Friday, 17 November 2023

لاہور:گاڑی کی ٹکر سے ایک ہی خاندان کے 6 افراد کی موت ، قتل کی دفعات کے تحت مقدمہ درج

 لاہور:گاڑی کی ٹکر سے ایک ہی خاندان کے 6 افراد کی موت ، قتل کی دفعات کے تحت مقدمہ درج

لاہور کے علاقے ڈی ایچ اے فیز 7 میں تیز رفتار کار کی ٹکر سے 6 افراد کی موت کے مقدمے میں قتل کی دفعہ 302 بھی شامل کر دی گئی، واقعے کی تفتیش بھی تبدیل کر کے ڈی ایس پی کاہنہ کو مارک کر دی گئی ہے۔پولیس ذرائع کے مطابق کم عمر ڈرائیور افنان شفقت کی گاڑی کی ٹکر سے ایک ہی گھرانے کے 6 افراد جاں بحق ہونے کے واقعے کے مقدمے میں دفعہ 302 بھی شامل کر دی گئی۔پولیس کا کہنا ہے کہ 302 کی تفتیش کے لیے ملزم افنان کی طلبی کرائی جائے گی۔ذرائع کے مطابق جاں بحق افراد کے ورثا نے ملزم پر انہیں ہراساں کرنے کا الزام لگایا تھا، ان ذرائع نے مزید بتایاکہ واقعے کی تفتیش بھی تبدیل کردی گئی ہے، واقعے کی تفتیش اب ڈی ایس پی کاہنہ کو مارک کر دی گئی ہے۔یاد رہے کہ کار کی ٹکر سے 2 بچوں سمیت 6 افراد کے جاں بحق ہونے کا واقعہ ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب پیش آیا تھا۔پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم افنان مقدمہ درج ہونے کے بعد جیل جا چکا ہے۔دوسری جانب6 افراد کی ہلاکت کے مقدمے کے ملزم افنان شفقت نے لاہور ہائی کورٹ سے رجوع کرلیا، درخواست میں نگران وزیراعلیٰ، سی سی پی او لاہور سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔کمسن ملزم افنان شفقت نے درخواست میں استدعا کی ہے کہ مجھے تحفظ فراہم کیا جائے، درخواست میں فریق بنائی گئی تمام شخصیات کو عدالت طلب کرے۔تحقیقات میں حیران کن انکشافات  لاہور کے علاقے ڈیفینس فیز 7 میں تیز رفتارگاڑی کی ٹکر سے ایک ہی خاندان کے 6 افراد کی موت کے کیس میں تحقیقات کے دوران نئے انکشافات سامنے آئے تھے۔ذرائع پنجاب حکومت کے مطابق کم عمر ڈرائیور افنان کی حادثے سے قبل جاں بحق افراد کے ساتھ جھڑپ ہوئی تھی، افنان وائی بلاک سے گاڑی میں بیٹھی خواتین کا کافی دیر تک پیچھا کرتا رہا، متاثرہ گاڑی کے ڈرائیور حسنین نے کئی بار گاڑی کی اسپیڈ تیز کی کہ افنان پیچھا چھوڑ دے لیکن ملزم افنان نے گاڑی کا پیچھا نہیں چھوڑا اور مسلسل خواتین کو ہراساں کرتا رہا۔ذرائع کا بتانا ہے کہ وائی بلاک نالے پر متاثرہ گاڑی کے ڈرائیور حسنین نے گاڑی روک کر افنان کو ڈانٹا، دوسری گاڑی سے حسنین کے والد نے بھی ملزم افنان کو سمجھایا کہ خواتین کو ہراساں مت کرو، اس دوران ملزم افنان دھمکیاں اور گالیاں دیتا رہا اور کہتا رہا میں دیکھتا ہوں تم لوگ ڈیفینس میں گاڑی اب کیسے چلاتے ہو۔ذرائع پنجاب حکومت کا کہنا ہے کہ حسنین اپنی بہن اور بیوی کو لے کر آگے نکلا تو ملزم نے دوبارہ پیچھا شروع کر دیا، مکڈونلڈ چوک پر گھوم کر ملزم افنان نے 160 کی اسپیڈ سے گاڑی خواتین والی گاڑی سے ٹکرا دی، حادثے کے بعد حسنین کی گاڑی 70 فٹ روڈ سے دور جا گری اور سوار تمام افراد جاں بحق ہو گئے، حادثے کے بعد 4 افراد ملزم کو چھڑانے پہنچے لیکن لوگوں کا غصہ دیکھ کر بھاگ گئے۔


