Saturday, 16 December 2023

الیکشن کمیشن کا اپیلٹ ٹربیونلز لگانے کیلئے عدلیہ سے رجوع کرنے کا فیصلہ


 الیکشن کمیشن کا اپیلٹ ٹربیونلز لگانے کیلئے عدلیہ سے رجوع کرنے کا فیصلہ


(ویب ڈیسک) الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کے لئے اپیلٹ ٹربیونلز لگانے کے لئے عدلیہ سے رجوع کرنے کا فیصلہ کر لیا۔الیکشن کمیشن نے چاروں صوبائی الیکشن کمشنرز کو ہنگامی مراسلے جاری کرتے ہوئے ہدایت کی کہ ملک بھر کی پانچوں ہائیکورٹس کے چیف جسٹس صاحبان سے رابطہ کیا جائے، چیف جسٹس ہائیکورٹس سے اپیلٹ ٹربیونلز کے لئے تجاویز لی جائیں۔الیکشن کمیشن نے کہا کہ ملک بھر میں عام انتخابات کے لئے اپیلٹ ٹربیونلز ہائیکورٹس کے ججز پر مشتمل ہوں گے، اپیلٹ ٹربیونلز میں ریٹرننگ افسروں کے فیصلوں کو چیلنج کیا جا سکے گا۔الیکشن کمیشن نے صوبائی الیکشن کمشنرز کو ہنگامی بنیادوں پر ہائیکورٹس سے رجوع کرنے کی ہدایت کر دی۔

لاہور ٹریفک پولیس کا خواتین کیلئے رائیڈ فار چینج پروگرام دوبارہ شروع کرنے کا فیصلہ


 لاہور ٹریفک پولیس کا خواتین کیلئے رائیڈ فار چینج پروگرام دوبارہ شروع کرنے کا فیصلہ


 لاہور ٹریفک پولیس نے خواتین کیلئے رائیڈ فار چینج پروگرام دوبارہ شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا۔رائیڈ فار چینج کے تحت مختلف یونیورسٹیز، کالجز میں سکوٹی ٹریننگ کا آغاز کیا جائے گا۔ سی ٹی او لاہور عمارہ اطہر نے وویمن آن وہیل سکول کا دورہ کیا۔ سی ٹی او لاہور نے موٹرسائیکل ٹریننگ کے لئے آئی خواتین سے ملاقات کی۔انہوں نے کہا وویمن آن ویل پراجیکٹ،رائیڈ فار چینج پروگرام کے تحت خواتین کو موٹر سائیکل چلانے کی فری تربیت دی جا رہی ہے، وویمن آن ویلز سکول ایل او ایس میں خواتین کی ٹریننگ کا 77 واں بیج زیر تربیت ہے،اب تک 07 ہزار سے زائد خواتین کو ٹرینڈ کیا جا چکا ہے۔سی ٹی او لاہور نے کہا خواتین بااختیار ہونگی تو معاشرے میں واضح تبدیلی آئیگی ،  وویمن آن ویلز پراجیکٹ اور رائیڈ فار چینج پروگرام کا مقصد خواتین کو زیادہ پراعتماد اور خود مختار بنانا ہے، معاشرتی اور سماجی ترقی کیلئے مردوں کے ساتھ ساتھ خواتین کا کردار بہت اہمیت کا حامل ہے۔

