نے بھی ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ پر ردعمل میں کہا کہ جب میں احتساب، ناانصافی اور مہنگائی سے متعلق آواز اٹھاتا ہوں تو مجھے شوکاز نوٹس دے دیا جاتا ہے ،اب ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی کرپشن سے متعلق رپورٹ سامنے آئی ہے
Monday, 24 January 2022
Saturday, 22 January 2022
لاک ڈاؤن لگاناہے تووزیرمشیر کی تنخواہ و اکائونٹ بھی سیز کئے جائیں
لاہور(نمائندہ)ذیشان علی ہاشمی کنوینئرلاہور چیمبرآف کامرس ایشوز آف ایونٹ آرگنائزرز اورایونٹ مینجمنٹ ایسوسی ایشن پاکستان کے مرکزی چیئرمین نے کہا ہے کہ اسمبلی ہال کھلے اور شادی ہال بند کرنے کی پالیسی اب نہیں چلے گی۔ اگر ایس او پیز کے تحت باقی کاروبار کھلے ہیں تو ہمارے کاروبار کوبار بارٹارگٹ کیوں کیاجاتاہے۔ حکومتی ایس او پیز پر عمل درآمد کی یقین دہانی کروانے کے باوجود حکومت ایونٹ تقریبات پرپابندی لگائی جاتی ہے۔ذیشان علی ہاشمی کا کہناتھا سرکاری اہلکارجو پہلی، دوسری،تیسری،چوتھی اور پانچویں لہر کی اطلاع دیتے ہیں خود تو کورونا کی چھٹیوں میں انجوائے کرتے ہیں مگر ہمارے کاروبار بند کردیتے ۔ ان کو کوئی فکر فاقہ نہیں کیونکہ ان کو ہر مہینے پوری تنخواہ بھی مل جاتی ہے اور مراعات بھی۔مارا جاتا ہے تو ہم جیسا چھوٹا تاجر یا دیہاڑی دار مزدور۔ اگر لاک ڈاؤن لگانا بہت ضروری ہے وزیرمشیر سے لے کرہرچپڑاسی تک سب کے تنخواہ و اکائونٹ بھی سیز کئے جائیں ورنہ ہمارے پیشے سے وابسطہ تاجروں اور مزدوروں کو الاؤنس دیا جائے۔ تاکہ ہم اپنی اور اپنی فیملی کی ضروریات پوری کرسکیں۔ ذیشان علی ہاشمی نے مزید کہا ہے کہ ہم احتجاج کے بجائے حکومت کے ساتھ مکمل تعاون کرتے ہیں۔ ہمارے پاس اتنی جگہ موجود ہے کہ ہم ہر فر د کو چھ فٹ کے فاصلے پر با آسانی بٹھا سکتے ہیں۔اس سلسلے میں 2سال سے ہم آگاہی مہم بھی چلا رہے ہیں۔ حکومت اس دفعہ کاروبار بند کیا تو سڑکوں پر جگہ جگہ دھرنے دیں گے۔
ہمارے ہاں گیس کی قیمت 2019 سے نہیں بڑھی: حماد اظہر
وفاقی وزیر برائے توانائی حماد اظہر نے کہا ہے کہ ہمارے ہاں گیس کی قیمت2019 سے نہیں بڑھی۔وفاقی وزیرتوانائی نے کہا ہے کہ گیس کے ذخائر9 فیصد کے حساب سے گررہے ہیں ، عالمی منڈی میں گیس کی قیمتیں 5 فیصد بڑھیں ، ہمارے ہاں گیس کی قیمت2019 سے نہیں بڑھی۔ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں چارجز پر لوگوں کو تشویش ہے ، بجلی اور گیس کے معاملات کا جائزہ لے رہے ہیں۔حماد اظہر نے کہا ہے کہ گیس ،بجلی اور دیگر منصوبوں پر لاہور میں کام جاری ہے ، پاکستان تحریک انصاف کی تنظیم سازی کا مرحلہ شروع ہوا ہے ، پسماندہ علاقوں کی ترقی پر توجہ دے رہے ہیں۔ لاہور میں پہلی بار ترقیاتی منصوبوں پرکام جاری ہے۔ لاہور کو تحریک انصاف کا قلعہ بنائیں گے۔وفاقی وزیرتوانائی نے کہا ہے کہ بجلی کی قیمتیں بڑھی ہیں،اعتراف کرتا ہوں ، آنے والے دنوں میں بجلی اپنے ذخائر سے بنے گی
کراچی: شرپسندوں نے گرین لائن بس پر پتھر برسا دیے
شہر قائد کا پہلا ماس ٹرانزٹ منصوبہ شرپسندوں کے نشانے پر آ گیا، گرین لائن پر پتھر برسا دیے گئے۔نامعلوم افراد کی جانب سے گرین لائن بس پر پتھر برسانے کے واقعات نمائش سے سرجانی کے درمیان 4 مختلف مقامات پر رونما ہوئے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ واقعات پر ضلع وسطی انتظامیہ کی جانب سے پولیس کو نامعلوم شرپسندوں کے خلاف درخواست جمع کرا دی گئی ہے۔گرین لائن بس پر پتھر برسانے کے معاملے پر پولیس حکام سر جوڑ کر بیٹھ گئے اور ان واقعات پر مختلف پہلوؤں سے غور کرنا شروع کر دیا ہے۔پتھر برسانے کے واقعات نے گرین لائن منصوبے کی سیکیورٹی پر بھی سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔گرین لائن منصوبے میں نصب نو سو کیمروں، ڈھائی سو سیکیورٹی اہلکاروں کی تعیناتی کا دعوی بھی کھوکلا نکلا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پتھراؤ سے بس کے سائڈ گلاس اور دیگر شیشے ٹوٹے ہیں۔ پیڈ اسٹرین برج سے کیے جانے والے پتھراؤ سے بسوں کو نقصان پہنچا ہے تاہم ان واقعات میں مسافرمحفوظ رہے۔