چین کے شہر لولیانگ میں عمارت میں آگ لگنے سے 26 افراد ہلاک، متعدد زخمی


 چین کے شہر لولیانگ میں عمارت میں آگ لگنے سے 26 افراد ہلاک، متعدد زخمی

چین کے شہرلولیانگ میں ایک دفتر کی عمارت میں آگ لگنے کے نتیجے میں 26 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔خبر رساں ایجنسی کے مطابق کوئلے کی کمپنی کی ملکیت والی عمارت میں آگ چوتھی منزل پر لگی، فائر بریگیڈ حکام نے کچھ گھنٹے بعد آگ پر قابو پالیا۔ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ عمارت میں موجود 63 افراد کو باحفاظت باہر نکالا گیا، حادثے میں 26 افراد ہلاک ہوئے، ریسکیو کی کوششیں اب بھی جاری ہیں۔حکام کے مطابق عمارت میں لگنے والی آگ کی وجہ جاننے کیلئے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔دوسری جانب چینی صدر شی جن پنگ نے بھی واقعہ کی شفاف تحقیقات کا حکم دیا ہے۔

نئی سیاست اور نئی قیادت کی ضرورت ہے، پرانے سیاستدانوں کو گھر بٹھانا پڑےگا: بلاول


 نئی سیاست اور نئی قیادت کی ضرورت ہے، پرانے سیاستدانوں کو گھر بٹھانا پڑےگا: بلاول

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہےکہ دوسری جماعتیں پرانی سیاست میں لگی ہوئی ہیں، ایک نظریہ اور منشور  ہونا چاہیے جو پیپلزپارٹی کے پاس ہے، ہمیں پرانی سیاست اور  پرانے سیاست دانوں کو گھر  بٹھانا پڑےگا۔ایبٹ آباد میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ مسائل سے نکلنے کے لیے نئی سیاست اور نئی قیادت کی ضرورت ہے، ایسی قیادت  جو  ماضی میں  پھنسی نہ  ہو، مستقبل کے بارے میں سوچے، جو  آپس کی سیاست ، تفریق میں نہ پھنسے، کسی کو دوسری بار  یا چوتھی بار  وزیراعظم بنانےکے بجائے جس کو موقع نہیں ملا اسے موقع دیں، آپ موقع دیتے ہیں تو وعدہ ہے کبھی آپ کو مایوس نہیں کروں گا۔بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ موقع ملا  تو اگلے پانچ سال میں تنخواہوں کو دو گنا کریں گے، تب ہی عوام کو مہنگائی کے سونامی  سے بچایا جاسکتا ہے ، ہم چاہتے ہیں کہ پاکستان  ترقی کرے،  بزنس اور  بزنس مین ترقی کرے، ہم نے یہ سب ماضی میں کرکے دکھایا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ جب بھی پیپلز پارٹی کو موقع ملا، پیپلز پارٹی نے عوام کی خدمت کی ہے، سب سے  زیادہ  روزگار عوام کو  پیپلز پارٹی کے دور میں ملا ہے، پیپلز پارٹی اشرافیہ کی نہیں عوام کی نمائندگی کرتی ہے،  پیپلز پارٹی کی حکومت غریبوں کی حکومت ہے، عوامی راج کی سوچ ہے، پیپلز پارٹی نے ہر دور میں غربت کا مقابلہ کیا ہے،  بپیپلزپارٹی کا کوئی سیاسی مخالف نہیں، مخالف غربت، بے روزگاری، مہنگائی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہماری کابینہ کا پہلا ایجنڈا یہی ہوگا کہ غربت، بیروزگاری اور مہنگائی کو کیسے ختم کرنا ہے،  پیپلز پارٹی کے پاس پلان ہےکہ عوام کو کیسے ریلیف دلاسکتے ہیں، ہمیں بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں اضافہ کرنا پڑےگا، ہم ایسے منصوبے لائیں گے جس سے ہر طبقےکو فائدہ ہو، کسانوں کے ریلیف کے لیے کسان کارڈ لائیں گے،  آپس کی دشمنیاں ایسے ہی چلنی ہیں تو عوام کے مسائل حل نہیں ہوں گے، جب تک آپ کے ووٹ کو عزت نہیں دی جاتی، پاکستان ترقی نہیں کرسکتا۔