اے پی ایس کے شہداء قوم کے ہیرو، لواحقین کو سلام پیش کرتے ہیں: محسن نقوی


 اے پی ایس کے شہداء قوم کے ہیرو، لواحقین کو سلام پیش کرتے ہیں: محسن نقوی


 وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے آرمی پبلک سکول پشاور کے شہداء کی برسی پر پیغام میں کہا کہ 16 دسمبر کا دن آرمی پبلک سکول کے شہداء کی عظیم قربانیوں کی یاد ہمیشہ تازہ کرتا رہے گا۔محسن نقوی نے کہا کہ قوم آرمی پبلک سکول کے بچوں اور اساتذہ کی لازوال قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کر سکتی، بچوں نے اپنے قیمتی لہو سے محفوظ پاکستان کی تاریخ لکھی، پرامن پاکستان کی بنیادوں میں بچوں کا خون شامل ہے، ننھے پھولوں نے عظیم مقصد کیلئے اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔نگران وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ شہدائے اے پی ایس نے پاکستانی قوم کو دہشت گردی کے خلاف متحد کیا، شہداء کی عظیم قربانیوں کے طفیل دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پوری قوم کا مثالی اتحاد اور اتفاق سامنے آیا، شہید بچوں کی عظیم قربانیوں نے قوم کو نیا حوصلہ اور عزم دیا، سفاک دشمن کو شکست ہوئی اور پاکستان امن کا گہوارہ بنا۔محسن نقوی نے کہا کہ شہید بچے اور اساتذہ پوری قوم کے ہیرو ہیں اور ان کے خاندانوں کو سلام پیش کرتے ہیں، ہم شہدائے اے پی ایس کے خاندانوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں، قائد اعظم محمد علی جناحؒ کے پاکستان میں دہشت گردی اور انتہا پسندی کی قعطاً گنجائش نہیں۔

رواں سال ابتک 80 ہزار 665 شہریوں نے کریکٹر سرٹیفکیٹ کیلئے خدمت مراکز سے استفادہ کیا


 رواں سال ابتک 80 ہزار 665 شہریوں نے کریکٹر سرٹیفکیٹ کیلئے خدمت مراکز سے استفادہ کیا


پولیس خدمت مراکز شہریوں کو خدمات کی فراہمی میں کوشاں ہیں۔ڈی آئی جی آپریشنز سید علی ناصر رضوی کا کہنا ہے لاہور پولیس شہریوں کو آن لائن خدمات کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے ہرممکن اقدام کر رہی ہے، رواں سال ابتک 80 ہزار 665 شہریوں نے کریکٹر سرٹیفکیٹ کیلئے خدمت مراکز سے استفادہ کیا، جنرل ویری فکیشن کے لئے 73 ہزار 419 شہریوں نے مختلف پولیس خدمت مراکز سے رجوع کیا۔ دیگر اضلاع سے موصول 9308 کریکٹر سرٹیفکیٹ اور 2249 ویری فکیشن سرٹیفکیٹ بھی جاری کئے گئے۔انہوں نے کہا گلوبل پورٹل، ایف آئی اے اور مختلف ایمبیسیز سے موصول ہونے والی 8155 درخواستوں پر بھی سرٹیفکیٹ جاری کئے گئے، 12505 شہریوں نے باعزت طریقہ سے گمشدگی رپورٹ کا اندراج کروایا، 8933 شہریوں نے ایف آئی آرز کی نقول بھی حاصل کیں۔سید علی ناصر رضوی نے مزید کہا خدمت مراکز میں 270 افراد نے کرائم رپورٹس کا بھی اندراج کروایا، شہریوں نے کرایہ داری اندراج، کرائم رپورٹس و دیگر سہولیات سے بھی استفادہ کیا، پولیس موبائل خدمت مرکز بھی شہر کے مختلف مقامات پر شہریوں کو خدمات فراہم کر رہا ہے، خدمت مراکز میں ویری فکیشن سرٹیفکیٹس، گمشدگی رپورٹس، تجدید ڈرائیونگ لائسنس سمیت دیگر سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔

میٹرو بس، اورنج ٹرین پر طلبا کیلئے مفت سفری سہولت ختم


 میٹرو بس، اورنج ٹرین پر طلبا کیلئے مفت سفری سہولت ختم

حکومت پنجاب نے موسم سرما کی چھٹیوں کے باعث میٹرو بس اور اورنج لائن ٹرین پر طلبا و طالبات کیلئے مفت سفری سہولت ختم کردی۔سیکرٹری ٹرانسپورٹ پنجاب احمد جاوید قاضی نے بتایا ہے کہ موسم سرما کی چھٹیوں کا آغاز ہو گیا ہے جس کے سبب میٹروبس اور اورنج لائن ٹرین پر طلبا و طالبات کیلئے مفت سفری سہولت تاحکم ثانی ختم کردی گئی ہے جس کا  اطلاق آج سے ہوگا۔احمد جاوید قاضی کا کہنا تھا کہ میٹروبس اور اورنج لائن ٹرین پر طلبا وطالبات کیلئے مفت سفر کی سہولت ختم کرنے کا فیصلہ 18 دسمبر سے یکم جنوری تک ہونے والی چھٹیوں کے پیش نظر کیا گیا ہے۔انہوں نے اس حوالے سے مزید کہا ہے کہ موسم سرما کی چھٹیوں کے اختتام پر مفت سفری  سہولت سے متعلق حتمی  فیصلہ صوبائی کابینہ کرے گی۔