عمران خان اتوار کو ''آپ کا وزیراعظم'' میں براہِ راست فون کالز سنیں گے
لاہور: (ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان کل اتوار کی سہ پہر تقریباً تین بجے پروگرام ''آپ کا وزیراعظم'' میں عوام کی براہ راست فون کالز سنیں گے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر سیاسی امور کیلئے وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل نے کہا عمران خان شہریوں کی شکایات اور تجاویز سنیں گے اور انہیں حکومت کے کیے گئے مختلف اقدامات سے آگاہ کریںگے۔
بڑھتے کورونا کیسز کے بعد این سی او سی نے گائیڈ لائنز جاری کر دیں
نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر (این سی او سی) نے ملک بھر میں کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے باعث گائیڈ لائنز جاری کر دیں۔این سی او سی نے گائیڈ لائنز میں کہا ہے کہ کورونا کے پھیلاو کو روکنا اور صحت کے شعبے پر دباؤ کم کرنے کے لیے گائیڈ لائنز موثر ثابت ہوں گی، ایسے افراد جن کا ٹمپریچر 37.5 سینٹی گریڈ یا زائد ہو، کورونا ٹیسٹ مثبت ہو تو گائیڈ لائنز پر عمل پیرا کریں، کورونا کے مریض اور علامات کا شکار افراد 5 دن قرنطینہ کریں۔گائیڈ لائنز کے مطابق کورونا کے شکار افراد، گھر سے نکلنے میں گریز کریں۔ دوسروں سے جتنا ممکن ہو فاصلہ رکھیں، بیمار ہوں تو گھر پر رہیں، ڈاکٹر سے فون پر بات کریں، فون یا ای میل کے ذریعے دوسروں کے ساتھ رابطے میں رہیں، بخار، کھانسی، سانس لینے میں دشواری تو ڈاکٹرکو بتاہیں، گھر میں سینے میں مسلسل درد، ہونٹ یا چہرہ نیلا ہو تو ڈاکٹر سے رجوع کریں۔این سی او سی کے مطابق بیمار شخص، گھر میں دوسروں سے فاصلہ برقرار رکھتے ہوئے الگ کمرے میں رہیں، گھر میں رہتے ہوئے کئی ہفتوں کی ادویات اور سامان تک رسائی کو مکمن بنایا جائے، بیمار کی کئیر کرنے والے افراد،غیر ضرروی مہمانوں سے اجتناب کریں، بیمار شخص اور اس کی کئیر کرنے والے ماسک کا استعمال کریں۔گائیڈ لائنز کے مطابق کورونا مثبت کیسز والے افراد 5 دن قرنطینہ کریں، ماسک پہنیں، کورونا مریض کو کھانا کمرے میں دیا جائے، بہتر ہے مریض سے رابطہ ہونے کی صورت میں پانچواں دن کورونا ٹیسٹ کروائیں، غیرویکسین شدہ ،چھ ماہ ویکسین مکمل ہوئے بغیر بوسٹر والے افراد کورونا مریض سے ملنے کی صورت میں 10 دن قرنطینہ کریں، بوسٹر شدہ شخص کو مریض سے رابطے میں پر قرنطینہ کی ضرورت نہیں تاہم 10 دن ماسک کا استعمال کریں۔
اسد عمر
دوسری طرف وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر لکھا کہ امریکا میں روزانہ کورونا سے 2 ہزار سے زائد اموات ہو رہی ہے، جب آپ اومی کرون سے متعلق سنیں کہ یہ معمولی ہے تو یہاں بتا دیں کہ یہ مہلک وباء پھر بھی آپ کو مار سکتی ہے۔
2 important news regarding omicron. 1) more than 2 thousand people dying of covid daily in the US. So when you hear omicron is mild, it can still kill you. 2) latest research shows booster dose gives significant protection. So if it s been 6 months since 2nd dose, get a booster.