سلامتی کونسل کا جنگ میں وقفے کا مطالبہ اسرائیل نے مسترد کردیا۔


 سلامتی کونسل کا جنگ میں وقفے کا مطالبہ اسرائیل نے مسترد کردیا۔


یورپی ملک مالٹا کی جانب سے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں غزہ میں کئی روز کے دوران انسانی ہمدردی کی بنیاد پر وقفوں اور راہداریوں کا مطالبہ کرتے ہوئے قرار داد پیش کی گئی۔قرار داد میں اسرائیلی حملوں کے 40 روز بعد اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے غزہ میں انسانی بنیاد پرجنگ میں وقفے کا مطالبہ کیا ہے جس کے حق میں 12 ووٹ آئے جب کہ امریکا ،برطانیہ اور روس نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا۔ مالٹا کی پیش کردہ قرار داد میں محصور علاقے میں عام شہریوں تک امداد پہنچانے کیلئے امدادی راہداریوں کو کھولنے کا بھی مطالبہ کیا گیا ہے۔اس کے علاوہ حماس کی قید میں موجود یرغمالیوں کی فوری رہائی کا مطالبہ بھی کیا گیا۔

بلاول چھوٹے بھائی کی طرح ہیں، الزام تراشی کے بجائے پختہ سیاست کی طرف بڑھنا چاہیے: شہباز شریف


 بلاول چھوٹے بھائی کی طرح ہیں، الزام تراشی کے بجائے پختہ سیاست کی طرف بڑھنا چاہیے: شہباز شریف

کوئٹہ: مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے کہا ہےکہ بلاول بھٹو چھوٹے بھائی کی طرح ہیں ہم  نے 16 ماہ ساتھ کام کیا ہے، ہمیں پختہ سیاست کی طرف بڑھنا چاہیے کیونکہ رونے دھونے اور الزام تراشی سے کچھ نہیں ہوگا۔کوئٹہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ ہمیں مل کر صوبے کو خوشحال بنانا ہے اور ہمیں مل کر معاشی، معاشرتی مسائل حل کرنا ہیں، نوازشریف کی بلوچستان کی ترقی کیلئے عملی کاوشیں قوم کے سامنے ہیں،  نوازشریف کے دور میں سڑکوں کا جال بچھایا گیا جب کہ پچھلی حکومت کے چار سال میں تباہی و بربادی ہوئی۔انہوں نے کہا کہ لشکری رئیسانی کو مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کی دعوت دینے آیا ہوں، ان کی شمولیت سے پارٹی کو تقویت ملے گی، سیاسی اکابرین نے مسلم لیگ (ن) میں شمولیت اختیار کی ہے، بلوچستان کی سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں نے ملاقات کی ہے، میں بہت مطمئن ہوں۔شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سردار ایاز صادق اور شیخ جعفرمندوخیل لشکری رئیسانی کے ساتھ بیٹھ کر معاملات حل کریں گے، بلوچ،پشتون، سیٹلرز اور ہزارہ افراد کی صوبے میں بڑی خدمات ہیں، نوازشریف کی دہائیوں سے پختہ سوچ ہے کہ بلوچستان کے مسائل حل کرنا چاہئیں۔انہوں نے مزید کہا کہ جس کو عوام وزیراعظم منتخب کریں گے قوم اسے قبول کرے گی، بلاول بھٹو چھوٹے بھائی کی طرح ہیں، 16 ماہ ساتھ کام کیا ہے،  مخلوط حکومت کے مشاورت سے فیصلے ہوتے تھے، منفی بات یہ تھی کہ فیصلوں میں تاخیر ہوتی تھی، ہمیں پختہ سیاست کی طرف بڑھنا چاہیے، رونے دھونے اور الزام تراشی سے کچھ نہیں ہوگا، مناسب بات یہ ہے کہ ہم سب اپنے گریبانوں میں جھانکیں، سب تجزیہ کریں کہ کہاں غلطیاں ہوئیں۔لیگی صدر کاکہنا تھا کہ ہم نے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا، ہماری سیاست کو نقصان پہنچا، ریاست بچ گئی اور  سیاست بھی بچ جائے گی۔