وزیراعلیٰ پنجاب کے چلڈرن و جنرل ہسپتال کے دورے،اپ گریڈیشن کے کاموں کا جائزہ

 وزیراعلیٰ پنجاب کے چلڈرن و جنرل ہسپتال کے دورے،اپ گریڈیشن کے کاموں کا جائزہ



 نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے چلڈرن ہسپتال اور جنرل ہسپتال کا دورہ کیا اور اپ گریڈیشن کے کاموں کا جائزہ لیا۔وزیراعلیٰ محسن نقوی رات گئے چلڈرن ہسپتال،جنرل ہسپتال،خدمت مرکز اوربند روڈ کے دورے پر پہنچے، محسن نقوی نے لگاتارساڑھے چار گھنٹے زیر تکمیل پراجیکٹس اورسروسز کا جائزہ لیا۔ انہوں  نے چلڈرن ہسپتال میں ریڈیالوجی،میڈیکل ایمرجنسی،میڈیکل فور،اوپی ڈی کا دورہ کیا، محسن نقوی نے کینسر،ڈینٹل وارڈ اور آپریشن تھیٹر بھی دیکھے، وزیراعلیٰ نے  ہسپتال میں بائیو گیس پائپ کی انڈرگراؤنڈ فٹنگ کی ہدایت کی اور اے سی پلانٹ کی انسولیشن بھی دوبارہ کرنے کا حکم دیا، انہوں نے فرشی ٹائلز کا معیار چیک کیااور دوران تعمیر ڈھاپنے کی ہدایت بھی کی۔محسن نقوی نے چلڈرن ہسپتال کی میڈیکل ایمرجنسی کا بھی دورہ کیا اور مریض بچوں کا حال احوال دریافت کیا، وزیراعلیٰ نے گردوں کی خرابی کی وجہ سے داخل ننھے ابوبکر سے شفقت کا اظہار  کیا اور والدہ کو دلاسہ دیا۔بعدازاں  وزیراعلیٰ محسن نقوی جنرل ہسپتال پہنچے جہاں انہوں نے زیر تکمیل ایمرجنسی وارڈکا معائنہ کیا اور جنرل ہسپتال کی اپ گریڈیشن کے کاموں کے معیار کا بھی جائزہ لیا۔ہسپتالوں کے دورے کے بعد وزیراعلیٰ فوراً لبرٹی خدمت مرکز پہنچ گئے اور موجود شہریوں سے صورتحال دریافت کی، محسن نقوی کے دریافت کرنے پرمتعدد شہریوں نے عرصہ دراز سے بلا لائسنس گاڑی چلانے کا اعتراف کیا،  وزیراعلیٰ پنجاب نے لائسنس اورلرنر بنوانے والے شہریوں کی حوصلہ افزائی کی۔وزیراعلیٰ محسن نقوی لبرٹی خدمت مرکز سے بند روڈ کنٹرولڈ ایکسس پراجیکٹ کا جائزہ لینے پہنچ گئے جہاں سائٹ آفس پر ڈی جی ایل ڈی اے نے منصوبے بارے بریفنگ دی، محسن نقوی نے بند روڈ کنٹرولڈ ایکسس پراجیکٹ کے پورے روٹ کا معائنہ کیااور سگیاں پر داخلی و خارجی ریمپ بنانے کا حکم دیتے ہوئے فوری طورپر پلان طلب کرلیا۔ صوبائی وزراء ڈاکٹر جاوید اکرم،عامر میر،اظفر علی ناصر،صوبائی سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو، سیکرٹری ہیلتھ،کمشنر،ڈپٹی کمشنر اوردیگر حکام بھی موجود تھے۔