— Asad Umar (@Asad_Umar) January 22, 2022
انہوں نے مزید کہا کہ نئی تحقیق بتاتی ہے کورونا کے نئے ویرینٹ اومی کرون سے بوسٹر ویکسین موثر بچاؤ ہے، ویکسی نیشن کے 6 ماہ مکمل ہو گئے ہیں تو بوسٹر ویکسین لگوائیں۔
صرف ویکسی نیٹڈ افراد کو مساجد اور عبادت گاہوں میں جانے کی اجازت
مساجد،عبادتگاہوں کے لیے ضروری کووڈ پروٹوکول کے نفاذ کا فیصلہ کرلیا گیا۔ مساجد اور عبادتگاہوں میں صرف مکمل ویکسین شدہ افراد کو نماز کی اجازت ہوگی۔
این سی او سی کا اہم اجلاس ہوا، جس میں ملک میں کورونا وائرس کی موجودہ صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، اجلاس میں نمازیوں کے لیے ماسک پہننا لازم جبکہ مساجد، عبادتگاہوں سے قالین وغیرہ ہٹانے کی ہدایت کی گئی۔ اجلاس میں میں فیصلہ کیا گیا کہ نمازیوں کے درمیان 6 فٹ سماجی فاصلہ برقرار رکھا جائے، بزرگ اور بیمار افراد ترجیحا گھر پر نماز پڑھیں، نمازی وضو گھر پر کر کے مساجد جائیں، نمازی ہاتھوں کو بار بار دھوئیں اور سینیٹائز کریں۔
مساجد،عبادتگاہوں کے لیے ضروری کووڈ پروٹوکول کے نفاذ کے فیصلے میں کہا گیا کہ کھلی جگہوں پر نماز پڑھنے کا اہتمام کیا جائے، وینٹی لیشن کے لیے دروازے اور کھڑکیاں کھلی رکھی جائیں، جمعہ کی نماز کا خطبہ مختصر رکھا جائے۔
کورونا کی نئی پابندیاں کا جعلی نوٹیفکیشن سوشل میڈیا پر وائرل ہونے لگا
کورونا وائرس سے متعلق پابندیوں کا نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر (این سی اوسی) کا جعلی نوٹیفکیشن سوشل میڈیا پر وائرل ہونے لگا۔
این سی او سی کی طرف سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری کردہ بیان کے مطابق سوشل میڈیا پر ایک اور جعلی نوٹیفکیشن وائرل ہو رہا ہے جس میں کورونا وائرس کے باعث نئی پابندیوں کا ذکر کیا گیا ہے۔
Yet another fake notification is circulating on Social Media regarding new restrictions due to COVID. No such notification is issued today. pic.twitter.com/bzDtgNCbKu
— NCOC (@OfficialNcoc) January 22, 2022
این سی او سی کے بیان کے مطابق ایسا کوئی نوٹیفکیشن ادارے کی طرف سے جاری نہیں کیا گیا ہے۔دوسری طرف این سی او سی نے ایک اور ٹویٹر پر جعلی نوٹیفکیشن شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ اس طرح کا کوئی نوٹیفکیشن ادارے کی طرف سے جاری نہیں کیا گیا۔ اور یہ اکاؤنٹ بھی جعلی ہے۔
This notification is also fake. No such notification issued. The account is also fake. pic.twitter.com/qiibAiYonu
— NCOC (@OfficialNcoc) January 22, 2022
واضح رہے کہ جعلی نوٹیفکیشن پر لکھا ہوا ہے کہ لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی، کراچی، حیدر آباد، سکھر، میر پور، گوجرانوالا، پشاور میں سکول 24 جنوری سے 31جنوری تک بند رہیں گے۔ یہ فیصلہ این سی او سی کی میٹنگ میں کیا گیا ہے۔
کورونا کی پانچویں لہر مزید 12 جانیں لے گئی
ملک میں کورونا کے پھیلاؤ نے پھر خطرے کی گھنٹی بجا دی، چوبیس گھنٹے کے دوران مثبت کیسز کی شرح گیارہ اعشاریہ ایک فیصد ریکارڈ کی گئی۔ کورونا وائرس سے 12 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 29 ہزار 77 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 13 لاکھ 60 ہزار 19 ہوگئی۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 6 ہزار 540 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 4 لاکھ 60 ہزار 335، سندھ میں 5 لاکھ 20 ہزار 215، خیبرپختونخوا میں ایک لاکھ 83 ہزار 865، بلوچستان میں 33 ہزار 855، گلگت بلتستان میں 10 ہزار 480، اسلام آباد میں ایک لاکھ 15 ہزار 939 جبکہ آزاد کشمیر میں 35 ہزار 130 کیسز رپورٹ ہوئے۔ملک بھر میں اب تک 2 کروڑ 44 لاکھ 74 ہزار 618 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 58 ہزار 902 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 12 لاکھ 67 ہزار 598 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ ایک ہزار 55 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 12 افراد جاں بحق ہوئے، جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 29 ہزار 77 ہوگئی۔ پنجاب میں 13 ہزار 100، سندھ میں 7 ہزار 730، خیبرپختونخوا میں 5 ہزار 969، اسلام آباد میں 975، بلوچستان میں 367، گلگت بلتستان میں 187 اور آزاد کشمیر میں 749 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