پاکستانی حکام انتہائی مشکل حالات میں پروگرام پر عمل کررہے ہیں: ایم ڈی آئی ایم ایف

 پاکستانی حکام انتہائی مشکل حالات میں پروگرام پر عمل کررہے ہیں: ایم ڈی آئی ایم ایف



عالمی مالیاتی ادارے ( آئی ایم ایف) کی ایم ڈی کرسٹالینا جارجیوا  نے کہا ہے کہ  پاکستان کےساتھ ڈیل کے بہت قریب ہیں۔امریکی جریدے  بلوم برگ کو دیے گئے انٹرویو میں کرسٹالینا جارجیوا نے کہا کہ پاکستانی حکام انتہائی مشکل حالات میں پروگرام پر عمل کررہے ہیں تاہم پاکستان کے ساتھ ڈیل کے بہت قریب ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کا اہم مسئلہ ٹیکس کا ہے، ملک میں  جی ڈی پی کا صرف 12 فیصد ٹیکس اکٹھا کیا جاتا ہے جسے ہم نے  15 فیصد تک بڑھانے  کی تجویز پیش کی ہے۔

سلام آباد ہائیکورٹ کا سائفر کیس کا ٹرائل 4 ہفتوں میں مکمل کرنے کا حکم


 سلام آباد ہائیکورٹ کا سائفر کیس کا ٹرائل 4 ہفتوں میں مکمل کرنے کا حکم


اسلام آباد ہائیکورٹ نے سائفر کیس میں پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین و سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی درخواست ضمانت مسترد کرنے کا تحریری فیصلہ جاری کردیا۔اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے تحریری فیصلہ جاری کیا اور سائفرکیس میں فرد جرم کی کارروائی کےخلاف شاہ محمود قریشی کی درخواست بھی مسترد کی۔ہائیکورٹ نے سائفر کیس کا ٹرائل چار ہفتوں میں مکمل کرنے کا حکم دیا اور کہا کہ جیل سپرنٹنڈنٹ یقینی بنائیں ملزمان کی عزت اور وقار پرکوئی حرف نہ آئے۔فیصلے میں کہا گیا ہے کہ جیل ٹرائل کا مطلب ان کیمرہ سماعت نہیں بلکہ اوپن ٹرائل ہی ہے، جیل حکام اور حکومت سکیورٹی مدنظر رکھتے ہوئے زیادہ سے زیادہ افراد کو عدالتی کارروائی دیکھنے کو یقینی بنائیں۔عدالت نے حکم دیا کہ سائفر کیس میں ہر حوالے سے اوپن اور شفاف ٹرائل کویقینی بنایا جائے۔