ڈپٹی کمشنرز کو ایک بار پھر دفعہ 144 کے نفاذ کا اختیار مل گیا


 ڈپٹی کمشنرز کو ایک بار پھر دفعہ 144 کے نفاذ کا اختیار مل گیا


 نگران حکومت پنجاب نے عام انتخابات سے قبل بڑا فیصلہ کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنرز کو ایک بار پھر دفعہ 144 کے نفاذ کا اختیار دے دیا ہے۔ڈپٹی کمشنرز اضلاع میں قیام امن یقینی بنانے کیلئے دفعہ 144 نافذ کر سکیں گے، ڈپٹی کمشنرز کے پاس دو ماہ کیلئے دفعہ 144 نافذ کرنے کا اختیار ہو گا، ڈپٹی کمشنرز کو دفعہ 144 کے نفاذ کا اختیار دینے کیلئے آرڈیننس بھی جاری کر دیا گیا ہے۔اس سے قبل ڈپٹی کمشنرز کو دفعہ 144 کے نفاذ کا اختیار دینے کا آرڈیننس مدت پوری ہونے کی وجہ سے منسوخ ہو گیا تھا، آرڈیننس سے قبل دفعہ 144 کے نفاذ کا اختیار پنجاب کابینہ کے پاس تھا۔

صوبے بھر میں 34 نئے مریضوں میں ڈینگی کی تصدیق


 صوبے بھر میں 34 نئے مریضوں میں ڈینگی کی تصدیق


24 گھنٹے کے دوران صوبے بھر میں 34 نئے مریضوں میں ڈینگی کی تصدیق ہوئی۔سیکرٹری صحت علی جان خان کے مطابق لاہور میں 21 ،گوجرانوالہ ، ملتان میں 4 ،4، فیصل آباد میں ،شیخو پورہ، نارووال اور سرگودھا میں ڈینگی کا ایک ،ایک نیا مریض سامنے آیا۔ پنجاب بھر کے ہسپتالوں میں اس وقت ڈینگی کے کل 42 مریض جبکہ لاہور  کے ہسپتالوں میں اس وقت ڈینگی کے کل 30 مریض زیر علاج ہیں ۔رواں سال لاہور میں ڈینگی کے 6938 ، پنجاب بھر میں 15 ہزار 29 کنفرم مریض رپورٹ ہوئے۔سیکرٹری صحت علی جان کا کہنا ہے کہ ڈینگی سے بچنے کے لئے شہری اپنے ماحول کو صاف رکھیں، ڈینگی بخار کے علاج ، معلومات یا شکایات کے لئے محکمہ صحت کی فری ہیلپ لائن پر رابطہ کریں۔

مہنگائی کی شرح میں مسلسل اضافہ، سبزی فروش دام پاؤ میں بتانے لگے


 مہنگائی کی شرح میں مسلسل اضافہ، سبزی فروش دام پاؤ میں بتانے لگے


 مہنگائی کی شرح میں مسلسل اضافہ ہو گیا۔ سبزی فروش سبزیوں کے دام پاؤ کے حساب سے بتانے لگے۔مہنگائی نے سبزیوں اور پھلوں کی قیمتیں لوگوں کی قوت خرید سے باہر کر دیں۔ مارکیٹ کمیٹی کی لسٹ میں پیاز 150 روپے، مارکیٹ میں 200 روپے کلو تک فروخت ہونے لگا۔ ٹماٹر بھی 105 روپے کے بجائے 160 روپے فی کلو تک بک رہا ہے۔لہسن اور ادرک نے تو حد ہی پار کر دی۔ لہسن چائنہ 590   روپے  کے بجائے 850  روپے فی کلو تک دستیاب ہے۔ ادرک تھائی لینڈ 390 روپے  کے بجائے 750 روپے کلو تک فروخت ہو رہا ہے۔مارکیٹ میں مچھلی کی فروخت کی وجہ سے برائلر کی کھپت میں کمی آ گئی۔ برائلر گوشت 7 روپے سستا ، نئی قیمت 463 روپے فی کلو مقرر ہو گئی۔ دوسری جانب انڈوں کی قیمت میں 2 روپے فی درجن کا اضافہ ہوا۔ انڈے 346 روپے سے بڑھا کر 348 روپے درجن مقرر ہو گئے۔خریدار کہتے ہیں حکومت ریلیف دے تاکہ لوگ آسانی سے خریداری کر سکیں۔اب تو ریٹ کلو یا دھڑیوں میں نہیں پاؤ میں آویزاں کئے جاتے ہیں۔