فیصلے میں کہا گیا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی بڑی سیاسی جماعت کے سربراہ ہیں، ان کی سکیورٹی کی وجہ سے جیل ٹرائل ہو رہا ہے، ان کی فیملی اس سے قبل سکیورٹی خدشات کا اظہار کر چکی، ہر سماعت پر جیل سے عدالت لانا چیئرمین پی ٹی آئی کیلئے سکیورٹی خدشات پیدا کرسکتا ہے۔تحریری فیصلے کے متن کے مطابق کوئی پروسیڈنگ صرف اس بنیاد پر کالعدم نہیں ہوسکتی کہ غلط جگہ پر ہوئی، جب تک انصاف کی فراہمی میں ناکامی ظاہر نہ ہو وہ پروسیڈنگ کالعدم نہیں ہوسکتی، آئین کے آرٹیکل 248 کے تحت استثنیٰ کا اس کیس میں اطلاق نہیں ہوتا، آفیشل فرائض ادائیگی کے دوران لگائے کریمنل الزامات پرآرٹیکل 248 کااطلاق ہوتاہے، پراسیکیوشن کےمطابق بنی گالہ اجلاس میں سائفرسیاسی مقاصد کیلئے استعمال کرنے کی سازش تیار ہوئی۔خیال رہے کہ شاہ محمود قریشی نے سائفر کیس میں  بعد از گرفتاری ضمانت اور فرد جرم عائد کرنےکی کارروائی کو بھی چیلنج کیا تھا۔واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور شاہ محمود قریشی سائفر کیس میں ان دنوں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل میں قید ہیں جبکہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے 2 رکنی بینچ نے جیل ٹرائل روک دیا ہے۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم تینوں فارمیٹ کی کپتانی سے دستبردار ہوگئے۔


 پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان  بابر اعظم تینوں فارمیٹ کی کپتانی سے دستبردار ہوگئے۔


بابر اعظم نے پی سی بی کی جانب سے صرف ٹیسٹ ٹیم کی کپتانی کی پیشکش قبول کرنے سے انکار کر دیا۔بابر اعظم نے سوشل میڈیا پر بیان جاری کرتے ہوئے تمام فارمیٹ کی کپتانی سے دستبردار ہونے کا اعلان کیا۔انہوں  نے کہا کہ وائٹ بال کرکٹ میں نمبر ون بننا تمام کھلاڑیوں کی محنت کا نتیجہ تھا، قیادت سے دستبرداری مشکل فیصلہ تھا،کپتانی چھوڑنے کا یہ درست وقت  ہے۔بابر اعظم نے کہا کہ تینوں فارمیٹ میں بطور کھلاڑی پرفارمنس جاری رکھوں گا، نئےکپتان کو اپنے تجربے کی بنیاد پر سپورٹ کروں گا، اس ذمہ داری کیلئے اعتماد پر پاکستان کرکٹ بورڈ کا شکریہ۔واضح رہے کہ آج پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکاء اشرف نے بابر اعظم سے لاہور میں ملاقات کی۔ذرائع کے مطابق ملاقات میں بابر اعظم کو وائٹ بال کرکٹ کے لیے نیا کپتان لانے کا بتایا گیا ، البتہ  پی سی بی کی جانب سے انہیں صرف ٹیسٹ ٹیم کا کپتان برقرار رکھنے کی پیشکش کی گئی تھی۔ذرائع کا کہنا تھا کہ پی سی بی کی پیشکش ٹھکراتے ہوئے بابر اعظم نے تینوں فارمیٹ کی کپتانی سے انکار کر دیا تھا۔ذرائع کے مطابق بابر اعظم تینوں فارمیٹ کی کپتانی سے انکار کے بعد میٹنگ سے چلے گئے تھے۔تاہم بعد ازاں انہوں نے سوشل میڈیا پر بیان جاری کرتے ہوئے تینوں فارمیٹ کی کپتانی سے دستبرداری کا اعلان کیا۔

سٹیٹ لائف انشورنس کارپوریشن آف پاکستان ایک ایسا ادارہ جس نے پاکستان کی مالی سرحدوں کو مضبوط کیا ۔اقراءطارق

 ا


سٹیٹ لائف انشورنس کارپوریشن آف پاکستان 

ایک ایسا ادارہ جس نے پاکستان کی مالی سرحدوں کو مضبوط کیا ۔اقراءطارق

 پاکستان کے تمام چھوٹے بڑے اضلاع میں اپنی لائف انشورنس ، ہیلتھ جنرل اور گروپ انشورنس سروسز فرام کی ۔پاکستان کے پڑھے لکھے طبقے کو بہترین کریئر آفر کیا اور دو لاکھ ورکرز کا اعزاز حاصل کیا۔ہمیں فخر ہے کہ ایسا ادارہ پاکستان میں اپنی بہترین سروسز مہیا کر رہا ہے ۔ میں اقراء طارق سیلز  نمائندہ کے طور پر اسٹیٹ لائف میں اپنی سروسز فراہم کر رہی ہوں ۔ ہمارے پاس ہیں ہر طرح کے انویسٹمنٹ ،سیونگ اور پروٹیکشن پلان خصوصی طور پر گولڈن انڈومینٹ پلان جو کہ صرف سات سالہ ادائیگی کے ساتھ جاری کیا جاتا ہے۔ اور وہ تمام کاروباری حضرات جو کہ کاروبار کی وسعت کے لیے پالیسی کرنا چاچاہتے ہیں فوری رابطہ کریں ۔اپ بھی اج ہی اپنے لیے اور اپنے خاندان کے لیے مالی مستقبل کا فیصلہ کر سکتے ہیں ۔آج ہی بہتر مالی مستقبل کا فیصلہ کریں اور رابطہ کریں  Office C3 3rd floor 

عالم سنٹر شادماں مارکیٹ لاہور lahore

190ملین پاؤنڈ اسکینڈل کیس: نیب ٹیم عمران خان سے تفتیش کیلئے اڈیالا جیل پہنچ گئی

190ملین پاؤنڈ اسکینڈل کیس: نیب ٹیم عمران خان سے تفتیش کیلئے اڈیالا جیل پہنچ گئی

قومی احتساب بیورو(نیب) کی ٹیم 190ملین پاؤنڈ اسکینڈل کیس میں  پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سے تفتیش کے لیے اڈیالا جیل پہنچ گئی۔جیل ذرائع کے مطابق نیب ٹیم میں میاں عمرندیم، عاصم منیر، پراسیکیوٹرز روح الامین اورہارون بلوچ شامل ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ نیب ٹیم چیئرمین پی ٹی آئی سے اڈیالا جیل میں تفتیش کرے گی اور تفتیش کے بعد فریقین کو دوبارہ سنا جائے گا۔خیال رہے کہ گزشتہ دنوں نیب نے چیئرمین پی ٹی آئی کو 190 ملین پاؤنڈ کیس میں گرفتار کیا تھا۔گزشتہ روز اسلام آباد کی احتساب عدالت نے سابق وزیراعظم عمران خان کی 190 ملین پاؤنڈ اسکینڈل کیس میں قومی احتساب بیورو (نیب) کی جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کی تھی۔

 

عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں کم ہونے کی وجہ سے پاکستان میں بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا امکان ہے۔

 عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں کم ہونے کی وجہ سے پاکستان میں بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا امکان ہے۔


ذرائع کے مطابق پاکستان میں پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں 15 نومبر سے 8 سے 10 روپے فی لیٹر تک کی کمی کا امکان ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ مٹی کے تیل کی قیمت میں ساڑھے 4 روپے فی لیٹر کمی کا امکان ہے جب کہ لائٹ ڈیزل کی قیمتوں میں بھی 16 روپے 50 پیسے فی لیٹر تک کمی ہو سکتی ہے۔اوگرا پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق سمری 15 نومبر کو وزرات پیٹرولیم کو بھجوائے گی جس پر نگران وزیراعظم کی مشاورت کے بعد حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