حریم فاروق کی سی گرین میکسی میں دلکش اداؤں پر مداح دل ہار بیٹھے


 حریم فاروق کی سی گرین میکسی میں دلکش اداؤں پر مداح دل ہار بیٹھے

 پاکستانی شوبز انڈسٹری کی خوبرو اداکارہ اور فلم پروڈیوسر حریم فاروق کی سی گرین شیفون میکسی میں دلکش اداؤں پر مداح اپنا دل ہار بیٹھے۔حال ہی میں اداکارہ حریم فاروق نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر چند تصاویر شیئر کیں جن میں وہ خوشگوار موڈ میں نظر آرہی ہیں۔ذکورہ تصاویر میں گرین پرنٹڈ شیفون میکسی میں ملبوس اداکارہ حریم بیڈ پر بیٹھی کیمرے کے سامنے پوز دیتی نظر آرہی ہیں جبکہ عقب میں بیڈ پر انکا بیگ اور کچھ سامان بھی موجود ہے۔ان تصاویر میں حریم نے لباس کومکمل کرتے ہوئے جن نازک زیورات کا استعمال کیا ہے وہ بھی سب کی توجہ کامرکز بنے ہوئے تھے، حریم نے نہ صرف غضب ڈھاتے اپنےحسن کا مظاہرہ کیا بلکہ ساتھ ہی ان کی قاتلانہ مسکراہٹ پر مداح ایک بار بھر انکے سحر میں مبتلا ہوگئے۔حریم فاروق کی جانب سے جاری کردہ ان تصاویر پر مداحوں اور ان کے چاہنے والوں کی جانب سے بے حد محبت اور پسندیدگی کا اظہار کیا جارہا ہے۔

سجل اور صبا قمر پسندیدہ اداکارائیں، ایمان علی میرا کرش ہیں: سید جبران


 سجل اور صبا قمر پسندیدہ اداکارائیں، ایمان علی میرا کرش ہیں: سید جبران

معروف پاکستانی اداکار سید جبران نے کہا ہے کہ سجل علی اور صبا قمر میری پسندیدہ اداکارائیں جبکہ ایمان علی میرا کرش تھیں اور اب بھی ہیں۔حال ہی میں اداکار سید جبران نے دنیا نیوز کے مقبول ترین شو" مذاق رات" میں شرکت کی جہاں انہوں نے مختلف موضوعات پر کھل کر اظہار خیال کیا۔ایک سوال کے جواب میں سید جبران کا کہنا تھا کہ  انہیں محبت میں کبھی دھوکا نہیں ملا، البتہ ان کے ساتھ کیے گئے کچھ وعدوں کو لوگوں نے پورا نہیں کیا، انہیں سب سے زیادہ سجل علی اور صبا قمر پسند ہیں جب کہ ایمان علی ان کرش تھیں اور اب بھی ہیں۔اہلیہ سے محبت اور شادی سے متعلق پوچھے گئے سوال پر سید جبران نے بتایا کہ میری اور اہلیہ کی پہلی ملاقات لندن کی ہیتھرو ایئرپورٹ پر ہوئی تھی، میں نے اہلیہ کو وہاں دیکھا اور پھر ہمارے درمیان تعلقات استوار ہوگئے۔سید جبران نے بتایا کہ  میں ہمایوں سعید کے ہمراہ لندن شوٹنگ کے لیے گیا تھا اور محض چند ہی دن میں میرے اور اہلیہ کے درمیان تعلقات استوار ہوگئے اور پھر ہم نے 8 ماہ بعد اہل خانہ کی رضا مندی سے شادی کرلی۔انہوں نے اہلیہ کی خوبصورتی اور محبت کی تعریفیں کرتے ہوئے کہا کہ میری بیوی مجھ سے اس بات پر خفا رہتی ہیں کہ میں انہیں ہر وقت نہیں دیکھتا رہتا جب کہ میں انہیں دیکھتا ہی تو رہتا ہوں۔